Topics
دفتر میں ڈاک دیکھتے ہوئے ایک لفافے
نے اُس کی توجہ اپنی طرف مبذول کر لی ۔ لفافہ عام کاروباری خطوط کے انداز سے ہٹ کر
تھا۔پتہ لکھنے میں جس طرح سے اُسکا نام لکھا گیا تھا ، وہ اُس کو اچھا لگا۔ اُس نے
خط کھولا ۔ خط میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی کی بابت یک ورقی پمفلٹ کے ہمراہ
اُس کے ایک جاننے والے نے لکھا تھا کہ اگر ممکن ہو تو اُس تقریب میں ضرور شریک ہو۔
اُس نے خط پڑھ کر پمفلٹ پر ڈالی اور اسے بمع خط جیب میں ڈال کر اپنے روز مرہ کاموں میں مصروف ہو
گیا۔
اُس روز وہ رات گئے تک دفتری کاموں میں
مصروف رہا ۔ رات کو گھر پہنچ کر کھانا کھا کر وہ سونے چلا گیا۔ اگلے روزصبح جب وہ
دفتر جانے کو تیار ہوا اور گزشتہ رات میں اتارے گئے کپڑوں میں سے پرس نکالنے لگا
تو وہ خط بھی اُس کے ہاتھ آگیا۔ اُس نے اُسے دوبارہ پڑھا ۔”محمد رسول اللہؐ“ نامی کتاب کی تقریب رونمائی لاہور کے ایک
ہوٹل میں ہونا طے پایا تھا۔ کتاب کے مؤلف خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب اور کتاب دونوں کا
تعارف اُس پمفلٹ میں مذکور تھا۔ مؤلف کے نام نے اُس کے ذہنمیں ایک یاد سی جگادی۔ وہ
اُس کے دوست احمد صاحب کے مرشد تھے اور وہ انہی کے حوالے سے اُن سے ملنے کراچی گیا
تھا۔ اُس کو اپنا کراچی جانا ، اُن سے ملنا ایک خواب کی سی
صورت یاد تھا۔
اُس وقت وہ اُسی ملاقات کی یاد کے
حوالے سے اُس کی نگاہوں میں اُن کی صورت پھرنے لگی تھی۔ انہوں نے اُس وقت اللہ رب
العالمین کے محبوب رحمتہ للعالمینﷺ کی روحانی زندگی اور
اُن ﷺ کے معجزات کی سائنسی توجیہ اور تشریح کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا۔”
یہ بہت ضروری ہے۔“ اور اب یہ دعوت نامہ ۔۔۔ تو گویا انہوں نے اپناکہا خود ہی پورا
کر دکھایا ہے۔ اُس خط میں مذکورہ تاریخ پڑھ کر اُس نے اندازہ لگایا کہ وہ اُس پروگرام
میں بآسانی شریک ہو سکتا ہے۔ اُس نے اپنی بیوی کو بتایا کہ وہ ایک دو روز کے لئے
لاہور جائے گا ۔ اُس کا بیگ تیار کر دے۔
دفتر پہنچنے تک اُس کے دھیان میں احمد
صاحب اور بابا جی کی باتیں گزرتی رہیں۔ وہاں کراچی جا کر اُن سے ملنا ، اُن کی
پرتپاک میزبانی ، شفقت بھرے انداز میں دل موہ لینے والی باتوں کا رنگ اُس کے حافظے
سے یوں تو کبھی بھی محو نہیں ہوا تھا لیکن آجوہ سب کچھ ایک بار پھر سے تازہ ہو کر
ابھر آیا تھا۔ وہ کتاب سے زیادہ مؤلفکتاب سے ملاقات میں دلچسپی رکھتا تھا۔ اُن سے
ملنے کے اشتیاق نے اُس کو لاہور جانے پر آمادہ کیا تھا۔ نہ جانے وہاں اُن سے
ملاقات ہو بھی سکے گی یا نہیں؟ وہاں اُن کی مصروفیات کی نہ جانے کیانوعیت ہو اُس
کے ذہنمیں ایک وسوسہ لہرایا تو اُس نے خود کو تسلی دیتے ہوئے سوچا۔” اگر بالمشافہ
ملاقات نہ بھی ہو سکی تو اُس تقریب میں وہ جو کچھ کہیں گے وہ بھی اُس کے لیے بہت
کچھ ہوگا۔“
اگلے ایک دو روز مصروفیات کے دوران بھی
رہ رہ کر اُس کو لاہور جانے اور بابا جی سے ملنے کا خیال آتا رہا۔ کراچی سے واپس
آنے کے بعد اُس وقت تک وہ اُن کی لکھی تقریباً تمام کتابیں پڑھ چکا تھا۔
لاہور پہنچ کر وہ سیدھا اُس فائیو سٹار
ہوٹل میں پہنچا جہاں کتاب کی تقریب رونمائی ہونا تھی۔ وہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے ہی
پہنچ گیا تھا ۔ اپنے جلدی پہنچ جانے پر تھوڑا خجل خجل سا ہوٹل میں داخل ہوا کہ وہ
وقت ، وہ وہاں لاؤنج میں بیٹھ کر گزارے گا۔ اندر داخل ہونے پر وہاں لوگوں کی چہل
پہل دیکھ کر اُس کو اپنی خجالت کم ہوتی محسوس ہوئی۔ وہاں بہت سے لوگ اُس سے بھی
پہلے ہی موجود تھے۔ اُس کو اُن میں کوئی بھی شناسا صورت نظر نہیں آرہی تھی لیکن
اُس کو اجنبیت کا احساس بھی نہیں ہو رہا تھا۔ ہوٹل کے ہال میں پہنچ کر اُس نے سجے سٹیج
اور ڈائس کو دیکھ کر طمانیت سی محسوس کی۔
اُس وقت ہال میں چار سو کے قریب افراد
موجود تھے۔ ڈائس کے بائیں طرف ایک دروازہ نمابورڈ پر پردہ پڑا ہوا تھا۔ سامنے ایک
میز پر رونمائی کی منتظر کتاب کو سجا کر رکھا ہوا تھا۔ ڈائس کے پیچھے اور دیواروں
پر کپڑے کے بینروں پر مؤلفکتاب کے اقوال ، آفاقی سچائیوں کی طرف توجہ مبذول کروا
رہے تھے وہ ہال میں آویزاں فانوسوں اور روشن جھاڑوں کو دیکھتے ہوئے سوچ رہا تھا۔
کسی کتاب کی تقریب رونمائی میں اتنے لوگوں کی موجودگی ، لوگوں میں کتب بینی کے ذوق
کی علامت کہی جا سکتی ہے یا نہیں؟
وقت دھیرے دھیرے سرکتا جا رہا تھا۔ ہال
میں مزید کرسیاں آرہی تھیں۔ کرسیوں پر لوگ براجمان
ہوتے چلے جا رہے تھے۔ اتنے میں اُس کو اپنا وہ دوست نظر آیا جس نے اُس کو اُس
تقریب میں مدعو کیا تھا۔ وہ اُس کو دیکھ کر بہت خوش ہوا ، دونوں بیٹھ کر باتیں
کرنے لگے۔ اُس نے محسوس کیا کہ وہ دونوں آپس میں سرگوشی کے سے انداز میں باتیں کر رہے
ہیں۔ یہ اُس تقریب کا احترام تھا یا لوگوں کی سماعتوں سے بچنے کی کوشش۔ وہ کوئی فیصلہ نہ کر
سکا۔ اتنی دیر میں وہاں احمد صاحب بھی آگئے۔ انہیں دیکھ کر وہ اُن سے ملنے بڑھا۔
اُس کو وہاں دیکھ کر انہوں نے حیرت اور مسرت کا ملا جلا اظہار کیا۔ اِدھر اُدھر کی
باتوں میں وقت گزارنے کی بجائے وہ اپنی اپنی نشستوں پر بیٹھ گئے۔ اُس نے محسوس کیا
کہ وہاں موجود تمام لوگ اپنے اندر ایک دھیما دھیما سا نظم و ضبط سموئے ہوئے ہیں۔
اچانک ہال میں روشنی بڑھ گئی۔ اُس نے
اپنی پشت کی طرف موجود داخلے کے دروازے کی طرف رخ پھیرا۔ کیمروں کی فلیش لائٹس کے
بلب جل اُٹھے تھے۔ سب غیر ارادی طور پر اپنی اپنی جگہوں پر ایستادہ کھڑے ہوتے چلے
گئے۔ ہوا کے لطیف جھونکے کی مانند ، مسکراتے ہوئے ، وہ اُس کے قریب سے گزرتے چلے
گئے۔ وہیپرسکون چہرہ ، وہی میٹھی سی مسکان ، وہی دلفریب انداز ِ خرام ، جو اُس کے
دل و دماغ میں اُن کی یادوں کی صورت بسا ہوا تھا۔ سب انہی کو دیکھ رہے تھے کوئی
ایک دوسرے کی طرف دیکھنے کی مہلت اور فرصت ہی نہیں رکھتا تھا۔ اُس کے اپنے دل میں
نہ جانے کہاں سے اتنا احترام امڈتا چلاآرہا تھا ۔ اُس کی نگاہیں عقیدت و احترام سے
اُن کے رخ روشن کا طواف کئے جا رہی تھیں۔
وہاں موجود لوگوں کی عقیدت بے طرح ہونے
کے باوجود نہایت منظم طور پر تمیز اور سلیقے کی حدوں میں قائم تھی۔ کوئی اپنی نشست
چھوڑ کر اُن سے ہاتھ ملانے کے لئے نہیں لپکا۔ وہاں اتنے بہت سے عقیدت مندوں کے
موجود ہونے کے باوجود کوئی ہڑبونگ نہیں مچی۔
اس سے اُن کے عالی وقار ہونے کا پتہ چلتا تھا۔ سب اپنی اپنی جگہ کھڑے انہیں اپنی
آنکھوں میں سمیٹ رہے تھے ، اپنے دلوں میں اتار رہے تھے۔ وہ اپنے لئے مخصوص کی گئی
نشست تک گئے اور بیٹھ گئے۔ اُس بیٹھنے میں تمکنت یا تفاخر نہیں بلکہ انکسار اور
خوشدلی نمایاں تھی۔
سب بیٹھ گئے۔ اُس نے اِدھر اُدھر دیکھا
۔ ہال کی تمام کرسیاں بھری ہوئی تھیں۔ کئی افراد دیواروں کے قریب کھڑے تھے۔ ہال
گنجائش سے زیادہ افراد کو سمیٹے ہوئے تھا۔ کمپیئر نے صدر مجلس ، مؤلفکتاب اور مقررین کو سٹیج پر آنے کی دعوت دی۔ سب اپنی اپنی نشستیں سنبھال چکے تو تقریب کا
آغاز تلاوت ِ کلام ِ پاک سے کرنے کے بعد صدر مجلس نے مؤلفِ کتاب کو اپنے ساتھ کھڑا کر کے کتاب کی رونمائی کی۔ اُس وقت دروازے سے پردہ
سرکا اور اُس کے نیچے سے کتاب کا ٹائٹل برآمد ہوا۔ دروازے کی جسامت کا ٹائٹل ۔۔اُس کو یوں محسوس ہوا کہ وہ زبان حال کہہ رہا ہے کہ اس راہ پر
آنے والوں کو محمدرسول اللہ ﷺ کی عنایتیں نصیب ہوں گی۔رنگ و
نور کی ایک قوس ِ قزح بکھرتی چلی گئی ۔ کمپیئرنے اعلان کیا کہ یہ
محفل کتاب کی رونمائی کے حوالے سے ایک مذاکرہ بھی ہے۔ اس میں مقررین حضور ﷺ کی
سیرت پر لکھی گئی اس کتاب کے چیدہ چیدہ پہلوؤں کا جائزہ لیں گے۔
اسٹیج پر کل سات کرسیاں رکھی گئی تھیں
جن میں سے ایک پر بزرگ سی خاتون بھی تشریف رکھے ہوئے تھیں۔ اُن کا اعزاز یہ تھا کہ
وہ تحریکِ پاکستان میں شامل تھیں اور پنجاب سیکرٹریٹ پر انہوں نے اپنا آنچل بطور ِ
پرچمِ پاکستان لہرایا تھا۔ صدر ِ مجلس محمود قریشی صاحب کے ایک طرف مؤلفاور اشفاق
احمد بیٹھے ہوئے تھے۔ اشفاق احمد کا شہرہ ایک ڈرامہ نگار کا ہے۔ اُن کی موجودگی پر
اُسے ایک خوشگوار سی حیرت ہوئی۔سب مقررین نے اپنا اپنا خیال واضح کیا ۔ کمپیئر ہرقرار
کا مقرر بڑے جاندار انداز میں کرانے کے بعد انہیں ڈائس پر مدعو کرتا رہا۔ سب لوگ
مقررین کو بڑے دھیان سے سُن رہے تھے ۔ وہ بھی سُن تو رہا تھا لیکن اس کی نگاہیں
مؤلفکتاب پر مرکوز تھیں۔ وہ اُن کی ہر حرکت ، ایک ایک جنبش کو دیکھے چلا جا رہا
تھا۔ جب اشفاق احمد کی باری آئی تو ڈائس پر اپنے مخصوص اسٹائل میں ڈائس کا سہارا
لے کر کھڑے ہو کر انہوں نے کہا۔
” جب مجھے اس تقریب رونمائی میں شرکت
کی دعوت ملی اور کچھ کہنے کی شرط بھی لگا ئی گئی تو میں نے بہت سوچا کہ میں کیا
کہہ سکتا ہوں۔ایک طرف حضور نبی کریم ﷺ جیسی ہستی اور دوسری طرف اُن ﷺ پر لکھنے
والے الشیخ خواجہ شمس الدین عظیمی جیسا بندہ۔ میں تو اس کتاب کو ایک اونچی
میز پر رکھ کر ایک سفید کبوتر کی طرح اس کے گرد رقص ہی کر سکتا ہوں ۔“ یہ سن کر اُس کو
یوں لگا کہ انہوں نے اس کے دلی جذبات کی عکاسی کر دی ہو۔ سبھی نے بھر پور داد دی
تو اُس نے جانا کہ انہوں نے وہاں بیٹھے سب ہی کی نمائندگی کر دی ہے۔
اُس کے بعد انہوں نے انسانی زندگی کے
مادی ، ذہنی اور روحانی پہلوؤں کا ایک تمثیلی انداز میں بیان کرنے کے بعد ایک
مشہور اداکار کے حوالے سے ایک واقعہ سُنایا۔ وہ اداکار اپنے گھر میں نجی طور پر
ایسی محفل سجاتا تھا جہاں گنے چنے افراد آیا کرتے تھے۔کبھی کبھار میں بھی اُن میں
شامل ہو جایا کرتا تھا۔ ایک بار اس کے یہاں ایک بزرگ آئے ہوئے تھے صورت اور حلیے
سے فقیر ہی دکھائی دیتے تھے۔ اُس اداکار کی ایک خوبی جس کا عام لوگوں میں کچھ
زیادہ شہرہ نہ تھا ، یہ تھی کہ وہ تلاوتِ کلام پاک حسنِ لحن سے آراستہ کرنا جانتا
تھا، اُس روز اُس نے سورہ مزمل کی تلاوت کی۔ سب نے بہت لطف لیا۔ اُس کے بعد اُن
بابا جی سے کچھ سنانے کی فرمائش کی گئی۔ کچھ ردوکدکے بعد انہوں نے بھی سورہ مزمل ہی کی تلاوت کی۔ ہمیں نظر تو نہیں آیا لیکن
یوں محسوس ہوا کہ وہ کمرہ نور سے بھر گیا ہو۔ اُن کی تلاوت میں کچھ ایسا ہی اثر
تھا۔ جب وہ تلاوت کر چکے تو میزبان نے کہا کہ یہ بابا جی قرآن والے کو جانتے ہیں ۔
اس لئے ان کی تلاوت اتنی موثر ہے۔“
اس کے بعد انہوں نے ایک عجیب سے لہجے
میں یہ کہہ کر اپنی بات مکمل کر دی۔اس کتاب کے حوالے سے ، اس کو پڑھنے کے بعد ،
میں اتنا ضرور کہوں گا کہ مؤلفکتاب عظیمی صاحب۔۔۔صاحب کتاب کو ضرور جانتے ہیں۔“ یہ
کہہ کر وہ ڈائس سے ہٹ گئے۔
سب نے اپنی پسندیدگی کے اظہار کو بہت
تپاک سے تالیاں بجائیں ۔ کمپیئر نے صدر مجلس کو دعوت کلام و اظہار خیال دی۔ صدر ِ
مجلس کے خطاب کے دوران اُس نے بھر پور کوشش کی کہ اُن کی تقریر پر توجہ مرکوز رکھے
لیکن اُس کی نگاہوں کے سامنے سفید کبوتر اُڑتے رہے۔ کبھی وہ اُس ہال میں نور بھرا
دیکھتا اور کبھی اُس کے سامنے بیٹھے مؤلفکے سوا ہر چیز عدم میں غائب ملتی۔ کبھی
اُس کتاب کے ٹائٹل کے رنگ پھیلتے اور اُس کی نگاہیں اُن رنگوں سے لبریز ہو جاتیں
اور کبھی وہ خود کو اُس قوسِ قزح کی سیڑھی پہ سے ہوتا ہوا ، اس کے دوسرے سرے پر بیٹھے
مؤلفکی گود میں گرتے دیکھتا ۔ شاید نیند اور تھکن کے باعث اُس کے حواس بے قابو ہو
رہے تھے۔
جب کمپیئر نے مؤلف کتاب کو ڈائس پر آنے کی دعوت دی تو مؤلفکے ساتھ ساتھ ہال میں موجود تمام مرد و زن اُٹھ کھڑے
ہوئے ۔ اُس نے تالیوں کی گونج میں مؤلفکو ڈائس تک جاتے دیکھا۔ انہوں نے کوئی بات
کہنے کی بجائے تلاوت کلام پاک کا آغاز کیا۔ سورہ حشر کی آخری آیات کی تلاوت انہوں
نے کچھ اس انداز اور ایسے لحن میں کی وہاں بیٹھے ہوئے سب ہی افراد بے خود ہو گئے۔
وہ تلاوت محض تلاوت نہ تھی سوز و گداز کا بہتا رنگ ، مفہوم کا بہاؤ ، اتنا جاندار
کہ اُس کو لگا کہ اُس کا دل پھٹ کر دو لخت ہو جائے گا۔ اُس کو عربی کہاں آتی تھی
لیکن آج اُس کو یہ بات سمجھ آرہی تھی کہ اللہ تعالیٰ نے پہاڑوں کے لرزاں و حیراں
ہو کر خشیت الٰہیہ سے ریزہ ریزہ ہونے کی بات کہہ کر انسان کو کیا سمجھایا ہے۔ وہ
دم بخود اُس آہنگ کو سُن رہا تھا۔
صوتِ سرمدی اس کے سوا اور کیا ہوگا؟ آج
تک اُس نے جتنے بھی لوگوں سے کلام ِ پاک کی تلاوت سماعت کی تھی اُن سب میں آواز کے
اُتار چڑھاؤ ، صوت اور آہنگ لے اور تال کا بھر پور تاثر ہوتا تھا۔۔ لیکن آج اُن کی
تلاوت میں ان سب باتوں کے ساتھ ساتھ مفہوم و معنی کی لہریں اُس کے شعور میں داخل
ہوتی، اُس کے اندر وجدان کے پٹ وا کر رہی تھیں۔اُس نے محسوس کیا کہ یہ لہریں اُس
کی سماعت کے راستے ہی نہیں بلکہ ہر ہر مسام کےراستے اُس کے اندر داخل ہو رہی ہیں۔
اُس کو سیراب کر رہی ہیں۔
اُس نے آنکھوں میں اُمڈتے پانی کی اوٹ
سے سٹیج کی طرف دیکھنے کی سعی نا تمام کی۔سب کچھ گڈ مڈ ہو چکا تھا۔ منظر روشنیوں
کی مختلف لہروں میں بٹ کر رنگوں میں دھل گیا تھا۔ اُس نے آنکھوں سے بہتے پانی کو حیرت کے
تاثر سے رومال میں جذب کرتے کن انکھیوں سے اپنے ارد گرد دیکھا کہ کسی نے اُس کو
آنسو پونچھتے دیکھا تو نہیں لیکن سب ہی پتھرائے ہوئے سامنے ڈائس کی طرف دیکھ رہے
تھے ۔ اُس وقت پورے ہال میں اُس نے سوائے تلاوت کے لئے ہلتے لب و دہن کے کوئی جنبش
تک نہیں دیکھی۔
کب وہ تلاوت ختم ہوئی کب انہوں نے صدق
اللہ کہہ کر اپنی بات کا آغاز کیا۔ کسی کو خیال ہی نہیں آیا کہ جزاک اللہ ہی کہہ
دے۔ شاید وہاں ان رسمی باتوں کی گنجائش ہی نہ تھی ۔ اُس نے محسوس کیا کہ اُس کے
اندر ایک اجالا سا پھیل گیا ہے، شاید اندر کا اندھیرا چھٹ رہا تھا۔کچھ پو پھوٹنے
کا سا منظر تھا۔ کثافتیں دُھل جائیں تو تزکیہ کہلاتا ہے۔ اُس نے دھیرے سے مسکراتے
ہوئے سوچا۔
مؤلفکتاب نے اپنی تالیف کی بابت حضور
نبی کریم ﷺ کی نسبت کے حاصل ہونے اور اُن کے معجزات کی روحانی سائنس کے حوالے سے
تشریح کرنے کی خواہش ، اُس کی ضرورت اور توفیق عطا ہونے کی بات سُنا کر روحانی
علوم کے عام کرنے کی ضرورت پر اصرار کے بعد بہت ہی شگفتہ انداز میں فطرت انسانی کو
واضح کرنے کو ایک لطیفہ سُنا کر محفل کو کشتِ زعفران بناتے ہوئے ۔۔۔ وہاں موجود
لوگوں کو اُن کے سعید ہونے کی اطلاع دی کہ وہ سب وہاں اُن کی کاوش کو سراہنے آئے
اور یہ خود اُن کی بھی سعادت ہے۔
اُن کی اس تقریر ِ دلپذیر کے بعد چائے
کی دعوت نشر ہوئی۔ سات آٹھ سو افراد کے چائے پینے کے دوران کسی پلیٹ کے گرنے کا
کوئی چھنا کا نہیں ہوا۔ اُس نے کسی چمچ کے گرنے تک کی آواز نہیں سُنی۔ اُس فائیو
سٹار ہوٹل میں ایک عجیب مدھم اور مدھر سا نظم و ضبط دیکھنے میں آرہا تھا۔ چائے کے
دوران اکثر لوگ منتظمین کو مبارک باد دے رہے تھے اور وہ دھیرے سے مسکراتے ہوئے خوش
مزاجی سے مہمانوں کی آمد اور اُن کے تعاون پر اُن کا شکریہ ادا کر رہے تھے۔ اُس کو
یہ سب کچھ بہت ہی بھلا لگ رہا تھا۔ اُس نے چائے پی اور ہوٹل سے باہر آکر وقت دیکھا
شام کے آٹھ بج رہے تھے۔۔ وہ چھ گھنٹے اُس ہوٹل میں ایک ہی جگہ بیٹھا رہا تھا۔ یہ
بات اچنبھا بن کر اُس کے حواس میں داخل ہوئی اور حیرت نے اُس کو جتایا کہ وہ بالکل
بھی تھکا ہوا نہیں ہے بلکہ اُس کو اپنے اندر بالیدگی اور انشراح کا ایک احساس
ہلکورے لیتا محسوس ہو رہا تھا۔
کار پارکنگ کی طرف جاتے ہوئے اُس نے
دیکھا کہ اشفاق صاحب بھی اُدھر ہی آرہے ہیں۔اُس کے جی میں آیا کہ وہ اُن سے بات
کرے۔ اُن سے دریافت کرے کہ انہیں اُس بابے کے تلاوت کا لطف زیادہ آیا تھا یا آج
بابا جی کی تلاوت کا۔ لیکن کسی خیال نے اُس کے بڑھتے قدم تھام لئے ۔ کیا وہ خود
اندازہ نہیں کر سکتا تھا۔ اب اگر اُن کا جواب نفی میں بھی ہوتا تو کم از کم وہ اُس کی دلجوئی کو ہی سہی اس کا اظہار تو نہ کرتے
اور پھر جو خود اُس کا اپناوجدان کہہ رہا تھا اُس کی تصدیق کی اُس کو ضرورت ہی کیا
تھی۔ اُس نے گاڑی میں بیٹھتے ہوئے اپنے دوست سے پوچھا کہ عظیمی صاحب سے ملاقات کی
کوئی صورت ہو سکتی ہے؟ ”ہاں ۔۔ کیوں نہیں ۔۔ کوشش کر دیکھتے ہیں۔“ سُن کر اُس کو
اک گونہ اطمینان سا ہو گیا۔
وہ رات اُس نے اپنے دوست کے یہاں بسر
کی۔ اگلے روز وہ دونوں صبح سویرے لاہور کے مضافات میں واقع مراقبہ ہال جا پہنچے۔
وہاں اُس کو احمد صاحب ملے۔ اُس نے اُن سے اپنے دوست کا تعارف کروانے کے بعد بابا
جی سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آج ایک میٹنگ ہے، بابا جی
اُس سلسلے میں مصروف ہوں گے اگر وہ کچھ دیر انتظار کر سکیں تو شاید کوئی موقع بن
جائے۔ گومگو کی کیفیت میں اُس نے اپنے دوست کی طرف دیکھا ۔ اُس نے تائید میں سر
ہلا دیا ۔ وہ دونوں انتظار کرنے پہ آمادہ و تیار تھے۔
وہاں مراقبہ ہال کے وسیع لان میں کئی
افراد ٹولیوں میں بکھرے آپس میں مختلف موضوعات پر دھیمے دھیمے تبادلہ خیال کر رہے
تھے۔ سب کی گفتگو کا مرکز و محور روحانی علوم اور اپنے مرشد کی ذات اور اُن کی
باتیں تھیں۔ ایک ٹولی میں ایک صاحب جو گزشتہ شام کی تقریب کے منتظمین میں سے تھے، ساتھیوں سے
بات کرتے ہوئے بتا رہے تھے۔ ہم نے ساڑھے سات سو کارڈ چھپوائے تھے۔ ہوٹل والوں سے
اتنی ہی کرسیاں رکھنے کو کہا گیا تو انہوں کہا ۔ آج تک اُس ہوٹل میں کسی کتاب کی
رونمائی کی جتنی بھی تقریبات ہوئی ہیں اُن میں کبھی بھی ڈیڑھ سو سے زائد افراد نہیں آئے۔ ہم چار سو کرسیاں لگوا دیں گے اور جب تقریب کا
آغاز ہو گا تو باقی کرسیاں اٹھوا دیں گے ورنہ خالی کرسیاں بُری لگیں گی۔ وہ ہنستے
ہوئے بتا رہے تھے ہم نے انہیں کہا کہ آپ کو چار سو کرسیاں مزید رکھنی پڑیں گی اور اللہ کا شکر ہے کہ ایسا ہی ہوا۔
ایک دوسرے صاحب نے گفتگو میں حصہ لیتے
ہوئے کہا۔ہوٹل کی انتظامیہ نے تعاون بھی بہت کیا ۔ جب سب لوگ کھا پی کر جا چکے تو
انہوں نے دیکھا کہ ڈشنز میں کھانے کی اشیا وافر مقدار میں موجود تھیں۔ اُس نے دل
ہی دل میں تائید کی اور سوچا کہ کھانا بچنے کی ایک وجہ ہوٹل والوں کے تعاون کے
ساتھ ساتھ شرکا کا مہذبانہ روّیہ تھا۔ ورنہ ایسے موقعوں پر تو آج تک ایک ہڑنگ بونگ
ہی دیکھی تھی۔ لوگ ضد اور مقابلے میں کھانا کھانے کے بجائے اُس کو ڈکارتے چلے جاتے
ہیں۔ مہمانوں کے روّیے میں اظہار تہذیب و شائستگی کی وجہ اُن کی تربیت اور وہاں موجود
کسی محترم بندے کا ادب و احترام ہی ہو سکتاتھا۔
وہ ایسی ہی باتیں سُن اور سوچ رہا تھا
۔ اُس کے ذہن میں اچانک ہی ایک ٹھہراؤ سا در آیا تھا۔اُس کے اندر خیالوں کی اچھل
کود قرار کے قریب پہنچ کر رُکگئی تھی۔ اُس کو عظیمی صاحب سے ملنے کی بے تابی نہ
رہی تھی۔ اُس کو اُن سے کیا کہنا تھا ، اُس کو اُن سے کیا کہنا چاہیے تھا ، اُس کو
یہ سوچیں آنا بند ہو گئی تھیں۔ اُس نے یوں بھی اُن سے کہنے کو کوئی جملہ یا کوئی
تقریر تیار نہیں کی تھی۔ وہ تو محض کچھ لمحے ، کچھ ساعتیں اللہ کے اُس بندے کے قرب
میں گزارنا چاہتا تھا جو نہ صرف رحمۃ للعالمین بلکہ رب العالمین سے بھی ایک استوار
تعلق رکھتا تھا، تا کہ وہ بعد میں اس بات پہ فخر کر سکے کہ وہ اُن سے ملا تھا ، وہ
اُن کو جانتا تھا ، اُس نے اُن سے باتیں کی تھیں ، اُن کی باتیں اُس نے اُن کے
قریب بیٹھ کر سُنی تھیں۔
اتنے میں لاہور مراقبہ ہال کے انچارج
میاں مشتاق احمد کمرے سے باہر آئے اور کسی کو کچھ بتانے لگے۔احمد صاحب نے موقع
غنیمت جانا اور اُن سے بات کرنے آگے بڑھ گئے ۔ میاں صاحب نے سر جھکا کر اُن کی بات
سُنی اور کہا ۔۔ ہاں ہاں ۔۔۔کیوں نہیں۔ یہ ایک طرح سے اُن کی باریابی کا اشارہ تھا
۔ وہ اُن کے ہمراہ کمرے میں داخل ہوئے۔
کمرے میں دیوار کے ساتھ لگے تخت پوش پر
دونوں ہاتھ کناروں پہ ٹکائے ، سر کو آگے جھکائے ہوئے بیٹھے ، اللہ کے دوست نے نظر
اُٹھا کر انہیں دیکھا۔ وہ سب فرش پر نیچے ہی بیٹھ گئے ۔ تعارفی جملوں کے بعد اُس
نے گزشتہ شام تقریب میں اُن کی کتاب کی کامیاب اور پروقار رونمائی پر تہنیت پیش کی
تو انہوں نے کہا۔” اجی سب کچھ کرتا اللہ ہے ۔۔۔ نام بندے کا کر دیتا ہے۔“
”جی بلاشبہ !“ ۔۔ کہہ کر وہ خاموش ہو
گیا۔ اُس کے پاس کہنے کو تھا ہی کیا۔ لیکن اُس لمحے تو خود کو بالکل ہی تہی دامن
محسوس کر رہا تھا۔
اچانک وہ ایک فیصلے پر پہنچ گیا اور
کھسک کر کچھ آگے ہوا اور اُن سے مخاطب ہو کر ۔۔۔ جذبات سے عاری لہجے میں کہا۔۔”
حضور آپ مجھے اپنی سرپرستی میں لے لیں۔“
جواب میں ایک گہری سوچ میں ڈوبی ہوئی
آواز میں کہا گیا۔” ابھی تو ہمیں خود سر پرستی کی ضرورت ہے۔“ عجزو انکساری کی بہت
سی صورتیں ہوں گی لیکن اتنی لطیف اور کامل صورت انکساری اُس نے اپنی زندگی میں اس
سے پیشتر کبھی نہیں دیکھی تھی نہ سنی تھی ۔ بات بگڑ چلی تھی ۔ اُس کی درخواست رد
ہونے کو تھی۔ وہ تڑ کر بول اُٹھا۔
”میں اپنے والدین کے لئے بچہ ہی ہوں ۔
حا لانکہ اب میرے اپنے بچے ہیں ۔ آپ خود سے بڑوں کی سرپرستی کی طلب رکھتے ہوں گے
۔۔۔ میرے لیے تو آپ ہی بڑے ہیں۔ میں تو آپ کو ہی بڑا جانتا ہوں ۔۔میں تو آپ ہی سے
درخواست کروں گا۔ میں تو کسی اور کو جانتا ہی نہیں ۔“ ۔۔۔ یہ کہتے کہتے اُس پر
اپنی بے بسی اور بے کسی کا اتنا زیادہ غلبہ ہو گیا ، اُس کو لگا کہ وہ گر جائے گا۔
اُس نے سہارے کی تلاش میں اپنے سامنے زمین پر رکھے اُن کے پیروں پہ ہاتھ رکھ دیئے۔
انہوں نے دھیرے سے پاؤںپیچھے ہٹاتے
ہوئے پوچھا ۔” آپ نے فارم بھرا ہے؟“
منہ سے اُس نے ”جی نہیں“ کہا اور حیرت
میں ڈوب کر سوچا ۔۔ فارم؟ کون سا فارم؟
انہوں نے میاں صاحب سے مخاطب ہو کر
کہا۔” میاں صاحب ان سے فارم بھروائیے۔“
میاں صاحب نے اُٹھ کر الماری سے سلسلے
کا داخلہ فارم نکال کر اُسے دیا۔ فارم پُر کر کے اُس نے اُس پر دستخط کر کے میاں
صاحب کے حوالے کیا۔ میاں صاحب نے وہ فارم اُس سے لے کر اُن کے سامنے رکھ دیا۔
انہوں نے فارم پر اجازت کا لفظ لکھا۔اپنے دستخط ثبت کر کے فارم میاں صاحب کو واپس
تھما دیا۔
میاں صاحب ، احمد صاحب اور کمرے میں
موجود دیگر افراد نے اُس کو مبارک باد دی کہ اب وہ بھی بابا جی کے شاگردوں میں شامل ہو گیا ہے۔ اُس کو لگا وہ تپتے صحرا میں سفر کرتے کرتے یک دم ایک
ہی ہلے میں ، اچانک ایک سایہ دار وادی میں داخل ہو گیا ہے اور ایک چھتنا رسائے نے
اُس کو اپنی آغوش میں بھر لیا ہو۔اُس وقت تک کی ساری زندگی اُس کو ایک بے سمت و
کنار سفر لگنے لگی۔ اچانک ہی جیسے اُس کو ایک واضح منزل سامنے نظر آنے لگی ہو۔ خوشی سے اتنا بھر گیا کہ اُس کی آنکھیں بھیگ
گئیں۔
اپنے گالوں پہ بہتے آنسوؤں کی اُسے اس
وقت خبر ہوئی جب اُس کی سماعت میں ایک مدھر سی آواز داخل ہوئی ۔”اللہ آپ کو خوش
رکھے ۔“ اُس نے اپنے آنسو پونچھے اور اُس دُعا کو اپنے اندر اتر کر ایک انار کی
طرح پھوٹتے دیکھا۔ ایک تیرہ و تاریک مقام پر چراغاں ہونے لگا۔ وہ انہی چراغوں کو
دیکھتا پیچھے ہٹ کر اُٹھا اور کمرے سے باہر آگیا۔