Topics

انگاروں کی کاشت

 

وہ ایک دکان پہ سودا لینے گیا۔ دکاندار نے اُس کو جانچنے والی نظروں سے دیکھتے ہوئے اُس کی بات سنی۔ مطلوبہ اشیاء اُس کی تحویل میں دیتے ہوئے دکاندار نے رقم بتائی۔ 175/-روپے۔

”یہ کچھ زیادہ نہیں بتا رہے ؟“ اُس نے کہہ دیا۔

دکاندار کو اُس کی یہ بات اچھی نہیں لگی اُس کے چہرے کی شکنیں گہری ہو گئیں ۔ اُس نے ایک ایک چیز کے نرخ بتا کر کل میزان بتایا اور مصنوعی سی خوش اخلاقی سے کہا ۔” اجی مہنگائی ہی اتنی ہے۔ کوئی کیا کرے ۔ آپ بھی سچے ہیں۔“

اُس نے پانچ سو کا نوٹ دکاندار کو دیا۔ دکاندار نے نوٹ لے کر اُس کو اُونچا کر کے روشنی میں دیکھا پھر مسل کر اُس کے اصلی ہونے کی تسلی کی۔ کاؤنٹر کی دراز سے باقی رقم نکال کر اُس کے ہاتھ پر رکھی۔

دکان سے اترتے ہوئے اُس کی ذہنی رو نے اچانک ہی پلٹا کھایا ۔” مجھے دکاندار سے یہ نہیں کہنا چاہیے تھا کہ اُس نے کچھ زیادہ رقم بتا دی ہے۔ میں نے اس پر ناجائز ہی شک کیا۔ اُس نے اُس تلخی کو کم کرنے کے خیال سے پلٹ کر دکاندار کو شکریہ کہا اور گھر کو چل دیا۔

گھر پہنچ کر سودے کا تھیلا بیوی کے حوالے کیا۔ بیوی نے تھیلا کھول کرایک نظر سامانکو دیکھا اور پوچھا کہ وہ کس دکان سے لایا ہے۔ اُس کا جواب سُن کر تبصرہ کیا۔” وہ دکاندار تو ہے ہی چور۔ اُس سے تو سودا لینا ہی نہیں چاہیے۔“

”لیکن وہ تو مجھ ہی کو چور سمجھ رہا تھا۔ جبھی تو وہ مجھے تھانیداروں والی نظروں سے دیکھ رہا تھا ۔ میرے دیئے ہوئے نوٹ کو بھی تو وہ کیسے مسل مسل کر جانچ رہا تھا۔“ اس نے سوچا لیکن منہ سے کہاکچھ نہیں کیونکہ اُسے معلوم تھا کہ اُس کی بیوی اس پہ بھی خود اُسی کو الزام دینے کا کوئی نہ کوئی جواز نکال لے گی۔

اگلے روز وہ بچوں کے سکول گیا۔ وہاں سکول میں اساتذہ سے باتوں کے دوران بچوں کے بُرے روّیوں کا ذکر چل نکلا۔ ایک استاد نے کہا۔” وہ تو بچوں کو اچھی اچھی باتیں ہی تعلیم کرتے ہیں لیکن جب گھروں کا ماحول ہی ٹھیک نہیں ہوگا تو بچے کیا خاک سیکھیں گے۔“ پھر وہ بتانے لگے کہ بچے اُن کی باتوں پر دھیان نہیں دیتے۔ سبق یاد کر کے نہیں

آتے۔ ہوم ورکوہ کر کے نہیں آتے۔ ہوم ورک نہ دیں تو ماں باپ شکایت کرتے ہیں کہ اُن کو ہوم ورک دیا ہی نہیں جاتا۔ یہ سب اس لیے ہے کہ ماں باپ بچوں کی تربیت میں دلچسپی نہیں لیتے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ہم نے بچوں کو اسکول داخل کر دیا اب ان کی تربیت کرنا ہماری ذمہ داری نہیں ہے۔ ٹھیک ہے کہ اساتذہ کا فرض ہی یہ ہے کہ وہ بچوں کی تربیت کریں لیکن بچے تو ہمارے پاس کل پانچ چھ گھنٹے ہی رہتے ہیں اُس میں بھی اُن کو آٹھدس اساتذہ سے واسطہ پڑتا ہے۔ اٹھارہ گھنٹے تو بچے اپنے گھر میں اپنے ماں باپ کے ہمراہ ہوتے ہیں۔ اب اگر وہ اٹھارہ گھنٹوں میں اُن کو اور کچھ نہیں تو اتنا ہی کہہ دیں کہ تمہیں سکول میں جو کچھ بتایا گیا ہے ، اُس کو مانو اور اُس پہ عمل کرو ۔ اس سے ہمارا کیا بھلا ہوگا خود انہی کے بچے بہتر ہوں گے۔

ایک اور استاد نے تو صاف صاف ہی کہہ دیا آج کل کے بچے ہی ٹھیک نہیں ہیں۔ وہ نہ تو اپنے اساتذہ کی سنتے ہیں اور نہ ہی انہیں اپنے والدین کی کوئی پرواہ ہے۔ وہ تو اپنی ہی منواتے ہیں۔ اُن کو کوئی تمیز ہی نہیں سکھائی جاتی۔ پہلے زمانے میں بچوں کا دم نکلتا تھا استاد کے نام سے۔ ماں باپ کا ادبلحاظ اتنا ہوتا تھا کہ باپ نے کہہ دیا وہ پتھر کی لکیر ہوتا تھا ۔ اب تو کوئی سنتا ہی نہیں۔

گھر آکر اُس نے اپنے دونوں بیٹوں سے بات کی کہ آج میں تمہارے سکول گیا تھا۔ دونوں بچے جیسے اسی بات کا انتظار کر رہے تھے۔ دونوں نے بڑھ چڑھ کر بولنا شروع کر دیا۔

”اُنہوں نے ضرور ہماری شکایت کی ہوگی۔ وہ خود کچھ پڑھاتے وڑھاتےنہیں اور اوپر سے شکایتیں بھی کرتے ہیں۔“ اُس نے کہا۔” اگر تم لوگوں کا قصور نہ ہوتا تو وہ شکایت ہی کیوں کرتے؟ یہ بات تم لوگوں کو بالکل زیب نہیں دیتی کہ تم اپنے اساتذہ کے بارے میں الٹی سیدھی باتیں کرو۔“

بچوں نے اُس کی بات پہ بُرا سا منہ بنایا اور کہا۔” ابو ہمارا کیا قصور ہے؟ سارا قصور تو خود اُن کا ہے۔ انہیں بچوں کو قابو کرنا ہی نہیں آتا۔ وہ کلاس میں آتے ہیں تو لگتا ہے کہ گھر سے ہی لڑ کر آئے ہیں۔ کلاس میں آ کر گپیں مارتے ہیں۔ کوئی سوال پوچھو تو کہہ دیتے ہیں گھر میں اپنے امی ابو سے پوچھو۔ ہوم ورک دیتے ہیں اگر کر کے جاؤ تو کوئی چیک نہیں کرتا لیکن نہ کیا ہو تو مارتے ہیں۔“

اُس نے اُس کی ساری باتیں سُن کر سر ہلایا اور اتنا کہا ۔ ”بُری بات، اپنے ٹیچر کو کبھی بُرا نہیں کہتے۔ یہ بہت بُری بات ہے۔ اس نے بچوں کو وہاں سے ہٹا تو دیا لیکن وہ اُن کی باتیں سن کر سوچنے لگا۔ آخر اس کا کیا حل ہے؟

استاد بچوں کو ، اُن کے ماں باپ کو مور د الزام قرار دیتے ہیں۔ ماں باپ بچوں کی فیس دیتے ہیں اور یہ توقع کرتے ہیں کہ اب بچوں کی تعلیم و تربیت کے فریضے سے وہ فارغ ہو گئے ہیں۔ بچے ہیں وہ اپنے اساتذہ کو بُرا سمجھتےہی نہیں ، کہتے بھی ہیں اور اب تو اُن کی بُرائی کرنے سے بھی نہیں چوکتے ۔ بچوں کو موقع دو تو وہ ماں باپ تک کو بُرا کہہ دیتے ہیں ۔ یہ سب سوچتے ہوئے ، اُس کا دم گھٹنے لگا۔

ابھی اُس کا ذہن بچوں ، اساتذہ اور ماں باپ کی تکون کو ہی نہیں سلجھا پا رہا تھا کہ اُس کو گزشتہ روز کے دکاندار کا روّیہ یاد آگیا۔ اس نے سوچا ۔ دکاندار گاہکوں کو بُرا کہہ رہے تھے۔ گاہک دکانداروں کو بُرا سمجھ رہے ہیں۔ پولیس والا ٹریفک والوں کو کوستا ہے کہ اُن کو سڑک پر چلنا تک نہیں آتا، کسی کو روڈ سینس ہی نہیں ، جس کا جی چاہتا ہے گاڑی لے کر سڑک پر نکل آتا ہے۔ لوگ ہیں کہ پولیس والوں کو بُرا کہہ رہے ہیں۔ جہاں کہیں کوئی پولیس والا کھڑا ہو جاتا ہے وہیں ٹریفک جام ہو جاتا ہے۔ ان لوگوں کو ٹریفک تک کنٹرول کرنا نہیں آتا۔ یہ تو صرف بھتے لے سکتے ہیں۔

افسر لوگ اپنے ماتحتوں کو بُرا بھلا کہتے بھی ہیں اور سمجھتے بھی ہیں۔ ہر افسر کے نزدیک اُس کے ماتحت کام چور اور سُست ہیں۔ ادھر ہر ماتحت اپنے افسر کو نالائق اور جاہل بتا رہا ہے۔ گھر میں میاں بیوی کو بُرا کہہ رہا ہے اور بیوی کو اپنے شوہر میں سوائے خامیوں اور کمزوریوں کے کچھ اور نظر ہی نہیں اتا۔ ایک ہمسایہ دوسرے کو بُرا سمجھتاجانتاہے اور دوسرا پہلے کو اپنے نصیب میں لکھی ہوئی بُرائی جان کر رہ رہا ہے ۔ ماں باپ بچوں کو کوس رہے ہیں اور بچے اپنے ماں باپ سے شاکی ہیں ۔ اساتذہ نے بچوں کو بُرا جان کر اُن کی اصلاح سے ہاتھ کھینچ لیا ہے اور بچوں نے اساتذہ کو نااہل قرار دے کر اُن کی باتوں پہ توجہ دینا چھوڑ رکھا ہے۔

عوام اپنے لیڈروں کو بُرا کہہ رہے ہیں۔ مردہ باد کے نعرے لگ رہے ہیں۔ ادھر لیڈر عوام کو بے وقوف ، جاہل اور غلط قرار دیتے ہوئے اُن کی مٹی پلید کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔

اس نے بہت سر مارا۔ بہت سوچا لیکن اس کو کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اس ساری صورت حال کو وہ کیوں

کر اور کس طرح ہضم کرے ؟ اس کا بھلا کیا حل ہو سکتا تھا؟ اس کا شعور اس بات کو سمجھنے کی ضد کر رہا ہے کہ معاشرے کا ہر جزو دوسرے کے خلاف ہو کر کتنی دیر قائم رہ سکتا ہے؟ معاشرے کا ہر جز و دوسرے جزو کے خلاف ہو کر کتنی دیر قائم رہ سکتا ہے؟ معاشرے کا ہر طبقہ دوسرے کے برعکس اور خلاف چلنا ضروری قرار دے چکا ہے۔ غریب ، متوسط سے الجھ رہے ہیں متوسط طبقے کے لوگ امیروں سے ریا کاری کرتے ہوئے اُن کی عزت و احترام کا دکھاوا کرتے ہیں لیکن اندر ہی اندر نفرت اور حسد کی آگ میں جلتے ہیں۔ امیروں کے نزدیک یہ طبقے اُن کی دولت چھین لینے کے درپے ہیں۔ اس لئے وہ اُن دونوں سے ہی بیزار رہتے ہیں۔ اُن کے دلوں میں اُن کے لئے نفرت اور حقارت کے سوا اور کچھ نہیں۔

بار ِ الہہ ، یہ کیا مصیبت ہے۔ ہر طرف نفرت کی آگ کیوں بھڑک رہی ہے؟ اس کا انجام سمجھنا کچھ بھی تو دشوار نہیں۔ قدریں تبدیل ہونے کی بجائے ٹوٹ رہی ہیں اور ٹوٹ کر نئی بننے کی بجائے مٹ رہی ہیں۔ وحشت نے اُس کو دل گرفتہ کر دیا۔ اُس نے سوچا آج سے پیشتر یہ سب باتیں اس کے احساس میں ہوتے ہوئے بھی غیر محسوس کیوں تھیں؟ اُس کو اپنے دل میں اُٹھتی کسک کو دبانا دشوار ہوتا جا رہا تھا۔

رات کو سونے سے پیشتر مطالعہ کرنے کی عادت کے تحت اُس نے کتاب اُٹھائی۔ کتاب کا نام تھا ”کشکول“۔ ذہن میں ہونے والی اچھل کود اور الجھن کے باوجود نام دیکھ کر اس کے ذہن میں جملہ گونجا۔ دیکھیں فقیر کے کشکول میں کیا ہے؟ چند ہی صفحات کے بعد وہ کتاب کے مصنف کو داد دیتے ہوئے پڑھ رہا تھا۔

”ہم بحیثیت بزرگ بار بار اعلان کرتے ہیں کہ نوجوان نسل کے ذہنوں میں اُٹھ گیا ہے۔ ان کے اندر اخوت اور حیا نہیں رہی۔ جس کے اوپر مثالی معاشرہ تعمیر کیا جاتا ہے۔ خدارا اپنے گریبان میں منہ ڈالئے ۔ یہ بھی دیکھئے ہ ہمارے قول و فعل میں کتنا تضاد ہو چکا ہے۔ اس کے باوجود کہ ہم اپنا اختیار استعمال کر کے اس منافقانہ زندگی کو بدل سکتے ہیں۔ ہم ہاتھ پر ہاتھ رکھے بیٹھے ہیں۔ ہم جو خود نہیں کرتے ، اُس کی توقع ہم اپنی اولاد سے کیوں کرتے ہیں۔ آج اگر ایک باپ جھوٹ کی ملع شدہ زندگی میں قید ہے ، تو وہ اولاد سے کیوں کر توقع کر سکتا ہے کہ وہ سچی اور حق آشنا زندگی گزارے ۔ بچے ماں کے پیٹ سے قاتل ، چور ، ذخیرہ اندوز ، منافق ، اسمگلر پیدا نہیں ہوتے۔ انہوں نے اپنے بزرگوں کو جو کچھ کرتے دیکھا ہے اسے ترقی دے کر فن بنا دیا ہے۔“

یہ سب پڑھ کر احساس کی شدت نے اس کے اندر ایک تحریک ابھار دی۔ اس نے آگے پڑھا:

” خالق کائنات نے اس دنیا کو محبت ، خوشی ، مسرت و شادمانی اور ایثار کا گہوارہ بنایا تھا۔ آج بھی دنیا کی ہر شے دیدہ بینا کو مسرت اور خوشی مہیا کرتی ہے۔ خوبصورت رنگ برنگ پرندے ، چمکتی گاتی چڑیاں، فطرت کے شاہد منظر ، پانی کے اتار چڑھاؤ ، پہاڑوں کی بلندی ، آسمان کی رفعت ، پھولوں کا حسن، شاداب درختوں کی قطاریں ۔ تاروں بھری رات ، مدھر چاندنی کا اجالا ، روشن روشن دن ، ماں کی انکھوں میں محبت کی چمک ، بچے کا مچلنا اور کلکلاری بھرنا ، بہن کے پیار کی پاکیزگی ، بھائی کا اخلاص ، بیٹی کا تقدس ، باپ کی شفقت ، یہ سب باتیں بلاشبہ نوع انسانی کے لئے خوشی اور شادمانی کا سامان ہیں۔ ایک ماں کی طرح زمین بھی یہی چاہتی ہے کہ اُس کی اولاد پر مسرت زندگی گزارے۔ زمین کو دوزخ نہ بنا دے ، اس کے اوپر پھولوں کی بجائے انگاروں کی کاشت نہ کی جائے۔“

یہ پڑھ کر شدتِ احساس سے تپتے اعصاب پر جیسے شبنم کی ٹھنڈی پھوار پڑتی چلی گئی۔ ہر ہر لفظ میں خلوص اور آگہی کی دھڑکن اُس کو خود اپنے دل کی دھڑکن سے ہم آہنگ محسوس ہو رہی تھی۔ وہ عبادت کے ظاہری حسن کے ساتھ ساتھ مفہوم کے موتی چنتا ، اُس کی پر از حکمت معنویت سے محفوظ ہوتا چلا گیا۔ الفاظ کی تہہ میں چھپے علم و دانش کے جو ہر پارے اُس کو بہت ہی نئے سے لگے۔۔ اُس نے اس کتاب کو پہلے بھی دو تین مرتبہ پڑھا تھا لیکن اُس وقت اُس کوجو مفہوم سمجھ آرہا تھا وہ اس سے پیشتر اُس کے تجربے میں نہ تھا۔

اُس نے لطف لیتے ہوئے سوچا کہ یہ تو اُس کا اپنا کشکول ہے جسے وہ ہاتھوں میں تھامے ذہنمیں موجود گتھی کا حل طلب کر رہا ہے اور اُس کی جھولی میں گوہر مراد ڈالے جا رہے ہیں ۔ شرط فقط اپنے کشکول کو پھیلائے رکھنے کی ہے۔ اُس نے کچھ اور ورق اُلٹائے۔ سامنے کی تحریر گویا خود اُس کے اپنے صدا اور بازگشت تھی۔

” اخبارات کے پورے پورے کالم اور کئی کئی سو صفحات کی کتابیں لکھی جا رہی ہیں کہ اس سے نوجوان نسل کی اصلاح مقصود ہے۔ ہم کہتے ہیں کہ رشد و ہدایت کے ان طوفان خیز دعوؤں کے ساتھ اگر نوجوان نسل کے بڑوں نے اپنی اصلاح نہیں کی تو حالات نہیں سدھریں گے ۔ ہم یہ بات کیوں بھول رہے ہیں کہ بچہ جب پیدا ہوتا ہے تو اُس کا ذہن ایک سادہ ورق کی طرح ہوتا ہے۔ وہ وہی عادات و اطوار اختیار کرتا ہے جو ماحول میں رائج ہیں ایک فرد واحد بھی اس بات سے انکار نہیں کر سکتا کہ بچہ وہی زبان بولتا ہے جو اُس کے ماں باپ بولتے ہیں۔ دراصل ہمارے نونہال من حیث القوم ہمارے کردار کی منہ بولتی تصویریں ہیں۔“

” قانونِ قدرت سے انحراف کی ہزاروں سزائیں ہمارے سامنے ہیں۔ نئے نئے موذی امراض کی یلغار ہے۔ سب کچھ ہوتے ہوئے بھی ہر شخص افلاس کے شکنجے میں جکڑا ہوا ہے۔ اولاد نالائق ہے یا والدین نالائق قرار دیئے جا رہے ہیں۔ دماغی عارضے آج جتنے عام ہیں ، اتنے کبھی نہ تھے۔ ذرا زور سے دل دھڑکا اور آدمی لحد میں اتر گیا۔ عدم تحفظ کا یہ عالم ہے کہ پتہ بھی ہلے تو دل سینے سے باہر آجاتا ہے ۔ گھر میں میاں بیوی کی تُو تکار سے نوجوان نسل شادی کے بندھن کو بوجھ سمجھنے لگی ہے۔ وسائل کے انبار ہونے کے باوجود روزی تنگ ہو گئی ہے۔ بے یقینی ، در ماندگی ، پریشانی اور عدم ِ تحفظ کے اس دور میں جب ہم دیکھتے ہیں کہ ہر شخص اپنے چھوٹوں اور احباب کو برائی سے بچنے کی تلقین کرتا ہے اور خو اُس پر عمل نہیں کرتا تو ہمارے سامنے یہ بات اجاتی ہے کہ نصیحت کا اثر اس لئے نہیں ہوتا کہ ہم خود بے عمل ہیں۔“

کسی نے اُس کے اندر صدا لاگئی ۔” بے شک ہم خود بے عمل ہیں۔“ اور پھر اس صدا کی تکرار ایک بازگشت بن گئی۔ رہ رہ کر اُس کے اندر سے ایک ہی بات ابھرنے لگی۔ سارا قصور ہمارا اپنا ہے ۔ ہم خود بے عمل ہیں۔ اُس نے جانا کہ یہ اُس کے ضمیر کی آواز ہے جو اُس کی بے عملی کا احساس دلا رہا ہے ۔ اُس کی بے عملی پہ نوحہ کناں ہے۔ اُس نے آنکھیں بند کر لیں اوراپنے اندر سے ابھرتی اُس صدا کو حافظے میں محفوظ کر لینے کو اُس کو دھیان سے سننے لگا۔ اُس کو لگا عورت بین کرنے کے انداز میں رو رو کر پکار رہی ہے ۔۔” ہاں ہاں ہم ہیں ہی بے عمل۔“

جب ہم خود بے عمل ہوں گے تو نتائج کہاں سے آئیں گے؟ ہر نتیجہ کسی نہ کسی عمل کا انجام ہی تو ہوتاہے اور بے عملی کا انجام انتشار اور درماندگی کے سوا اور کیا ہوگا؟ اُس نے انکھیں کھول کر ، سوچ کی اس لہر کو الفاظ کے قالب میں ڈھال کر حافظے میں محفوظ کرتے ہوئے اپنے کشکول میں دوبارہ جھانکا۔ وہاں لکھا ہوا تھا۔

”ہر طرف یہ شور و غوغا برپا ہے کہ موجودہ نسل اسلام سے دور ہو گئی ہے، اسلاف کی پیروی نہیں کرتی۔ ہم یہ کیوں نہیں سوچتے کہ اسلاف میں ہمارا بھی شمار ہوتا ہے۔ موجودہ نسل اگر رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات سے دور ہو گئی ہے تو اُس میں اس کا قصور کم اور ہمارا زیادہ ہے۔ بچے جب یہ دیکھتے ہیں کہ ہمارے والدین اور اساتذہ زبان سے اللہ اور رسول ﷺ کی تعلیمات کا پرچار کرتےرہتے ہیں لیکن اُن کا عمل ان تعلیمات کے بالکل برعکس ہے تو اُن کے ترقی یافتہ ذہنوں میں بجز اس کے کوئی بات نہیں آتی کہ مذہب اظہار و بیان کا ہی نام ہے۔ عمل سےاس کو کوئی ربط ضبط نہیں ہے۔“

مطالعہ میں یک سوئی اور انہماک حاصل ہو جائے تو ہر جملہ اپنے اندر گہرے ساگر جیسے مفہوم لئے ذہن کے افق پر طلوع ہوتا ہے ۔ آج اُس کو ایک نئی بات یہ معلوم ہوئی کہ اگر ذہن میں کوئی سوال رکھ کر کشکول بلند کر لیا جائے تو ڈالنے والا، اُس میں طلب سے بڑھ کر نوازتا ہے۔ اُس نے اپنے ذہن کی الجھن کے تانے بانے کو ٹوٹ کر بکھرتے دیکھا۔ انہی سوچوں کو سمیٹتے وہ نیند کی وادی میں اتر گیا۔

صبح بیدار ہوا۔ ناشتے کی میز پر بچوں کو مخاطب کرتے ہوئے اُس نے کہا۔” رات بھر میرے ذہن میں ایک بات چلتی رہی۔ کل آپ لوگوں نے اپنے ٹیچر کے حوالے سے جو کچھ کہا ، میں اسی کی بابت سوچتا رہا۔ مجھے یہ خیال آتا رہا کہ آج آپ نے اپے ٹیچر کو بُرا کہا ہے تو کل آپ مجھے اور اپنی امی کو بھی بُرا کہیں گے۔ آپ کی یہ سوچ مجھے بالکل بھی اچھی نہیں لگی۔“

”لیکن ابو۔۔“ اس کے بڑے بیٹے نے کچھ کہنا چاہا۔ اُس نے اُس کی بات کاٹتے ہوئے کہا۔” نہیں ، پہلے میری بات مکمل ہونے دو۔ مجھے معلوم ہے کہ تمہارے پاس اپنی بات کے لئے ضرور کوئی دلیل ہو گی۔ لیکن جو کچھ میں کہنے والاہوں ، وہ سُن لو پھر اپنی کہہ لینا۔ میں بھی تمہاری بات دھیان سے سنوں گا۔“ یہ کہہ کر اُس نے کچھ توقف کیا اور کہا۔

” بات دراصل کچھ یوں ہے کہ ہم ایک دوسرے کو الزام دینے کی عادت اپنا چکے ہیں ۔ میں اپنا فرض پورا کرنے کی بجائے ، اپنے فرائض سے آنکھیں چُرا کر اُس کو پورا نہ کرنے کے بہانے تراشتا ہوں اور اس بہانے کو اتنا جاندار مان لیتا ہوں کہاُس کو اپنے ضمیر کو چپ کروانے کا ذریعہ بنا لیتا ہوں۔ جب میں خود اپنے ضمیر کو لاجواب کر لیتا ہوں تو کسی دوسرے کو اسی دلیل سے خاموش کر لینا کون سی مشکل بات ہے۔ ہم سب ایک دوسرے کو بُرا کہہ کر اپنی کوتاہی کا الزام دوسروں کو دینے کے آسان راستے پر گامزن ہیں۔ ایسا کرتے ہوئے یہ نہیں سوچتے کہ اس طرح تو ہم اپنی برائی پہ مزید کاربند اور قائم ہو رہے ہیں۔ جب ہم دوسروں کو بُرا کہتے ہیں تو اس کے دوہرے اثرات ہوتے ہیں۔ ایک تو یہ کہ اس طرح ہم خود کو یہ دلیل دیتے ہیں کہ جب وہ اور دوسرا بُرا ہے تو میں کیوں پیچھے رہوں اور دوسرے یہ کہ دوسرے کی بُرائی کا تذکرہ کرتے ہوئے ہم اپنی بُرائی کو دور کرنے سے غافل ہو جاتے ہیں۔“

اُس نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہا۔” اچھائی اور بُرائی کا یہ قانون ہے کہ اچھوں کو اچھے اور بُروں کو بُرے ہی ملتے ہیں۔ اگر آپ اچھے بچے بن جائیں گے تو آپ کے ٹیچر خود بخود اچھے ہو جائیں گے ۔ میں اگر اچھا باپ بن جاؤں

تو لامحالہ تم بھی اچھے بچے بن جاؤ گے۔ اگر تم اچھے بچے ہو گے تو تمہاری والدہ تمہارے لئے خود بخود اچھی ماں بن جائے گی۔ اچھا باپ ہونے کا مطلب ہی یہ ہے کہ اپنے بچوں کو ایک اچھا انسان بننے میں اُن کی مدد کروں۔ اسی طرح اگر تم اچھے بچے بن جاؤ گے تو محالہ اچھے بچوں کے ساتھ کوئی بھی ، کسی طرح کی ، بُرائی کر ہی نہیں سکتا۔ اگر تم اچھے طالب علم بن جاؤ تو تمہارا اچھا طالب ہونے کی وجہ سے استاد خواہ کیسا ہی کیوں نہ ہو ، وہ تمہیں علم سے نوازنے پر مجبور ہو جائے گا۔ اچھاطالب علم کہتے ہی اُس کو ہیں جس میں علم کی طلب ہو۔ اگر تم میں علم کی طلب نہیں تو کتنا ہی اچھا استاد کیوں نہ ہو، وہ تمہیں کچھ نہیں دے سکے گا۔“

بچوں نے یہ بات سُنی اور خاموش رہے۔ اُس نے بات آگے بڑھائی۔ اگر میں اچھا شوہر بن جاؤں تو لامحالہ میری بیوی ایک اچھی بیوی بننے پر مجبور ہوگی۔ کیوں کہ اچھا شوہر کہتے ہی اُس کو جو بیوی سے نہ صرف اچھی طرح نبھا کرے بلکہ اُس کو اپنے ساتھسلوک رکھنے پر کاربند رکھ سکے۔ اسی طرح اگر تمہاری امی ایک اچھی بیوی بن جائے تو لامحالہ اُن کا شوہر یعنی کہ میں بھی ایک اچھا شوہربننے پر مجبور ہو جاؤں گا۔ یہ بہانہ تلاش کرتے ہیں کہ مخالف میں یہ بُرائی ہے اس لئے ہم بھی اُس کے بُرا کرنے میں حق بجانب ہیں۔ اسی طرح سوچا جائے تو جب ہم اچھے ہوں گے تو دوسرے کو یہ بہانہ نہیں ملے گا اور یوں بُرائی کا پنڈورا بکس بند ہو سکے گا۔“

”اگر میں اچھا گاہک بن کر کسی بھی دکاندار کے پاس جاؤں گا تو ہر دکاندار میرے ساتھ اچھے دکانداروں کی طرح بات کرنے کا پابند ہوگا۔ اسی طرح اگر میں ایک اچھا افسر بن جاؤں گا تو میرے ماتحت بھی میرے ساتھ بُرا روّی رکھنے کی جسارت نہیں کر سکیں گے۔ مجھے صرف اتنا ہی تو کرنا ہے کہ میں خود اچھا بن جاؤں۔ دوسرے خود بخود اچھے ہو جائیں گے۔ اگر تم لوگ اچھے بن جاؤ گے تو تمہارے تمام دوست بھی تم سے اچھا برتاؤ کرنے کے پابند ہو جائیں گے۔“

”اگر وہ پھر بھی اچھے نہ بنیں تو۔۔؟“ اُس کے بیٹے نے راہ ِ فرار کی تلاش میں سوال آنکڑا ڈالا۔

”تو وہ تمہارے دوست تھوڑے ہی رہیں گے۔ وہ تمہیں خود ہی چھوڑ دیں گے۔ وہ تمہارے قریب ہی نہیں ائیں گے۔ چوں کہ بُرے آدمی کو اچھے آدمی کے قریب رہنا کچھ زیادہ اچھا نہیں لگتا۔“ اور پھر اُس نے ایک عجیب سے لہجے میں کہا۔” یاد رکھو ۔اسی لیے فقیر کبھی کسی کی اصلاح نہیں کرتا وہ صرف خود کو ٹھیک کرنے میں لگا رہتا ہے۔ ہم کو بھی صرف یہ عہد کرنا ہے کہ ہم کسی کو ٹھیک نہیں کر سکتے۔۔اس لیے ہمیں صرف خود کو ہی ٹھیک کرنا ہے ۔ تم خود کو ٹھیک

 کرو اور میں خود کو۔۔ تبھی سب ٹھیک ہو سکتا ہے ورنہ نہیں۔“

اگر تم مجھے ٹھیک کرنے کے چکر میں پڑ گئے ۔۔اپنے اساتذہ کو ٹھیک کرنے کے چکر میں پڑ گئے تو سامنے کی بات تو یہ ہے کہ وہ تم سے توٹھیک ہونے کے نہیں۔ اس سے ہوگا کیا؟ یہی ہوگا نہ کہ تمہیں میری یا اُن کی بُرائی کرنے سے ہی فرصت نہیں ملے گی۔ یوں تم بُرائی کا تذکرہ کرتے رہو گے۔ بُرائی تمہارے اندر نفوذ کرتی رہے گی۔ تم اُس کے اثرات خود پہ طاری کئے رکھنا چاہتے ہو تو تمہاری مرضی۔ لیکن اگر تم اس بات کو سمجھ لو کہ کسی کو درست کرنے کا اہل ہونے کے لئے پہلے خود درست ہونا لازم آتا ہے۔ تو اس کے سوا ہمارے پاس اور کیا راستہ رہ جاتا ہے کہ ہم خود کو ہی درست کر لیں۔“

یہ کہہ کر اُس نے بچوں سے کہا۔” آپ کے اسکول جانے کا وقت ہو رہا ہے۔ تم لوگ سکول جاؤ اور میری بات کو سمجھو اور اُس پہ عمل کرنا شروع کر دو۔ اس کو سمجھنے اور اس پر عمل کرنے میں اگر کوئی دشواری ہو تو مجھ سے بات کر لیا کرنا۔ میں پوری کوشش کروں گا کہ تم لوگوں کے اچھا بننے کی اس کوشش میں ، جو مجھ سے ہو سکتا ہو وہ میں ضرور کر وں گا۔“