Topics

کلمہ طیّبہ

 

ہمارے یہاں بچہ جیسے ہی بولنا شروع کرتا ہے تو عام طور پر اُسے کلمہ سکھایا جاتا ہے اور جب یہی بچہ اپنی دنیاوی زندگی کے سفر کو طے کر کے اگلے سفر کی تیاری کے لئے موت کے مرحلے میں داخل ہوتا ہے تو پھر اُسے کلمہ یاد دلایا جاتا ہے اور کلمہ پڑھنے کی تلقین کی جاتی ہے۔ گویا دُنیاوی شعور کے آغاز سے انجام تک کلمے کو ایک بنیادی حیثیت حاصل ہے اور مرتے دم تک یہی کوشش رہتی ہے کہ آدمی اس بنیاد پر قائم رہے۔

ایمان اور ایقان کا تقاضہ بھی یہی ہے کہ کلمے کی اہمیت کو اس کی حکمتوں کے ساتھ سمجھا جائے تاکہ جس شعور کا آغاز اس دنیا سے ہوا ہے، اس شعور کی بنیادیں اتنی مضبوط ہو جائیں کہ وہ شعور زمین سے آسمان تک اور جسم سے روح تک زندگی کے ہر سفر میں اپنے خالق کو پہچان لے۔

روحانی بزرگوں کے تذکروں میں کہیں کہیں یہ ذکر ملتا ہے کہ جب وہ بزرگ کلمے کا پہلا حرف ”لا“ زبان سے ادا کرتے تھے تو دیکھنے والے کی نگاہ سے دنیا کی ہر شے پوشیدہ ہو جاتی اور دماغ میں آنے والی تمام اطلاعات کا رابطہ ٹوٹ جاتا، زندگی کی حرکت موت کے سکوت میں بدل جاتی۔

جب وہ ”الا اللہ“ کہتے تو شعور سے زندگی کا رابطہ بحال ہو جاتا اور عدم کے اندھیرے میں چھپنے والی کائنات پھر سے ظہور کے پردے پر موجود ہو جاتی۔

سچ تو یہ ہے کہ ہر ذی روح عدم کی دہلیز کو پار کر کے ظہور کے پردے پر وجودی حیثیت سے نمودار ہوا ہے!

”لا“ کُن سے پہلے اللہ کی معرفت ہے اور ”الا اللہ“ کُن کے بعد اللہ تعالیٰ کی معرفت ہے۔ لا اور الا اللہ کے درمیان محمد رسول اللہ ﷺ عدم کی حقیقتوں کے اسرار و رموز کے امین ہیں۔ اپنے محبوب ﷺ کے آئینے میں حق نے جو رونمائی کی ہے، وہ اللہ کے محبوب ﷺ کی کائنات ہے۔ حقیقتِ محمدی ﷺ کا آئینہ ازل سے ابد تک اپنی کائنات کی عکاسی کر رہا ہے۔

لا اور الا اللہ کے درمیان محمد رسول اللہ ﷺ نہ ہوتے تو کائنات عدم کے پردے سے ظہور میں نہ آتی۔ سیاہ بادل کے پردے سے بجلی کی چمک باہر نہ نکلتی تو بجلی کو کون جانتا کہ سیاہ بادل اپنے پردے میں بجلیوں کے کیسے کیسے خزانے چھپائے ہوئے ہے۔

لا کے پردے میں چھپے ہوئے الا اللہ کے خزانے کا جمال کائنات کی روحِ اعظم ہے۔ اس روحِ اعظم کے ادراک کے پھیلاؤ کا ہر دائرہ ایک ایک پیغمبر علیہ السلام کا عالم ہے۔

روحِ اعظم رحمت للعالمین ﷺ ہیں!

اللہ تک پہنچنے کے بے شمار راستے ہیں۔ ہر راستے پر ایک پیغمبر ایستادہ ہیں۔ راستہ اللہ کی فکر کا نور ہے۔ اس نور کے تجسس کی صورت پیغمبر ہے۔ جو مسافر بن کر نور کی حقیقتوں کو نور کے پردوں میں کھوجتے رہتے ہیں اور کائنات کا ذرّہ ذرّہ اُن سے روشنی حاصل کرتا رہتا ہے۔

اللہ تعالیٰ نے تمام پیغمبران علیہم السلام کو بشری شعور عطا فرمایا ہے۔ جس طبعی شعور کے ساتھ تمام پیغمبران علیہم السلام کی تخلیق کی گئی ہے وہی طبعی شعور بنی نوعِ انسانی کو بشری شعور کی جانب رہنمائی کرنے کا سبب ہے۔ اس طرح تمام پیغمبران علیہم السلام بنی نوعِ انسانی کے اندر بشری تقاضوں کی فیڈنگ کرتے ہیں۔

انسانی عقل و شعور کا بنیادی تقاضہ علم ہے۔ اللہ کے نائب پیغمبران علیہم السلام، اللہ تعالیٰ کے ودیعت کردہ علوم کے خزانے اور دفتر ہیں اور اللہ پاک کی اجازت سے انسانی عقل و شعور میں اپنے افکار کی روشنیاں انسپائر کرتے ہیں تاکہ بشری عقل و شعور اپنے روحانی تقاضوں سے آشنا ہو کر اُس روحِ اعظم کے ساتھ وابستہ ہو جائے جو تمام ارواح کو اپنے خالق اور اپنے رب سے متعارف کرانے کا وسیلہ ہے۔

اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں کلمہ طیبہ کا ذکر ان الفاظ میں کیا ہے۔

ترجمہ: کیا آپ نے ملاحظہ نہیں کیا کہ کیسی عمدہ مثل بیان کی ہے اللہ تعالیٰ نے کہ کلمہ طیبہ، ایک پاکیزہ درخت کی مانند ہے۔ جس کی جڑیں بڑی مضبوط ہیں اور زمین آسمان تک پہنچی ہوئی ہیں۔ وہ دے رہا ہے اپنا پھل ہر وقت۔ اپنے رب کے حکم سے اور بیان فرماتا ہے اللہ تعالیٰ مثالیں لوگوں کے لئے۔ تاکہ وہ خوب ذہن نشین کر لیں۔ (سورۂ ابراہیم ۲۴۔۲۵)

کلمہ کی مزید تعریف درج ذیل آیات میں بیان کی گئی ہے۔ ان تمام آیات کی روشنی میں کلمہ کی حقیقت اور حکمتوں کو جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں توفیق عطا فرمائے۔

ترجمہ: ”جب کہا فرشتوں نے اے مریم! اللہ تعالیٰ بشارت دیتا ہے تجھے ایک کلمہ منہ کی اپنے پاس سے۔ اس کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہوگا۔ معزز ہوگا دنیا اور آخرت میں اور مقربین سے ہوگا اور گفتگو کرے گا لوگوں کے ساتھ گہوارے میں بھی اور پکی عمر میں بھی اور نیکوکاروں میں سے ہوگا۔“ (سورۂ آل عمران ۴۵۔۴۶)

ترجمہ: ”اے اہلِ کتاب نہ غلو کرو اپنے دین سے۔ اور نہ کہو اللہ تعالیٰ کے متعلق مگر سچی بات۔ بے شک مسیح عیسیٰ پسرِ مریم تو صرف اللہ کے رسول ہیں اور اس کا کلمہ۔ جسے اللہ نے پہنچایا تھا مریم کی طرف۔ اور ایک روح اس کی طرف سے۔ پس ایمان لاؤ اللہ اور اس کے رسولوں پر۔“ (سورۂ النساء ۱۷۱)

ترجمہ: ”جب فرمائے گا اللہ تعالیٰ اے عیسیٰ بن مریم! یاد کرو میرا انعام اپنے پر اور اپنی والدہ پر۔ جب میں نے مدد فرمائی تمہاری روح القدس سے۔ باتیں کرتا تھا تُو لوگوں سے پنگھوڑے میں اور جب پکی عمر کو پہنچا اور جب سکھائی میں نے تمہیں کتاب اور حکمت اور تورات اور انجیل اور جب تُو بناتا تھا کیچڑ سے پرندے کی صورت میرے اذن سے۔ پھر پھونک مارتا تھا اُس میں تو وہ بن جاتا تھا پرندہ میرے اذن سے اور تُو تندرست کر دیا کرتا تھا مادر زاد اندھے کو اور کوڑھی کو میرے اذن سے اور جب تُو زندہ کرتا تھا مُردوں کو میرے اذن سے۔“ (سورۂ مائدہ۔ ۱۱۰)

مندرجہ بالا پہلی آیات میں اللہ تعالیٰ نے کلمہ طیبہ کی تعریف ایک عمدہ مثال کے ساتھ بیان فرمائی ہے۔ اس مثال میں کلمہ طیبہ کو ایک پاکیزہ درخت کہا گیا ہے۔ درخت کی جڑیں، اُس کا تنا، اُس کی شاخیں، اُس کے پتے، پھول پھل... سب درخت کے اعضاء ہیں۔ جب الگ الگ جُز کا تذکرہ ہوتا ہے تو ہر جز اپنی شناخت کے لئے الگ الگ نام سے پکارا جاتا ہے۔ مگر جب کُل کا ذکر ہوتا ہے تو وہ ”درخت“ یعنی ایک نام سے پکارا جاتا ہے۔ ایک نام اپنے اندر پوشیدہ تمام ناموں کا احاطہ کرتا ہے۔

یہ پاکیزہ درخت جس کے تمام اعضاء نہایت ہی مضبوط و توانا ہیں اور اس کا پھیلاؤ زمین سے آسمان تک ہے۔ اس کے لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے یہ حکم ہے کہ وہ مسلسل اور مستقل اپنا پھل ہر وقت دیتا رہے۔ وہ اللہ تعالیٰ کی اجازت سے اپنی ذمہ داریوں کو پوری طرح نبھا رہا ہے تاکہ اللہ تعالیٰ کا رزق اس کی مخلوق تک پہنچتا رہے۔ رزق کی تقسیم کائنات میں اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کا نظام ہے۔ جو پردۂ وجود پر آنے والی تمام مخلوق کو زندگی کی قوت بخشنے والا ہے۔ مخلوقِ خدا کی زندگی کی تمام قوتوں اور تقاضوں کو قائم اور جاری و ساری رکھنے کا نام حیات ہے اور اُس کا اسمِ الٰہی ”رب“ ہے۔ جو رب العالمین ہے۔

اللہ تعالیٰ اس آیت میں کلمہ طیبہ کو پاکیزہ درخت کی مثال دے کر یہ فرما رہے ہیں کہ کلمہ طیبہ وہ ہے جس کا تعلق اللہ تعالیٰ کے ربوبیت کے نظام سے ہے، وہ رب کی اجازت سے اپنے رب کے عطا کردہ وسائل کی تقسیم کا وسیلہ ہے اور ربوبیت کے نظام کا ایک نہایت ہی اہم رکن ہے۔ اہم رکن ہونے کی وجہ سے اس کے اوپر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ جو رب نے اس پر ڈالی ہیں۔ اس ذمہ داری کو اپنے رب کے ارادے و منشاء کے مطابق احسن طریقے سے سنبھالنے کے لئے اسے رب کی جانب سے تحفظ حاصل ہے تاکہ وہ اپنے کاموں کو جب تک اللہ چاہتا ہے مسلسل اور مستقل طور پر ادا کرتا رہے۔

اب ہمیں یہ دیکھنا ہے کہ زمین سے آسمان تک پھیلے ہوئے اس پاکیزہ درخت کی اصل کیا ہے۔ درخت کی اصل اُس کا بیج ہے۔ بیج کے بغیر درخت کا وجود ناقابلِ تذکرہ ہے۔ گویا سارا درخت خواہ اُس کا پھیلاؤ آسمان تک ہی کیوں نہ ہو، اس کے ایک بیج میں بند ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ یہ مثالیں لوگوں کے لئے بیان کی گئی ہیں تاکہ وہ ان میں غور و فکر کریں اور اپنی عقل و شعور میں ان مثالوں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی حکمتوں کو خوب اچھی طرح ذہن نشین کر لیں۔ اس طرح لوگوں کے عقل و شعور اللہ تعالیٰ کے نور سے روشن ہو جائیں گے۔ یوں وہ جہالت کے اندھیروں میں بھٹک کر اپنے اوپر ظلم کرنے سے بچ جائیں گے۔

دوسری آیت میں اللہ تعالیٰ حضرت مریمؑ کو کلمہ منہ کی بشارت دیتے ہیں کہ ہم یہ نعمت تمہیں خاص اپنے پاس سے عطا کرتے ہیں۔ حضرت مریمؑ کا ذکر بائبل اور قرآن دونوں میں موجود ہے۔ ان کی تعلیم و تربیت حضرت زکریا علیہ السلام نے کی اور آپؑ نے دنیا سے دور رہ کر ہیکلِ سلیمانی میں بچپن سے قیام کیا اور صرف اللہ تعالیٰ کی عبادت و ریاضت اپنے اوپر فرض کر لی۔ حضرت زکریا علیہ السلام کی روحانی تربیت نے آپؑ کی ذات کو اس قدر پاکیزہ بنا دیا کہ جس کی شہادت خود اللہ پاک اپنے کلام میں دیتا ہے اور آپؑ کو کلمہ منہ عطا فرمانے کے لئے منتخب کیا جاتا ہے۔

پاکیزہ درخت کی مثال سے جب ہم حضرت مریمؑ کے کردار پر غور کرتے ہیں تو یہ بات عقل میں آتی ہے کہ بیج بونے کے لئے کسان زرخیز زمین کا انتخاب کرتا ہے تاکہ بیج ضائع نہ ہو جائے اور زرخیز زمین سے کھیتی بھی شاداب نکلے۔ پس حضرت مریمؑ کا انتخاب اس زرخیز زمین کی طرح ہے۔ جسے کسان اپنی کھیتی کے لئے چن لیتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ حضرت مریمؑ کی پاکیزہ ہستی کو اللہ تعالیٰ نے اپنے خاص انعام سے مشرف کیا۔ وہ خصوصی انعام بغیر باپ کے حضرت عیسیٰؑ کی پیدائش ہے۔ اللہ تعالیٰ خالق ہے اور خالقیت اس کا ذاتی وصف ہے۔ اس کی خالقیت اسباب و وسائل کی پابند نہیں ہے۔ کائنات کی تخلیق میں اللہ تعالیٰ کے جن اسمائے الٰہیہ کا دخل ہے، اللہ تعالیٰ نے ان اسماء کے علوم آدم کو عطا فرما دیئے۔ کائنات کی تخلیق میں سب سے اہم رُوحِ آدم ہے۔ جسے اللہ تعالیٰ نے اسمائے الٰہیہ کے علوم ادا کر کے اپنا نائب اور خلیفہ مقرر کیا تاکہ وہ روحانی حواس کے ساتھ ساتھ اپنے شعوری ہوش و حواس کے ساتھ اللہ تعالیٰ کے سکھائے ہوئے علوم کو سمجھ کر اللہ کے احکامات پر عمل کرے، کیونکہ امرِ کُن کے بعد کا تمام مظاہرہ امرِ ربی کی تحریکات ہیں۔

امرِ ربی روح ہے اور روح کا طبعی شعور آدم یا انسان ہے جو اللہ کا نائب اور خلیفہ بن کر کائنات میں اللہ تعالیٰ کے حکم و ارادے سے اپنی ذمہ داریوں کو سنبھالے ہوئے ہے۔ اس دنیا میں اللہ کے علوم کا مظاہرہ آدم اپنی ظاہری آنکھ کے ساتھ دیکھ رہا ہے اور فرداً فرداً ہر شخص اپنے عقل و شعور کے ساتھ اُسے سمجھنے کی کوشش میں لگا ہوا ہے۔ حضرت مریمؑ کو کلمہ منہ کی بشارت خالق کا وہ تخلیقی امر ہے جس امر کے ساتھ اس نے آدم کو پیدا کیا۔

اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ میں نے ہر شئے کو دو رخوں میں بنایا ہے۔ آدم نوعِ انسانی کا فارمولا ہے۔ جس کے اندر انسان کے دونوں رُخوں کی روشنیاں موجود ہیں۔ جب فارمولے کا عملی استعمال کیا جاتا ہے تو تخلیق کے دونوں رخ سامنے آ جاتے ہیں۔ اب حضرت مریمؑ کو کلمہ منہ کی بشارت دینا رُوح کے تخلیقی دائرے کا شعوری دائرے میں مظاہرہ ہے تاکہ انسان کی دنیاوی عقل و شعور بھی ان علوم سے باریاب ہو اور روح کے اندر موجود تخلیقی وصف کو اللہ تعالیٰ کی اجازت و رضا کے ساتھ بروئے کار لائے اور روحانی صلاحیتوں کا عملی مظاہرہ دیکھ کر شہادت اور عین الیقین کا درجہ حاصل ہو۔

دراصل صلاحیت علم ہے اور عمل اس صلاحیت کا استعمال ہے۔ عمل علم کا پھیلاؤ ہے۔ علم بیج ہے اور عمل درخت ہے۔ بیج جب اپنے اندر پوشیدہ اسرار کو ظاہر کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو ان کے تمام پہلو درخت کی صورت میں ڈھل کر نظر کے سامنے آ جاتے ہیں۔ بیج درخت کی روح ہے اور درخت اس روح کا ظاہری خول یا جسم ہے۔ اس خول میں بیج اپنی روشنیاں پھیلا کر اس خول کے اندر اپنی روشنیوں کا مشاہدہ کرتا ہے۔ بیج کا مشاہدہ روح کا ادراک ہے۔ روح امرِ ربی ہے اور اللہ کا امر اس کا حکمِ کُن ہے جو اللہ کا ارادہ ہے۔

اللہ کا ارادہ کسی اسباب و وسائل اور ٹائم و اسپیس کا پابند نہیں ہے۔ اللہ کے امرِ کُن سے ایک لمحے میں کائنات کی تخلیق ہو چکی ہے۔ کلمہ منہ، اللہ تعالیٰ کے امرِ کُن کا ایک چھوٹے سے چھوٹا ذرّہ ہے جو مزید تقسیم نہیں ہو سکتا۔ یہی جُزِ لا یتجزیٰ کائنات کے تخلیقی فارمولے ہیں جن کا خالق اللہ وحدہٗ لاشریک ہے۔ کائنات کی روحِ اعظم کا ادراک فارمولوں کے علوم کا جاننا ہے۔ کلمہ طیبہ امرِ کُن کا ایک ایسا یونٹ ہے جو جُزِ لا یتجزیٰ ہے۔ روحِ اعظم کا ایک ادراک ہے۔

حضرت مریمؑ کو دنیا کی مصروفیات سے الگ رکھ کر اور ان کی تعلیم و تربیت کو ایک پیغمبر کے سپرد کر کے اللہ تعالیٰ نے حضرت مریمؑ کی روح کے اندر موجود اس امرِ کُن کے جزِ لا یتجزیٰ کے ادراک کو شعوری حواس کے دائرے میں پھیلا دیا، تاکہ انہیں آسمان سے زمین تک، روح سے جسم تک اور ادراک سے فہم تک یقینِ کامل کا درجہ حاصل ہو۔

جب آدمی کا یقین اپنے تمام مراحل طے کر لیتا ہے تو اُسے بقا حاصل ہو جاتی ہے۔

بقا!... پھیلے ہوئے درخت کا اپنے بیج میں سما جانا ہے۔ جزوِ لا یتجزیٰ کا اپنے کل کے ساتھ ابدی رابطہ ہے۔ محدودیت کا لامحدودیت میں داخل ہونا ہے۔ بندے کا خالقِ حقیقی سے ابدی قرب حاصل کرنا ہے۔ یہی قائم الصلوٰۃ کا وہ درجہ ہے جس میں اللہ کی فکر کا نور روح کا ادراک بن کر کام کر رہا ہے۔ اللہ کی فکر کا نور جب روح اور جسم دونوں کا احاطہ کر لیتا ہے اور روح کے ادراک سے لے کر جسمانی حواس و شعور نور کا مشاہدہ کر لیتے ہیں تو اللہ کے حکم کی تکمیل ہو جاتی ہے اور بندے کے اندر امرِ ربی کی تحریکات جاری و ساری ہو جاتی ہیں۔

کُن اللہ کا حکم ہے جس کا اطلاق لا پر ہے۔ لا سے مراد لامحدودیت کا عالم ہے۔ جس کے لیے اللہ پاک فرماتے ہیں کہ ”وہ ہمیشہ سے تھا اور ہمیشہ رہے گا اور اس میں کسی قسم کا تغیر و تبدل نہیں ہے۔“

اللہ اپنی ذات میں علیم ہے۔ لامحدودیت میں پھیلے ہوئے علم کو جب اللہ نے ظاہر کرنے کا ارادہ کیا تو کُن سے فیکون ہو گیا۔ کُن کا اطلاق عدم کے پردے میں چھپی ہوئی کائنات پر ہے۔ جس سے سوائے ذاتِ باری تعالیٰ کے اور کوئی واقف نہیں۔ فیکون لا یا عدم کے پردے سے باہر کائنات کا مظاہرہ ہے۔ جس میں افرادِ کائنات کو اپنی وجودی حیثیت سے باخبری حاصل ہوئی۔ کُن کہنے سے سب سے پہلے تمام روحیں پیدا ہوئیں۔ ہر روح کے اندر اللہ کا ارادہ اس کی مخصوص فکر کے ساتھ کام کر رہا ہے۔

ارواح!... کائنات کی مشین کے کل پرزے ہیں۔ ہر کل پرزے کا اپنا ایک مخصوص کام ہے۔ جس کی ادائیگی کے لئے اُسے پیدا کیا گیا ہے۔ اس مخصوص کام کے حوالے سے اجتماعی نام کے علاوہ فرد کا نام بھی ضروری ہے تاکہ اس کے کام کو چیک کیا جا سکے۔

سورۂ آل عمران کی مذکورہ آیت میں اسی بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ اے مریم! اللہ کی جانب سے تجھے کلمہ منہ کی بشارت دی جاتی ہے۔ پھر اس کلمہ منہ کا نام مسیح عیسیٰ بن مریم بتایا جاتا ہے۔ کلمہ منہ، امرِ کُن کی اجتماعی فکر کا نام ہے۔ مگر جب فکر کی روشنی حضرت مریمؑ کے نقطے پر مرکوز ہو گئی تو اس نقطے میں جذب ہونے والی فکر کی روشنی کا انفرادی نام مسیح عیسیٰ بن مریم ہو گیا اور اس مخصوص نام کے اندر اللہ تعالیٰ کے نور کی صلاحیتوں کا ذکر کیا گیا ہے کہ اس میں کیا کیا اوصاف ہیں۔

سورۂ مائدہ کی آیت میں اس کی مزید وضاحت کی گئی ہے اور ارشاد ہوتا ہے کہ اے عیسیٰ بن مریم! میں نے تم پر اور تمہاری والدہ پر اپنا انعام کیا کہ میں نے روح القدس سے تمہاری مدد فرمائی۔ روح القدس روحِ اعظم ہے۔ جو تجلی ذات کا شعور ہے۔ یہ پوری کائنات کی روحِ اعظم حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کا ادراک ہے۔ یہ کائنات کا لاشعور ہے۔ روح القدس سے مراد لاشعور سے شعور کا رابطہ قائم کرنا ہے تاکہ اللہ کے امر و احکامات شعور کو موصول ہوں۔

اللہ تعالیٰ کے تمام احکامات روحِ اعظم کے ذریعے روح کو ملتے ہیں اور روحِ اعظم اللہ تعالیٰ کے محبوب ﷺ کا روحانی ادراک ہے۔ جو کُن کے بعد سامنے آنے والے مظاہرات کا مشاہداتی ادراک ہے۔ کائنات کے ذرّے ذرّے کا رابطہ اس روحِ اعظم سے ہے جس کے ذریعے اُسے اللہ پاک کے احکامات وصول ہو رہے ہیں۔ مگر عقل و شعور اس سے بے خبر ہے۔ جب عقل و شعور اس حقیقت سے باخبر ہو جاتی ہے اور امرِ ربی کی تحریکات اس کے اندر جاری و ساری ہو جاتی ہیں تو وہ اللہ کے ارادے سے واقف ہو جاتا ہے اور اپنا ارادہ اللہ کے ارادے میں شامل کر دیتا ہے۔ اس طرح اللہ کے ارادے سے فرد کے ارادے کو مستقل اور مسلسل سیرابی ہوتی رہتی ہے۔

اللہ نور ہے۔ اللہ کے نور کی سیرابی کلمہ منہ کو بھی نور کا ایک ایسا ستارہ بنا دیتی ہے جس کی روشنیاں ساری کائنات میں گردش کرتی ہیں۔ نزولِ عیسیٰ حضرت عیسیٰؑ کے انوار کا نزول ہے جس کے ذریعے نسلِ انسانی کو روح پھونکنے کے علوم تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

تمام پیغمبران علیہم السلام اللہ پاک کے نہایت ہی مقرب و معزز بندے ہیں۔ جو اللہ تعالیٰ کی اجازت سے اپنے ذاتی ارادے و عقل حواس کے ساتھ اپنے رب کے احکامات پر مستقل اور مسلسل کام کر رہے ہیں۔ ان کی ذاتِ اقدس شجرِ طیبہ کی طرح ہے۔ جس کے پھول سے زمین و آسمان کی تمام مخلوق رزق حاصل کر رہی ہے۔

جب پیغمبر کی فکر کا نور اللہ کے کسی بندے میں جذب ہو جاتا ہے تو وہ بھی کلمہ طیبہ کی ابدی زندگی سے روشناس ہو جاتا ہے۔


 


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی