Topics

وادئ محمدی ﷺ

 

حضرت بایزید بسطامیؒ اپنی روحانی معراج کے واقعہ میں بیان فرماتے ہیں ”میں تیس ہزار برس تک وحدانیت کی فضا میں اُڑا اور تیس ہزار سال تک فضائے اُلوہیت میں پرواز کرتا رہا۔ تیس ہزار سال تک فضائے فردانیت کی سیر کی۔ جب نوے ہزار سال پورے ہوئے تو میں نے بایزید کو دیکھا تو مجھ پر ظاہر ہوا کہ جو کچھ میں نے معائنہ کیا وہ سب بایزید ہی کا معائنہ تھا۔ پھر میں نے چار ہزار درجے طے کئے اور اولیاء اللہ کا درجۂ کمال حاصل کیا۔ پھر میری روح نے جنت، دوزخ اور تمام ملکوت کی سیر کی اور جب ارواحِ انبیاء سے ملاقات ہوئی تو سلام علیک کہا۔ پھر جب میری روح حضرت خاتم الانبیاء علیہ التحیۃ والثناء کے سامنے پہنچی تو دیکھا کہ آگ کے سمندر میں ایک راہ ہے اور ہزاروں پردے نور کے درمیان میں حجاب کے ہیں۔ کسی طرح میری روح، روحِ حضرت محمد ﷺ کی زیارت نہ کر سکی اور شدید رُعب سے بے ہوش ہو گئی۔ جب ہوش میں آئی تو دور ہی سے سلام کر کے شرف حاصل کیا۔ گو مجھے قربِ باری حاصل ہوا لیکن حضرت محبوبِ باری ﷺ تک رسائی نہ ہوئی اور اصل یہ ہے اللہ ہر شخص کے ساتھ اور قریب ہے۔ اسے ہر ایک اپنے حوصلہ کے موافق دیکھ سکتا ہے لیکن وادئ زیارتِ محمدی ﷺ میں اس وقت قدم رکھ سکتا ہے جب وادی لا الہ الا اللہ کو طے کرے اور دراصل یہ دونوں وادیاں ایک ہی ہیں۔“ (از تذکرۃ الاولیاء)

حضرت شاہ ولی اللہؒ نے کتاب فیوض الحرمین میں لکھا ہے ”میں رسول اللہ ﷺ کے سامنے کھڑا ہوا اور آپ ﷺ کو سلام کیا اور کمال عاجزی سے آپ ﷺ کے حضور میں ہاتھ پھیلائے اور اپنی روح کو آپ ﷺ کی جانب متوجہ کیا۔ آپ ﷺ کے یہ انوار وہ تجلی ہیں جس سے تمام عالم بندھا ہوا ہے اور میں نے دیکھا کہ یہ تجلی آپ ﷺ کی روح مبارک میں داخل ہے۔ جن سے تمام عالم قائم ہے یہ تجلی حقیقتِ محمدیہ کی حقیقت ہے اور اسی سے ہر ایک قطب اور نبی متکلم کو حصہ ملا ہے۔“

روحانی معراج روح کی وہ اطلاعات ہیں جو لاشعور کے ذریعے شعور کو پہنچتی ہیں۔ لاشعوری دماغ کے اندر باطنی حواس کام کرتے ہیں۔ باطنی حواس روح کی ایسی صلاحیتیں ہیں جن صلاحیتوں کے ساتھ ہم ظاہری حواس کی حدود سے باہر کے عالمین کا مشاہدہ اور ادراک کر سکتے ہیں۔ حواس کے اِس رُخ میں ہر اطلاع روح کی جانب سے شعور کو براہِ راست ملتی ہے۔ روح کی ہر اطلاع نوری تمثلات ہیں۔ یہ نوری تمثلات غیب کی خبروں پر مشتمل ہیں۔ غیب کی ہر خبر لوحِ محفوظ کے خاکے یا تصاویر ہیں۔

رُوح جب لوحِ محفوظ پر نظر کرتی ہے تو نظر کی روشنی میں یہ خاکے منتقل ہو جاتے ہیں۔ روح کی نظر ان خاکوں کے ساتھ کائنات کے اندر جس جس اسپیس سے ٹکراتی ہے اس اسپیس میں ان خاکوں کا وجود کائنات کی اشیاء کے طور پر نظر کے سامنے آ جاتا ہے۔ روح کی نظر کائنات کے ان خاکوں کو دو رُخوں یا حواس کی دو اقسام کے ساتھ دیکھتی ہے۔ ایک رات کے حواس ہیں اور دوسرے بیداری کے حواس۔ رات کے حواس ٹائم اینڈ اسپیس کی حدود سے آزاد ہیں جب کہ بیداری کے حواس کا ایک دائرہ ہے۔

جس کے اندر حواس کی متعین مقداریں کام کرتی ہیں۔ یہی متعین مقداریں ٹائم یا وقت کی بنیاد ڈالتی ہیں۔ حواس کے یہی دائرے جب لوحِ محفوظ کے خاکوں کے اطراف میں جمع ہو جاتے ہیں تو لطافت کے اعتبار سے ان کے مراتب تجلی، نور، روشنی اور نسمہ کے نام سے پکارے جاتے ہیں اور لوحِ محفوظ کے خاکے ان چاروں درجوں میں کائنات کا ڈسپلے کرتے ہیں۔ ظاہری حواس نسمہ کے حواس ہیں جن کے ذریعہ ہم مادّی دنیا کی ہر شے کو محسوس کرتے ہیں۔ انسان کو اللہ تعالیٰ نے حواس کی تبدیلی کے علوم عطا فرمائے ہیں۔

وہ دنیا میں رہتے ہوئے اپنے اطراف میں پھیلے ہوئے حواس کے دائروں کی مقداروں کو گھٹا بڑھا سکتا ہے۔ مقداروں کے گھٹنے بڑھنے سے حواس میں تبدیلی واقع ہو جاتی ہے اور بیداری کے حواس نیند کے حواس میں اور نیند کے حواس بیداری کے حواس میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔ روحانی واردات و کیفیات رات کے حواس سے کائنات کا مشاہدہ کرنا ہے۔ رات کے حواس جب بیداری کے حواس پر پوری طرح غالب آ جاتے ہیں تو لاشعور کے خاکے ذہن سے نکل کر ارادے میں منتقل ہو جاتے ہیں اور قلب کی نظر اسے ذہن کے پردے میں دیکھ لیتی ہے۔

روحانی واردات میں وقت کا تعین زمانۂ غیب میں نگاہ کی روشنی کے تنزل اور صعود کی اسپیڈ کو ظاہر کرتا ہے۔ قلب کی یہ نگاہ ہمارے ذہن کی ایک فکر ہے۔ فکر جس رُخ میں کام کرتی ہے، دوسرے رُخ کو اس کی اطلاع بہم پہنچاتی ہے اور اس اطلاع میں وقت یا زمان کا تعین ذہن میں آ جاتا ہے جیسا کہ حضرت بایزید بسطامیؒ کی واردات میں تیس ہزار سال تک پرواز کرنے کا ذکر ہے۔

وادی لا الہ الا اللہ ربوبیت کی تجلیوں کا عالم ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ سے کائنات کے انتظامی امور کی جو تجلیاں نازل ہوتی ہیں ان تمام تجلیات کا مرکز یہ عالم ہے۔ ربوبیت کی ہر تجلی اسمائے الٰہیہ کی ہستیاں ہیں جو ذات کے جلوے ہیں۔ ذات کے یہ جلوے کائناتی امور کے ساتھ وادئ محمدی ﷺ میں جلوہ گر ہوتے رہتے ہیں۔ سدرۃ المنتہیٰ کے مقام پر ان جلوؤں کے نور کا ہجوم ہر وقت رہتا ہے۔ سورۂ النجم کے آغاز میں انہی جلوؤں کے انوار کا تذکرہ ہے اور حضور پاک ﷺ کے ان جلوؤں سے قابَ قوسین ہونے کا ذکر آیا ہے۔

حضور پاک ﷺ کی محبت کے ساتھ ان مقامات کا مشاہدہ قلب کی واردات و کیفیات میں کیا جا سکتا ہے۔ یہ مقامات حضور پاک ﷺ کی معراج کی سیر سے تعلق رکھتے ہیں۔ کوئی بندہ جب حضور پاک ﷺ کی محبت سے ان مقامات کی سیر کرتا ہے تو اسے اُس کی روحانی معراج کہا جاتا ہے۔

ذاتِ باری تعالیٰ کی جانب سے جو بھی تجلی نازل ہوتی ہے اللہ تعالیٰ کی صفتِ تدلّٰی کے تحت یہ تجلی اسمائے الٰہیہ کی تشکیل کرتی ہے یعنی ذاتِ باری تعالیٰ کے حکم سے تجلی اسمائے الٰہیہ کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ جو ذات کے جلوے ہیں۔ یہ جلوے تجلی کے جمال کی صورت ہیں۔ جو تجلی کی روشنی سے تشکیل پاتے ہیں۔ ذاتِ باری تعالیٰ ان جلوؤں سے ماوراء ہے۔ ان جلوؤں کے اطراف میں ان جلوؤں کے جمال کا نور گھیرے ہوئے ہے۔ اسمائے الٰہیہ کے ہر جلوے کے اطراف میں نور دائروں کی صورت میں موجود ہے اور ہر اسمائے الٰہیہ کے اطراف ایک لاکھ چوبیس ہزار دائرے نور کے ہیں جو لطافت میں صفتِ تدلّٰی کی نورانیت سے معمور ہیں۔

صفتِ تدلّٰی اللہ تعالیٰ کی ہستی ہے اور اس ذات کا نظارہ کرنے والی نظر محمد رسول اللہ ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ کی تجلیاں ذات سے نزول کر کے اسمائے الٰہیہ کی صورت میں نظرِ محمد رسول اللہ ﷺ پر نازل ہوتی رہتی ہیں۔ وہ مرکز جہاں تجلیوں کا نزول ہے حجابِ محمود کہلاتا ہے۔

حضور پاک ﷺ کی نگاہ حواس کے ایک لاکھ چوبیس ہزار دائرے طے کر کے حجابِ محمود کے پردے میں اپنے رب سے ملاقات کرتی ہے۔ اسی کو قرآن کی زبان میں قابَ قوسین ہونا کہا گیا ہے۔ حضور پاک ﷺ کی نگاہ کا ہر دائرہ کسی ایک پیغمبر علیہ الصلوٰۃ والسلام کے علوم کا دائرہ ہے۔ وادئ محمدی ﷺ کے ذاتی ادراک، مشاہدے اور علوم ہیں۔ یہ تمام علوم اسمائے الٰہیہ کی ہستیوں کے علوم ہیں۔ ذات لامحدود ہے۔ ذات کے جلوے بھی لامحدود ہیں اور ان جلوؤں کے علوم بھی لامحدود ہیں۔ درجۂ نبوّت کی کوئی انتہا نہیں ہے۔

ہر درجۂ نبوّت میں پیغمبروں کی فکر کام کر رہی ہے۔ وادئ محمدی ﷺ اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کی تجلیوں کا عکس ہے۔ ربوبیت کی تجلیوں کا عکس اسمائے الٰہیہ کے جلوؤں کی صورت میں حجابِ محمود کے پردے پر نزول کرتا ہے۔ نظرِ محمدی ﷺ ان جلوؤں کو ایک لاکھ چوبیس ہزار زاویۂ نگاہ سے دیکھتی ہے۔ ہر زاویۂ نگاہ حواس کا ایک مکمل دائرہ ہے۔ اس طرح ہر زاویۂ نگاہ میں جلوہ بمقامِ مرکزیت سے پھیلتا ہوا ساری کائنات کو محیط ہو جاتا ہے اور نظر کائنات کے ذرّے ذرّے میں اس جلوے کا مشاہدہ کر لیتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی ربوبیت کی روشنیاں ساری کائنات میں پھیل جاتی ہیں۔

ربوبیت کی تجلیاں ہی تمام کائنات کے نظام کو سنبھالنے والی ہیں۔ حجابِ محمود حضور پاک ﷺ کا مقامِ محمود ہے۔ اس مقام پر جلوۂ خداوندی کے ساتھ حضور پاک ﷺ کے راز و نیاز کرنے کا ذکر معراج کے ذکر میں آیا ہے۔ اس مقام پر تمام کائنات کی نفی ہو جاتی ہے۔ بس صرف ایک ذاتِ واحد باری تعالیٰ کی ذاتِ اقدس ہے۔ دوسری اس ذاتِ اقدس کو دیکھنے والی نظر ہے۔ اسی نظر کے مقام کے لیے اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں فرمایا ہے کہ ”اے لوگو۔ حضور پاک ﷺ کو راعنا مت کہو بلکہ انظرنا کہو۔“ (سورۂ بقرہ۔ آیت ۱۰۴)

اسم انظرنا اللہ تعالیٰ کی وہ نظر ہے جس کا میڈیم حضور پاک ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ یہ نظر کائنات کے ذرّے ذرّے میں ذاتِ باری تعالیٰ کا مشاہدہ کرتی ہے۔ راز و نیاز میں کوئی تیسرا شامل کیسے ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اس مقامِ محمود پر اپنے محبوب ﷺ کے ساتھ راز و نیاز کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے راز و نیاز کائنات کے تخلیقی امور سے متعلق ہیں۔ فکرِ محمدی ﷺ ان راز و نیاز کو محبوبیت کے قالب میں ڈھال کر وادئ محمدی ﷺ میں ان کو اپنی نظر کے سامنے دیکھتی ہے۔

نظرِ محبوب کی ہر شئے کو محبوب بن کر دیکھتی ہے۔ وادئ محمدی ﷺ کا ہر جلوہ ربوبیت کی شان ہے۔ یہ وہ حرمِ مبارک ہے جہاں غیر کا داخلہ ممنوع ہے۔ جہاں جمالِ محبوب کو دیکھ کر کائنات کی حرکت رُک جاتی ہے۔ نظر آسمان سے زمین تک سجدے میں جھک جاتی ہے۔ یہاں محبوب سے نگاہوں میں باتیں ہوتی ہیں۔ یہاں عشق کی کارفرمائیاں ہیں، یہاں ساری کائنات محبوب کی ذاتِ اقدس ہے۔ یہاں ذاتِ عاشق اپنے محبوب کو باعثِ تخلیقِ کائنات ہونے کے رموز سے آشنا کر دیتی ہے۔

حجابِ محمود کے پردے پر ربوبیت کی تجلی سے اسمائے الٰہیہ کا جو جلوہ تشکیل پاتا ہے، وادئ محمدی ﷺ میں یہی جلوہ اپنی ایک لاکھ چوبیس ہزار شانوں کے ساتھ جلوہ فرمائی کرتا ہے۔ ہر شان جمالِ خداوندی ہے۔ فکرِ محمد اللہ کی ہر شان کو ساری کائنات کی وسعتوں میں پھیلا ہوا دیکھتی ہے۔ کائنات کی حدود میں آتے آتے نگاہ یا حواس کی مسلسل تقسیم ہوتی چلی جاتی ہے۔ نگاہ کی ہر تقسیم حواس کا دائرہ ہے۔ نگاہ کے وہ ایک لاکھ چوبیس ہزار حجاب ہیں جو دراصل تجلی اور نور کے مراتب ہیں اور لامحدودیت کے حواس ہیں۔

نگاہ جب کائنات میں اللہ تعالیٰ کی شانوں کا مشاہدہ کرتی ہے تو کائنات کی محدودیت نگاہ کی روشنی کو لاشمار ٹکڑوں میں تقسیم کر دیتی ہے۔ روشنی کے ہر یونٹ کو نگاہ حواس کے بے شمار پرتوں سے گزر کر دیکھتی ہے۔ نگاہ پر یہ راز افشا ہو جاتا ہے کہ روشنی یا نور اللہ ہے اور اس نور پر لپٹے ہوئے غلاف حواس کے وہ دائرے ہیں جن کے ذریعہ سے نگاہ نور کا ادراک کرتی ہے۔ نور کے اوپر لپٹا ہوا ہر غلاف کائنات کی کوئی نہ کوئی صورت ہے۔ جلوۂ حقیقی نور ہے، جو آسمانوں اور زمینوں کی ہر شئے کے اندر چھپا ہوا ہے۔ جس کے لیے اللہ نے فرمایا ہے کہ:

اَللّٰهُ نُوْرُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ

اللہ تعالیٰ اپنے کلام میں فرماتے ہیں کہ ”کسی بشر کو یہ طاقت نہیں کہ اللہ تعالیٰ اس سے کلام کرے مگر بذریعہ وحی یا پسِ پردہ یا کوئی فرشتہ بھیجے۔“

وحی کی طرزیں اللہ تعالیٰ کی صفتِ تدلّٰی کی تجلیاں ہیں۔ یہ تجلیاں اللہ اور بندے کے درمیان فاصلہ متعین کرتی ہیں۔ کائنات کے حدود سے باہر لامحدودیت میں اللہ تعالیٰ کی صفتِ تدلّٰی کام کرتی ہے۔ صفتِ تدلّٰی کی تجلیاں تہہ در تہہ نور کے حجابات ہیں۔ کوئی بھی بندہ خواہ وہ پیغمبر ہی کیوں نہ ہو ذاتِ باری تعالیٰ کی ہستی کو بغیر ان حجابات کے نہیں دیکھ سکتا۔ کیونکہ دیکھنا اللہ کا ہے۔ نظر بغیر حجاب کے خود اپنی ذات کو دیکھتی ہے۔ وادئ محمدی ﷺ میں نظرِ محمد رسول اللہ ﷺ حجابِ محمود کے پردے میں ذاتِ باری تعالیٰ کی شانوں کا مشاہدہ کرتی ہے اور اس دیدۂ بینا کو اللہ تعالیٰ نے ”انظرنا“ کا نام دیا ہے۔


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی