Topics

سفرِ خود آگاہی

 

کراچی جاتے ہوئے اُس کی عجیب حالت ہو رہی تھی۔ اُس نے یوں تو زندگی میں بہت سے سفر کئے تھے ۔ سفر کرنا اس کو ہمیشہ اچھا لگتا تھا۔ اس کو اپنے بچپن سے ہی سفر کرنے کے مواقع ملتے رہتے تھے۔ اس کے والد ایک سرکاری ملازم تھے۔ جب بھی ان کا تبادلہ ایک شہر سے کسی دوسرے شہر ہوتا اور وہ ایک نئی منزل کی طرف عازمِ سفر ہو جایا کرتے ۔ اس وقت اس کو کچھ زیادہ شعور نہ تھا لیکن کسی نئی جگہ جانے کا اشتیاق اس کو درپیش سفر کی رغبت ہی دلاتا تھا۔

ایک شہر میں بنے تعلقات اور دوستیاں چھوڑنے کا قلق تو ہوتا ، وہ دوستوں کو چھوڑتے ہوئے رو بھی دیتا۔ نئے شہر یا نئے قصبے میں نئے ماحول میں نئے سرے سے میل ملاپ کی ابتدا ہوتی۔ وہ نئے اسکول یا نئے کالج میں داخل ہوتے ۔ شروع شروع میں اجنبیت محسوس ہوتی پھر رفتہ رفتہ نئے دوست بن جاتے۔

ایک دو بار ایسا بھی ہوا کہ انہیں امتحانات کا آغاز ہونے سے پیشتر ہی کوچ کرنا پڑا تھا۔ اس لئے اس کو دوسرے شہر جا کر امتحان دینے واپس اسی شہر کا سفر کرنا پڑا تھا۔ اُس کے والد نے اپنے ایک دوست کے یہاں اُس کے رہنے کا بندوبست کر دیا تھا اور وہ امتحان سے فارغ ہو کر واپس اپنے والدین کے پاس چلا جاتا تھا۔

پھر جب اس نے عملی زندگی میں قدم رکھا اور ملازمت پیشہ زندگی اختیار کرنے کی بجائے اپنے کاروبار کا آغاز کیا تو کاروباری سلسلے میں اس کو کبھی کبھار ایک شہر سے دوسرے شہر اور چند ایک بار تو ایک ملک سے دوسرے ملک جانے کے مواقع بھی ملتے رہےتھے۔ ذاتی طور پر اُس کو رات میں سفر کرنا زیادہ اچھا لگتا تھا۔ اس سے ایک طرف تو اس کا اگلا پورا دن اپنے کام نپٹانے کو مل جاتا اور دوسری طرف رات میں سفر کے دوران وہ اپنی سوچوں کو منضبط کرنے ، آئندہ کی منصوبہ بندی کے ذہنی کام فراغت سے کرنے کے مواقعے کا بھر پور فائدہ اٹھاتا۔

رات میں جب ساتھی مسافر اونگھ رہے ہوتے تو وہ اپنی سوچوں کی محفل سجا لیا کرتا۔ اپنی کارکردگی کے جائزے لیتا، درپیش مسائل سے عہد بر آ ہونے کی ترکیبیں سوچتا ، اپنے الجھے کام نکالنے کے ڈھنگ ترتیب دیتا ۔ چند ایک بار اُس نے کچھ ایسے سفر بھی کئے تھے جن کا مقصد محض اپنے پرانے دوستوں سے ملاقات رہا تھا۔ اُس کو ہم خیال اور ہم مزاج دوستوں سے مل کر ، ان سے تبادلہ خیال کر کے ، اُن سے اپنے معرکوں کی داد وصول کر کے ، ایک طرح کی طمانیت بھی ملتی اور آئندہ کے لائحہ عمل کو طے کرنے کے لیے مشورے بھی حاصل ہوتے۔

لیکن آج کا سفر نہ تو ہجرت اور تبادلے کے سفر جیسا کوئی سفر تھا۔ نہ کوئی کاروباری فائدہ پیشِ نظر تھا، نہ ہی کوئی تعلیمی معرکہ سر کرنا تھا اور نہ ہی کسی دوست سے ملنے جیسا کوئی ولولہ امڈ رہا تھا۔ اس سفر کا اصل غایت احمد صاحب کے بابا جی سے ملاقات تھی جن سے وہ غائبانہ طور پر احمد صاحب کی وجہ سے متعارف ہوا تھا۔

اُس نے ان کی تحریر کردہ چند ایک کتابیں بھی پڑھ لی تھیں۔ اُن کتب کا مطالعہ سے اُس کے ذوقِ مطالعہ کی تسکین کے ساتھ ساتھ اُس کے علم میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا تھا۔ لیکن یہ سب بھی اس کو اُن سے ملاقات پہ ابھار نہیں سکا تھا۔ بابا جی سے ملاقات کے شوق کو اصل مہمیز احمد صاحب کے والہانہ پن اور جذبہ عشق نے لگائی تھی۔ اس سفر کے پس پردہ جذبہ شوق سے زیادہ اس کے ذوق ِ تجسس کی کارفرمائی کا دخل تھا۔ وہ دیکھنا چاہتا تھا کہ اُن کے مرشد میں ایسی کیا خاص بات ہے جس نے اُن جیسے پڑھے لکھے سمجھدار انسان اور ایک ذمہ دار افسر کو اُن کا ایسا دیوانہ بنایا ہوا تھا کہ وہ افسر ہو کر بھی کسی طور افسر نہیں لگتے تھے۔

دورانِ سفر بھی احمد صاحب کی گفتگو کا محور ان کے مرشد کی ذات ہی تھی۔ اُن کے افکار ، اُن کے اقوال ، اُن کے قصے ، اُن کی باتیں ، تحریری معرکہ آرائیاں، تقریری جہاد ، سوال و جواب کی نشستیں ، خدمت ِ خلق کے ضمن میں ان کی جامع کاوشیں ، پیچیدہ اور لاعلاج امراض کے لئے رنگ اور روشنی سے علاج ، پریشان لوگوں کے روحانی اور نفسیاتی مسائل کا حل تجویز کرنے ، عوام الناس کو سکون آشنا ئی سے روشناس کروانے کو مراقبہ ٹیکنالوجی کو متعارف کروانے اور اس ضمن میں لوگوں کی عملی تربیت کے لئے اپنی مدد آپ کی بنیاد پر ہر شہر میں مراقبہ ہالز کے نام سے سینٹرز کا قیام اور اُن کی نگرانی ، اُن سے منسوب لوگوں کی توقعات کی باتیں۔

وہ یہ باتیں سنتے سنتے اپنے ذہن میں بابا جی کی شخصیت کی بابت تصویر کشی کرنے لگ جاتا ۔ اُن کے کئے جانے والے کاموں اور کارناموں کے لئے درکار قوت ِ کار کے لیے تو کوئی نوگز لمبا چوڑا انسان یا کوئی روبوٹ ہونا چاہیے۔ بیسیوں کتابیں لکھنا ، روزانہ ڈھائی تین سو خطوط کا جواب لکھنا ، درجنوں مریض دیکھنا اس پر مستزاد ۔ لیکن اتنے بہت سے کاموں کے لیے قوت کار ہی نہیں وقت بھی تو درکار ہوتا ہے۔ اگر وہ دن رات کام کرتے ہوں تو وہ سوتے کس وقت ہوں گے؟ اُس سے رہا نہیں گیا۔ جب احمد صاحب نے بتایا کہ وہ عموماً تین گھنٹوں سے زیادہ نہیں سوتے تو بے یقینی نے اُس کے اندر انگڑائی لی۔ اتنا کم سونے والا انسان یا تو بیمار ہوتا ہے یا پھر سو جاتا ہے۔ یعنی یا وہ بےخوابی کا مریض ہے اور اگر نہیں تو وہ لازماً بیمار ہو جائے گا۔

اُس نے میڈیکل سائنس کے حوالے سے تبصرہ کیا۔ احمد صاحب اپنے مخصوص انداز میں مسکرائے اور اپنے مرشد ہی کے حوالے سے بتانے لگے کہ جب کسی انسان کا شعور لاشعور کے تابع ہو جاتا ہے تو اس کے کام کرنے کی رفتار عام انسانوں سے کہیں زیادہ ہو جاتی ہے ۔ شعور کو لاشعور کے تابع رکھنے کے لیے کم کھانا ،کم بولنا ، کم سونا ضروری ہوتا ہے۔ ویسے بھی عام روز مرہ کی زندگی کا مشاہدہ بھی ہے کہ یکسوئی سے کئے جانے والے کام نسبتاً کم وقت میں مکمل ہو جاتے ہیں۔

اس کے ساتھ احمد صاحب کے علاوہ اُن کے دو اور دوست بھی سفر کر رہے تھے۔ وہ بھی احمد صاحب ہی کی طرح انہی بابا جی سے بیعت تھے۔ اُن کے دادا مرشد حضور قلندر بابا اولیاء ؒ کے عرس کی تقریبات میں شامل ہونے جا رہے تھے۔ ایک جگہاُس نے اپنے ذہن میں موجود بیعت سے متعلق تصورات کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے احمد صاحب سے دریافت کیا۔” یہ بیعت ہونا کیا ہوتا ہے؟“

احمدصاحب کے جواب دینے سے پیشتر اُن کے ایک ساتھی نے کہا۔” بیعت کا لفظ اگرچہ بیع یعنی بکنے سے مشتق ہے اور عام طور پراس کا مفہوم یہی لیا جاتا ہے کہ کوئی بندہ خود کو خدا کے لئے کسی اللہ والے کے حوالے کر دے۔۔ یعنی وہ اپنی ہر بات کو کسی اللہ والے کے کہنے کے مطابق ڈھالنے کا عہد کرتا ہے۔ ہمارے یہاں اس کا مفہوم قدرے وسیع معنوں میں لیا جاتا ہے اور ہم سلوک کی منازل طے کرنے ، روحانی علوم سیکھنے اور اپنی ذات اور اپنے رب کا عرفان حاصل کرنے کو ایک استادِ کامل کی شاگردی اختیار کرنے کو بیعت کہتے ہیں۔

آپ یوں سمجھیں کہ ایک بچہ حساب یا انگریزی سیکھنا چاہتا ہے۔ وہ کسی ایسے آدمی کو استاد پکڑے گا جو اُس کو حساب یا انگریزی سکھا دے ۔ اسی طرح اگر کوئی شخص روحانی اور باطنی علوم سیکھنا چاہتا ہے تو ظاہر ہے کہ وہ کسی روحانی علوم کے ماہر کو اپنا استاد بنائے گا۔ ایسے روحانی استاد کو عام زبان میں مرشد یا پیر صاحب کہتے ہیں اور شاگرد کو مرید ۔“ احمد صاحب نے وضاحت کرتے ہوئے اپنے ساتھی کی بات کو بڑھایا۔

”اس کا مطلب ہوا کہ آپ روحانی علوم سیکھ رہے ہیں ۔ تو کیا آپ روحیں بھی بلا سکتے ہیں؟“ اُس نے سادگی سے پوچھ لیا۔

اُس کی بات سُن کر تینوں کے چہرے پر ایک تاثر سا لہرا گیا ۔ وہ اُس تاثر کو کوئی معنی نہ پہنا سکا البتہ اُس کو اتنا اندازہ ہوا کہ اُس کی یہ بات سُن کر ان کو کچھ اچھا نہیں لگا۔

اس بار احمد صاحب سیدھے ہو کر بیٹھ گئے اور کہنے لگے۔

” المیہ یہ ہے کہ لوگوں نے روحانی علوم کو شعبدے بازی ، جادوگری اور عملِ حاضرات کے ہم پلہ قرار دیا ہوا ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اس میں لوگوں کا تو کوئی قصور بھی نہیں کیونکہ کسی نے انہیں ان میں فرق سے آگاہ بھی تو نہیں کیا۔ آپ اس کی بجائے یہ سمجھیں کہ روحانی علوم سے اصل میں کیا مراد ہے؟ روحانی علوم سے مرادوہ علوم ہیں ، جو بندے کا تعلق اپنی روح سے قائم ہونے کے بعد ، بندے کو حاصل ہوتے ہیں۔ ان علوم کو روحانی علوم اسی لیے کہا جاتا ہے کہ یہ علوم خود آپ کی اپنی روح آپ کو دیتی ہے۔ ان علوم کو کسی کتاب سے ، یا کسی استاد سے نہیں سیکھا جا سکتا ۔ یہ علوم وہی علوم ہیں جو اللہ نے آدم کو عطا کئے تھے ۔ ان ہی علوم کے حاصل ہونے پر آدم فرشتوں کے لئے مسجود قرار پائے تھے اور انسان نیابتِ الٰہیہ سے سرفراز کیا گیا تھا۔

اس مادی زندگی میں ہم روح سے دوری کے سبب ان علوم کا شعور ہی کھو چکے ہیں۔ اس لئے روحانی علوم کے حصول کے لئےسب سے پہلی شرط یہی قرار پاتی ہے کہ ہم اپنی روح سے واقف ہو جائیں۔ ہمارا تعلق خود اپنی روح سے قائم ہو جائے۔ جب ایسا ہو جاتا ہے تو انسان بقدر تعلق روحانی علوم سے آراستہ و پیراستہ ہونا شروع ہو جاتا ہے۔ جوں جوں یہ تعلق استوار اور مضبوط ہوتا چلا جاتا ہے اسی قدر ان علوم میں ترقی اور اضافہ ہوتا چلا جاتا ہے۔

اپنی روح سے واقف ہونا اپنے اندر کی دنیا سے آگاہ ہونا اور باطنی علوم کا حصول یہ سب باتیں ایک دوسرے سے مربوط اور منسلک ہیں۔ ہمارے مرشد کریم نے ہمیں ہماری روح سے واقف کروانے کے لئے ہمیں کچھ اسباق بتائے ہیں۔ ہم اُن اسباق پر اُن کی نگرانی میں عمل پیرا رہتے ہیں۔ جب ہمارا تعلق ہماری روح سے قائم ہو جائے گا، ہم روحانی علوم بھی سیکھ ہی لیں گے۔ آپ یہ نہ سمجھیں کہ اس وقت ہمارا روح سے تعلق نہیں۔ روح سے تعلق ہی تو زندگی کی بنا ہے۔ جب تک روح اس جسم کو متحرک رکھے ہوئے ہے ، ہم زندہ رہتے ہیں اور جب روح اس جسم سے اپنا رابطہ اور تعلق منقطع کر لیتی ہے ہم زندہ نہیں رہتے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ روح کا جسم سے جو تعلق ہے ، وہ یک طرفہ ہے۔ ہم اپنی روح کا عرفان رکھے بغیر زندہ ہیں۔ جب ہم اپنی روح کی آگہی کے ساتھ زندہ رہنا سیکھ لیتے ہیں تو یہ تعلق دو طرفہ ہو جاتا ہے۔

ہمیں اس تعلق کا جو روح کا اس جسم سے ہے ، شعور اور آگہی حاصل ہو جاتی ہے ، اس وقت ہم یہ جان لیتے ہیں کہ روح اس جسم کو کس طرح سے سنبھالے ہوئے ہے۔ روح اس جسم کو ایک لباس کی طرح پہنے ہوئے ہے ۔ اس لباس کے اندر اصل انسان یعنی ہماری روح حرکت کرتی ہے اور اس کے نتیجے میں لباس بھی حرکت کرتا ہے ۔ جس طرح لباس کی حرکت کے نتیجے میں اس جسم میں کوئی حرکت پیدا نہیں ہوسکتی ، اسی طرح اس جسم کی حرکات سے روح میں حرکت پیدا نہیں ہو سکتی۔ بلکہ روح کی تحریکات کے تحت اس جسم میں حرکت پیدا ہوتی ہے اور افعال و اعمال سر زد ہوتے ہیں۔ بالکل ویسے ہی جیسے جسم کی حرکات سے جسم پر پہنا ہوا لباس اس کے ساتھ حرکت کرنے کا پابند ہے۔ روحانی علوم ہمیں یہی باتیں تعلیم کرتے ہیں ۔ ہم پہلے تو روح سے واقف ہوتے ہیں۔

جب ہماری واقفیت اس ضمن میں درجہ بدرجہ بڑھتی ہے اور جب ہم روح سے قریب تر ہو جاتے ہیں ، تو وہ علوم جو روح کو حاصل ہیں، وہ علوم روح کو براہ راست اللہ تعالیٰ نے علم الاسما کے نام سے عطا کئے تھے۔ ہم علوم سے روشناس ہو جاتے ہیں۔ دراصل انہی علوم کو روحانی علوم کہا جاتا ہے۔ انہی کو باطنی علوم بھی کہتے ہیں ۔ یہی وہ علوم ہیں جن کے حاصل ہونے پر انسان دیگر مخلوقات سے ممتاز ہو جاتا ہے، اس کو وہ شرف اور فضیلت حاصل ہو جاتی ہے ، جس کے لئے اس کو تخلیق کیا گیا ہے۔“

گاڑی مختلف اسٹیشنوں پر رکتی چلتی اُن کو منزل کی جانبلئے رواں دواں تھی۔ وہ احمد صاحب کی گفتگو کے تاثر میں کھویا ہوا، ان کی کہی ہوئی باتوں کا جائزہ لینے ان کو اپنے ذہن میں دہراتا اونگھ سارہا تھا ۔ جب ذہن میں سوالوں کے بلبلے ابلنا بند ہو جائیں تو ہر آدمی اپنے اندر ایک گہرا سکوت و سکون محسوس کرنے لگتا ہے۔ وہ کھڑکی سے باہر تیزی سے پیچھے کو دوڑتے مناظر کے حوالے سے سوچنے لگا۔ یہ سفر و حضر ، یہ مسافر و مقیم ، یہ جادہ و منزل ، یہ سوار اور سواری ، یہ ناظر اور نظارہ ، سب گردش ازلی کے تحت ایک دوسرے کے تعاقب میں ہونے کے ساتھ ساتھ ہم رکاب اور ہم دوش بھی ہیں ۔ ایک دوسرے کی طرف بڑھ بھی رہےہیں اور ایک دوسرے سے گریز بھی رکھتے ہیں۔

گاڑی کا رکنا حضر تو چلنا سفر ، ایک پڑاؤ سے دوسرے پڑاؤ تک کا فاصلہ جادہ اور کچھ کے لیے دوسرا پڑاؤ ہی منزل ۔ کبھی مسافر راستے پر چلتا ہے اور کبھی راستہ مسافر کو چلاتا ہے۔ کہیں مسافر راستوں میں گم ہو جاتا ہے اور کبھی راستے خود مسافر کے اپنے اندر کھو جاتے ہیں۔ انہیں پنہاں راستوں اور گم مسافتوں کی کھوج کا نام ہم کبھی سفر رکھ لیتے ہیں اور کبھی سیر۔ کب سفر ختم ہو جاتا ہے اور کہاں سے سیر کا آغاز ہوتا ہے اور کب سیر ، سیر و فی الارض کے درجے کو چھو لیتی ہے۔ وہ اک عالم بے خیالی میں یہی کچھ سوچتے رات گئے تک ٹرین سے باہر اندھیروں میں مد غم مناظر کو پیچھے بھاگتے دیکھے جا رہا تھا۔ ہم آگے بڑھ رہے ہیں یا یہ مناظر پیچھے ہٹتے ہمیں آگے دھکیل رہے ہیں؟ یہ مناظر اپنی جگہ برقرار ہیں اور صرف ہم اپنی بے قراری کے ہاتھوں ان کے قرار میں شامل نہیں ہو پا رہے ۔۔ وہ سوچ نہیں رہا تھا ۔خیالات کی اک ریل چل رہی تھی۔ وہ اس کے بہاؤ میں مخل نہیں ہونا چاہ رہا تھا۔

اُس نے نگاہ کو باہر سے اندر ٹرین کے ڈبے میں کھینچ لیا۔ اُس نے اپنے ساتھیوں کی طرف دیکھا وہ تینوں اپنی اپنی سیٹوں پر آنکھیں بند کئے گاڑی کی رفتار اور ہچکولوں کے جھولے میں جھولتے اونگھ رہے تھے۔ اُن تینوں کے انداز نشست میں یکسانی نے اُس کو اُن کی طرف متوجہ کر دیا۔ وہ انہیں دیکھتا رہا۔ وہ تینوں آنکھیں بند کئے خاموش بیٹھے ، اُس کے اپنی طرف متوجہ ہونے سے بے نیاز اور بے خبر بیٹھے جھولتے رہے ۔ گاڑی کی وسل کی آواز ایک جناتی کُوک کی طرح اندھیروں میں پھیلتی چلی گئی ۔ بریکوں نے آہنیپہیوں کو اپنی آغوش میں لپٹا لیا۔ گاڑی کی رفتار دم توڑنے لگی۔ اُس وقت احمد صاحب نے قدرے آواز سے درود شریف پڑھا ۔ اس کے ساتھ ہی اُن تینوں کے جسموں میں گویا زندگی لہرا گئی۔ انہوں نے آنکھیں کھول دیں ۔ اُس کو اپنی طرف متوجہ پا کر انہوں نے اُس کی توجہ کی رسید اپنی مسکراہٹ کی صورت دی۔

”آپ سوئے نہیں؟“ احمد صاحب نے اُس سے دریافت کیا۔

”جی نہیں ! میں یونہی بیٹھا آپ کو دیکھتا رہا ۔“

”شاید کوئی سٹیشن آنے والا ہے۔“ احمد صاحب نے اُس کی طرف سے آنے والے سوال سے بچنے کو اس کی توجہ آمدہ سٹیشن کی طرف مبذول کرنے کی کمزور سیکوشش کی۔

”جی ہاں!“ کہہ کر اس نے قدرے توقف کے بعد پوچھا۔ آپ تینوں اکٹھے اونگھتے اور ایک ساتھ جاگتے ہیں۔ یہ کیا اسرار ہے؟“

احمد صاحب نے صرف اتنا کہنا کافی سمجھا۔” ہم مراقبہ کر رہے تھے۔“

”مراقبہ“ اُس کے نزدیک مراقبہ تو ایک نہایت دشوار اور پر تکلف عمل تھا۔ خود اُس نے کئی بار کوشش کی تھی لیکن وہ کامیاب نہ ہو سکا تھا ۔ اُس نے ان کے سیدھے سادھے اندازکو حیرت اور استعجاب سے دیکھتے ہوئے پوچھا۔” آپ مراقبہ میں کیا دیکھ رہے تھے ؟“

”ہم کچھ نہیں دیکھتے ، ہم تو بس آنکھیں بند کر کے تصورِ شیخ کا مراقبہ کرتے ہیں۔“ احمد صاحب نے کہا۔

”تصور ِ شیخ کا مراقبہ؟“ اُس نے دریافت کیا۔

”یہ کیا ہوتا ہے؟ آپ مراقبے میں اپنے مرشد کو دیکھتے ہیں؟“

وہ اپنے تجسس اور اشتیاق کے ہاتھوں مجبور ہو کر پوچھے بغیر نہ رہ سکا۔

”اپنے مرشد کے خیال میں بے خیال ہونے کی کوشش کرتے ہیں ۔ آگے اللہ کی مرضی، وہ چاہے تو کچھ دکھا دے نہ چاہے تو نہ دکھائے۔“ احمد صاحب نے وضاحت کی۔

وہ بات جو اُس کو مراقبہ کی بابت ڈھیروں انگریزی لٹریچر پڑھ کر بھی سمجھ نہیں آ سکی تھی ، احمد صاحب کے کہنے سے فوراً سمجھ آگئی۔ خیال میں بے خیال ہونا ، وہ اس جملے کا لطف لینے لگا۔

صبح دم جب نیند سے اس کی آنکھ کھلی تو اس نے ان تینوں کو گزشتہ رات ہی کی طرح اپنی سیٹوں پر بیٹھے دیکھا۔ رات کو وہ اُس کے سامنے سونے لیٹے تھے۔ پھر یہ دوبارہ کس وقت بیدار ہو کر مراقبہ کرنے بیٹھے ہوں گے۔ وہ بھی اُٹھ کر ان کی نقل میں اُن ہی کی طرح بیٹھ گیا۔ آلتی پالٹی مار کر اس نے آنکھیں بند کیں۔ میں کس کے خیال میں بے خیال ہو جاؤں ، وہ سوچتا رہا ۔ کبھی ایک خیال آتا اور کبھی دوسرا ۔ کبھی سوچتا اس کو بھی احمد صاحب کے مرشد کی بابت مراقبہ کرنا چاہیے۔ لیکن وہ تو میرے مرشد نہیں ہیں۔

چلیں میں نے بھی سوچنا شروع کر دیا۔ اب جس کو میں نے کبھی دیکھا ہی نہیں۔۔اُس کی بابت کیسے سوچوں ، کیا سوچوں اور پھر یہ کہ کسی خیال میں بے خیال ہونا ۔۔۔ اُس کو الجھن سی ہوئی۔ اُس نے قدرے آنکھیں وا کر کے ، اپنے سامنے بیٹھے احمد صاحب کو دیکھا ۔۔ وہ اُس کے اپنی نقل کرنے اور اُس کی الجھن سے بے خبر ، اپنے اندر کی دنیا میں کھوئے ہوئے تھے ۔ وہ بھلا کن خیالوں میں بے خیال ہوں گے؟ وہ کیا سوچ رہے ہوں گے؟ اپنے مرشد کے بارے میں کن تصورات میں کھوئے ہوں گے؟

”آپ نے کسی خیال میں بے خیال ہونے کے بارے میں کیا بتایا تھا؟ “ اُس نے مراقبہ ختم ہونے کے بعد احمد صاحب سے پوچھا۔

انہوں نے کہا۔” اگر آپ مراقبہ کی ابتدا کرنا چاہتے ہیں تو ابتدائی طور پر نیلی روشنی کا مراقبہ بہتر رہے گا۔ اس کے لئے آپ کو صرف اتنا کرنا ہوگا کہ آپ آنکھیں بند کر کے کمر کو سیدھا رکھتے ہوئے جسم کو ڈھیلا چھوڑ کر نیلی روشنیوں کی بابت سوچنا شروع کر دیں۔ جوں جوں اس سوچ میں گہرائی آتی جائے گی آپ کو اپنے اندر ، اپنے ارد گرد کے ماحول اور گزرتے وقت کا احساس کم ہوتے ہوتے ختم ہونا شروع ہو جائے گا۔ یعنی اب آپ پر بے خیالی کی سی کیفیت طاری ہوگی۔ جب دھیان ماحول اور وقت سے ہٹ جاتا ہے تو بندے کو مراقبے کے فیوض و برکات حاصل ہونا شروع ہو جاتے ہیں ۔ جب آپ کسی خیال میں اتنے کھو جائیں گے کہ آپ کو یہ خیال بھی نہ رہے کہ آپ کیا سوچ رہے تھے ، تو اس کیفیت کو بے خیالی کی کیفیت کہتے ہیں۔ اِس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو اپنے اندر سکون اور طمانیت کا احساس اور گہرا ہوتا محسوس ہوگا۔ جب سوچ کی لہر شعور کی سطح سے اتر کر ، لاشعور کی سطح پر چلنا شروع کر دیتی ہے تو شعور فارغ ہو کر گہرے سکون کا مزہ لینا شروع کر دیتا ہے۔“

شعور اور طمانیت کے ذکر پر وہ بات جو اس کو غیر شعوری انداز میں محسوس ہو رہی تھی یک دم شعوری ادراک کی حدود میں واضح ہو کر ابھر آئی۔ احمد صاحب اور اُن کے ساتھیوں کی گفتگو سے لے کر ہنسی مذاق ، مسافروں اور ٹکٹ چیکروں سے رویے ، اٹھنے بیٹھنے، غرضیکہ اُن کے ہر کام میں نرم روی اور ٹھہراؤ کا اظہار ہوتا تھا۔ اُن کے تبصرے ، تلخی اور تُندی سے مبرا ہی رہتے تھے ۔ شعور و آگہی رکھنے کے باوجود اُن کی گفتگو میں شکووں اور شکایتوں کا رنگ مفقود ہی تھا۔ ایک دوسرے سے بے تکلفی کے باوجود رویوں میں عمومی طور پر احترام آمیزی نمایاں رہتی تھی۔ اُس کو اُن میں دھیما پن جو اچھا لگتا رہا تھا اُس کی وجہ سمجھ آرہی تھی۔ وہ غیر حاضر لوگوں کی بابت بھی اس انداز میں گفتگو کرتے گویا وہ کہیں آس پاس ہی موجود ہوں۔ غیبت اور عیب جوئی سے خالی تذکرے ۔۔۔اُس کو اُن کی سچائی کے ثبوت ہاتھ لگنا شروع ہو گئے۔

اُس نے غور کیا اور یہ دیکھ کر اُس کو ایک عجیب سا احساس تفاخر ہوا کہ اخلاق اور حفظِ مراتب کا خیال رکھنے کی باتیں اُن کی عادتوں میں رچی ہوئی تھیں۔ اُس نے اس پر زیادہ توجہ نہ دی تھی۔ لیکن اب اُس کو اُن کی خاصیت کی وجہ کا علم ہوا تو اُس کو ایک خوشگوار احساس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جب بندے کے اندر سچ مچ کا اطمینان اور ٹھہراؤ پیدا ہو جاتا ہے تو وہ غصہ کرنے ، تناؤ کا شکار ہونے ، دوسروں پر تند و تیز تبصرے کرنے کو توانائی کا زیاں گردانتے ہوئے اُن باتوں سے احتراز کرنے پر کاربند ہو جاتا ہے۔خوش مزاجی اور شگفتگی اُن کے اندر کی طمانیت کا آئینہ بن کر خوشی کے احساس کی صورت اُن کے اردگرد پھیلتی اور قریب آنے والوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی ہے ۔ اُس کو احمد صاحب جیسے لوگوں سے اپنے تعلق پہ فخر سا ہوا۔

وہ کراچی کے سٹیشن پر اترے تو چند خوش مزاج نوجوانوں نے خندہ پیشانی سے اُن کا استقبال کیا۔ انہوں نےاُن کو اُن کے سامان کی ہمراہی میں ایک ٹیکسی میں بٹھا کر ان کو اُن کی منزل کی جانب روانہ کر دیا۔

ٹیکسی کراچی کی مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی اپنی منزل کی طرف ، راہنمائی کرنے والے ، سڑکوں کے کنارے لگے بورڈوں کے قریب سے گزرتی ، کراچی کی حدود سے باہر ایک نئی بستی میں داخل ہوئی۔ پہلے بلند و بالا عمارتوں کے مناظر ختم ہوئے پھر اس کھلے علاقے میں ایک منزلہ عمارتیں اور گھر شروع ہو گئے۔

شہری مناظر پہلے ایک قصباتی نظارے میں ڈھلے اور پھرمحض ایک دیہاتی ماحول کی تصویر بن گئے۔ سیدھےچلتے چلتے با لآخر وہ ایک مقام پر مُڑے ۔ اُن کی ٹیکسی اُس دیہاتی سی بستی میں بھی نہ رُکی۔ وہ تو بس چلے جارہی تھی۔ دو راتوں اور ایک پورے دن کے سفر کے اثرات اُن کے چہروں پر مرتسم ہو چکے تھے۔ لیکن احمد صاحب اور اُن کے ساتھیوں کے چہرے تھکن کی بجائے دبے دبے جوش سے تمتمارہے تھے۔

اُن کی ٹیکسی اس بستی سے گزرتی ایک ویرانے میں داخل ہو گئی اور دور تک پھیلی کیکر کی جھاڑیوں کے درمیان ایستادہ بڑے بڑے کھمبوں کے علاوہ اس منظر میں کسی انسانی تعمیر کا کوئی حصہ نہیں رہا تھا۔

سڑک نما راستے کے اختتام پر ایک بڑے سے بورڈ پر خوش خط بڑا بڑا لکھے ”مراقبہ ہال“ کے الفاظ اُس کو اختتامِ سفر کی نوید لگے۔

کو چۂ علم و عرفان

گاڑی اُس بورڈ کے عین سامنے اتنے قریب پہنچ گئی کہ بورڈ پر پھیلی تازہ وارنش کی چمک تقریب کی تیاریوں کا اعلان کرتی اور آنے والے مہمانوں کے استقبال میں مسکراہٹ کا تاثر دیتی محسوس ہوئی۔ وہاں سے گاڑینوےکا زاویہ بناتی بائیں مُڑی تو پورا منظر ہی بدل گیا۔

یہاں سے سڑک دو رویہ ہو گئی تھی۔ بے ہنگم جھاڑ جھنکار کی جگہ ترتیب و توازن نظر کو حسن انتظام کا پتہ دے رہے تھے۔ وہی سڑک جو مڑنے سے پیشتر ایک عام سی ویران سڑک نظر آرہی تھی اب ایک حسین نظارے میں ڈھل گئی تھی۔ سڑک کے کنارے لگے درختوں اور پودوں کے اردگرد سیمنٹ کے بلاکوں کے چونا کئے ہوئے حفاظتی پشتے اور فٹ پاتھ پر سرخ رنگ کے گملے ، سبز جھاڑیوں کے پس منظر میں ، مہمانوں کی تواضح کر رہے تھے۔ گملوں اور پودوں کی درمیانی جگہ پر پھولوں کی کیاریاں سڑک کے ساتھ ساتھ دور تک چلی گئی تھیں۔ گملوں میں سدا بہار اور کیاریوں میں موسم سرما کے پھول ، نیلے آسمان کے پس منظر میں ایک احساس فرحت نشر کر رہے تھے۔ جنوری کی خنکصبح کی تازگی فضا میں لہرا رہی تھی۔ وہ لہراتی تازگی اور فرحت اُن کو اپنے اندر اترتی محسوس ہوئی۔

ٹیکسی ایک محراب دار آرائشی دروازے کے سامنے لگی زنجیر کے قریب جا رُکی۔ ایک نوجوان نے مستعدی سے اُن کو پارکنگ کی طرف جانے کو کہا ۔ انداز میں دو ٹوک پن ، لیکن لہجے میں نرمی اور شائستگی۔ ٹیکسی سیمنٹ کے بلاکوں کی دیوار کے ساتھ ساتھ بڑھتی گھوم کر ایک وسیع و عریض پارکنگ ایریا میں داخل ہوئی۔ پارکنگ ایریا میں داخلے پر زرد اور سیاہ رنگ میں رنگا ایک بانس رکاوٹ کی علامت کے طور پر نصب تھا۔ بالکل ویسا جیسا کنٹو نمنٹ ایریا میں فوجی اہمیت کے داخلوں کی جگہ پر لگا ہوتا ہے۔

اُس رکاوٹ والے بانس سے بندھی رسی کے قریب کھڑے نوجوان نے آگے بڑھ کر ”اپنی شناخت کروایئے“ کی بجائے سلام کرتے ہوئے شائستگی سے اُن کو ایک مخصوص جگہ رُکنے اور سامان وغیرہ اتارنے کو کہا۔ ٹیکسی رکنے پر وہ سب اترے۔ اُس نے فضا میں صفائی اور حسنِ انتظام کی مہک رچی ہوئی محسوس کی۔ آلودگی سے پاک ہوا میں گہرے گہرے سانس لیتے ہوئے وہ ٹیکسی سے سامان اتارنے کی طرف متوجہ ہوا۔ ٹیکسی ایک ایسی جگہ کھڑی تھی جہاں سے اُس کے تین اطراف گہرے سبز رنگ کے شامیانے اور قناتیں لگی ہوئی تھیں۔

ٹیکسی کو فارغ کر کے احمد صاحب اُن کو وہیں سامان کے پاس رکنے کا کہہ کر ایک صاحب کے ہمراہ استقبالیہ کی طرف چلے گئے۔ استقبالیہ کھڑکی پر کافی رش تھا۔ احمد صاحب کو کھڑکی سے کچھ فارم وغیرہ دیئے گئے۔ وہ فارم لے کر اُس کے پاس آئے۔ سب کان پتے لکھ کر فارم بھر کر رجسٹریشن فیس کے ہمراہ واپس اسی کھڑکی میں جمع کروانے کے بعد انہیں ایک پرچی دی گئی۔ اُس پرچی پر ان کے شامیانے نما کمرے اور بستر کا نمبر لکھا ہوا تھا۔ اپنی لئے مختص کردہ جگہ پر پہنچ کر انہوں نے اپنا اپنا بستر لگایا سامان رکھا اور بیٹھ گئے۔ احمد صاحب اُس کو بتا رہے تھے کہ بیرونِ شہر اور دیگر ممالک سے آنے والے مہمان اپنی مدد آپ کے اصول کے تحت عرس کے پروگراموں کے انتظامات کی مد میں حصہ بٹانے کو فی کس کچھ رقم دیتے ہیں۔ عموماً ہر مہمان چار پانچ دن وہاں رُکتا ہے۔

اس نے اس بات کا لطف لیا کہ احمد صاحب زائرین کے لئے مہمان کا لفظ استعمال کر رہے تھے۔ استقبالیہ تک آنے جانے کے دوران کئی افراداُن سے ملے ۔ اجنبی ہونے کے باوجود اُس کو محسوس ہوا کہ اُن سب کے انداز میں گرم جوشی اور خوشی کا تاثر نمایاں تھا۔ اُن میں کچھ کےسینوں پر بیج آویزاں تھے جن پر اُن کا نام اور شہر کا نام لکھا ہوا تھا۔ کارکنوں اور مہمانوں کے کارڈوں کے رنگ میں فرق تھا۔ انتظامی امور کے حوالے سے اُن کے کارڈوں پر اُن کے نام کے علاوہ اُن کا شعبہ بھی لکھا ہوا تھا۔

شامیانوں اور قناتوں سے بیس بائیس کمرے سے بنا دیئے گئے تھے۔ ہر کمرہ کسی ایک شہر کے مہمانوں کے لئے مختص کر دیا گیا تھا۔ اُس کو اس سارے انتظام کا یہ انداز متاثر کن لگا۔ شامیانوں میں زمین پر پرال بچھا کر اُس کے اوپر دریاں بچھائی ہوئی تھیں ۔ اُن رہائشی کمروں کے درمیان صحن نما کھلی جگہ پر پھولوں کے گملے سلیقے سے دائرے میں لگا کر اُس جگہ کو خوبصورت اور جاذب نظر بنا دیا گیا تھا۔

وہاں آنے والے مہمانوں میں خواتین اور بچوں کی تعداد کسی طور مردوں کی تعداد سے کم نہ تھی۔ مراقبہ ہال کی مشرقی دیوار سے متصل کھلی جگہ میں جو شامیانے اور قناتیں لگائی گئی تھیں وہ خواتین کے لیے مختص تھیں۔ مراقبہ ہال کے سامنے کھلے میدان میں شامیانوں اور قناتوں سے ایک وسیع و عریض ہال میں اسٹیج لگایا جا رہا تھا۔ کرسیاں رکھی جا رہی تھیں ۔ یہ آڈیٹوریم ہے۔ عرس مبارک کے پروگرام کے سلسلے کی تقریریں ، مقالے ، ورکشاپ اور مختلف میٹنگیں وغیرہ سب اسی جگہ ہوں گی۔' احمد صاحب نے اُس کو بتایا۔

ورکشاپ۔۔۔؟ کیسی ورکشاپ؟ ابھی یہ سوال اُس کے ذہن میں آیا ہی تھا کہ احمد صاحب بتانے لگے کہ روحانی موضوعات میں سے کسی ایک دو موضوعات پر ، گروہ در گروہ اجتماعی غور و فکر کرنے کا انتظام کیا جاتا ہے اُس کو ورکشاپ کہتے ہیں۔ اس کاروائی کا بنیادی مقصد شرکائے ورکشاپ کو غور و فکر پر ابھارنا ہوتا ہے۔ موضوع کے حوالے سے ، ہر شریک ہونے والے کے علم میں اضافہ بھی ہوتا ہے اور وہ تہہ در تہہ ذہنوں میں راسخ بھی ہوتا چلا جاتا ہے کیونکہ یہ ورکشاپ پورا دن چلتی ہے۔ اس سے کم از کم پورا دن توجہ اُسی ایک موضوع پر مرکوز و مرتکز رہتی ہے۔ اس سے لوگوں میں غورو فکر کا پیٹرن بنانے اور اُس کو ابھارنے میں بہت مدد ملتی ہے۔ آپ بھی اُس میں ضرور حصہ لیجئے۔

آڈیٹوریم کے گیٹ کے سامنے راستے کی دوسری طرف شامیانوں میں چند اسٹال لگائے جا رہے تھے۔ وہ ٹہلتا ہوا اُن اسٹالوں کی طرف چلا گیا۔ ایک سٹال کتابوں کے لئے مختص تھا۔ ایک سٹال شعبہ تعلقات عامہ کے لئے تھا اور اسٹال میں مختلف شہروں کے مراقبہ ہالز کی کارکردگی کی تصویری جھلکیاں آویزاں کی جا رہی تھیں۔ ایک اسٹال میں چائے اور مشروبات کا سامان رکھا جا رہا تھا۔

مراقبہ ہال کے عین سامنے کھلے راستے کے اختتام پر کچھ افراد سیمنٹ کے بلاکوں سے کچھ تعمیر کر رہے تھے۔ آئیے میں آپ کو یہاں کی مسجد دکھا ؤں۔ احمد صاحب نے اُس کو دعوت دی۔ وہ اُن کے ہمراہ ہو لیا۔ رہائشی شامیانوں کے پہلو میں ایستادہ قناتوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ یہ یہاں کا ڈائننگ روم ہے۔ اتنا بڑا ڈائننگ روم؟ اس نے حیرت آمیز استعجاب سے کہا۔ ہزار بارہ سو افراد کو ایک ہی وقت کھانا کھلانے کے لئے کیا اس سے کم جگہ میں گزارہ ہو سکتا ہے ؟ احمد صاحب نے جواب میں سوال داغ کر کہا۔ یہ کھانا لنگر سے مہیا کیا جاتا ہے۔ ناشتہ دوپہر کا کھانا ، شام کی چائےاور رات کا کھانا ، یہ تمام انتظامات مراقبہ ہال کے کارکنان ، خدمتِ خلق کے جذبے سے ، فری سروس کے طور پر کرتے ہیں۔

مسجد کے احاطے میں وضو خانے سے متصل دور رویہ بیس بائیس باتھ رومز دیکھ کر نہ جانے اُس کو اچنبھا سا کیوں ہوا۔کھلی فضا ، روشن ماحول میں نیلے رنگ کے دروازے اور صفائی کا اتنا اعلیٰ معیار دیکھ کر اُس کے ذہن میں موجود عوامی قسم کے بیت الخلا اور حمام سے متعلق تصورات پہ اک چوٹ سی پڑی۔ وہ سادگی سے کئے جانے والے انتظامات میں حسن انتظام کی فراوانی کو دل ہی دل میں سراہتا آگے بڑھ گیا۔

مسجد کے پہلو اور مغربی سمت میں لان میں طرح طرح کے پھول مہمانوں کی پذیروئی کو لہراتے ہوئے لگ رہے تھے۔ لان زمین کی سطح سے دو تین فٹ بلند ہونے کے باعث زمین پر کھڑے لوگوں کو اک وسعت نظارہ عطا کر رہا تھا۔ پھولوں کو دیکھتے دیکھتے وہ درختوں کی روکار کے پیچھے شامیانوں اور قناتوں کا اک آباد ہوتا شہر دیکھنے لگا جو اُس فاصلے سے اُس کو اک پسِ منظر کی طرح لگ رہا تھا۔” نہ جانے کہاں کہاں سے اہلِ دل اور اہلِ نظر اس شہر نگاراں کو آباد کرنے آئیں گے ؟“ اس نے سوچا

مسجد میں داخل ہو کر اُس کو پہلا احساس کشادگی اور سادگی کا ہوا۔ ترتیب اور سلیقے کی فراوانی نے سادگی کو حسن سے آراستہ کیا ہوا تھا۔ کشادہ محراب کے اندر بلند کھڑکیاں اور روشندان ، محراب کے دونوں طرف کی مغربی دیوار کے ساتھ ساتھ شمالی اور جنوبی دیواروں میں اونچی اور چوڑی کھڑکیاں ، مسجد کے ہال کو وسعت ، روشنی اور تازہ ہوا کی فراہمی کی ضمانت عطا کر رہی تھیں۔ ہال میں دور ویہ قطار میں ستونوں کا حجم پائیداری اور مضبوطی کے ساتھ ساتھ رعب اور دبدبے کا غماز تھا۔ مسجد میں صبح کے وقت کی تازگی ، اُس کے نئے پن کی خوشبو کے ساتھ مل کر ایک طراوت کو جنم دیتی لگی۔ اُس نے ہال کی مغربی جانب کی ایک کھڑکی سے نظر باہر دوڑائی۔ نظر پھولوں کی کیاریوں کے اوپر سے ہوتیدرختوں کی رو کار سے گزرتی ، شامیانوں اور قناتوں کو چھوتی سمتِ کعبہ دور کہیں افق تک جا پہنچی۔

مسجد کے برآمدے میں بچھی پلاسٹک کی رنگین چٹائیوں پر چند لوگ نیم دائرہ بنائے ، خوش گپیوں میں مصروف تھے۔ شگفتگی اور مسکراہٹیں اُن کے لہجوں سے ہی نہیں بلکہ اپن کے چہروں اور وجود سے بھی متر شح تھی۔ اُس کا جی چاہا کہ وہ بھی اُن کی محفل میں جا گھسے لیکن خود کو اجنبی گردانتے ہوئے اُس نے خود کو اس مداخلت بے جا سے روکا۔

بر آمدے کے جنوب مشرق میں ، صحن مسجد میں قناتوں کی اوٹ میں سرگرمی اور چہل پہل نے اُسے ادھر متوجہ کیا۔ وہ ٹہلتے ہوئے اُدھر کو چل دیا۔ دیکھا کہ پانچ چھ افراد سینوں پر بیج آویزاں کئے ، برتن دھونے کے لئے پانی گرم کرنے سے لے کر ، برتن دھو کر اُن کو پونچھنے تک کے کاموں میں تقسیم کار کے اصول کے تحت مستعدی سے عمل پیرا تھے۔ ایک صاحب نے اُس کے ذوق تماشا کی داد دینے کو اُسے بتایا ۔ یہ ہمارا ڈش واشنگ ایریا ہے۔

وہاں سے مراقبہ ہال کی طرف جاتے ہوئے مسجد سے متصل گراؤنڈ جس میں مہمانوں کی رہائش کا انتظام تھا ، وہاں ایک پختہ کمرے میں داخل ہوئے۔ یہ یہاں کا رابطہ آفس ہے۔ باہر جھولتے کاغذی طغرے نے اطلاع دی۔ کمرے میں چند میزیں پڑی تھیں۔ میزوں پر پڑی سفید چادروں اور اُن پر دھری سفید فائلوں ، کمرے کے دفتری ماحول میں بھی ایک پاکیزگی سی رچی ہوئی تھی۔

وہاں موجود افراد انتظامی امور کی دیکھ بھال ، مختلف شعبوں کے اراکین کے مابین رابطے اور ہم آہنگی کے لیے کام کرنے کے ساتھ ساتھ مہمانوں کی ضروریات کی دیکھ بھال اور اُن کے لیے مختلف امور کی انجام دہی ، اُن کے لیے مختلف پیغامات کی ترسیل اور اعلانات میں مصروف تھے۔ اس کا رابطہ انٹر کام کے ذریعے استقبالیہ اورمرکزی دفتر سے جڑا ہوا تھا۔ وہاں بیٹھے ایک صاحب نے انہیں بتایا کہ وہ ساڑھے گیارہ بجے مرشد کریم سے مل لیں۔ احمد صاحب اور اُن کے ساتھیوں سمیت خود اُس کے چہرے پر اس اطلاع سے ایک تاثر لہرا کر رہ گیا۔ خوشی اور جوش کے ساتھ ساتھ توقع اور اُمید کا تاثر۔ خود اس کو مزید ایک گھنٹہ انتظار کرنا برا نہ لگا۔ وہاں بیٹھ کر وہاں پر موجود لوگوں کو کام کرتے دیکھتا اور اُن کو باتیں کرتے سنتا رہا۔

احمد صاحب کسی دوسرے شہر سے آئے ہوئے مہمانوں کے ساتھ باتیں کرتے ہوئے انہی کے ساتھ ان کے کمرے کی طرف چل دیئے۔ اور ادھر ادھر ٹہلنے لگا رابطہ آفس کے ساتھ ہی دیوار کے ساتھ لگی قناتوں اور شامیانوں کو مختلف اسٹالوں اور دکانوں کے لئے مختص کیا گیا تھا۔ ان میں کینٹین ، دھوبی ، جنرل مرچنٹ کی دکان کے علاوہ ایک ڈسپنسری بھی بنائی گئی تھی۔ اس ڈسپنسری میں ہومیو پیتھک اور ایلو پیتھک کے ساتھ ساتھ طب یونانی کے حکیمانہ علاج کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھیں ۔ وہ ان چیزوں کو دیکھنے میں کھویا ہوا تھا کہ ایک بس وہاں آ کر رکی۔ اس میں سے تیس افراد بر آمد ہوئے۔ اُس قافلے میں عورتوں اور مردوں کے علاوہ مختلف عمروں کے بچے بھی کافی تعداد میں تھے۔ بس کی پیشانی پر لگے بورڈ کی تحریر سے معلوم ہو رہا تھا کہ یہ قافلہ پنجاب کے صدر مقام لاہور سے آیا ہے۔

بس سے اترنے والوں نے اپنا اپنا سامان اُتارا۔ دیکھتے ہی دیکھتے اُس قافلے کے دو حصے ہو گئے۔ مرد حضرات اپنا اپنا سامان لے کر رہائش کے مردانہ حصے اور عورتیں اور چھوٹے بچے زنانے رہائشی حصے میں منتقل ہو گئے۔ وہ ایک بے خیالی کے عالم میں کھڑا یہ سب کچھ دیکھتا رہا۔ اُس کو اس بڑھتے ہوئے ہجوم میں بھیڑ بھاڑ کی بجائے اسےرونق اور چہل پہل زیادہ نمایاں لگی۔اس چہل پہل میں بھی ایک گہرے نظم و ضبط ، ترتیب اور سلیقے کا احساس ہو رہا تھا۔ تہذیب اور شائستگی کا تعلق حسنِ اخلاق سے بڑھ کر اُس حسن انتظام سے جڑا ہوا ہوتا ہے جس میں ذوق ترتیب اور سلیقہ شعاری نمایاں ہو۔

بعد میں اُس کو معلوم ہوا کہ نظم وضبط اور صفائی کو برقرار رکھنے میں استقبالیہ ، انتظامیہ ، صفائی ستھرائی اور سیکورٹی کے عنوانات کی کئی ایک کمیٹیاں بنائی گئی تھیں اور پھر ہر کمیٹی ذیلی کمیٹیوں اور مختلف اوقات کے لئے مختلف افراد پر تقسیم کر کے ایک مستعد اور فعال تنظیم کی صورت میں ترتیب دیئے گئے تھے ۔ دیکھنے والوں کو حسن انتظام کا احساس تو تھا لیکن اس حسنِ انتظام کے پیچھے کس قدر محنت ، غورو فکر اور حسن تدبیر کا دخل تھا اس کا احساس کم ہی لوگوں کو ہوتا ہے۔

جب احمد صاحب نے اُس کو مراقبہ ہال کے اندر چلنے کو کہا تو اُس کو احساس ہوا کہ اُس کو وہاں کھڑے ایک گھنٹہ بیت چکا ہے۔ اُس کو وقت گزرنے کا احساس کیوں نہیں ہوا؟اُس نے سوچتے ہوئے قدم بڑھائے۔ وہاں کے ماحول کی خوبی کہیئے ، صفائی اور حسن و جاذبیت کہیئے ، اُس کو اتنے طویل سفر کے بعد کی تھکن کے باوجود اپنے اندر کسی قسم کی بیزاری یا اکتاہٹ کا شائبہ تک نہیں ہو رہا تھا۔ اُس نے خود کو اُس پورے ماحول کا ایک حصہ محسوس کیا۔ وہاں اجنبی ہونے کے باوجود وہ خود اجنبی محسوس نہیں کر رہا تھا۔ وہاں کام کرنے والوں یا مختلف شہروں سے آئے ہوئے افراد کے چہروں پر اجنبیت اور بے گانگی کی بجائے اپنائیت اور انسیت کی ایک غیر محسوس سی روشنی پھیلی ہوئی محسوس ہو رہی تھی۔

مراقبہ ہال کے بغلی گیٹ سے قدم اندر رکھتے ہی خوبصورتی اور شادابی کی ایک لہر موج بن کر اُس کی نگاہوں کے زینے اترتی اُس کے پورے وجود کو سیراب کرتی چلی گئی۔ گیٹ سے اندر کے منظر میں کچھ ایسی بات تھی جس نے اُس کو مبہوت کر کے رکھ دیا۔ نگاہوں کے سامنے جو بھی چیزیں تھیں۔۔۔ عمارتیں ، دیواریں پودے اور درخت اور وہاں چلتے پھرتے ، بیٹھے اور کھڑے افراد میں کوئی خاص بات نہ ہونے کے باوجود ۔۔ وہ سب مل جل کر جو نظارہ پیش کر رہے تھے وہ ایک ماورائیت اور تقدیس میں ڈھلا ہوا لگ رہا تھا۔ اُس کے احترام میں جوتے اتارنے کے لئے اُس کو کسی ترغیب کی ضرورت نہ تھی۔ نفاست سے لبریز اُس صاف ستھرے منظر میں جوتوں سمیت داخل ہونے کی اجازت خود اُس کا اپناذوقِ سلیم اجازت دینا گوارا نہیں کر سکتا تھا۔ جوتے اتار کر گیٹ کے قریب بنے ہوئے خانوں میں رکھ کر وہ آگے بڑھے ۔

داخلہ گیٹ کے دائیں جانب بنے ایک دو کمرے استقبالیہ دفتر کے طور پر استعمال ہو رہے تھے۔ گیٹ کے بائیں جانب ایک طویل برآمدے اور چند کمروں کی عمارت کے پیشِ نظر کے طور پر ایک قطعہ ارضی میں گل داودی کے مختلف رنگ توجہ میں اپنے رنگوں کی بہار داخل کر رہے تھے ۔ گل داودی کی پوری کیاری جمالیاتی حسن انتظام کا ایک نہایت نفیس اظہار لگی ۔ گیر معمولی طور پر برے اور جسیم پُھولوں کےوزن کو شاخِ نازک کے سرے پر قائم اور ایستادہ رکھنے کا ایسا انتظام کیا گیا تھا کہ پھول سیدھے بھی رہیں اور دیکھنے والوں کی نگاہ اُس انتظام پر بھی نہ پڑے۔

 اس سے پیشتر اُس نے یہ پھول ہمیشہ گملوں میں ہی دیکھے تھے اور وہ بھی اکثر سرکنڈوں کی روکا رکے سہارے۔ اُس کیاری کے پسِ منظر میں موجود عمارت کے آٹھ کمرے اور اُن کے آگے ایک طویل برآمدہ جس کا فرش زمین سے اونچا نگاہوں کی سطح کے مقابل گول گول سفید ستونوں کے حصار میں چمک رہا تھا اور اُس پر کوئی گرد بھی نہ تھی۔ برآمدے کے ساتھ ساتھ چلنے والا راستہ فرش برآمدہ سے تین ساڑھے تین فٹ نیچاتھا اس کے سامنے لان مزید ایک ڈیڑھ فٹ نشیب میں تھا۔ راستے اور لان کی حد بندی کرنے والے بوگن ولا کے چھتری نما درختوں کی قطار۔ ایک بر آمدے کے سفید ستون ، درمیان میں سیمنٹ رنگ فرشی راستہ اور دوسری طرف بوگن ولا کے پودے سر پہ سرخ ، سفید اور زرد پھولوں کے تھال اٹھائے ، سر ِ راہ کھڑی اُن کنیزوں کی تمثیل لگ رہے تھے جو دور دیسیوں سے آنے والے مہمانوں کی پذیرائی کو چشم براہ ہوں۔

مین گیٹ سے پندرہ بیس فٹ آگے بائیں طرف راستے سے دس بارہ فٹ ہٹ کر لان کے کنارے پہ ایک کمرہ سا بنا ہوا تھا۔ اس کمرے تک ایک ذیلی راستہ تھا ۔ چونا کئے ہوئے سیمنٹ کے بلاکوں سے بنی ہوئی روزن دار دیواروں کے اوپر سرخ مخروطی چھت کے سبب یہ کمرہ کٹیا کا جدید ایڈیشن لگ رہا تھا۔ سندھی تہذیب کی آئینہ دار ہالہ ٹائلوں سے سجے کمرے کے دروازے کے اوپر لکھے ایک لفظ” آستانہ“ نے پھیل کر اُس کے شعور کو اپنی گرفت میں لے لیا۔

اُس نے سوالیہ انداز میں احمد صاحب کو دیکھا۔ احمد صاحب اُ س کو لے کر آستانے کی طرف بڑھے۔ قدم لیتے ہی اُس کو اپنے پیروں تلے پتھر چبھنے کا احساس ہوا۔ اُس نے نیچے نگاہ کی۔ آستانے کے دروازے تک راستہ تین حصوں پر مشتمل تھا۔ پہلے حصے میں پتھریلی بجری کی ایک کیاری۔ پھر سیمنٹ کا فرش جس کے پہلے حصے میں ایک دائرے کے اندر مثلت بنی ہوئی تھی اور دوسرے حصے میں مختلف رنگوں سے تین دائرے پینٹ کئے گئے تھے ۔ فرش پر بنی ان اشکال کی معنویت کو اس کا شعور اپنی گرفت میں نہیں لے سکا۔ وہ محض خوبصورتی کے لئے تو وہاں نہیں بنائے گئے ہوں گے؟ اُس کو اُن میں حسن و جمالیات سے زیادہ کسی مفہوم اور حکمت کی رمز پنہاں لگی۔ بجری کے پتھر وہاں آنے والوں سے شاید یہ بات کہہ رہے تھے کہ سلوک کی راہوں میں قدم قدم انہی پتھروں پہسفر کرنا پڑتا ہے۔ لیکن اگر یہ بات مان لی جائے تو اس کا مطلب تو یہ بنتا ہے کہ سلوک کی راہوں پر تو بالکل نہیں چلنا چاہیے۔

 اُس کے ذہن میں ایک خیال آواز بن کر سنائی دیا۔۔”آستانے کا راستہ زندگی کے سفر کی تمثیل ہے۔ اللہ سے دوری نوکیلے پتھروں کی چبھن سے کم نہیں ہوتی۔ جانوروں کی سطح پر زندگی بسر کرنے والوں کو ان کی چبھن کا احساس ہی نہیں ہوتا۔ اس سے اگلی سطح پہ انسان لاشعور سے متعارف ہوتا ہے اور اُس کو لاشعور اپنے ارد گرد ایک دائرے کی طرح محیط نظر آتا ہے اور اس سے اگلی منزل پہ لاشعور لہر در لہر ، دائرہ بعد دائرہ اُس کی زندگی کو اپنے اندر سمیٹ لیتا ہے۔“

دائرہ میں گھری مثلث کےپاس پہنچنے سے پہلے بجری کی چبھن کا تجربہ اور اس کے بعد تین دائروں کے مرکز میں کھڑے ہو کر اُس نے کمرے میں داخل ہونے کے لئے دروازے کے اپنی طرف کے پٹ پر ہاتھ رکھا۔ لکڑی کا ایک نازک سا جالی دار آدھا دروازہ ۔ دروازہ سطح زمین سے ایک آدھ فٹ بلند شروع ہو کر اپنی مکمل قامت کی بجائے عین درمیان ہی میں مکمل ہو گیا تھا۔ یہ نیم در اپنی ساخت کی طرح اپنے مفہوم میں نامکمل نہ تھا ۔ ادھورے پٹ سپرنگ کی وجہ سے دونوں طرف کھل کر واپس اپنی جگہ آ سکتے تھے۔ دروازے کے اوپری حصے کے نہ ہونے کے سبب نہ تو اندر کا منظر دیکھنے میں کوئی رکاوٹ تھی اور نہ ہی وہ کسی کو داخل ہونے سے روکنے کا کوئی کنایہ۔ نچلا موجود حصہ بھی جالی دار ہونے کے سبب دروازے کا ایک تاثر ہی دے رہا تھا ۔ دعوت ِ نظارہ اور اذنِ داخلہ دونوں کا داعی۔

اُس نے باہر کھڑے کھڑے نیم دروازے کے اوپر سے اندر جھانکا ۔ سامنے دیوار پر آویزاں ایک تصویر نے اُس کے شعور کو اپنے ساتھ لپٹا لیا۔ آستانے کے اندر داخل ہو کر وہ اسی تصویر کو دیکھتا رہا۔ صاحب عکس ایک گہرے سنجیدہ تاثر کے ساتھ سروقامت ایستادہ ۔۔۔کہیں دور خلاؤں میں ٹکٹکی باندھے دیکھ رہے ہیں۔ بڑی بڑی روشن آنکھیں ، سر اور ڈاڑھی کے خشخشی بال ، گردن کا سیدھا پن ، بازو پر بندھا ایک تعویذ ۔۔۔ بظاہر اُس عکس میں جاہ و جلال کے تاثر کا کوئی قرینہ نہ تھا مگر پھر بھی اُس کو وقار اور دبدبے کے احساس نے اپنے رعب میں لے لیا تھا۔

تصویر کے نیچے لکڑی کی پالش شدہ تختی پر اُبھرے ہوئے پیتل کے سنہرے حروف سے لکھے ”ابدالِ حق حضور قلندر بابا اولیا ءؒ کے الفاظ نے اپنی معنویت کی چمک سے اُس کے شعور کو خیر ہ کر دیا۔ فوری طور پر اُس کو نہ تو کچھ محسوس ہوا اور نہ ہی معلوم۔۔۔ پھر واقفیت اور آگاہی کی ایک لہر اس کے اندر رفتہ رفتہ بلند ہوتی چلی گئی ۔ تو یہ ہیں حضور قلندر بابا اولیاؒ۔۔۔اُس کے ساتھ ہی اُس کے اندر کا سکوت اور جمود دونوں ہی ٹوٹ کر بکھرتے چلے گئے۔۔ رعب کا ایک انوکھا احساس اُس کے رگ و پے کو اپنی گرفت میں لیتا چلا گیا۔

وہ وہاں فرش پہ بیٹھ گیا۔ اُس کے ذہن میں بننے والے سوچوں کے دائرے بننا بند ہو گئے۔ کچھ ہی دیر میں اُس کی پلکیں خمار آلود ہو کر بند ہونے لگیں۔ وہ کمر سیدھی کئے ، آنکھیں بند کئے وہاں مودب ہو کر بیٹھا رہا۔ وہ کچھ بھی تو نہیں سوچ رہا تھا ۔ اُس کو سکون اور طمانیت کا ایک گہرا احساس اپنے اندر اترتا اور اپنے رگ و پے میں سرایت کرتا محسوس ہو رہا تھا اور وہ اُس جانفزا احساس میں ڈوبے رہنا چاہتا تھا۔