Topics

دائرہ

 

راستے میں اس کے دوست نے اُس کے اس اچانک فیصلے کی بابت جاننے کو پوچھا تو الٹا اُس نے اپنے دوست سے پوچھا ۔ بھلا تمہارے نزدیک میرے اس اچانک فیصلے کی کیا وجہ ہو سکتی ہے؟ اِس پر اُس کے دوست نے ہنستے ہوئے کہا۔

؎ ”گرگویم زباں سوزد۔۔۔۔۔۔وگرنہ گویم ، نہاں سوزد

میری بات تو ایک اندازہ ہی ہوگی ، تم سناؤ میں تو تمہاری بات تم ہی سے سننا چاہوں گا۔“

اُس نے اپنے فیصلے کا خود ہی تجزیہ کرتے ہوئے کہا۔ میں مرعوب ہو گیا تھا۔ میں آج تک اپنی ذات کے حصار میں ۔۔۔ اپنی انا کی گرفت میں ۔۔۔ اپنی ”میں“ کے دائرے میں ہی دیکھتا رہا ہوں ۔ لیکن آج جب انہوں نے میرے مبارک باد دینے پر یہ کہا ۔ سب کچھ اللہ ہی کرتا ہے اور نام بندے کا ہو جاتا ہے ۔۔ تو میرے اندر اپنی بڑائی کے جھوٹ کی قلعی اتر گئی۔ میں نے سوچا جو بندہ اتنا بڑا ہو جائے کہ وہ اللہ کا دوست بن جائے وہ تو اپنی بڑائی کا تذکرہ تک نہیں کرنے دیتا اور میں جو کچھ بھی نہیں ، خود کو کہیں بھی نہیں پاتا، ہر وقت اپنی بڑائی اپنی ”میں“ کا ہی تذکرہ کرتا رہتا ہوں ۔ ہر وقت اسی دُھن میں لگا رہتا ہوںکہ لوگ مجھے اکنالج کر لیں اور ایک وہ ہیں کہ دن رات اسی دُھن میں لگے ہوئے ہیں کہ لوگ اللہ کو اکنالج کریں۔ اس فرق نے مجھے ان کے سامنے اتنا چھوٹا کر دیا کہ اگر میں یہ نہ کہتا تو شاید میں ہمیشہ کے لیے معدوم ہو کر رہ جاتا ۔ ضرب ابراہیمی کی کاٹ نے میری انانیت کے بت کو پاش پاش کر دیا تھا۔ اس وقت مجھے یوں لگا تھا کہ اگر میں نے ان کا دامن نہ تھما ۔۔۔ تو شاید اللہ میاں مجھے کبھی نہیں مل سکیں گے۔ اُس وقت میرے اندر سے صرف یہی ایک صدا اُبھری تھی کہ ان کو پکڑ لو ورنہ یہ موقع پھر کبھی نہیں ملے گا اور میں نے اپنے اندر ابھرتی اُس صدا کو مانتے ہوئے ایسا ہی کیا۔

اُس کے دوست نے اس کی بات سُن کر کہا ۔” تم نے بالکل ٹھیک کہا۔ دراصل جب تک آدمی خود کو ہی بڑا مانتا ہے وہ کسی کو اپنا ہادی ، اپنا رہبر یا مرشد نہیں مان سکتا۔ جب بندہ کسی کو اپنے سے بڑا دیکھتا ہے ، اس کو بڑا مان لیتا ہے تب ہی تو اس کے سامنے اپنا چھوٹا پن واضح ہوتا ہے اور خود کو چھوٹا مان لینے سے ہی تو بڑوں کی شفقتیں حاصل ہوتی ہیں۔“ اس نے یہ بات سُنی تو سوچا ۔ شاید اسی لئے اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور کبریائی تسلیم کر لینے والوں کو ہی اللہ تعالیٰ کی رحمت اور قربت نصیب ہوتی ہے۔

اگلے روز وہ صبح سویرے اپنے روحانی استاد کی خدمت میں حاضر ہوا۔ آج اُس کو وہاں ایک اور ہی طرح کی اپنائیت کا احساس ہو رہا تھا۔ اس کو کچھ یوں لگ رہا تھا جیسے وہ اپنے باپ سے ملنے آیا ہو۔ اس نے ان کی آنکھوں میں وہی محبت کی چمک دیکھی جو ایک باپ کی نگاہوں میں اپنی اولاد کو دیکھ کر ابھرتی ہے لیکن انداز میں اک وقار اور شان برقرار رہتی ہے۔

ماں کی ممتا میں جو بے خودی اور بے قابو ہونے کا تاثر ہوتا ہے۔ باپ کا پیار لئے دئیے پن کے سبب اس میں جو گہرائی اور تاثیر پیدا کرتا ہے وہ کسی بھی اور رشتے میں نظر نہیں آئی۔ اس کا جی چاہا کہ وہ بھی ان سے ایک کا انتخاب کرتے ہوئے پوچھے ۔” یہ شعور اور لاشعور کیا ہیں؟“

اس کا سوال سن کر وہ ایک لخطہ خاموش رہے۔ پھر دھیمی آواز میں اس بات کا آغاز کیا۔ جن حواس سے ہم کشش ثقل میں مقید رہ کر چیزوں کو دیکھتے اور سمجھتے ہیں ان کا نام شعور ہے اور جن حواس میں ہم کشش ثقل سے آزاد ہو جاتے ہیں ان کا نام لاشعور رکھ لیتے ہیں۔

 شعور اور لاشعور دونوں لہروں پر قائم ہیں۔شعوری حواس میں کام کرنے والی لہریں اپنی ساخت میں مثلث ہوتی ہیں اور لاشعوری حواس میں کام کرنے والی لہریں دائرہ یعنی CIRCULAR ہوتی ہیں۔ شعوری حواس ٹائم اور اسپیس سے آزاد ہیں۔ ہمارا ذہنایک ورق کی طرح ہے۔ ورق کے دونوں صفحوں پر ایک ہی تحریر لکھی ہوئی ہے ۔ فرق صرف یہ ہے کہ ورق کے ایک طرف کی عبارت واضح اور روشن نظر اتی ہے جبکہ دوسری طرف کی تحریر دھندلی اور غیر واضح محسوس ہوتی ہے۔

ہماری زمین بھی شعوری اور لاشعوری دونوں حواسوں پر قائم ہے۔ انسان کی طرح زمین کے بھی دو رخ ہیں۔ ایک رُخ کا نام طولانی حرکت ہے اور دوسرے رُخ کا نام محوری حرکت ہے۔ یعنی زمین جب اپنے مدار پر حرکت کرتی ہے تو وہ طولانی گردش میں ترچھی ہو کر چلتی ہے۔ یہ طولانی گردش مثلث ہے اور محوری گردش دائرہ ہے۔

زمین پرتین مخلوقات زیادہ ممتاز ہیں ۔ انسان کی تخلیق میں بحیثیت گوشت پوست مثلث غالب ہے۔ اس کے برعکس جنات میں دائرہ غالب ہے اور فرشتوں کی تخلیق میں جنات کے مقابلے دائرہ اور بھی زیادہ غالب ہے۔ چونکہ انسان کے دو رخ ہیں یعنی غالب رُخ مثلث اور مغلوب رُخ دائرہ ہے اس لئے جب کسی بندے پر مثلث کا غلبہ کم ہو جاتا ہے اور دائرہ غالب آجاتا ہے تو وہ جنات ، فرشتوں اور دوسرے سیاروں میں آباد مخلوق سے متعارف ہو جاتا ہے ، اُن سے گفتگو کرتا ہے۔

اسی بات کو ایک اور طرح سے یوں بھی بیان کیا جا سکتا ہے کہ ہماری ساری زندگی بیداری اور خواب میں گزرتی ہے۔ خواب ہماری زندگی کا نصف حصہ ہیں۔ خواب کی زندگی کا مطالعہ ہمیں بتاتا ہے کہ انسان کے اندر ایسے حواس بھی کام کرتے ہیں جن کے ذریعے انسان کے اوپر غیب کا انکشاف ہو جاتا ہے۔ خواب کے حواس میں ہم ٹائم اور اسپیس کے ہاتھوں میں کھلونا نہیں رہتے بلکہ ٹائم اور اسپیس ہمارے لئے کھلونا بن جاتے ہیں۔ خواب میں چونکہ زمان و مکان کی جکڑ بندیاں نہیں ہوتیں اس لئے ہم خواب کے حواس میں داخل ہو کر ان حالات کا مشاہدہ کر لیتے ہیں جو زماں و مکاں سے ماورا ہیں اور اس میں کسی خاص آدمی کی تخصیص نہیں ہے کہ کوئی مخصوص انسان ہی خواب کے حواس سے بہرہ مند ہو سکتا ہے۔ ہر آدمی خواب اور بیداری کے حواسوں سے مرکب ہے۔ خواب ، بیداری ، زماں و مکاں سے متعلق علوم کی سب سے زیادہ مستند دستاویز قرآن حکیم ہے۔ قرآن علمِ الکتاب ہے اور قرآن پہ غور فکر کر کے ہم علمِ الکتاب حاصل کر کے ٹائم اور اسپیس سے آزادی کا فارمولا معلوم کر سکتے ہیں۔ جو بندہ یہ فارمولے جان لیتا ہے وہ کسی چیز کو وسائل کے بغیر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی قدرت حاصل کر لیتا ہے۔

جب وہ بات سُن رہا تھا اس کو یوں محسوس ہو رہا تھا کہ علم و عرفان ایک دھارے کی صورت میں اس کی روح کو سیراب کر رہے ہیں۔ اس کے حواس سمٹ کر ایک نکتے پر مرتکز ہو گئے تھے اور اس نکتے سے ابھرتی پھیلتی شعاعوں نے اس کے اندر کے اندھیروں کو نگلنا شروع کر دیا تھا۔ اُس کو اپنے اندر ایک عجیب مسرور کن سا اُجالا پھیلتا محسوس ہو رہا تھا۔ اُس نے اس روشن سی فضا میں مینارہ نور کو اپنے اندر سمیٹ لینے کی امنگ ابھرتے دیکھ کر اس کی عملی صورت دریافت کرنے کو پوچھا ۔ ”مجھے کیا کرنا ہوگا؟“

انہوں نے اُس کو نظر بھر کر دیکھا ۔ ان کے اُس دیکھنے میں کوئی ایسی بات تھی کہ وہ سرتاپا لرز کر رہ گیا۔ ”آپ یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں ، ہر وقت ۔۔۔۔ اور مراقبہ کیا کریں !“

”بس ، صرف اتنی سی بات ۔۔۔۔“ وہ تو کسی بہت ہی سخت مجاہدے اور ریاضتوں کی طرف ہنکانے والی ہدایات کا منتظر تھا۔ اُس نے محسوس کیا گویا انہوں نے اس کو ٹال دیا ہو۔ اُس نے سر جھکا لیا ۔ کچھ دیر خاموشی کے بعد اُس نے دریافت کیا ۔”یا حی یا قیوم “ کی تشریح کیا ہے؟ حالانکہ کہنا تو وہ یہ چاہ رہا تھا کہ یا حی یا قیوم پڑھنے سے کیا ہوگا ؟ لیکن وہ اتنی گستاخی کر نہیں سکا۔

انہوں نے اسی دھیمے سے انداز میں بات کرتے ہوئے کہا۔” یا حی“ ۔۔۔ اے زندہ۔۔۔۔ اور”یا قیوم“ ۔۔ اے قائم ۔ پھر فرمایا کہ اس وقت دو سو کے لگ بھگ روحانی سلاسل ہیں اور ہر روحانی سلسلے میں اس اسم کا ورد کسی نہ کسی صورت میں رائج ہے اور پھر یہ کہہ کر انہوں نے یہ بات ختم کر دی کہ اس کا ورد کرنے والے پر دائرہ غالب آجاتا ہے۔

محفل برخاست ہونے پر وہ اجازت لے کر واپس گھر کے لیے روانہ ہو گیا۔ گھر پہنچ کر وہ اپنے اندر ایک خاموشی سی پھیلتی محسوس کرتا رہا۔ اب اُس کو خاموش رہنے میں لطف سا آتا۔ یہ تبدیلی اس کی بیوی نے نوٹ کی تو کہا ۔”کیا بات ہے جب سے آپ لاہور سے ہو کر آئے ہیں کچھ چپ چپ سے رہنے لگے ہیں۔ سب ٹھیک تو ہے نا ۔ وہ ہنسا نہیں ۔۔ بس دھیرے سے مسکرا کر ۔۔”کچھ نہیں!“ کہہ کر چپ ہو گیا۔ اب وہ اُس کو کیا بتاتا کہ وہ تو اپنے اندر بھی خاموش ہی ہو گیا ہے۔ اُس کو اک چپ سی لگ گئی ہے یہ اُس کے اندر پھیلتے سناٹے اور خاموشی کا بڑھتا ہوا اثر ہے۔

اُس کی بیوی نے اس سے بہت سے سوال پوچھے۔ یہ سلسلہ کیا ہوتا؟ یہ بیعت ہونا کیا ہوتا؟ کیا یہ سب ضروری ہے؟ کیا میں بھی بیعت ہوں گی؟ مجھے بھی بابا جی سے ملوائیں گے؟ بابا جی کیسے آدمی ہیں ؟ بابا جی ہمارے گھر آئیں گے؟ وہ میرے لئے دعا کریں گے؟ کیااُن کی کرامت سے اب ہمارے دن پھر جائیں گے؟ کیا اب تم ڈاڑھی رکھ لو گے؟ شیو کرنا چھوڑ دو گے؟ کیا تم مجھے گھر میں قید کر دو گے؟ کیا ہمارے بچے اب انگریزی اسکولوں کی بجائے کسی قدامت پسند مدرسے میں داخل ہوں گے؟ کیا تم پینٹ ، شرٹ ، ٹائی کوٹ پہننا چھوڑ دو گے؟ کیا تم اب مجھے میک اپ کرنے سے منع کرو گے؟ کیا مجھے پردہ کرنا پڑے گا؟

اتنےبہت سے سوالوں پر اسے عجیب سی حیرتہوئی۔ بہت سے سوالوں کے جواب تو اُسے خود بھی معلوم نہیں تھے۔ وہ ہر ایسے سوال کے جواب میں جب یہ کہتا۔۔۔ پتہ نہیں۔۔۔ تو وہ اور تیز ہو جاتی کہ یہ کیسی بات ہے کہ اس کے خاوندکو یہ چھوٹی چھوٹی باتیں بھی معلوم نہیں۔ اس نے جان چھڑانے کو اتنا ہی کہہ دیا کہ وہ بھی ہر وقت یاحی یا قیوم کا ورد کیا کرے اور اسے بھی کرنے دے۔

پندرہ بیس روز اسی طرح گزر گئے۔ سب کچھ ویسا ہی رہا جیسے پہلے تھا۔ وہی صبح اٹھنا ، تیار ہو کر دفتر جانا ، وہاں معمولات کے کام کرنا ، شام کو واپس گھر آنا ۔ کبھی ٹی وی دیکھ لینا ، کبھی کوئی کتاب لے کر بیٹھ جانا۔ کبھی بچوں کے ہوم ورک میں اُن کی مدد کرنا اور پھر کھانا کھا کر کچھ دیر اِدھر اُدھر کی گپ شپ کرنا پھر سو جانا، فرق صرف اتنا تھا کہ اب وہ صبح نماز کے بعد مراقبہ کرتا اور دن بھر جب بھی اسے موقع ملتا اور یاد آجاتا تو وہ یا حی یا قیوم کا ورد کرتا۔ اسے اکثر بابا جی کا دھیان آتا ۔ وہ بابا جی کی تعلیمات پر غور و فکر کرتا۔ کبھی اُس کے ذہن میں بیوی کے سوالات دور کر جاتے تو وہ زیادہ گہرائی سے بابا جی کی تعلیمات پر ذہن لگا دیتا لیکن با لآخر اسی نتیجے پر پہنچتا کہ بابا جی کے عمل ، کردار اور گفتار سے ہر غیر فطری اصول اور عمل کی تردید ہوتی ہے۔

کبھی کبھی وہ خیالوں میں اُن سے گفتگو کرتا ۔ کبھی منصوبے بناتا کہ اب میں اُن سے ملوں گا تو یہ کہوں گا ، وہ بتاؤں گا ، یہ پوچھوں گا ۔ ان کی کتابیں پڑھتا تو ایسا محسوس کرتا جیسے وہ اپنے مخصوص دھیمے انداز میں اُس کو اُس کے پوچھے گئے سوالوں کے جواب دے رہے ہوں۔ اُس کو اس پر اور بھی لطف آتا۔ وہ اور بھی ڈوب کر مطالعہ کرتا۔ دوستوں سے باتیں کرتا تو ان کے ساتھ گفتگو میں اپنی پڑھی ہوئی باتیں دہراتا۔ وہ کبھی تو اس کی باتوں میں دلچسپی لیتے اور کبھی اُس کو اپنی گفتگو کے بہاؤ میں گھسیٹ لیتے۔

ایک روز یاحی یا قیوم کا ورد کرتے کرتے اُس کا خیال اس بات پر مرکوز ہو گیا کہ اے زندہ ، اے قائم کی تکرار سے دائرہ کیونکر غالب ہو سکتا ہے؟ ان دو الفاظ میں آخر ایسا کیا جادو ہے کہ انسان شعور سے آزاد ہو کر لاشعور میں داخل ہو جاتا ہے اور مثلث دائرہ میں تبدیل ہو جاتی ہے۔ مثلث تو دائرہ میں تب ہی تبدیل ہو سکتی ہے جب اس کے زاویے ختم ہو جائیں۔

زاویے ختم ہو جانے کا خیال اس کے ذہن میں جڑ پکڑ گیا۔ زاویے سے مراد زاویہ نظر بھی ہو سکتی ہے اور بنی ہوئی صورت بھی۔ عقائد کی بنی ہوئی صورت بھی ایک مخصوص شکل و صورت رکھتی ہے۔ اگر اس میں سے زاویے مٹا دیئے جائیں اور ان کی جگہ گولائی اور دائرہ داخل کر دیا جائے تو مثلث دائرہ میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ جیومیٹری کی اندو صورتوں کو ایک دوسرے میں مدغم ہوتے دیکھنے کی ایک صورت یہ بنتی تھی کہ وہ اپنے زاویہ نظر میں تبدیلی لے آئے اور دوسرے یہ کہ بنی ہوئی شکل میں دائرے کو داخل کر دیا جائے ۔ بات کچھ سمجھ آئی اور کچھ مزید الجھ گئی۔

ایک بات بہرحال طے تھی کہ اس اسم کا ورد کرنے والے پر دائرہ غالب آجاتا ہے کے الفاظ اس بات کی دلیل تھے کہ ایسا ہوگا ضرور ۔ اب یہ کیسے ہوگا؟ کب ہوگا؟ اس ہونے کا میکانزم کیا ہوگا ؟ یہ بات اس کے شعور میں نہیں آ رہی تھی۔ بہرحال وہ ورد کرتا رہتا اور اس بات پہ غور کرنے کی کوشش بھی کرتا رہتا کہ ” اے زندہ “ کا اصل مفہوم کیا ہے؟ اللہ تعالیٰ کو زندگی کے حوالے سے پکارنے میں کیا مصلحت اور فوائد ہیں ؟ اس کے ذہن میں جب یہ بات گونجتی کہ یہ اسمائے الٰہیہ ہر روحانی سلسلے میں رائج ہیں اور ہر روحانی سلسلے کے ماننے والے ان اسمائے مبارکہ کا ورد کسی نہ کسی صورت میں کسی نہ کسی سطح پر ضرور کرتے ہیں تو بات کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ۔ وہ اور بھی شدو مد سے اس گتھی کو سلجھانے کے درپے ہو جاتا۔ زندگی کی مختلف طرزوں پر غور کرتا۔ زندگی کی مختلف حالتوں کو ذہن میں لاتا۔ کبھی زندگی کو لہروں کی صورت میں وہ نباتات میں موجزن دیکھتا اور کبھی حشرات الارض میں متحرک دیکھتا۔ کبھی وہ زندگی کو پرندوں میں محو پرواز دیکھتا اور کہیں درندوں اور چرندوں کی لاشمار انواع و اقسام اس کو زندگی کے تنوع کی طرف متوجہ کرتیں۔

ایک روز ٹی وی پر بحری حیات کی بابت ایک فلم دیکھتے ہوئے اس نے سمندری مخلوقات کی اتنی اقسام دیکھیں کہ حیرت سے اس کو اپنا دم رکتا محسوس ہوا۔ پانی میں ہر طرف زندگی بکھری ہے۔ کہیں کائی اور اسفنج ، کہیں مونگے اور مرجان ، کیکڑوں سے بچھوؤں تک اور سانپوں سے مچھلیوں تک ہر ہر نوع کی اتنی اقسام جو انسانی شماریات میں بھی نہ آسکتی ہوں۔ یہ سب زندگی کی دھڑکتی صورتوں کے علاوہ اور کیا ہے؟ اس نوع در نوع مخلوق میں جو بات اُن کی موجودگی کے لئے سب سے زیادہ ضروری ہے۔۔۔ وہ خود زندگی ہے جس کی تعریفپر آج بھی سائنسدان متفق نہیں ہو سکے۔ تبھی تو وہ جمادات میں زندگی کی موجودگی کا انکار کر بیٹھتے ہیں۔

زندگی کا قیام بھی تو لہروں پر ہے ۔۔۔ وہ سوچتا۔ ایک روز اُس کو خیال آیا اور یہ بات اُس نے بابا جی کی تحریروں میں پڑھی تھی کہ کائنات صفات ِ الٰہیہ کا مظہر ہے۔ یعنی زندگی دراصل ایک الٰہی صفت ہے اور جب کوئی بندہ کسی صفت کے اسم کا ورد اور تکرار کرتا ہے تو وہ صفت اس بندے کے اندر ابھرنا ، پھیلنا اور متحرک ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس سے وہ اس نتیجے پر پہنچا کہ ۔۔۔ اے زندہ اور اے قائم ذات ۔۔۔ کی تکرار سے اس اسم کا ورد کرنے والے کے اندر زندگی کی لہریں متحرک ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

اب اس کی توجہ زندگی سے گزر کر اس گتھی کو سلجھانے میں لگ گئی کہ یہ دائرہ کسی مثلث کو کیسے منقلب کرتا یا اُس پر غالب آتا ہے۔ ہر پیدا ہونے والی شئے فنا ہو جاتی ہے، ختم ہو جاتی ہے ۔ زندگی کا آغاز ہوتا ہے تو اس کے ساتھ ہی وہ اپنے اختتام کی طرف گامزن ہو جاتی ہے۔ تو پھر یہ قیام و ثبات کی بات ایک عجیب تضاد ابھرتا چلا گیا۔ اب زندگی کو پکارنااور اس کا قیام طلب کرنا کہیں متصادم اور متضاد بات تو نہیں۔ اس کی سمجھ میں جو کچھ آرہا تھا وہ بھی بند ہو گیا اور پھر یہ دائرے کا کیا معمہ ہے؟

ابھی تو اُس سے زندگی کے قیام کی ڈور ہی نہیں سلجھی تھی کہ بیچ میں دائرہ آگیا۔ وہ لاچار سا ہو کر بیٹھ گیا۔ اس نے تہیہ کیا کہ وہ اس بارے میں اپنے مرشد کریم۔۔۔ اپنے ابا حضور سے بات کرے گا۔ اس نے سوچا اب ملاقات نی جانے کب ہو اُن کو خط لکھوں گا اور اس بیچ کو سلجھانے کی درخواست کروں گا۔

وہ خط کا مضمون سوچنے لگ گیا۔ مراقبہ کرنے بیٹھا تو ذہن میں خط لکھنے کا ارادہ خیالات کے دھارے کی صورتچلنا شروع ہو گیا۔ وہ اپنے ذہن میں موجود مسئلے کی وضاحت کو الفاظ اور جملوں کا انتخاب کرتے کرتے اپنے خط کا ممکنہ جواب سوچنے لگا۔ وہ یہ کہیں گے ، وہ لکھیں گے ۔ وہ اُن کو لکھے گا۔ وہاں سےجواب ائے گا ۔ یہ سلسلہ چل نکلے گا۔۔۔ ارے یہ تو دائرہ مکمل ہو گیا ! اُس کے ذہن نے ایک کلکاری بھری۔ ایک طرف سے سوال جانا دوسری طرف سے جواب آنا دائرہ ہی تو ہوا۔ زندگی بھی کہیں سے آرہی ہے اور کہیں جا رہی ہے ۔ اگر یہ آنا اور جانا ایک دوسرے سے جڑا ہوا نہ ہو تو ایک سیدھی حرکت وجود میں آتی ہے۔ ایک نقطہ آغاز سے نقطہ اختتام تک ایک سیدھی حرکت۔۔لیکن اگر آغاز اور انجام باہم دگر ایک دوسرے میں مدغم ہو جائیں تو یہ دائرہ کی حرکت بن جاتی ہے۔ زندگی کا چکر LIFE CYCLEانڈہ ۔۔۔ لاروا۔۔۔پیوپا۔۔۔بالغ اور پھر دوبارہ انڈے تک کا چکر۔۔۔یہ ایک دائرہ ہی تو ہے اور یہ ایک دائرے کے سوا اور کچھ بھی تو نہیں اور جب زندگی دائروں میں گردش کرنے لگتی ہے تو اس کو قیام نصیب ہو جاتا ہے۔ اگر زندگی دائرے کی بجائے کسی خطِ مستقیم پر چل رہی ہوتی تو کسی نہ کسی نقطے پر آکر وہ ضرور رُک جاتی۔ آج لاکھوں کروڑوں سال بعد بھی ہر نوع اسی لئے موجود اور قائم ہے کیونکہ اُس کی زندگی دائرے میں چل رہی ہے۔

خوشی کی ایک لہر ابھری اور بڑھتے پھیلتے اس کے پورے وجود کو شرابور کرتی اُس کی آنکھوں سے جا ٹکرائی ۔ اُس آنکھیں کھول دیں اور بہت اطمینان اور سکون سے زیرِ لب دہرانے لگا۔ یا حی یا قیوم اے زندہ ، اے قائم ۔۔۔ اس کو اب کچھ کچھ سمجھ آرہی تھی کہ یہ دونوں اسمائے الٰہیہ اسمِ اعظم کیوں کہلاتے ہیں؟