Topics

چُھپا ہوا خزانہ

 

زمانۂ ازل میں جب کہ نہ زمین تھی نہ آسمان تھے۔ نہ شجر تھے نہ پہاڑ تھے۔ بس مرتبۂ خالقیت پر اللہ جل شانہٗ، وحدانیت کے عرش پر جلوہ افروز تھے۔ کون جانتا ہے روحِ محمدی ﷺ نے عرش کے گرد کتنے طواف کئے۔ لازمانیت اور لامکانیت کی تحریریں صفتِ تدلّیٰ میں ہیں۔ عرش کے ہر اطراف پر خالق کا ذہن روحِ محمدی ﷺ کو منتقل ہوا۔ تاکہ روحِ محمدی ﷺ کے اندر چھپے ہوئے خزانوں سے نفسِ محمدی ﷺ واقف ہو جائے۔ نفسِ محمدی ﷺ اپنی ذات کے اندر تہہ در تہہ نور سے واقف ہو گیا۔

نگاہِ احمدی ﷺ نے جب اپنے نور میں دیکھا تو نور کے ہر ذرے پر اسے اللہ کا نام دکھائی دیا۔ نگاہ نے اپنے نفس کو پہچان کر اپنے رب کو پہچان لیا۔ ذاتِ محمدی ﷺ نورِ حق کا آئینہ بن گئی۔ آئینے کے بالمقابل نگاہ آئینے کے عکس کو دیکھتی ہے آئینے کو نہیں۔ نگاہِ محمدی ﷺ نے اپنے نفس کی نفی کر کے بندگی کی معراج کو پا لیا۔

ادراک کا ہر نقطہ لازمانیت کی کوئی نہ کوئی کسر ہے۔ جس میں ازل کا وہ لمحہ بند ہے۔ جس لمحے میں اللہ اور روح کا ساتھ تھا۔ ساری کائنات ایک نفس ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ ”ہم نے نفسِ واحدہ سے تم کو بنایا۔“ حدیثِ قدسی ہے کہ ”اے محمد ﷺ آپ ﷺ نہ ہوتے تو کائنات کا وجود نہ ہوتا۔“ کائنات کی ہر صورت روحِ محمدی ﷺ کا ایک ادراک ہے۔ جو لامحدودیت سے محدودیت میں آ کر اپنی پہچان کراتا ہے۔ کائنات کی تمام حرکات اللہ تعالیٰ کے ارادے کے تابع ہیں۔

اللہ تعالیٰ سبحانہٗ ”مراد“ ہے۔ نفسِ محمدی ﷺ ”مرید“ ہے۔ مراد کا تفکر اللہ کا تفکر ہے۔ جس کی تکمیل مرید کے ذریعے سے ہے۔ یہ بات سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اس حدیث مبارک کی تشریح ہے جس میں آپ ﷺ نے فرمایا کہ ”میری تربیت خود اللہ تعالیٰ نے فرمائی ہے۔“

کائنات کی تخلیق کے پسِ پردہ اللہ تعالیٰ کا خود اپنی ذات کو پہچانے جانے کا تفکر کام کر رہا ہے۔ کائنات اللہ تعالیٰ کی صفات کا مظاہرہ ہے۔ جو کائنات کے نقطۂ وحدانی کی صفات ہیں۔ کائنات کے نقطۂ وحدانی کا شعور حقیقتِ محمدی ﷺ ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کو پہچاننے والا ہے۔ نقطۂ وحدانی کا یہ شعور کائنات کے ذرے ذرے میں کام کر رہا ہے۔

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم نے ہر شے کو جوڑا جوڑا بنایا ہے۔ ہر شئے کے اندر پہچانے جانے کا تفکر ہی شئے کو دو رخوں میں تقسیم کرتا ہے۔ کیونکہ ایک رخ سے تفکر کی تکمیل نہیں ہوتی۔ تفکر کا ایک رخ وہ کردار ہے جو پہچانا جا رہا ہے۔ تفکر کا دوسرا رخ پہلے رخ کو پہچاننے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ نقطۂ وحدانی یا حقیقتِ محمدی ﷺ کا دماغ عالمِ امر ہے اور عالمِ امر کا تفکر انہی دو بنیادی حقیقتوں پر کام کر رہا ہے۔ نقطۂ وحدانی یا کائنات کا نقطہ اللہ تعالیٰ کی تجلی ہے۔

تجلی کی صفات اللہ تعالیٰ کی صفات ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنی ذات و صفات میں علیم ہے۔ انسانی روح جو امرِ ربّی ہے اسے صفتِ علیم کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ سے نسبت حاصل ہے۔ اسی نسبت کے تحت آدم کو اسمائے الٰہیہ کے علوم عطا کئے گئے۔ اسمائے الٰہیہ کے علوم کا نقش حقیقتِ محمدی ﷺ ہے۔ یہ نقش تجلی ذات کے باطن میں ہے۔ مہرِ نبوت ﷺ اسی نقش کا عکس ہے۔ اللہ تعالیٰ نے جس چھپے ہوئے خزانے کا ذکر فرمایا ہے وہ خزانہ تجلی ذات کے باطن میں حقیقتِ محمدی ﷺ کا نقش ہے۔

اللہ پاک کی نظر تجلی کے ظاہر باطن کا احاطہ کرتی ہے اور وہ اپنی ذات و صفات میں علیم ہے۔ اس کا علم قدیم ہے اور حادث ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ تجلی کے باطن میں حقیقتِ محمدی ﷺ کا نقش ہمیشہ سے تھا، ہے اور رہے گا۔ مگر اس حقیقت کا علم سوائے اللہ کے کسی کو نہ تھا۔ کسی اور سے مراد خود حقیقتِ محمدی ﷺ کا نقش ہے۔

جب اللہ پاک نے چاہا کہ حقیقتِ محمدی ﷺ خود اپنی ذات سے واقف ہو جائے کہ وہ تجلی کا جمال ہے۔ جیسے ہیرے کی چمک ہیرے کا جمال ہے تو اللہ تعالیٰ نے حقیقتِ محمدی ﷺ کے اس نقش میں اپنی روح پھونکی۔ روح تجلی کے نقش حقیقتِ محمدی ﷺ کا شعور ہے۔ حقیقتِ محمدی ﷺ کا شعور تجلی ذات کا شعور ہے۔ جو حقیقتِ الٰہیہ کو ظاہر کرنے کے لئے پیدا کیا گیا۔

حقیقتِ محمدی ﷺ نے اللہ تعالیٰ کو ساڑھے گیارہ ہزار صفات کے ساتھ پہچانا۔ تمام پیغمبران علیہم السلام حقیقتِ محمدی ﷺ کے مختلف زاویے ہیں۔ اس بات کو آسان لفظوں میں یوں کہا جا سکتا ہے کہ حقیقتِ محمدی ﷺ وہ نظر ہے جس نظر نے اللہ تعالیٰ کو ساڑھے گیارہ ہزار صفات کے ساتھ دیکھا۔ باقی تمام پیغمبران علیہم السلام حقیقتِ محمدی ﷺ کی نظر کے مختلف زاویے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ تمام پیغمبران علیہم السلام براہِ راست اللہ تعالیٰ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اسمائے الٰہیہ کے علوم حقیقتِ محمدی ﷺ میں روح پھونکنے کے علوم ہیں۔ جس کا آغاز زمانۂ ازل سے ہے۔ قرآن میں اس حقیقت کی ”الٓمّٓ“ کے حروف سے نشاندہی کی گئی ہے اور اس کی وضاحت لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ کے کلمے سے کی گئی ہے۔ ”لا“ کے انوار وہ حقیقت ہیں جو چھپا ہوا خزانہ تھا۔ جس سے اللہ ہمیشہ سے واقف تھا۔ مگر یہ حقیقت ناقابلِ تذکرہ تھی یعنی اس کا ذکر نہ تھا۔

اسے ہم اندھیرے سے تعبیر کر سکتے ہیں۔ یہ اندھیرا یعنی لا کے انوار کائنات کا لاشعور ہے۔ لا کے انوار تجلی ذات ہے۔ ان انوار میں تجلی کا جمال وہ حقیقت ہے جس کے ظاہر کرنے کا ارادہ کیا گیا اور لا کے انوار اِلّا میں بدل گئے۔ اِلّا کے انوار الف انوار ہیں جو کائنات کی بنیاد ہیں اور یہی انوار کائنات کا ازلی شعور ہے۔ اِلّا یا الف انوار کو ہم اجالے سے تعبیر کرتے ہیں۔ لا اور اِلّا کے درمیان حقیقتِ محمدی ﷺ کا ظہور ہے۔ جو حقیقتِ الٰہیہ کو ظاہر کرنے کے لئے پیدا کیا گیا۔ محمد رسول اللہ ﷺ وہ ذاتِ اقدس ہے جو اللہ تعالیٰ کی ساڑھے گیارہ ہزار صفات کا مجموعہ ہے۔ ہر صفت تخلیقی صلاحیت ہے۔ روح ان تخلیقی صلاحیتوں کو استعمال کرتی ہے اور کائنات وجود میں آتی ہے۔

لا انوار کا اِلّا میں تبدیل ہونا بغیر کسی وسائل و اسباب کے ہے۔ لامحدودیت میں اللہ تعالیٰ کا ارادہ داخل ہو کر لامحدودیت میں پھیلی ہوئی تجلیات کو تشکیلی صورت بخشتا ہے۔ یہ تشکیلی صورتیں اسمائے الٰہیہ ہیں۔ جن کی روشنیوں کے مجموعے کی صورت روحِ محمدی ﷺ ہے۔ زمانۂ ازل کا آغاز وہاں سے ہوتا ہے جب اللہ تعالیٰ نے اپنے چھپے ہوئے خزانے کو ظاہر کرنے کا ارادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ کے ارادے سے اس فکر کی روشنی کو کن کی تحریکی قوت حاصل ہوئی اور فکر کے اجزاء اسمائے الٰہیہ کی صورت میں کائنات کے اجزاء بن کر ظاہر ہو گئے۔

اللہ تعالیٰ کے امر نے کائنات کی تخلیقی فکر کو ایک مجموعی صورت بخش دی۔ تجلی ذات کا یہ نقش روحِ اعظم یا حقیقتِ محمدی ﷺ ہے۔ اللہ تعالیٰ ذات و صفات، شکل و صورت اور نقش و نگار سے پاک ہے۔ تجلی ذات کا شعور روحِ اعظم کا ازلی شعور ہے۔ اس ازلی شعور کی ظاہری صورت حضرت محمد رسول اللہ ﷺ ہیں۔ روحِ اعظم کا شعور اللہ تعالیٰ کا امر ہے۔ اللہ تعالیٰ کا امر اس کا ارادہ ہے۔ ارادہ تخلیقی قوت و صفت کا حامل ہے۔ کائنات کے علم کی تجلیات و انوار روحِ اعظم کے باطن سے گزر کر لوحِ محفوظ کی زینت بنتے ہیں اور لوحِ محفوظ سے نیچے اتر کر تمام عالمین سے گزرتے ہوئے زمین پر اپنا مظاہرہ کرتے ہیں۔

مظاہرِ کائنات کی بنیاد روحِ اعظم کا ازلی شعور ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کی خود اپنی ذات میں پہچانے جانے کی فکر کی تکمیل کے لیے اور حکمِ خداوندی کی تعمیل کے لیے کائنات کے ذرے ذرے میں رحمت بن کر دور کر رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کی نسبت سے انسانوں کو روحِ اعظم کے علوم عطا کئے ہیں۔

جب کسی بندے کے اندر ازلی شعور متحرک ہو جاتا ہے تو وہ اپنے مقصدِ حیات سے باخبر ہو جاتا ہے اور اپنی سکت کے مطابق حقیقت کو پہچان لیتا ہے۔ یہ پہچان بحیثیت جز کے ہے۔ بحیثیت کل کے نہیں ہے۔ حقیقت اللہ ہے اور اللہ لامحدود ہے۔ لامحدودیت کا احاطہ کوئی آنکھ نہیں کر سکتی۔

یہی وجہ ہے کہ بندے کا حقیقت کو پہچاننا خود اپنے زاویۂ نگاہ و فکر کے احاطے میں حقیقت کا اعتراف ہے۔ حقیقت کو دیکھنے والی نگاہ روحِ اعظم کی آنکھ ہے۔ اس نگاہ کی انتہائی سکت مقامِ محمود ہے۔ مقامِ محمود پر حضور پاک ﷺ نے پہنچ کر جس طرح اللہ تعالیٰ کی حقیقت کو دیکھا، اس کا بیان قرآن میں موجود ہے۔ روحِ اعظم کی آنکھ اللہ تعالیٰ کو تجلی ذات کے حجاب میں دیکھتی ہے۔ تجلی ذات کے حجاب میں ذاتِ خداوندی کا مشاہدہ کرنا ازلی شعور ہے۔ جو اللہ تعالیٰ کی رحمت ہے۔

اس مقام پر فکر کے اندر سے کائناتی Dimension نکل جاتے ہیں۔ جب کائناتی Dimension ذہن سے نکل جاتے ہیں تو تجلی سامنے آتی ہے۔ اسی فعل کو اپنی نفی کرنا کہا گیا ہے۔ اپنی نفی کرنا ساری کائنات کی نفی کرنا ہے۔ روحِ اعظم کا ذہن وہ ہے جس کا تعلق براہِ راست ذات سے ہے۔ روحِ اعظم کی نظر ہر شئے کو تجلی ذات میں دیکھتی ہے۔ تجلی ذات میں کائنات تجلی کے نقطے کی صورت ہے۔

پس روحِ اعظم کی آنکھ صرف تجلی ذات دیکھتی ہے۔ کائنات کی اشیاء کو نہیں دیکھتی۔ جیسے سورج کی روشنی میں سارا آسمان چاند ستاروں سے خالی دکھائی دیتا ہے پس ہم سورج کی روشنی میں چاند ستاروں کی نفی کر دیتے ہیں کہ چاند ستارے ہیں ہی نہیں۔ روحِ اعظم خود تجلی ذات کی تشکیلی صورت ہے۔

جب کسی بندے میں روحِ اعظم کا شعور بیدار ہوتا ہے تو وہ خود اپنے ہی نقطۂ ذات کی تجلی کے نور کا مشاہدہ کرتا ہے اور اس کے ذہن سے کائناتی ڈائی مینشن نکل جاتے ہیں۔ اس نور میں ذات کا تفکر ذاتِ خالق کی حیثیت سے ہے یعنی اللہ ہے اور کچھ بھی نہیں ہے۔ اس لمحے انسان کا شعور مکمل طور پر تجلی کے نور سے سیراب ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کی ذات کا کامل یقین حاصل ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی فکر میں ایمان یا یقین کا دوسرا رخ نہیں ہے۔

یعنی کفر نہیں ہے۔ کیونکہ روحِ اعظم کی ہر فکر تجلی کا نقطہ ہے جو یقین ہے۔ کفر وہ فکر ہے جو تجلی کی روشنی سے خالی ہے۔ ان خلاؤں کا گزر اگر حقیقتِ محمدی ﷺ کے اندر نہیں ہے تو پھر کہاں ہے۔ کیونکہ خود حضور پاک ﷺ نے فرمایا ہے کہ میری صورت میں شیطان نہیں آ سکتا۔ روحِ اعظم کی فکر کی روشنی میں جب اللہ تعالیٰ کے حکم کی تجلی شامل ہو جاتی ہے تو روحِ اعظم کی تجلی کا دوسرا دائرہ تخلیق ہوتا ہے۔ یہ دوسرا دائرہ روحِ انسانی ہے۔

جس میں انسان کی نظر کائنات کی ہر شئے کو روح کی صورت میں دیکھتی ہے اور جب روحیں اللہ تعالیٰ کے حکم پر حرکت کرتی ہیں تو نگاہ کا تیسرا دائرہ تخلیق ہوتا ہے جو روحِ حیوانی کا دائرہ ہے۔ حرکت انرجی کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ یہ انرجی روحِ اعظم کی تجلی کی روشنی سے روحِ حیوانی کو حاصل ہوتی ہے۔ روحِ اعظم کی تجلی اجسام کے اندر منفی طور پر کام کرتی ہے۔ اگر انسان اپنے اندر کام کرنے والے نور سے واقف نہ ہو اور صرف جسمانی حرکات کو ہی زندگی کا حاصل سمجھ لے تو روحِ حیوانی کی تمام تر توجہ صرف دنیاوی زندگی کی حرکات کی طرف ہو جاتی ہے اور آدمی دنیا میں مگن ہو جاتا ہے۔

ایسی حالت میں روح کی نظر جب اپنے جسم پر پڑتی ہے تو روحِ حیوانی کی فکر کے اندر نور کی بجائے دنیاوی روشنیوں کا ذخیرہ دیکھتی ہے۔ جس کی وجہ سے آدمی کا شعور اسے منفی افکار کے معنی پہناتا ہے۔ کفر، جھوٹ، نیگیٹو خیالات سب کے سب اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ آدمی کے شعور و ارادے میں نور کی مقداریں خطرناک حد تک کم ہو چکی ہیں۔ نور کی انرجی کم ہونے کی وجہ سے آدمی کا شعور کمزور اور ناکارہ ہو جاتا ہے۔ اگر یہ کمزوری حد سے بڑھ جائے تو روحِ حیوانی کی ناسوتی روشنیاں نور کا غلاف بن کر لاشعور اور شعور کے درمیان رکاوٹ بن جاتی ہیں۔ جس کی وجہ سے روحِ اعظم کی جانب سے نور اور روحِ انسانی کی جانب سے ہدایت نہیں پہنچتی اور نظر چھپے ہوئے خزانوں کو دیکھنے کی بجائے کائنات میں مادی اجسام کو چلتے پھرتے دیکھتی ہے۔

نظر اللہ کی صفت ہے۔ اللہ کی ہر صفت نور ہے۔ اللہ کی فکر کائنات میں چھپا ہوا خزانہ حقیقتِ محمدی ﷺ کا نور ہے۔ اللہ کی نظر روحِ اعظم کے ذریعے کائنات کے دائرے میں سفر کرتی ہے اور کائنات کے جس ذرے کو اپنے نور سے خالی دیکھتی ہے وہاں سے پلٹ جاتی ہے۔ نظر کی روشنی کے تنزل اور صعود کا مرکزی نقطہ روح کا وہ نقطہ ہے جس سے وہ اس عالم کو دیکھتی ہے۔ اگر اس نقطے میں نورانی روشنیاں غالب ہیں تو آدمی کی نگاہ نورانی روشنی میں کائنات کا مشاہدہ کرتی ہے اور اگر مادی روشنیاں غالب ہیں تو مادی روشنی میں کائنات کا مشاہدہ کرتی ہے۔

مادی روشنیوں کی ویو لینتھ عالمِ ناسوت ہے۔ نورانی روشنیوں کی ویولینتھ عالمِ ملکوت ہے اور تجلی کی نگاہ کی ویولینتھ عالمِ جبروت و عالمِ لاہوت ہے۔ حضور پاک ﷺ کی نظر چاروں عالمین میں بیک وقت دیکھتی ہے۔ اسی لیے آپ کو اللہ تعالیٰ نے رحمت للعالمین کہا ہے۔ روح کی نظر جس عالم میں پہنچتی ہے اسی عالم میں انسان اپنے آپ کو موجود جانتا ہے۔

روح کی نظر میں کائنات کے تمام نقش و نگار موجود ہیں۔ روح کی نظر کے ساتھ ساتھ نظر کی روشنی میں موجود نقش و نگار بھی اس عالم میں ظاہر ہو جاتے ہیں۔ اس طرح روح کی نظر کائنات کو دیکھ رہی ہے۔ روحِ اعظم کی نگاہ میں ازل سے ابد تک کے تمام اجزاء موجود ہیں۔ اسی مناسبت سے روحِ محمدی ﷺ کی نظر ساری کائنات کو دیکھتی ہے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ کے محبوب ﷺ کی نظر بھی کائنات میں اللہ تعالیٰ کی تجلیات کا اور تجلیات کے عالمین کا مشاہدہ کرتی ہے۔

اللہ تعالیٰ کا یہ ایک ایسا اعجاز ہے۔ جس کی عظمت و بزرگی کو سوائے اللہ جل شانہٗ کے اور کوئی نہیں جان سکتا۔ اللہ کی نظر ہی حقیقتِ محمدی ﷺ کے چھپے ہوئے خزانے کو دیکھ سکتی ہے اور اس کی صحیح عظمت کو پہچان سکتی ہے۔ بنی نوعِ انسان کے لیے سب سے بڑی رحمت یہ ہے کہ رحمت للعالمین ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے بشری نسل سے چُنا ہے۔ بشری نسل میں رحمت للعالمین ﷺ کا ذہن براہِ راست منتقل ہو رہا ہے۔ اگر نسلِ انسانی پیغمبرانہ صفات کو اپنا لے تو رحمت للعالمین ﷺ کی رحمت سے خود اپنے اندر چھپے ہوئے خزانوں سے واقفیت حاصل کر لے گی۔


 


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی