مقداروں کے ردّ و بدل سے انسان کے اندر اور پوری کائنات
کے اندر حرکت ہوتی ہے۔ اس حرکت کا نام مذہب روح رکھتا ہے اور سائنس دان اس کو لائف
اسٹریم کہتے ہیں۔
ایک دفعہ لندن (کے دورے کے موقع پر) میں کوئی چھ سات
سائنٹسٹ گھر میں آگئے۔ ان میں کچھ لوگ ایسے تھے ، وہ اللہ کو نہیں مانتے تھے۔ کہتے
ہیں کہ ہم اللہ کو نہیں مانتے ۔ خیر ، یہ تو بے کار کی باتیں ہیں کہ اللہ کو نہیں
مانتے۔
حضور قلندر بابا اولیاؒ نے ایک قصہ سنایا کہ ایک ڈپٹی
کمشنر تھا۔ حضور بابا صاحب ؒ اس کے ٹیوٹر تھے۔ اس کو اردو پڑھایا کرتے تھے۔ وہ
بیمار ہو گیا بہت شدید اور بیماری میں بے ہوش ہو گیا۔ اس قسم کا درد اور تکلیف تھی
کہ وہ یوں ہاتھ مار رہا تھا اور کہتا تھا Oh God , Oh God , Oh God جب
وہ اچھا ہو گیا تو حضور قلندر بابا اولیاؒ نے اس سے کہا کہ آپ تو اللہ کو نہیں
مانتے لیکن جب آپ بے ہوش تھے تو تکلیف میں God کہہ رہے تھے۔
اس نے کہا ، کوئی اور ہوگا، میں نے نہیں کہا۔
آپ اس کا نام لائف اسٹریم رکھ لیں، اس کا نام روح رکھ
لیں ، اس کا نام کچھ بھی رکھ لیں ، بہرحال وہ وجود ہے جس سے آدمی انکار نہیں کر
سکتا ۔ اس کو ہم روح کے نام سے جانتے ہیں۔
اس جسم کی پوزیشن حضور قلندر بابا اولیا ؒکے فرمان کے
مطابق ، ایک لباس کی ہے۔ یہ پہلے بھی آپ نے پڑھا ہوگا ، سنا ہوگا ۔ اسے پھر سمجھ
لیں ۔ ایک گڈّا ہے۔ پانچ فٹ کا ہے۔ اس کے ہاتھ بھی ہیں، پیر بھی ہیں ، منہ بھی ہے،
سب کچھ ہے۔ اس کے اندر چابی بھر دیتے ہیں۔ اب چابی کو کھول دیتے ہیں۔ کیا ہوگا؟
چلنا شروع کر دے گا ۔ اس کے اندر آپ لاؤڈ اسپیکر بھی لگا دیتے ہیں ، چھوٹی سی کوئی
چِپ ۔ اس کی وجہ سے وہ بولتا ہے بھی ہے ، وہ روتا بھی ہے ، وہ ہنستا بھی ہے ،
گڑیوں میں دیکھا ہوگا آپ نے ۔ ہمارا جو مادی وجود ہے ، اس کی حیثیت اس کھلونے کے
علاوہ نہیں جس کھلونے کی میں نے مثال دی۔ جب تک کھلونے کے اندر چابی بھری رہتی ہے
، کھلونا چلتا رہتا ہے ۔ جب چابی ختم ہو جاتی ہے ، کھلونا رک جاتا ہے ، مر جاتا
ہے۔ اب آدمی میں اور کھلونے میں کیا فرق ہوا؟ کیا فرق ہوا؟ آپ بتائیں۔ ایک کھلونے
میں اور ایک آدمی میں کیا فرق ہوا؟ انسان کا ذکر نہیں ہو رہا۔ آدمی کا اور کھلونے
کا ذکر ہو رہا ہے۔ کیا فرق ہے؟ آدمی کے اندر بھی چابی بھری ہوئی ہے۔ اس کو مذہب
روح کا نام دیتا ہے لیکن اگر روح نہ ہو ، اس کھلونے کے اندر جسے ہم آدمی کہہ رہے
ہیں ، اسے حرکت کہہ لیں ۔ کھلونے کے اندر چابی نہ ہو تو اس کے اندر حرکت نہیں
رہتی۔ روح جو ہے ، وہ ایک نظام ہے حرکت میں رکھنے کا ۔ جب تک روح آدمی کے اندر
ہوتی ہے ، جسم متحرک رہتا ہے اور جب روح جسم کے اندر سے نکل جاتی ہے تو آدمی کیا
ہو تا ہے؟ حرکت ختم ہو جاتی ہے ۔ بالکل اس طرح جس طرح کھلونے میں چابی ختم ہو جائے
، کھلونا رک جاتا ہے۔ چابی اور روح ایک چیز نہیں ہے لیکن مثال سے بات سمجھ میں آتی
ہے۔
اب یہ صورت سامنے آئی کہ ہمارا مادی جسم ایک گڈے کے
علاوہ ایک کھلونے کے علاوہ کوئی حیثیت نہیں رکھتا جب تک کہ روح کی چابی اس کے اندر
نہ ہو اور اگر حیثیت ہے تو جب وہ چابی ختم ہو جاتی ہے یعنی روح نکل جاتی ہے تو ایک
کھلونے کی جس میں چابی نہیں بھری ہوئی ، اور آدمی کی ، کیا دونوں کی حیثیت برابر
نہیں ہوئی؟
یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ ہم زندہ اس لئے ہیں کہ روح ، یہ
مثال ہے کہ روح ہمارے اندر چابی بھر رہی ہے ۔ جب تک روح ہمارے اندر چابی بھرتی
رہتی ہے یا یوں کہہ لیجئے کہ روح حرکت ہے۔ جب تک حرکت ہمارے اندر منتقل ہوتی رہتی
ہے ، ہم چلتے رہتے ہیں اور جب روح یعنی چابی ہمارے اندر ختم ہو جاتی ہے ، ہم مر
جاتے ہیں ۔ اصل کیا ہوا پھر؟ اصل کیا چیز ہوئی؟ اور مادی جسم ، اس کو حضور قلندر
بابا اولیا ؒ نے لباس کہا ہے ، یہ میں نے پچھلی دفعہ بھی سمجھانے کے لئے آپ کو کہا
تھا کہ ایک جسم ہے ، اس کے اندر چابی بھری ہوئی ہے ۔ کھلونے کا پورا ایک جسم بنا
ہوا ہے۔ اس کے اندر چابی نہیں ہے۔ اس کی کیا حیثیت ہوگی؟ مردے کی ہوئی نا؟ اور اسی
کھلونے کے اندر چابی بھری ہوئی ہے ، اس کی کیا حیثیت ہوگی؟ اسے آپ زندہ کہیں گے ،
متحرک کہیں گے۔
خالقِ کائنات اللہ نے
انسان کو ان صلاحیتوں پر تخلیق کیا ہے کہ
۱۔
آدمی کس طرح بنا؟
۲۔
اس کے اندر حرکت کس طرح ہے؟
۳۔
آدمی مر کیوں جاتا ہے؟
۴۔
آدمی کا جسم مٹی میں کیوں تبدیل ہو جاتا ہے ، پانی بن کے ؟
۵۔
آدمی کیوں چلتا ہے ، کیوں نہیں چلتا ؟
اس قانون کو روحانیت کہتے ہیں۔
وہاں یہ بتایا جاتا ہے کہ آدمی کیوں چلتا ہے ۔
روح اسے چلاتی ہے ۔
آدمی روح کا علم سیکھ سکتا ہے۔
انسان دو چیزوں سے مرکب ہے ۔ ایک مادی جسم اور ایک روح۔
مادی جسم عارضی زندگی ہے اور روحانی جسم مستقل زندگی۔ مستقل زندگی عارضی زندگی کو
چلا رہی ہے اور جب تک اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں ، وہ اس مادی جسم کو چلاتی رہتی ہے یا
حرکت میں رکھتی ہے اور جب الٰہی نظام اور قانون کے تحت اس آدمی کو دنیا میں نہیں
رہنا تو روحانی جسم یا روح کہہ لیجئے ، وہ اس مادی جسم سے اپنا رشتہ منقطع کر لیتی
ہے اور نتیجے میں آدمی مر جاتا ہے ۔ مرنے کے بعد کوئی چیز فوری طور پر تبدیل نہیں
ہوتی۔ ہاتھ ، پیر ، آنکھ ، ناک ، کان ، زبان ، جگر ، پھیپھڑے ، ہڈیاں ، کسی چیز
میں 24 گھنٹے میں بالکل تبدیلی نہیں ہوتی۔ مطلب یہ ہے کہ جب آدمی مر گیا ، ڈیڈ
باڈی ہو گیا ، کیوں ڈیڈ باڈی ہو گیا؟ کیوں ہو گیا؟ اصل مادی جسم ہوا یا روح ہوئی؟
پریشانی کی بات یہ ہے کہ آدمی کروڑوں اربوں سال سے اس
مادی جسم کو سب کچھ سمجھ رہا ہے اور بڑی حیران کن بات ہے کہ روز آدمی مرتے ہیں ،
قبرستان بھر گئے ہیں۔ کبھی وہ یہ نہیں سوچتا کہ مجھے بھی اس قبر میں آکے سونا ہے ۔
یہ جسم کیوں مر جاتا ہے؟ کیوں قبر میں چلا جاتا ہے ؟ کیا چیز ہو جاتی ہے؟ روز آدمی
مرتے ہیں ۔ وہ اس لیے مر جاتے ہیں کہ روح جس نے یہ جسم بنایا ہے ، وہ اس جسم سے
اپنا رشتہ منقطع کر لیتی ہے۔
اصل بات یہ کہ مادی جسم کی حیثیت سوائے کُرتے کے ، قمیض
کے ، شیروانی کے یا لباس کے کچھ نہیں ہے۔ کُرتا ، قمیص جب تک جسم کے اوپر رہتی ہے،
جسم کے ساتھ آستین بھی ہلتی ہے۔ جسم حرکت نہیں کرتا، آستین حرکت نہیں کرتی۔
روحانی علوم یہیں سے شروع ہوتے ہیں کہ مادی جسم جو ہے ،
یہ فکشن ہے ۔ مادی جسم جو ہے مفروضہ ہے۔ مادی جسم ایک کھلونا ہے جس میں چابی بھری
ہوئی ہے۔ اب اس چابی کو آپ تشبیہ دیتے ہیں روح سے۔ جب تک آدمی جسمانی حرکات و
سکنات کو نہیں سمجھے گا ، اس وقت تک وہ روحانی علوم نہیں سیکھ سکتا۔
بات زبانوں کی نہیں ہے۔ عربی میں اللہ تعالیٰ کو اللہ
کہتے ہیں ۔ تورات میں اللہ کو تورات کی زبان میں یہواہ بولا جاتا ہے ۔ اس طرح ہندو
اپنی زبان میں بولتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ جو ہیں، وہ اللہ ہے ، ایک ہستی ہے۔ اس کے
بہت سارے نام اس لیے ہیں کہ انسانی معاشرہ جداگانہ ہے۔ انسانی روایات جدا گانہ
ہیں۔ انسانی تقاضے جداگانہ ہیں۔ اصل بات یہ ہے کہ ایک ہستی ہے جس نے اس کائنات کو
تخلیق کیا ہے اور اس تخلیق میں جو اس کی پہلی تخلیق ہے ، وہ روح ہے اور روح کے
ذریعے اللہ تعالیٰ نے بے شمار تخلیقات زمین میں بھر دیں۔
زمین میں کتنی مخلوق ہے؟ بے شمار مخلوق ہے۔ مخلوق کوئی
بھی ہو، اس سے فرق نہیں پڑتا۔ خالق ایک ہی ہے ۔ اللہ تعالیٰ اور خالق کو سمجھے
بغیر کوئی آدمی روحانی علوم نہیں سیکھ سکتا۔ اس کے لیے ضروری ہے آدمی کا یقین اللہ
کے اوپر ہو اور آدمی روح اور جسم میں فرق کر سکے۔