Topics

عرض حال

          سفید پوش طبقے سے تعلق رکھنے والا وہ ایک ایسا شخص تھا جو معاشی ناآسودگی اور معاشرتی ناہمواریوں کے بے کراں صحرا میں اپنے لئے ایک کنج عافیت، اک گوشہ سکون کی تعمیر میں مصروف تھا۔ اُس کی یہ مصروفیت اور تگ و دوسالوں کی محنت کے بعد کسی قدر بارآور ہوتی محسوس ہو رہی تھی۔ وہ خوش تھا کہ برسوں کی ترساہٹوں سے پنڈ چھوٹا اور اب وہ آسودگی کی چھتری لئے فکر معاش کی کڑی دھوپ میں زندگی کی شاہراہ پہ اپنا سفر جاری رکھ سکے گا۔

          پھر ایک بگولہ اُٹھا۔ آشیانے کے وہ سارے تنکے حالات کی تند آندھی نے اپنے کاندھوں پہ اُٹھا لئے جنہیں وہ اپنی متاع سمجھ رہا تھا۔ وہ ایک ایک تنکے کو بچانے دوڑا لیکن جلد ہی تھک گیا۔ اس بے سرو سامانی نے اُس کے اندر جتنی توڑ پھوڑ کی۔۔۔ وہ تو ہوئی لیکن اُس کے متعلقین کی سرد مہری اور موقع پرستی کے آہنی ہٹھوڑوں نے اُس کے وجود کو بالکل کرچی کرچی ہی کر دیا۔ اک بے یقینی کے عالم میں اُس نے اپنائیت کے نقاب کے پیچھے پوشیدہ غیریت اور بے گانگی کے چہروں پہ اپنے لئے ایک گہری حقارت اور بے تعلقی دیکھی۔ اُس کو اس کا یارانہ تھا۔ کیا اپنے اور کیا پرائے۔۔۔ رشتوں نے جیسے اُسے ڈس لیا۔ جب خونی رشتے اُس کو خون آشام دکھنے لگے اور دیگر رشتوں اور تعلقات کے کاغذی پیراہن کی کھڑکھڑاہٹ اُ س کے اعصاب کی سکت سے بڑھ گئی تو اُس نے بیوی بچوں کو وہیں چھوڑا اور خود ہجرت کر کے کراچی پہنچ گیا۔

          سمندر کنارے ملگجی چاندنی میں ٹہلتے ہوئے اُس نے ایک عجیب منظر دیکھا۔ جب اُس کا رخ سمندر کی طرف ہوتا تو روشنی نہ ہونے کے باوجود سمندر روشن اور موجود محسوس ہوتا اور جب اُس کا منہ شہر کی طرف ہوتا تو شہر اُس کو تاریک اور ناموجود لگتا۔ شہر کی جھلملاتی روشنیاں۔۔۔ عمارتوں کے بے روح ہیولوں کو ۔۔۔ اجاگر تو کر رہی تھیں۔۔۔ لیکن اُن میں زندگی کی دھڑکن ناپید محسوس ہوئی۔ اس لمحے اُس نے جھلملاتی روشنیاں رکھنے کے باوجود بے نور سنگلاخ عمارتوں کی بجائے سمندر کے دھڑکتے اور زندہ عمق کی کشش کو اپنے اندر ابھرتے محسوس کیا۔ اُس لمحے اس کو یہ فیصلہ کرنے میں کچھ زیادہ دقت نہ ہوئی کہ دنیا کی جھلملاتی روشنیوں اور سنگلاخ عمارتوں سے ناطہ رکھنے کی بجائے اگر وہ علم کے سمندر کی شناوری پہ کمر کس لے تو ہو سکتا ہے کہ کسی روز کسی ایسے مقام پر پہنچ جائے جہاں اندر کی کڑواہٹ اور بیزاری سے اُسے امان مل سکے۔ اُس رات بہت عرصے بعد وہ گہری نیند سویا۔

          نارتھ کراچی سے گرومندر جاتے ہوئے ناظم آباد چورنگی پہ اشارہ بند ہونے پر اسے رکنا پڑا۔ اِدھر اُدھر دیکھتے اُس کی نگاہ ایک اشتہاری بورڈ پر پڑی۔ مصنوعات آرائش اور آسائش کے درمیان وہ ایک کتاب کا اشتہار تھا۔ سر اُٹھا کر اُس نے قدر بڑے بورڈ پہ لکھے الفاظ کو دوبارہ پڑھا۔ ” روحانی سائنس کی پہلی کتاب ۔ لوح و قلم'۔ اچنبھا سا ہوا۔ اس کی کئی وجوہات تھیں ۔ روحانیت کی بابت اُس کا تصور کچھ زیادہ واضح نہ تھا۔ وہ اسے عمل حاضرات و عملیات اور علم و نجوم اور تعویذگنڈوں کی قبیل کا ہی کوئی علم سمجھتا تھا۔ وہ اُس اشتہاری بورڈ کو کتب بینی کے ذوق کی کمی اور بڑھتے فقدان کا ماتم سمجھے یا عامل کامل پروفیسروں کی اشتہاری مہم کا کوئی حصہ۔ اُس کے کسی بھی نتیجے پر پہنچنے سے پیشتر اشارہ کھلا اور اُس نے موٹر سائیکل بڑھا دی۔ کئی روز یہی ہوتا رہا۔وہ اُس چورنگی سے گزرتا۔ گزرتے گزرتے اور جب رکنا پڑتا تو رک کر وہ اُس اشتہاری بورڈ پر نظر ڈالتا۔ کبھی اُسے لگتا کہ وہ بورڈ اُس سے کچھ کہہ رہا ہو۔ رفتہ رفتہ وہ اس سے مانوس سا ہو کر بے تعلق ہو گیا۔

          اُس کی کاروباری مصروفیات غیر محسوس طور پر کم ہوتی چلی گئیں۔ حالات کی مار، معاشی ناآسودگی، معاشرتی نا ہمواری کا احساس ، کراچی جیسے شہر نگاراں میں خود کو تنہا اور بے یار و مددگار سمجھنے کے سبب اُس کا رحجان مطالعہ قرآن کی طرف بڑھ گیا۔ وہ قرآن حکیم کی آیا ت کا ترجمہ پڑھتا اور چاہتا کہ اس پہ کچھ ایسی کیفیت اور رقت طاری ہو کہ اُس کا پتہ پانی ہو جائے۔ لیکن ترجمے کے الفاظ اُس کو اتنے بے ربط اور بے جان سے لگتے کہ رقت اور خشیئت طاری ہونا تودور کی بات اُس کو اپنی توجہ اُن پر مرکوز و مرتکز کرنا دو بھر ہو جاتا۔ لیکن وہ اپنی سی تگ و دو میں لگا رہا۔

          ایک روز وہ اس نیت سے قرآن مجید لے کر بیٹھا کہ وہ قرآن کے الفاظ کو ترجمے کا سہارا لئے بغیر اپنے طور پر سمجھنے کی کوشش کرے گا۔ اس نے آغاز کیا اور ھدی اللمتقین پہ آکر سپر ڈال دی۔یہ کتاب ہدایت دیتی ہے متقیوں کو۔۔۔ اس مفہوم کو ماننے میں اُسے تامل ہوا۔ یہاں الناس نہ سہی تو المسلمین کیوں نہیں کہا گیا؟ کیا یہ کتاب عوام الناس کے لئے ہدایت کا کوئی سامان اپنے اندر نہیں رکھتی؟ کیا اس میں مسلمانوں کی ہدایت کے لئے کچھ نہیں؟ متقی سے کم درجے کے مسلمان کو اس کتاب سے ہدایت پانے کی گنجائش کیوں نہیں چھوڑی گئی؟ حیرت ہے کہ مومن بھی تو نہیں کہا۔ بعض اوقات جو نہ کہا گیا ہو اُس کی اہمیت کہی گئی بات سے بڑھ جاتی ہے۔ اس وقت بھی کچھ ایسا ہی ہوا۔ وہ سوچتا رہا۔ اُس کو کوئی جواب سجھائی نہ دیا تو وہ الجھ گیا۔ کبھی خیال آتا کہ یہ کوئی شیطانی وسوسہ ہے۔ لیکن اُس کے اندر سے آواز آتی سیدھی سے منطقی بات ہے اللہ تعالیٰ نے متقی ہی کیوں فرمایا؟۔ الناس کہہ کر اسے ہر ایک کے لئے عام کرتا نہ سہی تو اسے مسلمین ، مومنین ، صالحین، صدیقین یا پھر کافر ین کے لئے کیوں خاص نہیں کیا؟ صرف متقی ہی کیوں؟ وہ جتنا سوچتا گیا۔۔۔ اتنا ہی اُس کی الجھن میں اضافہ ہوتا گیا۔ جب کوئی بات اُس کے پلے نہ پڑی تو وہ مذاق پر اتر آیا ۔ اُس نے سوچا۔۔ یہ ایک قانونی سقم ہے۔ اب روزِ محشر اسی بات کی آڑ لے کر جان بچا سکتا ہے کہ یہ کتاب تو متقیوں کی ہدایت کا سامان تھی۔ اس لئے وہ اُس سے فیضیاب ہو نے کی سعادت کہاں سے لاتا؟ چشم تصور میں وہ اپنی چالاکی کی خود کو داد دیتا۔ قانونی سقم کا خیال اُسے بھا گیا۔

          زیادہ دن نہ گزرے تھے کہ اس کی بیوی بچوں کو لے کر اُس کے پاس پہنچ گئی۔ وہ گھرداری کی ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ روز گار کے تقاضوں کی مصروفیات کو نبھانے لگا رہا۔

          ایک روز حیدری کے جمعہ بازار میں کتابوں کے اسٹال پہ اُس کی نظر خواجہ شمس الدین عظیمی کی تصانیف پر پڑی۔ اُن دنوں وہ کبھی کبھار روز نامہ جنگ میں اُن کے کالم پڑھتا تھا۔ اُس کو اُن کے کالموں میں ندرت کا احساس ہوتا تھا۔ وہ کچھ الگ سے محسوس ہوتے تھے۔ روحانی مسائل پہ بات کرتے کرتے وہ کچھ عجیب سی بات لکھ جاتے۔ مثلاً کسی نے روزگار اور معاشی پریشانیوں کا ذکر کر کے مدد مانگی ہوتی اور وہ اُس کے جواب میں لکھتے ۔۔۔ چڑیوں کو باجرہ ڈالیں۔۔۔ مُٹھی بھر چینی چیونٹیوں کے بل کے پاس ڈالیں۔۔۔ اُس کی سمجھ میں نہ آتا کہ چڑیوں کو باجرہ اور چیونٹیوں کو مُٹھی بھر چینی ڈالنے سے کسی کے معاشی مسائل کیسے حل ہو سکتے ہیں؟ پھر بھی اُسے تجسس ضرور تھا۔ اُن کی باتوں میں اُسے ایک نیا پن محسوس ہوتا۔ وہ اُس کے دل کو چھوتی بھی تھیں۔ اور کبھی الجھا بھی دیتی تھیں۔ کچھ ہی روز پہلے اُس نے اُن کے کالم میں آئن سٹائن کے نظریہ اضافیت کی بابت پڑھا تھا۔ اُنہوں نے اُس کی بابت جو کچھ لکھا تھا اُس سے وہ متفق تو تب ہوتا جب اُس کی سمجھ میں کچھ آتا۔ وہ اُس نظریہ کی بابت جو کچھ پہلے پڑھ چکا تھا وہ اُن کی لکھی باتوں سے بہت مختلف تھا۔ اس بات سے اُس کی توجہ اُن کتب کی طرف مبذول ہو گئی۔ اُس نےسوچا کسی مصنف کےذہن کو اچھی طرح جاننے کے لئے اُس کی تمام کتب کا مطالعہ لازمی ہے۔

          اُس نے اُس سٹال پہ موجود اُن کی تمام کتابیں خریدیں۔ گھر آکر حسبِ عادت پہلی فرصت میں وہ ایک ایک کتاب یکے بعددیگرے پڑھتا چلا گیا۔اُس کو کئی نئی باتوں کا علم ہوا، کئی باتوں کو وہ پہلے سے جانتا تھا۔ اُس نے ایک بات بہت توجہ سے نوٹ کی۔۔ اُن کی تحریروں میں لفاظی کی بجائے سیدھے سادھے انداز میں ازلی اور ابدی حقائق کا تذکرہ فراواں تھا۔ علمیت کا رعب گانٹھنے کی بجائے وہ ایک پُر یقین انداز میں سیدھے سبھاؤ بات کہتے محسوس ہوتے، اُن کی کتب میں لوح وقلم اور مصنف لوح و قلم۔۔ قلندر بابا اولیا ﷭ کے ساتھ اپنے تعلق خاطر کے حوالے بار بار دیکھ کر اُس کو اشتیاق ہوا وہ اُن کی بابت کچھ جانے۔

          اُس نے کتاب تذکرہ قلندر بابا اولیاؒ کھولی اور پڑھنے لگا۔ وہ اُس خط کو پڑھ رہا تھا جو حضور قلندر بابا اولیا ء ؒ ﷭ نے اپنے کسی مرید کو لکھا تھا۔ جب اُس نے ھدی اللمتقین کی وہ شرح پڑھی جوحضور قلندر بابا اولیا ء ؒ ﷭ نے فرمائی تھی تو اُس کے اندر تلاطم پیدا ہوا۔ اُس کو لگا اُس کے افکار و نظریات کی پوری عمارت ریت کی بنی ہوئی تھی جو اُن کی شرح کے بہاؤ کی پہلی لہر سے ہی ڈھے رہی تھی۔ اللہ تعالیٰ ہدایت دیتے ہیں اُن کو جو اپنے اندر ذوق رکھتے ہیں اور اس ذوق کی وجہ سے وہ بات کو سمجھنے میں احتیاط سے کام لیتے ہیں۔ ۔۔۔اُس نے اس بات کو بار بار پڑھا۔ اُس کو اپنی سابقہ سوچ پہ شرم بھی آئی، تاسف بھی ہوا اور غصہ بھی آیا ۔ اُس نے بڑی رسانیت سے خود کو مخاطب کیا۔ جی تو اب کیا خیال ہے؟ یہ قانونی سقم تو الٹا اپنے گلے پڑ گیا ہے۔ خود کو وہ ایک عام سا مسلمان مانتا تھا۔ اُس کو اپنے ذوق کے حوالے سے بہت مان تھا۔ اپنے ذوق سے شعر و شاعری سمجھنے، فلسفیانہ موشگافیوں سے محفوظ ہونے ، اچھے لباس، خوشبویات سے لطف اندوز ہونے اور جمالیاتی احساسات سے متصف ہونے کی حد تک ہی واقف تھا۔ یہ بات اُس کو بہت اچھی لگی کہ اللہ کے نزدیک صاحب ذوق لوگ ہی اس قابل ہیں کہ ہدایت پا سکیں۔ بے شک ذوق بھی اللہ ہی کی عطا ہے لیکن سعید ہیں وہ لوگ جو اس عطا کو اُس طرح سے برتتے اور استعمال کرتے ہیں جس طرح سے اللہ تعالیٰ چاہتا ہے۔

          اُس نے اُس خط کی داد یوں دی کہ خط کے آخر میں درج ہدایت پہ عمل پیرا ہو کر اُس خط کے مندرجات کو اپنے قلم سے تحریر کیا اور ہر روز دن میں ایک دو دفعہ اُسے پڑھنا اپنا معمول بنا لیا۔ اس مشق سے اُس پہ ایک نکتہ یہ واضح ہوا کہ جب بھی وہ اُس خط کے مندرجات پڑھتا اُس پہ کوئی نیا نکتہ کوئی نئی بات روشن ہوتی۔ اُس خط نے اُس کی سوچوں کے بہت سے بل سیدھے کر دیئے۔ بہت سے جالے اُس کے ذہن سے اترتے چلے گئے۔ اُس کے ذہن میں روحانیت اور روحانی لوگوں کے حوالے سے ایک ایک احترام سا در آیا تھا۔ اب اُس نے تصوف کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھنا شروع کر دیا تھا۔ تصّوف اس سے پیشتر اُس کے لئے ایک علمی مناظرے کا عنوان تھا، وقت گزاری کے لئے بزرگوں کے حوالے سے گھڑی گئی باتوں کا مطالعہ اور تذکرہ تھا۔ اس کتاب نے اُس کے افکار کی پوری نیو کو سیدھا کر دیا۔ وہ اپنے سامنے ایک نئے جہاںِ معنیٰ کو طلوع ہوتے دیکھ رہا تھا۔ وہ سمجھ گیا تھا کہ روحانیت علم کی وہ جہت ہے جو غیر جانبدار طرزِ فکر اور حقیقت آشنائی سکھانے کے بعد اُس منزل کی طرف لے جاتی ہے جہاں بندہ نیا بت الہٰیہ سے سرفراز ہو سکتا ہے۔

          اب اُس کو جستجو ہوئی کہ وہ لوح و قلم پڑھے۔ مختلف کتب فروشوں سے پوچھتا ایک روز وہ صدر کے ایک دکاندار سے یہ وعدہ لینے میں کامیاب ہو گیا کہ وہ اُس کو وہ کتاب لا دے گا۔ جب اُس نے اُس کتاب کو پہلی بار اپنے ہاتھ میں لیا تو اُس کو ایک عجیب سا احساس ہوا۔ اُس کو وہ کتاب کچھ زیادہ وزنی اور بھاری سی لگی۔ اُس نے سوچا شاید اس کا کاغذ ہی کچھ ایسا ہے یا گہرے نیلے پلاسٹک کور میں ملبوس اس غیر مجلد کتاب کو اس حوالے سے جانچنے میں اُس سے کوئی کوتاہی ہوئی ہے۔ اُس نے وہیں کھڑے کھڑے ورق گردانی کو اُسے کھولا۔ کتاب کے پہلے صفحے کی جلی تحریر نے اُس کی توجہ کو جکڑ لیا۔

                   ” میں یہ کتاب پیغمبر اسلام حضور علیہ الصلوٰۃ و السلام کے حکم سے لکھ رہا ہوں۔۔۔۔

                   مجھے یہ حکم حضور علیہ الصلوٰۃو السلام کی ذات سے بطریق اُویسیہ ملا ہے۔“

          اُس کو اپنے جسم کے رونگٹے کھڑے ہوتے محسوس ہوئے۔ عقیدت، احترام اور حقیقت شناسی ایک کرنٹ کی طرح اُس کے روں روں میں دوڑ گئی۔ اُس نے اپنے شعور کو نوعِ جن و انس کے ورثے کی امانت کے بوجھ تلے دبتے محسوس کیا۔ اُس کو ایک لمحے کے لئے بھی یہ نہیں لگا کہ یہ کوئی ادیبانہ مبالغہ آرائی ہے۔ حقیقت میں ایسی کسی بے یقینی اور گمان کی گنجائش ہوتی ہی کہاں ہے۔ اُس کو یہ خیال ضرور گزرا کہ اک وہ امانت بھی تو تھی جس کو جبل و سماوات نے اس لئے اُٹھانے سے انکار کر دیا تھا کہ کہیں وہ ریزہ ریزہ نہ ہو جائیں لیکن انسان نے اُٹھا لیا تھا۔


Batein mere Murad ki

مقصود الحسن عظیمیؔ


میاں صاحب نے مرشد کریم سے کہا۔ میں نے مقصود صاحب سے فرمائش کی ہے کہ سفر نامے کی طرز پہ ایک کتاب لکھ کر دیں تو اُسے چھاپ میں دوں گا۔ اس پر مرشد کریم نے فرمایا۔ ہاں بھئی کیوں نہیں۔۔