Topics

شفا کی روشنی

 

صبح کے وقت مراقبہ میں دیکھا کہ بابا جی میرے قریب ہیں اور آپ کے اندر سے روشنیاں نکل کر میرے چھ نقطوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ کافی دیر تک بابا جی کی روشنیاں میرے نقطوں میں جذب ہوتی رہیں۔ پھر یہ تمام نقطے ستارے کی مانند نظر آنے لگے اور ان سب کے اندر سے روشنی کی شعاعیں نکل کر میری پیشانی میں جمع ہونے لگیں۔ یہ تمام روشنیاں پیشانی کے اندر کی جانب آ کر رک گئیں اور باہر خارج نہیں ہوئیں۔ روشنیاں باہر خارج نہ ہونے کی وجہ سے میرے جسم کے اندر ذخیرہ ہوتی گئیں اور اس قدر تیز روشنی میرے اندر محسوس ہوئی کہ خود میری ہی آنکھیں ایک لمحے کو چندھیا گئیں مگر دوسرے ہی لمحے میں نے دیکھا کہ انہی روشنیوں کے اندر بابا جی کھڑے ہیں اور میں بھی آپ کے پاس کھڑی ہوں۔

بابا جی نے ایک پھولوں سے بھری ہوئی باسکٹ میری طرف بڑھائی اور فرمایا یہ پھول ہم تمہارے لیے لائے ہیں۔ میں نے انہیں ہاتھ میں لیا اور دیکھا تو اس کے اندر ہر قسم کے پھول تھے۔ گلاب، چنبیلی، چمپا اور بنفشہ وغیرہ وغیرہ۔ یہ پھول مختلف رنگوں کے تھے۔ جب میں انہیں اچھی طرح دیکھنے لگی تو مجھے ہر پھول کے نیچے شہد کی دھار نظر آئی جو پھول کے اندر سے نکل رہی تھی۔ میں نے کہا۔ ”بابا جی ہر پھول میں سے شہد نکل رہا ہے۔“ بابا جی نے فرمایا۔ ”بیٹی یہ کل ۳۶۰ پھول ہیں اور ہر پھول کے شہد کا مزا مختلف ہے۔“ میں نے ایک دم خوشی سے کہا کہ ارے بابا جی کتنی خوشی کی بات ہے کہ ۳۶۰ پھول آپ نے دیئے۔

۳۶۰ کے ۹ عدد بنتے ہیں اور ۹ میرا لکی نمبر ہے۔ بابا جی نے فرمایا کہ ”ہاں ۹ تمہارا لکی نمبر ہے۔ تم ہر پھول کے شہد کو چکھو۔“ تب میں نے بابا جی کے فرمانے کے مطابق شہد چکھا۔ مراقبہ میں میں اس وقت آلتی پالتی مار کر بیٹھ گئی اور آہستہ آہستہ اندر کی جانب سانس لینی شروع کی۔ خوب لمبی سانس لے کر سینے میں روکے بغیر آہستہ آہستہ ناک کے راستے باہر نکال دی۔ اس طرح بابا جی کے کہنے کے مطابق گیارہ سانسیں لیں۔ بابا جی نے فرمایا ان گیارہ سانسوں میں تم نے ۳۶۰ پھولوں کے ۳۶۰ قسم کے شہد کو چکھا ہے۔

یہ شہد شفا ہے اور ان کے اندر ہر قسم کی بیماری کا علاج ہے۔ پھر بابا جی نے میرا ہاتھ پکڑا اور فرمایا اب ہم تم کو حضور پاک ﷺ کے دربار مبارک میں لے کر چلتے ہیں۔ یہ دربار اعراف میں ہے اور یہ دربار بالکل اسی طرز پر ہے جس طرز پر آپ ﷺ دنیا میں اپنی زندگی میں رہتے تھے اور دربار میں بھی صحابہ کرامؓ بالکل اسی طرح ہیں۔ ہم حضور پاک ﷺ کے دربار میں پہنچے۔ بابا جی اور میں نے حضور پاک ﷺ کو سلام کیا اور پھر بابا جی نے مجھے آپ ﷺ کے سامنے پیش کیا۔

