Topics
دنیا میں پیدا ہونے کے بعد ہر انسان کے
ذہن میں کبھی نہ کبھی کچھ ایسے سوال ضرور اٹھتے ہیں جن کے جواب وہ اپنے اطمینان
قلب اور ذوق کی تسکین کے لیے ضرور چاہتا ہے۔ جب کبھی انسان نے اس بات پر غور کیا
کہ آخر وہ کہاں سے آیا اور کہاں کو جانا ہے، آیا ہے تو کیوں، یہاں رہ رہا ہے تو
کیوں؟ یہ طفولیت ، بچپن ، لڑکپن ، نوجوانی ، ادھیڑ عمری اور پھر یہ آ کرنہ جانے
والا بڑھاپا ، یہ صحت ، تندرستی ، بیماری اور موت ، آخر یہ سب کیا ہے؟ یا پھر اسی
قبیل کے نہ جانے اور کتنے سوال اُس کے ذہن میں پیدا ہوتے ہیں ، اور جتنے منہ اتنی
باتیں کے مصداق ، اتنے ہی جواب اُس کے سامنے آتے ہیں۔
ماں باپ سے لے کر مکتب اور مدرسوں کے
اساتذہ ، یار دوستوں سے لے کر عُلمائے کرام تک ہر ایک کا جواب وقتی طور تو شعور کو
مطمئن کر دیتا ہے لیکن جب کوئی حقیقت شناسی کا ذوق رکھنے والا ذہن اُس جواب پر غور
کرنے بیٹھتا ہے ، تو ہر جواب لاجواب ہی ثابت ہوتا ہے۔
حقیقت شناسی کا ذوق رکھنے والے ذہن میں
جستجو کا مادہ تو ہوتا ہی ہے اور یہ جستجو اُس کو قرار لینے نہیں دیتی ، کسی ایسے
جواب کی تلاش میں جو کسی بھی کسوٹی پر پورا اترنے کے قابل ہو ، وہ فلسفیوں کے
افکار ، شاعروں کے تخیلات اور مذہب کے نظریات ، سبھی کا جائزہ لینے پر مجبور ہو
جاتا ہے۔ اب جب اُس کا واسطہ متضاد اور مخالف ہی نہیں بلکہ ایک دوسرے سے متصادم
افکار اور نظریات سے پڑتا ہے تو اُس کو یہ بات سمجھ نہیں آتی کہ وہ کس بات کو
اپنانے اور کس کو چھوڑ دے ۔ علم کے باغ کا ہر ہر درخت اپنی بو قلمونی اور ندرت کے
سبب اس کی توجہ کا طلب گار ہوتا ہے اور وہ خود کوئی فیصلہ کرنے سے قاصر کہ کس شجر
علم کا پھل یا کون سے افکار و نظریات اس کی ذہنی اور روحانی صحت کے لیے مفید رہیں
گے۔
شعور انسانی کی رہنمائی کے لئے قدرت کا
فیضاں ازل سے جاری ہے ابد تک جاری رہے گا۔ آدم کے اس دنیا میں آنے کے بعد سے آج تک
اللہ کے فرستادہ بندوں نے شعور انسانی کی راہنمائی کا فریضہ مشن جان کر نبھایا ہے۔
اللہ کے بھیجے ہوئے انبیاء اور رسولوں نے حقیقت کی طرف راہنمائی کا فرض اپنی جانوں
کو جوکھم میں ڈال کر پورا کیا۔ جب سلسلہنبوّتو رسالت اپنے اختتام کو پہنچا تو رُشد
و ہدایت کی سنت کو اپنانے والے ' انبیاء کے علوم کے وارث ، اولیا اللہ نے راہِ
حیات کو منور کرنے کے لیے انبیاء کی روشن کی ہوئی مشعل کو اٹھا لیا۔ اولیا کرام پہلے
انبیاء کی بخشی ہوئی روشنی سے اپنے ذہنوں کی آبیاری کرتے ہیں اور جب وہ اپنی طرز ِ
فکر کو انبیا علیہم السلام کی طرز فکر میں ڈھال لینے میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو
دوسرے لوگ اُن کی شخصیت سے متاثر ہو کر خود کو اُن کے رنگ میں رنگنے میں فخر محسوس
کرتے ہیں۔
انبیاء اللہ کی تعلیمات انسان کے علم
میں براہ راست جو اضافہ کرتی ہیں سو تو وہ کرتی ہی ہیں، اپن کا اصل مقصد و منشا
انسان کی طرزِ فکر کی اصلاح کرنا ہوتا ہے۔ وہ انسانی فکر کو اُس راہ پہ ڈال دیتے
ہیں جس پر قدم قدم چل کر انسان علم و آگہی ، حقیقت شناسی اور عرفان ِذات کی منازل
طے کرتا ہوا ، لامحدودیت کے عالمین سےواقف اور روشناس ہو جاتا ہے۔ طرز ِ فکر کی
درستی سے انسان جہاں ایک طرف و دنیاوی معاملات میں ، اپنی صلاحیتوں کا بھر پور
استعمال کرتے ہوئے ، بہتری اور کارکردگی میں اضافے کا مظاہرہ کرنے کے قابل ہو جاتا
ہے ، وہاں اس کی اُخری زندگی کے لئے بھی آسانیاں پیدا ہو جاتی ہیں۔
دیکھا جائے تو طرزِ فکر ہی تو وہ چیز
ہے جو انسان کے عدم سے وجود میں انے کے بعد اُس کی بنا اور بقا کا سبب ہے۔ یہ اسی
طرزِ فکر کا شاخسانہ ہے کہ انسان خود کو کیسا دیکھتا ہے اور اس کائنات کو کیسے ،
وہ اس دنیا میں کیسی زندگی بسر کرتا ہے اور دوسروں سے کیسا برتاؤ کرتا ہے ۔ یہ بھی
اسی طرزِ فکر کی وجہ سے ہوتا ہے کہ انسان خوش رہتا ہے یا اُس کی ساری زندگی ناخوشی
میں بسر ہو جاتی ہے ۔ وہ اپنی زندگی کو سکون ، خوشی ، راحت اور آرام سے گزارتا ہے
یا پھر اُس کی زندگی اضطراب ، بیزاری ، بے اطمینانی اور بے چینی کا مرقع بن کر رہ
جاتی ہے۔ انسان اپنے ارد گرد پائے جانے والی چیزوں کو جس طرح سے دیکھتا اور جس طرح
اُن سے استفادہ کرتا ہے ، اُس کا یہ اندازِ نظر اُس کی طرزِ فکر کا عکس ہی تو ہوتا
ہے۔ صوفیائے کرام اسی بات کو کچھ یوں بیان کرتے ہیں کہ انسان کو جیسی عینک لگ جاتی
ہے وہ دنیا کو اسی رنگ میں دیکھنے لگ جاتا ہے۔
ایک بار مرید نے اپنے مراد کے ہمراہ
ٹہلتے ہوئے ایک مسجد دیکھی ۔ اُس مسجد کے پانچ دروازے دیکھ کر اُس نے سوچا کہ ان
دروازوں کی تعداد کا تعلق پانچ نمازوں سے جڑتا ہے یا یہ انسانی حواسِ خمسہ کی
علامت ہیں۔ پھر اس کو خیال آیا کہ پڑھنے والے تو دن رات میں آٹھ نو بار بھی نمازیں
پڑھتے ہی ہیں اور حواس بھی محض پانچ کب ہیں۔ ہاں، مشہور فقط پانچ ہی ہیں۔ تو پھر
یہ ضرور انسانی ہاتھ کی پانچ انگلیوں کا استعارہ ہیں۔ پھر اُس کو خیال آیا کہ اگر
اس مسجد کے بنانے والے کے نزدیک انگلیاں ہی مراد ہوتیں تو دس یا بیس دروازے کیوں
نہ ہوئے۔ یہ ضرور پانچ ارکانِ دین کی نمائندگی کر رہے ہیں ۔ مگر کیا دین کے ارکان
محض پانچ ہی ہیں؟ کیا قرآنی ادا مرد نواہی اسلام کے ارکان نہیں ؟ اور وہ تو نہ
جانے کتنے بنتے ہیں، اُس نے کبھی گنے تو نہیں۔ تو پھر ان پانچ دروازوں کا کیا مطلب
ہوا؟ وہ الجھتا ہی چلا گیا۔ پیشتر اس کے کہ وہ اس بات کی وضاحت اپنے مراد سے چاہتا
، اُس کے دل میں ایک اور بات آئی۔ کہیں معمار ِ مسجد نے پانچ دروازے اللہ تعالیٰ
کی اُن پانچ صفات کی طرف متوجہ کرنے کا اہتمام کرنے کو تو نہیں بنائے جن کا تذکرہ
سورہ اِخلاص میں کیا گیا ہے ، یہ بات اُس کے دل کو لگی ۔ اُس نے اس خیال کی تصدیق
اپنے مراد سے چاہی۔
مراد نے اپنے مرید کی بات سن کر کہا۔”
بھئی جس کو جیسی عینک لگ جاتی ہے ، اُس کو ویسی ہی سوجھتی ہے،
