Topics

سورس آف انفارمیشن

 

مورخہ ۳ فروری ۱۹۹۸ ء کو جب حضور قلندر بابا اولیا ء ؒ کے عرس کی تقریبات میں شرکت کے آنے والے زائرین اپنے اپنے گھروں کو سدھار گئے تو خانوادہ سلسلہ عظیمیہ الشیخ خواجہ شمس الدین عظیمی کی مصروفیات کا ایک نیا سلسلہ آغاز ہوتا ہے۔ وہ اپنے مرشد حضور قلندر بابا اولیاء کے مشن کی ترویج اور روحانی سائنس کی نشرو اشاعت میں یوں جت جاتے ہیں گویا پہلی مصروفیت سے انہوں نے تھکن کی بجائے طاقت اور توانائی حاصل کی ہو۔ عرس کی تیاریوں کے بعد دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کی پذیرائی کی تیاریاں ، تقریبات کا انعقاد روحانی تربیتی ورکشاپ ، سینکڑوں مہمانوں سے فرداً فرداً ملنا ، اُن کے مسائل کا حل تجویز کرنا ، اُن کی دلجوئی کرنا ، اُن کی دیکھ بھال کے انتظامات کرنا ، خاطر مدارت کو مختلف محافل کا انعقاد کرنا اور پھر مہمانوں کو فرداً فرداً رخصت کرنا ۔ مہمانوں کے جانے کے بعد کئے جانے والے کاموں میں منہمک ہو جانا ، پھیلائے گئے انتظامات کو سمیٹنا ۔۔اُس کے بعد اپنے روزمرہ کے معمولات کا ازِ سر نو آغاز کرنا۔ یہ اُن ہی کا حوصلہ اور سکت ہے۔ دیکھنے والے اُن کے حوصلے کو دیکھ کر حوصلہ پاتے ہیں اور توانائی حاصل کرتے ہیں۔

اطلاع آتی ہے آج مرشد کریم کا انٹرویو ریڈیو بریڈ فورڈ سے نشر ہوگا۔ سننے والا یہ تاثر لیتا ہے کہ یہ معمول کی ایک کاروائی ہوگی ۔ کچھ لوگ آئیں گے انٹرویو ریکارڈ کریں گے اور پھر جانے کب وہ انٹرویو ریڈیو سے نشر ہوگا اور ہم چونکہ پاکستان میں رہتے ہیں اس لیے اُس انٹرویو کو نہیں سُن سکیں گے۔ اس لئے اُس کی دلچسپی ختم ہو جاتی ہے۔

اُس وقت برطانیہ میں بعد از دوپہر ۳ بجے ہیں۔ وہاں رہنے والے پاکستانیوں کو معلوم ہے کہ اس وقت پاکستان میں شام کے ۸ بج رہے ہیں اور اب سے کچھ ہی دیر میں ملک میں ہونے والے انتخابات کے نتائج آنا شروع ہو جائیں گے۔ اس لئے اکثر لوگ ریڈیو کی اور ٹی وی کی طرف متوجہ ہیں۔ ریڈیو بریڈ فورڈ سے اعلان ہو رہا ہے کہ آج سہ پہر ۴ بجے وہ اپنے سامعین کی خدمت میں معروف روحانی سکالر اور سائنسدان حضرت الشیخ شمس الدین عظیمی صاحب کا لائیو انٹرویو نشر کریں گے۔ یہ انٹرویو ریڈیو اسٹیشن کے اسٹوڈیوز میں نہیں بلکہ فون کے ذریعے لیا جائے گا۔ اُس میں سامعین بھی شرکت کرسکیں گے۔ اگر کوئی سوال پوچھنا چاہیں گے تو وہ اس نمبر پہ فون کر کے براہ راست سوال پوچھ سکیں گے اور اُن کو جو جوابدیا جائے گا وہ سب سامعین اپنے اپنے ریڈیو سیٹ پت سن سکیں گے۔ سوال پوچھنے والوں کو لوکل

کال کی قیمت پر انٹرنیشنل کال کی سہولت حاصل ہوگی۔

لاسلکی نظام کی ترقی سے ساری دنیا میں آپ سے بات کی جا سکتی ہے اور آپ کی بات سُنی جا سکتی ہے ۔ یہ انٹرویو جانے کہا ں کہاں سُنا جائے گا ؟ اِدھر مرکزی مراقبہ ہال میں اعلان ہوا کہ الشیخ عظیمی کے اس انٹریو کو مراقبہ ہال کے ساونڈ سسٹم پر مراقبہ ہال میں موجود افراد بھی سُن سکیں گے۔ اس اعلان نے اُس کی دلچسپی دو چند کر دی۔ وہ بے تابی سے اُس انٹرویو کے لئے کئے جانے والے انتظامات کو دیکھ رہا تھا۔ ٹیلی فون کی تاروں کو مائک اور سپیکر سے جوڑا جا رہا تھا۔ اِدھر اُن تاروں کو ساؤنڈ سسٹم سے منسلک کرنے کے بعد ٹیسٹ کیا جا رہا تھا۔

اُس کو اشتیاق ہوا کہ وہ دیکھے کہ اتنے اہم انٹرویو کے لیے حضور بابا جی کیا تیاری فرما رہے ہیں۔ وہ ٹہلتا ہوا اُن کے کمرے کی طرف چل دیا۔ کمرے کے دروازے پہ اقبال حسین صاحب کھڑے تھے۔ انہوں نے اُس سے پوچھا ۔ کیا وہ ابا جی سے ملنا چاہتا ہے؟ اُس نے کہا ۔ نہیں اس وقت وہ انٹرویو کی تیاری کر رہے ہوں گے۔ اس وقت انُ کو صدٹرب نہیں کرنا چاہیے۔ اُس کی بات سُن کر اقبال صاحب مسکرائے اور کہا۔ جی نہیں کچھ لوگ ملنے آئے ہوئے ہیں وہ اُن سے باتیں کر رہے جب انٹرویو کا وقت ہوگا تو برطانیہ سے فون آئے گا اور وہ اٹھ کر اُس کمرے میں جا کر فون پر بات شروع کر دیں گے جس کمرے میں مائک وغیرہ لگائے جا رہے ہیں اور پھر قدرے مسکراتے ہوئے کہا۔ ابا حضور کو کسی تیاری کی ضرورت نہیں ہوتی وہ ہمہ وقت تیار ہی رہتے ہیں۔

اُس کو یہ بات سُن کر کوئی اچنبھا نہیں ہوا۔ اب وہ اپنے مرشد کے بارے میں اتنا کچھ تو جان ہی گیا تھا کہ روحانی علوم کا پرچار اُن کا اُوڑھنا بچھونا ہے۔ وہ ہزاروں لوگوں کے سامنے اُن کے پوچھے گئے سوالوں کے فی البدیہہ جواب دیتے ہیں۔ اُن کی تمام تر تعلیم و تربیت اُن کے مرشد کریم کا اعجاز ہی کہی جا سکتی ہے کیونکہ انہوں نے کسی اسکول یا درسگاہ سے کوئی باقاعدہ ڈگری تو لی نہیں لیکن پھر بھی دو درجن سے زیادہ کتابیں تحریر فرما چکے ہیں اور پھر وہ ایسے موضوعات پر جن کی بابت خود اُن کا یہ کہنا ہے کہ اس سے پہلے یہ علوم علم سینہ کے طور پر ہی پڑھائے جاتے تھے۔ آج کے دورکے انسان کا شعور اتنا بالغ ہو چکا ہے کہ اب ان علوم کو باقاعدہ درس و تدریس کے انداز میں پڑھایا جا سکتا ہے۔ آپ کا یہ بھی فرمانا ہے کہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب میری کتابیں یونیورسٹیوں میں پڑھائی جائیں گی۔

وہ وہاں سے ہٹ کر اُسی کمرے کی طرف چل دیا جہاں مائک وغیرہ نصب کئے جا رہے تھے۔ وہاں مراقبہ ہال کے شعبہ نشرو اشاعت کے کارکنان تیاریوں میں مصروف تھے۔ وہ انہیں کام کرتے دیکھتا رہا۔ جب سب کچھ سیٹ ہو گیا تو دو تین بار باہر سے فون کروا کر سسٹم کو چیک کیا گیا۔ ادھر جونہی یہ تمام تیاریاں مکمل ہوئیں ادھر فون کی گھنٹی بجی اس بار یہ فون بریڈ فورڈ سے تھا ۔ بابا جی کو اطلاع دی گئی۔ پروگرام نشر ہونے میں پانچ چھ منٹ باقی تھے۔

آپ کمرے میں آ کر فرشی نشست پہ بیٹھ گئے۔ ایک دو منٹ کی ابتدائی گفتگو کے بعد پروگرام On Air ہونا شروع ہو گیا۔

پروگرام کے پیش کار Presenterجناب مہربان صاحب تھے اور انٹر ویو پینل پر طارق محمود اور پروفیسر اخلاق مغل سمیت کل چار افراد تھے۔ پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے مہربان صاحب نے جناب الشیخ خواجہ شمس الدین عظیمی صاحب کا مختصر تعارف کروانے کے بعد فون پر عظیمی صاحب سے انٹرویو پینل کی جانب سے تعارف اور خیر و عافیت دریافت کرنے کے بعد پہلا سوال پوچھا:

آپ کی کتابوں میں اکثر روحانی سائنس کی اصطلاح استعمال کی گئی ہے آپ روحانیت کو ایک سائنس کیوں کہتے ہیں؟ ایک سائنٹسٹ مظاہرات ِ فطرت کے مطالعے اور ریسرچ کے بعد قوانینِ فطرت اخذ کرتا ہے اور ان کو وہ فارمولوں کی صورتSummarize کر لیتا ہے ۔ کیا آپ بیان فرمائیں گے کہ ایک روحانی سائنسدان یہ سارا کام کیسے کرتا ہے؟

اس سوال کے جواب میں آپ نے ارشاد فرمایا۔ پہلی بات تو یہ ہے کہ لفظ ”سائنس“ علم ہی کے اظہار کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ اس کو علم سے باہر کوئی نام نہیں دیا جا سکتا ہے۔ گہرائی میں غور کر کے کوئی چیز ایجاد کرنا بھی سائنس ہے۔ علم کا کھوج لگانا بھی سائنس ہے۔ گہرائی میں تفکر کر کے کسی چیز کی ماہیت کو معلوم کرنا بھی سائنس ہے۔ روحانی سائنس ہم اس لئے کہتے ہیں کہ اس سے پیشتر علم حاصل کرنے کے اس طریقے یعنی غورو فکر سے علم حاصل کرنے کی طرف لوگوں کی توجہ بہت ہی کم تھی۔ اسی طرح سے ہم شعور کی حدود سے گزر کر لاشعور میں داخل ہو کر علم حاصل کرتے ہیں اور وہی علم حقیقی ہوتا ہے جو لاشعور ہمیں دیتا ہے ۔ ہم لوگوں کو یہ پیغام پہنچا رہے ہیں تا کہ انسان لاشعوری زندگی سے واقف ہو جائے۔ ہمیں معلوم ہے کہ ہم کوئی کام تب ہی کر سکتے ہیں جب ہمیں اس کام کی بابت کوئی خیال آتا

ہے۔ ہم کسی خیال کے تحت جو کام کرتے ہیں اُس کو تو سائنس کہتے ہیں لیکن کوئی خیال کہاں سے آ رہا ہے ، اس کی بابت کچھ نہیں جانتے ۔ روحانی سائنس ہمیں یہ بتاتی ہے کہ زندگی کی بنیاد خیال ہی تو ہے۔ کہیں سے خیال آتا ہے اور فزیکل باڈی میں داخل ہو جاتا ہے یعنی اگر خیال نہ آئے تو فزیکل باڈی کوئی ایسا کام نہیں کر سکتی جو زندگی کی تعریف پر پورا اترتا ہو۔ ہم جانتے ہیں کہ فزیکل باڈی کو جب تک خیال منتقل نہیں ہوتا اُس میں کوئی حرکت ممکن نہیں اور حرکت نہ ہونا ہی تو موت ہے۔یہاں سے آگے مادی سائنس اپنی بے بسی کا اظہار کر دیتی ہے۔ روحانی سائنس ہمیں سورس آف انفارمیشن۔۔ وہ مقام جہاں سے خیال نشر ہوتے ہیں ۔۔۔ کی جانب متوجہ کرتی ہے اور سورس آف انفارمیشن لاشعور کے علاوہ اور کچھ نہیں۔ جس بندے کو لاشعور سے رابطہ قائم کرنا آتا ہے وہ کائنات کے تسخیری فارمولوں سے آگاہ ہو جاتا ہے۔

اب اخلاق صاحب نے سوال پوچھا۔ مسلمانوں کی جو موجودہ حالت ہے اور ہم مسلمان عالمی سطح پر جس انحطاط کا شکار ہیں آپ اس کا کیا حل تجویز کرتے ہیں؟

اس سوال کے جواب میں انہوں نے ایک نہایت بصیرت افروز بات فرمائی۔ آپ نے کہا ۔ مسلمان اپنے اسلاف کے کارناموں اور ورثے کو تلاش کریں۔ قرآن میں ریسرچ اور تفکر کریں اور اگر مسلمان قرآن پر تفکر نہیں کریں گے ، اُس پر ریسرچ کر کے اُس میں موجود تعمیری فارمولوں اور تسخیری قوانین کو نہیں اپنائیں گے تو وہ مزید غلامی میں ہی دھنستے چلے جائیں گے۔

اس کے بعد پوچھا جانے والا سوال کچھ یوں تھا۔ آپ کو ہر ماہ گیارہ ہزار کے قریب خطوط موصول ہوتے ہیں ۔ بیماریوں ، پریشانیوں اور مسائل کے حل کے سلسلے میں آپ اتنے بہت سے خطوط کا جواب بھی لکھتے ہیں۔ روحانی ڈائجسٹ کے لیے بھی لکھتے ہیں۔ اُس کی ہر ماہ باقاعدگی سے اشاعت بھی کرواتے ہیں۔ نت نئی تصانیف بھی فرماتے ہیں ۔ اخبارات اور رسائل میں کالم وغیرہ بھی لکھتے ہیں۔ اندروں و بیرون ِ ملک دورے بھی فرماتے ہیں ۔ اپنے روحانی شاگردوں کی تعلیم و تربیت کا بھی سلسلہ سنبھالتے ہیں۔ آپ سے سوال یہ ہے کہ آپیہ تمام کام کیسے کر لیتے ہیں جب کہ آپ کسی سے کوئی چندہ وغیرہ بھی نہیں لیتے؟

اس کے جواب میں آپ نے تفصیل سے بتایا۔ جہاں تک اتنے سارے کام کرنے کا تعلق ہے تو یہ بات سمجھ لیں کہ تمام کائناتی کاموں کا تعلق رفتار یعنی اسپیڈ سے ہے۔ ساری فزیکل سائنسی ترقی اسی رفتار کی مرہونِ منت ہے۔ اسی رفتار کو بڑھانے اور مزید زیادہ کرنے کو آپ سائنسی ترقی کہتے ہیں ۔ جیسے فزیکل رفتار زیادہ ہونے سے ایک سفر کم وقت میں طے ہو جاتا ہے اسی طرح جب شعور لاشعور کے تابع ہو جاتا ہے تو وہ دس پندرہ آدمیوں کے برابر با آسانی کام کر سکتا ہے ۔ جہاں تک ہمارے مشن کے کام کا تعلق ہے تو یہ ایک ٹیم ورک ہے ۔ خطوط کے جوابات کے لئے ایک دفتر قائم ہے۔ وہ ایک نظام کے تحت جواب دیتا ہے۔ہم اخراجات کو پورا کرنے کے لئے عام چندے کی اپیل نہیں کرتے بلکہ سلسلے کے بھائیوں کی آپس کی کنٹریبیوشن سے ہماری کئی کتابوں کی رائلٹی وغیرہ بھی آجاتی ہے۔ لوگ ہماری کتب خریدتے ہیں ۔ ۲۴ کتابیں اردو میں ، ۴ انگریزی میں ، ۲ فارسی اور دو پشتو میں چھپ چکی ہیں۔

اس کے بعد پوچھا جانے والا سوال خواتین کے بارے میں اُن کے نظریات کے حوالے سے تھا کہ مسلم معاشرے میں عورت ، جو کہ معاشرے کا نصف ہے ، اُس کو صدیوں سے جزو معطل بنا دیا گیا ہے۔ آپ نے اپنی تحریروں میں اس بات کو اکثر اجاگر کیا ہے کہ روحانی اعتبار سے عورت اور مرد میں کوئی فرق نہیں ہے۔ عورت بھی اللہ کی دوست ہو سکتی ہے۔ آپ عورتوں کو اُن کا جائز مقام دلوانے کے لئے کیا لائحہ عمل تجویز فرمائیں گے اور آپ کا سلسلہ اس بابت کیا اقدامات کر رہا ہے؟

اس پیچیدہ سوال کا جواب انہوں نے یہ دیا کہ عورت اور مرد دونوں کی تخلیق مذہبی نکتہ نظر سے برابر ہے۔ عورت اور مرد کی عبادات یکساں ہیں اگر کوئی کام مرد کرتے ہیں تو عورت بھی وہ کام کر سکتی ہے۔ مذہب اس پر کوئی پابندی نہیں لگاتا۔ عورت ہر طرح سے مرد کی برابری کر سکتی ہے۔ عورتوں کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ روحانی شعور حاصل کریں۔ اس سے مردوں پر برتری حاصل کر سکیں گی۔ میں نے اپنی کتاب ”مراقبہ“ اور ”جنت کی سیر“ میں مرد اور عورت دونوں کی روحانی کیفیات لکھی ہیں اور یہ وضاحت کی ہے اُن میں کوئی فرق نہیں ہے۔ عورتوں کو چاہیے کہ وہ روحانی علوم سیکھنے کے لئے مراقبہ کیا کریں۔

اس سے اگلا سوال اُن کے جانشین کے حوالے سے کرتے ہوئے یہ پوچھا گیا کہ مسلمانوں میں بہت اچھی اچھی تحریکیں چلیں ، بڑے بڑے راہنماہوئے جو اپنے وقتوں میں یکتائے زمانہ تھے مگر انہوں نےاپنا کوئی جانشین پیدا نہیں کیا جو اُن تحریکوں کو اسی جوش و جذبے کے ساتھ زندہ رکھ سکتا اور نتیجتاً وہ تحریکیں دم توڑ گئیں یا وقتگزرنے کے ساتھ ساتھ اپنی اہمیت کھو بیٹھیں ۔ اللہ تعالیٰ آپ کی عمر دراز کرے آپ بھی اپنی فیلڈ میں ایک منفرد مقام رکھتے ہیں ، کیا آپ نے اپنے مشن کو جاری رکھنے کے لئے کوئی جانشین تیار کیا ہے جس کو آپ صحیح بدل کہا جا سکے؟

اس سوال کو سن کر وہاں موجود لوگوں کے ساتھ خود اُس نے بھی دم سادھ لیا کہ دیکھیں اس دور رس اہمیت ے سوال کے جواب میں اُس کا مرشد کس خوش نصیب کے نام کا تذکرہ کریں گے ، کریں گے بھی یا نہیں؟ اس پر انہوں نے اپنے اُسی مخصوص دھیمے انداز میں کہا، جس انداز میں بات کہنا اُن کا طریقہ تھا۔ ہر آدمی کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنا جانشین چھوڑے۔ انبیاء نے بھی اپنے جانشین چھوڑے ہیں۔ ہمارا مشن خدمتِ خلق ہے۔ یہ ایک انسٹیٹیوشن کی مانندہے۔ انشاء اللہ میرا مشن فلاپ نہیں ہوگا۔ میرے بعد میرا مشن چلتا رہے گا۔ اس میں میرے شاگرد ہیں جن میں عورتیں اور مرد دونوں ہیں اور جس پر اللہ کی رحمت ہو وہ کام کبھینہیں رُکتا ۔

وہاں موجود لوگوں نے ایک دوسرے کی طرف دیکھا ۔ جس سے اُس نے اندازہ کیا کہ یہ جواب اُن کے لئے غیر متوقع ہی تھا۔

اس کے بعد کا سوال دلچسپ تھا۔ مہربان صاحب نے دریافت کیا کہ آپ نے روحانی ڈائجسٹ کے کسی شمارے میں تحریر فرمایا تھا کہ موجودہ دور کے جنات کی اکثریت تعمیر پسند ہے یعنی اُن میں تخریب کم ہے جبکہ جنات کے بارے میں عام نظریہ یہہےکہ وہ آگ سے بنے ہیں اور اُن کی سرشت ہی تخریب ہے۔ کیا آپ اس بات کی وضاحت فرمائیں گے کہ نوع جنات نے کن کن اقدامات سے اپنے اوپر تعمیری پسندی کا پہلو غالب کر لیا ہے اور انسان اپنے اوپر سے تخریب پسندی کا غلبہ کیسے توڑ سکتا ہے؟

اس کے جواب میں آپ نے نہایت فکر انگیز بات ارشاد فرماتے ہوئے کہا ۔ تخریب اور تعمیر دونوں ہی ذہنی رویے ہیں اگر کسی کام میں تعمیری ذہن کام کرتا ہو یعنی اُس میں اجتماعیت ہو تو وہ تعمیر ہے اور جہاں انفرادی مفاد آجائے سمجھ لیں کہ وہی تخریب ہے۔ ساری کائنات روشنی اور رنگوں سے تخلیق ہوئی ہے۔ آدمی دو لہروں یعنی مرکب روشنیوں کی تخلیق ہے۔ اُس میں جہاں تعمیر کی صلاحیت زیادہ ہے وہیں تخریب بھی زیادہ ہے۔ جنات مفرد لہروں اور مفرد روشنی کی مخلوق ہیں اس لئے اُن میں تخریب کم ہے ۔ ہمیں جنات کے جس گرو میں جانے کا اتفاق ہوا اُن میں اجتماعی ذہن زیادہ ہے اس لئ اُن میں تعمیر زیادہ ہے اور جن گروہوں میں انفرادی ذہن زیادہ ہے وہاں تخریبی عمل کی زیادتی ہے۔

مہربان صاحب نے ۔۔۔بہت خوب بات فرمائی ۔۔۔ کہہ کر اس سے اگلا سوال پیش کیا کہ آپ نے اپنی کتاب روحانی نماز میں بیسویں صدیکے اختتام پر پوری دنیا کا اقتدارِ اعلیٰ عورتوں کے ہاتھ آجانے کی پیشن گوئی کی ہے ۔ اُس کی کیا نوعیت ہوگی؟ مرد اقتدار اعلیٰ کیسے چھوڑیں گے؟

اُس کو لگا گویا یہ سوال خود اُس کے اپنے اندر کی صدا ہو جس کو طارق محمود نے سوال کی صورت پوچھ لیا تھا۔ اس کے جواب میں انہوں نے فرمایا۔ اگر ہم تاریخ ِانسانی کا مطالعہ کریں تو ہمیں معلوم ہوگا کہ یہ دنیا۱۷ یا ۱۸ مرتبہ ختم ہوئی ہے۔ اس میں کبھی عورتیں سربراہ ہوئی ہیں اور کبھی مرد ۔ جہاں تک میری پیشن گوئی کا تعلق ہے کہ سنہ ۲۰۰۶ کے بعد عورت کا دور ہوگا تو میری پیشن گوئی کی شروعات تو ہو بھی چکی ہے۔ اس وقت دنیا میں نو ممالک ایسے ہیں جہاں کی سربراہ عورتیں ہیں۔ اب عورتیں بھی جہازتک تو اُڑا رہی ہیں اور باقی کام بھی کر رہی ہیں۔

ابھی انہوں نے اتنا ہی کہا تھا کہ ایک خاتون نے فون کر کے سوال پوچھا کہ کیا ہر آدمی حضور ﷺ کی زیارت کر سکتا ہے اگر ہاں تو کیسے؟

اس پر آپ نے بتایا کہ حضور نبی کریمﷺ کی زیارت کرنے کی صلاحیت ہر مسلمان میں موجود ہے درود شریف کی کثرت اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے حضور ﷺ کی زیارت ہو جاتی ہے۔ کتاب روحانی علاج میں دیئے گئے زیارت کے عمل کو کرنے سے بھی لوگوں کو حضورﷺ کی زیارت کی سعادت مل جاتی ہے۔

ایک اور صاحب نے فون کیا اور دریافت کیا کہ نماز میں یکسوئی کیوں کر حاصل ہو سکتی ہے؟ اس کے جواب میں آپ نے ایک ہی جملے میں سوال نمٹاتے ہوئے کہا ۔ کتاب روحانی نماز میں درج طریقے کے مطابق عمل کرنے سے نماز میں یکسوئی حاصل ہو سکتی ہے۔

اس کے ساتھ ہی ایک اور فون آیا کہ یہ بتائیں کہ ہم غیر مسلم سائنسدانوں کو قرآن سے کیوں کر متعارف کروا سکتے ہیں؟

اس پر آپ نے جوابی سوال پوچھا اور کہا ۔ آپ نے یہ کیسے سمجھ لیا کہ موجودہ دور کے سائنس دان قرآن سے بے خبر ہیں؟ اور بات کو جاری رکھتے ہوئے فرمایا کہ وہ قرآن کا حوالہ نہیں دیتے کیوں کہ وہ ایک مردہ قوم کی زندہ کتاب سے خوشہ چینی کا اعتراف نہیں کرنا چاہتے۔ غیر مسلم قرآن سے ہرگز بے خبر نہیں ، وہ اُس میں تفکر کر کے نت نئی ایجادات کر کے اپنی برتری مستحکم کرنے میں لگا ہوا ہے لیکن با لآخر وہ یہ بات ماننے پر مجبور ہو جائے گا کہ قرآن میں کائناتی فارمولے موجود ہیں اور وہ اُن سے استفادہ کر رہا ہے۔

اس جواب کو سن کر وہ جھوم ہی تو اُٹھا۔ ”مردہ قوم کی زندہ کتاب“ کی ترکیب اُس کو بہت ہی بھائی۔ اُس نے اس جملے کی صنعتِ تضاد اور اس کے مبنی پر حقیقت ہونے کا بہت ہی لطف لیا۔

کسی صاحب نے مانچسٹر سے ایک بہت ہی عجیب سا سوال دریافت کیا کہ کوئی عورت پیر بن سکتی ہے؟ اس پر آپ نے جوابی سوال پوچھتے ہوئے کہا۔” آپ یہ بتائیں کہ کیا کوئی عورت کسی مرد کی استاد بن سکتی ہے؟ اس پر وہ صاحب گڑبڑا کر رہ گئے تو آپ نے وضاحت کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ اسکول میں اپنی میڈم سے ہی تو پڑھے ہیں۔ اس پر انہوں نے اثبات میں جواب دیا تو انہوں نے فرمایا کہ پیر کا مطلب ہے استاد ۔۔۔ روحانی استاد ۔۔۔ کوئی بھی عورت جو روحانی علوم جانتی ہو وہ روحانی استاد بھی بن سکتی ہے۔ جب ایک عورت مردوں کو دنیاوی علوم پڑھا سکتی ہے تو وہ اُن کو روحانی علوم کیوں نہیں پڑھا سکتی؟ آپ کو اکثر احادیث حضرت عائشہ ؓ سے ہی تو منتقل ہوئی ہیں ۔ لوگ اُن کے پاس جا کر اُس سے سوال پوچھتے تھے۔ اُن کو سوال پوچھنے پر ہی تو یاد آتا تھا کہ اس موقعےکے لئے حضور ﷺ نے کیا بات ارشاد فرمائی تھی۔

اس کے بعد کا سوال نماز کی فرضیت کی بابت تھا جس کے جواب میں آپ نے اتنا ہی کہا کہ جی ہاں نماز ہر حال میں فرض اور لازم ہے۔ اس قسم کی کوئی بھی بات ہو تو آپ قرآن کی طرف رجوع کریں۔ کوئی مسلمان یہ کہہ ہی نہیں سکتا کہ نماز غیر ضروری ہے۔

ایک اور صاحب جن کو خواب میں ڈر لگتا تھا دریافت کیا کہ وہ کیا کریں؟ اِس پر جواباً کہا۔ شک اور وسوسوں میں پڑے رہنے سے دل کمزوری کا شکار ہے۔ آپ نماز قائم کریں خواب میں ڈر نہیں لگے گا۔ ایک اور سوال یہ ہوا کہ دُعا کی قبولیت کا کوئی مجرب طریقہ بتایا جائے۔ اس پر آپ نے کہا۔ دُعا کی مقبولیت کا عمل روحانی علاج کتاب میں موجود ہے۔ پڑھ کر کریں ۔ ان شاء اللہ دُعا قبول ہوگی۔

ایک خاتون کا فون آیا کہ میں اپنے شوہر کو نیک راہ پر چلانا چاہتی ہوں۔۔ کیا کروں؟ اس سوال کا جواب آپ کی مسکراتی ہوئی آواز میں نشر ہوا۔” آپ اپنی اصلاح کرتی رہیں ۔ اس بات کو لڑائی جھگڑے کا باعث نہ بنائیں۔ اللہ تعالیٰ نے تو حضور ﷺ کو کہہ دیا تھا کہ آپ رنجیدہ نہ ہوں ہم نے آپ کو دروغہ بنا کر نہیں بھیجا۔ آپ بھی شوہر کو آرام سے سمجھا دیں ۔ ضد اور بحث کا پہلو درمیان میں لائے بغیر۔۔۔۔

اس کے ساتھ ہی میزبان مہربان صاحب نے پروگرام کے وقت کے ختم ہونے کے سبب اس سوال جواب کے سلسلے کو یہیں روک دیا۔ آپ کا شکریہ ادا کیا کہ آپ نے اپنے وقت میں سے اُن کو وقت دیا۔ جب ریڈیو پر گفتگو کو سلسلہ اختتام پذیر ہوا تو پاکستان میں رات کے دس بجنے میں چند ہی منٹ باقی تھے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

عقیدوں کا بھنور

کہتے ہیں کہ جب حضرت عیسیٰ ؑ کو مصلوب کئے جانے کا حکم صادر ہو گیا اور اپنی دانست میں اہلِ یروشلم ان کو سُولی دے چکے تو ان کے حواریوں کو سب سے بڑا مسئلہ در پیش ہوا وہ حضرت عیسیٰؑ کی تعلیمات کو اگلی نسل تک منتقل کرنے کا کام تھا اور اس سے پیشتر خود ان کی اپنی بقا ضروری تھی۔ اس کام سے عہدہ برآ ہونے کو وہ آپس میں چوری چھپے ملتے ۔ ایک دوسرے کی پہچان کے لئے انہوں نے صلیب کے نشان کا انتخاب کیا۔ ایک دوسرے سے ملاقات کے وقت اپنی شناخت کا اظہار کرنے کو انہوں نے صلیب کو بطور ِ علامت چنا ، اس کی ظاہری وجہ تو حضرت عیسیٰؑ کو صلیب پر سُولی دیا جانا تھا لیکن یہ تو اس زمانے کا دستور تھا کہ سزائے موت پانے والوں کو اس اذیت ناک طریقے سے ہلاک کیا جاتا تھا۔ ڈاکوؤں اور قاتلوں کو نشان عبرت بنانے کے لیے انہیں صلیب پر کیلوں سے ٹھونک دیا جاتا تھا ۔ تو پھر مسیح کے حواریوں نے صلیب ہی انتخاب کیوں کیا؟

غورو فکر کرنے والوں نے اس کے بہت سے جواب تراشے۔ مثلاً یہ کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے معتوب ہونے کے بعد ان کے حواری اور پیروکاروں کو اپنی قوم اور حکومت سے خطرہ تھا کہ وہ انہیں بھی اسی طرح ہلاک نہ کروادیں ۔ اس لیے وہ ایک دوسرے کو صلیب دکھا کر محتاط رہنے کی تلقین کرتے اور پھر بعد میں یہی بات رسم بن گئی اور اس کو تثلیث کی ظاہری مناسبت سے عیسائیت کا نشان ہی قرار دے دیا گیا بظاہر یہ بات دل کو لگتی ہے اور شعور بھی مطمئن ہو جاتا ہے لیکن ایک روز اس کے ایک عیسائی دوست نے اس کو یہ کہہ کر چونکا دیا کہ عیسائی راہبوں کے نزدیک صلیب کا نشان اس لئے چنا گیا کہ اس میں نفی ذات کا درس پوشیدہ ہے۔ اس نے یہ سن کر لطف لیتے ہوئے پوچھا : بہت خوب! تو گویا آپ بھی نفی ذات پر یقین رکھتے ہیں۔

اس کے دوست نے بُرا منائے بغیر کہا۔۔ ہمارے یہاں نہ صرف اپنی ذات کی نفی کرنے پر اصرار کیا جاتا ہے بلکہ خداوند کی رضا کو اولیت دینے کے لئے ہمارے یہاں یہ کلمہ ہر ایک کے درد زباں رہتا ہے کہ ” تیری مرضی پوری ہو۔“۔۔ اور اسی بات کو انگریزی میںTHY WILL BE DONEکہا جاتا ہے۔

اس نے حیرت سے سنا اور پوچھا یہ تو ٹھیک ہے لیکن صلیب میں نفی ذات کا استعارہ کیسے ہوا؟

اس پر اس کے دوست نے سر سے ناف تک اشارہ کرتے ہوئے کہا ۔ یہ ”میں“۔۔ یعنی انگریزی کا لفظ “I”ہوا جو کہ صیغۂ واحد متکلم ہے اور پھر اسی ہاتھ سے بائیں سے دائیں کندھے کی طرف ایک خط تنسیخ کھینچتے ہوئے کہا اور یہ میری نفی ہوئی۔ ”آئی ایم نتھنگ “ I AM NTHINGیعنی میں کچھ بھی نہیں ہوں۔

استعجاب اور حیرت سے اس کا منہ کُھلے کا کھلا رہ گیا۔ وہ جب بھی کوئی نئی بات سنتا ، کوئی تازہ چیز اس کے علم میں آتی اس کو حیرت اور لطف کی آمیزش بیک وقت اپنی لپیٹ میں لے لیتی۔ وہ دیر تک اس بات کا لطف لیتا رہا۔ پھر یکبارگی اس کو ایک طرح کا احساس محرومی ہوا۔ کیا وہ بھی اپنے مذہب کے حوالے سے اتنیہی خوبصورت بات اپنے دوست کو سنا سکتا ہے۔ اس کو ذہنی طور پر تلاش بسیار کے بعد بھی جب کچھ پلے نہ پڑا تو وہ وہاں سے اُٹھ کر آگیا۔ اس نے بعد میں بھی کئی بار دوست کی اس بات کو ذہن میں سراہا اور پھر اسی دھن میں جت گیا کہ خود اس کے اپنے مذہب کی تعلیمات میں وہ کون سی بات ہے جس میں نکتہ آفرینی اپنے دوست سے سنی گئی بات سے اگر بڑھ کر نہیں تو اس کے ہم پلہ تو ہو۔

جب اُس نے غور کیا تو یہدیکھ کر اسے ایک گونہ اطمینان ہوا کہ کلمہ طیبہ نفی و اثبات کا ایک عجیب خوبصورت مرقع ہے۔ ہر وہ شخص جو اسلام قبول کرتا ہے اور اپنے مسلمان ہونے اور حضور نبی کریمﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کا اعلان کرتا ہے تو لا الہالا اللہ کہتا ہے ۔ کوئی الہ ہے ہی نہیں ، ماسو اللہ کے ۔ اس جملے میں ہر چیز بشمول خود کہنے والے کی اپنی ذات کے جو کسی بھی صلاحیت سے آراستہ ہے۔۔ اُس کی نفی اور اللہ رب العالمین کی ذات بزرگ و برتر کی الوہیت کا اقرار و اثبات ۔۔ دونوں ہی اس کلمے میں بیک وقت موجود ہیں۔ اُس کو اس سوچ نے ڈھارس دی اور اٹھتے بیٹھتے لا الہ الا اللہ کی تکرارکرنے لگتا۔ کلمے کے مفہوم کی گہرائیوں میں اُترتا۔۔ اپنی سوچوں میں اس کلمے کے آہنگ کو محسوس کرتا ۔ اُس کووجدانی طور پر ایک لطف سا آتا۔

وہ اس لطف کا بار بار مزہ لینے کو اُس کی تکرار کرتا۔ ایک روز مسجد میں نماز سے فارغ ہو کر وہ گھر جانے کے بجائے بے خیالی کی کیفیت میںوہیں بیٹھا رہا۔ اس نے دیکھا کچھ لوگ محراب کے قریب اکٹھے ہو رہے ہیں اور پھر وہ سب ایک حلقہ سا بنا کر بیٹھ گئےاور پھر کلمہ کا ورد با آواز بلند ہونے لگا۔ اس حلقے میں شامل سب ہی لوگ ایک ہی تال میل سے لا الہ الا اللہ پڑھ رہے تھے۔ کچھ دیر کے بعد انہوں نے صرف لا الہ اللہ کی تکرار کرنا شروعکر دی۔ ان کے سر ہل رہے تھے۔ کچھ ایک عالموارفتگی میں کچھ کے سرور میں اور چند ایک محض تقلید میں ، وہ انہیں دیکھتا رہا۔

کلمہ کا آہنگ، آوازوں کا تال میل ، وہاں ایک طرح کی گونج پیدا ہو رہی تھی ۔ وہ اس گونج میں اُبھر تا ڈوبتا رہا۔ وہ دس پندرہ منٹ وہاں بیٹھا ۔ اس کو یوں لگا کہ وہ وہاں ہمیشہ سے بیٹھا ہے جیسے صدیاں اور قرن گزر گئے ہوں۔ وہ ایک ٹک دیکھتا رہا ایک عالم بے خودی میں وہ خود کھو گیا تھا۔ سوائے اللہ کے کچھ نہیں۔ یہ بات ہر حقیقت سے بڑھ کر حقیقی ہے اور حقیقت کی حقانیت کا لطف ہر دروغ اور غلط بات کے وقتی اور لمحاتی تاثر کی بجائے پائیدار اور لافانی ہوتا ہے۔ وہ اس کیف سے سر شار اس گونج میں کھویا بیٹھا اس ورد کو سنتا رہا۔ جب سر براہ حلقہ ” محمد رسول اللہ “ کہہ کر ورد کا اختتام کیا اور وہاں موجود کچھ لوگوں نے انگلیوں کی پوروں کو چوم کر آنکھوں سے لگاتے ہوئے ﷺ پڑھا تو وہ جیسے ہوش میں آگیا۔ بے خودی کی کیفیت اپنا تاثر چھوڑ کر اس کو واپس شعور میں لے آئی۔

مسجد سے نکل کر گھر جاتے ہوئے اس نے اپنے ذہن میں ایک سوال تشکیل پاتے دیکھا۔ ان لوگوں نے کلمہ کے حصہ اول کی تکرار تو کی لیکن حصہ آخر کو صرف ایک ہی بار کیوں کہا؟ انہوں نے مکمل کلمے کا ورد کیوں نہیں کیا؟ اگر وہ حصہ آخر کی بھی تکرار کرتے تو بھلا کیا فرق پڑتا؟ ہوگا کچھ سوچ کر اس نے سوال کو پیچھے دھکیل دیا ۔ اس وقت وہ اس کیفیت کا مزہ برقرار رکھنے کو کسی اور سوچ میں الجھنا نہیں چاہ رہا تھا۔

رات کو سونے لیٹا تو دن بھر کی کارکردگی کا ایک طائرانہ سا جائزہ لیتے ہوئے اسے کلمہ کی تکرار ، ذکر جہری کی گونج اور اپنا وہ سوال دوبارہ یاد آگئے۔ اس نے شعور کو اس سوال کی طرف متوجہ رہنے دیا۔ اللہ کے سوا کوئی الہ نہیں اور محمداللہ کے رسول ہیں۔

شاید کلمے کا مفہوم کوئی سراغ دے دے۔ اس نے اپنے شعور میں کلمے کا مفہوم تازہ کرتے ہوئے سوچا۔ جتنی بار کلمے کے حصہ اول کی تکرار کی گئی تھی اتنی ہی بار حصہ آخر کی تکرار بھی ہونا چاہیے تھی۔ جب کافی دیر تک بھی کوئی بات سمجھ نہ آئی تو اُس نے خود کو نیند کے حوالے کر دیا۔ غنودگی کی ایک لہر آئی ، حواس میں ایک سکون اور ٹھہراؤ کا وقفہ آیا۔ وہ بیداری سے نکل کر خواب کے حواسوں کے قریب ہو رہا تھا اور پیشتر اس کے کہ وہ نیند کی وادی میں پوری طرح سے داخل ہو جاتا ، اس نے ایک آواز سنی ۔۔یہ ”اور“ کا کیا مطلب ہوا؟ ۔۔آواز کا مفہوم شعور پر ایک ضرب لگا گیا۔ شعور نیند کی وادی میں اترتے اترتے رک گیا ۔ ”اور؟ کون سا ”اور؟“ کیسا اور؟

شعور کی سطح پر پے در پے سوالیہ نشان ابھرے اور وہ نیند کی وادی سے پلٹ آیا۔ اس نے سوچا یہ کیا ہوا؟ اس کے ارد گرد دور تک سناٹا پھیلا ہوا تھا ۔۔ یہ کیا ہوا؟ یہ آواز کیسی تھی؟ اس کے تجسس نے اُس کو نیند سے باہر آنے پر مجبور کر دیا ۔ پھر اس کو خیال آیا کہ وہ کلمہ طیبہ پر غور کر رہا تھا ۔” اللہ کے سوا کوئی الہ نہیں اور محمد اللہ کے رسول ہیں۔

اچانک ایک چھناکا سا ہوا۔ اُس کے شعور میں ایک کوندا سا لپکا ۔ جب خیال کا کوندا ذہن کی گہرائیوں میں سما گیا تو اس نے اس کو ایک سوال کی صورت ابھرتے دیکھا۔ کلمہ طیبہ میں حرف اضافت ”و“ نہیں ہے تو پھر ہم اس کے ترجمہ میں ” اور“ کیوں لگاتے ہیں ۔ تو پھر یہ ”اور“ کیا ہوا؟ اس کا کیا مفہوم ہے؟ بات سلجھنے کی بجائے اور الجھ گئی۔ اس رات وہ دیر تک خود سے الجھتا رہا۔ مختلف پہلوؤں کو زیر غور لاتے ہوئے سوچتا رہا اس نے کبھی اتنی چھوٹی چھوٹی باتوں کو قابل اعتنا ہی نہیں سمجھا تھا۔ لیکن لاشعور کی یہ صدا بازگشت بن گئی کہ یہ ”اور“ کیا ہے؟ اس لئے شعور اِدھر متوجہ رہنے کا پابند تھا۔

عموماً لاشعور سے ہدایت اور راہنمائی کا خیال شعور کو مکمل طور پر ہی منتقل ہوا کرتا ہے۔۔ لیکن اس بار صرف ایک اشارہ تھا۔ یہ ضرور مجھے کسی منزل تک پہنچا دے گا۔ وہ اس بات کو لے کر سو گیا۔ پھر کئی روز تک وہ اسی ادھیڑ بن مین لگا رہا لیکن بے سود۔ الجھن حل ہونے کی بجائے بے چینی کو جنم دینے لگی۔ وہ جب بھی کلمہ طیبہ کا ورد کرتا ، اس کے مفہوم کو ذہن میں لاتا تو یہ خیال گرہ بن جاتا ۔۔۔ یہ ”اور“ کیا ہے؟

کلمہ طیبہ چونکہ اساسی اور بنیادی اراکین میں سے ہے۔ اس لئے اُس نے اپنے مذہب کی بنیادی باتوں پر غور کرنا شروع کیا۔ پہلی بات تو یہ طے کرناتھی کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا متعارف کردہ مذہب کیا ہے؟ جب اُس نے اپنے ذہن میں اس کا سیدھا سا دہ جواب یہ ابھرتے دیکھا کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اللہ سے متعارف کروایا اور اسلام وہ مذہب ہے جو بندے کو اللہ سے ملوا دیتا ہے۔

اس پر اُس کے اندر ابھی اپنے حاصل تفکر کی تائید کا خیال جڑ پکڑ ہی رہا تھا کہ اس کے اندر ایک اور بات یہ ابھری کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے والد ماجد کا نام عبد اللہ تھا ۔ یعنی اللہ کا بندہ ۔ اس کا مطلب ہوا کہ حضور کی پیدائش سے کم از کم ۲۰۔۲۵ سال پیشتر جب اُن کے والد کا نام رکھا جا رہا تھا تو لوگ اللہ سے بطور الہٰ اور معبود واقف تھے۔ اس کو معبود مانتے تھے ۔ اسی لئے تو اُن کا نام اللہ کے ساتھ ملا کر عبد اللہ رکھا گیا تھا ۔ یعنی یہ نام نہ صرف لوگوں کے تعارف میں تھا بلکہ وہ اس کو واجب الاحترام ہستی مانتے ہوئے اپنے بچوں کو اس کی عبدیت میں دینے پر فخر محسوس کرتے تھے۔ تب ہی تو عبدالمطلب نے اپنے لخت جگر کا نام عبد اللہ قرار دیا تھا۔

تو پھر آخر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے ان لوگوں کو اتنا بڑا اختلاف کس ضمن میں تھا کہ نوبت اس حد تک پہنچ گئی کہ انہیں قبیلے سے باہر نکال کر شعب ابی طالب میں تین سال انتہائی کسمپرسی کے حال میں بسر کرنے پڑے۔ اُن کا اختلاف اتنا شدید تھا کہ وہ سب لوگ ان کی جان کے درپے ہوگئے ۔ وہ جو انہیں صادق اور امین مانتے تھے۔ اونٹ کی اوجھ اُن کے اوپر ڈال کر انہیں اُس میں بند کر کے ایک انتہائی تکلیف دہ موت اور ایک ذلت آمیز طریقے سے جان سے مار دینے کی مذموم کوشش سے لے کر ہجرت کی رات اُن ؐ کا خاتمہ کر دینے تک کی کوششوں پر ہیاکتفا نہیں ہوا بلکہ یہ بات غزوہ بدر سے لے کر فتح مکہ تک کتنے ہی غزوات کا سبب بنی اور اس بات کو قائم کرنے میں کتنے ہی مسلمانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔ بات محض اللہ کو متعارف کروانے کی نہیں تھی بلکہ کوئی اور بات بھی تھی ورنہ اللہ تعالیٰ کی ذات تو کفار کے تعارف میں پہلے سے ہی تھی۔

اب اُس کی سوچوں کا دھارا ہی بدل گیا۔ تجسس نے اس کو یہ بات سمجھائی کہ اس بات کا سراغ لگانا چاہیے کہ آخر حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام اور اُن ﷺ کے نہ ماننے والوں کے اختلاف کی اصل وجہ کیا تھی؟

اُس نے مذہبی تاریخ کی کتنی ہی کتابوں کو کھنگال ڈالا۔ کئی کتابیں بار بار پڑھیں اور کئی ایک کو دوبارہ پڑھا ۔ ہر بات کی تان اسی پر آ کر ٹوٹتی کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے درس توحید دیا۔ اللہ کی وحدانیت کا علم بلند کیا تو اس پر کفار اُن کے خلاف صف آرا ہو گئے۔

اس کے شعور میں یہ گرہ کچھ اس طرح سے الجھی تھی کہ سلجھانے کی ہر کوشش کا نتیجہ صفر سے اگے بڑھ ہی نہیں رہا تھا۔ جو بات اُس کو سمجھ نہیں آرہی تھی وہ یہ تھی کہ اللہ تعالیٰ کے نام سے تووہ پہلے ہی واقف تھے اور یہ بات طے تھی تو پھر آخر جھگڑا کس بات کا تھا۔ اُس نے اس زاویے پر اپنے دوستوں سے مدد چاہی۔ کچھ نے کہا کہ اصل مسئلہ یہ تھا کہ وہ اللہ کے ساتھ اور خداؤں کو بھی شریک ٹھہراتے تھے۔ اللہ کے علاوہ دیگر ہستیوں کو بھی عبادت کے لائق سمجھتے تھے اور اسی بات پر انہیں مشرک کہا جاتا تھا۔ لیکن کفار مکہ کی اصطلاح سے تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ حضور کی بات ماننے پر آمادہ تو کجا اس کے رد میں اتنا آگے بڑھ گئے تھے کہ بات محض دشمنی کی نہیں بلکہ جانی دشمنی کی بن گئی تھی۔

وہ جرح کرتا تو دوست اس کی کج فہمی پر تاسف کا اظہار کرتے کہ تمہیں سامنے کی بات سمجھ نہیں آرہی۔ تم اتنے کند ذہن ہو اور وہ اپنی کم فہمی پر ندامت سی محسوس کرتا لیکن یہ ضرور کہتا چلو مان لیا کہ وہ شریک ٹھہراتے تھے اور حضور اکرم انہیں اس شرک سے روکنا چاہتے تھے لیکن محض اس نظریاتی اختلاف سے بات کیسے بڑھ گئی کہ نوبت جنگ و جدال اور قتال تک پہنچ گئی۔ اگر حضور نبی کریم ﷺ ایک نئے طریقہ عبادت کو رائج کرنا چاہتے تھے تو انہوں نے اس وقت مذہبی رواداری کا نعرہ کیوں نہیں لگایا۔ آخر آج کل بھی تو ہم ہر مذہب کے پیرو کار کو اپنے اپنے مذہب کے پرچار کا آئینی تحفظ دیتے ہیں۔

وہ دوستوں سے کہتا کہ بات ضرور کچھ اور بھی تھی ورنہ کفار کو ایسی کیا مصیبت آن پڑی تھی کہ وہ خاندان قریش کی ناموس تک کو خاطر میں نہیں لا رہے تھے بلکہ خود اہلِ قریش ہی ان کے خلاف تھے۔ اس کے دوست اس کی ہٹ دھرمی سے عاجز آ کر اس کی ہاں میں ہاں ملا کر اٹھ جاتے۔

یہ بات اُس کو مزید سند مہیا کردیتی کہ جب وہ ایک بات کہتا ہے۔۔ سننے والا بندہ اُس بات کو نہیں مانتا تو خاموش ہو جاتا ہے کہ اچھا ٹھیک ہے تم اپنی راہ چلو۔ یہ تھوڑا ہی ہے کہ وہ اُٹھ کر اس سے مار پیٹ کرنے لگیں کہ نہیں تم ہماری ہی بات مانو۔

کچھ کتابوں میں اس کو یہ بات بھی ملی کہ کفار مکہ اپنے اسلاف کی روایات سے پیچھے ہٹنے پر تیار نہ تھے اور سارا جھگڑا ہی یہ تھا کہ اسلاف کے عقائد حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے نظریئے سے متصادم تھے۔ اب اس کے اندر یہ سوچ بھی وارد ہوئی کہ اُن کے اسلاف کے نظریات میں ایسی کیا بات تھی جو وہ حضور کے پیش کردہ نظریے سے اتنے الرجک ہو گئے تھے کہ ان کو صفحہ ہستی سے مٹا دینا اُن کا مشن بن گیا تھا۔ مشن بھی کوئی ایسا ویسا نہیں بلکہ اس کے لیے انہوں نے اپنی جانیں تک لڑا دیں اور سینکڑوں افراد اپنی اس سعی و کاوش میں جہنم رسید ہوگئے۔

اس کی سوچ زینہ بہ زینہ جب یہاں تک پہنچ گئی تو ایک روز ایک واقعے نے اُس کی فہم میں ایک دریچہ سا وا کر دیا۔ہوا یوں کہ وہ کسی کے گھر گیا۔ وہاں صاحب ِ خانہ نے گھر میں ختم دینے کو ایک تقریب کا اہتمام کیا ہوا تھا۔ قریبی مسجد سے لڑکے اور آدمی طے شدہ ہدیہ پر بلا کر انہیں ختم قرآن پر لگا کروہ احباب سے گپ شپ کر رہے تھے ۔ باتوں ہی باتوں میں معلوم ہوا کہ انہیں نے ختم قرآن کا پروگرام اس لئے کیا ہے تا کہ اُن کے کاروبار میں برکت ہو اور منافع میں اضافہ ہو جائے۔

اس کو یہ بات سن کر کچھ عجیب سا لگا۔ اس نے دھیمے سے لہجے میں ”آپ کاروبار کرنے میں محنت اور دیانت سے کام کرتے ہوئے ساتھ ساتھ ہمت کریں گے تو اللہ تعالیٰ آپ کے کاروبار میں ضرور برکت عطا فرمائے گا۔“

اُس کی بات کے جواب میں میزبان کے منہ سے نکلا ۔” مجھے کسی نے بتایا کہ ختم قرآن کے بعد دعا کروائیں اور اتنے لوگوں کو کھانا کھلا دیں تو کاروباری حالات بہتر ہو جائیں گے ۔ بھئی ہمیں تو کوئی جو بھی طریقہ بتاتا ہے ہم اس کے مطابق اپنے کاروبار میں اضافے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔“ وہ یہ سُن کر بہت کچھ کہنے کی خواہش رکھنے کے باوجود خاموش ہی رہا۔۔ وہاں سے واپسی پر وہ خیالات اور سوچوں کے مختلف دھاروں میں بہتا اپنے سابقہ سوال پر واپس پہنچ گیا۔

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے دور میں بھی لوگ اسی طرح خدا کو راضی کرنے کے لئے نذر و نیاز اور چڑھاوے چڑھاتے ہوں گے۔ خدا کی رضا اُن کے نزدیک ایک قابل ِ خرید شے بن چکی تھی۔ خدا کو راضی کرنے کا آسان راستہ انہوں نے تلاش کر لیا تھا۔ وہ اپنے ہر جرم پر پردہ ڈالنے کو اپنے خود ساختہ خدا کے سامنے چڑھاوا دے کر خود کو بہلا لیا کرتے تھے۔ خداوند تعالیٰ سے سودے بازی میں ان کو مہارت اور سہولت دونوں حاصل تھیں۔ انسانوں ہی کے ایک طبقے نے خدا کی نمائندگی سنبھالتے ہوئے خدا کے نام پر آنے والے چڑھاووں کو اپنے تصرف میں لانے کا ”مقدس“ فریضہ سر انجام دینا شروع کیا ہوا تھا۔

حضور نبی کریم ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے بارے میں اسی غلط تصور پر ضرب لگائی ہوگی اور بتایا ہوگا کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو کسی خاص مقصد کے لئے تخلیق کیا ہے۔ انسان کو اللہ تعالیٰ کی عبدیت اس طرح سے کرنا چاہیے کہ وہ اس کے احکامات کی بجا آوری میں کوشاں رہے نہ کہ اُس سےاپنی ہی خواہشات کی تکمیل کی فرمائش کرتا رہے۔

انہوں نے اپنی عبودیت اور بندگی کا فریضہ نبھاتے ہوئے اپنے ہم جنسوں کو ان غلط عقائد سے ۔۔۔جو اُن عقائد کے ماننے والے کے لئے ابدا لآباد تک کی تکلیف و آزار کا سبب بن رہے تھے۔۔۔ بچانے کی خاطر کیا کیا تکلیفیں نہین جھیلیں۔ اسی سبب انہوں نے اپنے ماننے والوں کو اس بات کا پابند بنانے کے لئے کہ وہ اللہ تعالیٰ سے متعلق کسی بھی ایسے نظریئے کو نہ مانیں جو خود حضور علیہ الصلوٰۃ والسلامکے بیان کردہ تصور الوہیئت کے خلاف ہو۔ وہ ان سے کلمہ طیبہ کے الفاظ کی صورت یہ عہد لیتے تھے کہ وہ اللہ کے صرف اس تصور کو اپنے ذہنوں میں قائم کریں گے جوحضور نبی کریم ﷺ نے پیش کیا ہے اس تصور کے علاوہ وہ اللہ تعالیٰ کے کسی اور تصور کو کسی صورت میں قطعاً قبول نہیں کریں گے۔

اُس نے عربی جاننے والوں سے کلمہ طیبہ کے اس مفہوم کی تائید چاہی کہ اگر ہم کلمہ طیبہ کا یہ مفہوم سمجھیں کہ ایک بندہ عہد کرتا ہے۔ کہ وہ اُس اللہ کے سوا جس کے رسول محمد ﷺ ہیں کسی اور کو الٰہیہ نہیں مانے گا ۔۔تو کیسا رہے گا؟اُس وقت انتہائی خوشی اور مسرت محسوس کی جب اُس کے خیال کی تائید میں کئی لوگوں نے اقرار کیا کہ یہ مفہوم زیادہ زور دار اور قابلَ فکر ہے۔

 وہ اس مفہوم کے حوالے سے جتنا بھی سوچتا ، اس کے اندر رہ رہ کر یہ بات راسخ ہوتی چلی گئی کہ حضور نبی مکرمﷺ نے جب لوگوں کو اللہ کے نام پر سودے بازی کرنے سے روکا اور اس کی ذات کو خرید و فروخت اور نذر نیاز سے بالا اور بلند تر بتایا تو اُن کو اپنے اس نظام کی جڑ کٹتی محسوس ہوئی جس کی آڑ میں وہ خدا کے نام پہ دکان سجائے ، سیدھے سادھے بے شعور عوام سے خراج وصول کرتے تھے ۔ اس بات کو ان کے مادیت پرست شعور بھلا کیسے گوارا کر سکتے تھے لہذا وہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی جان کے ایسے دشمن بن گئے ، جس کی نظیر پیش کرنے میں تاریخ کامیاب نہیں ہو سکتی۔

اس بات کو سوچ کر اس کے اندر ایک طمانیت کا احساس ابھرا کہ کلمہ طیبہ کا اصل مفہوم یہ بنتا ہے کہ حضور نبی کریم ﷺ کے ہر ماننے والے کو اللہ کا صرف وہ تصور اپنے اندر راسخ کرنا چاہیے جو حضور ﷺ نے پیش فرمایا تھا۔ اللہ کو اُسطرح سے سمجھنا جس طرح سےسمجھنا چاہیے جس طرح مجھے اللہ کا رسول محمد ﷺ سمجھانا چاہتا ہے۔ لیکن اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے اللہ کا وہ تصور جو حضور ﷺ مجھے سمجھانا چاہتے ہیں اس کی خبر کہاں سے لائی جائے؟

اس کے اندر سے اس بات کے دو جواب ابھرے اور بازگشت بن کر گونجنے لگے۔ قرآن حکیم اور اُس کو سمجھانے والا کوئی بندہ ۔ اگر اس کو کوئی ایسا بندہ مل جائے جو اُس کو قرآن حکیم کی درست تفہیم کی راہ پر گامزن کر دے تو وہ اللہ کے اس تصور سے واقف ہو سکتا ہے جس کو اللہ کے رسول حضور ﷺ نے لوگوں کے سامنے پیش کیا تھا۔