میں نے حضور ﷺ سے قدم بوسی کی اجازت چاہی جو منظور کر لی گئی۔ پھر میں ادب کے ساتھ حضور ﷺ کے قدموں میں بیٹھ گئی۔ بابا جی نے فرمایا کہ میں نے سعیدہ کو اپنے اندر کی شفا کی تمام روشنیاں منتقل کر دی ہیں جو مجھے حضرت قلندر بابا اولیاءؒ نے عنایت فرمائی ہیں۔ تب حضور پاک ﷺ نے مجھے اپنے قریب آنے کا حکم دیا۔ میں آپ ﷺ کے بالکل قریب آ گئی۔

حضور پاک ﷺ نے میرے چہرے کو اپنے دونوں ہاتھوں میں لے لیا اور کنپٹیوں پر دونوں طرف سے پکڑ کر میرا سر اونچا فرمایا اور میری پیشانی پر آہستہ آہستہ پھونک ماری۔ مجھے محسوس ہوا کہ کافی دیر تک آپ ﷺ نے پھونک ماری۔ آپ ﷺ کے لبوں سے بہت ہی لطیف نور کی دھار نکل کر میری پیشانی کے اندر جذب ہو گئی۔ اس کے بعد میں نے آپ ﷺ سے کافی دیر تک سب کے لیے دعائیں مانگیں اور پھر بابا جی اور میں نے قدم بوسی کی اجازت طلب کی اور پھر آپ ﷺ کے دربار سے الٹے قدموں تعظیم بجا لاتے ہوئے ہم باہر نکل آئے۔

بابا جی سے میں نے کہا کہ بابا جی حضور پاک ﷺ کے پاس جاتے ہوئے مجھے آپ ﷺ کے رعب کی وجہ سے ڈر سا لگتا ہے۔ بابا جی نے فرمایا کہ حضور پاک ﷺ انتہائی رحیم و کریم ہیں۔ آپ ﷺ اس قدر شفیق ہیں کہ آپ ﷺ سے تو کسی چیونٹی کو بھی گزند پہنچنے کا گمان نہیں ہوتا۔ میں نے کہا کہ بابا جی یہ تو میں جانتی ہوں مگر اس کے باوجود بھی آپ ﷺ کا رعب طاری ہو جاتا ہے۔ آخر ایسا کیوں ہوتا ہے؟ فرمایا کہ حضور پاک ﷺ کے انوار انتہائی لطیف انوار ہیں مگر انتہائی لطافت رکھنے کے ساتھ ساتھ آپ ﷺ کے انوار انتہائی (Powerful) ہیں۔

جیسے بجلی کا انتہائی تیز کرنٹ رکھنے والا کیبل۔ جب کوئی شخص آپ ﷺ کے قریب جاتا ہے تو آپ ﷺ کے انوار کی طاقت کو دیکھ کر آپ ﷺ کا رعب اس کے دل پر طاری ہو جاتا ہے۔ پھر بابا جی نے فرمایا اب ہم قلندر بابا اولیاءؒ کے پاس چلتے ہیں۔ بابا جی نے قلندر باباؒ کو حضور پاک ﷺ کے دربار میں جانے کا تمام حال سنایا اور کہا کہ میں نے سعیدہ کو شفا کی روشنیاں دے دیں اور حضور پاک ﷺ کی منظوری بھی مل گئی ہے۔

اب آپ بھی اسے منظوری عطا کر دیں۔ قلندر باباؒ نے فرمایا یہ تو ہماری ہی خواہش تھی۔ ہم بہت خوش ہیں۔ اس کے بعد میں نے قلندر باباؒ کے دونوں پیروں پر تین تین بوسے لئے مگر بوسے لینے کے بعد ایک دم سے آپ کے پاؤں مجھے روشنیوں کے بنے ہوئے دکھائی دیئے اور آپ کا جسم بہت ہی خوبصورت روشنیوں کا بنا ہوا تھا۔ میں کچھ دیر نہایت ادب اور تعظیم کے ساتھ آپ کو دیکھتی رہی اور خیال آیا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنی کتنی لازوال روشنیاں قلندر باباؒ کے اندر ذخیرہ کر دی ہیں۔ کچھ دیر بعد میں نے اور بابا جی نے اجازت چاہی اور رخصت ہو گئے۔


 


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی