Topics

رسول اللہ ﷺ کا محل

 

مراقبہ میں دیکھا حضرت قلندر بابا اولیاءؒ تشریف لائے ہیں۔ آپ نے میرا داہنا ہاتھ پکڑ لیا۔ بابا جی بائیں جانب سے آئے اور بایاں بازو پکڑ لیا۔ آپ دونوں کے اندر سے انوار نکل کر میرے اندر داخل ہو رہے ہیں۔ چند لمحوں بعد ہم تینوں ایک مختلف مقام پر موجود تھے۔ خیال آیا کہ یہ اللہ تعالیٰ کا نور ہے جو لاتناہیت کے اندر پھیلا ہوا ہے۔ پوری فضا نور سے جگمگا رہی ہے۔ نیچے کی جانب نظر گئی تو ایک بہت ہی خوبصورت پتلا راستہ نظر آیا۔ دونوں اطراف میں پھولوں کی بڑی خوبصورت ترتیب ہے۔

راستے کی زمین بھی پھولوں سے لبریز ہے۔ اتنا حسین منظر دیکھ کر میں والہانہ انداز میں چلّا اُٹھی۔ ”آہا بابا جی کتنی پیاری جگہ ہے۔“ اس وقت مجھے یوں محسوس ہوا کہ ہم تینوں بہت ہی گہرے دوست ہیں۔ ہم خوشی خوشی اس حسین راستے پر جا رہے ہیں۔ اس راستے کے اختتام پر ایک بہت ہی خوبصورت محل نظر آیا۔ یہ محل دیکھ کر میں فوراً پہچان گئی کہ ارے یہ تو حضور پاک ﷺ کا محل ہے۔ قلندر بابا اولیاءؒ نے فرمایا۔ ہم تمہیں اندر لے چلتے ہیں۔ قلندر باباؒ نے خاص طور سے میرا بازو مضبوطی کے ساتھ پکڑ لیا اور محل کے اندر داخل ہوئے تو دیکھا کہ ایک عظیم الشان کمرے کے اندر سامنے کی جانب ایک دربار لگا ہوا ہے۔

ایک تخت پر حضور پاک ﷺ تشریف رکھتے ہیں۔ آپ کا جاہ و جلال بادشاہوں جیسا ہے۔ ہم تینوں نے جھک کر سلام کیا اور حضور ﷺ کی خدمت میں آداب بجا لائے۔ پھر حضرت قلندر بابا اولیاءؒ نے میرا ہاتھ پکڑ کر مجھے حضور ﷺ کے سامنے پیش کیا۔ میری حالت اس وقت ایسی تھی جیسے کوئی بہت ہی حقیر لونڈی اپنے بادشاہ کی خدمت میں پیش کی جا رہی ہے جس کے دل میں ٹھکرائے جانے کا از حد خوف ہے۔ رعبِ رسالت میرے روئیں روئیں پر طاری تھا۔ انہی خیالات میں ڈوبی ہوئی حضور ﷺ کی بارگاہ میں سر جھکائے چپ چاپ کھڑی رہی۔

حضور پاک ﷺ نے میری جانب نظر اُٹھائی۔ مسکرائے اور نہایت ہی شفقت کے ساتھ اپنا دستِ مبارک میرے سر پر رکھ دیا اور حضرت قلندر بابا اولیاءؒ سے فرمایا۔ ”ہم نے اسے قبول کیا۔“ آپ ﷺ کے اتنا کہتے ہی میری جان میں جان آ گئی۔ حضور ﷺ نے ایک طشت خوان پوش سے ڈھکا ہوا میرے ہاتھ میں دیا اور ہمیں جانے کی اجازت دی۔ قلندر بابا اولیاءؒ، بابا جی اور ہم تینوں اس قدر خوش تھے کہ جس کا اظہار الفاظ میں ممکن نہیں۔ راستے میں حضرت قلندر باباؒ نے فرمایا۔ ”ٹھہر جاؤ۔ خوان پوش تو کھولو۔ دیکھو تو سہی حضور پاک ﷺ نے تم کو کیا تحفہ دیا ہے۔“ میں نے خوان پوش ہٹایا۔

اس کے اندر ایک بڑا سا سُرخ موتی تھا۔ اس کے اندر سے روشنی نکل کر چاروں طرف پھیلنے لگی۔ قلندر بابا اور بابا جی بہت خوش ہوئے۔ ہم تینوں خوشی کے عالم میں بچوں کی طرح اچھلتے ہوئے چلنے لگے۔ کچھ آگے چلنے کے بعد اس راستے کے آخر پر پہنچے تو ایک گول دائرہ نظر آیا۔ جس کے اطراف سے پانچ راستے نکل رہے تھے۔ ہم بیچ میں اس گول دائرے میں کھڑے ہو گئے۔ میں نے سوچا ایک راستے پر تو مقامِ محمود ہے۔ جہاں سے ہم آ رہے ہیں۔ نہ جانے یہ باقی چاروں راستے کہاں جا رہے ہیں۔

میں نے بابا جی سے کہا کہ بابا جی ان راستوں پر بھی چلتے ہیں، دیکھیں تو سہی کہ ان پر کیا ہے۔ قلندر بابا بھی اس وقت بہت خوش تھے۔ کہنے لگے۔ ”ہاں بھئی چلو دیکھ لیتے ہیں۔“ ہم تینوں ایک راستے پر خوشی کے عالم میں تقریباً دوڑتے ہوئے چل پڑے۔ راستے کے اختتام پر سامنے نظر گئی تو ایک لمحے کو ٹھٹک کر رہ گئی کہ ارے یہ تو حضور پاک ﷺ کھڑے ہیں۔ آپ ﷺ کا جسمِ مبارک نیلی روشنیوں کا بنا ہوا نظر آیا۔ میں خوشی کے عالم میں حضور ﷺ کے بالکل قریب پہنچ گئی۔

حضور ﷺ نے اپنے دونوں بازو میری جانب بڑھا دیئے اور مجھے اپنے سینے سے لگا لیا۔ آپ ﷺ کے سینے سے لگتے ہی میرا جسم روشنیوں میں تحلیل ہونے لگا۔ اسی وقت خیال آیا کہ یہ حضور پاک ﷺ کا علم ہے۔ پھر ہم دوسرے راستے پر گئے۔ وہاں بھی اسی طرح حضور ﷺ کھڑے ہوئے نظر آئے۔ دیکھا آپ ﷺ کا جسم نارنجی روشنیوں کا بنا ہوا ہے۔ تیسرے راستے پر آپ ﷺ کی شبیہِ مبارک بینگنی رنگ کی دکھائی دی، چوتھے پر سفید رنگ کی۔ میرے ذہن میں اچھی طرح آ گیا کہ روشنیوں کے یہ تمام پیکر حضور پاک ﷺ کے علم کا عکس ہیں۔

علم چونکہ باطنی صفات ہیں۔ باطنی صفات کو ظاہر کرنے کے لیے ایک پردے کی ضرورت ہے۔ باطنی صفات نور کی شکل ہیں۔ اس نور نے ظاہر ہو کر اپنے ظاہر کی شکل اختیار کر لی۔ جس کی وجہ سے میں پہچان گئی کہ یہ حضور پاک ﷺ کا علم ہے۔

دوسرے دن میں نے بابا جی کو فون کیا۔ بابا جی اس وقت لندن میں مقیم تھے۔ یہ واردات سنائی اور پوچھا کہ میں نے جو کچھ دیکھا اس سے کیا مراد ہے؟

بابا جی نے فرمایا۔ ”حضور پاک ﷺ کی نسبت حاصل ہوئی ہے۔“


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی