Topics
شام کو گھر پہنچ کر اُس کو ہر روز کی
طرح ایک سکون اور طمانیت کا احساس ہوا۔ بچوں نے آگے بڑھ کر اُس کا استقبال کیا۔ سب
اُسے باری باری سلام کرنے لپکے۔ سب کے سلام کے جواب میں وہ ہلکی سی مسکراہٹ کی
اُوٹ سے وعلیکم السلام کہتا ، سب سےباری باریہاتھ ملاتا اپنے کمرے تک پہنچا۔ بیوی
نے اس کی خیریت دریافت کرتے ہوئے اسے نہا کر تازہ دم ہونے کا مشورہ دیا۔ وہ اکثر
اس بات پر ناز کیا کرتا کہ اُس کی بیوی اُس کی ضرورتوں سے اس کے بتائے بنا ہی آگاہ
رہتی تھی۔ اُس کو کس وقت چائے کی طلب ہوتی ہے ، کس وقت وہ اکیلا رہنا چاہتا ہے ،
اُس کو کس موضوع پہ اس کی رائے چاہیے ۔۔ اس کو یہ سب وجدانی طور پر معلوم ہوتا ہے۔
کبھی کبھی تو اسے محسوس ہوتا کہ اُس کی بیوی اُس کا ذہن پڑھتی رہتی ہے۔ وہ کیا سوچ
رہا ہے ، اُس کی اطلاع اُس کو کیسے اور کیونکر ہو جاتی ہے ۔۔یہ بات اُس کی بیوی کے
لئے کوئی بڑی بات نہیں تھی۔ وہ تو اُس کا خیال رکھتی تھی اور خیال رکھنے کا ہنر
اُس کو فطرتاً ودیعت ہوا تھا۔ جو بیویاں شوہروں کا خیال رکھتی ہیں انہیں اپنے شوہر
کی مزاج شناسی انعام کے طور پر ملی ہوئی ہوتی ہے۔ وہ اپنے شریکِ حیات کی ہر بات سے
آگاہ رہتی ہیں۔
گرمیوں میں نہا کر تازہ دم ہونے کا جو
پر لُطف کا احساس ہوتا ہے اُسے جانفرا بنانے کو گرما گرم چائے کی پیالی سونے پہ
سہاگے کا کام کررہی تھی۔ چائے پینے کے دوران اِدھر اُدھر کی باتوں میں آج کون
آیا۔۔کیا ہوا ، کیسے ہوا، کے دوران شام کے بعد کے پروگرام طے ہورہے تھے کہ ایک بچے
نے کہا” ابو! کل پکنک پر چلیں۔“
”کل تو عید ِ میلاد النبی ﷺ ہے۔ پکنک
پہ جانے کا پروگرام کسی اور چھٹی کے دن بنا لیں گے ۔“ اس کے جواب دینے سے پیشتر
اُس کی بیوی نے کہہ دیا۔
اُس کے چھوٹے بیٹے نے دلیل دی۔” لیکن
عید پر تو ہم پکنک پر گئے تھے۔“
”وہ تو عید تھی اور یہ تو جشنِ ولادت
ہے ۔“ بڑے بیٹے نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہا۔” کیوں ٹھیک ہے نا ابو؟“
”ابو یہ جشنِ ولادت کیا ہوتا ہے؟“چھوٹے
نے سوال کیا۔
”حضور نبی کریم ﷺ کے دنیا میں تشریف
لانے کا جشن مناتے ہیں ، ولادت پیدا ہونے کو کہتے ہیں۔“ بڑے بیٹے نے اس بار بھی
باپ کو بولنے کا موقع دینے کے بجائے اپنے علم کا اظہار کیا۔
اُس نے بچوں کی باتوں میں مداخلت کرنا
مناسب نہیں سمجھا اور خاموشی سے چائے پیتا رہا۔
”اور کل ہم کیا کریں گے؟“ چھوٹے نے
سوال کیا۔
”ہم کیا کریں گے؟“ اس نے سوال کو ذہن
میں دہرایا۔” ہم کر ہی کیا سکتے ہیں؟“ اُس نے دل ہی دل میں سوچا۔ سب بچے اُسی کو
دیکھ رہے تھے۔ اُس کو جواب دینا تھا۔۔مگر اُس معصوم سے سوال کا پتھر اُس کے شعور
میں دراڑیں ڈالتا چلا جا رہا تھا۔”ہم چھٹی منائیں گے۔“ اُس نے کہنے سے پیشتر سوچا
کہ اگر اُس نے یہ کہہ دیا تو بچے اُس کے غیر سنجیدہ جواب سے کوئی بُرا تاثر ہی نہ
لے لیں۔ اُس نے جلدی سے دوسرا جواب تراشنے کی کوشش کی۔
”ہم چراغاں دیکھنے جائیں گے۔“ اونہہ !
یہ کیا بات ہوئی اُس نے اس جواب کو بھی غیر مناسب جانا۔ حضور نبی کریم ﷺ کی ذاتِ
اقدس کی عظمت کے حوالے سے یہ بات بھی اُس کو اپنے چھوٹے پن کی دلیل لگی۔
”ہم جلوس میں شامل ہوں گے ، جلسے میں
شرکت کریں گے ، شیرنی بانٹیں گے اور چراغاں کریں گے!“ اُس نے بچوں کو خوش کرنے کو
کہہ دیا۔
بچے واقعتاً اس جواب سے خوش ہو گئے ۔
اُن کوتو عملی طور پر کچھ کرنے ، کچھ دیکھنے اور کچھ دیر گھر سے باہر رہنے کا موقع
ہی چاہیے تھا۔ سو وہ اُن کو مل رہا تھا۔ لیکن وہ خود کچھ زیادہ مطمئن نہیں تھا۔
نبی آخر الزماں ﷺ کی رفعت و عظمت کے حوالے سے یہ سب کچھ اُسے ناکافی سا محسوس ہوا۔
بچے آپس میں اپنے والد کے جواب کی روشنی میں باتیں کر رہے تھے۔ وہ چائے ختم کر کے
وہیں بیٹھا بظاہر اُن کی باتیں سُن رہا تھا لیکن اندر کہیں اور گم سوچوں میں ڈوبتا
چلا گیا۔ بچے اُٹھ کر وہاں سے کب ہٹ گئے ، اُس کو اس کی خبر ہی نہ ہوئی۔ جب بیوی
نے ۔۔” کھانے میں کیا پکاؤں ؟“ کہا تو وہ چونکا۔
”جو مناسب سمجھو “ کہہ کر وہ وہاں سے
اُٹھ گیا۔ اگلے روز اُس کو دفتر نہیں جانا تھا۔ ناشتے کے بعد اُس کے چھوٹے بیٹے نے
اپنی ماں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ۔”امی یہ کیسی عید ہے؟ نہ ہم نے نئے کپڑے پہنے
ہیں ، نہ ہی ہم نماز پڑھنے عید گاہ گئے ہیں۔۔۔نہ ہی آپ نے ہمیں عیدی دی ہے۔“
اُس نے بچے کی بات سُنی اور سوچنے لگا
” اب اس بچے کو وہ کیا سمجھائے کہ آج کی عید کو ہی اصل عید ہونا چاہیے لیکن اب
ہمیں اتنا شعور کون دے۔“
بچے کی ماں نے بات ٹالتے ہوئے کہا۔”
بیٹے آج عید نہیں عیدِ میلاد النبی ﷺ ہے۔ اس میں بچوں کو عیدی نہیں دیتے ۔ یہ اُس
طرح کی عید نہیں۔“
”واہ یہ کیا بات ہوئی! کیایہ بچوں کی
عید نہیں؟“ بیٹا اپنی بات سمجھانے سے زیادہ بات کی گہرائی تک پہنچنا چاہ رہا تھا۔”
چلیں عیدی نہ سہی ، نئے کپڑے تو ہونا چاہیے تھے ۔ پورے محلے میں کسی نے نئے کپڑے
پہنے ہیں/ کسی کو پتہ ہی نہیں کہ آج عید کا دن ہے۔“ بچے نے منہ پھلا کر کہا۔۔اور
وہ تڑپ کر رہ گیا۔
بچے نے کس بے رحمی سے لفظوں کے دھوکے
کو بے نقاب کر دیا تھا۔ واقعی اگر یہ سچ مچ عید ہے تو خوشی کے اظہار کا کوئی قرینہ
تو ہوتا۔ اُس نے سوچتے ہوئے خود سے مخاطب ہو کر کہا۔ بچوں کے سامنے منہ سے کچھ
کہنے اور اپن کے جواب میں وہ اُن کی بے رحم سچائی پر مبنی باتوں کو سننے کی تاب
کہاں رکھتا تھا ۔ اگر وہ لاجواب ہو رہا تھا تو یہ اُس کی نالائقی اور بودے پن کی
دلیل ہی تو تھی۔ بھلا بچوں سے بھی کبھی کوئی لاجواب ہوتا ہے ، اُس کو غصہ آنے لگا۔
اُسے چاہیے تھا کہ وہ انہیں ڈانٹ کر چپ کروا دیتا۔ مگر اُن کے چپ ہو جانے سے کیا
ہوگا۔ بات اُن کے ذہنوں میں گرہ بن جائے گی اور سوچ میں گرہ پڑنا نفسیاتی امراض
اور پیچیدگیوں کا سبب بن سکتا ہے۔ وہ اسی بات سے ڈرتا تھا اور پھر کیا کسی کے چپ
کر جانے سے مسئلہ حل ہو سکتا ہے۔
اُس نے بناوٹی سے غصے سے بیوی کو مخاطب
کرتے ہوئے کہا۔” تمہیں خیال کیوں نہیں رہتا۔ تم نے اگر بچوں کے کپڑے نہیں بنائے تو
چلو کوئی بات نہیں لیکن بھئی ان کو عیدی تو دے دو۔ ادھر آؤ میں تمہیں عیدی دیتا
ہوں۔“ یہ کہہ کر اُس نے بچوں کو پچاس پچاس روپے عیدی کے طور پر دیئے ۔ بچے کھل ہی
تو اٹھے۔
بیوی نے کہا۔” مجھے خیال نہیں رہتا تو
آپ کون سا مجھے پیسے دیئے تھے۔ نئے کپڑے بنا دیتی۔ آپ نے بچوں کے سامنے کہہ دیا ہے
اب یہ میری جان کھائیں گے کہ میں اُن کا خیال نہیں رکھتی ، ابو ہمارا کتنا خیال
رکھتے ہیں۔“
اُس نے بات کو سنبھالنے کے لیے شرارتاً
کہا ” آپ بچوں سے کہہ دیجئے گا کہ تمہارے ابو میری ہی وجہ سے تو تمہارا خیال رکھتے
ہیں۔“
”چلیں ہٹیں۔ اب آپ بات کو مذاق میں لے
جا رہے ہیں۔ میں سب جانتی ہوں۔“ بیوی نے اُس کی شرارت بھانپتے ہوئے کہا۔
”آپ سب جانتی ہیں تو بتائیں کہ بچوں کو
مطمئن کرنے کو کیا کیا جائے؟“ اُس نے اُسی سے مدد مانگ لی۔
”آپ شام کو انہیں باہر گھمانے لے جائیں
گے تو یہ روشنیاں دیکھ کر خوش ہو جائیں گے۔“ بیوی نے تجویز دے کر بظاہر مسئلہ حل
کر دیا مگر اُس کے اندر ایک چھناکا سا ہوا۔” ہم کب تک روشنیاں دکھا دکھا کر بچوں
کو بہلاتے رہیں گے؟ ہم اُن کی کھری کھری اور سچی باتوں کے حامل معصوم سے شعور کو
کب تک یونہی دھوکہ دیتے رہیں گے؟ ہم اُن میں حقیقت شناسی کی صلاحیت کو پروان
چڑھانے کے لئے پہلو تہی کیوں کرتے ہیں؟ کہیں اس لئے تو نہیں کہ ہمارا بھرم خود
ہماری نظروں میں بنا رہے؟۔۔وہ اپنی سوچوں میں ڈوبتا چلا گیا۔
شام کو وہ اپنے تینوں بچوں کو لے کر
شہر کی بڑی مسجد میں منعقد ہونے والی محفل ِ میلاد میں شامل ہوا۔ نعت خوانی اور
درود و سلام کے بعد مقررین نے جوشِ خطابت کے مظاہروں سے حاضرین کو گرمانے کی پوری
کوشش کی۔ نعرہ ہائے تکبیر و رسالت میں وہ بھی شریک آواز ہوتا رہا۔ موسم کی گرمی کے
باوجود لوگوں کی اچھی خاصی تعداد وہاں موجود تھی۔ پوری مسجد بقعہ نور بنی ہوئی
تھی۔ مقررین نے حاضر اور غیر حاضر سماعتوں کو اپنی قادر الکلامی کے جوہروں سے نواز
نے میں کوئی کسر اُٹھا نہ رکھی۔ اظہارِ عقیدت میں تراکیب الفاظ کے انبار بڑھتے
رہے۔۔ قرینے اور سلیقے کی دھجیاں اور چیتھڑے اُڑتے رہے۔ اُس کے اندر اک سناٹا
پھیلتا چلا جا رہا تھا۔ اُس سناٹے میں وہ گم ہوتا چلا گیا۔ باہر اتنی رونق۔۔اتنی
چہل پہل اور اندر اُسی قدر سناٹے کا راج۔۔ اُس کو یہ سب رسمی سا لگ رہا تھا۔ کسی
کی آواز میں خوشی کی کوئی رمق تک نہ تھی، مسرت کا کوئی رنگ اصلی نہ تھا لیکن سب جشنِ
ولادت ﷺ منا رہے تھے۔
اُس نے اپنے اندر بڑھتے پھیلتے سناٹے
سے بچنے کے لیے اِدھر اُدھر دیکھا۔ قریب بیٹھے باریش لوگوں کی پیشانیوں پر پڑے بل
عید کی خوشی کے بجائے وہاں اپنی موجودگی کا احسان جتاتے محسوس ہوئے تو اُس نے
اُدھر سے
نظریں ہٹا کر
دور بیٹھے بچوں کی طرف نگاہ کی۔اُن کے چہرے خوشی سے دمکنے کی بجائے اک مصنوعی
سنجیدگی اور اک اصلی سی کوفت کے ائینہ دار نظر آئے۔ ایک بچے کی آنکھوں میں اُسے
حیرت و استعجاب لہراتا نظر آیا۔ اُس نے سر جھٹکا اور تقریر کی طرف متوجہ ہونے کی
کوشش کی۔
مقرر نے حضور ﷺ کے رحمۃ اللعالمین ہونے
کے حوالے سے بات اُٹھائی ہوئی تھی۔ وہ حضور ﷺ کو آپ ﷺ کے عفو و درگزر ، انسانوں
اور جانوروں پہ رحم کھانے ، اقربا اور اغیار پہ مہربانیوں اور شفقتوں ، شفیعِ
مذنبین ہونے اور ساقیِ کوثر ہونے کے ناتے رحمۃ اللعالمین قرار دے رہاتھا۔ حضور
علیہ الصلوٰۃ والسلام کی بابت اللہ تبارک و تعالیٰ کا ارشاد گرامی ۔۔اور نہیں
بھیجا ہم نے آپ کو سوائے اس کے کہ آپ ﷺ کو رحمت بنا دیا تمام جہانوں کے لئے ۔۔کی
شرح کرتے ہوئے جب اُس نے فتح مکہ کے موقعے پر عام معافی کی دلیل دی اور بتایا کہ
اللہ نے چونکہ آپ ﷺ کو مجسم رحمت بنایا اس لئے آپ ﷺ نے ترس کھاتے ہوئے اُن سب کفار
اور مشرک لوگوں کو معاف کر دیا جو آپ ﷺ کے خون کے پیاسے تھے اور اسی طرح وہﷺ روزِ
قیامت سب گنہگاروں پہ ترس کھاتے ہوئے انہیں اللہ سے معاف کروائیں گے۔۔ تو اُس کے
اندر اتھل پتھل شروع ہو کر ایک سوال کی صورت اُس کے ذہن میں چکرانے لگی۔
مجرموں اور گنہگاروں کے لئے تو اللہ
تعالیٰ نے سزائیں مقرر فرمائی ہیں ۔ رحم اور قطع ید سے لے کر کوڑوں اور قصاص میں
قتل تک کر دینے کے احکام اس دنیا کے لئے اور آخرت میں جہنم اور جہنم میں زقوم اور
کھولتا پانی اکل و شرب کے لئے۔۔۔ اور حضور نبی مکرم ﷺ جو اللہ تعالیٰ کے نظام اور
قوانین کو ہم سب سے بہتر سمجھتے اور جانتے ہیں۔ جن کی پوری زندگی اللہ تعالیٰ کے
قوانین اور نظام کے نفاذ کی جدوجہد اور تگ و دو میں گزری۔ کیا وہ خود اللہ تعالیٰ
سے اُن تمام قوانین اور نظامِ کائنات کو پسِ پشت ڈالنے کا کہہ دیں گے؟ وہ بھی کسی
ایسے مجرم اور گنہاگار کے لئے جس کو اُن ﷺ کے امتی ہونے کا فخر ہی فخر ہو لیکن وہ
امتی ہونے کیذمہ داریوں سے کلی طور پر بے خبر ہی نہیں بلکہ اُس کی پوری زندگی آپ ﷺ
کے دیئے ہوئے نظام کے اتباع کی بجائے عملی طور پر مخالفت میں گزری ہو۔
اُس کا جی چاہا کہ وہ کھڑا ہو کر اُس
محترم بزرگ مقرر سے ذہن میں آنے والے سوال کی وضاحت مانگے لیکن محفل کا رنگ اُس کے
حوصلے پست کر گیا۔ یہ موقع سوال جواب کا نہیں۔ یہ سوچ کر وہ چپ بیٹھا رہا۔ شاید
آگے چل کر وہ خود ہی اس نکتے کی وضاحت میں کچھ کہہ دے۔ اُس نے اپنے اندر مچلتے اور
طوفان اُٹھاتے سوال کو دبانے کا بہانا
تراشا۔ اسی
انتظار میں ایک کے بعد ایک مقرر آتا اور گفتار کے جوہر دکھاتا رہا۔ پھر اجتماعی
سلام کے بعد اختتام ِ مجلس کا علان ہوا اور وہ اپنے اندر ابھرتے سوال کو دبائے
بچوں کو ہمراہ لئے گھر کو چل دیا۔
واپسی پر بچے چند ایک عمارات پر آرائشی
روشنیاں دیکھ دیکھ کر خوش ہورہے تھے لیکن اُس کا ذہن اپنی الجھن میں گھرا ہوا تھا
۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام رحمۃ اللعالمین ہیں تو آپ ﷺ کی رحمت عالمین کو کس طرح
سے مستفیض کر رہی ہے؟ معلوم مثالوں سے صرف اہلِ مکہ پر ہی سایہ فگن ہے؟ اُس کو نہ
عالمین کا پتہ تھا اور نہ ہی رحمت کی کسی عملی صورت سے آگاہی ۔ ہاں یہ ضرور تھا کہ
وہ رحمت کا مفہوم ترس کھانے کے مترادف قرار دینے پہ آمادہ وتیار نہ تھا۔ اُس نے
اپنی لاعلمی کے اندھروں کی گھٹن سے گھبرا کر باہر نکلنے کی سر توڑ کوشش کی لیکن لے
دے کر ایک ہی بات سامنے آتی رہی کہ اُس کا دھیان رحمت سے بارانِ رحمت کی طرف ہی
جاتا رہا اور اُس کو جھٹک کر رحمت کو سمجھنے کی تگ و دو کرتا رہا۔
بچے اُس کے اندر کی اچھل کود سے بے
نیاز اپنی دھن میں مگن تھے وہ اُن کے ہمراہ ہوتے ہوئے بھی اُن کے ساتھ نہ تھا۔ اُس
کے شعور میں ایک ہی بات تکرار کر رہی تھی۔ اُس کو حضور ﷺ کے رحمۃ للعالمین ہونے کی
بات سمجھ میں نہیں آرہی تھی۔ وہ یہ بھی سمجھ رہا تھا کہ وہ الجھا ہوا نہیں ہے ،
صرف بات پہ مناسب توجہ اور دھیان نہ ہونے کے سبب وہ اُس کی تہہ تک نہیں پہنچ پا
رہا تھا۔
عید کی خوشیوں کی تلاش میں نکلے بچوں
کے ساتھ وہ بھی ایک بچے کی طرح فرمانِ خداوندی کے اصل مفہوم کی تلاش میں چل رہا
تھا۔ اُس کو یہ بھی معلوم تھا کہ جب اللہ تعالیٰ نے حضور ﷺ کو اصرار کے ساتھ رحمۃ
اللعالمین قرار دیا ہے تو وہ صرف ایک زمانے تک ہی محدود نہیں رہے اور نہ کسی ایک
خاص مقام ، قبیلے یا قوم کے لئے مخصوص رہے ۔ اگر اللہ تعالیٰ خود کو رب العالمین
کہہ کر متعارف کرواتا ہے تو حضور ﷺ کو رحمۃ اللعالمین کہنے کا ایک ہی مفہوم بنتا
ہے کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو ابدیت اور جاودانی کی نعمت سے بھی سرفراز فرمایا ہے۔
جس طرح اللہ تعالیٰ کی ربوبیت ہر عالم کو محیط ہے اسی طرح حضور ﷺ کی رحمت بھی ہر
ہر عالم کو سیراب کر رہی ہے۔
ابو ! پارک! ہم پارک جائیں گے۔۔ہمیں
پارک لے جائیں نا! بچوں نے پارک کے قریب سے گزرتے ہوئے پارک میں جانے کی خواہش
کی۔۔ تو وہ گاڑی پارک میں لیتا چلا گیا ۔ بچوں نے پارک میں جا کر کھلی فضا میں
آزاد
پرندوں کی طرح
اِدھر اُدھر بھاگنا شروع کر دیا۔ وہ اُن کی آزادی اور اُس سے حاصل ہونے والی خوشی
کو دیکھ کر حیران رہ گیا۔ محفلِ میلاد میں چہروں پر تھکن ، اکتاہٹ اور کوفت سے سجے
بچوں کو دیکھنے کے بعد وہ انہیں ایک دوسرے کے پیچھے بھاگتے ، خوش ہوتے اور
کلکاریاں مارتے دیکھتے ہوئے ایک طرف گھاس پر جا بیٹھا۔
”میں یہاں بیٹھتا ہوں۔ جا ؤ تم کھیلو
مگر زیاہ دور مت جانا۔“ اُس کا جملہ پورا ہونے سے پہلے ہی بچے اپنے اندر بھری
توانائی خرچ کرنے میں مصروف ہو چکے تھے۔
وہ کھلی فضا کی آسودگی کو محسوس کرتا
گھاس پہ بیٹھ گیا۔ وہاں اردگرد ٹہلتے لوگ ، بھاگتے دوڑتے بچے ، غبارے اور کھانے
پینے کی چیزیں بیچنے والوں کو دیکھتے دیکھتے اُس کا ذہن دوبارہ ”رحمت “ کی طرف
متوجہ ہو گیا۔
”بارش کو بارانِ رحمت کہتے ۔ بارش سے
ترحم اور ترس کا کیا رشتہ؟ بارش کو سیرابی اور نمو سے تو تعلق ہے لیکن اس میں ترس
، رحم اور مہربانی کا عنصر کیسے فٹ ہوگا؟ اُس کے منطقی ذہن میں خیال کا ایک کوندا
لپکا۔ بارش اس گھاس سے لے کر درختوں اور پودوں تک کو زندگی کے وسائل بہم پہنچانے
کا ایک ذریعہ ہونے کی وجہ سے بارانِ رحمت کہلاتی ہے ۔ تو اس کا مطلب ہوا کہ حضورﷺ
سے دلوں کو جوایقان و ایمان ملتا ہے وہ بارش کی طرح اُن کی سیرابی اور نمود پر
داخت کا سبب بن جاتا ہے۔ ضرور یہی بات رہی ہو گی جس کے سبب اللہ تعالیٰ نے انہیں
رحمۃ اللعالمین قرار دیا ہے۔“ اُس نے سوچا۔
اس سوچ نے اُ کو روشنی کی ایک کرن
سجھائی اور وہ کرن بڑھتی اور پھیلتی گئی۔ اُس کو حضور ﷺ کی ذاتِ اقدس ایک بادل کی
طرح عالمین پر پھیلی ہوئی محسوس ہوئی۔ ایک ایسا بادل جس سے رحمت کی بوندیں برستی
ہیں اور ہر ذی روح کو سیراب کرتی ہیں۔ وہ رحمت کا یہ مفہوم خود اپنے دل میں اترتے
محسوس کر رہا تھا۔ رحمت کو مہربانی اور رحم اس ہی لئے کہا گیا ہوگا کہ وہ زندگی ی
نمو کے علاوہ اُس کی تخلیق اور قیام کی بھی ذمہ دار ہے۔ تخلیق کی لہروں کا کنٹرول
رحمۃ اللعالمین ﷺ کے حوالے کر دینے کے بعد ہی اللہ تعالیٰ نے خود کو احسن الخالقین
قرار دیا ہوگا اور پھر اس تخلیق کی پرورش کے لئے اپنی صفت ربوبیت کو پھیلا کر ،
خود کو رب العالمین فرما دیا ۔
اچانک اُس کو اپنے مراد کی کہی ہوئی
ایک بات سمجھ آتی چلی گئی ۔ انہوں نے فرمایا تھا۔ اللہ تعالیٰ وسائل پیدا کرنے
والی ذات ہے اور حضورﷺ وسائل تقسیم کرنے والی ہستی۔ وہ سوچنے کہ بجائے ذہن میں آنے
والے اُن سب خیالات کو سمیٹنے میں مگن ، اپنے اندر ایک لذت اور سرور کو پھیلتے
ہوئے محسوس کر رہا تھا۔ یہ لذت ِ آگہی اور سرور اور اک اُس کی رگ رگ میں پھیلتا
چلا جا رہا تھا۔
اُس نے بچوں کو آواز دی ۔”آؤ آئس کریم
کھلاؤں !“ آئس کریم کھاتے ہوئے وہ بچوں کی طرح خوش ہو رہا تھا۔ بچے اپنے ابو کو
خوش دیکھ کر اور بھی کھلے جا رہے تھے۔ اُس کے چھوٹے بیٹے سے رہا نہ گیا اور اُس نے
کہہ دیا۔” آج ابو نے عید ہمارے ساتھ منائی ہے۔ ہم پکنک پر نہیں گئے لیکن عید
منائی۔“
اُس نے بیٹے کو پیار کیا اور کہا۔۔ یہ
سب تمہاری وجہ سے ہوا ہے۔“ بچے نے باپ کی بات سُن کر فخر سے گردن اکڑا کر اپنے
بھائیوں کو دیکھا اور بھولپنے سے پوچھا۔” میری وجہ سے؟ کیا ہوا ہے میری وجہ سے؟“
”تمہاری وجہ سے آج میں نے بھی عید
میلاد النبی ﷺ منائی ہے۔“ بچے مسکرائے اور اُس نے دل ہی دل میں پکارا ۔۔ یا رحمۃ
اللعالمین! اور غیر شعوری طور پر عربی کے اُس گیت کا مصرع گنگنانے لگا جو حضور ﷺ
کے ہجرت کے بعد مدینہ پہنچنے پر یثرب کی بچیوں نے گایا تھا۔ جس کا مفہوم کچھ یوں
ہے۔
طلع البدر علینا ( ہمارے لئے آج بدر
کامل طلوع ہوا ہے)
یہ مصرع گنگناتے ، جب وہ گھر داخل ہوئے
تو اُس نے بیوی نے کہا۔” آج بڑے چہک رہے ہیں۔ کیا بات ہے؟“
”ہے ایک بات ۔۔ بھئی آج میں نے عید
منائی ہے اور اس سے بڑھ کر اور کیا بات ہوگی؟“
بیوی نے اس جواب پر اُس کو نظر بھر کر
دیکھا۔۔ گویا اُس کو جانچ رہی ہو۔