Topics
مراقبہ میں دیکھا کہ میں مسجد نبویؐ کے اندر
اصحابِ صفہ کے چبوترے پر بیٹھی ہوں۔ حضور پاکؐ کی روشنیاں میرے اندر جذب ہو رہی
ہیں۔ میرے دل کا نقطہ بہت زیادہ روشن ہے اور اس میں سے روشنیاں نکل کر ہر طرف پھیل
رہی ہیں۔ بابا جی میرے برابر ہیں۔ بابا جی نے فرمایا۔ ”آؤ اوپر چلتے ہیں۔“ ہم اوپر
کی جانب اٹھے تو میرا سر کسی چیز سے ٹکرایا۔ اوپر نظر ڈالی تو دیکھا کہ آسمان ہے۔
میں نے دونوں ہاتھوں سے آسمان کو ہٹا دیا۔ اور ہم دونوں اوپر اڑنے لگے۔ یہاں پر
لاتناہیت کے عالم میں اللہ تعالیٰ کا نور پھیلا ہوا ہے۔
ہر طرف مختلف رنگوں کے نور کے دریا ہیں۔ اربوں
کھربوں کی تعداد میں یہ دریا ہر طرف پھیلے ہوئے ہیں۔ میں بابا جی سے پوچھتی ہوں۔
”بابا جی یہ تمام دریا کیا ہیں اور اس قدر زیادہ تعداد میں کیوں ہیں؟“ بابا جی
فرماتے ہیں۔ ”یہ تمام دریا اللہ تعالیٰ کی صفات کے دریا ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی صفات
کا احاطہ کرنا ناممکن ہے۔“ میں ان دریاؤں کو غور سے دیکھتی ہوں۔ ہر ہر دریا کے
اندر ایک ایک عالم (Universe) قائم ہے۔ یہ دیکھ کر مجھے بڑی حیرانی ہوتی ہے کہ
اربوں کھربوں کی تعداد میں دنیائیں آباد ہیں۔
ایک دریا کے اندر بے شمار Planets ہیں۔ یہ تمام
دنیائیں (Planets) کوئی بن رہی ہے۔ کوئی مٹ رہی ہے۔ ان کے اندر ہماری دنیا کی طرح مخلوقات
آباد ہیں۔ ان کا طرزِ زندگی بھی ہم سے ملتا جلتا ہے۔ ان کے سوچنے سمجھنے کا انداز
بھی ہماری ہی طرح کا ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ جس دریا کے اندر جو عالم آباد ہے اس
عالم کی تمام اشیاء پر اس دریا کا رنگ غالب ہے۔
یعنی ہر ہر عالم اللہ تعالیٰ کی مختلف صفات کا
مظاہرہ کر رہا ہے۔ ہر عالم کے اندر مخصوص صفاتِ الٰہیہ کے انوار کام کر رہے ہیں
اور اس عالم کی ہر اشیاء پر انہیں مخصوص صفات کا عکس یا رنگ غالب ہے۔ ان تمام
دریاؤں کو دیکھ کر مجھے کائنات کی وسعت کا اندازہ ہوتا ہے اور خیال آتا ہے کہ
کائنات کے پردے پر تخلیقات کا ایسا لامتناہی سلسلہ پھیلا ہوا ہے جو کبھی ختم نہیں
ہو سکتا۔ نئے نئے عالم بنتے اور مٹتے رہیں گے۔ یہ سلسلہ یونہی چلتا رہے گا۔ اللہ
تعالیٰ کی صفات لامتناہی ہیں۔
اس کی تمام صفات کے اندر تخلیق کا نور شامل ہے۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام مبارک میں جنتیوں کے لئے فرمایا ہے کہ وہ ہمیشہ ہمیشہ
جنت میں رہیں گے۔ انسان اسی طرح مختلف دنیاؤں میں منتقل ہوتا رہے گا تاکہ وہ اللہ
تعالیٰ کی تمام صفات کا مشاہدہ کر سکے اور ان کے علوم جان سکے۔