Topics

محمد رسول اللہ ﷺ (حصہ سوم)


 

حضور پاک ﷺ کے اوپر نبوّت ختم ہو جاتی ہے اور آپ ﷺ کے بعد پیغمبروں کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے۔ آسمانی کتابوں کی شکل میں علم کا ایک مکمل نصاب ہمارے پاس موجود ہے۔ ہمیں اس تحقیق کی ضرورت ہے کہ پیغمبران علیہم السلام جس مشن کو لے کر بھیجے گئے تھے نوعِ انسانی اس مشن کی کامیابی میں کس حد تک معاون ثابت ہوتی ہے اور اس مشن کو جاری رکھنے کے لیے کیا اقدام کرتی ہے۔ اس کے لیے ایک بار پھر ہمیں موجودہ دنیا کے آغاز سے چلنا ہوگا۔ حضرت نوح علیہ السلام کے زمانے میں جب کہ دنیا از سرِ نو آباد کی گئی اور موجودہ دنیا چونکہ حضرت نوح علیہ السلام ہی کی بسائی ہوئی ہے، اس لیے حضرت نوح علیہ السلام کو آدمِ ثانی بھی کہا جاتا ہے۔

ساری دنیا کی تباہی اور معاشرتی وسائل کی بربادی کے باوجود نسلِ انسانی کثرت و نمود کی جانب بڑھتی رہی۔ پیغمبروں کے واقعات اور قوموں کے عروج و زوال کے قصے پڑھ کر یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ نسلِ انسانی کی بقا اور شعور کی نشوونما کے لیے مخصوص طرزِ فکر کا ہونا ضروری ہے۔ یہ مخصوص طرزِ فکر وہی ہے جس سے دنیا کا آغاز کیا جاتا ہے۔ کلام پاک میں دنیا کے آغاز میں دو ہستیوں کے نام دیئے گئے ہیں۔ ایک حضرت آدم علیہ السلام، دوسرے حضرت نوح علیہ السلام۔

یہ دونوں ہستیاں اللہ تعالیٰ کے مقرب بندے و پیغمبر تھے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ پیغمبر کی طرزِ فکر وہ روشنی ہے جس کے اندر نسلِ انسانی کی بقا اور شعور کی نشوونما کا راز پوشیدہ ہے۔ انبیاء کی طرزِ فکر وحدانیت پر ایمان لانا ہے اور اپنی طرف آنے والی ہر شے کے خیر و شر کو اللہ تعالیٰ کی جانب سے جاننا ہے۔ یہ سب کچھ صرف اسی وقت ہو سکتا ہے جب بندہ وحی کی طرزوں سے آشنا ہو۔ اور وحی کے ذریعے اس کا تعلق نقطۂ توحید کے ساتھ ہر دم وابستہ ہو۔

ہر پیغمبر پر اللہ تعالیٰ کی جانب سے وحی نازل ہوتی تھی اور ان کے سب کام اللہ تعالیٰ کے حکم کے مطابق ہوتے تھے۔ آج پیغمبروں کی طرزِ فکر، ان کے معجزے، ان کی تعلیمات کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے یہ ضروری ہے کہ ان کے نقطۂ نظر کو اپنایا جائے۔ اور نقطۂ توحید کی حقیقت کو جاننے کی کوشش کی جائے۔ نقطۂ توحید ذات کا وہ نقطہ ہے جو نوعِ انسانی کی تخلیق کا منتہا ہے اور نوعِ انسانی کی تخلیق کا مقصد ایک ہی ہو سکتا ہے۔ صفتِ وحدانیت ذاتِ باری تعالیٰ کی ایک صفت ہے۔

بندے کا تعلق اللہ تعالیٰ کی ذات سے اسی صفت کے ذریعے ہے۔ یہ تجلی ذات کا عالم ہے۔ جس کا ہر ذرہ ذات کا ایک عکس ہے۔ انسان کے تمام شعور اور تمام حواس اس عالم میں گم ہو جاتے ہیں اور ذات کی فکر اپنے منتہا پر پہنچ کر جمالِ حق سے ہم آغوش ہو جاتی ہے۔ تب عکس فنا ہو کر صرف ذاتِ حق باقی رہ جاتی ہے اور یہی وہ نقطۂ توحید ہے جس کے ساتھ پیغمبروں کا وحی کے ذریعے رابطہ قائم رہتا ہے۔ وحی تجلی کا شعور ہے۔ انسان کے اندر ضمیر کے مقام پر یہ حواس پائے جاتے ہیں۔

ضمیر کی آواز حق کی آواز ہے۔ جو شعور کی انرجی ہے۔ صرف یہی وہ روشنیاں ہیں جو انسان کی بقا کو قائم رکھنے والی ہیں۔ تجلی کا شعور روح کا شعور ہے اور تجلی ذات کا ایک جز ہے۔ روح تجلی کے اندر اپنی ذات کا شعور ہے۔ اس شعور کی بقا روحانی علوم کے سوا اور کوئی نہیں ہے اور روحانی علوم وہ علوم ہیں جو انبیاء علیہم السلام دنیا میں لے کر آئے اور وہ نظامِ حکمت ہیں جن کی قرآن پاک میں وضاحت کی گئی ہے۔ دنیا میں نسلِ انسانی کا آغاز اللہ تعالیٰ کے پیغمبر سے ہوتا ہے۔

جو توحید کی روشنی میں نسلِ انسانی کا بیج بوتا ہے۔ یہ بیج پھوٹ کر پودا بن جاتا ہے۔ جب بھی اس پودے کے مرجھانے کا احتمال ہوا، اس میں پیغمبروں کے ذریعے مزید روشنی ڈال دی گئی۔ یا پودے کو مٹا کر نیا پودا لگا دیا گیا۔ اب جب کہ یہ پودا درخت بن چکا ہے۔ اس کی بقا کے لیے ایک نظام مقرر کر دیا گیا تاکہ یہ خود اپنی توانائی مقررہ مقدار میں حاصل کرے۔ پیغمبروں کا تفکر زبانِ حال سے پکار رہا ہے کہ انسانی تخلیق کا مقصد ایک ہی ہے۔ نوعِ انسانی کا منتہائے حیات ایک ہی ہے۔ سب کے سفر کا راستہ ایک ہی ہے۔ جو اس ڈگر سے ذرا سا بھی ہٹا وہ گم کردہ راہ ہو گیا اور قدرت اس کی طرف سے بے نیاز ہے۔

پیغمبروں کے معجزے تجلی کی روشنی ہیں۔ جس کے اندر ذات کی فکر کام کر رہی ہے۔ اس روشنی میں انسانی شعور بتدریج ارتقائی منازل طے کر رہا ہے۔ حضور پاک ﷺ کے بعد اب تک ذہنِ انسانی میں شعور تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ یہ ہمارے سامنے ہے۔ تسخیرِ کائنات کے دروازے ہم پر کھول دیئے گئے ہیں۔ غیب کی وہ روشنیاں جن میں لاشعور کے خاکے تھے، آج مشاہدے میں آ چکے ہیں۔ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ یہ مادی ترقی ہے۔ حالانکہ اگر یہ روحانیت سے رشتہ جوڑ لیں تو یہ ترقی اس سے کہیں تیز رفتاری کے ساتھ عمل میں آ سکتی ہے۔

مادہ لاشعور کی مشین کا بنایا ہوا ہے۔ روح کی فکر کے خاکے جب مادے میں ڈھل جاتے ہیں تو آنکھ اسے دیکھتی ہے۔ قدرت کا قانون ہے کہ جب وہ اپنی نعمتوں کے خزانوں کا منہ کھول دیتی ہے اور انسان پر تسخیرِ کائنات کے اسرار کھلنے لگتے ہیں۔ تب اگر وہ ذاتِ واحد کو چھوڑ کر دنیا کی طرف لگ جائے تو اسے توحید کے راستے سے ہمیشہ کے لیے ہٹا دیا جاتا ہے۔ قرآنِ پاک کی آخری سورتوں میں قیامت کا ذکر کثرت سے بیان کیا گیا ہے۔ قیامت سے ڈرانے کی وجہ یہی ہے کہ نوعِ انسانی اپنی طرزِ فکر کو درست رکھے۔

کائنات کی تعمیر میں اللہ تعالیٰ کی صفتِ ربوبیت کام کر رہی ہے۔ صفتِ ربوبیت مخلوق کی پرورش اور پالنے کی ذمہ داریاں ہیں۔ یہ تمام تر خدمتِ خلق ہے اور باری تعالیٰ اپنی مخلوق کی خدمت میں ہمہ وقت مصروف ہے۔ جو بندے اس کے کام میں اس کے شریک رہتے ہیں وہ انہیں اپنی نعمتوں سے نوازتا ہے اور اپنی آغوش میں سمیٹتا ہے اور جب بندے نسلِ انسانی کو مٹانے اور اس کی مخلوق کے درپے آزار ہو جاتے ہیں تو وہ انہیں اپنا دشمن جان کر نیست و نابود کر دیتا ہے۔

پیغمبروں کی زندگی اور ان کے کاموں کی طرف دیکھیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ہر پیغمبر کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ ایک پختہ عہد ہے کہ وہ اس کی صفتِ ربوبیت کا مظہر بن کر اس کی مخلوق کی خدمت میں میں کسی قسم کی کوتاہی نہ ہونے دے گا اور اللہ کے دوستوں نے اپنی دوستی کا حق خوب نبھایا۔ اپنی جان، مال، آبرو، ہر شے اس کی راہ میں قربان کر دی۔ تب ہی اپنے نفس کی فنا کے بعد انہوں نے ذاتِ حق کے ساتھ بقا پائی اور ایک ایسی ابدی حیات انہیں مل گئی جس سے ان کی جان، مال، آبرو ہر شے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے محفوظ ہو گئی۔

معجزوں کے ظہور میں قدرت کا جو قانون کارفرما ہے، اس کے اصول پیغمبروں کی سیرت میں نمایاں طور پر دکھائی دیتے ہیں۔ معجزے کا پہلا اصول توحیدِ ربانی پر یقینِ مستحکم ہے۔ دوسرا اصول وحی کے ذریعے ذاتِ حق کے ساتھ رابطہ قائم ہونا ہے۔ تیسرا اصول وحی کی طرزوں کو سمجھنا ہے۔ جس کو کلام پاک کی زبان میں ”شرحِ صدر“ کہا گیا ہے۔ چوتھا اصول اپنی ذات سے فنا اور حق سے باقی رہنا ہے تاکہ احکامِ الٰہی کی تجلی روح کے تمام لطائف سے گزر کر لطیفۂ نفسی کی حرکت بن جائے اور نفس کا ہر فعل اللہ تعالیٰ کے امر کی حرکت بن جائے۔

روح کو اللہ تعالیٰ نے امرِ ربی کہا ہے۔ روح کی حیات اللہ تعالیٰ کے امر کی تجلی ہے۔ یہ تجلی روح کی رگِ جاں سے گزرتی ہے۔ روح کے چھ مراکز ہیں۔ جہاں امرِ ربی کی تجلی کا نزول اور اس کی حرکت کا ریکارڈ کیا جاتا ہے۔ تصوّف میں انہیں روح کے لطائف کہا جاتا ہے۔ جن کے نام اخفیٰ، خفی، سر، روح، قلب اور نفس ہیں۔ امرِ ربی کی ہر تجلی کا نزول اخفیٰ میں ہوتا ہے اور پھر یہ روشنی تمام لطائف سے گزر کر نفس میں آ کر حرکت میں تبدیل ہو جاتی ہے۔

معجزے کا قانون یہ ہے کہ امرِ الٰہی کی تجلی کو اپنے ارادے سے حرکت میں لانا ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ بندے کے ارادے کی حرکت کی اسپیڈ بھی اللہ تعالیٰ کے امر کی اسپیڈ کے مساوی ہو۔ تب ہی بندے کا ارادہ اللہ تعالیٰ کے ارادے اور امر کے ساتھ حرکت کر سکتا ہے۔ گویا امرِ ربی کی تجلی کی اس رو کو جو نارمل شعور کی رفتار سے ہزاروں گنا زیادہ ہے، اس تجلی کو اپنے ارادے سے اپنی رگِ جاں سے کھینچ کر باہر نکالنا ہے۔ تجلی کی رو کی تیز رفتاری ہی اس کی قوت و حرکت کی ضامن ہے۔

جب ارادے اور تجلی کی رو کی رفتار ایک برابر ہو تب ہی ارادے کے پردے پر اس کا ڈسپلے تجلی کی قوت و حرکت کا فعل گنا جائے گا اور نارمل شعور سے ہٹ کر ہوگا۔ پس معجزے کا بھی یہی قانون ہے اور اس کو روح پھونکنے کا عمل بھی کہا گیا ہے۔ روح امرِ ربی ہے اور روح کے لطیفۂ اخفیٰ میں اللہ تعالیٰ کے امر کا مکمل ریکارڈ ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کے علمِ کائنات کی فلم ہے۔ اس کی ہر تجلی کائنات کی روح ہے۔ اسی کو فارمولوں کے علوم بھی کہتے ہیں۔

اس روح کو اپنی رگِ جاں سے کھینچ کر اپنے ارادے کی روشنی سے حرکت میں لانا روح پھونکنے کا عمل ہے جس کے علوم پیغمبروں کو عطا کئے گئے ہیں۔ امتِ محمدی ﷺ میں ایسے لوگ پیدا ہوتے رہتے ہیں جو پیغمبروں کی وساطت سے ان کے علوم کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ جسے کرامت کہتے ہیں۔ کرامت معجزے کی ذیلی صورت ہے۔ دونوں میں ایک ہی قانونِ فطرت کام کر رہا ہے۔ معجزے یا کرامت کو ہم اللہ تعالیٰ کے علم کے سوا اور کچھ نہیں کہہ سکتے۔ علم ہی اپنے خدوخال اور شکل و صورت کے ساتھ سامنے آ جاتا ہے اور مشاہدے کے بعد پھر علم کے خانے میں جاگزیں ہو جاتا ہے۔

علم کا یہی خانہ انسان کا حافظہ یا اخفیٰ ہے۔ جہاں ازل سے ابد تک ہر شے علمِ کائنات کی صورت میں محفوظ ہے۔ یہاں سے علمِ حضوری کی داغ بیل پڑتی ہے۔ علمِ حضوری کو روحانی علوم یا علمِ لدُنّی بھی کہتے ہیں۔ یہ علم کو حاصل کرنے کا براہِ راست طریقہ ہے۔ جو روح پھونکنے کے عمل کے ذریعے حاصل ہوتا ہے۔ علمِ حضوری سیکھنے کا یہ طریقہ ازل سے سینہ بہ سینہ چلا آ رہا ہے اور یہی وہ طریقہ ہے جو ایک امّی کو کائناتِ عالم کا سب سے بڑا عالم بناتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کے سینے میں اپنے علم کی روح پھونکی ہے۔ اور آدم علیہ السلام کے ذریعے اس علم کی اشاعت کا نظام تمام عالمین میں جاری ہے۔ علمِ حضوری سیکھنے کے لیے ہی روحانی سلسلوں کی داغ بیل پڑی ہے۔ ایک روحانی مرشد کا یہ عمل بھی کسی کرامت سے کم نہیں ہے کہ وہ اپنی روح کے اندر سے علم کی روشنیاں کھینچ کر اپنے مرید کے لطائف میں بھرتا ہے۔ علم کی روشنی روح کی حیات ہے۔ گویا مرشد اپنی رگِ جاں سے حیات کی توانائی نکال کر اپنے مرید کی مردہ روح کو زندگی بخشتا ہے۔ یہ ایسا ہی ہے جیسے کسی جاں بہ لب شخص کے اندر اپنا خون ڈال کر اسے پھر دوبارہ زندگی کی لذتوں سے ہمکنار کر دیا جائے۔

تمام پیغمبروں کا دنیا میں بھیجے جانے کا مقصد اللہ تعالیٰ کے علوم کی روشنیوں سے لوگوں کی مردہ روحوں کو زندگی بخشنا ہے۔ وہ لوگ جنہوں نے اپنے پیغمبروں کی ہدایتوں کو مان کر ان پر عمل کیا وہ درجات میں تمام ولیوں سے بڑھ گئے اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور حواری کہلائے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کی برات قبول کی گئی اور براہِ راست پیغمبروں کے ذریعے انہیں علوم حاصل ہوئے۔ کیا یہ تمام پیغمبروں کا مشترک معجزہ نہیں ہے کہ ان کی قوم کو ان کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کے علوم پہنچائے گئے۔

آج جب کہ دنیا میں مختلف مذاہب کے پیروکار بستے ہیں، ان سب کا ایک جھنڈے تلے آنا ممکن نظر نہیں آتا۔ مگر روحانیت جو حقیقت ہے یہ کسی فرقے سے تعلق نہیں رکھتی۔ روح تو ہر مخلوق کے اندر موجود ہے۔ بغیر روح کے کسی ذرے کے وجود کا گمان بھی نہیں ہو سکتا۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ نسلِ انسانی اپنے اپنے پیغمبروں سے عشق کے درجے میں محبت کرے اور ان کی روح سے رابطہ قائم کرے اور ان کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرے تو سب کی منزل ایک ہی ہو جائے گی۔

کیونکہ ہر پیغمبر حق تعالیٰ کا دوست اور حبیب ہے۔ دوست کے ذریعے سے ہی دوست تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے اور روح کے ذریعے سے ہی روح تک رسائی ممکن ہے۔ روح اللہ تعالیٰ کا امر ہے اور امر اللہ تعالیٰ کا ایک جز ہے۔ پس روحانیت کی سیڑھی کے سوا اور کوئی زینہ اللہ تعالیٰ تک پہنچنے کا نہیں ہے۔

جب لوگ جسمِ حیوانی کی زندگی اور اس کی توانائی پر اپنی تمام قوتیں خرچ کر دیتے ہیں تو وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ جسمِ حیوانی کی زندگی بھی روح کی حیات کے ساتھ ہے۔ کیونکہ روح کے تمام لطائف ہی انسان کی ہر ایک زندگی کا شعور ہے۔ اپنی روح سے غفلت برتنے والے خود اپنی حیات سے رشتہ توڑتے ہیں اور اپنی جان پر ظلم کرتے ہیں۔

مادی ترقی کے اس دور میں علم کا حصول آسان کر دیا گیا ہے۔ حصولِ علم کے لیے ایک کارآمد نصاب اور ایسے مشاہداتی تجربات سامنے آ چکے ہیں جو روحانیت سے دلچسپی رکھنے والوں کو اس راستے کا سراغ دکھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ قرآن مجید اور دوسری آسمانی کتابوں میں غور و فکر کرنے سے باطن کے دروازے کھلتے ہیں اور شے کے حقائق سامنے آتے ہیں۔ تعجب اس بات کا ہے کہ حصولِ علم کی اس قدر آسانی کے باوجود بھی دن بدن لوگوں کی اخلاقی حالت تباہ ہوتی چلی جا رہی ہے۔

یہ اپاہج معاشرہ کوڑھی اور برص زدہ لوگوں کو جنم دے رہا ہے اور راہِ حق سے بھٹکی ہوئی روحوں کے لیے مشعلِ حق کی ضرورت ہے تاکہ دلوں کو یہ یقین آ جائے کہ حق آ چکا ہے اور باطل تو ختم ہونے کے لیے ہی ہے۔ آج کے بڑوں کو خود ذاتِ حق سے رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی اولاد کی نشوونما اور پرورش کے لیے صحت مند فضا مہیا کر سکیں۔ ورنہ جیسے جیسے دنیا کا روحانی اقتدار دم توڑتا چلا جائے گا، مادیت کا عروج فنائیت کی طرف تنزل کرتا چلا جائے گا۔

یہاں تک کہ دنیا کی روح دم توڑ دے گی۔ انسان کی تخلیق کا مقصد اللہ تعالیٰ کی نیابت و خلافت کو حاصل کرنا ہے۔ جب انسان باوجود اس کے کہ اس کے پاس اللہ تعالیٰ کی کھلی ہوئی نشانیاں آ چکی ہیں، اپنے آپ کو کسی طرح اس ذمہ داری کے اٹھانے کا اہل ثابت نہ کر سکے تو ایسے انسانوں سے اللہ تعالیٰ کی ذات بے نیاز ہے۔ وہ اندھے ہوں یا لنگڑے ہوں، ان کے ذہن ٹھیک کام کریں یا نہ کریں انہیں قدرت ان کے حال پر چھوڑ دیتی ہے۔ یہ جان لینا ضروری ہے۔

روح اللہ تعالیٰ کا ایک جز ہے اور اس جز کو کبھی فنا نہیں۔ موت اور قیامت اس شعور کی ہے جو روح کے اندر کام کرتا ہے۔ اشرف المخلوقات کے اعزاز سے معزولی ہی انسانی شعور کے لیے قیامتِ عظمیٰ ہے۔ جس کا صدمہ انسان کی برداشت سے باہر ہوگا اور اس کے انسانی حواس مسلسل اس جانکنی کو برداشت کرتے کرتے معطل ہو جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ قیامت ظاہری دنیا کی تباہی و بربادی سے کہیں زیادہ ہے۔

کیونکہ اس سے انسان کی تخلیق کا مقصد فوت ہو جاتا ہے۔ اسی لیے اللہ تعالیٰ نے بار بار قسمیں کھا کھا کر انسان کی توجہ اپنے کلام کی گہرائیوں میں جھانکنے کی طرف دلائی ہے کہ اس کے حقائق سے تمام نوعِ انسانی غافل ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم نے کائنات کی کسی شے کو عبث نہیں بنایا ہے۔

یعنی کائناتِ عالم کا ہر جز اور ہر ذرہ اور ہر فرد کسی نہ کسی خاص کام کے لیے پیدا کیا گیا ہے۔ اگر وہ اس کام کا اہل اپنے آپ کو ثابت نہ کر سکے تو قدرت کے لیے وہ ناکارہ ہے۔ پھر قدرت کی حدود میں اس کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ قدرت اپنی حدود میں کسی قسم کی نافرمانیوں کو قبول نہیں کرتی۔ آج ہر زمانے سے زیادہ نسلِ انسانی کو اپنی بقا کے لیے اس نظامِ توحید کی ضرورت ہے۔ جس کے اصول قرآنی صفحات میں ملتے ہیں۔ ورنہ کون جانتا ہے کہ کتنی روحیں سکون کی تلاش میں بھٹکتی پھریں گی اور کتنے انسان خود انسان کی تخریب کاریوں سے گھبرا کر غاروں میں چھپتے پھریں گے۔ آج ہمارے نصاب میں روحانیت کی ضرورت ہے تاکہ پریشان ذہن ایک مرکزیت پر اکٹھے ہو جائیں۔

روحانیت کے سوا اور کوئی ذریعۂ تعلیم نہیں جس کے ذریعے انسان پر خود اپنی ذات کی حقیقت آشکار ہو۔ روحانیت یعنی علمِ حضوری کے ذریعے جب اپنی روح سے رابطہ قائم ہو جاتا ہے تو انسان یہ جان لیتا ہے کہ وہ کون ہے؟ کہاں سے آیا ہے؟ کس مقصد کے لیے پیدا کیا گیا ہے؟ اور اس کی منزل کیا ہے؟ یعنی علمِ حضوری کے ذریعے ازل سے لے کر ابد تک کی معلومات حاصل ہو جاتی ہیں۔ ازل اور ابد اللہ تعالیٰ کا دائرۂ کن ہے۔ جب اللہ تعالیٰ نے کن کہا تو ساری کائنات وجود میں آ گئی یعنی روحیں وجود میں آ گئیں۔ وجود میں آنے کے بعد انسانی روح دس زندگیاں گزارتی ہے۔

۱۔ عالمِ ارواح: یہ وہ مقام ہے جہاں روحیں موجود ہیں۔

۲۔ مقامِ برزخ: جب شکمِ مادر میں آنے کے لیے روح نیچے اترتی ہے۔

۳۔ عالمِ ناسوت: موجودہ دنیا جہاں پیدائش کے بعد روح جسمانی طور پر دنیاوی شعور کے ساتھ زندگی گزارتی ہے۔

۴۔ عالمِ اعراف: مرنے کے بعد کا عالم۔

۵۔ عالمِ نفخِ صور: اعراف کے بعد جہاں روحیں منتقل ہوتی ہیں۔

۶۔ عالمِ حشر نشر: نفخِ صور کے بعد جب انسان جسمانی حالت میں اُٹھے گا۔ اسی کو قیامت کا دن کہا گیا ہے۔

۷۔ عالمِ یوم الحساب: جب اللہ تعالیٰ حساب کتاب لیں گے۔

۸۔ جنت و دوزخ: حساب کتاب کے نتیجے میں بندہ یا تو جنت میں جائے گا یا دوزخ میں۔

۹۔ ابد: کن کے بعد کا مقام جہاں کائنات تخلیق کے بعد موجود تھی۔

۱۰۔ ابد الآباد: وہ مقام جہاں کن سے پہلے اللہ تعالیٰ کے ذہن میں کائنات کی تصویر تھی۔

ان تمام زندگیوں میں روح کے مختلف حواس کام کرتے ہیں۔ حواس کی منتقلی کا نام ہی موت ہے۔ موجودہ دنیا میں حواس فرد کے اندر محدود رہ کر کام کرتے ہیں۔ جو دو رخوں میں کام کرتے ہیں۔ ایک کو خیر کہا گیا ہے۔ دوسرے کو شر کہا گیا ہے۔ دونوں طرح کے اعمال حواس کے اندر ریکارڈ ہوتے رہتے ہیں۔

جب انسان اس دنیا سے انتقال کر جاتا ہے تو دنیاوی حواس مغلوب ہو جاتے ہیں اور قلب کے حواس غالب آ جاتے ہیں۔ قلب کے حواس جسمِ مثالی کے حواس ہیں۔ جو نیند کی حالت میں خواب میں غالب آ جاتے ہیں۔ اس وقت دنیا کی زندگی کا تمام ریکارڈ نظر کے سامنے آ جاتا ہے اور انسان دیکھ لیتا ہے کہ دنیاوی زندگی میں جن کاموں کی صلاحیت اس کے اندر رکھی گئی تھی، اس نے کس حد تک ان صلاحیتوں کے ساتھ کام لیا ہے۔ اعراف کی زندگی میں خواب کے حواس غالب آ جائیں گے تو خواب کی دنیا ہماری شعوری زندگی ہوگی اور پھر عالمِ حشر نشر میں جب انسان جسمانی حالت میں اٹھے گا تو روح کے حواس تمام حواس پر غالب آ جائیں گے۔

روح کے حواس کو ضمیر کے مقام پر محسوس کیا جا سکتا ہے۔ اس وقت انسان کی نظر کے سامنے اعمال کے دونوں ریکارڈ آ جائیں گے۔ انسان یہ بھی جان لے گا کہ اس کے اندر کون کون سی صلاحیتیں کام کر رہی ہیں اور یہ بھی دیکھ لے گا کہ اس کی کون کون سی صلاحیتیں کام نہیں کر رہیں۔ عالمِ یوم الحساب میں روح کے اندر جو جو صلاحیتیں کام نہیں کر رہیں، ان کے تقاضوں کا ریکارڈ مٹا دیا جائے گا اور صرف ان صلاحیتوں کا ریکارڈ باقی رہے گا جن سے روح کام لیتی ہے اور جن کے تقاضے روح کے اندر پیدا ہوتے ہیں۔

عالمِ حشر نشر یا قیامت اور عالمِ یوم الحساب سے انسان کو خبردار کرنے اور ڈرانے کا مدعا یہی ہے کہ اپنے ارادے سے روح کی صلاحیتیں بیدار کی جائیں۔ روح کی صلاحیتیں ہمارے مخفی حواس ہیں۔ جیسے جیسے ہم ان مخفی حواس کو بیدار کرتے جاتے ہیں، ہمارے اندر مختلف قسم کے تقاضے پیدا ہوتے ہیں۔ تقاضا علم ہے اور یہ روشنی جو شعور میں آتی ہے، عمل یا حرکت بن جاتی ہے۔ انسان کے حواس اگر اعلیٰ کردار میں کام کرتے ہیں تو ان تقاضوں کا عمل حواس کی اعلیٰ سطحوں پر ریکارڈ ہوتا ہے۔

جس کو کلام پاک میں اعلیٰ علیین کہا گیا ہے۔ اگر حواس کے ان تقاضوں کا مظاہرہ شعور کی نچلی سطحوں میں کام کرتا ہے تو اس کا ریکارڈ اسفل میں ہوتا ہے۔ اگر انسان کے مسلسل حواس کسی ایک ہی رخ پر کام کئے جائیں تو اس کے ذہن کا ایک پیٹرن بن جاتا ہے۔ اگر حواس اعلیٰ کردار کا مظاہرہ کرتے رہیں تو انسان کے اندر وہ صلاحیتیں ختم ہو جاتی ہیں جو انسان کے اندر غلط قسم کے تقاضے پیدا کرتی ہیں۔ اس طرح اگر مستقل طور پر غلط اعمال اور حرکات کرتا رہے تو وہ صلاحیتیں جو اعلیٰ علیین کے تقاضے پیدا کرتی ہیں، وہ تمام صلاحیتیں ختم ہو جاتی ہیں اور رفتہ رفتہ ایک ایسا وقت آ جاتا ہے کہ پھر ہمیشہ کے لیے انسان کے وہ حواس جو ان عالمین میں کام کرتے ہیں، ختم ہو جاتے ہیں۔

پھر انسان کبھی بھی ان عالمین کے اندر اللہ تعالیٰ کی نعمتوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکے گا۔ اسی کو اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ ہم نے ان کے قلوب پر مہر لگا دی ہے۔ یہ قرآن پاک کا کمال ہے کہ اس کے ذریعے سے نوعِ انسانی کو عمل کی ایسی راہیں مل جاتی ہیں جو اللہ تعالیٰ کی پسندیدہ ہیں۔ جن کو اختیار کر کے وہ ہر رنج و غم سے ہمیشہ کے لیے آزاد ہو جاتا ہے۔ روح کے لیے وہ گھڑی قیامت ہے جس دم روح کی آنکھ کھل جائے گی۔

اس کے حواس بیدار ہو جائیں گے اور وہ اپنے آپ کو جان لے گی کہ میں کیا کیا کر سکتی ہوں؟ میں کہاں ہوں؟ میرا مقام، میرا ٹھکانہ کہاں ہے؟ انسان فطری طور پر راحت اور سکون کا متلاشی ہے۔ حشر کے دن جب روح کا شعور غالب آئے گا تو یہ شعور ہمیشہ قائم رہے گا۔ اس وقت اگر انسان اپنے آپ کو اپنے اعمال کے ریکارڈ کی اسفل سطح میں پائے گا تو وہ یہ جان لے گا کہ وہ ابد تک کے لیے راحت و سکون سے دور ہو گیا جو اللہ کے سوا اور کہیں نہیں ہے۔

حواس کا اعلیٰ کردار فرشتوں کا تفکر ہے۔ جو پاکی اور تقدس پیدا کرتا ہے اور حواس کی سب سے نچلی سطح ابلیس کا تفکر ہے۔ جو انسان کو حیوان کے درجے میں کھڑا کر دیتا ہے۔ حضور پاک ﷺ نے اپنی امت کو روح کے ان علوم سے متعارف کرایا ہے جو علوم آپ ﷺ سے پہلے پیغمبروں نے لوگوں پر عام نہیں کئے تھے۔ یہ علوم ذاتِ باری تعالیٰ کی معرفت ہیں۔ جو نبوّت کے علوم ہیں۔ اعلیٰ علیین نبوّت کے درجات کے حواس ہیں۔ پیغمبروں میں یہ علوم علمِ نبوّت کہلاتے ہیں اور اولیاء اللہ کو جب یہ علوم حاصل ہوتے ہیں تو انہیں علومِ لدُنّی کہا جاتا ہے۔

علومِ لدُنّی کا شعور حواس کا اعلیٰ ترین مقام ہے۔ یہ حضور پاک ﷺ کی رحمت اور آپ ﷺ کی برکتِ خاص ہے کہ انسان کے اوپر ان علوم کے دروازے کھل چکے ہیں۔ قرآنِ پاک کی صورت میں حضور پاک ﷺ ہمارے لیے تمام عالمین کی کنجیاں چھوڑ گئے ہیں۔ جس بندے کی نظر قرآنِ پاک کے الفاظ کے باطن میں اللہ کی تجلیوں کا مشاہدہ کرتی ہے، وہ بندہ علم کے ان دروازوں میں داخل ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے کلام کی حقیقت کو پا لیتا ہے اور مرنے کے بعد وہ اپنے حواس اور روح کے شعور کے ساتھ ان عالمین کو دیکھے گا اور اللہ تعالیٰ کی ان نعمتوں سے لطف اندوز ہوگا جو اللہ تعالیٰ نے اپنے بندے کے لیے مخصوص کی ہیں۔

ان تمام نعمتوں میں سب سے بڑی نعمت دیدارِ الٰہی ہے۔ جس کا اللہ پاک نے اپنے بندوں سے وعدہ فرمایا ہے۔ حضور پاک ﷺ کا سب سے عظیم ترین معجزہ یہ ہے کہ آپ ﷺ کی برکتوں سے آپ ﷺ کے خادموں کے اندر اللہ تعالیٰ کی نظر و بینائی منتقل ہو جاتی ہے اور یہ نظر کائنات کے ذرے ذرے میں اللہ تعالیٰ کی تجلیوں اور اس کی صفات کے رنگوں کا مشاہدہ کرتی ہے۔ بندہ اللہ کی نظر سے اللہ کو دیکھتا ہے۔ اور اللہ کے تفکر سے اللہ کو پہچانتا ہے۔ اللہ کی نظر ساری کائنات پر محیط ہے۔

بندہ جب اللہ تعالیٰ کی عطا کردہ بینائی سے دیکھتا ہے تو اس کی نظر بھی صفتِ محیط کے دائرے میں کام کرتی ہے اور بندہ اس دائرے میں اللہ تعالیٰ کی ساری کائنات کو دیکھتا ہے اور اس کے علوم حاصل کرتا ہے۔ وہ کائنات کی ہر شے کو اللہ تعالیٰ کے علم میں محفوظ دیکھتا ہے۔ خواہ وہ ماضی کے گزرے واقعات ہوں یا مستقبل میں آنے والے حالات ہوں۔ ہزاروں لاکھوں سال کا زمانہ سمٹ کر اللہ تعالیٰ کے علم کا ایک نقطہ بن جاتا ہے۔

جب نظر اس نقطے کی گہرائی میں کام کرتی ہے تو ایک لمحہ ساری کائنات کو محیط ہو جاتا ہے۔ یہی ایک لمحہ حقیقتِ محمدی ﷺ کی تفسیر ہے اور اسی نقطے میں ازل سے ابد تک ساری کائنات بند ہے۔ خود حضور پاک ﷺ کی ذاتِ پاک ایک ایسا معجزہ ہے جس کے اندر نظرِ خداوندی ساری کائنات کا مشاہدہ کرتی ہے۔ یہی نظر انسان کی معراج ہے اور اس کو حاصل کر لینا انسانیت کا کمال ہے۔ جس کا دروازہ عشقِ حقیقی کا باب ہے۔ حضرت سرمد شہیدؒ کیا خوب فرماتے ہیں:

سرمد غمِ عشق بوالہوس را نہ دہند

سوزِ دلِ پروانہ مگس را نہ دہند

عمرے باید کہ یار آید بکنار

ایں دولتِ سرمد ہمہ کس را نہ دہند


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی