Topics

اسے دیکھ کبیرا رویا


 

کہتے ہیں ایک فقیر کے خدا رسیدہ ہونے کی بات سن کر ایک امیر ان سے ملنے چلا گیا۔ فقیر نے اس امیرکی بہت ادب سے پذیرائی کی اور اس کی آؤ بھگت میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی۔ امیر نے سمجھا کہ فقیر اس کے تزک و احتشام ، شان و شوکت، عزت و مرتبے ، اُس کے لباس فاخرہ اور ٹھاٹ ِ امیری سے مرعوب ہو گیا ہے۔ اُس نے کچھ دیر تو اس مہمان داری کا لطف لیا لیکن آخر جب اُس سے رہا نہ گیا تو اُس نے کہا۔” میں تو کچھ اور سمجھ کر آپ سے ملنے آیا تھا۔“

 فقیر نے تجاہلِ عارفانہ سے کام لیتے ہوئے دریافت کیا۔

”آپ نے کیا سمجھ کر فقیر کو عزت بخشی؟“

امیر نے کہا ۔” میں تو آپ کو ایک خدا رسیدہ فقیر جان کر آپ کی خدمت میں حاضر ہونا ایک سعادت سمجھا تھا لیکن آپ نے جس طرح سے مجھ دنیا دار کی عزت افزائی دنیا داروں کے انداز میں فرمائی ہے ، اس سے مجھے بہت مایوسی ہوئی ہے کہ آپ بھی میری امارت کے سحر کا شکار ہوگئے ہیں۔“

فقیر نے یہ دیکھ کر کہ امیر کی بنی ہوئی توقعات فقیری کی چوٹ کی تاب نہ لا کر ٹوٹ چکی ہیں، بڑی رسانیت سے کہا۔” کیا میں یہ دریافت کر سکتا ہوں کہ آپ نے اس خاکسار کو فقیر کیوں کہا؟“

امیر اس غیر متوقع سوال سے قدرے الجھ سا گیا لیکن کہا۔” آپ دنیا کو چھوڑ کر شہر سے باہر جاگزین ہوئے ، اس پر میں نے آپ کو فقیر جانا اور اس ہی لئے آپ کو قابلِ صد احترام سمجھتے ہوئے آپ کی خدمت میں حاضر ہوا۔“

”اور میں نے تو آپ کو خود سے بڑا فقیر سمجھتے ہوئے آپ کی پذیرائی کی۔ آپ کا احترام میں نے اسی لئے کیا کہ آپ مجھ سے کہیں بڑے فقیر ہیں۔“ فقیر نے مسکراتے ہوئے امیر کو بتایا۔

وہ امیر یہ سن کر بالکل ہی الجھ گیا اور کہا۔

”آپ یہ کیا فرما رہے ہیں؟ میں تو دربار شاہی سے وابستہ ایک عام سا دنیا دار انسان ہوں اور آپ کے نیاز حاصل کرنے ، آپ سے فیض کی طلب اور دعا کی آس میں ، آپ کے آستانے پر حاضر ہوا تھا ۔ یہ آپ مجھے کن کانٹوں میں گھسیٹ رہے ہیں؟“

فقیر نے اسی دھیرج اور متانت سے کہا ۔” میں نے غلط نہیں کہا۔۔۔۔ میں نے دنیا کو چھوڑا تو آپ جیسے امیر نے مجھے قابلِ عزت گردانا۔ اب اگر آپ جیسا سمجھدار انسان ۔۔۔آخرت کی لافانی زندگی کو چھوڑ کر محض دنیا پر ہی قناعت کر لے تو لامحالہ اُس کی قربانی مجھ سے بڑی ہوگی اور وہ تو بہت ہی فقیر ہوا۔ لہذا مجھ پر آپ کی عزت و تکریم واجب ہوئی یا نہیں؟“

فقیر نے ضرب کلیمی سے امیر کی طرزِ فکر پر جو چوٹ لگائی اُس نے اُس امیر کے شعور میں کیا اتھل پتھل مچائی ہوگی اسکا اندازہ ہر صاحب ذوق خوب اچھی طرح سے لگا سکتا ہے۔

یہ واقعہ پڑھ کر اُس کے ذہن میں خیال وارد ہوا کہ یہ فقیر لوگ بھی خوب ہوتے ہیں۔ ایسی بات کہہ سناتے ہیں کہ ایک بار تو بنی ہوئی سوچوں کا پورا سانچا بھک سے اڑ جاتا۔ ساری ہوا نکال کر رکھ دیتے ہیں۔ذہن محدودیت کے جال سے باہر موجود لامحدود فضاؤں سے آشنا ہو جاتا ہے اور اوندھی کھوپڑی ایک جھٹکے سے سیدھی ہو جاتی ہے لیکن شعور بڑی محنت اور تگ و دو سے واپس اپنے خول میں سمٹ آتا ہے اور اپنی خیر مناتا ہے کہ اس نے سیدھے ہونے کے اس موقع سے بھی نجات پائی۔

شعور انسانی خود فریبیوں کی جس غلط روش پر اڑا ہوا ہے اس کے کئی مظاہر کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بھگت کبیر داس نے یہ دُکھڑا رویا تھا۔

رنگی کو کہیں نارنگی ، تنت مال کو کھویا

چلتی کو کہیں گاڑی ، اسے دیکھ کبیر رویا

سننے والوں نے اس وقت بھی اس بات کو اسی طرح سراہا ہوگا جیسے آج کا انسان اس کو پڑھ کر سر دھنتا ہے لیکن کیا اس نے چلتی ہوئی چیز کو گاڑی کہنا چھوڑ دیا؟ کیا وہ حاصل مال کو کھویا کہنے سے بازآگیا؟ کیا اُس نے نارنگی کہنا ترک کر دیا ؟ تو پھر ہوا کیا؟ اس کےاندر اس ”کیا ہوا“ کی گردان تکرار بنتی چلی گئی۔

اس نے گڑ گڑا کراللہ سے سکون اور اطمینان قلب عطا ہونے کی دعا مانگی تو اس کے اندر سے ایک لہراتے ہوئے خیال نے کوڑے کا روپ دھار لیا۔سکون مانگنے والے کیا واقعی سکون کے طلب گار بھی ہیں؟ یا سکون کا مطلب کسی بھی ایسی کوفت سے بچنا لیتے ہیں جو شعور کو سیدھی ، کھری اور بے نیام سچائی کا سامنا کرتے وقت ہوتی ہے۔۔۔ اب اس کا کیا مطلب ہے؟۔۔۔نہیں۔۔۔بالکل نہیں وہ گڑبڑا کر رہ گیا۔ بھلا اس بات کا کیا مطلب ہوا؟

سکون مانگنے اور پھر سکون ہی سے گھبرانے کی مثال انسانوں کے مختلف رویوں سے کس قدر آشکار ہوتی ہے اس کے ذہن میںکئی ایسی مثالیں عود کر گئیں ۔ کون ہے جو سکون کا طلب گار نہیں لیکن اس کے باوجود کتنے لوگ ایسے ہیں جو حقیقتاً پر سکون بھی ہیں۔ ہر آدمی مضطرب ، بے چین اور بے صبرا ہو رہا ہے۔ بل جمع کرواتے وقت ، سڑک پر چلتے ہوئے ، ڈاکٹر کے پاس اپنی باری کا انتظار کرتے۔۔۔ وہ دن میں کتنی ہی بار تو اضطراب ، ہیجان اور جلد بازی کا مظاہرہ کرتا ہے ۔ سکون کا طلب گار ہو کر بھی وہ سکون سے ہی گھبراتابھی ہے۔

بجلی چلی جائے تو فضا میں ایک سکون اور ٹھہراؤ سا آجاتا ہے لیکن وہ گھبرا کر اسے سناٹا سمجھتے ہوئےکتنی بے زاری کا اظہار کرتا ہے۔ جب مراقبہ کرنے کے لئے بیٹھتا ہے تو کچھ ہی دیر میں اپنے اندر پھیلتے سکون سے بچنے کو کیا وہ آنکھیں کھول کر باہر کی دنیا کو اپنی نگاہوں کی کمند سے جکڑ لینے کو بے تاب نہیں ہو جاتا۔ اس کو اپنے مرشد کریم کی کہی ہوئی یہ بات اچانک ہی سمجھ آنا شروع ہو گئی کہ انسان محدودیت کا شاکی ہونے کے باوجود بھی اس محدودیت سے نکلنا ہی نہیں چاہتا۔

سکون کے طلب گار شہر میں سب سے زیادہ بے سکون ، پُر ہنگام اور پُر شور مقام ہی کی سب سے زیادہ قیمت لگاتے ہیں۔ بڑھ چڑھ کر اس کے دام لگاتے ہیں اور اس کو انتہائی بارونق مقام ہونے کے اعزاز سے مشرف کرتے ہیں۔کہیں سکون اور آرام اُن کی زندگی میں در آئے تو گھبرا اُٹھتے ہیں۔ اُف کیسا سناٹا ہے؟ یہ کیا بور زندگی ہے ۔ یہاں تو عجیبویرانی ہے۔ رونق اور چہل پہل ہونا چاہیے ۔۔۔ جیسے جملے اس کی یادداشت میں کچھ زیادہ پرانے نہیں ہوئے

تھے۔

یہی حال انسان کا آزاد رہنے کی خواہش کا ہے۔ وہ اپنے اردگرد چار دیواریں ایستادہ کر کے ان میں داخلے کو ایک دروازہ بھی رکھ لیتا ہے۔ اس چار دیواری میں داخل ہو کر دروازے کو اندر سے بند کر کے ، اس کو کنڈی لگا کر ، سمجھتا ہے کہ محفوظ ہو گیا ہے۔ اب وہ آزادی سے ہمکنار ہو گیا ہے۔ اس آزادی کی یقین دہانی کو اس بند کمرے میں بے لباس ہو کر آزماتا ہے۔ اگر کہیں ایسے میں اسے یہ معلوم ہو جائے کہ دروازے کی چٹخنی کسی نے باہر سے لگا دی ہے تو وہ رو دیتا ہے ۔ ہائے مجھے بند کر دیا۔ میں قید کر دیا گیا ہوں۔

بہت خوب چٹخنی اندر سے لگے تو آزادی ، باہر سے لگے تو قید۔ واہ کیا اقدار ہیں۔ کیا معیار ہے آزادی اور سکون کا۔ خیال کا کوڑا لہرایا ۔ خیال کے اس کوڑے کی مارنے شعور کو جھنجھوڑا۔ خود فریبی کا اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہو گیا کہا ایک طرف تو اس بات کی تشہیر پہ لاکھوں کروڑوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں کہ کینسر اور ایڈز لا علاج امراض ہیں۔۔ ان سے بچو ۔ جبکہ دوسری طرف انہی بیماریوں کے علاج کو مہنگا اور مہنگا تر کیا جا رہا ہے۔ سوچنے کی بات ہے کہ جب ایک مرض کو لا علاج ہی قرار دے دیا گیا ہے تو اُس کے علاج کے لئے ہزاروں کی قیمت کے انجکشن تجویز کرنے کا کیا مفہوم ہوا؟ مرے کو ماریںشاہ مدار۔۔۔۔؟

ان بیماریوں کے سدِ باب کے نام پر فنڈز اکٹھا کرنے کی مہمیں چلائی جا رہی ہیں۔ واک کا اہتمام ہوتا ہے۔ جغادری پیشہ ور مقرر تقریریں فرماکر مخیر حضرات کا جی گرمارتے اور جیبیں خالی کروانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ موت کے شکنجوں اور خون آشام جبڑوں کا تذکرہ کر کے عوام کے دل دہلائے جاتے ہیں۔ موت کا خوف آسیب بنا کر لوگوں کے اعصاب میں پیوست کیا جاتا ہے لیکن وہ جو ہاتھ میں موت کا آلہ لئے سڑکوں پر دن دھاڑے سب کے سامنے لوگوں کے سینوں میں گولیاں اُتار دیتے ہیں ان کے خلاف کچھ کہنا بھی جرم قرار دیا جاتا ہے۔ وہ جس کے ہاتھ میں اسلحہ ہو کیا وہ موت نہیں بانٹ رہا؟ کیا وہ کسی کینسر یا ایڈز سے کم خطرناک ہے؟ آج تک کتنے لوگوں نے اسلحہ سازی کے خلاف کسی واک کا اہتمام کیا؟

اُس کے ایک دوست نے تبصرہ کیا تھا۔ جس صورت حال کی طرف اُس نے اشارہ کیا تھا وہ اپنی لطافت اور مضحکہ خیزی کے باوجود اس کو بُری ہی لگی تھی۔ اُس نے تبصرہ کیا کہ ہم جنت میں جانا تو چاہتے ہیں لیکن مرنا نہیں چاہتے۔ ہمارا مذہب موت کے خوف سے نجات پا لینے کا پرچار کرتا ہے اور دوسری طرف ہمارا یہ حال ہے کہ ہم موت کے خوف سے ہی مرے جا رہے ہیں ۔ کینسر اور دیگر موذی امراض سے بچنے کے مواقع تو شاید مل بھی جاتے ہوں لیکن جدید قسم کے اسلحہ اور گولہ بارود سے پناہ کہاں؟

ہم ایک طرف تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی اس حدیث کی تکرار کرتے ہیں۔ ”مر جاؤ مرنے سے پہلے“ اور دوسری طرف موت سے خوف زدہ اور سہم کا یہ عالم کہ روزانہ کئی افراد اسی خوف سے جی ہار رہے ہیں۔ سوچ میں الجھن اور پیچیدگی بڑھ کر تضاد کا روپ دھار لیتی ہے۔ جو بیک وقت دو سمتوں میں سفر کرنے کی کوشش کرتے ہیں اُن کو کسی نے کامیاب ہوتے نہیں دیکھا تو پھر بھلا ہمارے کامیابی کا کتنا امکان رہ جاتا ہے۔

اکثر اخبارات میں جرائم کی خبروں کی بھرمار کچھ اس طرح کی جا رہی ہے جیسے پوری قوم ہی چوری، ڈاکے ، قتل و غارت گری اور لُوٹ مار میں مصروف ہو۔ اغوا ، قتل ، ڈکیتی اور دہشت گردی کی خبریں شہ سرخیوں میں مقام پا رہی ہیں۔ کسی بھی نیکی اور خیر کے اچھے کام کو اول تو کوئی خبر ہی نہیں مانتا اور اگر مان بھی لیں تو ایک کالمی خبر سے زیادہ جگہ دینا مناسب نہیں سمجھا جاتا۔

اُس نے اس سوچ کا جائزہ لینے کو ایک بار حساب لگانا شروع کیا۔ ایک دن کے اخبار میں کل پندرہ بیس جرائم رپورٹ کئے گئے تھے۔ مزید اتنے ہی یا اُس سے دو گنا ۔۔۔ ایسے کیس مزید بھی شامل کر لیں جو رپورٹ ہونے سے رہ گئے ہیں تو یہ کل پچاس ساٹھ جرائم ہوئے۔ اب اگر ایک شہر کی آبادی بیس پچیس لاکھافراد پر ہی مشتمل ہو تو یہ فیصد تناسب کے حوالے سے کتنے فیصدی ہوا؟ اب اتنی کمزور سی اقلیت ، معمولی سی تعداد کی یہ اہمیت کہ پورا اخبار ہی اس کے ناممختص ہو لیکن وہ جو باقی اکثریت نے راست روی اور اعلیٰ قدروں پر عمل درآمد کا اظہار کیا اس کا کوئی تذکرہ ہی نہیں۔ یہ تو نری دھاندلی ہوئی۔ اتنی کم تعداد کو اہمیت دیئے جانے کا ایک نتیجہ یہ بھی نکل رہا ہے کہ اس سے برائی کی مقدار اور اس کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور اکثریت کو نظر انداز کرنے کا یہ انجام سامنے آرہا ہے کہ وہ اپنے آپ میں ہی گھری ، سمٹ کر بے وقعت اور بے وزن ہو گئی ہے۔ اتنی بے وقعت کہ چار آدمی ہتھوڑے لےکر پوری قوم کو شب ِ بیدار بنا دیتے ہیں۔

ایک طرف دن راتجمہوریت کا پرچار اور دوسری طرف میں نہ مانوں ۔۔۔ سب کو میری ہی مانی چاہیے کا

نعرہ۔ طاقتور اقلیت کمزور اکثریت کو جدھر چاہتی ہے ہانک رہی ہے۔ ہر فرد ڈرا ہوا ، سہما ہوا اس ہی لئے تو ہے کہ اس کے اندر یقین کا پیٹرن ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ روشنی کی وہ لہریں جن پر اُس کا وجود ، اس کی ذات اور اس کی شخصیت قائم ہے یقین کی روشنیوں سے محروم ہو کر کمزور تر ہوتی چلی جا رہی ہیں۔ اس کے اندر کے اندھیرے بڑھتے اور پھیلتے اتنے طاقتور اور مہیب ہوگئے ہیں کہ ہر سورج انہی تاریکیوں میں ڈوبتا چلا جا رہا ہے ۔ ہم ان روشن ظلمات کا شکار ہیں جہاں ہزاروں واٹ کے طاقتور قمقمے تو روشن ہین لیکن ان قمقموں کے تباہ کن اثرات ہمارے جسم و جان میں کیا کیا خرابیاں پیدا کر رہے ہیں؟۔۔اس بات سے ہم اب اتنے بےخبر بھی نہیں رہے ہیں۔

اب یہ بات کوئی راز نہیں کہ تاروں میں موجود بجلی ، انسان میں کیسے کیسے موذی امراض کو جنم دیتی ہے۔ ہم ہمہ وقت جس الیکٹرک فیلڈ میں گھرے رہتے ہیں وہ ہمارے اعصابی نظام کو اس قدر مفلوج اور ناکارہ بنا رہا ہے کہ آج شاید ہی کوئی شخص خود کو مکمل طور پر صحت مند کہہ سکتا ہو۔ لیکن اس کے باوجود ہم اس صورت حال کا مقابلہ کرنے کی بجائے مزید گہرائی میں ہی دھنسے جا رہے ہیں۔ ریڈیائی لہروں کی تباہ کاریوں سے بچنے کی بجائے اب ہم اپنا باقی ماندہ وقت بھی ٹی وی اور کمپیوٹر اسکرین کے سامنے بیٹھ کر گزارنا اپنے وقت کا واحد مصروف بناتے چلے جا رہے ہیں۔ اور کوئی تھوڑی بہت کسر رہ جاتی ہے وہ ٹیلی اور موبائل فون پر گپ شپ سے پوری کر لیتے ہیں۔

ہم سب اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ ایک بچہ میٹرک کرنے کے لئے کم از کم آٹھ مختلف مضامین پڑھتا ہے اور جوں جوں آگے بڑھتا ہے اِن مضامین کی تعداد کم ہوتے ہوتے۔۔۔ ایم اے میں صرف ایک واحد مضمون رہ جاتا ہے اور پھر پی ایچ ڈی کے لئے ۔۔ایک واحد مضمون کے کسی ایک باب کا محض ایک موضوع پڑھا جاتا ہے۔ اب یہ سمجھ نہیں آتا کہ علمبڑھ گیا یا محدود ہو گیا؟ اگر علم سمٹ کر ایک موضوع کا احاطہ کر لے تو ایک پی ایچ ڈی کی گردن میں جتنی نخوت بھر جاتی ہے ، اُس کو اُس کے حاصل کردہ علم سے کیا نسبت ہوتی ہے؟ وہ سوچوں میں کھوتا چلا گیا۔

ہمارے ہاں کچھ یوں کر دیا گیا ہے کہ علم جتنا محدود ہوتا چلا جاتا ہے اس کی توقیر میں اتنا ہی اضافہ کر دیا جاتا ہے کہ مزید لوگ بھی اسی محدودیت کی طرف راغب ہوتے چلے جائیں جو اُن کا مقدر بن چکی ہے۔ہم روزانہ سینکڑوں ہزاروں افراد کو مرتے ، مٹی میں ملتے اور خاک ہونے کے شاہد ہونے کے باوجود اس مٹی کے پتلے کی ٹہل سیوا میں ہی لگے رہتے ہیں۔ یہ خیال آ بھی جائے کہ اس مٹی کے پتلے میں حرکت ہونااس کے چھوٹے سے وجود سے بڑھ کر چھ فٹ کا قد آور انسان بننے میں مٹی کا یہ وجود محض ایک میڈیم ہے تو بھی ہم اس خیال کو در خور اعتنا نہیں گرداتنے اور اس خیال پر اپنی توجہ مرکوز ہی نہیں ہونے دیتے۔

اس خیال کی کاٹ نے اس کو ہلا کر رکھ دیا ۔ اس نے اپنی سوچوں میں پڑتی دراڑوں سے نظریں چراتے ہوئے سوچا ۔ اس صورت حال میں ، میں کیا بھلا کر سکتا ہوں؟ یہ جو کچھ ہے اس کو بدلنے پر تو میں قادر نہیں ۔ تو کیا جو کچھ ہے ، اسی کو مان کر ، اسی پر صبر کرتے ہوئے ، قانع ہو کر ، زندگی بسر کرتا رہوں ؟ اس نے تھکے ہوئے انداز میں بے بسی سوچا۔

آج اس کے اندر سے جواب اُبھرنے میں کوئی دیر نہیں لگی۔ اس کے شعور میں ایک من موہنی سی صورت اُبھری۔ اس نورانی سے پیکر کے چہرے پر ایک منور سی مسکراہٹ نے اس کے اندر اُجالا سا بکھیر دیا۔ اس اجالے نے اس کو ایک ایسی بالیدگی سے روشناس کر دیا کہ اس کو خیال کی ان لہروں کو الفاظ کے قالب میں ڈھال کر اپنے حافظے میں سمیٹ لینے میں کوئی دقت نہیں ہوئی جو اس کے اندر لہراتی اس کے مرشد کی صورت سے نشر ہو رہی تھیں ۔ اس نے جانا وہ کہہ رہے ہیں۔ آپ خود کو ہی سنبھال لیں۔ دین میں کسی کے لئے اکراہ نہیں۔ کسی پہ جبر کاکوئی اختیار نہیں دیا گیا۔ آپ صرف خود پہ قابو پا لیں۔۔خود کو سنوار لیں گے تو کم از کم ایک فرد تو پار لگ ہی جائے گا نا۔ اس نے من ہی من میں یہ فیصلہ کر لیا کہ وہ اپنے ذہن اپنی سوچوں اور اپنی طرز فکر کے سدھار میں جُت جائے گا۔ اس میں وہ کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں ہونے دے گا۔

بات سمجھ میں آگئی تھی۔ سمجھ میں آنے کے بعد یہ بات ایک روشنی بن کر اس کے اندر پھیلتی چلی جا رہی تھی۔ اس نے محسوس کیا کہ کسی نے اس کے اندر ایک نغمہ گھول دیا ہو۔ اس نغمے کا مفہوم کچھ یوں تھاکہ فقیر کسی کو درست نہیں کرتا۔۔ وہ تو اپنے ہی برتن کو صاف کرنے میں لگا رہتا ہے۔ پھر لوگ اس کے صاف شفاف برتن کو دیکھ کر اپنے اپنے برتن صاف کرنے لگ جاتے اور یوں اعلیٰ ظرفی رواج پاتی چلی جاتی ہے۔

دیئے سے دیا جلتا ہے ۔ اجتماعی طرز فکر کو درست کرنے کا یہی طریقہ ہے کہ انفرادی طرز ِ فکر کو درست کیا جائے۔ اجتماعی طرز کی خامیوں کو روشن طرزِ فکر کے افراد ہی دور کیا کرتے ہیں اور جس روز بھی اجتماعی طرز فکر روشن ضمیر لوگوں کے رنگ میں رنگی گئی تو وہ دن ہوگا۔۔۔ جس کو سویرا کہیں گے۔

السلام علیکم

توجہ بھی کیا چیز ہے۔ آنے پر آئے تو تاریکیوں میں روشنی دیکھ لے ۔ دھندلی حقیقتوں کو واشگاف کر کے رکھ دے، پتھروں میں جلوۂ خداوندی دکھا دے۔ نہ ہو تو ہر وقت سامنے رہنے والی ہوا بھی نہ دیکھنے دے۔ اپنے تن پر سجے لباس تک کا ادراک نہ ہونے دے ۔ اپنے اندر بسی دنیا ہی کی موجودگی کا شعور نہ ہونے دے۔

جب حضرت ابراہیم ؑ کی توجہ اپنے رب ، اپنے پرور دگار اور اپنے خالق اور مالک ذات کی تلاش میں سر گرداں ہوئی تو حقیقت ازلی نے خود کو ستارے کی صورت منوانے کی کوشش کی لیکن ذوق آگہی کی اس پر تسکین نہ ہو ئی تو وہ بڑھ کردو چند ہوگئی۔ جب اس پر بھی انہیں اطمینان نہ ہو سکا ، تو اُس نے شمس کی تابندگی کا روپ دھار لیا ۔ لیکن ذوق حقیقت نے جب اُس کا بھی استقبال نہ کیا تو حقیقت منتظر کو لباس ِ مجاز سے باہر آنا ہی پڑا اور حضرت ابراہیم ؑکی تو جہ نے ہمہ وقت پیشِ نظر رہنے والی سچائی کو بھانپ ہی لیا اور اپنا رخ زمین اور آسمان پیدا کرنے والی ذاتِ واحد اور احد کی طرف کر لیا۔

یہی توجہ جب نہ ہونے پر اتر آئی تو بتوں کے ٹوٹے ہاتھ پاؤں اور کٹے سروں کو دیکھنے کے باوجود یہ سمجھنے پر راضی نہ ہوئی کہ یہ بے جان بت جو خود اپنی حفاظت اور دیکھ بھال کی قدرت نہیں رکھتے ، کسی کے خدا ہونے کے کیونکر اہل ہو سکتے ہیں۔ جن ہاتھوں نے انہیں تراشا تھا بے شک وہی ہاتھ انہیں توڑنے اور مٹا دینے کی قدرت بھی رکھتے تھے۔ لیکن اب یہ توجہ ہی تو تھی جو اس طرف آہی نہیں رہی تھی کہ خود ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو سکنے والی شے بھلا ان کی زندگیوں میں کوئی تعمیری کردار کیونکر ادا کر سکتی ہے۔ جو خود دفنا کی زد میں ہو ، وہ ان کی بقا کا کوئی بندوبست کرنے کے بھلا کہاں قادر ہو سکتی ہے۔

کسی بھی شے کی موجودگی کا ادراک تب ہی ہوتا ہے جب توجہ اُس کی طرف مبذول ہو جائے ورنہ ایک شے وجود رکھنے کے باوجود۔۔۔ موجود معلوم نہیں ہوتی۔ یہ بات الوہی حقیقتوں سے لے کر عام مادی اشیاء تک۔۔۔ سب کے لئے یکساں طور پر لاگو ہوتی ہے۔ یہاں تک کہ آپ جس کرسی پر بیٹھتے ہیں۔۔ وہ ہوتے ہوئے بھی موجود نہیں لگتی ۔۔۔ پیروں میں پہنی جوتی بھی ہماری توجہ میں صرف اُسی وقت داخل ہوتی ہے جب کسی بھی سبب ۔۔۔ ہم اس کی طرف متوجہ ہو جائیں یا کر دیئے جائیں۔

وہ یہی باتیں سوچ رہا تھا کہ ایک آواز نے اسے چونکا دیا ”السلام علیکم“ آنے والے نے اپنی آمد کا اعلان کیا تو وہ اپنے خیالوں سے باہر نکل آیا اور ”وعلیکم السلام“ کہتے ہوئے اس نے آنے والے کی طرف متوجہ ہونے کی کوشش کی ۔۔”آئیں بیٹھیں“ یہکہہ کر مہمان کے بیٹھنے تک وہ یہ اندازہ کرنے کی کوشش کرتا رہا کہ یہ صاحب کس غرض اور مدعا کے ساتھ اُس کے پاس آئے ہیں۔ مہمان ایک ادھیڑ عمر ، مخروطی چہرے پر عینک لگائے ، صاف ستھرے لباس میں ملبوس تھا۔ وہ اُن کو پہلے سے نہیں جانتا تھا ۔ لیکن اُن کے چہرے پر نرمی اور ملاحت سی دیکھ کر اس کو اجنبیت کا تاثر کچھ کم پڑتا محسوس ہوا اور وہ تناؤ سے باہر آتے ہوئے ڈھیلا سا پڑ گیا۔

اپنے تعارف کے ساتھ ساتھ انہوں نے چند ایک معروف لوگوں کے حوالے دینے کے بعد اپنا مدعا بیان کیا۔ اُن کا مطمحِ نظر اُس سے کسی غیر قانونی کام میں مدد لینا تھا۔ وہ اُن کے مقصد کو سمجھ گیا تھا لیکن وہ کام اس کے مطابق کرنے کا نہیں تھا۔ اس نے پہلے اخلاق اور نرمی سے انکار کیا لیکن جب وہ صاحب اپنی بات کی تکرار پر مصر ہو گئے۔ اب ان کا اصرار بڑھنا شروع ہوا۔ اپنے اصرار کے حق میں دلائل دینے لگے ۔ اس کا انکار اور اپنے انکار کے حق میں دلائل دیتا رہا۔ ان کا اصرار اور اس کا انکار چلتے رہے ۔ ڈیڑھ دو گھنٹے کی اس لے دے کے دوران بات کئی بار تلخی تک بڑھ گئی۔ پھر وہ اُس کو دھمکانے پر اُتر آئے۔ اِس پر وہ بھیڈٹ گیا۔ بالآخر اُس نے اُن کی بات پر غور کرنے کی حامی بھر کر جان چھڑائی اور وہ اُسے خدا حافظ کہہ کر رخصت ہوگئے۔ ان کے جانے کے بعد وہ دیر تک خود سے الجھتا رہا۔

وہ ان کے کام آنے سے عاجز تھا تو یہ بات انہیں سمجھ کیوں نہیں آ رہی تھی۔ انہوں نے بلا وجہ ہی اتنا اصرار کیا۔ جب اُس نے انہیں صاف صاف کہہ دیا تھا کہ یہ کام کرنے میں اُس کو خطرہ محسوس ہوتا ہے تو انہوں نے اُس کی سلامتی کو کیوں مقدم نہیں جانا؟ میری سلامتی کی انہیں کیا پڑی تھی وہ تو اپنے لالچ میں اندھے ہو رہے تھے۔۔ وہ اسی الجھن میں گرفتار کو فت کا شکار ہوتا رہا۔

شام کو جب گھر لوٹا۔ اس کے گھر داخل ہونے پر اس کے بیوی بچوں نے اُس کو ”السلام علیکم“ کہہ کر اس کا خیر مقدم کیا تو اس نے سوچا یہ سب تو میری سلامتی کے خواہاں ہیں اور ایک وہ صاحب تھے کہ آتے ہوئے تو میری سلامتی کے خواہاں ہونے کا اعلان فرما رہے تھے اور جاتے ہوئے مجھے خدا کی حفاظت کا مژدہ بھی سنارہے تھے۔ لیکن جس اصرار سے وہ میرا بیڑہ غرق کرنے کی کوشش اور ضد کر رہے تھے اس کو کیا کہا جا سکتا ہے۔

اُس کو اپنی الجھن یاد آگئی اور وہ ایک اور ہی بات سوچنے لگا۔ ہم سب ایک دوسرے کو سلام کرتے ہیں۔ بچے صبح سو کر اُٹھتے ہیں تو سب سے پہلے اپنے والدین کو سلام کرتے ہیں۔ ہم گھر سے جاتے ہیں تو سلام کرتے ہیں۔ گھر آتے ہیں تو سلام کرتے ہیں۔ کسی سے ملتے ہیں تو سلام کرتے ہیں۔ لیکن کیا ہمارے ذہنوں میں واقعتاً ایک دوسرے کی سلامتی کا خیال ہوتا ہے؟ کیا واقعی ہمارے دلوں میں ایک دوسرے کی سلامتی اور خیریت کی خواہش موجزن ہوتی ہے؟

حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے تو یہ سب اس لئے آغاز کروایا تھا کہ اگر افراد ایک دوسرے کی سلامتی اور خیریت کے لئے دعا کریں گے تو خود ان کی اپنی سلامتی اور خیریت یقینی ہو جائے گی۔ اس نے خود اپنا جائزہ لیا۔ اُس نے نوٹ کیا کہ کسی کو سلام کرتے ہوئے شاذ و نادر ہی اُس کا دھیان اپنے مخاطب کی سلامتی کے جذبے سے معمور ہو کر اُس کی طرف مبذول ہوتا ہے۔ اگر دھیان سلام کرنے کے مفہوم کی طرف کبھی مبذول ہو بھی جاتا ہے توبات الفاظ کے معنی کی سطح تک ہی رہتی ہے۔ وہ خود اپنے اس خیال پر مبہوت سا ہو کر رہ گیا۔

 دوسروں کی سلامتی اور خیر و عافیت کی خواہش ایک آرزو بن جائے ، ایک تمنا اور دعا بن کر اُبھرے تو اس کا اثر بھیہوگا ورنہ تو وہ محض ایک صوتِ حیوانی ہے جس سے ہم ایک دوسرے کو اپنی موجودگی اور دوسرے کی موجودگی سے با خبر ہونے کی اطلاع نشر کرتے ہیں۔ جب آپ تہہ دل سے دوسروں کی سلامتی کے آرزو مند ہو جائیں گے تو لا محالہ وہ سب بھی آپ کی سلامتی اور خیریت کے لئے دُعا گو ہوں گے اور جب لوگ ایک دوسرے کی سلامتی اور خیریت کی دُعائیں کرنے والے ہوں تو اللہ تعالیٰ اُس سلامتی اور خیریت کو یقینی کیوں نہیں بنائے گا جس کے لئے سب ہی دلی خواہش اور آرزو رکھتے ہوں گے؟

انہی سوچوں میں کھویا ہوا جب وہ نماز کے لئے کھڑا ہوا اور ادائیگی نماز کے بعد اس نے سلام پھیرا تو اس کو اور بھی حیرت ہوئی سلامتی کی دُعا پر نماز کا اختتام ہونا۔ بے اختیار اس کے منہ سے نکلا۔” سبحان اللہ“ واہ کوئی مخاطب نہ ہو تب بھی آپ دوسروں کی سلامتی اور عافیت کے لئے دعاگو ہوں۔نماز میں اللہ تعالیٰ سے ربط ہونا اور جونہی آپ اِدھر نماز سے فارغ ہوں تو واپس شعوری حالت میں انے پر اپنے دائیں بائیں موجود یا نا موجود لوگوں کی سلامتی کی خواہش کرنا۔ یقیناً یہ پورا نظام انسانیت کی بہتری اور بہبود کا نظام ہے۔

نماز کے بعد وہ وہیں بیٹھا سوچتا ہی رہا ۔ سلامتی کے اس نظام کی بابت جو نبی کریم ﷺ نے دین اسلام کے نام سے قائم فرمایا۔ اسلام کا لفظ بھی تو سلامتی اور عافیت ہی کی نشاندہی کرتا ہے۔ جب سے وہ اپنے مرشد کریم سے مل کر آیا تھا اکثر یہی ہوتا تھا کہ کوئی چھوٹی سی بات اس کی توجہ کا مرکز اور محور بن جاتی۔ وہ اس بات پر اپنی توجہ مرکوز رکھتا اور اس کے اندر احساس اور خیال کا ایک فوارہ پھوٹ پڑتا ۔ کہاں کہاں کی باتیں اس کے شعور کی سطح پر اُبھرتیں اور اُس کے حواس میں ایک جلترنگ سا بجتا رہتا ۔ اس فوارے سے امڈتے بکھرتے قطرے اُس کے وجود پر پھوار کی طرح گرتے اور اُس کی رگ رگ میں سرور کی لہریں بکھرتی چلی جاتیں اور وہ اس سرورِ لذتِ آگہی کی لہروں پر تیرتا علم کے کسی جزیرے پر جا اترتا۔ وہ اپنی سوچوں کے ہلکورے لیتا ، خیالوں کے دھارے میں بہتا چلا جا رہا تھا کہ ایک سوال کے تیز نشتر نے اس کے شعور کو ایک کچوکا دیا۔

جب یہ اتنا شاندار نظام موجود ہے تو ہم سب اتنے ٹوٹے ہوئے ، اتنے ناآسودہ اور اتنے بکھرے ہوئے کیوں ہیں؟ ہم سلامتی کے نظام کے امین ہونے کے باوجود سلامتی ہیسے کیوں دور ہیں؟ یہ تو کچھ ایسی بات ہے جیسے کوئی آدمی کپڑے لئے کھڑا ہوا ، انہیں پہنے نہ اور پھر خود ہی حیران ہوتا رہے کہ میں بے لباس کیوں ہوں؟ مجھے سردی کیوں لگ رہی ہے ؟ اس مثال کے ساتھ اس کے اندر ایک خیال لہراتا ہوا اُبھر اتو پھر ہم اس سلامتی کےنظام میں داخل کیوں نہیں ہو جاتے؟

سوچ کے بنتے بگڑتے دائروں کی تان ایک منطقی سوال پر آ کر ٹوٹ گئی اور اس نے بہت سنجیدگی سے اس کیوں کا جواب تلاش کرنا چاہا۔ رات سونے سے پیشتر وہ مراقبہ کرنے بیٹھا تو مراقبے کے دوران بھی اس نے خود کو اسی سوال کے جواب کی تلاش میں سرگرداں پایا۔ اس کے ذہن میں بہت سے جواب آتے رہے۔ لیکن کوئی ایسی بات جو اس کے اندر اترتی چلی جائے ، وہ حاصل نہیں ہو پا رہی تھی۔ جب شعور نے کوشش کو لاحاصل جانا تو اُس نے اس گتھی کو لاشعور کے حوالے کرتے ہوئے اپنی توجہ اُدھر سے ہٹالی اور سونے چلا گیا۔

صبح بیدار ہوا تو رات دیکھے ہوئے خواب کا عکس حافظے میں لہرایا۔ اس نے خواب میں دیکھا تھا کہ وہ قرآن مجید کھولے بیٹھا ہے اور ہر سطر پر انگلی پھیرتے ہوئے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھ رہا ہے یعنی وہاں بجائے آیات کے صرف تسمیہ لکھی دیکھ رہا ہے اور وہی پڑھ رہا ہے۔ اُس نے سوچا کہ اِس خواب کی تعبیر وہ اپنے مرشد کریم سے دریافت کرنے

کو یہ خواب انہیں لکھ بھیجے گا۔ اُسے یہ سوچ کر اچنبھا سا ہو رہا تھا کہ قرآن حکیم کے خواب میں دیکھے گئے نسخے میں ایات کی جگہ صرف تسمیہ ہونے کا کیا مفہوم ہو سکتا ہے؟ پھر اس کے ذہن میں تسمیہ کا ترجمہ آیا۔” میں شروع کرتا ہو ں اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے۔“ وہ ذہن میں اس ترجمے کو دہراتا رہا کہ اچانک کتاب ”لوح و قلم“ میں پڑھا ہوا ایک جملہ اس کے حافظے میں عود کر آیا۔

بسم اللہ شریف کی باطنی تفسیر کے ضمن میں حضور قلندر بابا اولیاؒ نے انبیاء کی طرزِ فکر کی وضاحت کرتے ہوئے فرمایا ہے کہ انہیں کسی چیز کی طرف توجہ دینے سے پیشتر یہ احساس عادتاً ہوتا تھا کہ یہ چیز ہم سے براہ راست کوئی تعلق نہیں رکھتی ۔ اس چیز کا اور ہمارا واسطہ محض اللہ تعالیٰ کی وجہ سے ہے۔ یعنی جب وہ کسی چیز کے متعلق سوچتے تو اس چیز کے اور اپنے درمیان کوئی رشتہ براہ راست قائم نہیں کرتے تھے ان کی طرز فکر ہمیشہ یہی ہوتی تھی کہ کائنات کی تمام چیزوں کا اور ہمارا مالک اللہ تعالیٰ ہے اس لئے کسی بھی چیز کا رشتہ اُس سے اللہ تعالیٰ کی وجہ سے اور اُسی کی معرفت ہے۔ اس بات کی روشنی میں تو تسمیہ کا ترجمہ ۔۔۔میںشروع کرتا ہوں ۔۔۔۔درست نہ ہوا۔ اس میں تو فاعل ِ حقیقی اللہ تعالیٰ کو قرار دینے کے بجائے اشارہ خود اپنی ذات کی طرف نکل رہا ہے اور پھر عربی قواعد کی رُو سے بھی بسم اللہ کا مطلب ”اللہ کے نام پہ جو رحمن اور رحیم ہے “ ہی بنتا ہے ۔ یہ ”میرا“ شروع کرنا ۔۔ کیا معنی رکھتا ہے؟ اس نے سوچا۔

دراصل ہماری تربیت میں یہ بات شامل ہے کہ جب بھی کوئی کام شروع کرو بسم اللہ پڑھنی چاہیے۔ اس لئے ہم نے اس کو کسی کام کے آغاز کے ساتھ ساتھ خود اپنے ساتھ منسوب اور مختص کر کے اس وسیع تر مفہوم کو محدود کر لیا ہے ورنہ درحقیقت ہر سورت کے آغاز میں اس کا مفہوم تو یہ بنتا ہے کہ ہم انبیاء کی طرز فکر کو اپناتے ہوئے اس کلام سے مستفیض ہونا چاہتے ہیں۔

عام زندگی میں جب ہم یہ کہتے ہیں یہ گاڑی میری ہے۔۔۔ تو گویا ہم نے گاڑی کا مالک خود کو قرار دے دیا۔ اس کے ساتھ بعض اوقات ہم یہ بات ازراہ دکھاوا شامل کر لیتے ہیں کہ یہ گاڑی مجھے اللہ نے دی ہے۔ فکر نبوی کے تحت یہ جملہ شاید اس طرح ہو گا کہ ”اللہ تعالیٰ نے یہ گاڑی مجھے استعمال کرنے کو دی ہے ۔ “ یعنی ترتیب میں اللہ تعالیٰ کو اولیت دی جانی چاہیے ۔ یعنی گاڑی کی طرف متوجہ ہونے کے ساتھ ہی دھیان پہلے اللہ تعالیٰ کی ذات اقدس کی طرف جانا چاہیے ۔ پھر گاڑی کا اور اس کے بعد اپنا تذکرہ ہونا چاہیے۔

ساری بات ہی ترتیب اور توازنکی ہے ۔ ترتیب نہ ہونا بد صورتی اور ترتیب ہونا حسن اور خوبی ۔ اگر افکار میں ترتیب پیدا ہو جائے تو فکر سج اور سنور جاتی ہے۔ یہ ترتیب بگڑ جائے تو سارا نظام ہی تلپٹ ہو کر رہ جاتا ہے۔ پیغمبرانہ طرز فکر کے مطابق سب سے اولین ترجیح اللہ تعالیٰ مالک کائنات کو دی جانی چاہیے کیونکہ یہی حقیقت بھی ہے۔ اس کے بعد اُس کی خلق کردہ کائنات کو اور پھر نمبر آنا چاہیے بندے کا اپنا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جب یہ ترتیب اُلٹ جاتی ہے تو آدمی بندہ بننے کی بجائے نمرود ، شد اد اور فرعون بن کر رب ہونے کا دعویدار ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ ایسے گمراہ لوگوں کو نشانِ عبرت بنانے پر پوری طرح قادر ہیں ۔ اس کے اندر سوچ کی لہریں اُبھرتی چلی گئیں۔

اچانک اس کے ذہن میں ایک کلکاری سی اُبھری ۔۔۔”تو اس کا مطلب تو یہ ہوا کہ بندہ بننے کے لئے وہ طرز فکر اپنانے کی ہدایت کی جارہی ہے جو کہ انبیاء کی طرزِ فکر ہوتی ہے۔ قرآن کی آیات کی جگہ تسمیہ کا نظر آنا اس کو نبی کریم حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی طرز ِ فکر کی طرف متوجہ کیا جانا ہوا ۔“ ہونا تو چاہیے تھا کہ وہ اس بات پہ خوش ہوتا کہ اُس کو ایسا اچھا خواب دکھایا گیا لیکن نہ جانے کیوں اس کے اندر ایک تاسف اور اُداسی در آئی۔ شاید یہ احساس زیاں کے سبب تھا۔۔۔بے شک اس کا بہت نقصان ہو چکا تھا۔ یہ سیدھی ، سچی اور سامنے کی بات اس سے پیشتر اس کی فہم کی دسترس میں کیوں نہیں آئی۔ تو پھر اب اس کی تلافی کیسے کرے؟ اس نے سوچا کہ تلافی تو کرنے سے ہی ہوگی یعنی اب عمل پیرا ہوئے بغیر کام نہیں بن سکتا ۔ فکر کو نشان ِ منزل تو مل گیا۔ سمت کا تعین تو ہو گیا۔ اب قدم بڑھانے کی ضرورت تھی۔

اس روز جب وہ گھر سے نکلا تو خدا حافظ کہنے سے پیشتر اُس نے اس بات کو اپنے اندر شعوری طورپر اجاگر کرتے ہوئے سوچاکہ وہ اہلِ خانہ کو واقعی خدا کی حفاظت اور تحویل میں دے کر جا رہا ہے۔راستے میں جب کوئی شناسا ملا تو اس نے پہل کرتے ہوئے ، اُس کو خلوص نیت سے دُعا دینے اور اس کی سلامتی اور خیر و عافیت کی خواہش کا اظہار کرنے کو السلام ُ علیکم کہا۔ دفتر پہنچ کر جب اس نے اپنے دفتر والوں کو اپنے باس کو ، اپنے رفقاء کو سلام کیا تو اُس نے ہر بار یہ محسوس کرتے ہوئے سلام کیا کہ وہ اُن کی سلامتی کی دُعا کر رہا ہے۔ آج وہ محض رسماً سلام نہیں کر رہا تھا۔۔ وہ سچ مچ دُعاگو تھا۔ اس نے اپنے اندر عجیب سی طمانیت پھیلتے دیکھی۔ جب وہ سب کی سلامتی کا خواہشمند ہے تو وہ خود اُس سلامتی سے کیوں کر بچا رہ سکتا ہے؟