اس کے بعد انہوں نے اُس کو ایک کہانی
سنائی ۔ ایک بار ایک سادھو کہیں جا رہا تھا کہ راستے میں اس کو ایک بنیا مل گیا ۔
اس بنیے نے سادھو سے کہا ۔' مہاراج! اگر اجازت ہو تو آپ کے ساتھ ہو لوں ۔ اس سے
ہم دونوں کو سفر میں سہولت رہے گی۔'
سادھو نے اُس کو اپنے ساتھ چلنے کی
اجازت دے دی ۔ اب وہ دونوں ساتھ ساتھ چلنے لگے۔ کچھ ہی دور گئے تھے کہ انہوں نے
ایک تیتر کو بولتے سُنا۔ سادھو نے بنیے سے دریافت کیا۔” آپ کیا سمجھے ؟ یہ تیتر
کیا کہہ رہا ہے؟ “ بنیے نے کہا۔ ”یہ کہہ رہا ہے۔ لون ، تیل ، ادرک ! لون ، تیل ،
ادرک !۔ سادھو ہنس دیا اور کہا ۔ ارے نہیں بھئی یہ کہہ رہا ہے ۔۔ سبحان تیری قدرت
، سبحان تیری قدرت !۔
اور فرمایا ۔ ”ساری بات عینک کی ہی
ہوئی ، عینک میں جیسا شیشہ ہوگا ، ویسا ہی تو دکھے گا! یعنی ساری بات طرزِ فکر کی
ہے ۔ جس کی جو طرز فکر ہوتی ہے وہ اُسی کے مطابق سوچتا ، سمجھتا ، دیکھتا ، سنتا
اور کرتا ہے۔
شعورِ انسانی کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ
وہ ہر بات کو سمجھنے اور جاننے کی کوشش کرتا ضرور ہے۔ چاہے کچھ ہی دیر میں وہ اس
کاوش سے باز آجائے ، یہ ایک الگ بات ہے۔ فطری تجسس کے سبب شعور میں جانکاری کا
جذبہ اور شوق اُس کو اس بات پر مجبور کرتا ہے کہ وہ تلاش میں رہے ۔ بچپن میں یہ
جذبہ اور شوق اپنے عروج پر ہوتا ہے لیکن جوں جوں عمر بڑھتی ہے معاشرہ کی وہ قدریں
جن کے تار مصلحتوں سے بندھے ہوئے ہوتے ہیں، آڑے آنا شروع ہو جاتی ہیں اور اس کا
نتیجہ یہ ہوتاہےکہرفتہ رفتہ یہ جذبہ معدوم ہوتا چلا جاتا ہے ۔
اس کتاب میں شامل کئے گئے مضامین ایک
ایسے انسان کی اسی فطری تلاش کی کہانی ہے، جو سوچتا ہے بلکہ یہ کہنا زیادہ مناسب ہوگا کہ
سوچنے کی کوشش کرتا ہے اور اس کوشش میں بڑھتا ہی چلا جاتا ہے ، یہاں تک کہ اُس کو
ایک ہدایت یافتہ بندہ مل جاتا ہے۔ اُس ہادی کی تربیت اُس کے شعور کو اس قابل بنا
دیتی ہے کہ وہ اپنے لاشعور سے استفادہ کرنا سیکھ لیتا ہے۔ اُس لاشعور سے جو سب
جانتا ہے کیونکہ لاشعور علم ہے اور شعور حواس ہیں یا یوں کہہ لیجیےکہ اصل ، حقیقی اور خالص ترین علم لاشعور ہے اور اس علم کو حواس جس قدر
بھی اپنی گرفت میں لے لیتے ہیں ، وہ انسان کا شعور بن جاتا ہے۔
شعور جب تک تربیت نہیں پا لیتا ،
لاشعور سے اجتناب کرتا ہے، اُس سے گریزاں رہتا ہے اور اس کو اجنبی مانتا ہے ۔
بالکل اُس بچے کی طرح جس کو اُس کی ماں کسی بھی اجنبی کے قریب نہیں جانے دیتی۔
لیکن جب کوئی بچہ کسی مہربان اجنبی سے اتفاقاً یا اپنی ماں کے کہنے پر بے تکلف ہو
جاتا ہے تو وہ جان لیتا ہے کہ اگر ایسا نہ ہو تو وہ کتنی بڑی نعمت سے محروم رہ
جاتا۔
اس کتاب کے بیشتر مضامین ماہنامہ
روحانی ڈائجسٹ کراچی میں 9-1997 کے عرصہ میں ”شعور نے لاشعور سے کہا “ کے عنوان سے
ایک سیریل کے طور پر شائع ہوئے۔
ڈاکٹر مقصود عظیمی
۱۴ دسمبر ۲۰۰۵ ء ۔۔۔ پشاور