Topics
اللہ تعالیٰ کا
ارشاد ہے کہ:
’’میری سنت میں
تبدیلی ہوتی ہے اور نہ تعطل واقع ہوتا ہے۔‘‘
اپنی مشیئت کے تحت
اللہ تعالیٰ نے اچھائی، برائی کا تصور قائم کرنے اور نیکی اور بدی میں امتیاز کرنے
کے لئے پیغمبروں کے ذریعے احکامات صادر فرمائے۔ سب پیغمبروں نے اللہ تعالیٰ کے
احکامات کی پیروی کر کے نوع انسانی کو بتایا ہے کہ اللہ کے حکم کی تعمیل ہی نجات
کا راستہ ہے۔ چونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم آخری نبی ہیں۔ اور دین کی تکمیل
ہو چکی ہے۔ اس لئے اللہ کی سنت جاری رکھنے کے لئے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے
ورثاء اولیاء اللہ کی جماعت نے اس بات کا اہتمام کیا کہ اللہ اور اس کے رسول صلی
اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات اور احکامات کا تسلسل قائم رہے۔ ہر زمانے میں اولیاء
اللہ خواتین و حضرات نے اس فرض کو پورا کیا اور قیامت تک یہ سلسلہ قائم رہے گا۔
ہندو پاکستان،
برما، ملائیشیا، انڈونیشیا، افریقہ، ایران، عراق، عرب، چین اور ہر ملک میں اولیاء
اللہ نے تبلیغ کی، اللہ کی مخلوق کی خدمت کی، زمانے کے تقاضوں کے مطابق توحید کی
دعوت دی۔
تاریخ کے اوراق
گواہ ہیں، اگر شیخ محی الدین عبدالقادر جیلانیؒ ، خواجہ حسن بصریؒ ، حضرت داتا گنج
بخشؒ ، شیخ معین الدین چشتی اجمیریؒ ، حضرت بہاؤ الدین زکریاؒ ، بہاؤالحق نقشبندؒ
، لعل شہباز قلندرؒ ، شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ ، قلندر بابا اولیاءؒ اور دوسرے مقتدر
اہل باطن صوفیاء اسلام کی آبیاری نہ کرتے تو آج دنیا میں مسلمان اتنی بڑی تعداد
میں نہ ہوتے۔ صوفیاء کرام نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی نیابت و وراثت کا
حق پورا کرنے کے لئے اپنا تن، من، دھن سب قربان کر دیا۔ اللہ تعالیٰ نے ان مکی
خدمات کو شرف قبولیت عطا فرمایا اور انہیں کامران و کامیاب کیا۔
صوفیاء کرام یقینی
طور پر یہ بات جانتے ہیں کہ اللہ کے سوا کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔ بندہ اگر کچھ کرتا
ہے تو اللہ کے دیئے ہوئے اختیارات و احکامات کے تحت کرتا ہے۔
اللہ تعالیٰ
فرماتے ہیں کہ:
’’میرا بندہ قرب
نوافل کے ذریعے مجھ سے قریب ہو جاتا ہے، وہ مجھے دیکھتا ہے، مجھ سے سنتا ہے اور
مجھ سے بولتا ہے۔‘‘
یعنی ایسے بندے کے
افعال و اعمال اللہ کے تابع ہو جاتے ہیں۔
دنیا میں تقریباً
دو سو سلاسل ہیں۔ جو شریعت و طریقت کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے عرفان ذات، تسخیر
کائنات کے فارمولوں اور پیغمبرانہ طرز فکر کی تعلیم دیتے ہیں۔
ان سلسلوں کی قائم
کردہ روحانی درسگاہوں میں سالک کی تربیت اس طرح کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اوپر اللہ
کو محیط دیکھ لے، سالک اللہ سے محبت کرتا ہے، اللہ کے پسندیدہ کام ڈر کر اور
خوفزدہ ہو کر نہیں بلکہ اللہ کی محبت میں اس لئے کرتا ہے کہ اللہ مجھ سے خوش ہو
جائے۔ اللہ کے ناپسندیدہ اعمال سے اس لئے اجتناب کرتا ہے کہ اللہ میرا کفیل ہے،
میرا محافظ ہے اور میرا خالق ہے۔
قیام صلوٰۃ،
عبادات اور مراقبوں کے ذریعہ اللہ کو اپنے اندر ڈھونڈتا ہے۔ سالک کی زندگی کا مقصد
اللہ کا دیدار اور اللہ سے ہمکلامی ہے۔ سلسلہ کے اسباق پر مداومت کر کے اور مرشد
کریم کی نسبت و محبت سے یہ عمل اس کا یقین بن جاتا ہے کہ میں اللہ کے پاس سے آیا
ہوں اور مجھے اللہ کے پاس جانا ہے۔ خدمت خلق اور عفو و درگذر اس کی زندگی کا نصب
العین بن جاتے ہیں۔
برصغیر میں جو
سلاسل مشہور ہیں ان کے علاوہ اور بھی کئی سلسلے ہیں جو ساری دنیا میں رشد و ہدایت
اور ماورائی علوم کی تعلیم دیتے ہیں۔ مثلاً
* سلسلہ قادریہ *
سلسلہ جنیدیہ * سلسلہ کبرویہ
* سلسلہ فردوسیہ *
سلسلہ چشتیہ * سلسلہ شطاریہ
ٍ * سلسلہ
سہروردیہ * سلسلہ نقشبندیہ * سلسلہ عظیمیہ
سلاسل کی معلوم
تعداد دو سو بتائی جاتی ہے۔
خواجہ شمس الدین عظیمی
انتساب
کائنات میں پہلے
صوفی
حضرت آدم علیہ السلام
کے نام
خلاصہ
ہر شخص کی زندگی روح کے تابع ہے
اور روح ازل میں اللہ کو دیکھ چکی ہے
جو بندہ اپنی روح سے واقف ہو جاتا ہے
وہ اس دنیا میں اللہ کو دیکھ لیتا ہے