Topics

اک نیا دن طلوع ہوا


 

نہر کنارے ، گھنیرے درخت کے چھتنا رسائے تلے ، تازہ گھاس کی سر سبز مخملیں چادر پر نیم دراز ، اکیلے اور تنہا نوجوان کی نگاہیں سامنے پھیلے نیلگوں آسمان کی بے کراں وسعتوں میں کچھ تلاش کر رہی تھیں۔ وہ اُس خنکی اور تازگی سے جو پانی کی قربت کا خصوصی انعام ہوتی ہے، غیر محسوس طور سے لطف لیتے ہوئے ، خواب آگیں سائے کی ردا اُوڑھے ،آسمان کی پنہائیوں میں کھویا ہوا تھا۔ اُس کی نگاہیں دور خلا میں کسی موہوم نکتے پہ جمی ہوئی تھیں ۔ اُس کا پورا وجود سکوت و تجسس کے سحر سے پتھرایا ہوا تھا۔ وہ کچھ سمجھنا چاہ رہا تھا۔ احساس کی سر حدوں سے دور خوابیدہ ، خفتہ اور نا آسودہ سوالوں سے پیدا ہونے والی الجھنوں سے بے پرواہ اور بے نیاز وہ کچھ بھی نہیں سوچ رہا تھا۔ رخشِ خیال اپنی رو میں اپنی مرضی کی اڑانیں بھر رہا تھا۔

آج وہ فارغ تھا ۔ اُس فراغت کو ساتھ لئے ، وہ اکیلا نہر کنارے ٹہلتا ہوا وہاں آ نکلا تھا۔ سورج غروب ہونے میں ابھی کافی دیر تھی۔ سائے طویل ہونا شروع ہو چکے تھے۔ گھاس کی ہر یالی اور درختوں کے مہربان سائے نے اس کو مدعو کیا اور وہ وہاں آ کر بیٹھ گیا۔اُس کے ذہن کو ایک کھلی چھوٹ ملی ہوئی تھی۔ اُس کا ذہن اُس وقت ایک معصوم کھلنڈرے بچے کی مانند موج میں آیا ہوا تھا جس کو ایک کھلی چھوٹ ملی ہوئی ہو ۔ وہ ایک وسیع و عریض باغ کی کھلی فضاؤں میں جس سمت چاہتا ہے۔۔۔ دور تک دوڑتا چلا جاتا ہے۔۔ کچھ دور جا کر کسی نئی سمت مڑ جاتا ہے ۔ ایک تتلی کی مانند جھومتے ہوئے ، کبھی اس پھول پر اور اُس پھول پر یا ایک شوخ پرندے کی طرح کبھی اس ڈال پر تو کبھی اُس ڈال پر کچھ قیام کرتا ہے پُھر پُھراتا ہے اور آگے بڑھ جاتا ہے۔

دنیا کے ہنگاموں سے بے پرواہ ، فکر معاش سے آزاد ، روز گار کے جھنجھٹ اور الجھنوں سے بے پروائی کے اُم لمحات میں۔۔ اُس کو یہ سب کچھ فرحت آمیز لگ رہا تھا ۔۔ نہ کوئی پریشانی ، نہ کوئی فکر۔۔۔ نہ کوئی خوشی ، نہ کوئی مسرت ۔۔ لیکن پھر بھی اچھا محسوس ہو رہا تھا ۔۔۔ ایک آزادی کا احساس تھا جو اچھا لگ رہا تھا ۔ بے فکری کی کیفیت سے سر شار ، بے خیالی کے اُس عالم میں ۔۔۔اُس کی نگاہ خلا سے ہٹ کر ۔۔۔ سامنے پھیلے ہوئے درخت کی ۔۔ پانی پہ جھکی ایک شاخ پر آ ٹکی۔

نگاہ نے اُس ڈالی کے سرے پر ایک نوزائیدہ کونپل کو اپنا مستقر بنا لیا ۔ وہ کونپل اپنی نمو کے ابتدائی دور کی تازگی اور نئے پن کی چمک لئے ہوئے تھی۔ جیسے کوئی معصوم سا بچہ ۔۔۔ ابھی ابھی نہا کر بیٹھا ہو ، اُس کے تازہ حسن اور شاداب خوبصورتی نے اُس کی نگاہ کو مسحور کر لیا۔ وہ ایک ٹک اُسے دیکھے جا رہا تھا کہ قریب کی ایک ڈال سے ایک پرانا پتہ ٹوٹا اور ہوا کے دوش پر تیرتا ، نیچے پانی میں جا گرا اور پانی اُسے اپنے ساتھ بہا کر لیتا چلا گیا۔

نظر گرتے پتے کے تعاقب میں پانی کی سطح سے ٹکرائی تو اُس کے ذہن میں ایک جھماکہ سا ہوا۔۔۔ اور ایک سوال بن گیا۔

”یہ کیا ہوا؟“

ذہن کی جھیل کی پُر سکون سطح پر سوال کا کنکر گرا اور لہر در لہر سوال پہ سوال اٹھتے چلے گئے ۔۔۔ یہ پتہ کیوں گرا؟ یہی پانی جو اس پتے کو بہا کر کہیں دور لے گیا جب درخت کی جڑوں سے ہوتاپندرہ بیس فٹ کی بلندی تک دور کرتا ہوا اس پتے کی رگوں میں داخل ہوا تھا اُس میں زندگی کی لہر بن کر دوڑ رہا تھا اور اب یہی پانی اُس کا مرقد بن گیا ہے۔

”لیکن آخر یہ پتہ گرا ہی کیوں؟“

سوال کی لہر شعور کے کناروں سے ٹکرائی تو جوابی لہروں نے سوال کی لہر کو اپنی آغوش میں سمیٹ کر اُس کو عدم میں دھکیلنا شروع کر دیا۔۔۔ یہ ایک نظام ہے۔ ۔۔ قدرت کا تخلیق کردہ نظام ۔۔۔ خالق ِ ارض و سما کا وضع کیا ہوا ۔۔۔ ایک ایسا نظام جس کو بنانے اور چلانے میں اُس کا کوئی شریک نہیں۔

جب زندگی کی لہریں دور کرتے ہوئے کسی درخت کے بیج کو اپنی آغوش میں لیتی ہیں تو بیج پودا بن جاتا ہے ۔ جب وہی لہریں پودے کو اپنی گود میں کھلاتی ہیں تو وہ پودا درخت بن جاتا ہے اور جب وہی لہریں درخت میں متحرک ہوتی ہیں تو درخت برگ و بار سے لد جاتے ہیں۔۔۔ یہ پانی اُن کی زندگی بن جاتا ہے اورجب زندگی کی لہر کا دور مکمل ہو جاتا ہے تو پانی کا بہاؤ بھی تھم جاتا ہے اور پتہ خشک ہو جاتا ہے۔ پانی اُس میں دور کرنا بند کر دیتا ہے۔۔ وہ زندگی کے رنگوں سے محروم ہوتا چلا جاتا ہے اور فنا کا زردمٹیا لا رنگ اُس کو اپنی لپیٹ میں لے لیتا ہے۔ پتہ اس محرومی سے عاجز آکر ۔۔ درخت سے جدا ہو کر کسی نئے سفر پر چل نکلتا ہے۔ پتے کا جھڑنا پتے میں زندگی کے دور کی تکمیل کا نشان ہے۔ ہوا کا جھونکا پتے کو ایک نئی زندگی کی راہ میں گامزن کر دیتا ہے ۔ ایک ایسی زندگی جس کا ہمیں شعور نہیں ۔

”شعور نہیں؟ کیوں نہیں ؟“

 سوال کی ایک اور لہر نے سر اٹھایا اور پھیلتی ہی چلی گئی۔ کناروں سے ٹکرائی۔ واپس پلٹی اور ہیجان بن گئی۔ ایک تلاطم اٹھا ۔ ذہن میں تلاطم کا شور گونجا۔ شعور نے اس گونج کا یہ مطلب اخذ کیا کہ ہمیں اس کا شعور اس لئے نہیں ہوتا کیونکہ ہمارا علم ادھورا اور نامکمل ہے۔ علم کا ادھورا پن ، ہمارے تجسس کی کمزوری اور شوق کے لاغر ہونے کے سبب ہوا کرتا ہے۔۔ تجسس کی قوت محرکہ ہی تو ذہن کو وہ طاقت بہم پہنچاتی ہے جو اُسے علم کی سر سبز اور شاداب وادیوں میں محوِ پرواز رکھتی ہے۔

اُس نے پلک جھپکی ۔ پلک جھپکنے کے ساتھ ہی وہ اُسی منظر میں پلٹ آیا جہاں وہ مادی حدوں میں موجود تھا ۔ جہاں وہ معصوم اور کومل سی کونپل ہوا کی دوش پر لہرا رہی تھی۔ نیلا آسمان اپنی بے کراں وسعتوں کے باوجود ایک محدود پسِ منظر کی صورت موجود تھا۔ چند ایک پرندے بنا پنکھ ہلائے ہوا میں تیر رہے تھے۔ کچھ بادلوں کی ٹکڑیاں نیلگوں فضا میں جزیروں کی طرح منظر کے حسن میں اضافے کو موجود تھے ۔ نہر کا پانی سبک خرامی سے بہہ رہا تھا۔ اُس کے ذہن میں ایک سوال دھیرے دھیرے تیر رہا تھا۔

”اس علم کا حصول کیوں کر ممکن ہو سکتا ہے جو ادھورا اور نامکمل نہ ہو؟“

”اس کے لئے مجھے کیا کرنا چاہیے ؟“

”مطالعہ!“ اُس کے شعور نے فوراً جواب دیا۔

”مطالعہ ۔۔۔؟ مگر کتابوں میں اُن باتوں کے جواب کیسے موجود ہو سکتے ہیں جو میرے ذہن میں آج آرہی ہیں۔ کتابیں تو بہت پہلے کہیں ماضی میں لکھی جا چکی ہیں اور میرے یہ سوال تو موجودہ لمحے کی پیدا وار ہیں؟“

”ہاں یہ تو ہے۔“ شعور نے اپنے لاجواب ہونے کا فوراً ہی اقرار کر لیا۔

”تو پھر مجھے کیا کرنا چاہیے ؟“

اُس نے شعور کو کوئی دوسرا حل تجویز کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے سوچا۔ شعور نے کچھ توقف کے بعد اپنے ذخیرہ علم میں سے ایک جملہ اس کے ذہنکی اسکرین پر اجاگر کیا۔

”جن سوالوں کے جواب انسان کی تصنیف کردہ کتب میں دستیاب نہ ہوں ، اُن کے لئے الہامی اور اسمانی کتابوں سے راہنمائی لینی چاہیے۔“

آسمانی کتاب؟

بھلا عظیم کتب میں ایسے چھوٹی چھوٹی باتوں کی وضاحت و تذکرہ کہاں ہے؟

میں نے پڑھا ہے ان میں سے کچھ کو لیکن مجھے تو وہاں ایسی کوئی بات نظر نہیں آ سکی۔ اُس نے سوچا اور سوچتا ہی رہا ۔ کچھ دیر مزید بیٹھنے کے بعد وہ یہ سوچ کر وہاں سے اُٹھ کر چل دیا کہ آخر اس کا کوئی نہ کوئی طریقہ ہوگا تو سہی۔

ایک روز اپنے دوستوں کی محفل میں خوش گپیوں کے دوران اُس کے کسی دوست نے کہا۔”قرآن ِ حکیم میں ہر چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی بات کا تذکرہ موجود ہے۔“ یہ بات جس وثوق سے کہی گئی تھی اُس کا اُس پر اثر ہوا اور وہ پوچھے بنا نہ رہ سکا۔

”تم یہ کیسے کہہ سکتے ہو کہ واقعتاً ایسا ہی ہے؟“

اُس کا خیال تھا کہ اس کا وہ دوست اُس کو کوئی مثال دے کر اپنی بات کی وضاحت کرے گا یا اس کو کوئی ایسا واقعہ سنائے گا جس سے یہ بات پایۂثبوت کو پہنچ سکے مگر اس دوست نے صاف دلی سے کہا۔” میں نے تمہاری طرح گہرائی میں اتر کر اس پر کبھی غور تو نہیں کیا لیکن بہر حال یہ بات خود قرآن میں مذکور ہے کہ اس میں ہر چھوٹی سے چھوٹی اور بڑی سے بڑی بات بیان کر دی گئی ہے ۔ اب یہ کھوج لگانے والوں پر منحصر ہے کہ وہ اس کو کھوجتے ہیں یا نہیں۔“

صاف دلی سے کہی گئی بات سے اور کچھ ہوا یا نہیں اتنا ضرور ہوا کہ اس نے قرآن حکیم کے مطالعے کا دوبارہ آغاز کر دیا۔ ترجمے اور تفسیر کے ساتھ۔ پورا قرآن پڑھ کر اُس نے خود کو ٹٹولا۔ ذہن میں تشنہ سوالوں کی تعداد کچھ مزید بڑھ چکی تھی۔ کئی پیچ مزید الجھ گئے تھے۔ کئی باتیں اُس کی سمجھ سے ہنوز بالا تر تھیں۔ اور کچھ مزید باہر ہو گئی تھیں ۔۔ جو وہ تلاش کر رہا تھا وہی اُس کو مل نہیں رہا تھا۔ اُس نے اس خیال کو جھٹکنے کی بھی کوشش کی لیکن وہ بار بار پلٹتا رہا۔

معمولات زندگی اپنی اونچ نیچ کے ساتھ چلتے رہے۔ کبھی کبھی وہ اُن تشنہ سوالوں کے جواب تلاش کرتا اپنے ذہن کے ریگزاروں میں بھٹک کر رہ جاتا۔ ایک روز صبح تلاوت ِ قرآن پاک کے دوران جب وہ سور ہ بقرہ کی اولین آیات ۔۔۔ھدی اللمتقین o الذین یومنون بالغیب ۔۔۔ پڑھ رہا تھا کہ اسے یوں لگا گویا آسمان بجلی کے ایک کڑاکے نے اُس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہو۔ اُس نے قرآنِ مجید کو بند کر دیا ۔ گم سم اک سناٹے کے عالم میں بیٹھا رہ گیا۔

” یہ ہے وہ کتاب جس میں کوئی شک نہیں ۔ ہدایت ہے متقیوں کے واسطے جو غیب پر ایمان رکھتے ہیں۔“ یہ جملہ وہ بچپن سے سنتا اور پڑھتا رہا تھا اس نے اس پر کبھی توجہ ہی نہ دی تھی کہ اس کا کیا مفہوم تھا َ اس لمحے اُس کے اندر جس خیال نے سر ابھارا تھا وہ اس کو بہت عجیب لگا تھا۔

”راہنمائی کرتی ہے متقیوں کی ۔ متقیوں کی راہنمائی سے کیا مراد ہے؟ یہ سوال نہیں تھا ایک تیز دھار کلہاڑا تھا جو اس کے بنے ہوئے ذہنی سانچے پر چلا اور اُس کے اندر اتھل پتھل مچانے لگا۔ یہاں اُس کی سوئی اٹکی نہیں بلکہ ٹوٹ گئی تھی۔

بھلا وہ جو متقی بن جائے اُس کو کسی مزید راہنمائی اور ہدایت کی کیا ضرورت؟ اللہ تعالیٰ نے اِس کتاب کو نوع انسانی کے لئے باعث ہدایت کیوں قرارنہیں دیا؟ اگر تمام نوع انسانی نہیں تو اس کو کم از کم مسلمین کے لئے ہی سر چشمہ ہدایت قرار دے دیا جاتا۔۔ بھلا اس میں کیا بات مانع ہو سکتی تھی ؟ ایسا کیوں نہیں کیا گیا اور ایسا کیوں کیا گیا ہے؟ ۔۔ کی تکرار کے جھکڑوں نے اُس کے شعور کو نڈھال کرنا شروع کیا تو وہ قرآن کی تلاوت بند کر کے اٹھ گیا۔

اس کے بعد جب بھی اس کے اندر اس ۔۔۔”کیوں نہیں؟“ کی تکرار ہوتی اور وہ خود سے الجھتا ۔ ایک بار اس نے خود کو بہلانے کے لئے یہ بھی سوچا کہ یونہی ایک شیطانی وسوسہ ہے اور وہ لاحول ولا قوۃ پڑھ کر اس خیال کو جھٹکنے کی کوشش کرتا۔ وہ اس خیال کو جتنا جھٹکتا ۔۔ اتنا ہی وہ اُس کی منطق اور قوت ِ استدلال کو للکارتا۔

ایک روز جب وہ دوپہر کے کھانے کے بعد اونگھ رہا تھا کہ اس نے دیکھا کہ ایک عدالت کا سا منظر ہے ۔ وہ کرسی عدالت کے سامنے موجود ہے۔ اُس پر فرد جرم عائد کی جا رہی ہے ۔ اُس سے پوچھا جا رہا ہے کہ اُس نے اللہ کی آخری کتاب سے استفادہ کیوں نہیں کیا ؟ اُس نے اس سے منہ کیوں موڑا؟

اُس نے خود کو جواب میں کہتے سُنا۔” یہ کتاب میرے لیے تھی ہی کب؟ یہ تو متقیوں کے لئے ہدایت اور راہنمائی کے لیے اتاری گئی تھی۔ اس بات کا اعلان تو خود یہ کتاب اپنی اولین آیات میں کر رہی ہے۔ اگر میں متقی ہوتا تو ضرور اس سے مستفیض ہوتا۔“

ایک مترنم اور مدھر ہنسی ابھری اور اس کے ارد گرد پھیلتی چلی گئی ۔ ہنسی میں کچھ ایسی بات تھی کہ وہ غنودگی کی حالت سے باہر آگیا۔ لیکن اس ہنسی کے تاثر سے باہر نہ نکل سکا۔ وہ اس ہنسی کو کوئی مفہوم پہنانے میں کامیاب نہیں ہو پا رہا تھا۔ اس ہنسی میں اُس کی نادانی اور جہل کا خاکہ اڑایا گیا تھا۔ اُس کی چالاکی اور ہوشیاری پر اس کو داد دی گئی تھی یا اُس کی معصومیتکا لطف لیا گیا تھا۔ وہ ہنسی خندہ استہزائیہ تھی یا خندہ تفہیمی و تائیدی ۔ وہ کوئی فیصلہ نہیں کر پا رہا تھا۔ اُس ہنسی کا ترنم اور کھنک اس کو رہ رہ کر یاد آتا۔ وہ فرد جرم اور اپنے جواب سے زیادہ اُس مترنم جھلملاتی ہنسی کو یاد کرتا۔

روز و شب گزرتے چلے گئے ۔ ذہن میں اٹھتے بگولوں کے ساتھ اقلیم فہم و ادراک کی سیر کا شوق بھی پلتا رہا ۔ اس کی ناتوانی اور قلتِ زادِ راہ بھی آڑے آتی رہی۔ جب بھی کسی بات میں قرآن کا حوالہ آتا۔ اُس کے ذہن میں ” ھدی اللمتقین “ کی صدا گونجتی اور پھر اُس کے ارد گرد ہی مترنم کھنکتی ہنسی بکھرتی چلی جاتی اور وہ اُس ہنسی کے ترنم کی یاد میں کھو سا جاتا جس کا مفہوم اس کے شعور کی گرفت میں نہیں آرہا تھا۔

وہ جب بھی اپنی الجھن اور اُس الجھاؤ کا جائزہ لیتا جو اس کو اپنی گرفت میں لئے ہوئے تھی تو وہ دیکھتا کہ متقی اس کے نزدیک ایسے لوگ تھے جن کا وجود کہیں ماضی بعید میں ہوتا ہوگا۔ آج کل ایسے لوگ کہاں ہیں؟ اب تو جس سے دریافت کریں کہ کیا آپ متقی ہیں؟ تو اس کا زیادہ سے زیادہ جواب یہ ملتا ہے۔” کیوں گنہگار کرتے ہو بھائی ۔ ہم اس قابل کہاں ؟ آپ دعا کریں کہ اللہ ہمیں متقی بنا دے۔“

وہ بات سمجھنے کے لئے دوستوں سے بات کرتا ۔ اُن میں کچھ کا تاثر یہ ہوتا کہ وہ درست کہہ رہا ہے ۔۔ بات تو واقعی سوچنے کی ہے ۔ لیکن اکثر یہ کہتے ۔۔۔ ایسا نہیں کہتے۔۔ ایسا تو سوچنا بھی بُری بات ہے۔

”کیوں نہیں کہتے؟ کہیں گے نہیں تو بات کیا خاک سمجھ میں آئے گی ۔۔“ وہ اپنی بات پہ اصرار کرتا ۔ وہ دلائل دیتے اور وہ اُن کی ہر ہر دلیل میں کوئی نہ کوئی نکتہ نکال لاتا ۔ بات کو جس طرح سے وہ سمجھنا چاہ رہا تھا اس طرح سے اُس کو کوئی سمجھا نہیں پا رہا تھا۔ اُس کو کوئی ایسا تسلی بخش جواب نہیں مل رہا تھا جو اُس کو اندر سے شانت کر دے۔

ایک روز وہ کسی واقف کار کے یہاں گیا ۔ اُن کے بچے نے بتایا کہ ابو تو گھر پہ نہیں ہیں۔۔ کہیں گئے ہیں اور جلد ہی آنے کا کہہ گئے ہیں۔ وہ واپس ہونے لگا تو گھر سے کہلوایا گیا کہ اُس کے بارے میں وہ صاحب جاتے ہوئے اپنے گھر والوں سے کہہ گئے تھے کہ اگر وہ آئیں تو اُن کو اندر بیٹھک میں بٹھا لیا جائے۔

وہ کمرے میں جا کر بیٹھا اِدھر اُدھر دیکھ رہا تھا کہ اگر کوئی اخبار مل جائے تو وقت گزاری کے لئے وہ اخبار ہی دیکھتا رہے۔ وہاں اخبار تو کوئی نہ تھا البتہ میز پر پلاسٹک کور میں ملبوس ایک کتاب پڑی تھی۔ اُس نے وہ کتاب اٹھا لی ۔ اُس کتاب کا نام تھا ۔۔۔ تذکرہ قلندر بابا اولیا ؒ ۔۔ اُس نے وقت گزاری کو اُس کتاب کی ورق گردانی شروع کر دی۔ وہ اس قسم کی کتب کو کچھ زیادہ اہمیت نہیں دیتا تھا۔ اُس کا خیال تھا کہ اس قسم کی کتب میں عام طور پر عقیدت میں غلو کے سبب لوگ بزرگوں کی باتوں کو ضرورت سے زیادہ ہی بڑھا چڑھا کر بیان کیا گیا ہوتا ہےاور یہاں تک کہ انہیں کوئی مافوق الفطرت ہستی ثابت کرنے کی کوشش میں اکثر سلیقے اور احتیاط کو بھی نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔

رق گردانی کے دوران اُس کی نظر کتاب میں مندرج ایک خط پر پڑی۔ وہ خط مذکورہ بزرگ نے اپنے ایک مرید کو اُس کے سوالوں کے جواب کے حوالے سے تحریر کیا تھا ۔ وہ اُس خط کو پڑھنے لگا۔ خط کی عبارت نے اُس کی توجہ کو جذب کر لیا اور اُس خط کے مندرجات میں منہمک ہوتا چلا گیا۔ پڑھتے پڑھتے اس نے الہامی علوم کے حوالے سے پڑھا:

”جتنے بھی آسمانی صحائف ہیں ، اللہ تعالیٰ اُن سب کو کتاب کے نام سے یاد کرتے ہیں۔ اُن میں قرآن بھی ہے ۔ چنانچہ قرآن میں یہ علم موجود ہے ۔ اللہ تعالیٰ نے خود بار بار قرآن کو کتاب کے نام سے موسوم کیا ہے ۔ جو قرآن نہیں سمجھتے وہ جو بھی چاہئیںکہیں ، اُن کی زبان کون پکڑ سکتا ہے؟ اس لئے ضروری ہے کہ تم عربی پڑھو اور قرآن کو قرآن کے الفاظ میں سمجھو ۔ بغیر کسی تاویل اور بغیر کسی اثر کے ۔ بالکل غیر جانبدار ہو کر۔۔ اس تصور سے کہ اللہ تعالیٰ کیا فرماتے ہیں۔“

یہ بات ۔۔ بات کا یہ انداز ۔۔ اُس کو ایک نئے پن کا احساس ہوا ۔ خصوصاً غیر جانبداری کیہدایت نے اُس کو اُن کی بات میں وزن اور صداقت کا احساس عطا کیا۔ پھر جب وہ ان کے تحریر کردہ خط کے ان الفاظ پر پہنچا:

”ھدی اللمتقین oالذین یومنون بالغیب۔“

”مفہوم : یہ کتاب اُن لوگوں کو روشنی دکھاتی ہے جو اپنے اندر اللہ کے بارے میں ذوق رکھتے ہیں“

”غیب سے مراد وہ تمام حقائق ہیں جو انسان کے مشاہدات سے باہر ہیں ۔وہ سب کے سب اللہ کی معرفت سے تعلق رکھتے ہیں ۔ ایمان سے مراد ذوق ہے۔ ذوق وہ عادت ہے جو تلاش میں سرگرداں رہتی ہے۔ اس لئے نہیں کہ اُسے کوئی معاوضہ ملے گا بلکہ صرف اس لئے کہ طبیعت کا تقاضہ پورا کرے۔ متقی سے وہ انسان مراد ہے جو سمجھنے میں بڑی احتیاط سے کام لیتا ہے ۔ ساتھ ہی بدگمانی کو راہ نہیں دیتا ۔ وہ اللہ کو اور اللہ کے کاموں کو بالکل الگ سے پہچانتا ہے۔ صحیح طور پر پہچاننے کی وجہ یہ ہے کہ اُس کے اندر ذوق موجود ہے ۔ یہ نہ سمجھ لینا کہ ہر انسان کے اندر یہ ذوق موجود نہیں ۔ درحقیقت یہی ذوق لائف اسٹریم یعنی چشمہ ِحیات۔۔ اس ہی سے زندگی کی بنا ہے۔ انسان اس کو استعمال کرے نہ کرے ، یہ اُس کی اپنی مرضی اور مصلحت ہے۔ یہ ذوق ہی انسان کے اندر بستا ہے ورنہ انسان خلا ہے۔“

یہ پڑھ کر اُس کو لگا کہ ایک بہت پرانی پھانس ۔۔ جو ہر گزرتے دن کے ساتھ بڑھتے اور پھولتے ہوئے اک شہتیر کی صورت اختیار کر چکی تھی ۔۔ اچانک ہی نکل گئی ہے۔ اُس کے اندر کا ایک بہت پرانا زخم یک لخت دُکھنا بند ہو گیا تھا۔ ایک ناسور تھا جو صاحب تذکرہ مسیحائی کی زد میں آ کر مٹ کر رہ گیا تھا۔ ایک آگ تھی جو بجھ کر رہ گئی تھی۔ ایک پھوڑا تھا جس کا مواد اچانک ختم ہو گیا ہو۔

اُس وقت اس کے اندر ایک ہی بات کا تاسف رہ رہ کر ابھر رہا تھا ۔ یہ کتاب مجھے پہلے کیوں نہیں ملی۔ میرے اتنے سال میری جہالت کی نظر ہونے سے بچ جاتے۔

وہ جوش و تاسف سے بھرا ۔۔ وہ کتاب مانگ کر گھر لے آیا۔رات بھر میں اُس نے اُس کتاب کو پڑھ ڈالا۔ خصوصاً اُن کا وہ خط۔۔ اُس نے اُن کا خط کئی بار پڑھا ۔ صبح ہوئی تو اُس کو ایک عجیب سا احساس ہوا۔ اُسے یوں محسوس ہو رہا تھا کہ آج سچ مچ ایک نیا دن طلوع ہو رہا ہے۔

اُس کو یقین ہی نہیں آرہا تھا وہ بات جو اسے کوئی سمجھا نہیں پا رہا تھا وہ اس قدر آسانی اور سہولت سے اُس کے فہم و ادراک میں اتر چکی ہے ۔ خوشی اور سرشاری کا ایک نادر احساس اس کے رگ و پے میں دوڑ رہا تھا ۔ صبح دم جب مؤذن نے پکارا تو اس کو لگا گویا رات سچ مچ ختم ہو گئی اور اک نیا سویرا طلوع ہونے کو ہے۔

وہ نماز کے لئے کھڑا ہوا۔ ایک سرشاری اور سر مستی کے عالم میں اپنے رب کے حضور سجدہ ریز ہوا۔ سجدے میں اُس کے ہاتھ سے دامن ضبط چھوٹ گیا اور وہ بے اختیار رو دیا۔ خوشی ، تشکر اور تاسف کے آنسو اُس کا منہ دھو رہے تھے ۔ ایک بیمار کو قرار آرہا تھا۔ ایک مریض شفا پا رہا تھا ۔ گداز نے اُس کی صلاحیتِ جذب کو دو چند کر دیا۔ اُس کے ارد گرد پھیلتا طمانیت کا ایک نور اُس کو اپنے اندر اترتا اور پھیلتا ہوا محسوس ہو رہا تھا۔ وہ اپنے اندر کچھ ایسی روشنی محسوس کر رہا تھا جس نے اُس کے سامنے راہوں پر چھائی تاریکی اور اندھیروں کو ختم کر دیا ہو۔

نماز سے فراغت کے بعد وہ قرآنِ حکیم ، فرقان مجید کھول کر بیٹھ گیا اور وہیں سے پڑھنا شروع کیا جہاں کئی برس پہلے اُس کی سوئی ٹوٹی تھی۔ ایک نئے عزم اور حوصلے کے ساتھ ، ایک بڑھے ہوئے ادراک اور وسیع تر شعور کے ساتھ اس نے پڑھنا شروع کیا۔

”یہ ہے وہ کتاب جس میں نہیں کوئی آڑ یا ترچھا پن۔۔ بے شک یہی وہ کتاب ہے جو اُن لوگوں کو روشنی دکھاتی ہے جو اپنے اندر اللہ کے بارے میں ذوق رکھتے ہیں۔۔“

اور اسی ذوق کی وجہ سے وہ سمجھنے میں احتیاط سے کام لیتے ہیں۔اسی احتیاط اور پرہیزگاری کے سبب وہ اللہ اور اُس کے کاموں کو ۔۔۔ خود اپنے اور شیطان کے کئے جانے والے کاموں کے مقابلے میں الگ سے پہچاننے اور جانتے ہیں۔۔ کسی نے دھیرے سے اُس کے کان میں سر گوشی کی۔

 

حیاتِ جاوداں کی تلاش

پوری دنیا کو فتح کرنے کا خواب دیکھنے والا ایک بادشاہ ، اپنے اس خواب کو تعبیر دینے ، جب مقدونیہ(یونان) سے چل فتوحات کا پھریرا لہراتا، اسکندریہ (مصر) تک پہنچ گیا اور وہاں کی حسین ملکہ قلو پطرہ کے دام زلف گرہ کا اسیر ہو گیا۔ ایک روز جب فتح کا جشن منانے کے لئے برپا کی گئی محفل ناؤ نوش اور رنگ و بو کے دوران ، اُس کو یہ اطلاع دی گئی کہ مقدونیہ کی پارلیمنٹ کے اراکین ، اُس کی سرگرمیوں اور فتوحات کے دراز ہوتے ہوئے سارے سلسلے سے بیزار ہو کر اُس کے خلاف بغاوت پر آمادہ ہو رہے ہیں، تو وہ جھنجھلا کر رہ گیا۔ رات ڈھلے تک وہ جاگتا رہا اور سوچتا رہا کہ اُس کی یہ تمام فتوحات ، کوشش اور سعی اور کامیابیاں آخر کس کام کی ؟

سوچوں کے اس گرداب میں چکراتے ہوئے اُس کو ایک عجیب سی بات سوجھی۔ اگر کسی طرح وہ اپنی سلطنت کو دوام اور جاودانی دینے کا اہتمام کر لے تو سارا مسئلہ ہی حل ہو جائے گا۔ اس خواہش پہ غور کرتے ہوئے اُس نے سوچا کہ اگر سلطنت رہی اور وہ خود نہ رہا تو سلطنت کا دوام اُس کے کس کام کا؟ یہ سوچ کر وہ اس خواہش کو ترک کرنے کو ہی تھا کہ اچانک اُس کو خیال آیا کہ آخر وہ اتنا مقتدر العان فاتح اور بادشاہ ہے تو وہ خود اپنی زندگی کو جادواں بنانے کی کوشش کیوں نہ کرے۔۔ اگر خود اس کی اپنی زندگی کو دوام اور ہمیشگی حاصل ہو جائے تو اور موت کا خوف نہ رہے تو کبھی نہ کبھی تو پوری دنیا پہ غالب ہونے کا اس کا خواب شرمندہ تعبیر ہو ہی جائے ۔ یہ بات اُس کے ذہن میں آئی اور جڑ پکڑ گئی۔

اس خواہش کو پورا کرنے اور اس کی تکمیل کے راستے سوچے جانے لگے۔ مشورے شروع ہوئے ۔ بادشاہ کی خواہش اُس کے مشیروں اور وزیروں کے لئے حکم کا درجہ اختیار کر گئی ۔ اُن میں سے ایک نے تجویز کیا کہ اگر کسی طور آبِ حیات میسر آجائے تو بادشاہ کی خواہش حیاتِ جاوداں اور سلطنت کے دوام۔۔ دونوں ہی باتوں کی تکمیل ہو سکے گی۔ بادشاہ کو یہ بات بہت ہی صائب لگی۔ شاہی فرمان جاری ہوئے ۔ آبِ حیات لانے یا اس کا پتہ بتانے والے کے لئے منہ مانگا انعام دیئے جانے کا سلطانی وعدہ مشتہر کیا گیا ۔ سلطنت اور مفتوحہ علاقوں کے طول وعرض میں ہر کارے دوڑنے لگے ہر اس اطلاع پر کاروائی کو یقینی بنانے کا اہتمام ہوا ، جس سے آبِ حیات کے حصول کی کوئی راہ نکل سکتی تھی۔

کئی لوگوں نے اسے دیوانگی قرار دیا اور کچھ نے اسے راج ہٹ کا کرشمہ گردانا۔ ہر طرح کی چہ مگویوں کے باوجود کوششیں جاری رہیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ اگر کسی کو آبِ حیات مل بھی گیا تو کیا ضروری ہے کہ وہ اُسے بادشاہ کو پیش بھی کر دے گا ۔ وہ اسے پی کر خود کیوں نہ امر ہونا چاہے گا۔

جعلسازوں او ٹھگوں نے منصوبے باندھنے شروع کر دیئے کہ کسی طور بادشاہ سے آبِ حیات کی خبر دینے کے نام پر انعام و اکرام وصول کیا جائے۔ بہت سے لوگوں نے ایسی کوششیں کیں بھی لیکن بادشاہ اور اُس کے درباری ایسے جھانسوں سے بچنا خوب جانتے تھے۔ انہوں نے اطلاع کے غلط ہونے کی صورت میں عبرت ناک سزا کا بھی اعلان کر دیا تھا۔

ایک روز جب بادشاہ نے دربار کیا تو اُس کو بتایا گیا کہ ایک آدمی اذنِ باریابی چاہتا ہے اور یہ کہ اُس کا کہنا ہے کہ وہ آبِ حیات کی بابت جانتا ہے ۔ اذنِ شاہی سے اُس شخص کو دربار میں لایا گیا۔

ایک نورانی صورت ، ادھیڑ عمر ، ایک معزز بزرگ کو اپنے سامنے دیکھ کر ، بادشاہ نے اُس کی خوب آؤ بھگت کی۔اُن کو اپنے پہلو میں رکھی نشست پر بٹھایا۔ اُس بزرگ نے اپنا نام خضرؑ بتایا اور کہا کہ وہ آبِ حیات کا پتہ جانتے ہیں۔ راستہ چونکہ ازحد دشوار گزار اور کٹھن ہے اس لئے وہ اکیلے اس مہم کی تاب اور سکت نہیں رکھتے اور دوسرے یہ کہ چشمہ حیات کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ اُس کا پانی وہیں موقعے پر جا کر پینا ہی فائدہ دیتا ہے ۔ اُس کو وہاں سے کہیں دور لے جانے پر اُس کی وہ جاودانی عطا کر نے والی تاثیر باقی نہیں رہتی۔ دوسرے یہ کہ اُس مقام تک بادشاہ کو اکیلے ہی جانا ہوگا ۔ ورنہ ہر کوئی اس کا پانی پی کر امر ہونا چاہے گا۔ ہاں البتہ وہ بادشاہ کی وہاں تک راہنمائی کے لئے اُس کے ہمراہ جانے پر آمادہ ہے۔

اُس بزرگ کی شخصیت میں کوئی ایسی بات تھی کہ بادشاہ کو اُس کی ہر بات قابلِ قبول لگی۔ اُس نے اپنے چند خاص مصاحب ہمراہ لئے۔ جوان اور توانا گھوڑوں پر سوار یہ مختصر قافلہ اُس بزرگ کی راہنمائی میں اپنے سفر پر روانہ ہوا۔ سفر کا آغاز خوشگوار تھا۔ بادشاہ آنکھوں میں ابدی زندگی کے سپنے لئے ، اُس بزرگ کی حکمت و دانائی سے بھر پور باتیں سنتا نحوِ سفر رہا۔ کئی روز و شب کے سفر کے بعد وہ ایک عجیب و غریب پہاڑی سلسلے تک جا پہنچے۔

پہاڑوں کی سختی اور سنگلاخی ہیبت و جلال بن کر ان کے دلوں کو دہلا رہی تھی ۔ اُس سلسلہ کوہ میں وہ بزرگ انہیں پر پیچ گھاٹیوں کی اُترائیوں اور چڑھائیوں پر لئے بڑھتے ہی رہے۔ بالآخر وہ ایک ایسی جگہ پہنچ گئے جہاں بادشاہ نے اس بزرگ رہبر کے کہنے پر اپنے مصاحبین ، خدمتگاروں اور سواری کے جانوروں کو وہیں پڑاؤ پہ چھوڑا اور خود اُس بزرگ رہبرکے ہمراہ پاپیادہ آبِ حیات پانے کی آس دل میں لئے آگے بڑھتا چلا گیا۔

بادشاہ دل ہی دل میں اُس بزرگ کی توانائی ، حوصلے اور اعلیٰ ظرفی کو سراہتا ان کے ہمراہ چلتا رہا۔ جب چلتے چلتے وہ تھک جاتے تو کچھ دیر کے لئے سستالیتے اور پھر آگے بڑھ جاتے ، ایک دو بار بادشاہ نے اپنے رہنما سے پوچھا بھی کہ ابھی مزید کتنا سفر طے ہونا باقی ہے ۔ جواب ملاہم اپنی منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ اب جلد ہی اسے پا بھی لیں گے۔ اونچے نیچے راستوں پر چلتے چلتے بادشاہ تھک تو بہت گیا تھا لیکن ابدی اور لافانی زندگی کا لالچ اس کو تھکن کا احساس نہیں ہونے دے رہا تھا۔

بالآخر وہ بزرگ راہبر اُس بادشاہ کو لے کر ایک غار میں داخل ہوگئے۔ غار بہت تاریک اور ناہموار تھا۔ وہ دیر تک اس ہولناک غار میں محو سفر رہے۔ غار کے سفر میں چند ایک جگہ انہیں ویرانوں میں رہنے والی مخلوق نے ستایا بھی لیکن اُس راہبر کی حوصلہ مندی اور بادشاہ کی بہادری کے باعث معاملہ ان کے قابو سے باہر نہیں ہوا۔

اس غار کے خوفناک سفر کا اختتام ایک کھلی سر سبز و شاداب وادی میں ہوا۔ وادی حسن و دلفریبی کا ایک جاذب ِ نظر شاہکار تھی۔ اُس گل رنگ وادی میں ہر طرف ہریالی کے ساتھ ساتھ فضا میں ایک دلفریب مہک رچی ہوئی تھی۔ ہوا پھولوں کی خوشبو سے عطر بیز ہونے کے باعث فرحت اور تازگی سے بھری ہوئی محسوس ہوئی۔ غار کی گھٹن سے باہر آکر ، اُ جنت نظیر وادی میں قدم رکھتے ہی بادشاہ کو یوں لگا گویا اس کا سارا وزن ختم ہو گیا ہو۔ وہ خود کو ایک دم ہلکا پھلکا محسوس کرنے لگا ۔ فرحت اور تازگی اُس کو اپنے اندر اترتی اور توانائی اس کو سیراب کرتی محسوس ہوئی۔

وہ عالی مقام بزرگ اس فاتح اعظم کو اس غار کے دھانے سے کچھ دور واقع ایک کھوہ میں لے کر اتر گئے بظاہر وہاں اس کھوہ کی موجودگی کا کوئی نام و نشاں نہ تھا ۔ فطرت نے کچھ اس انداز سے اُس کھوہ کی حفاظت کا انتظام کیا ہوا تھا کہ وہاں اس کے ہونے سے صرف وہی باخبر ہو سکتا تھا ، جس کو فطرت نے خود اس راز میں شریک کیا ہو۔

اُس کھوہ کے اندر ایک پتھرسے پانی رس رہا تھا ۔ وہ پانی رستے رستے قطرہ بنتا اور نیچے گڑے ایک برے سے پتھر پر گرتا۔ نہ جانے یہ عمل وہاں کتنی صدیوں سے جاری تھا۔ اس قطرہ قطرہ ٹپکتے پانی سے اس برے پتھر میں ایک پیالہ بھر جگہ بن گئی تھی۔ جب رستے پانی کا قطرہ اس جگہ گرتا تو اتنا ہی پانی اس لبالب بھری جگہ سے باہر چھلک کر زمین میں جذب ہو جاتا۔ وہ بزرگ وہاں زمین پر بیٹھ گئے اور بادشاہ کو اپنے قریب بیٹھنے کا اشارہ کیا۔ بادشاہ خاموش بیٹھا اس بات کا اندازہ کرنے کی کوشش کرتا رہا کہ دیکھیں اب کیا ہوگا۔ کچھ دیر خاموش رہنے کے بعد اس بزرگ نے بادشاہ کو مخاطب ہو کر بتایا کہ یہ پانی جو وہ دیکھ رہا ہے ، آبِ حیات ہے۔

”یہہےآبِ حیات؟“بادشاہ نے بے یقینی سے پوچھا۔

”جی ہاں! لیکن اس پانی کو پینے سے پہلے آپ ایک مرتبہ اور اچھی طرح سوچ لیں کہ آپ کو یہ پانی پینا بھی چاہیے یا نہیں؟“

اس کے بعد اس محترم بزرگ نے بادشاہ کو جو کچھ کہا اس کے بارے میں مختلف روایات ہین ۔ ایک روایت ہے کہ خضر نے اس بادشاہ کو قیدِ حیات اور بندِ غم کے اصل میں ایک ہی ہونے کی بات تعلیم کر کے بادشاہ کو ڈرا دیا کہ موت سے پہلے تمہیں غم سے نجات نہیں مل سکے گی اور یہ پانی تمہیں موت سے ہمیشہ کے لئے دور تو لے جائے گا لیکن تم ہمیشہ گرفتار ِ غم ہی رہو گے۔

ایک دوسری روایت کے مطابق اس بزرگ نے وہ پانی خود تو پی لیا لیکن بادشاہ کو نہ پینے دیا ۔ اس پر ایک شاعر نے کہا

؎کیا کیا خضر نے سکندر سے          اب کسے راہنما کرے کوئی

ایک اور روایت کے مطابق خضر نے بادشاہ سے صرف اتنا ہی دریافت کیا تھا کہ یہ پانی پینے کے بعد وہ خود تو امر ہو جائے گا لیکن اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ وہ ہمیشہ کے لیے اقتدار میں قائم بھی رہ سکے گا۔ بادشاہ اس بات کی کوئی ضمانت بھلا کیسے دے سکتا تھا؟ وہ جانتا تھا کہ یہ ہمیشگی کی زندگی اگر حاصل ہوئی بھی تو وہ اُس کو حاصل ہوگی اس کی سلطنت کو نہیں۔

روایات جو بھی ہوں یہ بات البتہ طے ہے کہ بادشاہ نے وہ پانی نہیں پیا، وہ آبِ حیات سے محروم ہی رہا۔ اب اس کی وجہ کچھ بھی رہی ہو کیونکہ تاریخ بتاتی ہے کہ وہ بادشاہ قبلِ مسیح عالمِ جوانی میں ہی انتقال کر گیا تھا۔

شعور نے جب یہ کہانی سنی تو حیرت کا مرقع بن گیا۔ استعجاب نے کئی سوالیہ نشانوں کو اس کے سامنے لا کھڑا کیا۔ سوچ کا ایک سلسلہ آغاز ہو کر دراز ہوتا چلا گیا۔ کڑی در کڑی خیال بنتے رہے۔ غورو فکر نے کئی نہاں خانوں پر دستک دی۔ اس کہانی کے حوالے سے شاخ در شاخ سوالوں کے شگوفے پھوٹتے چلے گئے۔

یہ ہمیشگی اور حیاتِ جاودانی اور لافانی کا بہکاوا دے کر ہی تو شیطان نے آدم کو شجر ممنوعہ کے قریب دھکیلا تھا۔آدم اسی ہمیشگی اور دوام کی طلب میں تو جنت جیسی جگہ سے نکلنے پر مجبور ہوئے تھے۔ کیا جنت میں انہیں یہ ہمیشگی کی زندگی حاصل نہ تھی؟ لیکن اس سے بھی بنیادی بات تو یہ ٹھہری کہ آخر یہ زندگی ہے کیا؟ جب تک یہ گتھی حل نہ ہوگی ، اس کے فانی ہونے یا لافانی ہونے کی بات طے کرنا ناممکن ہی رہے گا۔

ہر شخص اس وہ جواب دیتا ہے جو کسی اور کا نہیں ہوتا کیونکہ کوئی بھی حقیقت کا علم نہیں رکھتا۔ ورنہ حقیقت تو ایک ہی ہوتی ہے۔ لاکھوں یا ہزاروں نہیں۔ سائنسدانوں ، علماء اور ماہرین حیاتیات کا ایک ہی فیصلہ ہے اور اس بات پر سب متفق ہیں کہ زندگی کی کوئی ایک تعریف احاطہ ، بیان سے باہر ہے۔ انہوں نے محض کچھ اشیاء کو بے جان اور کچھ کو جاندار قرار دیتے ہوئے ، ہر دو کا آپس میں موازنہ کر کے زندگی کی چند خصوصیات کا نام ہی زندگی رکھ دیا ہے۔

ماہرین اور فلاسفر کے تمام مباحث میں جو قدر مشترک نکلتی ہے، وہ یہ ہے کہ زندگی دراصل حرکت کا دوسرا نام ہے ۔ لیکن اگر کوئی شرارت سے اپنی گھڑی ، گاڑییا سائیکل کی بابت کہہ دے کہ وہ بھی تو حرکت کرتی ہیں تو کیا ہم انہیں بھی زندہ قرار دے لیں تو وہ برا مان جاتے ہیں اور اگر کہیں ان کی توجہ الیکٹران کی اپنے مرکز کے گرد حرکت ، زمین کی اپنے محور یا مدار کی حرکت کی طرف مبذول کروا کر پوچھیں کہ کیا یہ سب بھی جاندار ہیں ، تو وہ اس بات کا جواب اثبات میں دینے کے بجائے کہتے ہیں ۔ 'نہیں یہ سب محض حرکت ہیں ، زندگی نہیں۔“

ویسے واقعی یہ ایک عجیب حرکت ہے ، کہ ایک حرکت تو زندگی ہے لیکن دوسری حرکت زندگی کے ذیل میں نہیں آتی یعنی زندگی تو حرکت ہوئی ۔ لیکن حرکت زندگی نہیں ہے۔ شعور کو اس گورکھ دھندے نے الجھا کر رکھ دیا۔ تو وہ لاشعور کی طرف متوجہ ہو گیا۔ لاشعور نے شعور کی الجھن رفع کرتے ہوئے اس کو بتایا۔

' بھئی یہ گورکھ دھندہ اس لئے محسوس ہوتا ہے کہ حقیقت کی خبر نہیں۔ حقیقت شناس لوگ خوب اچھی طرح جانتے ہیں کہ زندگی سوائے اس کے اور کچھ بھی نہیں کہ یہ صرف اللہ تعالیٰ کا چاہنا ہے یعنی جب تک اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں ایک جاندار زندہ بھی رہتا ہے اور حرکت بھی کرتا ہے ۔ زندگی کے تقاضے ہمارے اندر تب ہی متحرک ہوتے ہیں ، جب اللہ انہیں کسی جاندار میں متحرک کرتا ہے ۔ زندگی کا وجود اللہ تعالیٰ کی صفات کا مرہونِ منت ہے۔ اللہ کی صفات سے ہی تو زندگی کو قیام ہے اور اللہ کی مشیت یعنی اللہ کا چاہنا ، زندگی کو چلانے کی پالیسی ہے۔ اللہ تعالیٰ زندگی کو اس کے قیام کے دوران کیا رنگ دیتے ہیں ، یہ امر اللہ کی مرضی یا مشیت کہلاتا ہے ۔ خود کو اللہ کے ساتھ وابستہ کر دینا ہی عرفان ہے۔ خود کو اللہ کے سپرد کر دینا ہی روحانیت ہے۔ خود کو اللہ کی مرضی پر چھوڑ دینا ہی نفی ِ ذات ہے۔ نفی ذات کا مفہوم اس کے علاوہ اور کچھ نہیں کہ بندہ اپنی مرضی کو چھوڑ دے اور اللہ کی مرضی یا مشیت کو سمجھے۔ ' بحبل اللہ جمیعاً' کا ایک مفہوم اللہ کی مرضی بھی ہے یعنی آپ اللہ کی مرضی کو خود پر مضبوطی سے لاگو کر لیں اور اس بارے میں دورائے ہرگز نہیں ہونی چاہئیں ۔

شعور کو یہ بات بالکل نئی لگی۔ اس سے پہلے شعور نے ایسی کوئی بات کہاں سنی تھی۔ اس نے حالتِ استعجاب سے باہر لائے جانے پر اپنے لاشعور کی طرف ممنونیت اور احسان مندی کے احساس کے ساتھ توجہ جاری رکھی اور سوچا کہ زندگی کا مفہوم تو سمجھ میں آگیا۔ اب اگر یہ بھی طے ہو جائے کہ زندگی کا مقصد کیا ہے یعنی اگر اللہ کا چاہنا ہی زندگی ہوا تو اللہ کے چاہنے کا مقصد کیا ہے؟ اللہ نے یہ کیوں چاہا کہ ہم زندہ ہوں ۔ زندہ رہیں ۔ آخر اللہ تعالیٰ ہمیں زندہ رکھ کر ہم سے کس مقصد کی تکمیل کے خواہاں ہیں؟ ہم یہ تو نہیں کہہ سکتے کہ ہم اللہ کے کسی مقصد کی تکمیل کر لیں گے کیونکہ یہ تو ہو ہی نہیں سکتا کہ اللہ تعالیٰ کسی مقصد کو حاصل کرنے کی طرف متوجہ ہو اور وہ پورا نہ ہو تو پھر اس زندگی کو عطا کرنے کا مقصد کیا ہے ؟“

لاشعور نے شعور کے اس سوال پر اظہار پسندیدگی کو اُسے ایک دلپذیر مسکراہٹ سے نوازتے ہوئے کہنا شروع کیا۔ اس سوال پر بہت ہی کم لوگ غور کرتے ہیں۔ اگر مقصدِ حیات واضح ہو جائے تو سارا مسئلہ ہی نہ سلجھ جائے۔ اس سوال کا ایک جواب تو یہ ہے کہ اللہ نے جن و اِنس دونوں کو صرف اور صرف اپنی عبادت کے لئے پیدا کیا ہے یعنی ان کی زندگی کا اصل مقصد عبودیت کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے ۔ قرآن کی وہ آیت جس میں یہ ارشاد ہوا ہے۔وَمَا خَلَقْتَ الْجِنِ وَا لاِنْسِ الا لَیْعَبِدُوْنِوہاںمَااوراِلاپہ غور کر کے دیکھنا چاہیے۔ ان دونوں تراکیب ِ الفاظ ' نہیں پیدا کیا' اور سوائے اس کے کہ یہ دونوں مصروف عبودیت رہیں ' کی بجائے جو مفہوم رائج ہوا وہ یہ ہے کہ سوائے عبادت کرنے کے انہیں کسی اور کام کے لئے پیدا نہیں کیا گیا ہے ۔ اب اگر یہ بات مان لی جائے تو پھر ہمارا سونا ، جاگنا ، کھانا ، پینا ، شادی بیاہ کرنا ، اولاد پیدا کرنا اور اس کی پرورش کرنا ، یہ سب کیا ہے؟ اگر ہمیں نہیں پیدا کیا سوائے اس کے کہ ہم اس کی عبادت کریں تو پھر ان افعال اور اعمال کی بابت کیا حکم بنتا ہے جن کے بغیر تسلسلِ حیات برقرار نہیں رہ سکتا؟ اب اگر عبودیت کا مفہوم رسومِ عبادت ہی لیا جائے تو نتیجہ ظاہر ہے کہ الجھاؤ ہی تو پیدا ہوگا۔

شعور نے اپنی فکر پہ اک چوٹ سی پڑتی محسوس کی ۔ اس معروف آیتِ قرآنی کے اصل مفہوم سے لاعلمی کے احساس پر جہاں ایک طرف اس نے ندامت محسوس کی وہاں اپنی سوچ کی اصلاح پر ، تفکر میں گہرائی پیدا ہونے پر وہ جھوم کر ہی تو رہ گیا۔

لاشعور نے افکار تازہ کی ایک مزید لہر شعور کے ادراک میں داخل کی۔ 'اس مقصد ِ حیات کے حوالے سے یہ بھی کہا جاتا ہے کہ انسان کو خلافت ِ الٰہیہ عطا کرنے کے لیے پیدا کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں بھی استدلال قرآن ہی کی ایک آیت سے کیا جاتا ہے لیکن کتنے لوگ ہیں جو واقعتاً اس منصب جلیلہ کے اہل ہیں اور اس پر فائز بھی ہیں ۔ اب کیا یہ ایک خود تردیدی صورت حال نہیں بن جاتی کہ ایک طرف تو اللہ تعالیٰ ایک پوری نوع اپنی خلافت کے لیے پیدا فرمائے ، اس کو زندگی عطا کرے، اس زندگی کو قیام دینے کے لیے وسائل فراہم کرے اور اس پوری نوع کی حالت یہ ہو کہ ڈھونڈنے پر ایک شخص بھی ایسا نہ ملے جو خلافت الٰہیہ کا اقرار کرنے پر قادر ہو۔ کیا یہ ایک طرح سے گستاخی اور حکم عدولی نہیں کہ اللہ تعالیٰ ایک کام کرنا چاہتے ہیں اور وہ کام ہے کہ ہو کر نہیں دے رہا۔'اِنّی جَاعِلْ' (میں چاہتا ہوں) یعنی اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں کہ وہ ایک کام کریں اور اس کام کی یہ مجال ہو کہ وہ کام ہو کے نہ دے۔ درحقیقت عبودیت کی طرح ہم نے خلافت الٰہیہ کا مفہوم بھی اپنی سہولت کے مطابق ہی اخذ کیا ہوا ہے۔ اصل مفہوم کی تو ہمیں ہوا تک نہیں لگی۔ ان دونوں اصطلاحاتِ قرآنی کا اصل مفہوم کیا ہے اور ان دونوں کا آپس میں کیا ربط اور تعلق ہے ؟ اس پر بہت احتیاط سے غورو فکر ہونا چاہیے۔؛

ندرت ِ فکر اور تازگی افکار کے اس جھونکے نے شعور کے وجدان میں ایک بالیدگی اور انشراح کی کیفیت بھر دی۔ اس نے آگہی کو حاضر اور اپنی توجہ کو لاشعور کی طرف قائم رکھتے ہوئے کچھ اور جاننے کی طلب کو مدھم ہونے سے بچانے کی جستجو کو جاری رکھا تو لاشعور نے بات کی مزید وضاحت کی۔

'اس بارے میں ایک اور بات جو بہت توجہ طلب ہے ۔۔۔ وہ یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے خود کہا ہے۔” میں ایک چھپا ہوا خزانہ تھا ، میں نے مخلوق کو محبت کے ساتھ تخلیق کیا تاکہ میں پہچانا جاؤں“ ۔۔یعنی مخلوق میرا عرفان حاصل کرے ۔ اس کا مفہوم اس کے علاوہ اور کیا ہوا کہ انسان کو زندگی اللہ کی پہچان اور اُس کا عرفان حاصل کرنے کے لیے دی گئی ہے۔ جب یہ بات طے ہو گئی تو اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا ہمیں واقعی یہ بات معلوم ہے کہ عرفان کیا ہوتا ہے؟ اس کے حصول کا عملی طریقہ کیا ہے؟کیا ہم اس کے لیے حقیقتاً کوئی کوشش بھی کر رہے ہیں یا ہماری تمام تر سعی اور کاوش زبانی جمع خرچ ہی کی حد تک رہتی ہے؟ کیا ہم واقعی اللہ کے راستے پر ہیں بھی یا یہ بھی محض ایک دعویٰ ہی ہے؟

لاشعور کے ان پے در پے سوالوں نے شعور کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ اس کو یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے اس کے اندر بہت سے دروازے اور کھڑکیاں یکے بعد دیگرے ، ایک ایک کر کے کھلتے چلے جا رہے ہیں اور ہر دروازے سے باہر نکلنے والا راستہ شاہراہِ تفکر سے جا کر مل رہا ہے ۔ اُس نے ایک عالم بے خودی میں صرف اتنی بات محسوس کی کہ اس بے جہت اور بے کنار سفر کی خود میں ہمت نہیں پا رہا۔ اُس نے بات کو اپنے دامن آگہی میں سمیٹنے کے لئے ، بات کو اپنی گرہ میں باندھنے کے لئے لاشعور سے کہا ۔' یہ بات تو سمجھ آگئی کہ زندگی کا مقصد عرفان ، خلافت اور عبودیت ہیں اور اللہ نے زندگی اسی لیے دی ہے لیکن ان تینوں باتوں کا باہمی ربط اور تعلق کیا ہے؟ اور ہم ان کے حصول کے لئے عملی طور پر کیا کر سکتے ہیں؟ یا یہ کہ ہمیں کیا کرنا چاہیے؟

شعور کو راہ پہ آتے دیکھ کر لاشعور میں مسکراہٹ کا ایک جھونکا سا لہرایا اور اُس نے تبسم ریز لہجے میں کہا۔

'عبودیت ، نیابت اور عرفان الٰہی کا باہمی ربط اور تعلق تو آپ کو خود تلاش کرنا ہے ۔ رہی بات عملی طور پر کچھ کرنے کی تو اس ضمن میں یہ بات بہت اہمیت رکھتی ہے کہ انسان اللہ سے اپنی قربت کے احساس کو اپنے اندر اجاگر کر لے۔ عبادت یا عبودیت ہو ، نیابت یا خلافت ہو یا عرفان اور پہچان ہو ، یہ تبھی ممکن ہو سکتے ہیں کہ انسان کے اندر اللہ کی موجودگی کا احساس ہمہ وقت موجزن ہو۔

جب یہ احساس زندہ اور متحرک ہو جاتا ہے کہ انسان اللہ کے سامنے حاضر ہے تو اس کے اندر وہ نظر کام کرنے لگتی ہے جو غیب میں دیکھتی ہے اور جب وہ نظر کام کرنے لگتی ہے تو انسان اپنی زندگی کے اُس مقصد سے واقف اور آشنا ہو جاتا ہے جس کے لیے اللہ نے اس کو وجود بخشا ، اُس کو عدم سے وجود میں لایا ہے ، اُس کو زندگی اور اُس کے قیام کے وسائل فراہم کئے ہیں۔ یہ آگاہی اور واقفیت اُس کو اپنے مقصدِ حیات کی طرف کشاں کشاں گامزن رکھتی ہے ورنہ انسان بھٹک تو رہا ہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کے اندر اس احساس کو فزوں تر کرنے کے لئے ہی تو یہ بات فرمائی کہ میں تو تمہاری رگِ جان سے بھی زیادہ قریب ہوں ۔ اب جو ذات ہماری رگِ جاں سے بھی زیادہاقرب ہو ، اس کی موجودگی سے بے خبری میں کس کا دوش ہوا؟ اس بے خبری کا خاتمہ کرنے کے لئے انسان کو جو اہتمام کرنا ہے وہ یہ ہے کہ وہ صرف اس ذات کی طرف متوجہ ہو جائے اور نہ صرف یہ کہ متوجہ ہو جائے بلکہ مستقلاً ، لگا تار اور ہمہ متوجہ رہے۔

شعور نے جب یہ سب اچھی طرح سے سمجھ لیا تو اس نے تائید میں سوچا کہ بے شک اللہ تعالیٰ نے یہ بھی تو ارشاد فرمایا ہے اور میں تو تمہارے اندر ہوں ، تو تم دیکھتے کیوں نہیں؟ بے شک دیکھنے کے لیے متوجہ ہی تو ہونا ہے۔ بات کا لطف لیتے ہوئے شعور نے کروٹ لی اور سوچا کہ وہ ابدیت اور جاودانی کی بات بھی سمجھ لینی چاہیے ۔ اس نے لاشعور سے کہا ' حضرت خضر ؑ نے بادشاہ کو چشمہ حیواں تک لے جا کر اُس کو آبِ حیات پینے کیوں نہیں دیا تھا؟

لاشعور نے شعور کو بتایا کہ خضر نے انتہائی دل نشین انداز اور موثر پیرائے میں بادشاہ پر یہ واضح کر دیا تھا کہ ہمیشگی کا حامل ہونا ، جاودانی اور لافانی ہونا صرف اس ذات ِ کبریا کو زیب دیتا ہے جو خالق اور لا احتیاج ہے۔ کیونکہ اس صفت اور صلاحیت کا حامل ہونے کے ساتھ ساتھ لا احتیاج ہونا لازم آتا ہے۔ مخلوق ہوتے ہوئے احتیاجات اور محتاجی سے چھٹکارا ممکن ہی نہیں لہذا مخلوق اور محتاج ہونے کے ناطے ایسی خواہش کرنا ایک شیطانی عمل سے کچھ زیادہ مختلف نہیں ۔ وہ بادشاہ اب اتنا بودا اور عقل سے عاری بھی نہ تھا کہ خدا بننے کے چکر میں پڑ کر مارا جاتا ۔ اُس کو یہ بات سمجھ آگئی تھی کہ ایسے پانی کا کوئی وجود ہو ہی نہیں سکتا جو انسان کو خود اس کا اپنا خالق بنا دے۔ اس نے اپنے راہبر سے صرف اتنا ضرور پوچھا کہ وہ اس کو وہاں تک کیوں لایا تھا۔ جب کہ یہ بات وہ اُس کو وہاںاُس کے محل میں بھی تو بتا سکتا تھا ۔ اس پر بزرگ نے اُس فاتح اعظم کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر دیکھتے ہوئے دریافت کیا۔” کیا یہ بات آپ کو وہاں اپنے تخت پر بیٹھ کر سمجھ آسکتی تھی ؟“ بادشاہکا سر نفی میں ہلا اور اس نے آنکھیں جھکا دیں۔

کچھ ساعت توقف کے بعد جب اُس نے نظر اٹھا کر اپنے راہبر کی طرف دیکھنا چاہا تو وہاں کوئی بھی موجود نہ تھا۔ بادشاہ یکہ و تنہا اس سنگی پیالے کے پانی کے پاس کھڑا کچھ سوچتا رہا پھر دھیرے سے مسکرایا اور اُس نے وہ پانی پیا اور وہاں سے اُٹھ کر اپنے مصاحبوں کی طرف چل دیا۔