Topics
مغرب کی نماز کے دوران اچانک یہ بات ذہن میں
آئی کہ درود شریف کے اسرار کیا ہیں۔ اللہ تعالیٰ اپنے کلام پاک میں فرماتے ہیں۔
”اے مسلمانو حضور پاک ﷺ پر درود اور سلام بھیجو۔ فرشتے بھی حضور پاکؐ پر درود اور
سلام بھیجتے ہیں اور اللہ تعالیٰ خود بھی حضورؐ پر درود اور سلام بھیجتے ہیں۔“ ذہن
میں آیا کہ جس فعل کو اللہ تعالیٰ نے اپنے لیے لازم قرار فرمایا ہے یقیناً اس کی
کوئی بہت ہی خاص وجوہات ہوں گی۔ انہی خیالات کے ساتھ میں مغرب کی نماز ختم کر کے
روٹی پکانے میں مشغول ہو گئی۔
ذہن مسلسل اسی نکتے پر اٹکا رہا۔ پہلے خیال آیا
کہ حضور پاکؐ پر اللہ تعالیٰ کے اور مخلوق کے درود شریف بھیجنے سے حضور پاکؐ کی
عزت و توقیر میں اضافہ ہوتا ہے۔ مگر اگلے ہی لمحے ذہن نے اس خیال کو رد کر دیا کہ
حضور پاکؐ کی عزت میں اضافے یا کمی کا کوئی سوال ہی نہیں ہے۔ آپؐ تو اللہ تعالیٰ
کا نورِ اوّل ہیں۔ باعثِ تخلیقِ کائنات ہیں۔ مخلوقات میں سب سے افضل ہیں۔ اللہ
تعالیٰ کے محبوب ہیں۔ آپؐ کے درجات تو اللہ تعالیٰ کے علم میں محفوظ ہیں۔
جو درجات اللہ تعالیٰ نے آپ کے لئے مقرر فرمائے
ہوئے ہیں ان میں کمی بیشی نہیں ہو سکتی۔ کسی کے درود شریف پڑھنے نہ پڑھنے سے آپؐ
کی عزت و توقیر اور درجات میں کیا فرق آ سکتا ہے۔ آپؐ تو محبوبِ خدا ہیں اور محبوب
کے لئے عاشق کا دل و جان حاضر ہے۔ پھر خیال آیا کہ درود شریف بھیجنے سے حضور پاکؐ
کے درجات کا مخلوق کی نظر میں اندازہ کرانا مقصود ہے۔
جب انسان یہ دیکھتا ہے کہ خود اللہ تعالیٰ حضور
پاکؐ پر درود و سلام بھیج رہے ہیں تو چونکہ اللہ تعالیٰ کا تصور انسان کے ذہن میں
سب سے زیادہ بزرگ و برتر ہستی اور خالق کی حیثیت سے ہے تو انسان کی طرزِ فکر میں
یہ آتا ہے کہ جس ہستی پر اللہ تعالیٰ خود درود بھیج رہا ہے اس کا درجہ اللہ تعالیٰ
کے نزدیک تمام مخلوق میں سب سے افضل ہوگا۔ اس طرح درود بھیجنے سے اللہ تعالیٰ کا
منشاء مخلوق کو اس بات سے آگاہ کرنا ہے کہ حضور پاکؐ ہی تمام مخلوقات میں سب سے
افضل ترین ہستی ہیں۔
اس خیال پر میرا دل کچھ مطمئن ہو گیا۔ میں نے
روٹی پکاتے پکاتے درود شریف پڑھا۔ اسی لمحے دیکھا کہ سامنے حضور پاکؐ ایستادہ ہیں۔
آپؐ کے پرنور چہرے پر مسکراہٹوں کی روشنی پھیلی ہوئی ہے۔ ایک لمحے کے لیے میں دم
بخود رہ گئی۔ میرا ہاتھ، میرا ذہن سب کچھ رک گیا۔ آٹے کا پیڑا ہاتھ سے نیچے رکھ کر
میں نے نہایت ادب سے ہاتھ باندھ لیے اور سر کو جھکا دیا۔ حضور پاکؐ نے مسکرا کر
فرمایا۔ ”بیٹی ہم تمہارے اس خیال سے بہت خوش ہیں۔“ آپؐ کی زبان سے یہ کلمات سن کر
میرے شعور میں آہستہ آہستہ حرکت پیدا ہوئی اور میں نے اپنے حواس کو مجتمع کر کے
عرض کیا۔
”یا رسول اللہؐ۔ میرے لیے دعا
فرمائیے۔“ آپؐ نے فرمایا۔ ”بیٹی ہماری دعائیں ہر وقت تمہارے ساتھ ہیں۔“ اتنا فرمانے
کے بعد آپؐ میری نگاہ سے روپوش ہو گئے۔ میں نے درود شریف پڑھا۔ اسی لمحے دیکھا کہ
درود شریف کی روشنی نور کی ایک دھار کی شکل میں نہایت تیزی سے سفر کرتی ہوئی حضور
پاکؐ تک پہنچ گئی۔ حضور پاکؐ اس روشنی کو دیکھ کر میری جانب متوجہ ہو گئے۔
اس مشاہدے کے ساتھ ہی میرے ذہن میں نہایت تیزی
سے خیالات آنے لگے۔ جیسے کوئی غیبی آواز بول رہی ہو کہ درود شریف کے اسرار یہی نور
کی دھار ہے۔ نور کی یہ لہر ایک خاص تناسب رکھتی ہے۔ جب درود پڑھا جاتا ہے تو نور
کی یہ لہر فوری سفر کرتی ہوئی حضور پاکؐ تک پہنچ جاتی ہے۔ اس طرح حضور پاکؐ پڑھنے
والے کی جانب متوجہ ہو جاتے ہیں اور اس کے دلی مقاصد جان کر اس کی دعائیں قبول
فرماتے ہیں۔ جس کو عام طور پر لوگ درود شریف کی برکت کہتے ہیں۔ یعنی برکت لہروں یا
نور کی شعاعوں کی فریکوئنسی کا نام ہے۔ درود شریف روشنی کی وہ لہر یا لائن ہے جس
کا کنکشن حضور پاک ﷺ سے ملتا ہے۔