Topics

حضرت بی بی فاطمہؓ

 

مغرب کی نماز کے بعد تسبیح کرتے ہوئے اچانک نظر سے پردہ ہٹ گیا۔ دیکھا کہ ایک بہت ہی خوبصورت محل ہے۔ میں اس محل کے اندر ہوں اور اِدھر اُدھر کسی کو نہ پا کر آواز دیتی ہوں۔ میری آواز سن کر حضرت بی بی فاطمہؓ تشریف لاتی ہیں۔ مجھے اپنے سینے سے لگا کر سر اور ماتھا چومتی ہیں۔ مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے میں بالکل معصوم بچی ہوں۔ حضرت بی بی فاطمہؓ میرے سر پر چادر ڈالتی ہیں۔ پھر میرے ہاتھ میں قرآن مجید دیتی ہیں جو میں سینے سے لگا لیتی ہوں۔ پھر میرے ہاتھ میں گلاب کا پھول دیتی ہیں اور فرماتی ہیں۔

”بیٹی سرورِ کائنات رحمت للعالمین سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے پاس جاؤ۔ سب سے پہلے بہت ادب کے ساتھ اور جھک کر انہیں سلام کرنا۔ پھر یہ پھول پیش کرنا۔ کہنا کہ بی بی فاطمہؓ نے مجھے بھیجا ہے اور یہ پھول آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔ پھر ان سے نہایت ادب کے ساتھ ہاتھ باندھ کر عرض کرنا کہ آپ ﷺ کی لختِ جگر نے فرمایا ہے کہ آپ ﷺ مجھے قرآن مجید پڑھا دیں۔“

حضرت بی بی فاطمہؓ خوب اچھی طرح مجھے سمجھاتی ہیں۔ جیسے کسی چھوٹے سے بچے کو سمجھاتے ہیں۔ پھر ہاتھ پھیر کر دعائیں دیتی ہیں اور جانے کی اجازت دیتی ہیں۔

میں جانے کے لئے محل کے دروازے سے باہر آتی ہوں اور دوسرے ہی لمحے اپنے آپ کو حضور پاک ﷺ کے قریب کھڑا ہوا دیکھتی ہوں۔ قریب جا کر اس طرح جھک کر سلام کرتی ہوں اور بہت خوب ادب کے ساتھ پھول پیش کرتی ہوں اور عرض کرتی ہوں۔ ”یہ پھول حضرت بی بی فاطمہؓ نے بھیجا ہے۔“

سرکارِ دو عالم ﷺ اپنی پیاری بیٹی کا نام سن کر پھول لے لیتے ہیں اور پھول لے کر اسے چوم کر اس کی خوشبو سونگھتے ہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے حضرت بی بی فاطمہؓ کی محبت کے سرور میں ڈوب گئے ہیں۔ پھر ایک لمحے بعد آنکھیں کھول کر مجھے دیکھتے ہیں اور فرماتے ہیں:

”یہاں آؤ! تم بھی ہماری بیٹی ہو۔“ اور نہایت ہی محبت و شفقت کے ساتھ فرماتے ہیں:

”یہ قرآن کس نے دیا ہے۔“

میں کہتی ہوں، حضور ﷺ یہ بی بی فاطمہؓ نے دیا ہے۔ انہوں نے فرمایا تھا کہ آپ ﷺ سے عرض کروں کہ آپ مجھے اس کا درس دے دیں۔ حضور پاک ﷺ ایک گہری نظر مجھ پر ڈالتے ہیں اور فرماتے ہیں۔

”تم کیوں پڑھنا چاہتی ہو بیٹی!“

میں نے کہا ”مجھے علم سیکھنے کا بے حد شوق ہے۔ اس وجہ سے خاص طور پر بی بی فاطمہؓ نے مجھے آپ ﷺ کے پاس بھیجا ہے۔“

حضور پاک ﷺ بہت زیادہ شفقت کے ساتھ فرماتے ہیں۔

”ہماری بیٹی کو قرآن پڑھنے کا شوق ہے تو ہم ضرور پڑھائیں گے، ضرور پڑھائیں گے، آؤ بیٹھ جاؤ۔“

میں بیٹھ جاتی ہوں۔ میں بہت سنبھل کر اور بڑے ادب کے ساتھ اپنے سامنے ایک رحل رکھتی ہوں۔ رحل حضور پاک ﷺ مجھے دیتے ہیں۔ میں آپ کے حکم سے قرآن کھولتی ہوں۔ سامنے حضور پاک ﷺ تشریف رکھتے ہیں۔

پہلی سطر پر حضور ﷺ اپنی انگلی رکھ کر فرماتے ہیں۔

”پڑھو بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ اِقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِيْ خَلَقَ۔“

میں یہی آیت دہراتی ہوں۔ اسی لمحے میری نظر کے سامنے ۱۹۵۴ء میں دیکھا ہوا خواب آ جاتا ہے۔ اس زمانے میں، میں اسکول میں پڑھتی تھی۔ میں نے خواب میں دیکھا تھا کہ رحل کے اوپر ایک بہت ہی بڑا قرآن شریف رکھا ہے اور ایک ہاتھ ہر ہر سطر پر انگلی رکھ کر مجھے پورا قرآن مجید پڑھا رہا ہے۔ مجھے یہی احساس تھا کہ یہ اللہ کا ہاتھ ہے اور اللہ کی آواز ہے۔

اب وہی خواب نظروں میں آ جاتا ہے۔ میں سوچتی ہوں کہ اُس وقت جو میں نے محسوس کیا تھا کہ یہ اللہ کا ہاتھ ہے تو حقیقت میں یہ حضور پاک ﷺ کا ہاتھ ہے۔ اس بات کی توجیہ بھی خود ہی ذہن میں آ جاتی ہے کہ حضور پاک ﷺ اللہ تعالیٰ کے محبوب ہیں۔ آپ کے اندر اللہ تعالیٰ کی روشنی کام کر رہی ہے۔ کوئی بھی بندہ جو قربِ فرائض اور قربِ نوافل کے ساتھ اللہ تعالیٰ سے قریب ہو جاتا ہے تو اس کا رابطہ براہِ راست حضور ﷺ سے ہو جاتا ہے اور اس بات پر ہم سب یقین رکھتے ہیں کہ حضور ﷺ کا رابطہ براہِ راست اللہ سے ہے۔ قرآن کی اس آیت میں تفکر کریں تو یہ بات سمجھ میں آ جائے گی۔

يَدُ اللّٰهِ فَوْقَ اَيْدِيْهِمْ

ترجمہ: ”اللہ کا ہاتھ تھا اُن کے ہاتھوں پر“۔ اللہ تو بس نور ہے۔ جیسے کہ سمندر۔ اس کے پانی کو گلاس میں بھریں تو گلاس کی شکل ہو جائے اور پیالے میں بھریں تو پیالے کی شکل ہو جائے۔ حقیقت میں پیاس تو پانی ہی سے بجھتی ہے۔

حضور پاک ﷺ کے ذریعے سے اللہ ہی بندوں کی ہر ضرورت پوری کر رہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ پاک نے فرمایا ہے کہ جب کوئی بندہ اُٹھتے بیٹھتے مجھے یاد کرتا ہے تو میں اس کے ہاتھ بن جاتا ہوں، اس کی زبان بن جاتا ہوں۔ وہ میرے ہی ذریعے سے ہر کام کرتا ہے۔ یعنی اس کے اندر اللہ کا ارادہ یا امر کام کرنے لگتا ہے۔ میں سوچتی ہوں کہ میرے اس خواب کی یہی حقیقت ہے کہ اصل میں اللہ ہی کا امر مجھے حضور پاک ﷺ کی صورت میں پڑھا رہا ہے۔ تھوڑی دیر بعد سنجیدگی کے ساتھ کہتی ہوں۔ ”حضور ﷺ مجھے اسمِ اعظم کے علوم سکھا دیجئے۔“ حضور پاک ﷺ نہایت ہی مدبرانہ انداز میں فرماتے ہیں۔

”تم جانتی ہو بیٹی کہ اسمِ اعظم کیا ہے؟“ میں اطمینان سے جواب دیتی ہوں۔ ”حضور ﷺ میں جانتی ہوں کہ اسمِ اعظم ذات کے علوم ہیں۔“

حضور ﷺ یہ سن کر اُٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور میرا ہاتھ پکڑ لیتے ہیں۔ ”کیوں نہیں آخر تم میری لختِ جگر فاطمہؓ کی اولاد ہو۔“ یہ کہہ کر مجھے لے کر چلتے ہیں۔ کچھ دور چلنے کے بعد ایک سرنگ آتی ہے۔ اس سرنگ میں بالکل ہی اندھیرا ہے۔ جیسے ہی ہم سرنگ میں پہنچتے ہیں، حضور پاک ﷺ کے نور سے یہ روشن ہو جاتی ہے۔ ہم اس روشنی میں آگے بڑھتے ہیں۔ لمبی سرنگ پار کر کے ہم کھلی جگہ پہنچ جاتے ہیں۔ یہاں جگہ جگہ زمین پر ہیرے پڑے نظر آتے ہیں۔ میں خوش ہو کر کہتی ہوں۔ ”حضور ﷺ کیا یہ اسمِ اعظم ہے؟“

حضور ﷺ فرماتے ہیں۔ ”بیٹی اسمِ اعظم تو اس کان کی گہرائی میں ملے گا۔“

میں آگے جا کر کان کے سوراخ کے اندر جھانکتی ہوں۔ سوچتی ہوں کس قدر گہری کان ہے۔ نیچے تہہ کے پاس دیواروں میں چھوٹے چھوٹے ہیرے چمکتے ہیں۔ میں پھر پوچھتی ہوں۔ ”حضور ﷺ کیا یہ اسمِ اعظم ہے؟“

حضور ﷺ کان کے اندر جھانکتے ہیں اور فرماتے ہیں۔ ”بیٹی یہ جو دیواروں پر اور تہہ کے اندر رنگین چھوٹے چھوٹے ہیرے ہیں یہ اسمائے الٰہیہ ہیں۔ جو صفاتی اسم ہیں۔ اسمِ اعظم اس کان کی تہہ میں ساری کان کے اندر جو ایک ہیرا پھیلا ہوا ہے، یہ ہے۔“

میں دیکھتی ہوں، یہ حسین ترین ہیرا ہے۔ جو ساری کان جتنا بڑا ہے۔ کان کی تہہ میں فرش پر غرض ہر جگہ یہ ایک ہیرا سمایا ہوا ہے۔ میں کہتی ہوں حضور ﷺ اس کو کیسے نکالوں۔

حضور ﷺ فرماتے ہیں۔ ”بیٹی ہمت کرو اور کان کے اندر اتر جاؤ۔ تم ہیرا نکال لو گی۔“

میں حضور ﷺ کے فرمانے پر اندر اترتی ہوں اور آسانی کے ساتھ ہیرا لے کر اوپر آ جاتی ہوں۔ یہ ہیرا اتنا بڑا ہے کہ میرے دونوں ہاتھوں پر جیسے کوئی بہت بڑا تھال رکھا ہے۔ میں خوشی خوشی حضور ﷺ کے سامنے دیکھتی ہوں۔ ہیرا اتنا بڑا ہے کہ خیال آتا ہے اتنا بڑا ہیرا ہاتھوں میں سمانا مشکل ہے۔ اسے میں کہاں سجاؤں گی۔ نہ گلے میں پہن سکتی ہوں نہ جسم کے کسی اور حصے پر سجا سکتی ہوں۔ اس لمحے حضور پاک ﷺ میرے اس تفکر سے آگاہ ہو کر ہیرے پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

اب یہ ہیرا میرے ہاتھ میں چھوٹا ہو جاتا ہے۔ یہ بڑا خوبصورت سرخ رنگ کا دکھائی دیتا ہے۔ میں بے حد خوش ہو جاتی ہوں اور خوشی خوشی اس کو ہاتھ میں لے کر چومتی ہوں۔ واپس آ کر پھر میں اسی جگہ حضور ﷺ کے پاس بیٹھ جاتی ہوں۔ حضور ﷺ تکیے کے سہارے بیٹھ جاتے ہیں۔ میں سوال کرتی ہوں حضور ﷺ اللہ تعالیٰ رب العالمین ہیں اور آپ رحمت للعالمین ﷺ ہیں۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ ہمارے علاوہ بھی بے شمار دنیائیں اور عالمین ہیں۔ ورنہ اللہ میاں عالمین نہ کہتے، صرف ایک عالم کہتے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ تمام عالمین کے لئے باعثِ رحمت ہیں۔ تو حضور ﷺ جس طرح اللہ نے آپ کو رحمت بنا کر بھیجا اور آپ پیدا ہوئے، اسی طرز پر دوسری دنیاؤں میں بھی آپ کو رحمت بنا کر بھیجا جاتا ہوگا اور آپ وہاں کے لوگوں کے درمیان پیدا ہوئے ہوں گے۔ کیونکہ ہر عالم کی مخلوق کو اللہ کی رحمت کی ضرورت ہے۔ حضور ﷺ یہ کیسے ہو سکتا ہے کہ آپ ایک سے زیادہ عالمین میں پیدا کئے جائیں۔“

حضور پاک ﷺ نے اسی طرح گاؤ تکیے کے سہارے لیٹے ہوئے ایک گہری نظر مجھ پر ڈالی اور فرمایا۔ ”سبحان اللہ بیٹی! تمہارا سوال بہت غور طلب ہے۔ تمہاری سمجھ میں یہ بات آ جائے گی۔ ہم تمہیں بتاتے ہیں۔ ہماری جانب دیکھو۔“ میں نے دیکھا حضور پاک ﷺ کے جسم کے ایک ایک روئیں سے ایک ایک نور کا تار بندھا ہوا ہے۔ یہ تمام بندھے ہوئے تار بہت دور دور جا رہے ہیں۔ ہر تار کے ساتھ ایک ایک نظامِ شمسی بندھا ہوا ہے۔ اس لمحے ساری کائنات کا دائرہ میری نظر میں آ گیا۔

دیکھا کہ ساری کائنات حضور پاک ﷺ کے بالوں اور روئیں روئیں سے بندھی ہوئی ہے۔ حضور ﷺ نے فرمایا۔ ”دیکھا تم نے ساری کائنات ان تاروں کے ذریعے روئیں روئیں سے بندھی ہوئی ہے۔ نور کا ہر تار ہمارے تفکر کا تار ہے۔ ہر نظامِ شمسی کے اندر ایک تفکر کی روشنی ہے۔ ہر تفکر کی روشنی دوسرے سے مختلف ہے۔ یہ صفات کی روشنی ہے۔ ہر تفکر ایک مکمل نظام ہے۔ ہر نظامِ شمسی کو اس تفکر سے روشنی ملتی ہے۔ ہر تفکر مختلف ہونے کی وجہ سے ہر نظامِ شمسی کے اندر اللہ تعالیٰ کی مختلف صفات کام کر رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہر نظامِ شمسی کے اندر مخلوق کے جسم مختلف ہیں۔ کہیں مٹی کی طرح، کہیں شیشے کی طرح، کہیں روشنی اور کہیں پتھر کی طرح۔ غرض کہ تفکر کے اندر کی روشنیاں پورے نظام میں منتقل ہوتی ہیں۔ صفات مختلف ہیں۔ مگر ذات ایک ہی ہے۔ جیسا کہ تم دیکھ رہی ہو ہماری ذات اللہ تعالیٰ کی ذات کا صفاتی مظہر ہے۔ جیسا کہ اللہ نے فرمایا ہے کہ وَاَطِيْعُوا اللّٰهَ وَاَطِيْعُوا الرَّسُوْلَ۔ اللہ کی فرمانبرداری رسول کی فرمانبرداری ہے اور رسول کا فرمان اللہ ہی کا فرمان ہے۔ ذات کا شعور وحدانیت کا شعور ہے اور یہ شعور ہر تفکر کے اندر کام کر رہا ہے۔ کیونکہ ہر تفکر کا تار ذات سے وابستہ ہے۔ جب مخلوق اپنی حاجت کے لیے ذاتِ خداوندی کی طرف رجوع کرتی ہے تو اللہ تعالیٰ کی صفتِ ربانیت حرکت میں آ جاتی ہے۔ ہماری ذات اللہ تعالیٰ کی صفتِ ربانیت کا مظہر ہے اور مخلوق کی حاجتیں ہمارے ذریعے سے پوری ہوتی ہیں۔“ (قارئینِ کرام! یہاں آپ اس حدیثِ نبوی ﷺ پر تفکر کریں ”اِنَّمَا اَنَا قَاسِمٌ وَّاللّٰهُ يُعْطِيْ“ یعنی اللہ عطا کرنے والے ہیں اور میں اللہ کی عطا کردہ نعمتوں کو مخلوق میں اللہ کے حکم سے تقسیم کرنے والا ہوں۔)

”وَعَلَّمَ اٰدَمَ الْاَسْمَآءَ كُلَّهَا۔ یعنی ہم نے آدمؑ کو تمام اسمائے الٰہیہ کے علوم سکھا دیئے۔ اس قانون کے تحت ذات کا تفکر مخلوق کے اندر کام کرتا ہے تو مخلوق کو علم الاسماء سکھانے کے لیے ذات کا تفکر بشر کا لباس پہن کر ان کے درمیان آ جاتا ہے۔ جیسا کہ اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے کہ ہم نے تم ہی میں سے ایک رسول بھیجا ہے۔ جو تمہاری طرح کھاتا ہے، پیتا ہے، تمہاری زبان بولتا ہے اور سب کام تمہاری ہی طرح کرتا ہے۔ تمہاری ہی طرح اس کی صورت ہے تاکہ مخلوق اسے اپنے تفکر سے قریب جان سکے اور سمجھ سکے۔ یہ سب کام تفکر کے آٹو میٹک نظام کے ذریعے سے عمل میں آتے ہیں۔“

میں نے کہا ”حضور ﷺ اگر ہر تفکر ایک آٹو میٹک نظام ہے تو اس کا مطلب ہے کہ کائنات میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کی خبر آپ ﷺ کو نہیں ہو سکتی کیونکہ سب کام تو خود بخود مشین کی طرح عمل میں آ رہے ہیں۔“

اس لمحے حضور پاک ﷺ نے میرے بازو کا ہلکے سے ایک رواں کھینچا۔ میرے منہ سے بے ساختہ آہ نکل گئی۔

حضور ﷺ نے پوچھا۔ ”کیا ہوا؟“

میں نے کہا۔ ”حضور ﷺ درد ہوا۔“

فرمایا۔ ”کہاں ہوا؟“

میں نے کہا (روئیں کی طرف اشارہ کر کے) ”یہاں ہوا اور یہ درد سارے جسم میں پھیل گیا۔“

حضور ﷺ نے فرمایا۔ ”ہمارے جسم کی طرف دیکھو۔ ہر تفکر کا تار ہمارے روئیں سے بندھا ہے۔ جب ان تاروں میں حرکت ہوگی تو ہر روئیں میں ہوگی یا نہیں۔“ میں نے کہا ”جی ہاں حضور ﷺ! جب ہاتھ میں تکلیف ہوتی ہے تو یہ تکلیف سارا جسم محسوس کرتا ہے اور پھر یہ درد سارے بدن میں سرائیت کر جاتا ہے۔“

حضور ﷺ نے فرمایا ”جیسے ایک روئیں کے درد کا ادراک سارے جسم کو ہو گیا اسی طرح ہمیں بھی کائنات کی ہر ہر حرکت کا علم رہتا ہے اور ہر حرکت کا ادراک ہماری پوری ذات کو ہوتا ہے۔ کائنات کا ذرہ ذرہ ہمارے روئیں کی طرح ہے۔ اسی لئے تو اللہ نے انسانوں کو ہمارا ادب اور تعظیم کرنے کا حکم دیا ہے اور امر و نواہی کے اصول بتائے ہیں۔“

یہ سن کر میں نے بے ساختہ نہایت ہی محبت کے ساتھ حضور پاک ﷺ کی قدم بوسی کے لئے اپنا سر جھکا دیا۔



Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی