Topics

گیان دھیان

 

ایک بار ایک بہت بڑے دھیانی گیانی سادھو کا ایک بستی سے گزر ہوا۔ اس بستی میں ایک نوجوان بھی رہتا تھا۔ نوجوان کو وہ سادھو بہت اچھا لگا۔ نوجوان نے اُس سادھو کو اپنا گرو مان کر اُس سے درخواست کی کہ وہ اُس کو اپنا چیلا بنا لیں اور اُس کو اپنی خدمت میں رہنے کی اجازت دے دیں۔ سادھو مان گیا اور اُس نوجوان کو اپنی تربیت میں لے لیا۔ کچھ عرصے بعد ایک روز گرو نے اپنے چیلے کو تخلیقی فارمولوں سے روشناس کروانے کے لیے اس کے سامنے کچھ اجزا ء انہیں پیسا اور پھر انہیں کٹھالی میں ڈال کر آگ میں تپایا۔ جب وہ تمام چیزیں خوب اچھی طرح تپ گئیں تو اس نے جیب سے ایک پڑیا نکالی اور اس میں سے چٹکی بھر راکھ لے کر ان پر چھڑک دی۔ ہر طرف دھواں ہی دھواں ہوگیا۔ اس دوران سادھو کسی منتر کا جاپ بھی کرتا رہا۔ جب دھواں چھٹا تو چیلے نے دیکھا کہ کٹھالی میں سونا بھرا ہوا ہے۔ وہ گرو کے سامنے فرطِ عقیدت سے جھک گیا۔

اب اُس چیلے کو یہ دُھن سما گئی کہ وہ کسی نہ کسی طور اپنے گرو سے اس کیمیا اثر عمل کو سیکھ کر سونا بنانے پر قادر ہو جائے۔ گرو سے اپنے چیلے کی یہ خواہش پوشیدہ تو نہیں تھی لیکن اُس نے اس پر کچھ زیادہ توجہ نہیں دی۔چیلا جب اپنی خواہش کے ہاتھوں مجبور ہوگیا اور اُس سے نہ رہا گیا تو ایک روز اس نے اپنی خواہش کا اظہار اپنے گرو سے کر دیا۔گرو نے یہ کہہ کر ٹال دیا جب وقت آئے گا تب دیکھیں گے۔ لیکن چیلے سے صبر کہاں ہوتا تھا ، وہ اصرار پر اُتر آی۔ وہ موقع بے موقع گرو سے اپنی خواہش کا اظہار کرنے لگا۔

جب گرو نے دیکھا کہ اب اُس کے چیلے کی قوتِ برداشت جواب دینے کو ہے تو ایک روز اُس نے چیلے کو سونا بنانے کی ترکیب تعلیم کرتے ہوئے کہا کہ فلاں فلاں اجزاء لے کر انہیں جلا کر راکھ بنا لو۔ پھر فلاں فلاں اشیاء کا آمیزہ لے کر انہیں آگ میں تپاؤ جب خوب اچھی طرح تپ جائے تو یہ راکھ اس میں اتنی مقدار میں ڈال دینا۔ اس تمام عمل کے دوران یہ یہ منتر جاپ کرتے رہنا اور ہاں دیکھو اِس میں سب سے زیادہ ضروری بات یہ ہے کہ اس پورے عمل کے دوران تمہارے ذہن میں بندر کا خیال بالکل بھی نہیں آنا چاہیے ورنہ سب کچھ جل کر راکھ ہو جائے گا اور سونانہیں بنے گا۔

چیلے کی خوشی کا تو کوئی ٹھکانہ ہی نہیں رہا۔ وہ پوری تن دہی سے بتائے گئے اجزاء کی بازیافت میں مصروف ہو گیا۔ کئی روز کی محنت شاقہ کے بعد اس نے اپنی تیاری مکمل کر لی تو گرو کے بتائے ہوئے طریقے کے مطابق عمل کرنے بیٹھ گیا لیکن جب اس نے وہ راکھ تپتے ہوئے اجزا پہ چھڑکی تو ایک شعلہ سا لپکا اور سب کچھ جل کر راکھ ہو گیا۔ اس نے ہمت نہ ہاری اور دوبارہ کوشش کی دوسری بار بھی نتیجہ وہی رہا۔ کئی بار کوشش کی لیکن ہر بار ناکامی نے منہ چڑایا۔ آخر ایک روز وہ اپنے گرو کی خدمت میں حاضر ہوا اور ہاتھ جوڑ کر روتے ہوئے کہا۔ آپ نے مجھے سونا بنانے کا گُر تعلیم کیا لیکن بندر کا تذکرہ کر کے مجھ پر ظلم کیا۔ اگر آپ بندر کا تذکرہ نہ کرتے تو مجھے کبھی بندر کا دھیان ہی نہ آتا لیکن اب میں جب بھی سونا بنانے بیٹھتا ہوں تو بندر میرے اندر اچھلنا شروع کر دیتا ہے اور میری ساری محنت اکارت چلی جاتی ہے ۔ آپ نے بلاوجہ ہی بندر والی شرط عائد کی۔ نہ آپ بندر کا ذکر کرتے اور نہ وہ میرے دھیان میں آتا اور نہ ہی میری محنت رائیگاں جاتی۔

اندازہ ہے کہ گرو نے یہی کہا ہوگا کہ مجھے جو سکھانا تھا میں نے سکھا دیا اب اس پر عمل کرنا نہ کرنا تمہاری اپنی صوابدید پر منحصر ہے۔ لیکن شعور میں یہ استفہام ضرور اُبھرا کہ اُس گرو نے بندر کا تذکرہ کرنا کیوں ضروری سمجھا تھا؟ آخر اس میں کیا حکمت پوشیدہ ہو سکتی ہے اور پھر بندر اور سونے کا آپس میں کیا جوڑ یعنی سونا بنانے کے فارمولے کا بندر کے خیال سے کیا سمبندھ ہو سکتا ہے؟

شعور عموماً چیستان اور معموں سے گھبراتا ہے۔ جہاں اس کو سوچنا پڑ جائے تو وہ تساہل پسندی کا اظہار کرنے سے باز نہیں آتا اور گہرائی میں اُتر کر بات کی تہہ تک پہنچنے سے گریزاں ہوتا ہے۔ وہ تو صرف یہ چاہتا ہے کہ بنا بنایا نوالہ میسر آئے اور لذت سے شاد کام ہوتے ہوئے اس کو نوش جاں کر لے۔ اس سہل پسندی میں یوں تو کوئی قباحت نہیں لیکن ہوتا یہ ہے کہ بن طلب ہاتھ آئے مال کی قدر کم پڑ جاتی ہے اور شعور اُس کو بھول کے خانے میں ڈالنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرتا۔ لیکن اگر مغز پچی اور دماغ سوزی کے بعد کوئی بات ہاتھ لگے تو وہ اس کو گوہر نایاب کی طرح ہمہ وقت نگاہ میں رکھتا ہے۔ اس ہی لئے غورو فکر کرنا ہر فرد پر انفرادی طور پر فرض کرتے ہوئے قرآن حکیم میں بار بار غورو فکر اور تدبر و تعقل کی طرف متوجہ کیا گیا ہے۔

اس اصول سے آگاہی سے زیادہ اُس میں یہ دلچسپی اُبھر آئی کہ وہ بندر کا سونا بنانے کے فارمولے سے تعلق کو سمجھ لے تو شاید اس کو سونا بنانے کا فارمولا علمی طور پر ہی سمجھ میں آجائے۔ اس لالچ نے اس کو اس بات پر آمادہ کیا کہ وہ اس معمے کو حل کرنے کی کوشش کرے۔ یہ بات جانے کیوں اُس کو کلیدی حیثیت کی حامل لگتی تھی کیونکہ روایت کے مطابق بندر کا خیال آتے ہی سب کچھ جل کر خاک ہو جاتا تھا۔ یعنی اس کو یہ تلاش کرنا تھا کہ بندر کے خیال میں ایسی کیا بات تھی کہ آگ اُن اجزا ء کو سونا بنانے کی بجائے جلادیتی تھی جو کہ نسخہ کے مطابق اس عمل میں استعمال ہوتے تھے۔ یہ بات اس کی حیرت میں اضافہ کرتی چلی جا رہی تھی۔

کئی بار اس نے یہ سوچ کر اس خیال سے پیچھا بھی چھڑانا چاہا کہ ہوگا کچھ۔ یہ قصے کہانیوں کی باتیں ہیں ان پر کیا سر مانا۔ لیکن نہ جانے کیوں اس کے ذہن میں یہ بات آجاتی کہ آخران قصے کہانیوں میں بھی کوئی نہ کوئی نکتہ حکمت ہی تعلیم کیا جاتا ہوگا اور اگر اُن میں حکمت و آگہی کا عنصر نہ ہوتا تو وجدان کو یہ باتیں پسند ہی کیوں آتیں۔ یہ بات اُس کو دوبارہ اس طرف راغب کر لیتی کہ سونا بنانے کا فارمولا نہ سہی کوئی حکمت کا موتی ہی ہاتھ لگ جائے گا۔ ذہن کو سوچ بچار کی مشق ہی ہو جائے گی اور کچھ نہ سہی ایک بات سمجھ آنے کے سبب اُس کو دوسروں پر ایک برتری اور فوقیت تو لازماً حاصل ہو جائے گی۔

سمجھ میں آجانے کے حوالے سے اس کو ایک بات یاد آئی کہتے ہیں کہ جب حضرت جنید بغدادی کو بارگاہ خداوندی میں شرف باریابی نصیب ہوا اور اللہ تعالیٰ نے اُن سے دریافت کیا کہ اُن کو وہاں پہنچ کر کیسا لگ رہا ہے؟ تو انہوں نے اللہ رب کریمکی جناب میں یہ بات عرض کی حضور میں تو یہ سمجھا ہوں کہ ایک عام بندے اور مجھ میں کوئی فرق نہیں۔ اس پر اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا۔ تم میں اور عام آدمی میں یہی تو فرق ہے کہ وہ یہ بات نہیں سمجھتا۔

اُس نے اپنے چند دوستوں سے بھی اس بارے میں بات کی۔ کسی نے دلچسپی لی اور کسی نے ”ہٹاؤ یار“ کہہ کر اپنی دل پسند بات کا آغاز کیا۔ جن لوگوں نے دلچسپی لی ، ان میں سے کسی نے کہا کہ گرو نے یہ بات اس لئے کہی ہوگی کہ وہ اس نوجوان میں اپنے حکم کی تعمیل کا جذبہ جانچنا چاہ رہا ہو گا۔ ورنہ بندر کے CONCEPTکا سونے کی دھات سے کوئی تعلق کیسے ہو سکتا ہے؟ ایک اور صاحب نے یہ اظہار کیا کہ یہ سب چکر دھیان میں یکسوئی کا ہے گرو نے چیلے میں یکسوئی پیدا کرنے کے لئے اُس کے لالچ کو اس رخ پر ڈال دیا کہ اپنے ذہن سے لڑتا رہے۔تیسرے نے خیال ظاہر کیا کہ یہ سب باتیں تمثیلی ہیں۔ اس واقعے میں سونا دنیا کا اور بندر انسان کے اندر کے حیوانی رخ کا استعارہ ہے اور اس واقعے میں یہ فلسفہ بیان کیا گیا ہے کہ جب دنیا کی طلب ہو تو اس کے حصول کا واحد طریقہ یہ ہے کہ انسان اپنے حیوانی رخ کی بجائے اپنے اندر کے انسان کو اُبھار لے تو وہ دنیا میں تصرف پر قدرت حاصل کر لیتا ہے۔

اس نے ان سب باتوں کو بہت غور سے سُنا لیکن یہ سوچ کر اُن کو ماننے میں متامّل ہوا کہ دنیا کی طلب ہی حیوانی رخ ہے اور اگر دنیا کی طلب ہوگی تو انسانی رخ تو ویسے ہی زیر بحث نہیں رہتا۔ بہت سوچنے پر بھی وہ کسی نتیجے پر پہنچا تو نہیں لیکن اس کی سوچ کو ایک رخ ضرور مل گیا۔ اس نے یہ بھی سوچا کہ تعمیل حکم کے نتیجے میں سونا بطور انعام بھی تو مل سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اُس نے اور دھیان میں یکسوئی کے نتیجے میں اشیاء کی ماہیت میں تبدیلی پیدا ہونے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔ اس بات میں اس کو قدرے دم محسوس ہوا۔

اُس نے سوچا کہ یکسوئی کا تعلق بہرحال طاقت اور قوت سے تو ضرور ہے۔ اب یہ طاقت چاہے جسمانی ہو ، ذہنی ہو ، یا روحانی بہرحال یک سوئی ہی سے حاصل ہوتی ہے ۔ بعض لوگ جسمانی قوت رکھنے کے باوجود بھی کسی کام کو کرنے پر آمادہ نہیں ہو پاتے تو کہا جاتا ہے ان کے جی کا زور نہیں ہے یعنی خواہش قلبی بھی ایک قوت ہے جو انسان میں قوت عمل متحرک کرتی ہے۔ یہی خواہش قلبی انسان میں وہ ذہنی قوت اُبھار دیتی ہے جو اس کو نادر تخلیقات پر مجبور کر دیتی ہے۔ کہیں وہ آرٹ کے شہ پارے تخلیق کرتا ہے اور کہیں ایجادات کرنے پر اُتر آتا ہے اور پھرجب یہی خواہش قلبی اس کو روحانی دنیا کے اسرار و رموز سمجھنے پر مائل کر دیتی ہے تو وہ تسخیری فارمولوں کی کھوج میں اتنا آگے نکل جاتا ہے جہاں فطرت اپنا ہر راز اس پر آشکار کر دینا ضروری قرار دے دیتی ہے۔ ہو نہ ہو یہی بات ہوگی۔۔ اس نے سوچا لیکن کچھ ہی دیربعد اور اس کے ذہن میں یہ بات آئی کہ اس واقعہ میں خواہش قلبی سے روحانی قوت کے اس درجے پر فائز ہونا کیسے ثابت ہوا جہاں مادی اشیاء کو اپنی ہیت تبدیل کرنے پر مجبور کیا جا سکتا ہو اور پھر اس سارے چکر میں بندر کا کردار کیا ہوا؟ یہ ضرور کوئی اور ہی بات ہے۔

اس طرح وہ سوچوں کے گرداب میں گھرا چکراتا اور قدم بہ قدم سوچ کے زینے چڑھتا رہا۔ کئی بار اُس نے سوچا کہ وہ اپنے مرشد کریم سے اس بات کا حل دریافت کرنے کو اُن کو خط لکھے لیکن یہ بات وہ ضبط تحریر میں لا بھی سکے گا یا نہیں۔ کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ یہ سمجھیں کہ اُس میں حرصِ دنیا بہت بڑھی ہوئی ہے۔ اس طرح وہ اُن کو خط لکھنے کی

ہمت ہی مجتمعکرتا رہا۔ خط میں لکھنے کے الفاظ سوچتے سوچتے وہ پھر اسی بات پر آجاتا کہ اُن سے مدد طلب کرنے سے پیشتر اس کو ایک آدھ بار اور کوشش کر لینا چاہیے ہو سکتا ہےکہ کوئی بات سوجھ ہی جائے اور پھر یہ کون سی کوئی اتنی اہم بات ہے جس کو اگر وہ نہ جانے گا تو کوئی بہت بڑی کمی رہ جائے گی۔

پھر ایک روز اس کے ذہنمیں یہ بات در آئی کہ اس واقعہ میں گرو نے اپنے چیلے کو درحقیقت یہ سبق دیا ہے کہ فطرتِ انسانی میں نافرمانی کا عنصر اتنا گہرا ہے کہ اُس کو جس بات سے منع کیا جاتا ہے یہ وہی کام ضرور کرتا ہے خواہ اُس میں خود اس کا اپنا کتنا بڑا نقصان ہی کیوں نہ ہو جائے۔ آدم کو بھی اللہ نے شاید اسی لئے شجر ممنوعہ کے قریب جانے سے منع فرمایا تھا تاکہ اس پر اس کی اپنی فطری بغاوت کو واضح کیا جا سکے۔ اب گرو نے جب چیلے کو منع کر دیا کہ بندر کا دھیان نہیں آنا چاہیے۔۔ تو اسی بندر پر ہی اصرار کیوں شروع ہو گیا۔ اس بات پہ اُس کا ذہن کسی قدر مطمئن ہو گیا۔ کیوں کہ یہ بات اس کے دل کو لگتی ہوئی محسوس ہوئی کہ فطرت انسانی میں بغاوت کا رحجانسامنے لا کر ہی تو اس کو اکھاڑا جاتا ہے ۔ جب چیلے کو یہ بات سمجھ آگئی ہوگی تو اس میں خود سپردگی پیدا ہو گئی ہوگی اور جب خود سپردگی آئی ہوگی تو لامحالہ اس میں وہ صلاحیتیں بھی ہوگئی ہوں گی جو ماورائی علوم کے حصول کے لئے درکار ہوتی ہیں۔ اُس نے فکر کے اس درجے تک رہنمائی حاصل ہونے پر شکر گزاری محسوس کی۔

اگلے روز دوران مراقبہ میں بھی اُس کے ذہن میں اسی بات کا اعادہ ہوتا رہا۔ جب مراقبہ ختم کر کے وہ سونے جا رہا تھا تو اس کے اندر خیال کی ایک لہر نے سر ابھارا۔۔۔ اُس گرو نے اپنے چیلے کو نفی کا درس دیا تھا۔ اُس نے اس خیال کو جانچا ۔۔۔نفی کا درس؟۔۔۔ بھلا وہ کیسے؟۔۔۔ اس بات میں نفی کا درس کہاں سے آگیا؟ بندر کے خیال کو نہ آنے دینے میں نفی کیسے ہوگئی؟۔۔۔ سونے کے بنانے کا نفی کے عمل سے کیا سنجوگ؟۔۔۔ نفی کرنے والوں کو سونا بنانے کی کیا پڑی؟ وہ تو نفی ذات تک پر قدرت رکھتے ہیں اور جو اپنی ذات کی نفی کرنے کی تگ ودو میں لگے ہوئے ہوں وہ اس کائنات کی مادی اشیاء کی نفی کیوں نہیں کرتے ہوں گے۔ وہ یوں ہی خود سے الجھتے لڑتے نیند کی آغوش میں چلا گیا۔

اگلے کئی روز رہ رہ کر اس کے ذہن میں نفی و اثبات کے حوالے سے خیالات دور کرتے رہے۔ اس دوران اُس کو حضرت عیسیٰ ؑ کے اُس واقعے کا بھی خیال آیا جس کے مطابق ایک یہودی راہب نے ان کے ساتھ سفر کرنے کی

اجازت چاہی اور راستے میں جب وہ کھانا کھانے رُکے تو اُس راہب نے یہ دیکھ کر کہ حضرت عیسیٰؑ کے توشہ میں صرف دو روٹیاں ہیں جب کہ خود اس کے پاس تین روٹیاں ہیں۔ اُس کو خدشہ ہوا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ حضرت عیسیٰؑ اُس سے زائد روٹی میں سے حصہ مانگ لیں اور اُسے اپنے توشہ میں سے انہیں روٹی دینا پڑے۔ وہ اُن سے پانی لانے کا کہہ کر ایک روٹی خود کھا لیتا ہے۔ حضرت عیسیٰؑ جب پانی لے کر آتے ہیں اور وہ اپنا توشہ کھولتا ہےاوراُس میں دو روٹیاں دیکھ کر حضرت عیسیٰؑ اس سے استفسار کرتے ہیں کہ اُس کے توشہ میں تو تین روٹیاں تھیں اور وہ جھوٹ بولتا ہے کہ نہیں اس کے توشہ میں تو دو ہی روٹیاں تھیں۔ حضرت عیسیٰؑ اس کی اس حرکت سے بیزاری محسوس کرتے ہیں اور رات کو اپنی باری کا پہرہ دینے کے دوران ریت کی تین ڈھیریوں پر پھونک مار کر انہیں سونے میں تبدیل کر دیتے ہیں۔

صبح جب یہودی وہ سونا دیکھتا ہے تو اُن سے دریافت کرتا ہے کہ سونے کی وہ تین ڈھیریاں کس کی ہیں؟ حضرت عیسیٰؑ فرماتے ہیں ۔”یہ ایک ڈھیری اُس کے لیے ہے، دوسری خود اُن کے لیے اور تیسری اُس کے لیے جس نے تیسری روٹی کھائی تھی۔“۔۔۔یہودی یہ اقرار کرتا ہے کہ وہ تیسری روٹی اُسی نے کھائی تھی۔پھر اُس کا لالچ اُس کو مجبور کرتا ہے کہ وہ تیسری ڈھیری بھی اُن سے مانگ لے۔ اس پر حضرت عیسیٰؑ اس کو اپنا ساتھ چھوڑنے کی شرط پر وہ تیسری ڈھیری بھی بخش دیتے ہیں۔ بعد میں ہوتا کچھ یوں ہے کہ وہاں تین ڈاکو آ جاتے ہیں۔ وہ یہودی سے اس سونے کو ہتھیانا چاہتے ہیں۔ یہودی کو کھانا لانے بھیجا جاتا ہے تو وہ شہر سے کھانے میں زہر ملا کر لے آتا ہے۔ ڈاکو اُس یہودی کو قتل کر کے سونے کی تینوں ڈھیریوں پر قبضہ کر لیتے ہیں ۔ اس کے بعد وہ تینوں ڈاکو یہودی کا لایا ہوا کھانا کھا کر وہیں ڈھیر ہو جاتے ہیں۔ ہوا چلتی ہے اور سونے کے ذرات مٹی میں مل جاتے ہیں۔ ساتھ میں اُن چاروں کے جسم بھی۔

اس نے جب پہلی بار یہ واقعہ پڑھا تھا تو اُس نے اس کو فطرت انسانی میں موجود لالچ اور دنیا کی بے ثباتی کی دلیل جانا تھا۔ لیکن آج وہ اس واقعےکو ذہن میں دہرا کر اس میں سونا بنانے کی ترکیب کی مماثلث پر غور کر رہا تھا اور اس حوالے سے اُس میں نفی کا عمل تلاش کر رہا تھا۔

اس دوران اُس پر ایک عجیب سا انکشاف ہوا۔ وہ نفی کا مطلب انکار لے رہا تھا۔ اس کے ذہن میں نفی کا مفہوم کسی چیز کی موجودگی کا انکار کرنا تھا۔ لیکن اس طرح تو وہ اللہ کی دی ہوئی صلاحیتوں کا بھی منکر ہو رہا تھا اور وہ یہ دیکھ کر ششدر رہ گیا کہ وہ نفی اور کفران کے درمیان باریک سی حد فاصل سے ہی واقف نہیں۔ ان دونوں میں جو لطیف سا

فرقہے اگر اس کو نظر انداز کر دیاجائے تو نفی کا درس کفران پر منتج ہو جاتا ہے ۔ یعنی نفی کرنے کے چکر میں بندہ اللہ کی بخشی ہوئی صلاحیتوں کا ہی انکار کر بیٹھتا ہے۔

تو پھر نفی کیا ہوئی؟ تجسس نے اس کو ایک نئی راہ پر ڈال دیا۔ وہ دن بھر اسی سوال کی جگالی کرتا رہا۔ اس کا ذہن اس سیدھے سادے لفظ کے اصل مفہوم کی تلاش میں سرگرداں تھا۔ اُس نے مراقبہ میں تصور کیا کہ وہ اپنے مرشد کریم سے پوچھ رہا ہے کہ نفی کا اصل مفہوم کیا ہے؟ اس کے ذہن میں مختلف باتیں گردش کرتی رہیں ۔ کبھی اس کو خیال آتا کہ اس کا مطلب حذف کر دینا ہوگا ، کبھی سوچتا کہ یہ کینسل کرنے کا مفہوم دیتا ہے اور کبھی اُس کو اس کا مطلب تفریق کرنا یعنی کسی عدد کو منفی کرنا محسوس ہوتا۔

لیکن پھر اس کو خیال آیا کہ یہ سب باتیں تو خود اس کا اپنا ذہن سوچ رہا ہے اور وہ یہ بات جاننا چاہتا ہے کہ اس کا مرشد اس کو کیا سمجھانا چاہتا ہے۔ اس پر اُس نے خود کوشش کرنا ترک کرتے ہوئے دھیان کو اپنے مرشد کی طرف لگا دیا اور ذہن کو ڈھیلا چھوڑ کر بیٹھ گیا۔ ایسا کرتے ہی اس پر غنودگی سی طاری ہوگئیاور اس نے محسوس کیا کہ اس نے غنودگی کی کیفیت میں اپنے مرشد کی آواز سنی۔ وہ اُس کو کہہ رہے ہیں کہ دھیان کو ہٹا لینا ہی نفی ہے ۔۔ان الفاظ کا ادراک ایک جھٹکا بن کر اس کے شعور کو جھنجھوڑتا چلا گیا۔

دھیان ہٹا لینا ہی نفی ہے۔ وہ اس بات کی ندرت اور نکتہ آفرینی پر مبہوت سا ہو کررہ گیا۔ دھیان ہٹا لینے سے نفی تو ہو گئی لیکن موجودگی سے انکار نہیں ہوا لہذا کفران بھی نہیں ہوا اور ۔۔۔ اور اس گرو مہاراج نے اپنے چیلے کو یہی بات تعلیم کی تھی کہ یہ کیمیا گری یا سونا بنانے کا عمل ۔۔۔ سب ذہن کی طاقت کا اظہار ہے۔جب بندے کے ذہن میں اتنی شکتی اور طاقت پیدا ہو جاتی ہے کہ وہ کسی بھی نقطے سے اپنا دھیان ہٹا لینے پر قادر ہو جائے تو اشیاء ایسے بندے کی خواہش پر خود کو منقلب کر کے اپنی ماہیت تبدیل کرنے کی پابند ہو جاتی ہیں پھر وہ بندہ چاہے مٹی کو سونا بنا لے ، پانی کو موتی بنا دے یا کوئلے کو ہیرا۔ وہ سب کچھ کر سکتا ہے شرط صرف یہ ہے کہ بندے کے ذہن میں اتنی سکت اور توانائی ہو کہ وہ”بندر“ کو دھیان میں نہ آنے دے یعنی وہ کسی بھی شے سے دھیان کو ہٹا لینے پر قادر ہو۔