Topics

ادھورا پن

 

کتابوں میں لکھے حروف اور الفاظ بظاہر بے جان لکیریں معلوم ہوتی ہیں۔ لیکن جب کوئی قاری کتاب کھول کر ان حروف کے مفہوم کی طرف متوجہ ہو جاتا ہے تو ان بے جان لکیروں میں جیسے جان سی پڑ جاتی ہے۔ الفاظ اور حروف زندہاور متحرک ہو جاتے ہیں۔ ذہن کی اسکرین پر مناظر اُبھرتے اور متحرک ہو کر حواس کو اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں۔ کتاب پڑھنے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے گویا وہ کوئی فل دیکھ رہا ہے۔ مصنف کے تخلیق کردہ کردار اتنے جاندار اور حقیقی معلوم ہوتے ہیں کہ انہیں باقاعدہ اُٹھتے بیٹھتے ، حرکت کرتے ، گفتگو کرتے دیکھ رہے ہوتے ہیں۔ ان مناظر اور کرداروں کے روابط سے واقعات جنم لیتےچلے جاتے ہیں ان واقعات کا جائزہ لینے کے دوران قاری اپنے افکار و خیالات سے ان کی تصدیق اور تردید کرنے کے ساتھ ساتھ اُن سے متاثر ہوتا چلا جاتا ہے۔ کسئی افراد تو مطالعے کے دوران بے ساختہ قہقہے لگانا شروع کر دیتے ہیں اور بعض افراد کہانی کے المیہ واقعات اور جذباتی اتار چڑھاؤ اتنا متاثر کرتے ہیں کہ بے اختیار اُن کی آنکھیں بھیگتی چلی جاتی ہیں ۔ لیکن جونہی کتاب بند کر دی جاتی ہے تو وہ تمام واقعات مناظر ، کردار اور ان کے جذبات تحلیل ہو جاتے ہیں۔ اب قاری کے دل و دماغ میں مطالعہ کی جانی والی تحریر کی یاد سی رہ جاتی ہے یا پھر وہی سیاہ لکیریں جو حروف اور الفاظ کا قالب اختیار کیے ہوئے تھیں۔

گویا دوران مطالعہ دیکھے گئے مناظر کرداروں کی حرکات و سکنات کا وجود قاری کے ذہن میں ہوتا ہے ۔ الفاظ اور حروف کی سیاہ لکیریں ذہن کو ایسی مہمیز لگاتی ہیں کہ ان دیکھے مناظر نظروں میں سما جاتے ہیں۔ انجانی باتیں علم میں آتی چلی جاتی ہیں لیکن اگر توجہ بکھری ہوئی ہو ، اُس میں ارتکاز نہ ہو تو نظر صفحات پر بکھری ہوئی سیاہ لکیروں کو مفہوم سے عاری ہی دیکھتی ہے۔ ان لکیروں سے نہ تو قاری کے ذہن کی اسکرین پہ کوئی تصویر ابھرتی ہے ، نہ کوئی معنویت ادراک کی گرفت میں آتی ہے اور کوئی مقصد نظر آتا ہے۔

کچھ ایسی ہی بے جان لکیروں پہ اُس کی نظریں جمی ہوئی تھیںاور اس کے ذہن کی اسکرین پہ قبل مسیح کا وہ دور متحرک ہو کر اپنے اندر سمٹے ہوئے واقعات دہرا رہا تھا جب ایک عالی شان محل میں ایک نوزائیدہ بچے کے رونے کی آواز پہلی مرتبہ اُبھرتی ہے۔ محل میں مبارک سلامت کے نعرے گونج اٹھتے ہیں، خوشیوں کے شادیانے بجنے لگتے ہیں ، مٹھئیاں بانٹی جاتی ہیں۔۔۔ نقاروں پہ چوٹ پڑتی ہیں اور رعایا کو مطلع کیا جاتا ہے کہ وارثِ تخت و تاج ، جانشینِ

سلطنت و حکومت دنیا میں تشریف لے آئے ہیں۔ محل میں گہما گہمی کا عالم ہے۔ دربار آراستہ ہے۔ بچے کے سر مونڈنے اور نام رکھنے کی رسمیں ادا ہونے کی تیاریاں ہیں۔ پنڈت و پجاری ، ساحر اور نجومی اپنے اپنے حسابوں سے جنم پتری اور کنڈلی کا جائزہ لے رہے ہیں۔

ایک مہان پجاری کے قشقہ زدہ ماتھے پر فکر و پریشانی کی لکیریں ابھرتی ہیں اور وہ ساتھی پنڈت کو نومولود کی جنم کنڈلی کے کسی پہلو کی طرف خاص طور پر متوجہ کرتا ہے۔ سب چونک پڑتے ہیں۔ بات کھسر پھسر سے بڑھتے بڑھتے بحث و مباحثے کی صورت اختیار کر لیتی ہے حتیٰ کہ تجسس ِ شاہی کے صبت کا پیمانہ لبریز ہو جاتا ہے اور دستور کے راجہ کا استفہام سوال بن کر سب کو خاموش کرتا چلا جاتا ہے۔ سب پنڈت اور کاہن ایک دوسرے کی طرف دیکھنے لگتے ہیں اور ان کی نگاہیں بڑے پجاری کے چہرے پر آ کر قرار پکڑ لیتی ہیں۔

بڑا پجاری بہت احتیاط سے الفاظ کا انتخاب کرتے ہوئے راجہ سے کہنا شروع کرتا ہے۔ آپ کا اقبال بلند ہو۔راجکمار بہت ہی نصیب والے ہیں۔ ان کا نام رہتی دنیا تک رہے گا۔ ان کو چاہنے اور ماننے والے ہر دور میں ان کے نام کا جھنڈا بلند کرتے رہیں گے۔ ان کے بت بنیں گے اور دیوی دیوتاؤں کے بیچ رکھے جائیں گے۔ ہم راجکمار پہ دیوتاؤں کی خاص نظر دیکھ رہے ہیں لیکن۔۔۔ اگر۔۔! بڑے پجاری نے بات ادھوری چھوڑ دی۔

راجہ جو بہت غور سے اپنے نومولودکے مستقبل کی بابت جاننے کو بڑے پجاری کی بات سن رہا تھا بول اُٹھا۔۔

”لیکن کیا؟ آپ مجھے پوری بات بتائیں۔ مجھ سے کچھ مت چھپائیں۔ کہیں! کیا بات ہے؟ پجاری نے اذن شاہی پر ہمت مجتمع کی اور کہا کہ یوں لگتا ہے کہ راجکمار کو امورِ سلطنت اور کاروبار حکومت سے دلچسپی نہیں ہوگی۔ وہ تخت و تاج چھوڑ کر خوش رہنا چاہئیںگے۔ اُن کو سروں پر نہیں دلوں پر حکومت حاصل ہوگی۔

راجہ یہ سن کر بپھر گیا۔ آپ کیا انٹ شنٹ بول رہے ہیں۔ راجکمار میرا ولی عہد ہو کر بھلا تخت و تاج چھوڑے گا۔ اس بات کا کیا مطلب ہوا؟ اس پر پجاری نے ڈرتے ہوئے لہجے میں کہا۔” آپ کا اقبال بلند ہو۔۔ یہ ہم نہیں کہہ رہے۔۔ یہ تو ستاروں کا حساب بتا رہا ہے کہ اگر احتیاط نہ کی گئی تو راجکمار تخت و تاج چھوڑ کر جنگلوں میں نکل جائیں گے۔

کپل دستو کے راجہ نے نہایت پریشانی اور کبیدگی سے پوچھا۔۔احتیاط؟ کیسی احتیاط؟پجاری نے جو کچھ راجہ سے کہا اس کاما حاصل یہ تھا کہ راجکمار خوشیوں کے لئے پیدا ہوا ہے اگر اُس نے کبھی غم ، تکلیف، پریشانی اور دُکھ دیکھ لیا تو وہ اسے برداشت نہیں کر سکے گا۔ اس پر شاہی فرمان جاری ہوا کہ ایسا انتظام و اہتمام کیا جائے کہ شہزادہ کبھی کسی دکھ و پریشانی اور غم کی صورت بھی نہ دیکھ سکے۔

فرمان شاہی کے موجب ایسے انتظامات ہونے کیا دشوار تھے۔ راجکمار سدھارتھ پالنے سے اتر کر گھنٹوں چلتے اور پھر کھیلتے کودتے بڑے ہو گئے۔ لڑکپن سے نوجوانی کی حدوں میں داخل ہوئے تو راجہ نے اُن کا بیاہ رچا دیا۔ سلطنت میں رعایا کو جو بھی حال رہا ہو۔ راجکمار خوشیوں کے جھولے میں جھولتا رہا پھر ایک روز وہ باپ بھی بن گیا۔ محل میں خوشیوں کے رنگ اور بھی گہرے ہو گئے۔

ایک دن راجکمار عبادت گاہ سے نکل کر محل کی طرف بڑھ رہا تھا کہ اُس نے ایک بوڑھی عورت کو دیکھا۔ بیماری نے اس کو ناتواں اور نڈھال کر رکھا تھا۔ غم و آلام اور بڑھاپے نے اپنے پنجوں کے نشان اتنے گہرے گاڑے ہوئے تھے کہ اس عورت کا چہرہ مسخ ہو چکا تھا۔ کپل دستو کے شہزادے نےایسا چہرہ اس سے پیشتر کہاں دیکھا تھا۔ وہ تو اپنے ارد گرد خوش وخرم تندرست و توانا لوگوں کو دیکھنے کا عادی تھا۔ پہلے تو وہ ایسا کریہہ چہرہ دیکھ کر گھبرا گیا لیکن تجسس نے اُس کو نئے تجربے کی طرف متوجہ کیا۔

اُس کے ذہن میں پے در پے سوال اٹھنے لگے۔۔ یہ عورت ایسی کیوں ہے؟ اس کا یہ حال کیوں ہوا؟ اُس کا چہرہ اتنا بُرا کیوں ہے؟ اُس نے ان سوالوں کے جواب چاہے۔ لیکن کوئی بھی اُس کو ایسا جواب نہ دے سکا جس سے اُس کی تسلی ہو جاتی۔راجہ کے کئے گئے انتظامات میں دراڑیں پڑ رہی تھیں۔ قدرت اسے اپنے راستے پر گامزن کرنے کے انتظامات کر رہی تھی۔ شہزادے نے اپنے ذہن میں اُٹھتے سوالوں کو اپنے اتالیق کے بتائے گئے جوابوں سے شانت کرنے کی کوشش کی اُس عورت کا مسخ شدہ چہرہ ۔۔حواس نے پہلے کبھی نہیں دیکھا تھا۔ جس کو دیکھنے کی اس کو عادت ہی نہیں تھی۔ ہر جواب کا مذاق ہی اڑاتا رہا۔

ایک روز اُس نے محل سے باہر جانے کی کوشش کی تو دربانوں میں ہلچل مچ گئی۔ بات راجہ تک پہنچائی گئی۔ راجہ نے پہلے تو راجکمار کو بہلانے کی کوشش کی پھر اجازت دے دی لیکن ساتھ میں یہ فرمان بھی جاری کر دیا کہ جب راجکمار شہر کا دورہ کریں تو اس امر کا پورا خیال رکھا جائے کہ کوئی فریادی اپنی رونی صورت لے کر شہزادے کے سامنے نہ آنے پائے۔ شہزادہ شہر کی سیر کر رہا تھا کہ لوگوں کا ایک گروہ ایک جنازہ لئے جاتا نظر آیا۔ شہزادے نے پوچھا یہ لوگ کون ہیں؟ جب معلوم ہوا کہ کوئی مر گیا ہے اور اس کی میتکو شمشان کی طرف لے جایا جا رہا ہے تو وہ اس منظر کو قریب سے دیکھنے پر مصر ہوا۔ اس نے جنازے کے ساتھ متوفی کے لواحقین کو روتے پیٹتے دیکھا۔ جانے والے کا دکھ پیچھے رہ جانے والوں کو کھا رہا تھا۔ اُن کے دکھ اور آہ و فغاں نے راجکمار کے اندر کایا کلپ کا کام شروع کر دیا تھا۔

اس روز کے بعد سے راجکمار سدھارتھ افسردہ سا رہنے لگا۔ یہ بیماری ، موت ، دکھ ، غم اور پریشانیاں کیا ہیں؟ وہ راتوں کو دیر دیر تک جاگتا اور خود کو ان سوچوں کے حوالے کئے رہتا۔ کبھی کبھی تو وہ سوتے سوتے اُٹھ بیٹھتا۔ اس کی بیوی اس کی دل جوئی کرنے کی کوشش کرتی تو وہ اُس سے طرح طرح کے سوال پوچھتا۔ اس کی بیوی اس کو اپنے علم کے مطابق جواب دیتی۔ وہ اس کی نسبت باہر کی دنیا کا بہتر شعور رکھتی تھی۔ وہ اس کو بتاتی کہ لوگوں کے اپنے کرم اور کرتوت اُن کے دکھوں ، مصائب اور پریشانیوں کا سبب بنتے ہیں۔ اس لئے راجکمار کو اُن کی بابت زیادہ متفکر نہیں ہونا چاہیے۔ شہزادہ لوگوں کو اُن کے مصائب و آلام سے نجات دینے کے منصوبے باندھتا۔ اس کی بیوی اس کی ہاں میں ہاں ملاتی کہ جب وہ خود راجہ بنے گا تو جیسا وہ چاہے گا ویسا کر لے۔

ایک روز دربار بادشاہی میں حکومتی انتظامات زیرِ غور تھے۔ لگان اور آبیانے کی شرح بڑھانے اور عوام پر کچھ مزید ٹیکس لگانے کی بات چل رہی تھی۔ سب وزیر اور مشیر اپنی آراء کا سلیقے اور قرینے سے اظہار کر رہے تھے۔ راجکمار سدھارتھ بھی وہاں موجود تھا۔ وہ سب کی باتیں سن رہا تھا ۔ اُس نے اپنی سوچ کے تحت باندھے گئے منصوبے کی روشنی میں لوگوں کے دکھوں ، پریشانیوں اور مصائب کو ختم کرنے کی بات کرتے ہوئے ٹیکس نہ لگانے کی بات کہہ دی۔ سب درباری ہکا بکا رہ گئے۔

راجہ نے راجکمار کی بات کو دخل در معقولات قرار دے کر اُسے بتایا کہ ابھی وہ امور حکمرانی سے واقف نہیں۔ اگر وہ رعایا سے لگان اور ٹیکس نہیں لیں گے تو خود اُن کا کیا بنے گا؟ اس پر شہزادے نے کہا۔ لیکن رعایا ان کو لگان دیتی ہی کیوں ہے وہ اپنی آمدن سے اپنے حالات خود کیوں ٹھیک نہیں کرتی؟

یہ بات مزاج شاہی سے کہاں مطابقت رکھتی تھی۔ راجہ نے بہت ضبط کیا لیکن جلال شاہی کی حدت پورے دربار کو اپنی موجودگی سے باخبر کر رہی تھی۔ راجہ کی کیفیت کو سمجھتے ہوئے مہانتری نے بڑی ہوشیاری سے راجکمار کو وہاں سے ہٹانے کو اسے اندر محل میں جانے کو کہا۔

راجکمار اُٹھ کر وہاں سے چلا تو گیا لیکن اب وہ بُری طرح الجھ چکا تھا کہ اس کو سلجھنے کی کوئی راہ سجھائی نہیں دے رہی تھی۔ اُس کی بے قراریوں میں اب وحشتوں کا رنگ آنے لگا تھا۔

ایک دن اُس کی بیوی نے اپنے شوہر کی عدم التفاتی کا شکوہ کیا تو اُس نے اُس کو اپنی الجھن سے آگاہ کر دیا۔ اُس نے لوگوں کے دکھوں اور غم و آلام کا کوئی مناسب حل نہ کرنے سکنے پر اپنی پریشانی اور الجھاؤ کی بات کی۔ اس کی پتنی کےایک جملے نے اس کو راہ کا تعین کرنے میں مدد دی۔ اس کو الجھتے خود سے لڑتے دیکھ کر اُس نے کہا۔ جو بات آپ کرناچاہ رہے ہیں وہ تو بڑے بڑے دھیانی گیانی اوتار نہیں کر سکے جنہوں نے اپنی زندگیاں انسانوں سے دور گپھاؤں اور جنگلوں میں گزار دیں اس مسئلے کو وہ نہیں حل کر سکے تو آپ کیا کر لیں گے؟ جب تک لوگ ایسا رہنا چاہتے ہیں ، وہ ایسے ہی رہیں گے۔ انہیں خود عقل نہیں آتی تو آپ کیا کر لیں گے؟ آپ ان لوگوں پر حکومت کرنے کے لیے آئے ہیں۔ آپ ان پر حکومت کریں۔ اُن کے مقدر میں آپ کی رعایا ہونا لکھا ہے۔ وہ آپ کی رعایا رہیں گے۔ آپ کو اُن پر حکومت کرنا ہے۔ یہ آپ کا مقدر ہے۔

وہ رات سدھارتھ پر بہت بھاری تھی۔ اُس نے سوچا یہ مقدر کیا ہے؟ اگر میں رعایا ہوتا تو کیا یہ سب مچھ میرے ساتھ بھی ہوتا جو عوام کے ساتھ ہو رہا ہے۔ اس کو مقدر کس نے بنایا؟ کیوں بنایا؟ یہ بڑے بڑے دھیانی گیانی گپھاؤں میں بیٹھ کر کیا کرتے رہے ہوں گے؟ وہ اس گتھی کو کیوں نہیں سلجھا سکے۔ آخر اس سمیا کا کوئی حل تو ضرور ہوگا؟ اُس کے اندر سے ایک آواز ابھری۔ ہاں حل تو ضرور ہوگا۔ اُس حل کو تم خود کیوں نہیں کھوج نکالتے؟ میں کھوج نکالوں؟ لیکن کیسے؟ اس نے سوچا اور یہ بات اُس کے اندر ایک پھانس کی طرح اُترتی چلی گئی۔

دن تو جیسے تیسے گزر جاتے لیکن راتوں کو پچھلے پہر اس کی آنکھ کھل جاتی اور وہ خود کو طرح طرح کے سوالوں کی زد میں پاتا۔ ایسے سوالوں کی زد میں جو بگولوں کی طرح اُس کے اندر طوفان اُٹھاتے اور اُس کو بے قرار کرتے۔ ایک رات اُس نے اپنی بے قراریوں سے نجات پانے کے لیے ایک فیصلہ کیا۔ ایک رات جب سب گہری نیند سوئے

ہوئے تھے۔ وہ اُٹھا اور محل سے نکل کر گیاایک جنگل میں۔ ایک برگد کے نیچے براجمان ہو گیا۔

بعض روایات کے مطابق بارہ اور بعض کے مطابق سات سال تک وہاں رہا اور پھر ایک روز با لآخر وہ اپنےاندر اُتر گیا۔ اس نے اپنے اندر وہ منزل تلاش کر ہی لی جس کو نروان کہتے ہیں۔ اس نے دریافت کیا کہ انسان کے مصائب و آلام اس کی خواہشوں اور توقعات سے جڑے ہوئے ہیں۔ اگر انسان اپپنی خواہشات کی کنہ کو سمجھ لے اور دوسروں سے توقعات وابستہ کرنا ختم کر لے ، تو وہ ابدی طور پر مکتی حاصل کر سکتا ہے اور اس بات کو سمجھنے کے لئے لازم ہے کہ انسان اپنے اندر کی دنای میں داخل ہو جائے۔ اس کے بعد ہی اُس کو نروان حاصل ہو سکتا ہے اور تب ہی آدمی مقدر بنانے والے کے ساتھ ہم رشتہ ہو کر اپنے مقدر کی تشکیل نو کر سکتا ہے۔

مطالعہ سے یہ سب باتیں اس کے شعور میں داخل ہوئیں اس کے ذہن میں واقعات کی ایک فلم سی چلتی رہی ۔ اس نے کتاب بند کر دی لیکن واقعات کا تاثر اس کے ذہن کو اپنی گرفت میں لئے ہوئے تھا۔

کپل دستو کے شہزادے سدھارتھ نے تخت و تاج چھوڑ کر لوگوں کو اپنے اندر اترنے کی جو راہ اور طریقہ سکھایا اُس کو بدھ مت کہا گیا اور اُس کے بانی کو لوگوں نے بدھا کہا۔ جس کا مطلب ہے جاننے والا۔ کپل دستو کے راجکمار سدھارتھ نے اپنے اندر اتر کر وہ سب جان لیا جس نے اُس کی ہر خلش اور بے قراری کو ختم کر دیا۔ وہ سکون اور خوشی کی ایک ایسی کیفیت سے سرشار ہو جو اُس کے باپ کی راجدھانی ، کپل دستو کے شاہی محل میں تمام تر دنیاوی وسائل کے باوجود اُس کو حاصل نہیں تھی۔ اس نے جان لیا کہ یہ سب مادی چیزیں اُس طرح کی خوشی اور مسرت مہیا نہیں کر سکتیں جو انسان کو اپنے خالق اپنے رب سے تعلق استوار ہونے پر حاصل ہو سکتی ہے اسی ربط اور تعلق کو اس نے نروان حاصل ہونا کہا۔ پوری زندگی لوگوں کو یہی ترغیب دیتا رہا کہ جیسے بھی بن پڑے نروان حاصل کرو۔ اس کے لئے انہیں صرف اتنا ہی تو کرنا ہے کہ وہ خود اُس کی طرح اپنے اندر اُتر جائیں۔ اپنے اندر اترنے سے پیشتر لوگوں سے وابستہ توقعات کو ، اُن سے جڑی امیدوں اور آشاؤں کو ترک کرنا ضروری قرار دیا۔

اُس کی تعلیمات کا جو حشر ہوا وہ آج سب کے سامنے ہے۔ توقعات کا ترجمہ اِچھا یعنی خواہشات اور تقاضے کر کے اُس کے دیئے ہوئے سیدھے سادھے نظام کو رہبانیت کی مثال تو بنایاجس نے پوری زندگی اس بات کا پرچار کیا کہ عبادت کے لائق صرف ایک واحد ذات ہے اور اُسی سے تعلق روا اور واجب ہے۔ خود اُسی بدھا کے اتنے بت بنا کر پوجے گئے کہ شاید ہی کسی اور دیوتا کے اتنے بت بنائے اور پوجے گئے ہوں۔ اُن باتوں کو سوچتے سوچتے اُس نے اس بات کا جائزہ لینا شروع کیا کہ جس بات کو بدھا نے نروان۔۔آنحضرت حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے معراج کہا۔۔۔ اِن میں کیا فرق ہے؟ اُس نے اس بات کو بھی خصوصی طور پر سمجھنے کی کوشش کی کہ پیغمبر اسلام نبی کریم ﷺ نے نماز کو مومنوں کی معراج کیوں قرار دیا؟

یہی باتیں سوچتے فکر کی ایک لہر اُس کے شعور میں داخل ہوئی۔ بدھا نے وہیں اپنے محل کے اندر رہ کر اپنے اندراترنے کی کوشش کیوں نہ کی؟ اُس کے اس راہ پر چلنے میں ایسی کیا بات تھی کہ اُس نے اپنے تمام پیش رودھیانی گیانی اوتاروں پر سبقت حاصل کر لی؟ اُس کو کس بات نے اس قابل بنا دیا کہ وہ ڈھائی ہزار سال سے عارف باللہ لوگوں میں ایک ممتاز اور منفرد مقام کا حامل بنا ہوا ہے۔

سوچ کی یہ لہریں شعور میں ایک تلاطم برپا کرتی چلی گئیں۔ اس کے اندر کئی سوال تہہ در تہہ ابھرتے چلے گئے۔

کیوں اور کیسے؟ کی تکرار اُس کی سوچوں میں بھنور بناتی ۔ وہ ہر بھنور کی زد میں چکراتا اور پھر اُبر کر شعور کی سطح پر آجاتا۔ اُس نے اس کیفیت پر اب اتنا خلفجان محسوس نہیں کیا جس طرح وہ پہلے کبھی محسوس کیا کرتا تھا۔ اب اُس کو ایک ڈھارس سی تھی کہ اُس کا کامل مرشد موجود ہے۔ اگر کسی مقام پر وہ اٹک بھی گیا تو وہ اُس کو وہاں سے نکال دیں گے۔ اس لیے وہ اس بات کو بار بار شعوری طور پر ذہن میں دہراتا رہا۔ اس سے یہ ہوتا کہ پورا واقعہ اپنی جزئیات کے ساتھ اس کے ذہن کی اسکرین پر ابھرتا اور تازہ ہوتا رہا۔ وہ ڈوب ڈوب کر اس بات کو سوچتا کہ غورو فکر کے لئے بدھا نے آخر وہ کون سا طریقہ اختیار کیا کہ اس کا تعلق اس لافانی اور جاودانی ذات سے جڑ گیا جس نے پوری کائنات کو خلق کیا، آسمانوں کو بغیر ستونوں کے ایستادہ کیا اور زمین کو نہ اتنا سخت بنایا کہ لوگ ٹھوکریں کھاتے پھریں اور نہ اتنا نرم کہ وہ اس میں دھنس کر ہی رہ جائیں۔

اس کے ذہن میں بہت سے جواب آتے رہے۔ کبھی وہ خود سے کہتا کہ بدھا نے دراصل دھیان گیان کا وہ طریقہ الہامی طور پر اپنا لیا تھا جسے تصوف میں مراقبہ کہا جاتا ہے۔ لیکن اس جواب سے اس کی تشفی اس لئے نہیں ہو رہی تھی کہ وہ سوچتا کہ اگر بات محض مراقبہ کرنے تک ہی محدود ہوئی تو اس وقت بھی لاکھوں افراد مراقبہ کرتے ہیں۔

دیگر مذاہب میں دھیان گیان کی مشقیں کرتے ہیں لیکن کتنے لوگ ہیں جو عرفان و آگہی کی اُس سطح تک پہنچ سکتے ہیں جہاں بدھا پہنچا۔ پھر وہ سوچتا کہ مراقبہ کے ساتھ ساتھ اس میں طرز فکر کا بھی عمل دخل رہا ہوگا۔ طرزِ فکر کی درستی پر خود اس کے مرشد کریم کس قدر اصرار کرتے ہیں۔ لیکن نہ جانے کیوں وہ اس جواب پر بھی خود کو مطمئن محسوس نہیں کر پا رہا تھا۔

بالآخر ایک روز اُس سے نہ رہا گیا۔ اُس نے اپنے مرشد کریم سے فون پر بات کی۔ اُن کی آواز سنتے ہی وہ بے خود سا ہو گیا۔ اس کے ذہن میں جو کچھ تھا ۔۔ وہ سب محو ہو گیا۔ انہوں نے اُس کا حال پوچھا، اُس کی اور اُس کے متعلقین کی خیر و عافیت دریافت کی۔ اِن رسمی سی باتوں میں بھی وہ محبت اور اخلاص کی لہریں محسوس کر رہا تھا۔ وہ اُس کو مسرت و انسباط کا ایک جانفرا احساس عطا کر رہی تھیں۔ اُس نے اُن کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا۔”فلاں صاحب سے ملاقات ہوئی تھی تو انہوں نے اپنا ایک مسئلہ آپ سے عرض کرنے کو کہا تھا۔“ مسئلہ سن کر اُس کے مرشد نے کہا۔” وہ صاحب جزئیات میں پڑ جاتے ہیں۔ ان سے کہیے کہ وہ پوری بات پر بطور ایک اکائی غور کریں تو اُن کے مسائل حل ہو جائیں گے ۔ فروعی اور جزوی باتیں انسان کو الجھاتی بہت ہیں۔“

اُس نے اُن کی بات سنی اور پھر چند ایک مزید باتوں کے بعد فون بند ہو گیا تو اس نے تحیر آمیز مُسرت کے سوچا کہ انہوں نے باتوں ہی باتوں میں کس خوبصورتی سے اُس کے اندر کی گرہ کھول دی تھی۔ اس کی الجھن جس کا بظاہر کوئی تذکرہ گفتگو کے دوران نہیں ہوا تھا۔ وہ الجھن انہوں نے باتوں ہی باتوں میں سلجھادی تھی۔ اُس نے کنایتاً بھی اُن سے اپنے اندر اچھلتے کودتے سوالوں کا ذکر نہیں کیا تھا ۔لیکن اس کے باوجود انہوں نے کس قدر سلیقے سے اُس کو جواب سے نواز دیا تھا۔

اُس نے سوچا کہ بدھا نے دراصل یہ راز جان لیا تھا کہ وہ جس قسم کی خوشیوں سے روشناس ہے وہ اصل خوشی اور مسرت کا محض ایک عکس اور جزو ہیں۔ وہ خوشیوں سے محض جزوی طور پر روشناس ہے۔ ازل سے لے کر ابد تک روح کے سفر میں کتنی ہی منزلیں اور پڑاؤ آتے ہیں۔ یہ دنیا بھی محض ایک پڑاؤ ہے۔

اس وقتی قیام گاہ میں انسان کو اتنا بھی محو نہیں ہونا چاہیے کہ وہ گزری ہوئی منزلوں اور آنے والی مسافتوں کو ہی بھول جائے۔ اِس بھول جانے کی وجہ بھی یہی بنتی ہے کہ انسان اس عارضی قیام گاہ کو۔۔ جو مادی زندگی کی مسافت

کا محض ایک جزو ہے ۔۔کو ہی مستقل اور پائیدار پڑاؤ قرار دے دیتا ہے اور پھر مزید ستم یہ ہوتا ہے کہ وہ اس قیام کے ہر دن اور ہر لمحے کو جو محض ایک جزو کے اجزاء ہیں۔۔ میں ہی گرفتار ہوتا چلا جاتا ہے۔

اگر ہم اپنے رویوں کو اس نظریئے سے دیکھیں ، اپنی سوچوں کا اس زاویے سے جائزہ لیں تو بھی بات واضح ہوتی ہے کہ ہم کل سے صرف نظر کئے جزوی باتوں میں الجھے رہتے ہیں۔ اگر ہم کسی سے ملاقات کرتے ہیں تو اس شخصیت ، جو مختلف اجزاء کا مرکب ہوتی ہے ، کے محض کسی ایک آدھ رُخ کی بنا ء پر اپنایت یا بے رُخی کا فیصلہ کر لیتے ہیں۔

اب ایک آدمی کی زندگی میں کتنے ہی پہلو ہوتے ہیں۔ وہ کتنی ہی کیفیات اور جذبوں سے مل کر اپنے رویے متعین کرتا ہے ۔ کتنے ہی رشتوں کی ڈور میں بندھا ہوتا ہے ۔ کہیں وہ باپ ہوتا ہے ، کہیں بیٹا ، کہیں شوہر ، کہیں بھائی ، کہیں دوست ہوتا ہے تو کہیں محض ایک کارکن ۔۔لیکن جب ہم کسی سے ملتے ہیں تو کیا ہم صرف یہ نہیں دیکھتے کہ اس نے ہم سے کیسا رویہ اختیار کیا یعنی ہم محض اپنی ذات کے حوالے سے اُس آدمی کے محض کسی ایک جزو کو دیکھ رہے ہوتے ہیں اور ہماری وابستگی اور اپنائیت اسی ایک جزو کے حوالے سے وجود میں آتی ہے اور اسی لئے کوئی دوسرا رخ یا کوئی دوسرا جزو آنے پر معدوم ہو جاتی ہے یا بڑھ جاتی ہے۔ مٹ جاتی ہے یا دوگنی ہو جاتی ہے ۔ اسی طرح ہم جب کسی سے بات ، کسی مسئلے یا کسی معاملے پر غور کر رہے ہوتے ہیں تب بھی ہمارا رویہ یہی ہوتا ہے۔ ہم اس کو جزوی طور پر ہی تو سمجھتے ہیں۔

پوری طرح سے پوری بات ہمارے محدود شعور میں کم ہی داخل ہو پاتی ہے ۔ اس ہی لئے تو ہماری ہر بات ، ہر نظر یہ اور ہر فلسفہ کسی نہ کسی اسٹیج پر جا کر رد ہو جاتا ہے۔ اس میں قطع و برید کرنا پڑ جاتی ہے یا اس میں تبدیلی لازم ہو جاتی ہے کیونکہ ہم نے بات کو پورے اور مکمل طور پر نہیں جانچا اور جانا جاتا ۔ یہ بات ہمارے روز مرہ واقعات ، ذاتی و انفرادی طور پر کئے گئے کاموں سے لے کر اجتماعی رویوں تک سب پر ہی برابر لاگو ہوتی ہے۔

اس ہی لئے تو ہم ادھورے لوگ ہیں کہ ہم ہر طرح سے ادھوری بات سنتے ، ادھوری بات سمجھتے ادھوری باتیں کہتے اور ادھورے کام کرتے ہیں۔ ہم ادھورے پن کا شکار رہتے ہیں۔ کبھی ہماری سوچ یہ نہیں بنتی کہ ہمیں ادھورا پن چھوڑ کر کاملیت اور اکملیت کی طرف گامزن ہونا چاہیے۔ جب ہم اپنی تکمیل کی طرف متوجہ ہی نہیں

ہوتے تو ہم مکمل کیسے ہو سکتے ہیں۔

سوچ اور فکر کی ان روشن لہروں نے اُس کے شعور میں آگہی کا ایک اجالا سا پھیلانا شروع کر دیا تھا۔ اس نے مرشد کریم کی سجھائی ہوئی راہ پر قدم بڑھائے تو وہ یہ بات سمجھ گیا کہ بدھا نے درحقیقت یہ راز جان لیا تھا کہ اس کو حاصل خوشیاں ، اس کی زندگی ادھوری ہے۔ اُس نے اسی بات کو جاننے کے بعد پورے طور پر ، خوشیوں اور زندگی کی تکمیل کی طرف قدم بڑھایا تھا۔ وہ جزو کو چھوڑ کر کُل کی طرف متوجہ ہو گیا تھا۔

اُس اجالے میں اچانک ایک خیال روشن سورج کی مانند اس کے شعور میں طلوع ہوا۔ قرآن حکیم میں حضور نبی کریم سے فرماتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آج کے دن ہم نے آپ پر اپنا دین مکمل کر دیا اور اپنی نعمتیں تمام کر دی ہیں۔ اچھا تو اسی لیے ہر نبی پیغمبر اور اوتار نے حضور نبی اکرم ﷺ کے بارے میں یہ پیشین گوئی کرنا اپنا فرض جانا تھا۔ کیونکہ وہ سب اپنی اپنی جگہ یہ جانتے تھے کہ وہ خود تکمیل ے کس مرحلے پر ہیں۔ اس ہی لیے انہوں نے بتا دیا تھا کہ ایک بندہ ایسا ضرور آئے گا جو پوری بات کو پوری طرح جانتا ہوگا اور جان لے گا۔

کاملیت اور اکملیت کی شان والے نبی کی امت میں سے جس بھی فرد کو یہ سمجھ آگئی تو وہ ادھورے پن سے نکل کر اپنی تکمیل کے سفر پر گامزن ہو جاتا ہے۔ کامل اور مکمل ترین ذات سے ربط تبھی تو ممکن ہوگا جب بندہ اپنے ادھورے پن کو مان کر اس سے آگاہ ہونے کے بعد اس سے پیچھا چھڑانے کے سامان کرنے لگے۔ اب جب بات اس کی سمجھ میں آگئی تو اس نے سوچا کہ اس کے بعد تو اس پر عمل پیرا ہونا ہی باقی رہ گیا ہے۔