Topics

مسیحا


 

مراقبہ میں دیکھا کہ میں مسجد نبوی ﷺ میں اصحابِ صفّہ کے چبوترے پر بیٹھی ہوں۔ حضور پاک ﷺ کے روضۂ پاک کی طرف دیکھتی ہوں۔ قبرِ مبارک کا پردہ ہٹ جاتا ہے۔ اس کے اندر سے حضور پاک ﷺ تشریف لاتے ہیں۔ میں حضور پاک ﷺ کو سلام کرتی ہوں۔ حضور ﷺ جواب دیتے ہیں۔ پھر حضور پاک ﷺ اپنے داہنے ہاتھ کی کلمے کی انگلی میری جانب اٹھاتے ہیں۔ آپ ﷺ کی انگشتِ مبارک سے بہت بڑی نور کی دھار میرے قلب کی جانب آتی ہے اور قلب کے اندر جذب ہو جاتی ہے۔

میرے دل کا نقطہ بہت تیزی سے گردش کرنے لگتا ہے۔ اس میں سے بہت ہی تیز روشنی کی شعاعیں نکل رہی ہیں۔ یہ شعاعیں بیم لائٹ (Beam) کی طرح ہیں۔ جس جگہ پڑتی ہیں وہاں کی تمام اشیاء صاف نظر آتی ہیں۔ اس روشنی میں دیکھتی ہوں کہ ایک پورا عالم آباد ہے۔ اس کی سرزمین بہت زیادہ سرسبز و شاداب ہے۔ باغات کے اندر کچھ لوگ چل پھر رہے ہیں۔ خیال آتا ہے کہ یہ جنت نہیں ہے۔ بلکہ ہماری زمین کی طرح ایک (Planet) ہے۔ لوگوں کو غور غور سے دیکھتی ہوں۔

تمام لوگ اپنے اپنے کاموں میں مصروف نظر آتے ہیں۔ چند لمحوں تک اس عالم کا مشاہدہ کرتی ہوں پھر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ میں چبوترے پر بیٹھی بیٹھی پگھل رہی ہوں اور چبوترے سے نیچے کی جانب بہہ رہی ہوں۔ میرا وجود رقیق روشنی کی شکل میں ہے۔ چبوترے کے نیچے نور کا دریا بہہ رہا ہے۔ میرا بدن پگھل کر اس دریا کے اندر ملتا جا رہا ہے۔ میں دریا کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ بہہ رہی ہوں۔ اگرچہ میرا جسم رقیق روشنی کی صورت میں نور کے دریا کے اندر مدغم ہو چکا ہے۔

مگر میرے اندر شعور باقی ہے۔ میں دریا کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ بہتے ہوئے چاروں طرف دیکھ رہی ہوں کہ میرے اطراف میں کیا ہے۔ کہاں جا رہی ہوں، مجھ پر کیا گزر رہی ہے۔ نور کا دریا دائرے میں بہہ رہا ہے۔ اس دائرے کے اندر اللہ تعالیٰ کے ارادے کا پردہ ہے۔ اس پردے پر مختلف قسم کے مظاہرے ہو رہے ہیں۔ ہر قسم کی مخلوقات اس پردے پر موجود ہیں۔ پوری کائنات اس پردے پر ہے۔ میں اس پردے پر دیکھ رہی ہوں ایک بہت ہی بوڑھا شخص ہے، چلنے پھرنے سے معذور ہے لیکن لیٹا ہوا اللہ تعالیٰ کی عبادت کر رہا ہے۔

میں سوچتی ہوں کتنا نیک آدمی ہے، اس قدر بوڑھا ہے، چلنے پھرنے سے معذور ہے، پھر بھی اللہ تعالیٰ کی عبادت کر رہا ہے۔ میرے دل میں اس کی محبت پیدا ہوئی۔ میں نے سوچا۔ اس نیک آدمی کی مدد کرنی چاہیے تاکہ یہ تندرست ہو کر آرام سے اللہ تعالیٰ کی عبادت کر سکے۔ میں اس پر اپنی روشنیاں ڈالتی ہوں۔ اس کو اُٹھ کر بیٹھنے کو کہتی ہوں۔ اس کے جسم پر ہاتھ پھیرتی ہوں۔ بہت پیار سے اس کو تسلی دیتی ہوں۔ چند لمحوں میں وہ اُٹھ کر چلنے پھرنے لگتا ہے۔

تندرست ہو کر وہ بے حد خوش ہوتا ہے اور میرا نام پوچھتا ہے کہ میں آپ کو کس نام سے یاد رکھوں۔ میں کہتی ہوں۔ صرف اتنا یاد رکھو کہ میں بنتِ رسول ﷺ ہوں۔ یہ کہہ کر میں فوراً پلٹ جاتی ہوں۔ غور کرنے پر مجھے معلوم ہوتا ہے کہ میں مستقل دریا کے اندر بہہ رہی ہوں۔ مگر میرے تفکر کی روشنی میری شکل میں لوگوں کے قریب جا کر ان کی مدد کرتی ہے۔ میری نظریں پھر کائنات کے پردے پر اللہ تعالیٰ کے ارادے کی روشنی میں دیکھنے لگتی ہیں۔

پردے پر ایک شخص نیچے گرا ہوا ہے۔ آس پاس کئی لوگ جمع ہیں۔ ایک شخص اس کو ہلا جلا کر دیکھتا ہے۔ کہتا ہے یہ مر گیا۔ میں پاس آتی ہوں۔ اس شخص سے پوچھتی ہوں۔ اس کو کیا ہوا؟ اس نے کہا ”یہ چلتے چلتے گر پڑا ہے اور اس کی حرکتِ قلب بند ہو گئی ہے۔“ میں کہتی ہوں۔ ”تم جلدی سے ہٹو۔ مجھے دیکھ لینے دو۔“ پاس جا کر اس کے قلب پر روشنی ڈالتی ہوں۔ میرے دل کا نقطہ تیزی سے گردش کرتا ہے۔ اس نقطے سے روشنی کی تیز دھار نکل کر اس مردہ شخص کے دل میں جذب ہو جاتی ہے۔

آہستہ آہستہ اس کا دل حرکت کرنے لگتا ہے۔ چند لمحوں میں وہ آنکھیں کھول دیتا ہے۔ مجھے دیکھ کر کہتا ہے۔ ”آپ کون ہیں؟“ میں یہ کہہ کر پلٹ جاتی ہوں کہ صرف اتنا یاد رکھو کہ میں بنتِ رسول ﷺ ہوں۔ اور اس کو کچھ دیر آرام کرنے کے لئے کہتی ہوں۔ ایک جگہ دیکھتی ہوں کہ ایک شخص قریب المرگ ہے۔ یہ بالکل نوجوان لڑکا ہے۔ تمام ڈاکٹر اس کی زندگی سے مایوس ہو چکے ہیں۔ اس کے سرہانے اس کی ماں حسرت و یاس کی تصویر بنی بیٹھی ہے۔ یہ دیکھ کر مجھ سے رہا نہ گیا۔

تیزی سے اس کے پاس آتی ہوں۔ پوچھتی ہوں۔ ”کیا بات ہے؟ اس بچے کو کیا تکلیف ہے؟“ وہ عورت آنسو بھری آنکھوں سے میری جانب دیکھتی ہے۔ میں فوراً اس کی نگاہوں سے سمجھ جاتی ہوں کہ یہ ماں اپنے بچے کی زندگی سے مایوس ہو چکی ہے۔ اس سے کہتی ہوں ”کیا تم کو معلوم نہیں ہے کہ اس کے دماغ کے اندر مسلسل خون بہہ رہا ہے۔ اگر اس کو روکا نہ گیا تو یہ چند لمحوں میں چل بسے گا۔“ ماں کہتی ہے کہ ڈاکٹروں کو معلوم ہے مگر وہ اس خون کو روکنے کی طاقت نہیں رکھتے۔

ان کے پاس اس کا کوئی علاج نہیں ہے۔ میں اس لڑکے پر روشنی ڈال کر تصرف کرتی ہوں۔ خون بند ہو جاتا ہے۔ چند لمحوں میں ہی لڑکا آنکھیں کھول دیتا ہے۔ اس کی ماں بہت خوش ہوتی ہے۔ کہتی ہے یہ تو بتا دیجئے آپ کون ہیں؟ میں کہتی ہوں۔ ”میں بنتِ رسول ﷺ ہوں“ اور وہاں سے پلٹ آتی ہوں۔

اس طرح تمام وقت دریائے نور میں سفر کرتی رہی اور کائنات کے پردے پر اللہ تعالیٰ کے ارادے کی فلم کے اندر اپنے آپ کو ایک مسیحا کے روپ میں دیکھتی رہی۔


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی