Topics
حضور پاک ﷺ کا ایک عظیم الشان معجزہ معراج شریف
پر جانا ہے۔ جس کی اطلاع قرآن کریم میں سورۃ بنی اسرائیل کی پہلی آیت میں ملتی ہے۔
ترجمہ: ”پاک ہے وہ ذات جس نے سیر کرائی اپنے
بندے کو رات کے قلیل حصے میں۔ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک۔ بابرکت بنا دیا ہم نے
جس کے گرد و نواح کو تاکہ ہم دکھائیں اپنے بندے کو اپنی قدرت کی نشانیاں۔ بیشک وہی
ہے سب کچھ سننے اور دیکھنے والا o“
ان آیات میں صاف صاف یہ اطلاع ہے کہ اللہ
تعالیٰ نے اپنے محبوبؐ کو بحالتِ بیداری، جسمانی عقل و شعور اور بیداری کے حواس کے
ساتھ اپنی قدرت کی نشانیاں دکھائیں۔ مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک سیر کا ذکر کرنا
اس بات پر دلیل ہے کہ یہ سیر بیداری کے حواس کے ساتھ تھی۔ اگر سیر لاشعوری حواس
میں ہوتی تو تذکرے میں دنیاوی مقامات مسجدِ حرام اور مسجدِ اقصیٰ کی بجائے غیب کی
دنیا اور آسمانوں کا ذکر آتا۔ یہاں پہلے دنیاوی مقامات کا ذکر کرنا اس بات کی
دلالت ہے کہ آپؐ نے بیداری میں اللہ تعالیٰ کی قدرت کی نشانیوں کا مشاہدہ فرمایا اور
شعوری حواس کے ساتھ لاشعوری دنیا یعنی غیب کی دنیا میں سفر کیا۔
اللہ تعالیٰ کی ہر اطلاع اور ہر آیت نہایت ہی
جامع کلامِ الٰہی ہے۔ چند الفاظ میں اطلاع کا پورا خاکہ کھینچ دیتی ہے۔ سبحان
اللہ! کیا اس کے کلام کی جامعیت میں کسی کو شک و شبہے کی گنجائش ہو سکتی ہے؟ بس
صرف اس فکر کی ضرورت ہے جو کلامِ الٰہی کی گہرائیوں میں اتر کر اللہ تعالیٰ کے
تفکر کی باریکیوں کا سراغ لگا سکے۔ اللہ تعالیٰ نے اسی آیت شریفہ میں فرمایا ہے کہ
ہم نے اپنے بندے کو رات کے قلیل حصے میں سیر کرائی۔ آگے ہے کہ کہاں کی سیر کرائی۔
جواباً ارشاد ہے۔
مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک کی سیر کرائی۔
اور مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک ہمارے محبوبؐ کے قدمِ مبارک کی برکتوں کی وجہ سے
ان کے اطراف کے مقامات کو بھی ہم نے بابرکت بنا دیا۔ معراج شریف کا دائرہ بحالتِ
بیداری اور شعوری حواس میں دنیا کی حدود میں مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک اور اس
کے گرد و نواح کے مقامات تک محدود ہے۔
اب اللہ تعالیٰ اپنی قدرت کی نشانیوں کا تذکرہ
فرماتے ہیں۔ آیتِ مذکورہ میں مِنْ اٰيٰتِنَا یعنی میری نشانیاں یعنی تجلیاں مراد ہیں۔ یہ وہ تجلیاں ہیں جن کا نزول
خانہ کعبہ پر ہوتا ہے اور یہ تجلیاں مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک قدرت کی نشانیاں
ظاہر کرتی ہیں اور اللہ تعالیٰ کی صفات کا ڈسپلے کرتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے
حبیبؐ کو اپنی ذات سے نزول کرنے والی تجلیوں کے تمام مدارج زمین سے لے کر آسمان تک
اور آسمان سے لے کر عرش تک اور عرش سے لے کر ذات تک کے تمام مدارج کا مشاہدہ کرا
دیا۔
آیت شریفہ میں معراج مبارک کی اطلاع میں سیر کا
آغاز دنیا سے کیا گیا ہے۔ دنیا میں بیداری کے حواس انسان کے اندر کام کرتے ہیں۔
چنانچہ رسول اللہ ﷺ کا بیداری کے حواس میں قدرت کی نشانیاں دیکھنا ثابت ہوتا ہے۔
اس سے دوسرے پیغمبران کی نسبت حضور اکرمؐ کے شعور کی عظمت اور حواس کی مضبوطی کا
احساس ہوتا ہے کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام کوہِ طور پر ایک تجلی کو ظاہری حواس کے
ساتھ برداشت نہ کر سکے اور ایک نظر دیکھتے ہی بے ہوش ہو گئے یعنی تجلی کی روشنی نے
ان کے ظاہری حواس کو وقتی طور پر معطل کر دیا۔
مگر حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ اقدس کو اللہ تعالیٰ
نے اپنے حضور سے ایسی توانائیاں بخشی ہیں کہ آپ ﷺ نے مسجدِ حرام سے لے کر مسجدِ
اقصیٰ تک کے رقبے میں تجلیاتِ ربانی کا زمین سے آسمان تک کے رقبے میں تجلیاتِ
ربانی کا زمین سے آسمان تک بلکہ قاب قوسین تک تمام عمل دیکھ لیا اور نہ آپ ﷺ کی
نظر بھٹکی اور نہ آپ ﷺ کے حواس ایک لمحے کو بھی معطل ہوئے۔ الحمد للہ تمام تعریف
اللہ ہی کی ہے جو آسمانوں اور زمین کا مالک ہے۔
سورۃ النجم میں شروع کی آیتوں میں اللہ تعالیٰ
نے قدرت کی ان نشانیوں کا ذکر فرمایا ہے جو نشانیاں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبؐ کو
شبِ معراج میں دکھائی تھیں۔ ان آیتوں کا ترجمہ یہ ہے۔
”قسم ہے اس ستارے کی جب وہ نیچے
اترا۔ تمہارا ساتھی نہ راہِ حق سے بھٹکا اور نہ بہکا اور وہ تو بولتا ہی نہیں اپنی
خواہش سے۔ نہیں ہے مگر وحی۔ جو ان کی طرف کی جاتی ہے۔ انہیں سکھایا ہے زبردست
قوتوں والے نے۔ بڑے دانا نے۔ پھر اس نے بلندیوں کا قصد کیا۔ اور وہ سب سے اونچے
کنارے پر تھا۔ پھر وہ قریب ہوا اور قریب ہوا۔ یہاں تک کہ صرف دو کمانوں کے برابر
بلکہ اس سے بھی کم فاصلہ رہ گیا۔ پس وحی کی اللہ نے اپنے بندے کی طرف جو وحی کی۔
نہ جھٹلایا دل نے جو کچھ انھوں نے دیکھا۔ کیا تم جھگڑتے ہو اس پر جو انہوں نے
دیکھا۔ اور انہوں نے تو اسے دوبارہ بھی دیکھا۔ سدرۃ المنتہیٰ کے پاس۔ اس کے پاس ہی
جنت الماویٰ ہے۔ جب سدرہ پر چھا رہا تھا جو چھا رہا تھا۔ نہ درماندہ ہوئی چشمِ
مصطفیٰ اور نہ آگے بڑھی۔ یقیناً انہوں نے اپنے رب کی بڑی بڑی نشانیاں دیکھیں۔“
مندرجہ بالا آیات میں اللہ تعالیٰ نے شبِ معراج
میں حضور پاک ﷺ نے جو کچھ بھی دیکھا اس کی تفصیل بیان فرمائی ہے۔ اپنے کلام کی
حکمتوں اور اس کے اسرار کو کھولنے سے پہلے اللہ تعالیٰ حضور اکرم ﷺ کے عقل و شعور
کی عظمت بیان فرماتے ہیں۔ تاکہ کم عقل لوگ اس کے کلام کی ندرت کو نہ سمجھنے کی وجہ
سے اس کے محبوب ﷺ کی عقل و دانش پر انگلیاں نہ اُٹھائیں۔ نجم یعنی ستارہ اللہ
تعالیٰ نے حضور اکرم ﷺ کے ان حواس کو کہا ہے، جو حواس مادی دنیا میں کام کرتے ہیں
اور روحِ حیوانی کے حواس ہیں۔
اللہ تعالیٰ قسم کھا کر اس کی صداقت بیان کرتے
ہیں کہ حضور اکرم ﷺ کے ظاہری حواس ستارے کی طرح روشن اور صاف ہیں۔ وہ مادی دنیا کی
ہر قسم کی کثافت سے دور ہیں۔ ایسے ہی پاک حواس سے اللہ تعالیٰ کی تجلیوں کو دیکھا
جا سکتا ہے اور ایسے ہی پاک نفس کے اندر اللہ تعالیٰ بستا ہے اور بندہ اللہ تعالیٰ
کے امر کا مظہر بن جاتا ہے۔ ستارے کے نیچے اترنے سے مراد شبِ معراج میں آسمانوں کی
سیر سے واپس زمین پر آنا ہے۔ اور اللہ تعالیٰ کی وحی کے مطابق واقعۂ معراج کا بیان
کرنا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے شبِ معراج میں رسول کریم ﷺ کو
اپنی صفتِ تدلیٰ کا مشاہدہ کرایا۔ ثُمَّ دَنَا فَتَدَلّٰى میں اس کا ذکر ہے۔ صفتِ تدلیٰ کیا ہے۔ اور حضور پاک ﷺ کس طرح ان تجلیات سے
قریب ہوئے وہ ان آیاتِ بالا میں بیان کیا گیا ہے۔ سات آسمان، عرش، کرسی، لوحِ
محفوظ، بیت المعمور، سدرۃ المنتہیٰ۔ سدرۃ المنتہیٰ کو قرآن کی زبان میں افقِ اعلیٰ
کہا گیا ہے۔ افقِ اعلیٰ سے تجلیات کا ہجوم شروع ہو جاتا ہے۔ تجلیات کے بعد اللہ
تعالیٰ اور بندے کے درمیان جو چیز فاصلہ متعین کرتی ہے اسے تدلیٰ کہتے ہیں۔
تدلیٰ اللہ تعالیٰ اور رسول اللہ ﷺ کے درمیان
ناقابلِ تذکرہ فاصلے کی نشاندہی کرتے ہیں۔ تدلیٰ دراصل اسمائے الٰہیہ کی تشکیل ہے۔
اسمائے الٰہیہ اللہ تعالیٰ کی وہ صفات ہیں جو ذات کا عکس بن کر تنزل کی صورت
اختیار کر لیتی ہیں۔ جب حضور پاک ﷺ معراج میں تدلیٰ سے گزر گئے، تو ذاتِ باری
تعالیٰ اور حضور پاک ﷺ کے درمیان کوئی فاصلہ نہ رہا اور اس قدر قربت ہو گئی کہ
اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ سے راز و نیاز کی باتیں کیں۔ اور کائناتِ عالم کے اندر کام
کرنے والے پوشیدہ اسرار آپ ﷺ کے سامنے کھول دیئے۔
سدرۃ المنتہیٰ وہ حد ہے جس سے آگے ملائکہ
مقربین نہیں جا سکتے۔ سدرۃ المنتہیٰ سے آگے تجلیوں کے عالمین ہیں۔ جہاں اسمائے
الٰہیہ کا نزول ہے۔ زمان و مکان کی حدود سدرۃ المنتہیٰ تک ہیں۔ اس سے آگے تجلیوں
کے عالمین ہیں اور تجلیات کے بعد ذاتِ الٰہی سامنے آ جاتی ہے۔ تجلیوں کے عالمین سے
لامکان کی حد شروع ہوتی ہے۔ لامکان سے ذات تک جو تجلیات ہیں، وہ تجلیاں ذات کا عکس
ہیں اور یہی تجلیاں اسمائے الٰہیہ کی تشکیل کرتی ہیں۔ انہی تجلیوں کا صعود ذات کو
سامنے دیکھ لیتا ہے اور انہی تجلیات کا نزول اسمائے الٰہیہ ہیں۔
نظر ان تجلیات سے جس طرح گزرتی ہے وہ صفتِ
تدلیٰ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوبؐ کو اپنی تمام تجلیات سے گزار کر اپنی ذات کی
جانب کھینچ لیا۔ اور اس قدر قریب کر لیا کہ جہاں کسی اور ہستی کا گمان بھی نہیں ہو
سکتا۔ سدرۃ المنتہیٰ پر واپسی کے سفر میں دوبارہ حضور پاک ﷺ تجلیوں کے عالمین سے
گزرے اور یہاں اللہ تعالیٰ کی ایسی بڑی بڑی نشانیاں دیکھیں کہ جن کا تصور بھی
انسانی عقل میں نہیں آ سکتا۔ زمان و مکان کے فاصلے طے کر کے لامکان اور ذات تک پہنچنا
رات کے صرف چند لمحوں میں ایک ایسا معجزہ ہے جس پر عقلِ انسانی حیران رہ جاتی ہے۔
اس کے سوا اور کیا کہا جا سکتا ہے کہ اس لمحے
حضور پاک ﷺ کے تمام حواس کی رفتار زمان و مکان کی ہر قید سے آزاد ہو چکی تھی اور
آپ ﷺ کے تمام حواس اللہ تعالیٰ کی نظر بن چکے تھے اور اللّٰهُ
هُوَ السَّمِيْعُ اللّٰهُ هُوَ الْبَصِيْرُ کے مصداق خود اللہ تعالیٰ کی نظر اپنی ذات کو دیکھتی ہے اور خود اس کی
اپنی سماعت اپنے کلام کو سنتی ہے اور خود اس کا اپنا ادراک اسے پہچانتا ہے۔
حضور پاک ﷺ کی ذاتِ پاک ایک ایسا آئینہ ہے جس
کے اندر ذاتِ خداوندی اپنے جلووں کو دیکھتی ہے۔ اس لمحے من و تو کا جھگڑا ہی نہیں
ہے۔ سب کچھ تو ہی تو ہے اور جہاں سب کچھ اللہ ہی ہو جائے، وہاں زمان و مکان کا گزر
کیسے ہو سکتا ہے۔ پس وقت کا ایک ہی لمحہ فرش سے لامکان تک محیط ہو گیا اور اللہ
تعالیٰ کی قدرت نے اس لمحے کے ایک ایک جز کا حضور پاک ﷺ کو مشاہدہ کرا دیا۔ اصل
میں معراج کا لمحہ وہ لمحۂ حقیقی ہے، جس لمحے ذاتِ خداوندی نے اپنے نور سے کائنات
کی تخلیق فرمائی تھی۔
حضور پاک ﷺ کے حواس کو اللہ تعالیٰ نے اس لمحے
کی گہرائی میں انتہا تک اور پھر انتہا سے سطح تک یعنی دنیا تک پہنچا دیا اور حقیقت
کا ہر لمحہ زمان و مکان کی قید سے آزاد ہے اور اس کی انتہا خود ذات ہے۔ جس کے لیے
حضور پاک ﷺ نے فرمایا لِيْ مَعَ اللّٰهِ وَقْتٌ یعنی وقت میں میرا اور اللہ کا ساتھ ہے اور یہی لمحہ جاودانی ہے۔ وقت یا
زمان ایک ایسی حرکت ہے جس کی لاشمار یونٹ ہیں۔ ہر یونٹ ایک لمحہ ہے۔ ہر لمحہ جب
فنا ہو جاتا ہے تو دوسرا لمحہ اس کی جگہ لے لیتا ہے۔
اس طرح وقت کی حرکت اور زمانے کی گردش مسلسل
محسوس ہوتی ہے۔ ہر لمحہ جو فنا ہو جاتا ہے وہ عالمِ لاہوت میں اللہ تعالیٰ کی
تجلیوں میں گم ہو جاتا ہے۔ یہ انسان کا حافظہ ہے۔ جب انسان کا حافظہ اس لمحے کو
محفوظ رکھنا چاہتا ہے تو ارادہ بار بار اس لمحے کو دہراتا ہے۔ ارادے کے بار بار
دہرانے کی وجہ سے تجلی میں اس لمحے کے خاکے نقش ہو جاتے ہیں۔ تجلی کے یہی نقوش بقا
ہیں یعنی اس پورے لمحے کا ایک مستقل ریکارڈ بن گیا۔ اس ریکارڈ کو انسان اپنے ارادے
سے دیکھ سکتا ہے اور یہی لمحات جاودانی ہیں جو کبھی فنا نہیں ہوتے۔
کیونکہ ان کی بقا تجلی پر ہے۔ بقا صرف ان لمحات
کو میسر ہے جن کا ظہور حکمِ کن سے عمل میں آیا ہے۔ باقی وہ لمحات جن کے اندر انسان
کا ذاتی ارادہ کام کر رہا ہے، اگر ذاتی ارادہ اللہ تعالیٰ کے ارادے سے مماثلت نہیں
رکھتا تو ایسے لمحات عالمِ مثال کے آئینے پر نقش ہو جاتے ہیں اور عالمِ مثال کا
آئینہ اس کو ڈسپلے کرتا ہے جس کی حدود کائنات ہے۔ تجلی ذات کا عکس ہے۔ ذات حی و
قیوم ہے اور ذات کا عکس بھی قائم اور دائم ہے کیونکہ اس کی بقا خود اللہ تعالیٰ کی
ذاتِ پاک سے ہے۔
یہ تجلی ذات کا عالم ہے۔ اس عالم کی ہر تجلی
لمحۂ کن کی ایک یونٹ ہے۔ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب ﷺ پر ہر لمحے ان تجلیوں کے اسرار
بے نقاب کرتے ہیں اور نظر ہر لمحے ان کے جلووں سے سرفراز ہوتی ہے۔ فکرِ محمدی ﷺ ان
کے علوم کائناتِ عالم میں تقسیم کرتی ہے تاکہ مخلوق اللہ تعالیٰ سے متعارف ہو کر
اس کے قریب تر آ جائے اور اللہ تعالیٰ کی ہستی کو خالق کی حیثیت سے پہچان جائے جو
کہ کائنات کی تخلیق کا حقیقی مقصد ہے۔ اس پروگرام کے تحت زمین پر آدم کو نائب اور
خلیفہ بنا کر بھیجا گیا ہے۔
علم الاسماء اللہ تعالیٰ کے تفکر کی وہ فلم ہے
جو لمحۂ کُن کے اندر ریکارڈ ہے۔ نظر جب تجلی میں اس ریکارڈ کو دیکھتی ہے تو اس کی
روشنی اللہ تعالیٰ کے اور حضور پاک ﷺ کے ارادے کے ساتھ کائنات کی حدود میں پھیل
جاتی ہے۔ حضور پاک ﷺ کی رحمت سے دنیا میں ایسے لوگ آتے رہتے ہیں جن کے ذہن اس تجلی
کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس طرح یہ بندے علم الاسماء کو سیکھ کر ان کے
پھیلانے میں حضور پاک ﷺ کے معاون بن جاتے ہیں۔ رسول پاک ﷺ کا یہ سب سے عظیم ترین
معجزہ ہے کہ آپ ﷺ کے ذریعے کائنات کے ذرّے ذرّے کو اللہ تعالیٰ کا تعارف حاصل ہے
اور آپ ﷺ کے ذریعے آدم اور تمام بنی نوعِ آدم کو اسمائے الٰہیہ کے علوم سکھانے کا
پورا پورا انتظام قدرت کی جانب سے کیا گیا ہے اور اس تعلیم و تفہیم کا ایک مکمل
ضابطہ قرآن مجید کی صورت میں زمین پر نازل کیا گیا ہے۔
قرآن مجید کی ہر آیت اللہ تعالیٰ کے علم کی ایک
تجلی ہے اور اس تجلی کے اندر لمحۂ کن کا پورا ریکارڈ ہے۔ حضور پاک ﷺ سے محبت رکھنے
والے بندے پر کلام پاک کی تجلیاں روشن ہو جاتی ہیں اور کلام پاک پڑھنے سے خواب یا
غنودگی میں اس کے اندر کے خاکے ذہن پر واضح ہو جاتے ہیں۔ قرآن پاک کی صورت میں
اللہ تعالیٰ نے علم الاسماء کے مکمل علوم اور اسمائے الٰہیہ کے مکمل قوانین اور
فارمولے یا سنتِ الٰہی حضور پاک ﷺ پر اتار دیئے ہیں۔ اس کے بعد اب اور کسی چیز کی
ضرورت باقی نہیں رہتی۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کے اوپر اپنے دینِ اسلام کو
مکمل کر دیا ہے اور آپ ﷺ پر اپنی نعمت پوری کر دی جیسا کہ سورۃ المائدہ کی آیت ۳
میں ہے۔
ترجمہ: ”آج میں نے مکمل کر دیا ہے تمہارے لیے
تمہارا دین اور پوری کر دی ہے تم پر اپنی نعمت اور میں نے پسند کر لیا ہے تمہارے
لیے اسلام کو بطور دین۔“ اسلام اسمائے الٰہیہ کے وہ قوانین ہیں جو کائناتِ عالم
میں ازل اور ابد کی حدود کے اندر جاری و ساری ہیں۔ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کا کلام
ہے مگر اس کے زمین پر پہنچانے والے حضور پاک ﷺ ہیں۔ اس لیے کلامِ الٰہی کے ساتھ
ساتھ حضور پاک ﷺ کا تفکر ہر لمحے اپنے رب کے کلام کی حفاظت میں مصروف ہے اور چودہ
سو سال سے برابر حضور ﷺ کی امت میں ایسے لوگ آتے رہتے ہیں جو اس کلام کی روح لوگوں
میں پھونکتے ہیں اور اس کی حقیقت سے لوگوں کو آشنا کرتے رہتے ہیں۔
کلام پاک علومِ خداوندی کا ایک بحرِ ذخّار ہے۔
چودہ سو سال سے لوگ اپنی اپنی عقل کے مطابق اور زمانے کے شعور کے مطابق اس کے علوم
اور اس کی تفسیریں لکھ رہے ہیں۔ مگر ہر زمانے میں اس کے اندر کی روشنیاں ایک نیا
رنگ لے کر نمودار ہوتی ہیں اور سچ تو یہ ہے کہ اس حقیقت سے تو اللہ تعالیٰ نے پہلے
ہی اپنے بندوں کو آگاہ کر دیا ہے۔ سورۃ لقمان کی ۲۷ویں آیت ہے:
ترجمہ: ”اور اگر زمین میں جتنے بھی درخت ہیں
قلمیں بن جائیں اور سمندر سیاہی بن جائے اور اس کے علاوہ سات سمندر اسے مزید سیاہی
مہیا کریں پھر بھی ختم نہیں ہوں گی اللہ کی باتیں۔ بے شک اللہ سب پر غالب بڑا دانا
ہے۔“
قرآن حکیم کی جامعیت کا اندازہ تو صرف بسم اللہ
شریف سے ہی ہو جاتا ہے۔ بسم اللہ شریف پر غور و فکر کرنے سے تفکر کے دریچے ذہن میں
کھل جاتے ہیں اور ان دریچوں سے رسول پاک ﷺ کا تفکر ذہن کے پردے پر اپنے علوم کے
خاکے ڈسپلے کرتا ہے۔ بندہ تائیدِ غیبی اور رحمتِ محمدی ﷺ کی برکتوں سے یہ جان لیتا
ہے کہ بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے اپنی ذات اور صفات کا تعارف اپنے بندوں سے کرایا
ہے۔ اللہ اسمِ ذات ہے اور ذات کی تعریف رحمٰن اور رحیم اسمِ صفات کے ذریعے سے ہے۔
جب اللہ تعالیٰ نے اپنے آپ کو خلق میں ظاہر
کرنے کا ارادہ فرمایا تو سب سے پہلے ذاتِ باری تعالیٰ کی تجلیوں کا ظہور ہوا۔ جو
ذات کا عکس بن کر نظر کے سامنے آ گئیں۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں اللّٰهُ
السَّمِيْعُ اللّٰهُ الْبَصِيْرُ۔ پس پہچانے جانے کے
تفکر میں سب سے پہلے خود اللہ کی نظر اپنی ذات کی تجلیوں کو دیکھتی ہے۔ ذاتِ باری
تعالیٰ کی نظر اپنی ذات میں اسمِ رحمٰن اور اسمِ رحیم کی تجلیوں کا مشاہدہ کرتی ہے
اور اللہ تعالیٰ کے حکم پر اسمِ رحمٰن اور رحیم کی تجلیاں تجلی ذات کے پردے سے
باہر آ جاتی ہیں۔
اسمِ رحمٰن اللہ تعالیٰ کے حکم پر ذات کا آئینہ
بن جاتا ہے اور ذات کے اسرار و رموز، حکمتیں اور مشیتِ ایزدی اسمِ رحمٰن کے پردے
میں ظاہر ہو جاتی ہیں اور اسمِ رحیم کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کی تخلیقی صفات نظر
کے سامنے ظاہر ہو جاتی ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے حکم پر اسمِ رحمٰن اور اسمِ رحیم مل کر
اللہ تعالیٰ کے ارادے کی تکمیل کا کام شروع کرتے ہیں۔ سب سے پہلے اسمِ رحمٰن اور
رحیم کی تجلیاں ارادے کے پردے پر نازل ہوتی ہیں۔ ہر تجلی ایک ایک اسمِ الٰہی ہے۔
یہ تمام اسمائے الٰہیہ کی تجلیاں اللہ تعالیٰ
کے حکم پر ایک نقطے پر جمع ہو جاتی ہیں اور اس نقطۂ نور سے حقیقتِ محمدی ﷺ کا ظہور
ہوتا ہے۔ روحِ محمدی ﷺ وجود میں آتی ہے، ذاتِ باری تعالیٰ کو پہچاننے کا حق ادا
کرتی ہے اور اسمِ رحمٰن کے ذریعے درجۂ نبوت میں ذاتِ باری تعالیٰ کے اسرار و رموز اور
مشیتِ ایزدی کی حکمتوں کا مشاہدہ کرتی ہے اور اسمِ رحیم کے ذریعے درجۂ خلق میں
تخلیقی صفات کے فارمولوں کا مشاہدہ کرتی ہے اور ذات اور صفات کو پہچان کر ذاتِ
باری تعالیٰ کے قریب ترین ہو جاتی ہے۔
اسمِ رحمٰن اللہ تعالیٰ کے ان ناموں کا مجموعہ
ہے جن سے اللہ تعالیٰ کی ذات کی معرفت حاصل ہوتی ہے۔ معرفتِ ذات کے چالیس باب ہیں۔
ہر باب ایک درجۂ نبوّت ہے۔ درجۂ نبوّت کے عالمین اللہ تعالیٰ کے قرب میں لامکانیت
اور لازمانیت میں موجود ہیں جو ذات کی تجلیوں کے عالمین اور مقامِ لاہوت کہلاتے
ہیں۔ یہ تمام مقامات اللہ تعالیٰ کے پیغمبروں کے لیے مخصوص ہیں۔ کوئی بندہ اللہ
تعالیٰ کے فضل و کرم اور حضور پاک ﷺ کی رحمت سے آپ ﷺ کے وسیلے سے قربِ خداوندی
حاصل کرتا ہے اور یقیناً یہ بڑے نصیب کی بات ہے۔
حضور پاک ﷺ کے اندر کام کرنے والے تخلیقی
فارمولوں کے ذریعے کائنات وجود میں آتی ہے اور کائنات کا ذرہ ذرہ حضور پاک ﷺ کے
تفکر کا ترجمان بن کر اللہ تعالیٰ کو پہچاننے کا حق ادا کرنے میں کوشاں ہو جاتا
ہے۔ کائنات کو اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات سے متعارف کرانے کا پروگرام درجۂ نبوّت
میں پیغمبروں کے ذریعے عمل میں آتا ہے۔ تمام پیغمبران علیہم السلام کو دنیا میں بھیجے
جانے سے پہلے درجۂ نبوت کے اندر رکھ کر ان کی تعلیم و تربیت کی جاتی ہے اور پھر ان
کا نزول دنیا میں ہوتا ہے۔
کائناتِ عالم میں بے شمار ہماری جیسی دنیائیں
آباد ہیں۔ جہاں مخلوق رہتی ہے۔ اللہ کے بندے بستے ہیں۔ ان سب کی تعلیم و تربیت کا
انتظام پیغمبروں کے ذریعے کیا جاتا ہے۔ علم الاسماء کے علوم کا ایک باب اسمائے
الٰہیہ کے تخلیقی فارمولوں کے علوم ہیں۔ حضور پاک ﷺ کے دنیا میں تشریف لانے سے، آپ
ﷺ کی برکتِ خاص سے اللہ تعالیٰ نے دنیا پر فارمولوں کے علوم کا باب کھول دیا اور
قرآن پاک کے اندر اسمائے الٰہیہ کے تمام تخلیقی فارمولے بیان کر دیئے ہیں۔ جو لوگ
قرآن پاک کی آیتوں میں اللہ تعالیٰ کے قانون کے مطابق غور و فکر کرتے ہیں، اللہ
تعالیٰ ان پر اس کے علوم کھول دیتے ہیں۔
إِنَّآ أَعْطَيْنٰكَ الْكَوْثَرَ یعنی بے شک ہم نے آپ ﷺ کو کوثر عطا کیا ہے۔ کوثر سے مراد تخلیقی فارمولوں
کے علوم ہیں جو آدم کو سکھائے گئے۔ فارمولوں کے علوم کی وجہ سے ہی قرآن پاک کو
مکمل کتاب کہا گیا ہے۔ دوسری آسمانی کتابوں یا صحیفوں میں فارمولوں کے علوم نازل
نہیں کیے گئے بلکہ ان میں تاریخ یعنی دوسری قوموں کے عروج و زوال کے بیان، سزا و
جزا سے متعلق قوانین اور معاشرتی اصول کے قوانین بیان کیے گئے ہیں۔ فارمولا ہی شے
کی روح ہے۔ فارمولے کی تبدیلی شے کی تبدیلی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ قرآن کریم کی حفاظت کا قدرت کی
طرف سے پورا پورا بندوبست کیا گیا ہے۔ قرآن حکیم کے اندر ساری کائنات کی تخلیق کے
فارمولے موجود ہیں، جن کو جاننا تسخیرِ کائنات کے اصول ہیں، جو انسان کو ٹائم اینڈ
اسپیس کی پابندی سے آزاد کرتے ہیں۔ حضور پاک ﷺ کے فارمولوں کے علوم سے آگاہی اور
خلق پر ان علوم کو ظاہر کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ آپ ﷺ کے اندر تمام پیغمبران
علیہم السلام کے معجزوں کی روشنیاں کام کر رہی ہیں۔ جہاں جہاں آپ ﷺ نے ان معجزوں
کو ظاہر کرنا مناسب سمجھا وہاں پر آپ ﷺ کی ذاتِ پاک سے ایسے معجزے بھی ظہور میں
آئے جن کا مظاہرہ آپ ﷺ سے پہلے پیغمبروں کے ذریعے ہو چکا ہے اور حدیثِ صحیحہ کے
ذریعے اُن کے واقعات عوام الناس تک پہنچ چکے ہیں۔ ان میں سے چند واقعات ہم تحریر کرتے
ہیں۔ جو حضرت علامہ شیخ عبدالحق محدث دہلویؒ کی کتاب ”مدارج النبوّت“ سے نقل کیے
گئے ہیں۔
بیان کرتے ہیں کہ ایک مرتبہ حضور اکرم ﷺ اور
حضرت ابو طالبؓ ایک سواری پر سفر کر رہے تھے۔ ابو طالبؓ نے عرض کیا۔ اے بھتیجے
مجھے سخت پیاس لگی ہے اور میرے پاس پانی بھی نہیں ہے۔ حضور اکرم ﷺ سواری سے نیچے
اترے اور اپنا قدمِ مبارک زمین پر مارا۔ زمین سے پانی ابلنے لگا۔ فرمایا۔ اے چچا۔
لو پانی پیو۔
قارئین کو یاد ہوگا کہ حضرت موسیٰ علیہ السلام
کے معجزوں میں سے ایک معجزہ عصا کا چٹان پر مارنے سے پانی کے چشموں کا چٹان سے
ابلنا ہے۔ یہاں عصا کا کام حضور پاک ﷺ کا قدمِ مبارک کرتا ہے اور زمین سے پانی ابل
آتا ہے۔ سبحان اللہ آپ کے روئیں روئیں میں تجلیوں کا ظہور ہے۔
دوسرا واقعہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ چار سو صحابہؓ
کے ساتھ حدیبیہ کے کنویں پر تشریف لائے۔ اس کنویں سے پچاس بکریوں کو بھی پانی نہیں
پلایا جا سکتا تھا۔ صحابہؓ نے اس کنویں کا سارا پانی کھینچ لیا۔ اس میں ایک قطرہ
بھی باقی نہ رہا۔ اس وقت حضور پاک ﷺ اس کنویں کی ایک جانب تشریف فرما ہوئے۔ ڈول سے
پانی نکالا گیا۔ اس سے وضو فرمایا اور اپنے دہنِ مبارک کا پانی اس میں ڈالا اور
دعا فرمائی تو اسی وقت اس میں پانی جوش مارنے لگا اور سطحِ آب بلند ہو گئی۔ پھر
تمام صحابہؓ نے سیر ہو کر پیا اور اپنے اونٹوں کو بھی پلایا۔ ایک روایت میں ہے کہ
آپ ﷺ نے اپنے ترکش سے تیر نکالا اور کنویں میں تیر مارا تو پانی جوش مارنے لگا
یہاں تک کہ سب سیراب ہو گئے۔
حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ
غزوۂ تبوک میں جو حضور پاک ﷺ کا آخری غزوہ تھا، جب لوگ بھوک سے بے تاب ہونے لگے تو
حضرت عمر رضی اللہ عنہ نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ لوگوں کو حکم فرمائیے کہ جو
کچھ بچا کھچا ہے، جمع کر کے لائیں۔ اور حضور ﷺ ان پر دعائے برکت فرمائیں۔ فرمایا۔
ہاں ٹھیک ہے میں دعا کروں گا۔ چنانچہ جب حضور پاک ﷺ نے اعلان فرمایا تو لوگ بچا
کھچا توشہ لانے لگے۔ کوئی ایک مٹھی ستو لایا، کوئی روٹی کا ٹکڑا لایا۔
ایک شخص تھا جو ایک صاع (تقریباً ساڑھے چار
سیر) کھجوریں لایا۔ جب دسترخوان پر یہ تھوڑی سی چیزیں جمع ہو گئیں تو حضور پاک ﷺ
نے برکت کی دعا فرمائی۔ پھر حکم فرمایا۔ ”اپنا اپنا توشہ بھر لو۔“ تو لشکرِ اسلام
کا کوئی فرد ایسا نہ تھا جس کا توشہ دان نہ بھر گیا ہو۔ سب نے خوب شکم سیر ہو کر
کھایا۔ پھر بھی دسترخوان پر بچ رہا۔ ایک روایت کے مطابق اس لشکرِ تبوک میں ستر
ہزار لوگ تھے۔
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی Last supper یعنی
آخری کھانا کا واقعہ بھی اسی قسم کا ہے۔ جب حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے اپنے
حواریوں میں روٹی اور مچھلی تقسیم کی تھی۔ اس کی یاد میں عیسائی آج بھی Good
Friday مناتے ہیں۔ جو ایسٹر کا دن ہے۔ اس دن عام طور سے لوگ حضرت عیسیٰ علیہ
السلام کے اس معجزے کی یادگار کے طور پر مچھلی کھاتے ہیں اور گوشت سے پرہیز کرتے
ہیں۔
پانی اور طعام میں برکت کے بے شمار واقعات حضور
پاک ﷺ سے گزر چکے ہیں۔ جانوروں کے ساتھ کلام کرنے کے بھی کئی واقعات ہیں۔ جن میں
سے ایک اہم واقعہ ہم درج کرتے ہیں۔
امِ سلیمؓ سے روایت ہے کہ حضور اکرم ﷺ صحرا میں
گشت فرما رہے تھے کہ اچانک تین مرتبہ ”یا رسول اللہ“ کی آواز سماعت فرمائی۔ حضور ﷺ
اس آواز کی طرف متوجہ ہوئے۔ دیکھا کہ ہرنی بندھی ہوئی ہے اور ایک بدوی چادر اوڑھے
لیٹا ہے۔ آپ ﷺ نے ہرنی سے پوچھا۔ ”کیا حاجت ہے؟“ ہرنی نے کہا۔ ”مجھے اس بدوی نے
شکار کر کے باندھ رکھا ہے۔ پہاڑ کی کھوہ میں میرے دو بچے ہیں۔ اگر آپ اجازت دیں تو
انہیں دودھ پلا کر آ جاؤں گی۔“ حضور ﷺ نے فرمایا۔ ”کیا تو ایسا کرے گی اور لوٹ آئے
گی؟“ ہرنی نے کہا۔
”اگر میں لوٹ کر نہ آؤں تو خدا
مجھے وہ عذاب دے جو محصول لینے والوں پر عذاب کرتا ہے۔“ اس پر حضور پاک ﷺ نے اسے
رہا کر دیا۔ وہ چلی گئی۔ اور تھوڑی دیر بعد لوٹ آئی۔ اور حضور ﷺ نے اسے باندھ دیا۔
جب بدوی بیدار ہوا تو کہنے لگا۔ ”یا رسول اللہ ﷺ کوئی خواہش ہے؟“ فرمایا۔ ”خواہش
یہ ہے کہ تو اس ہرنی کو جنگل میں چھوڑ دے۔“ بدوی نے ہرنی کو رہا کر دیا۔ وہ خوشی
خوشی دوڑتی اور چوکڑیاں بھرتی چلی گئی۔
قرآن پاک میں حضرت سلیمان علیہ السلام کا
جانوروں کے ساتھ گفتگو کرنا اور ان کی بولی سمجھنے کا ذکر آیا ہے۔ جو ہم گزشتہ
صفحات میں بیان کر چکے ہیں۔ حضور اکرم ﷺ کے کئی واقعات ملتے ہیں جن میں اونٹ، گدھے
اور گوہ وغیرہ سے کلام کرنے کا ذکر ہے۔
اسی طرح اطاعتِ نباتات کے بھی کئی واقعات ملتے
ہیں جن میں سے ایک یہ ہے۔
حضرت بریدہ اسلمیؓ سے مروی ہے کہ ایک بدوی نے
رسول اکرم ﷺ سے معجزہ ظاہر کرنے کی خواہش کی۔ حضور ﷺ نے فرمایا۔ اس درخت سے کہہ کہ
رسول اللہ ﷺ تجھے بلاتے ہیں۔ اس درخت نے ادھر اُدھر اور آگے پیچھے جنبش کی اور
زمین سے اپنی پھیلی ہوئی جڑوں کو نکالا۔ پھر زمین کو چیرتا ہوا اور جڑوں کو
گھسیٹتا ہوا حضور ﷺ کے سامنے آ کھڑا ہوا اور کہنے لگا۔ ”اَلسَّلَامُ
عَلَيْكَ يَا رَسُوْلَ اللّٰهِ“ پھر بدوی نے کہا۔
اب اس درخت کو واپس لوٹ جانے کا حکم دیجئے تو وہ لوٹ کر اپنی جگہ واپس چلا گیا اور
اس کی جڑیں زمین میں پیوست ہو گئیں۔
اطاعتِ جمادات کے متعلق بھی واقعات حدیث شریف
میں ملتے ہیں۔
روایت ہے کہ رسول اکرم ﷺ نے اپنے چچا حضرت
عباسؓ بن عبدالمطلب سے فرمایا۔ ”کل تم اور تمہارے فرزند اس وقت تک گھر سے نہ نکلیں
جب تک کہ میں نہ آؤں۔ اس لیے کہ مجھے تم سے کام ہے۔ تم سب میرا انتظار کرنا۔“ حضور
پاک ﷺ نے نمازِ چاشت کے وقت ان کے گھر تشریف فرما ہو کر فرمایا۔ ”اَلسَّلَامُ
عَلَيْكُمْ وَرَحْمَةُ اللّٰهِ وَبَرَكَاتُهٗ“ دریافت کیا۔ کیسے صبح کی؟ انہوں نے عرض کی الحمد للہ صبح بخیر ہوئی۔
فرمایا تم سب مل کر بیٹھ جاؤ۔ اس کے بعد حضور ﷺ نے ان سب پر اپنی ردائے مبارک ڈالی
اور دعا کی۔
”اے رب! یہ میرے چچا ہیں اور
میرے والد کے ہم شبیہ ہیں۔ یہ سب میرے اہلِ بیت ہیں تو ان سب کو آتشِ دوزخ سے ایسا
چھپا جیسا میں نے ان کو اپنی چادر میں چھپا لیا ہے۔“ اس گھر کے ہر در و دیوار اور
ستونوں نے آمین کہی اور سب نے بھی آمین کہی۔
استنِ حنانہ کا واقعہ مسلمانوں میں کافی مشہور
ہے جو یہ ہے کہ منبر شریف کی تعمیر سے پہلے حضور اکرم ﷺ ایک کھجور کے تنے سے ٹیک
لگا کر خطبہ دیا کرتے تھے۔ منبر شریف کے بننے پر جب آپ ﷺ پہلے دن منبر پر خطبہ کے
لیے بیٹھے تو کھجور کے تنے سے زور زور سے رونے کی آوازیں آنے لگیں۔ جیسے وہ اونٹنی
روتی ہے جس کا بچہ اس سے جدا کر دیا گیا ہو۔ پھر حضور اکرم ﷺ نے اسے اپنے سے
چمٹایا اور فرمایا کہ اگر کہے تو تجھ کو ہرا بھرا کر دیا جائے تاکہ لوگ تیرا پھل
کھائیں اور اگر کہے تو تیرا ٹھکانہ جنت میں جما دیا جائے تاکہ محبوبانِ خدا تیرے
پھل کھائیں۔ درخت نے جنت میں رہنا گوارا کیا تو اسے منبر شریف کے نیچے دفن کر دیا
گیا۔
پہاڑ کا کلام کرنا اور لرزنا بھی روایات سے
ملتا ہے جس میں احد پہاڑ کا ایک مشہور واقعہ ہے کہ حضور اکرم ﷺ کے ساتھ حضرت عمرؓ،
حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عثمانؓ جبلِ احد پر تشریف لے گئے۔ جب یہ حضرات پہاڑ پر
چڑھنے لگے تو پہاڑ کانپنے لگا۔ حضور اکرم ﷺ نے پہاڑ کو پاؤں مار کر کہا۔ ”اے احد
اپنی جگہ قائم رہ۔ تجھ پر ایک نبی، ایک صدیق اور دو شہیدوں کے سوا کوئی نہیں۔“
پہاڑ اسی وقت ساکت ہو گیا۔
کنکریوں کا آپ ﷺ کے دستِ مبارک میں تسبیح کرنے
کا ذکر بھی کئی جگہ آیا ہے۔ جسے صحابہ کرامؓ نے بھی سنا۔
حضرت داؤد علیہ السلام کے ساتھ پہاڑوں اور
پرندوں کی تسبیح کا ذکر کلام پاک میں آ چکا ہے۔ شیرخوار بچوں کا بولنا اور شہادت
دینا بھی حدیثوں سے منقول ہے۔ نیز بیماریوں کو تندرست کرنے اور مردوں کو زندہ کرنے
کے بھی واقعات ملتے ہیں۔ ان میں سے غزوۂ خیبر کے دنوں میں حضرت علیؓ کے آشوبِ چشم
کا واقعہ کافی زبان زدِ عام ہے کہ غزوۂ خیبر میں حضرت علیؓ کو نہ پا کر آپ ﷺ نے انہیں
طلب فرمایا اور اپنا لعابِ دہن آپؓ کی آنکھوں میں ڈالا جس سے آپؓ کی دونوں آنکھیں
بالکل ٹھیک ہو گئیں اور پھر کبھی یہ تکلیف نہ ہوئی۔
اسی طرح حضرت جابرؓ کے فرزندوں کو زندہ کرنے کا
واقعہ ہے۔ جب حضور پاک ﷺ ان کے گھر مہمان بن کر گئے۔ حضرت جابرؓ نے ایک بکرا ذبح
کیا تھا۔ ان کے بڑے لڑکے نے یہ دیکھ کر کہ باپ نے کیسے بکرے کو ذبح کیا، اپنے
چھوٹے بھائی کو زمین پر لٹا کر اس کے گلے پر چھری پھیر دی۔ جب ان کی ماں نے یہ
صورتِ حال دیکھی تو دوڑ کر ان کی جانب آئیں۔ بچے نے ان کے خوف سے بالاخانے سے
چھلانگ لگا دی۔ وہ بھی مر گیا۔ پھر حضور اکرم ﷺ نے ان دونوں کو زندہ کر دیا۔
حضرت عیسیٰؑ کا مُردوں کو زندہ کرنا اور
بیماریوں کو شفا بخشنے کا ذکر کلام پاک میں ہے۔ اجابتِ دعا کے بے شمار واقعات ہیں
جن میں سے اعزازِ اسلام کی خاطر حضرت عمرؓ یا ابو جہل کے لیے دعا فرمانا ہے۔ آپ ﷺ
کی دعا حضرت عمرؓ کے حق میں قبول ہوئی اور وہ آپ ﷺ پر ایمان لائے۔ غرض یہ کہ سیرت
النبی ﷺ کا ہر واقعہ ایک معجزے سے کم نہیں ہے۔
حضور پاک ﷺ کا ہر فعل اللہ تعالیٰ کے امر کی
حرکت ہے۔ آپ ﷺ کے ذہن پر عالمِ امر کی تجلیاں اترتی ہیں اور آپ ﷺ شعوری طور پر ہر
دم اللہ تعالیٰ کے ساتھ محوِ کلام ہیں اور کائنات کا لاشعور آپ ﷺ کا شعور ہے۔ یہی
وجہ ہے کہ آپ ﷺ کی زندگی کا ہر فعل معجزے سے کم نہیں ہے اور آپ ﷺ کے اندر اللہ
تعالیٰ کا ہر حکم کام کر رہا ہے جس کی وجہ سے آپ ﷺ کی ذات سے تمام پیغمبروں کے
معجزوں کا ظہور ہوا ہے۔
ہم اوپر بیان کر چکے ہیں کہ معرفتِ ذات کے
چالیس باب ہیں اور ہر باب ایک درجۂ نبوّت ہے۔ پیغمبروں کی تعلیم و تربیت نبوّت کے
مختلف درجوں میں ہوئی ہے اور اسی اعتبار سے ان کے درجے مقرر ہیں۔ جیسا کہ سورۃ
بقرہ کی آیت ۲۵۳ میں ارشادِ خداوندی ہے۔
ترجمہ: ”یہ سب رسول ہیں۔ ہم نے فضیلت دی ہے بعض
کو بعض پر۔ ان میں کسی سے کلام فرمایا اللہ نے اور بلند کئے ان میں سے بعض کے
درجے۔“
ہر درجۂ نبوّت اللہ تعالیٰ کی مختلف صفات کے
علوم ہیں۔ روح اللہ تعالیٰ کا ایک جز ہے۔ روح کے اندر اللہ تعالیٰ کی صفات کام کر
رہی ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے روح کو ان کے علوم اسی قدر عطا کئے ہیں، جتنے اللہ نے روح
کو دینا چاہا۔ اللہ تعالیٰ نے روح کو کس طرح اور کن طریقوں پر اس کے اندر موجود
صفات کے علوم دیئے، یہ اللہ تعالیٰ کے ایسے اسرار ہیں جن کی تعلیم اللہ تعالیٰ نے
اپنے پیغمبروں کو نبوّت کے درجوں میں عطا فرمائی ہے اور اسی تربیت کے مطابق پیغمبر
ان دنیاؤں میں جا کر نوعِ انسانی کی اصلاح کے لیے کام کرتے ہیں۔
کائنات کی وسعت سے کس کو انکار ہو سکتا ہے۔ اس
وسیع کائنات میں انسانوں اور جنوں کی بے شمار آبادیاں ہیں۔ پیغمبروں کا نزول صرف
اسی دنیا تک محدود نہیں ہے۔ بلکہ کائنات کی مختلف دنیاؤں میں انہیں مبعوث کیا جاتا
ہے۔ جیسا کہ حضور پاک ﷺ کے لیے اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آپ ﷺ رحمت للعالمین ہیں۔
ظاہری بات ہے کہ جب آپ ﷺ دنیا میں موجود تھے، تب بھی آپ ﷺ کی رحمت سے دنیا کے
علاوہ دوسرے عالمین محروم نہ تھے۔ آپ ﷺ کی رحمت تمام عالمین کا احاطہ کئے ہوئے ہے
اور تمام عالمین آپ ﷺ کی رحمت سے اسی طرح فیضیاب ہوتے ہیں جیسے دنیا والے۔
درجۂ نبوّت میں پیغمبر علیہم السلام اللہ
تعالیٰ کے نائب اور خلیفہ ہونے کی حیثیت سے اللہ تعالیٰ کی صفات کا مظاہرہ اللہ
تعالیٰ کے حکم پر کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کی ایک صفت محیط ہے۔ پیغمبر جب اس صفت کے
دائرے میں اپنے کام کا ڈسپلے کرتے ہیں تو ان کا کام بھی سارے عالمین میں ڈسپلے ہو
جاتا ہے۔ اس اعتبار سے ایک پیغمبر کا بیک وقت کائنات کے مختلف عالمین میں موجود
ہونا سمجھ میں آتا ہے۔ اس کی مثال ہم اولیاء اللہ کی کرامت سے دیتے ہیں۔
حضور پاک ﷺ کی امت کے کئی اولیاء اللہ کے
واقعات میں یہ بات پایۂ ثبوت کو پہنچی ہے کہ یہ اولیاء بیک وقت ایک سے زیادہ جگہ
پر دیکھے گئے ہیں۔ زیادہ عرصہ نہیں گزرا۔ ناگپور کے بہت ہی مشہور ولی اللہ حضرت
بابا تاج الدین ناگپوریؒ جن کے وصال کو تقریباً ساٹھ سال کا عرصہ گزرا ہے اور آج
بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو آپ کی زیارت سے مشرف ہو چکے ہیں، ان کے متعلق بھی یہ
بات کافی مشہور ہے کہ وہ کئی مرتبہ ایک سے زیادہ مقامات پر دیکھے جا چکے ہیں۔
اولیاء اللہ پیغمبروں کے نائب بن کر ان کے حکم
کے دائرے میں اپنی صفات کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ مگر پیغمبران علیہم السلام کا رابطہ
براہِ راست اللہ تعالیٰ کے ساتھ ہے۔ روح اللہ تعالیٰ کا ایک حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ
کی تمام صفات روح کے اندر موجود ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کی مصلحت ہے کہ وہ جز کو کل
کے کتنے علوم عطا کرتا ہے۔ روح اللہ تعالیٰ کے بحرِ وحدانیت کا ایک قطرہ ہے۔ قطرہ
جب سمندر سے جدا ہوتا ہے تو وہ ایک قطرے کی حیثیت سے پہچانا جاتا ہے۔ اگرچہ قطرے
کے اندر سمندر ہی کا پانی ہے اور جب یہ قطرہ سمندر میں مل جاتا ہے تو سمندر کی
حرکت قطرے کی حرکت بن جاتی ہے اور وہ خود سمندر کے نام سے پہچانا جاتا ہے۔
یہی حال روح کا ہے۔ وہ روحِ اعظم جس کی روشنی،
جس کی رحمت، جس کا علم ساری کائنات کا احاطہ کئے ہوئے ہے، اس روحِ اعظم کو ایک فرد
کیسے کہا جا سکتا ہے جب کہ ساری کائنات اس روحِ اعظم کی آغوشِ رحمت میں ہے۔ ساری
کائنات اس کا ملک ہے۔ وہ اپنے ملک کی بادشاہ ہے۔ جہاں چاہے سیر کرے اور جس لباس
میں چاہے اپنے آپ کو خلق پر ظاہر کرے۔ اس کا اصل مقام وہی ہے جس کا ادراک کل نے جز
کو بخشا ہے اور یہ مقامِ محمود ہے۔
مقامِ محمود حضور پاک ﷺ کا مقام ہے۔ جس میں
اللہ اور اس کے محبوب ﷺ کے درمیان کوئی راز نہیں ہے۔ گویا سمندر کی حرکت ہی قطرے
کی حرکت ہے۔ وہاں لا کا سوال ہی نہیں ہے۔ سب کچھ اللہ ہے۔ لا ایسے انوار ہیں جو
وحدانیت کا تعارف کراتے ہیں۔ تعارف وہاں ہوتا ہے جہاں اجنبیت ہوتی ہے۔ محبوبیت کے
درجے میں سوائے عشق کے اور کچھ نہیں ہوتا اور عشق وہ نظر ہے جو اللہ اپنے محبوب ﷺ
کی جانب ڈالتا ہے۔ یہی نظر رنگ بن کر محبوبِ دو جہاں ﷺ کی رگِ جاں سے نکل کر سارے
عالمین میں بکھر جاتی ہے۔
رنگ و بو کا یہ عالم عشقِ حقیقی کی کتنی
داستانیں اپنے اندر چھپائے ہوئے ہے۔ کبھی کسی لمحے کا ادراک کسی کے ذہن کے پردے پر
ماضی کے سرگم چھیڑ دیتا ہے اور انسان کا شعور وقت کی لہروں میں بہتا ہوا اس ازلی
لمحے میں جا پہنچتا ہے۔ جہاں وہ دیکھ لیتا ہے کہ ہر شے کا منبعِ حقیقی سوائے اللہ
تعالیٰ کی ذات کے اور کوئی نہیں۔ اس کا تفکر کائنات کے ذرے ذرے میں نت نئے رنگ بھر
رہا ہے اور اسی کی نظر ان رنگوں کو جمالِ حسن سے آراستہ کر رہی ہے۔ اس کی ممتا سے
بھری آغوش اپنے نادانوں کو اپنی گود میں سمیٹ لیتی ہے۔
ہر قوم کے لیے اپنے پیغمبر کا عشق اللہ تک
پہنچنے کا ایک راستہ ہے۔ پیغمبر اللہ تعالیٰ کے محبوب ہیں۔ وہ اللہ سے محبت رکھتے
ہیں اور اللہ ان سے محبت رکھتا ہے۔ جب کوئی بندہ اپنے پیغمبروں سے محبت رکھتا ہے
اور انہیں اللہ تعالیٰ تک پہنچنے کا ذریعہ سمجھتا ہے تو وہ پیغمبروں کی محبت کی
وجہ سے ان کی فکر سے قریب ہوتا چلا جاتا ہے اور جس طرح پیغمبر اپنے رب سے محبت
رکھتے ہیں، اس عشق کا پرتو بندے کے اوپر پڑتا ہے۔ عشقِ حقیقی وحدانیت کے سمندر کی
ایک موج ہے۔
یہ موج آہستہ آہستہ اسے پھر دوبارہ وحدانیت کے
سمندر کی جانب دھکیلتی ہے۔ جب تک خود موج عشق نہیں بن جاتی سمندر اسے اپنی آغوش
میں نہیں لیتا۔ موج میں موج ملنا ضروری ہے تاکہ دوئی کی بو نہ رہے۔ جب تک انسان
اپنی ذات کی نفی نہیں کرتا وہ وحدانیت کا سراغ نہیں پا سکتا۔ ہر شے اللہ تعالیٰ کے
دریائے وحدانیت میں ڈوبی ہوئی ہے۔ عشق کی کشش دریا کی تہہ سے شے کو باہر نکال دیتی
ہے اور ہر شے دریا سے بچھڑ کر دریا سے ملنے کی جستجو میں سرگرداں ہو جاتی ہے۔
تب دریا کے خواص اس پر ظاہر ہونے لگتے ہیں اور
شے کو یہ علم ہو جاتا ہے کہ اس کی اپنی ذات کا انحصار دریا پر ہے۔ دریا سے بچھڑ کر
اس کی حقیقت ایک ماہیِ بے آب سے زیادہ اور کچھ نہیں ہے۔ پانی سے دور مچھلی آخر کب
تک زندہ رہ سکتی ہے۔ پس وہ اپنی نیستی سے ذاتِ حق کی ہستی کو پہچانتی ہے۔ پیغمبر
علیہ السلام دریائے عشق کی ایک موج ہیں۔
جب تک بندہ اس موج میں اپنے آپ کو ڈبو نہیں
لیتا وہ سمندر میں نہیں داخل ہو سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ
کوئی قوم ایسی نہیں ہے جس میں ہم نے رسول نہ بھیجے ہوں۔ ہر قوم کے لیے ایک رہبر،
ایک ہادی آ چکا ہے جو اسے قدم قدم چلا کر اپنے رب سے قریب کرتا ہے۔ پیغمبروں کا
تفکر خود ایک معجزہ ہے جس کی روشنی مبارک دنیا پر چھائی ہوئی ہے۔ ہزاروں اور
سینکڑوں سال گزرنے کے بعد بھی اس روشنی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔
جب بھی کوئی فرد سچے دل سے اور راست نیتی کے
ساتھ اس نور کی طرف راغب ہوتا ہے، اس کا رابطہ اس کے ساتھ قائم ہو جاتا ہے اور ان
کے تفکر کی روشنی بندے کی فکر کے ساتھ مل کر اس کی حاجت پوری کرنے کا سامان کر
دیتی ہے۔ اس میں پیغمبروں کی قبروں اور ان کے تبرکات سے برکت حاصل کرنا بھی شامل
ہے۔ جیسا کہ تابوتِ سکینہ کے متعلق سورۃ بقرہ کی آیت ۲۴۸ میں ہے۔
ترجمہ: ”اور کہا انہیں ان کے نبی نے کہ اس کی
بادشاہی کی نشانی یہ ہے کہ آئے گا تمہارے پاس ایک صندوق۔ اس میں تسلی (کا سامان)
ہوگا تمہارے رب کی طرف سے۔ اور بچی ہوئی چیزیں ہوں گی جنہیں چھوڑ گئی ہے اولادِ
موسیٰؑ اور اولادِ ہارونؑ۔ اٹھا لائیں گے اس صندوق کو فرشتے۔ بے شک اس میں بڑی
نشانی ہے تمہارے لیے اگر تم ایماندار ہو۔“
آج تقریباً ہر مسلمان اس بات پر یقین رکھتا ہے
کہ حضور پاک ﷺ کے روضۂ مبارک پر حاضری دینے سے دعائیں قبول ہوتی ہیں۔ اسی طرح لوگ
بصد احترام و عقیدت آپ ﷺ کے موئے مبارک کی زیارت کرتے ہیں اور اس کے ذریعے سکون و
تسلی حاصل کرتے ہیں۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ پیغمبروں کی ہر شے کے اندر پیغمبر کا
تفکر کام کر رہا ہے۔
جب کوئی بندہ پیغمبر کی چھوڑی ہوئی کسی شے کی
زیارت کرتا ہے یا ان کے روضۂ مبارک پر حاضری دیتا ہے تو دراصل شے کے باطن میں کام
کرنے والی روشنیوں سے اس کا رابطہ قائم ہو جاتا ہے۔ شعور ایک خلاء ہے۔ اس خلاء کے
اندر لاشعور کی روشنیاں جمع ہو جاتی ہیں۔ جن کی انرجی سے شعور کام کرتا ہے۔ انسان
کو یہ اختیار ہے کہ وہ اپنے ارادے سے شعور کے اندر روشنیاں ذخیرہ کر سکتا ہے۔
چنانچہ جب پیغمبروں کے ساتھ رابطہ قائم ہو جاتا ہے تو لاشعور کا رابطہ پیغمبر کے
ساتھ قائم ہو جاتا ہے اور لاشعور کی روشنیاں شعور میں آتی ہیں۔
جس پر شعور حرکت کرتا ہے تو لاشعور کے ذریعے
پیغمبر کی روشنیاں شعور کی حرکت بن جاتی ہیں اور اس کی ضرورت کے سامان پیدا کرتی
ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پیغمبروں کے پردہ فرمانے کے بعد بھی ان کے نور سے خلقِ
خدا کو فائدہ پہنچتا رہتا ہے اور پیغمبران علیہم السلام عالمِ امر کا ایک ستارہ یا
چاند یا سورج ہیں کہ جس کی روشنی امرِ ربی کو زندگی کی انرجی بخشتی ہے۔ اسی لیے
اللہ تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کو چاند، سورج اور ستارہ کہا ہے۔