Topics

وہ مقامِ قرب تلک گئے

 

ایک مسلمان ہونے کے ناتے ہم یہ بات مانتے اور اُسے اپنے لئے باعثِ افتخار سمجھتے ہیں کہ ہم جس نبی مرسل ﷺ کے ماننے والے ہیں اُن کو ہر نبی اور رسول پر ایک برتری اور فوقیت حاصل ہے۔ لیکن اگر بنظر غائر دیکھا جائے تو کیا ہم مسلمانوں کو حضور ﷺ کے اُس عالی شان مرتبےاور عالی مقام حیثیت کا ، جو انہیں اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی ہے ، واقتاً کچھ ادراک بھی ہے یا نہیں؟ دیکھنے میں یہی آتا ہے کہ ہم مسلمانوں کی اکثریت کی عقیدت حضورﷺ سے محض رسمی ہی ہے ۔ معدودے چند لوگ ایسے جن کو اس بات کا واقعی کچھ اندازہ ہے کہ حضور ﷺ کے عالی مرتبت ہونے کا اصل مفہوم کیا ہے؟ ورنہ اکثریت کا عقیدہ تو یہ ہے کہ حضور ﷺ باعثِ تخلیق ِ کائنات اور نور ِ اول ہیں لیکن اُن کو اس بات کا مکمل شعور اور کوئی واضح ادراک حاصل نہیں۔ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ آپﷺ کے مقام کا کچھ اندازہ عطا فرما دیتے ہیں ، اُن لوگوں کو زمانہ عاشقِ رسول ﷺ کے طور پر جاننے لگتا ہے اور حبِ رسول ﷺ ان کا وطیرہ اور چلن قرار پاتا ہے۔ وہ عشقِ رسول ﷺ میں کچھ ایسے گرفتار ہو جاتے ہیں کہ اُٹھتے بیٹھتے ، سوتے جاگتے ، چلتے پھرتے اُن کے پیشِ نظر یہی بات رہتی ہے کہ اُن کا تعلق کہ اُن کا تعلق حضور ﷺ سے کیونکر جڑ سکتا ہے اور جڑنے کے بعد اُس میں اُستواری اور پائیداری کیونکر آسکتی ہے؟

معجزات کے ضمن میں روحانی علوم جاننے والوں کا کہنا ہے کہ ہر معجزہ جو کسی بھی پیغمبر سے صادر ہوتا ہے ، وہ اُس علم کا اظہار ہوتا ہے جو اُس نبی کو عطا ہوا تھا۔ نبی کو جو بھی علم دیا جاتا ہے وہ اُن کے زمانے میں مروج علوم پر اس قدر حاوی اور برتر ہوتا ہے کہ اُس دور کے ماہرین اور علما کا علم اُس نبی کے علم کے سامنے عاجز رہ جاتا ہے۔ جیسے قومِ ثمود سنگ تراشی کے فن میں اپنا ثانی نہیں رکھتی تھی۔ اللہ تعالیٰ نے اُن کے لئے حضرت صالح ﷧ کو یہ معجزہ عطا فرمایا کہ انہوں نے کسی قسم کے مادی وسائل کے بغیر پہاڑ میں سے زندہ اونٹنی نکال کر دکھا دی۔ فن اور ہنر کی یہ معراج دیکھ کر وہ قوم بجائے اس کے کہ اُن پر ایمان لاتی ، اُس نے کٹ حجتی کی اور بالآخر اُس اوٹنی کو ہی مار ڈالا۔

یہی صورت حال حضرت موسیٰ ﷧ کو در پیش ہوئی۔ اُن کے زمانے میں جادو گری کا بہت زور تھا۔ لوگ خارق العادت کمالات سے اپنی برتری ثابت کیا کرتے تھے ۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ ﷧ کو جو معجزات عطا فرمائے ، انہیں دیکھ کر اُس دور کے ماہرینِ فن دنگ رہ گئے اور اُن کا علم حضرت موسیٰ﷧ کے علمِ نبوت کے سامنے عاجزی اور بے بسی سے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوگیا۔ اسی طرح حضرت عیسیٰ﷧ کے دور میں طب اور مسیحائی کے بہت چرچے تھے۔ اللہ تعالیٰ نے حضرت عیسیٰ ﷧ کو اس علم و فن میں اتنا یکتا کر دیا کہ محض پھونک مار دینے یا ہاتھ پھیر دینے سے ہی مریض صحت یاب اور مردہ زندہ ہو جاتا ۔ ہر گمراہ قوم کی طرح اُن کی قوم نے بھی بجائے اس کے وہ اُن سے یہ علم سیکھتی اُن سے پیچھا چھڑانے کو انہیں مصلوب کروانے کی سازش کی۔

دین اسلام مذاہب عالم میں وہ واحد و مذہب ہے جس کی بابت اللہ تبارک وتعالیٰ نے آقائے نامدار ﷺ کو یہ بشارت دی ۔”آج ہم نے دین کو آپ کے لئے مکمل کر دیا اور اپنی نعمت آپ ﷺ پر تمام کر دی“ یہ بات کسی دین یا مذہب کے بانی نے نہیں کہی کہ اُس کا مذہب تکمیل و کاملیت سے سرفراز کر دیا گیا ہے۔ اسی لئے خاتم النبیین ، حبیب کبریا ﷺ نے بارگاہِ رب العزت سے یہ اعزاز پایا کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں خاتم النبیین قرار دے کر اُن ﷺ کے بعد بابِ نبوت کو ہی بند کر دیا۔ مذاہب عالم میں تحقیق کرنے والوں نے اس بات کو خوب نوٹ کیا ہے کہ ہر مذہب کے بانی نے سرکار ِ دو عالم کی صفت ِ محمدیہ کو اجاگر کر کے بیان کیا۔ اس بات کو اُن کی پہچان بتایا کہ وہ خالق اور مخلوق دونوں کے لئے محبوب ہوں گے ۔ حضرت عیسیٰ﷧ نے اُن کو ”فارقلیط“ لا لقب دیا تو اہلِ ہنود کے بانیان مذاہب نے آپ ﷺ کی پہچان یہ بتائی کہ وہصحرا میں سفید گھوڑے پر سفر کرنے والا ہوگا۔ دیدوں میں آپ کے لئے نراشس اور موہن مدن یعنی بہت تعریف کیا گیا کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔

حضور نبی کریم ﷺ جس وجہ سے امام الانبیا قرار پائے وہ آپ ﷺ کا سفر معراج کا واقعہ ہے جس کی بابت پرور دگار ِ عالم فرماتا ہے۔ ”پاک ہے وہ ذات جو لے گئی رات میں اپنے بندے کو مسجد الحرام سے برکتوں والی مسجد اقصیٰ تاکہ اُس کو مشاہدہ کروادے اپنی نشانیوں کا ۔“ ( سورہ اسرا) اس سفرِ معراج کی جزئیات و تفصیلات ہمیں احادیث میں ملتی ہیں۔ اجمالاً یہ واقعہ کچھ یوں ہے۔ ایک رات جبرائیل ؑ امین براق نامی سواری لے کر بارگاہ ِ رسالت مآب ﷺ میں حاضر ہوئے اور آپﷺ کو سفرِ معراج پر لے گئے۔ اس سفر کے دو مرحلے تھے۔

پہلے مرحلے میں آپ ﷺ خانہ کعبہ سے مسجد اقصیٰ پہنچے اور وہاں تمام انبیا کی امامت فرمائی ۔ اُس کے بعد آپ ﷺ نے رب العامین سے بالمشافہ ملاقات فرمائی ۔ قرآن ِ حکیم اس ملاقات کو قابِ قوسین کے معنی خیز الفاظ سے بیاں کرتا ہے کہا اللہ اور اُس کے بندے کے درمیاں کوئی فاصلہ نہ رہا جو کچھ آپﷺ نے دیکھا وہ غلط نہ تھا۔ آپﷺ

نے وہ باتیں کی جو دل نے چاہئیں ۔

اس سفرِ معراج کا سب سے حیر ت ناک پہلو یہ ہے کہ سارا سفر وقت کی ایک تہائی قلیل اکائی میں مکمل ہوا۔ اس سفرِ معراج سے سردار الانبیا ﷺ نے ٹائم اسپیس (زمان و مکاں) کی حدود میں جاری ہر قانون سے بالا تر ہو کر اپنی برتری اور قوتِ تسخیر کا ثبوت دیا۔ فخر ِ موجودات نے اپنی عبودیت سے عبدیت کا وہ اعلیٰ ترین مقام حاصل کیا جہاں خالقِ ارض و سما نے جھک کر انہیں اپنی طرف بلند کر لیا ۔ عبدیت کی اس سر بلندی سے جہاں ہر قانون کی نفی ہو گئی اور ہر حد فسخ کر دی گئی وہاں بشریت اپنے حد کمال پر پہنچ کر شرف خلافتِ الٰہیہ سے سرفراز ہوئی اور وجہِ تخلیق کائنات کا مدُعا مکمل ہوا۔

روایت ہے کہ تحفہ صلوٰۃ حضور پُرنور ﷺ کے اسی سفرِ معراج کی یاد ہے اور اسی سبب حضور نبی کریم نے صلوٰۃ کو مومن کی معراج قرار دیا ہے۔ہر نماز کی تکمیل پر التحیات کا پڑھنا فرض قرار دیا ہے۔ وہ لوگ جنہیں اللہ تعالیٰ نے حکمت اور فہم و فراست سے نوازا ہے اور انہوں نے غورو فکر سے کام لیا ہے ۔ اُن کا کہنا ہے کہ التحیات کے الفاظ درحقیقت اللہ تعالیٰ اور اُس کے بندے ﷺ کے درمیان ہونے والی گفتگو کا ریکارڈ ہیں۔ یہ اُس اجلاس کی کاروائی کا اظہار ہیں جو اللہ اور خیر البشر ﷺ کے مابین معراج میں منعقد ہوا یعنی یہ اُس ملاقات کے Minutes of Meetingہیں جو خالق اور سیدنا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے درمیان اس سفر کا نکتہِ عروج تھی ، جس کی نظیر نوعِ انسان پیش کرنے سے قاصر و عاجز ہے۔

جب ہم التحیات کا جائزہ لیتے ہیں تو اس میں ہمیں کل چار کلمات ملتے ہیں ۔ پہلا جملہ حضور علیہ الصلوٰۃوالسلام کا ارشاد مان لیا جائے تو دوسرا جملہ اللہ ربِ کریم کا فرمان معلوم ہوتا ہے ۔ تیسرا جملہ پھر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا ارشاد کردہ ہے اور چوتھا جملہ۔۔ جس میں اللہ تعالیٰ کی الوہیت اور ربوبیت اور صاحبِ محمودﷺ کی عبدیت اور رسالت کی گواہی دی جاتی ہے۔۔ فرشتوں اور دیگر مخلوقات کی طرف منسوب کیا جا سکتا ہے۔۔ اس میٹنگ کا ماحاصل ہے۔

کہا جاتا ہے کہ جب پیغمبر کامل ﷺ اللہ جل شانہ کے حضور حاضر ہوئے تو انہوں نے حضرت موسیٰ﷧ کی طرح یہ سوال نہیں پوچھا۔ کون؟ اور نہ ہی اللہ تعالیٰ نے اُن کے سوال کے جواب میں اپنا تعارف بتوتے ہوئے کہا۔ ”میں ہوں تیرا رب!“ بلکہ یہاں پورے فہم و ادراک ، ہوش و حواس اور یقین اور مشاہدے سے کہا گیا۔

التحیات للہ ولصلوٰۃ و طیات۔ یعنی تحیہ ہو اللہ کا جس کو سزا وار ہیں ہر طرح کی عبادات کا تعلق خواہ وہ جسمانی ہوں یا مالی ۔ حضرت عالیٰ مقامﷺ نے اللہ تعالیٰ کی ثنا کے لئے جو الفاظ انتخاب فرمائے وہ نہایت غور طلب ہیں۔تحیہ کا مفہوم ۔۔جے ہونا ۔۔سر بلندی اور عالی وقار ہونا مادہ حی ہونے کے سبب زندہ باد کے نعرہ کے جذبات کا اظہار بن جاتا ہے ثنا اور تعریف کی اتنی موثر اور بلیغ صورت اور کیا ہو سکتی ہے؟

اپنے محبوب ترین بندے کی یہ بات سن کر اللہ تبارک تعالیٰ اُن کی طرف متوجہ ہوئے اور فرمایا۔

”السلام”علیک ایّھا نبی “ ورحمتہ اللہ وبرکات یعنی سلامتی ہو آپﷺ پر اے میرے نبی اور رحمت ہو اللہ کی آپ ﷺ پر اور برکت دی آپﷺکو۔

یہاں یہ بات محل توجہ رہے کہ یہ کوئی رسمی کلام نہیں بلکہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا کلام ہے یہ اُس ذاتِ بزرگ وبرتر کا فرمان ہے جس کے کُن کہہ دینے سے پوری کائنات وجود میں آگئی ، اُس ذاتِ اقدس نے اپنے محبوب کو سلامتی ، رحمت اور برکت سے نوازا۔

روحانی نکتہِ نظر سے یہ تینوں باتیں ہم معنی اور مترادف نہیں ہی بلکہ ان میں سے ہر ایک کی معنویت اور اہمیت ایک انفرادی اور امتیازی حیثیت رکھتی ہیں ۔ سلامتی ، رحمت اور برکت نظامِ کائنات کے تین عظیم الشان شعبے ہیں۔ ان میں کسی بھی طرح کی کمی اور خرابی کسی بھی چیز کے وجود کو عدم میں دھکیل دیتی ہے۔ اُس کو فنا سے دو چار کر دیتی ہے یا اُس کو ادھورا اور بے کار بنا دیتی ہے۔

عظیم روحانی سائنسدان حضور قلندر بابا اولیاءنے اپنی معرکتہ الآرا تصنیف ”لوح و قل“ میں ان باتوں کو واشگاف کرتے ہوئے فرمایا ہے۔” اللہ تعالیٰ کا کوئی بھی اسم دراصل ایک تجلی ہے۔ یہ تجلی اللہ تعالیٰ کی ایک خاص صفت کی حامل ہوتی ہے۔ زندگی کی ہر ہر حرکت اللہ تعالیٰ کی صفتِ خالقیت کے تحت واقع ہوتی ہے یعنی صفتِ خالقیت کی حدود میں ظاہر ہوتی ہے۔ اس حرکت کا محفوظ رہنا اللہ تعالیٰ کی کسی ایسی صفت میں ممکن ہے جو احاطہ کر سکتی ہو اور حفاظت کر سکتی ہو چناچہ یہ لازم ہوا کہ جو حرکت صفتِ خالقیت کے تحت شروع ہو اُس کی تکمیل صفتِ قدرت کی حدود میں ہو یعنی ہر حرکت کے لئے لازم ہو گیا کہ وہ صفتِ خالقیت یعنی رحمت کی حدوں میں شروع ہو اور صفت مالکیت یعنی صفتِ

قدرت کی حدوں میں تکمیلِ پزیر ہوا۔اس اصول سے یہ ظاہر ہو جاتا ہے کہ رحمت اور قدرت کے سائے میں ہی حرکت وجود پاسکتی ہے اور ان دونوں صفات کا سہارا لئے بغیر کسی بھی حرکت کا وجود ناممکن ہے۔“

اس بیان سے یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ زندگی رحمت اور قدرت کا مجموعہ ہے اس بیان کی روشنی میں جب ہم دیکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ اپنے محبوب بندے کو یہ کہہ رہا ہے۔ السلامُ علیک ایُھانبی و رحمۃ اللہ وبرکات تو یہ محض رسمی یا دُعائیہ الفاظ نہیں ہیں بلکہ خالقِ کائنات وجہ تخلیق کائنات کو اپنی صفات میں سے تین اہم صفات سے نواز رہے ہیں۔ اس نوازش اور عطا کا سلسلہ یوں تو رب ہونے کے ناتے اللہ تعالیٰ کی طرف سے یوں بھی اپنی مخلوق کے لئے جاری رہتا ہے لیکن اگر کوئی بندہ عبودیت کی انتہا پر پہنچ کر خود اللہ تبارک تعالیٰ کی ہستی تک پہنچ اور رسائی حاصل کر لیتا ہے تو لا محالہ اللہ تعالیٰ کی نوازشات کا رنگ اور بھی ابھرا ہوا ہوگا۔

التحیات کا اگلا جملہ بھی حضورﷺ سے منسوب ہے۔ جس میں آپ نے فرمایا۔ السلام علینا و علی عباد للہ الصالحین ( سلامتی ہو ہم پر اور اللہ کے اُن بندوں پر جو اللہ کے لئے خالص ہو کر کام کرتے ہیں) یعنی آپﷺ نے ایک شعبہ کائنات ۔۔سلامتی کو کھڑے کھڑے اللہ کے صالح بندوں کے ساتھ شیئر کر لیا اور باقی دو شعبے رحمت اور برکت اپنے براہ راست چارج میں رکھ لیے۔ آپﷺ کی یہ ادا دیکھ کر ملائے اعلیٰ بے اختیار گواہی دینے لگے۔ بلا شبہ اللہ تعالیٰ ہی سزاوارِ الہٰیت ہے جس نے اپنے محبوب کو اس قدر نوازا اور یہ کہ بلاشبہ حضور پُرنور محمد مصطفے ﷺ کی ذات عبدیت اور رسالت کا حق رکھتی ہے۔

یہاں یہ بات نوٹ کرنا دلچسپی سے خالی نہ ہوگا کہ روحانی علوم کی اصطلاح میں” یعنی بندہ ایک عہدہ ہے جس پر کسی فرد کی تقرری اللہ تعالیٰ خود فرماتا ہے۔ قرآن حکیم میں جہاں حضرت موسیٰ ؑ کو علومِ لدنیہ سے متعارف اور روشناس کروانے کو اللہ تعالیٰ انہی اپنے بندوں میں سے ایک بندے کے پاس جانے کا حکم دیتے ہیں وہاں یہ بات کھل کر سامنے اتی ہے کہ یہ وہ لوگ ہوتے ہیں جو صرف اور صرف رضائے الٰہی کے لئے کام کرتے اور اُن کو اللہ تعالیٰ اپنی جناب سے براہ راست اپنے کاموں کا علم اور حکم عطا فرماتا ہے۔

حضور احمدِ مجتبیٰ ﷺ عبدیت کی اُس انتہا کو چھو لیتے ہیں جہاں اللہ تعالیٰ انہیں اپنے بندوں میں، اپنے رسولوں اور پیغمبروں میں ممتاز اور منفرد کرتے ہوئے انہیں اپنی رحمت اور برکت سے نوازتے ہیں۔ قرآن اس بات کی تصدیق اور گواہی میں یہ بات رہتی دنیا تک کے لئے واشگاف کر دیتا ہے۔

”وماارسلنک الا رحمۃ اللعالمین“

 اور ہم نے نہیں بھیجا آپ کو سوائے اس کے کہ آپ ﷺ عالمین کے لئے رحمت بنا دیئے گئے ہیں۔

درود و سلام ہو اُس ذات ، نذیر و بشیر پر جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنی صفتِ رحمت سے اتنا نوازا اور انہیں اپنے اتنا قریب کر لیا کہ انہیں اپنی کائنات کے عالمین کے تخلیقی اور تکوینی نظام کے شعبہ رحمت کا انچارج مقرر فرمادیا۔ اسی لئے ہر مسلمان چاہے اس بات سے شعوری طور پر آگاہ ہو یا نہ ہو ، جب بھی اللہ تعالیٰ سے ربطہ اور تعلق استوار کرنے کو صلوٰۃ قائم کرتا ہے تو وہ التحیات کے الفاظ کرتے ہوئے ذہن و شعور میں اُس ملاقات کےMinutes دہراتا ہے جو خالقِ کائنات اور اُس کے کامل ترین بشرﷺ کے مابینہوئی تاکہ اُس کو بھی وہ انوار منتقل ہو سکیں جو سفرِ معراج کا زادِ راہ ہیں۔