Topics
حضور پاک ﷺ کی حدیث مبارک ہے کہ ”مجھے تمہاری
دنیا میں تین چیزیں پسند ہیں۔ عورت، خوشبو اور نماز“۔ حضور پاک ﷺ کا ہر قول
انتہائی جامع کلام ہے جس سے فطرت کے اندر کام کرنے والے اصولوں کی نشاندہی ہوتی
ہے۔ انسان ایک ہستی ہے جس میں کائنات کی تمام روشنیاں یکجا ہیں۔ اور قدرت کے جو
قوانین ساری کائنات میں کام کر رہے ہیں وہ تمام کے تمام قوانین انسان کی فطرت میں
داخل ہیں۔ فطرت کی یہی روشنیاں جب بکھر جاتی ہیں تو کائنات بن جاتی ہے اور جب ایک
نقطے میں جمع ہو جاتی ہیں تو انسان وجود میں آتا ہے۔
فطرت روح کا تقاضہ ہے اور مخلوق ان تقاضوں کا
مجموعہ ہے۔ روح کا ہر تقاضہ اللہ تعالیٰ کا امر یا اللہ تعالیٰ کا تفکر ہے جو
مخلوق کے ذریعے عمل میں آتا ہے۔ ہر مخلوق کے اندر مختلف تقاضے پائے جاتے ہیں جو اس
کی فطرت میں داخل ہیں۔ اگر مخلوق کے اندر کے یہ تقاضے ختم کر دیئے جائیں یا بدل
دیئے جائیں تو فطرت بدل جاتی ہے۔ فطرت ذات ہے۔ اس لئے ذات میں تبدیلی ممکن نہیں
ہے۔ فطرت کو ختم کرنے کی کوشش میں ذات مسخ ہو جاتی ہے اور مسخ شدہ ذات کا چہرہ اور
زیادہ خوفناک و خونخوار بن جاتا ہے۔
جیسے شیر کی فطرت میں درندگی شامل ہے۔ شیر کو
اس کا مالک سدھاتا ہے۔ اس سے محبت کرتا ہے۔ ایک حد تک شیر کی درندگی دور ہو جاتی
ہے مگر یکسر طور پر ختم نہیں ہوتی۔ شیر کی روح میں جو روشنیاں کام کر رہی ہیں ان
کی صفت کا تقاضہ درندگی ہے۔ شیر کے مالک کی کوششوں سے فطرت کی یہ روشنیاں پسِ پردہ
ضرور چلی جاتی ہیں مگر جیسے ہی نفس کے پردے میں ان روشنیوں میں حرکت ہوتی ہے، شیر
کی درندگی کا تقاضہ ابھرتا ہے اور پھر اسے مالک یا اجنبی کی پہچان نہیں رہتی۔
یہی وجہ ہے کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ شیر نے
اپنے ہی مالک کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ یعنی شیر کے اندر فطرت کی تبدیلی محض عارضی
تھی جو مالک کی طبیعت کے دباؤ کا نتیجہ تھی۔ عارضی دباؤ سطحی ہوتا ہے۔ سطح کا دباؤ
خود اپنی سطح کو توڑ دیتا ہے۔ پس جب سطح ٹوٹ جاتی ہے تو دباؤ کی وجہ سے گہرائی میں
اور زیادہ شدت ہو جاتی ہے۔ یہی مثال انسان کے نفس کی ہے۔ نفس کا ہر تقاضہ روح کی
ایک فطرت ہے۔ روح کے فارمولے میں اسمائے الٰہیہ کی جو روشنیاں کام کر رہی ہیں ان
روشنیوں کی حرکت نفس کے اندر تقاضہ بن کر ابھرتی ہے۔
حرکت کا یہ فعل انسان کے جسم کے طفیل مکمل ہوتا
ہے۔ روح کی ذات کی روشنیوں کی حرکت اللہ تعالیٰ کے امر سے ہے۔ اللہ کا امر جب
کائنات میں کوئی کام کرنا چاہتا ہے تو روح کے اندر اللہ تعالیٰ کے امر کی روشنیاں
منتقل ہو جاتی ہیں اور اللہ تعالیٰ کے تفکر کی یہی روشنیاں روح کے اندر منتقل ہو
کر روح کا تقاضہ بن جاتی ہیں۔ جن کی تکمیل جسم کے ذریعے عمل میں آتی ہے۔ فطرت کا
ہر تقاضہ اللہ کا امر ہے۔ اللہ کا امر اس کا ایک حکم ہے۔ اس حکم کی تکمیل قدرت کے
دائرے میں ہوتی ہے۔ قدرت کے دائرے میں قدرت کے قوانین کام کر رہے ہیں۔ انسان کا ہر
عمل قدرت کے قانون یا نیت کے دائرے میں ریکارڈ ہوتا ہے۔
اسلام عینِ فطرت ہے۔ روح کے اندر کام کرنے والی
روشنیوں کے تقاضوں کو جاننا، سمجھنا اور انہیں سنتِ الٰہی کے دائرے میں تکمیل کی
حد تک پہنچانا اسلام ہے۔ ایسا نہیں ہوتا کہ فطرت خود فطرت کو توڑ مروڑ کر پیش کرے۔
یہی وجہ ہے کہ آسمانی کتابوں میں اور پیغمبروں کے ذریعے فطرت کے تمام اصول واضح
طور پر بندوں کے سامنے پیش کر دیئے گئے ہیں۔
بچہ جب دنیا میں پیدا ہوتا ہے تو سب سے پہلے
خود اپنے شعوری تقاضوں سے واقفیت حاصل کرتا ہے اور ان کی تکمیل کے لیے قدرت کی طرف
سے جو ذرائع اسے عطا کئے گئے ہیں انہیں پوری آزادی کے ساتھ استعمال کرتا ہے۔ مثلاً
بھوک لگنے پر بچے کا رونا بھوک کے اظہار کا ایک ذریعہ ہے۔ بچہ گو بول نہیں سکتا
مگر رو کر اور چیخ کر اپنے اندر کے تقاضوں کا اظہار کر دیتا ہے اور جب تک تقاضہ
پورا نہ ہو جائے رونا بند نہیں ہوتا۔ بچے کی ہر کیفیت اضطراری ہے۔
اس کا مطلب یہ ہے کہ قدرت کی طرف سے خود بچے کے
اندر بھوک کا تقاضہ پیدا کیا جاتا ہے اور اس تقاضے کو پورا کرنے کے لئے بچے کے
اندر اضطرار پیدا کیا جاتا ہے۔ بچہ جیسے جیسے بڑا ہوتا جاتا ہے اس کے اندر مختلف
تقاضے جنم لیتے رہتے ہیں اور ان تقاضوں کا اظہار وہ مختلف طریقوں سے کرتا رہتا ہے۔
شعور یا نفس کے اندر جب خود اپنی ذات سے واقف ہونے کا تقاضہ پیدا ہوتا ہے تو یہ
جستجو یا اضطرار کی لہریں ذاتِ نفس کے داخل میں سفر کرنے لگتی ہیں۔
ذاتِ نفس اللہ تعالیٰ کے قانون کے مطابق دو
رخوں پر مشتمل ہے۔ ایک رخ مرد ہے، دوسرا رخ عورت ہے۔ اگر ایک رخ ظاہر میں ہے تو
دوسرا رخ باطن میں ہے۔ کسی شے کی ماہیت جاننے کے لیے اس کی ذات میں داخل ہونا
ضروری ہے۔ جیسے سمندر کے اندر جب تک ہم پاؤں نہیں ڈالیں گے سمندر کے پانی کی ٹھنڈک
محسوس نہیں کریں گے۔
قانون یہ ہے۔ ایک ذات جب تک دوسری ذات کے اندر
داخل نہیں ہوگی، ذات سے واقفیت حاصل نہیں کر سکتی۔ انسان دو رخوں میں زندگی گزار
رہا ہے۔ ایک رخ روح ہے، ایک رخ جسم ہے۔ روح کا ہر تقاضہ اللہ تعالیٰ کی ذات کے لیے
ہے۔ کیونکہ روح اللہ تعالیٰ کی ذات سے قریب ہے۔ روح کے اوپر اللہ تعالیٰ کی محبت
کی نظر ہے۔ نظر کی یہ روشنی روح کے اندر عشق کا تقاضہ پیدا کرتی ہے۔ روح کا یہ
تقاضہ جب نفس میں آتا ہے تو بندے کی نظر دنیا میں موجود خود اپنی ذات کے اس رخ پر
پڑتی ہے جو باطن میں چھپا ہوا ہے۔
روح کی ہر حرکت غیب ہے۔ شعور چونکہ غیب بینی کا
عادی نہیں ہے اس لیے وہ روح کے تقاضے کی حقیقت سے واقف نہیں ہوتا۔ مگر تقاضے کی
روشنی شعور میں منتقل ہو جاتی ہے اور اس روشنی سے شعور کا حرکت میں آنا ناگزیر ہے۔
شعور میں روشنیوں کے منتقل ہونے سے وہ تقاضہ جو اُن روشنیوں میں ہے شعور کے پردے
پر اپنے آپ کو ظاہر کر دیتا ہے اور یہ تقاضہ شعور کی ایک ضرورت بن جاتا ہے۔ جس کو
ختم کرنا ممکن نہیں ہے۔
حضور پاک ﷺ نے دنیاوی شے میں عورت کا نام اپنی
پسندیدہ اشیاء میں لیا ہے۔ عورت، مرد تخلیق کے دو رخ ہیں جن کے ذریعے اللہ تعالیٰ
کی صفتِ خالقیت اپنا اظہار کرتی ہے۔ صفتِ خالقیت جب ذات کا عکس روح کے اوپر ظاہر
کرتی ہے تو روح کے لطائف اس عکس کی روشنیوں سے رنگین ہو جاتے ہیں۔ روح کے لطائف کے
رنگین ہونے سے بندے کے دل میں عشق پیدا ہوتا ہے۔ یہ عشق اس عکس کا ہے جو عکس روح
کی نظر کے سامنے ہے۔ عشق کی یہ حرکت جب نفس کے اندر منتقل ہوتی ہے تو نفس یا جسم
کی آنکھوں کے سامنے جو شکل آتی ہے نظر کا عکس اس کے اندر منتقل ہو جاتا ہے۔
صفتِ خالقیت کا تعلق خالق کی ذات سے ہے۔ جب
بندہ اپنے نفس کا تقاضہ قدرت کے قانون کے دائرے میں رہ کر کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ
کی صفتِ خالقیت کی روشنیاں اس کے اندر منتقل ہوتی ہیں اور اس کی روح صفتِ خالقیت
کے اس عکس کے قریب ہوتی چلی جاتی ہے جو عکس روح کی نظر دیکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کا
ہر عکس اسمائے الٰہیہ کی ایک تجلی ہے۔ ذات کے عکس کی جب تمام تجلیاں روح کے اندر
منتقل ہو جاتی ہیں تو روح اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کر لیتی ہے۔
ہر تجلی جو روح پر نازل ہوتی ہے، روح کے ذریعے
اس کی روشنی جسم میں منتقل ہوتی ہے۔ اور جسم سے یہ روشنی خارج ہو کر دوبارہ روح کے
اندر منتقل ہو جاتی ہے۔ یعنی اللہ کے امر کی ہر تجلی انسان کے لاشعور سے شعور میں
آتی ہے اور شعور سے پھر لاشعور میں واپس لوٹ جاتی ہے۔ ہر تجلی ایک تقاضہ ہے۔ ہر
تقاضہ انسان کے ذہن میں علم کی صورت میں ابھرتا ہے اور یہ علم لاشعور سے شروع ہو
کر شعور میں مکمل ہوتا ہے۔ پھر لاشعور میں واپس لوٹ کر آدمی کا حافظہ بن جاتا ہے۔
حافظہ ایک نقش یا تمثال ہے جو بار بار اپنے نقش
کو ذہن کے پردے پر ظاہر کرتا رہتا ہے جس کا ڈسپلے عالمِ مثال میں ہوتا ہے اور بندہ
اس نقش یا تمثال کے ساتھ اپنے آپ کو عالمِ مثال یا برزخ میں موجود دیکھتا ہے۔ اگر
حافظے پر دنیا کی کسی شے کا نقش یا تمثال نہیں ہے تو بندے کا رابطہ عالمِ مثال میں
اس شے کے ساتھ نہیں ہو سکتا۔
کیونکہ زندگی کی تمام تمثالیں اسی دنیا میں
بنتی ہیں۔ آئندہ زندگی میں انہی مثالوں کی حقیقت بندے کے سامنے آتی ہے۔ عورت صفتِ
خالقیت کا عکس ہے۔ دنیا کی ہر شے اللہ کا ایک عکس ہے جو اس کے تفکر کی ایک شکل ہے۔
جس کے اندر اس کی صفات کی روشنیاں کام کر رہی ہیں۔ عورت ایک ایسا عکس ہے جس کے
اندر اللہ تعالیٰ کی صفتِ خالقیت کی روشنیاں کام کر رہی ہیں۔ بندہ صفتِ خالقیت کو
عورت کے ذریعے سے پہچانتا ہے۔ عورت کا ہر روپ خواہ وہ ماں ہو، بیٹی ہو، بہن ہو یا
بیوی ہو، اللہ تعالیٰ کی صفتِ خالقیت کا ایک عکس ہے۔
بندہ اس عکس سے حقیقت کی طرف سفر کرتا ہے۔ شعور
کا سفر دنیا سے شروع ہوتا ہے۔ جو بندہ دنیا میں ذات کے اس عکس کو نہ پہچان سکے وہ
آخرت میں اس کی حقیقت کو کیسے جان سکتا ہے۔ ہر شے کی حقیقت خود اسمائے الٰہیہ کی
ہستی ہے۔ بندہ جب دنیا میں اسمائے الٰہیہ کے عکس کو قبول نہیں کرتا تو مرنے کے بعد
ان کی روشنیوں کو بھی وہ قبول نہیں کر سکتا۔
کیونکہ ہر روشنی لاشعور سے آتی ہے۔ شعور جب اس
روشنی کو قبول کر لیتا ہے تو اس کا ایک عکس اس کے حافظے میں نقش ہو جاتا ہے۔ مگر
جب شعور روشنیوں کو قبول نہیں کرتا تو یہ روشنیاں واپس لوٹ جاتی ہیں اور حافظے میں
اس کا عکس قائم نہیں ہوتا۔
کائناتِ عالم کی ہر شے اسمائے الٰہیہ کا چہرہ
ہے جو اللہ تعالیٰ کی صفات کا ایک جز ہے۔ عورت کے اندر اللہ تعالیٰ کی تخلیقی صفات
کام کر رہی ہیں۔ تخلیقی فارمولوں کی روشنیاں جن مراحل سے گزر کر تخلیق کی صورت
اختیار کرتی ہیں، یہ تمام مدارج عورت کی ذات کے دائرے میں رونما ہوتے ہیں۔ عورت
اللہ تعالیٰ کی صفتِ تخلیق کا آلہ کار ہے۔ عورت کے اندر اللہ تعالیٰ کا تخلیقی نظام
کام کر رہا ہے۔ کائنات میں ہر طرف اللہ تعالیٰ کے تخلیقی فارمولے کام کر رہے ہیں۔
تخلیقی فارمولے بیج ہیں اور تخلیقی نظام زمین ہے۔
بیج اور زمین سے مل کر ہی کھیتی وجود میں آتی
ہے۔ ساری کائنات کھیتی کے مانند ہے اور نفس ایک ایسی نظر ہے جو کھیتی کو لہلہاتا
دیکھ کر لطف اندوز ہوتی ہے۔ کسان کی ساری زندگی اپنی زمین کے اردگرد گھومتی ہے۔ اس
کی زندگی کی تمام خوشیاں اس کی کھیتی سے وابستہ ہوتی ہیں جس کی نشوونما کے ہر لمحے
پر اس کی نظر رہتی ہے۔ زمین کی محبت کسان کو کھیتی کے تمام گُر سکھا دیتی ہے۔ یہی
مثال عورت کی ہے۔ عورت ایسی زمین ہے جس کے اندر قدرت نے ذات کے اسرار چھپا دیئے
ہیں۔
یہ اسرار جب کھلتے ہیں تو ذات خود اپنی نگاہوں
میں بے نقاب ہو جاتی ہے اور نفس اس کے رمز کی باریکیوں سے لطف اُٹھاتا ہے۔ خالقیت
کا تقاضہ اپنے جلوۂ حسن کو نگاہِ عشق کے سامنے ظاہر کرتا ہے اور نگاہِ عشق کا
تقاضہ خالقیت کے ہر رنگ کو اپنے اندر سمو لیتا ہے۔ نفس کے اندر تقاضائے کشش اسی
لیے پیدا کیا گیا ہے کہ خالقیت کے رموز سے شناسائی ہو جائے۔
اس حدیث پاک میں دوسری چیز ”خوشبو“ ہے جس کے
لیے حضور پاک ﷺ نے اپنی پسندیدگی کا اظہار فرمایا ہے۔ خوشبو ایک ایسی لطافت ہے جو
سارے بدن کے اندر سرایت کر جاتی ہے اور بدن کا رواں رواں اس سے محظوظ ہوتا ہے۔
خوشبو ایک باطنی شے ہے۔ جو ظاہری آنکھوں سے نظر نہیں آتی مگر قوتِ شامہ کے ذریعے
جب خوشبو جسم کے اندر داخل ہو جاتی ہے تو سارا جسم اس کی موجودگی کو محسوس کر لیتا
ہے۔ خوشبو ایک ایسی لطافت ہے جو باطن کے ادراک سے شعور کو شناسا کرتی ہے۔
باطن کی ہر کیفیت روح کا ادراک ہے۔ روح نور ہے۔
روح کا ہر ادراک روشنیوں کا شعور ہے اور روشنی لطیف ہے۔ خوشبو سے مادیت کے احساس
میں روح یا روشنی کی لطافت شامل ہو جاتی ہے۔ جس سے روحانی شعور پیدا ہوتا ہے۔ روحانی
شعور بندے کو روح سے قریب کرتا ہے۔ روح ہر شے کی اصل ہے۔ روح کے قریب ہونے پر ہر
شے کی حقیقت کا انکشاف ہوتا ہے اور غیب کے علوم حاصل ہوتے ہیں۔ روح کا ہر شعور
اللہ کا ادراک ہے۔
تیسری چیز ”نماز“ ہے جو اس حدیث پاک میں حضور ﷺ
کی پسندیدہ شے بیان کی گئی ہے۔ نماز اظہارِ بندگی ہے۔ بندہ جب اپنے رب کو اپنی جان
کے قریب تر محسوس کر لیتا ہے تو اس کے بدن کا رواں رواں ایک ایسی نظر بن جاتا ہے
جس سے وہ اپنے رب کے حسنِ کبریائی کا نظارہ کرتا ہے اور محبوب کے رنگِ حسن کو اپنی
رگ رگ میں بسا لینا ہی حقیقت کی نماز ہے۔ نماز حالتِ حضوری ہے اور حضوری قربت ہے۔
بندہ حالتِ نماز میں جس حد تک اپنے رب سے قریب ہوگا اسی حد تک حضوری کے کیف و سرور
سے آشنا ہوگا۔
نماز وہ لمحۂ حضوری ہے جس میں روح پر ذات کی
تجلیاں نازل ہوتی ہیں اور شعور کے اندر ذات کا نور داخل ہوتا ہے۔ بندے کا شعور جس
حد تک ذاتِ باری تعالیٰ کی تجلیوں کے ادراک کا خوگر ہوتا ہے اسی حد تک وہ نماز میں
اللہ تعالیٰ کی قربت کا لطف اُٹھاتا ہے اور اس کو اپنی جان سے قریب تر محسوس کر کے
اس پر اپنی بندگی کا اظہار کرتا ہے۔ اور عجز و تشکر کے ساتھ اس پر اپنی محبت کا
اظہار کرتا ہے۔ نماز میں لمحۂ حضوری اس وقت میسر آتا ہے جب ذہن کی مرکزیت قائم ہو
جائے۔
بندہ اپنے نفس کا ہر تقاضہ ذات کے ارادے کی
روشنی میں پورا کرے اور نفس کی ہر خواہش اور ضرورت کو فطرت کے مقرر کردہ اصولوں کے
ساتھ انجام دے۔ فطرت کے مقرر کردہ اصولوں کی پیروی کرنے سے نفس و قلب کے اندر سکون
کی طرزیں پیدا ہو جاتی ہیں۔ سکون ایسی حرکت ہے جو گہرائی میں سفر کرتی ہے۔ نفس کی
گہرائی روح ہے۔ بندہ نفس کے تقاضوں کو پہچان کر روح کے تقاضوں سے شناسا ہوتا ہے۔
حدیث شریف میں نفس کے تقاضوں کو عورت کہا گیا
ہے اور روح کے تقاضوں کو ”خوشبو“ اور جب بندہ اپنی روح کے تقاضوں سے واقف ہو جاتا
ہے اور اسے اپنی ذات یعنی روح کا عرفان حاصل ہو جاتا ہے تو وہ جان لیتا ہے کہ روح
اللہ تعالیٰ کا شاہکار ہے اور خالقیت کی نظر اپنے شاہکار کو وارفتگی کے ساتھ دیکھ
رہی ہے۔ عشق کی نگاہ بندے کو خالق کی نظر میں محبوب بنا دیتی ہے اور نظر کا سارا
جمال محبوب کے سانچے میں ڈھل جاتا ہے۔ خالق کی نظر اپنے محبوب کے پردے میں اپنی
شان کو دیکھتی ہے۔
نماز کی حالت میں اللہ تعالیٰ کی نظر روح کو
دیکھتی ہے۔ بندہ جب اپنی روح سے واقف ہو جاتا ہے تو وہ اللہ کی نظر کی روشنی کو
دیکھتا ہے اور نظر کی اس روشنی میں اللہ تعالیٰ کا مشاہدہ کرتا ہے اور اس کے ذہن
کا رابطہ براہِ راست اللہ تعالیٰ کے ساتھ قائم ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے ساتھ
براہِ راست رابطہ قائم کرنے کا نام صلوٰۃ قائم کرنا ہے۔ جس کو حضور پاک ﷺ نے دنیا
کی ہر شے سے زیادہ پسند فرمایا ہے۔ جب کوئی بندہ نماز قائم کر لیتا ہے تو اس کا
اللہ تعالیٰ کے ساتھ رابطہ قائم ہو جاتا ہے۔
محبوب کے ساتھ رابطہ قائم ہونا اور محبوب کی
نظروں کے سامنے رہنا ہی بندگی کی معراج ہے۔