Topics

شہد ہر مرض کی شفا

 

سحری کے وقت مراقبہ میں دیکھا کہ حضور پاک ﷺ ایک باغ میں چہل قدمی فرما رہے ہیں۔ میں بھی آپ کے پیچھے چلتی جا رہی ہوں۔ تھوڑی دیر آپ کے پیچھے چلنے کے بعد میں نے دیکھا کہ میں پودوں کو پانی دے رہی ہوں۔ بالٹی بھر بھر کر پانی ہر پودے کی جڑ میں ڈالتی جا رہی ہوں۔ جس سے مرجھائے ہوئے پودوں میں جان آ جاتی ہے۔

حضور پاک ﷺ میرا یہ عمل دیکھتے ہیں اور مسکراتے جاتے ہیں۔ پھر آپ نے اپنا دستِ مبارک میری طرف بڑھا دیا اور فرمانے لگے۔ تم نے ان مرجھائے ہوئے پودوں میں جان ڈال دی ہے۔ ہم بہت خوش ہیں۔ ہم تمہیں اور پانی دیتے ہیں تاکہ تم اسی طرح پودوں کی آبیاری کرتی رہو۔ مجھے ایسا محسوس ہوا کہ آپ کے دستِ مبارک سے روشنیاں نکل کر میرے ہاتھ کے ذریعے سے میرے اندر پہنچ رہی ہیں۔

حضور پاک ﷺ میرا ہاتھ پکڑے ہوئے تھے۔ مجھے اپنے اندر خوب روشنی محسوس ہوئی اور حضور پاک ﷺ کی بے پناہ محبت دل میں امنڈ آئی۔ میں نے والہانہ انداز میں آپ ﷺ سے عرض کیا حضور ﷺ آپ مجھے بے حد اچھے لگتے ہیں۔ حضور ﷺ مجھے قدم بوسی کی اجازت عطا فرمائیں تاکہ دل کو چین ملے۔ حضور ﷺ نے اجازت دی تو میں نے آپ ﷺ کے قدم مبارک اور دستِ مبارک چومے اور بار بار میں یہی کہے جاتی تھی کہ حضور پاک ﷺ آپ مجھے بہت اچھے لگتے ہیں۔

تھوڑی دیر بعد حضور پاک ﷺ نے فرمایا۔ ”آؤ ہمارے ساتھ چلو۔“ آپ ﷺ نے میرا ہاتھ تھام لیا اور مجھے ساتھ لے کر چلے۔ ہم چلے ہی تھے کہ ایک دروازہ کھلا۔ ہم اس کے اندر داخل ہو گئے۔ میں سوچنے لگی کہ اس دروازے میں میں پہلی بار داخل ہوئی ہوں۔ اسی لمحے ایک گھوڑا گاڑی سامنے آ کر رکی۔ یہ گاڑی بہت ہی خوبصورت تھی جس میں دو سفید گھوڑے جیسے خوبصورت جانور جتے ہوئے تھے۔ حضور ﷺ نے مجھے اس میں بیٹھنے کا حکم دیا اور خود بھی میرے برابر اس میں بیٹھ گئے۔

گاڑی چلنے لگی۔ گاڑی میں کوئی کوچوان نہ تھا مگر گھوڑے خود اپنی منزل پہچانتے تھے۔ ہم ایک چشمے پر پہنچے۔ حضور ﷺ نے گھوڑوں کو رکنے کا حکم کا حکم دیا۔ یہ بہت خوبصورت مقام تھا۔ چاروں طرف سبزہ تھا اور گھنے درخت تھے اور درمیان میں ایک بہت ہی خوبصورت چشمہ تھا۔ حضور ﷺ نے مجھے گاڑی سے اترنے کا حکم دیا اور خود بھی گاڑی سے اتر آئے اور آپ ﷺ نے فرمایا۔ یہ چشمۂ شفا ہے۔ میں پانی میں اتر گئی اور خوب اچھی طرح اس میں ڈبکیاں لگائیں۔ میں نے سوچا کہ یہ تو شہد ہے۔

پھر حضور ﷺ نے فرمایا۔ پانی بھی پیو۔ ایک بار پیا تو حضور ﷺ نے فرمایا دوبارہ پیو۔ میں نے پیا تو فرمایا اور پیو۔ اس طرح میں نے آپ ﷺ کے فرمانے پر تین بار اچھی طرح اس چشمے کا پانی پیا جو شہد کی طرح تھا۔ اس کا رنگ بھی شہد جیسا ہی تھا۔ حضور ﷺ نے فرمایا شہد کا یہ چشمہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا فرمایا ہے اور ہمارے ذریعے سے ہماری امت کو اس سے فیضیاب فرمایا ہے۔ شہد میں ہر مرض کی شفا ہے۔ ہم یہ شفاء تم کو عطا فرماتے ہیں۔

جب مریض تمہارے پاس آئیں تو تم صبح شام ایک ایک چمچ شہد پر ۹ مرتبہ يَا وَلِيُّ يَا شَفِيْعُ پڑھ کر دم کر کے کھانے کے لیے کہو۔ یہ ہر مرض کے لیے شفا ہے۔ اس کے بعد حضور ﷺ نے میرے دل کو اپنے دونوں ہاتھوں میں لے لیا اور دل کی نالی کے ذریعے سے اس کے اندر آہستہ آہستہ پھونک ماری۔ جوں جوں حضور ﷺ پھونکتے جاتے تھے میرا دل پارے کی طرح روشن ہوتا جاتا تھا۔ تھوڑی دیر بعد حضور ﷺ نے دل کو اس کے مقام پر رکھ دیا۔

میرا دل اندر سے پارے سے بھرا ہوا نظر آنے لگا۔ میرے دل میں حضور پاک ﷺ کی محبت کی لہریں اُٹھنے لگیں۔ میں نے قدم بوسی کی اجازت چاہی اور اجازت ملنے پر آپ ﷺ کے قدم مبارک اور دستِ مبارک والہانہ چومنے لگی اور بار بار آپ ﷺ سے اپنی محبت کا اظہار کرتی رہی۔


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی