Topics

یہ محبوب کیا ہوتا ہے؟

 

وہ دفتر جانے کے لئے تیار ہو کر نکلا اور گاڑی میں آن بیٹھا۔ وہ جاتی سردیو ںاور آتی بہار کے دن تھے۔درختوں کی سوکھی برہنہ شاخوں پر تازہ کونپلوں ، شگوفوں اور ادھ کھلے پتوں سے اُن پہ ہریالی کا رنگ چڑھنا شروع ہو چکا تھا۔ فضا میں بدلتی رُت کا خوشگوار تاثر پھیلا ہوا تھا۔ یہ تاثر اس کو اپنے رگ و پے میں اترتا محسوس ہوا۔ آج اُس کا موڈ خوشگوار تو تھا ہی اس تاثر سے وہ مزیدنکھر سا گیا تھا۔ باہر کی رُت کا کچھ اثر اندر کے موسم پر بھی ہوتا ہی ہے ۔ وہ زیرِ لب کچھ گنگنا بھی رہا تھا۔ اُس کی انگلیاں تال دینے کے انداز میں سٹیرنگ پر تھرک رہی تھیں۔

سڑک تک آتے آتے اُس نے اپنی ترنگ میں ،اپنے اندر ابھرتی ، پھیلتی اور دھڑکتی تال کا لطف لیتے کیسٹ پلیئر کا بٹن دبایا۔ محبت کا ایک گیت گاڑی میں پھیلنا شروع ہو گیا۔ گیت کے بول ، گلوکارہ کی آواز کا حسن ، سروں کا انتخاب سب ہی کچھ ایک دوسرے کو ابھار رہے تھے ۔ موسیقی اور نغمگی کے ساتھ ساتھ مفہوم کی کسک نے جب اُس کے اندر اُٹھتی تال سے میل کیا تو وہ گیت کے افسوں سے مسحور سا ہو گیا۔ گاڑی چلاتے ہوئے سڑک کے کنارے اٗگے درختوں پہ نئی روئیدگی کی سبز ردا کے نشان دیکھتا ، محبت کے گیت کا لطف لیتا وہ دفتر پہنچ گیا۔

اپنی دفتری مصروفیات کے دوران بھی وہ اسی خوش گوار کیفیت کے زیر ِ اثر رہا۔ شام کو گھر جاتے ہوئے ،ڈھلتے دن کے اداس لمحوں میں بھی اُس کے اندر مسرت اور کیف کی پھیلی لہریں اپنا جادو طاری کئے رہیں۔ راستے میں اُس نے نرگس کے پھولوں کا ایک گلدستہ خریدا۔ اُس کی بیوی کو نرگس کے پھول اپنی بھینی بھینی مہک کی وجہ سے بہت اچھے لگتے تھے۔ وہ انہیں دیکھ کر کس قدر خوش ہوگی۔۔ وہ اُس کی خوشی کا اندازہ کرتے ہو ئےمسکرا اُٹھا۔ گاڑی میں محبت بھرے گیت کے آہنگ سے نرگس کے پھولوں کی مہک نے اس کے سرور کو دو چند کر دیا۔

گھر پہنچ کر اُس نے پھولوں کا گلدستہ بیوی کو دیا۔ حسب ِ توقع وہ کھل اُٹھی۔ بچے ٹی وی دیکھ رہے تھے۔ وہ جا کر اُن کے ساتھ بیٹھ گیا۔ ٹی وی پر اُس وقت جو پروگرام چل رہا تھا، وہ اس کے دل پسند پروگراموں میں سے ایک تھا۔ اُس پروگرام کا میزبان اشفاق احمد محبت کے موضوع پر کچھ کہہ رہا تھا۔ وہ کہہ رہا تھا:

ایک روز اُس کی پوتی نے اپنی دادی سے پوچھا ۔”دادی اماں یہ محبوب کیا ہوتا ہے؟“

دادی نے جواب میں پوتی کو بتایا ۔” وہ جس سے محبت کی جاتی ہے!“

پوتی نے کہا ۔” یہ تو آپ نے محبوب کا ترجمہ کر دیا۔ وہ ہوتا کیا ہے؟“

اب اس بات کا جواب شاید دادی کے پاس نہیں تھا۔ یا تھا تو وہ اُس کو بیان کرنے سے قاصر تھی بہرحال اُنہوں نے معاملہ دادا کے سامنے رکھا۔ اُس نے بھی اپنی سی توجیہہ دی لیکن وہ بھی پوتی کے چہرے پر اطمینان کا رنگ ابھرتے نہ دیکھ سکے۔ اس بات سے وہ خود بھی مطمئن نہ ہو سکا۔

پھر ایک روز وہ ایک بابا جی سے ملنے میاں میر کے قبرستان گئے۔ وہاں انہیں اپنی پوتی کا پوچھا گیا سوال یاد آگیا۔ انہوں نے وہ سوال بابا جی سے پوچھ لیا۔ بابا جی اُس وقت دال پکا رہے تھے۔ انہوں نے لکڑی کا چمچ ہنڈیا کے کنارے پر مار کر جھاڑتے ہو کہا۔

” محبوب وہ ہوتا ہے جس کی ناپسندیدہ بات بھی پسند ہو جائے۔“

وہ یہ بات سن کر جھوم اُٹھا۔ اُس کا ذہن اسی جواب کی تکرار کرتا ، اس کے مختلف پہلوؤں پہ سوچتا اور لطف لیتا رہا۔ کھانے کے دوران بھی وہ اسی بات کا مزہ لیتا رہا۔ اس بات کی گہرائیوں میں اترتا ، اس کا لطف لیتا اور سر دھنتا رہا۔

محبت اور عشق کا موضوع شعور کے لئے ہمیشہ ہی قابل توجہ رہا ہے ۔ ہابیل اور قابیل کے درمیان جنگ و نزاع کی وجہ بھی محبت اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی رقابت ہی بتائی جاتی ہے۔

معلوم تاریخ میں سینکڑوں نہیں ہزاروں واقعات اسی محبت کی جولانیوں کا نتیجہ رہے ہیں۔ مقالاتِ افلاطون کا مشہور زمانہ مضمون ”مذاکرہ“ بھی اسی محبت کے موضوع پر سقراط اور اُس کے ہم عصر دوستوں کے افکار کے ایک ریکارڈ کی صورت گزشتہ پچیس صدیوں سے موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ اُس میں محبت کو ایک دیوتا کے روپ میں پیش کیا گیا ہے۔ سقراط اپنی ایک استانی ڈائیوٹیما کے حوالے سے تمثیلی انداز میں محبت کی مختلف النوع اور متضاد کیفیات کی بابت جو کچھ بیان کرتا ہے بعد میں لوگوں نے اُن کو اُسی کے نام کی مناسبت سے ”افلاطونی محبت“ کا نام دے کر اُس کی توقیر کو کم کرنے کی بہت کوشش کی ۔ وہ محبت کو جسمانی سے زیادہ روحانی تعلق کے طور پر ثابت کرتا اور اسی طرز فکر کا پرچار

کرتا رہا۔

ہر انسان ہوش سنبھالنے کے بعد اپنے ارد گرد کے ماحول کی بابت اپنا ایک نکتہ نظر وضع کر لیتا ہے۔ اس نکتہ نظر کو وہ اپنا نظریہ قرار دے دیتا ہے اور اُس کی بابت وہ یہ سمجھتا ہے کہ بس یہی بات حرف آخر بھی ہے اور حتمی بھی۔ لیکن کبھی کبھار وہ کوئی ایسی بات سن لیتا ہے ، اس کے مطالعے میں آجا تی ہے یا اُس کو خود غورو فکر کے نتیجے میں معلوم ہو جاتی ہے کہ وہ اپنے سابقہ نظریے میں تبدیلی کو ناگزیر مان لیتا ہے۔

عشق و محبت کی بابت اکثر لوگوں کے نظریات دوسروں کی رائے کے زیرِ اثر ہوتے ہیں۔ معاشرتی اقدار کے حوالے سے ، اس کو اکثر و بیشتر شجر ِ ممنوعہ گردانا جاتا ہے اور ظالم سماج ہمیشہ اس کے درپے آزار ہی رہتا ہے۔ چونکہ یہ ہر کس و ناکس کے ذاتی تجربے میں نہیں ہوتا ، اس لیے اس کی بابت عموماً یہی رائے پائی جاتی ہے کہ یہ خلل ہے دماغ کا۔ عشق کو دماغ کا خلل قرار دینے والوں کی دلیل یہ ہوتی ہے کہ یہ آدمی کو نکما کر دیتا ہے ۔ مزید یہ کہ اس کے ہاتھوں عزتِ سادات بھی جاتی رہتی ہے۔ اس لئے اس سے پرہیز اور احتیاط کا درس عام چلن قرار پاتا ہے۔

ہم پیار محبت کے جس روپ سے متعارف ہیں وہ تو صرف اتنا ہی ہے کہ فلم ، ڈرامے یا ناول کا ہیرو ، ہیروئن سے یہ کہتا ہے کہ تم مجھ سے شادی کر لو کیونکہ میں تم سے محبت کرتا ہوں یا پھر یہ ہوتا ہے کہ ہیوئن ہیرو سے کہتی ہے کہ اب ہمیں شادی کر لینا چاہیے کیونکہ میں تمہارے بغیر زندہ نہیں رہ سکتی ۔ نہ کبھی کسی ہیروئن نے کسی ہیرو سے یہ کہا ہے کہ تم مجھ سے محبت کرتے ہو تو کرتے رہو ، میں جب تم سے محبت کروں گی تو شادی کا سوچوں گی اور نہ ہی کبھی کسی ہیرو نے ہیروئن سے پلٹ کر کہا۔ تم مجھے اپنا محبوب قرار دے رہی ہو تو اپنا شوہر کیوں بنانا چاہتی ہو؟ مجھے محبوب ہی رہنے دو۔ وہ ایسا کہہ ہی نہیں سکتے کیونکہ اگر وہ ایسا ویسا کچھ کہہ دیں گے تو وہ ہیرو ہیروئن نہیں رہیں گے۔۔ وہ تو عام سے سمجھدار لوگ بن جائیں گے اور یہی ہم نہیں چاہتے۔

اس سے ہمارے ذہنوں میں پیار محبت کا جو تصور راسخ ہوتاہے وہ یہ ہے کہ پیار کرنے والے کو اپنے محبوب پر قبضہ جمانےکا حق حاصل ہو جاتا ہے اور جس سے پیار کیا جاتاہے وہ پیار کرنے والے کی ہر بات ماننے والے کا پابند ہو جاتا ہے۔

اگر جذبات کی اندھی عینک اتار کر دیکھا جائے تو پیار دراصل خدمت کرنے کے اُس اعلیٰ جذبے کو کہا جاتا ہے جو ہمیں ممتا کے روپ میں نظر آتا ہے ۔ ماں کا اصل محبوب اُس کی اولاد ہوتی ہے ۔ اولاد کو وہ اپنے خون سے بناتی ہے اور پھر اپنے خون سے ہی سینچتی اور پروان چڑھاتی ہے۔ اُس کی ذرا ذرا سی تکلیف پر بھی بے چین ہو جاتی ہے۔ اپنی اولاد کی ہر خواہشپوری کرنا اُس کا ایمان اور اُس کی ہر ضرورت مہیا کرنا ، اپنا فرض گردانتی ہے۔ تو پھر یہ پیار محبت اور عشق اصل میں کیا ہیں؟ اس جذبہ ِ دل کی اصل حقیقت کیا ہے؟ جس پر شعراء نے لافانی گیت تخلیق کئے ، مصوروں نے اُن فن پاروں کو وجود بخشا جن کی بدولت وہ خود امر ہوگئے۔داستان گو حضرات نے لوک قصوں میں ایسی رنگین بیانیاں کیں جو نسل در نسل حفظ کی جاتی رہی ہیں ۔ ہیر رانجھا ، سسی پنوں، لیلیٰ مجنوں ، عذرا وامق ، شریں فرہاد ، رومیو جیولٹ اور نہ جانے کتنے ہی ایسے مزید قصے اور افسانے۔

وہ اپنے خیالوں کے ایسے ہی بنتے بگڑتے دائروں میں کھویا ہوا تھا کہ اُس کے بیٹے نے آ کر اس سے اپنے ہوم ورک میں مدد چاہی۔ اُس کو کسی غزل کے اشعار کی تشریح کروانا تھی۔ غزل کے عشقیہ اشعار کی تشریح کرتے ہوئے ، وہ اپنے بیٹے کے سامنے محجوب سا محسوس کر رہا تھا کہ اُس کے بیٹے نے خود ہی یہ کہہ کر اُس کی مشکل آسان کر دی کہ یہ عشق مجازی کی نہیں عشق ِ حقیقی کی بات کہی جا رہی ہے۔ اُس نے جلدی سے ہاں میں ہاں تو ملا دی لیکن سوچ میں پڑ گیا۔ اُس نے یہ دوغلا پن کیوں کیا؟ اُس میں اتنی جرات کیوں نہیں کہ وہ اپنے بیٹے کو بتا سکتا کہ عشق تو صرف عشق ہوتا ہے۔مجازی اور حقیقی کی تقسیم تو ہماری مصلحتوں نے کی ہے۔ شاید اس طرح ہم مصنوعی ، بناوٹی ، اصل اور خالص کے مابین فرق کو اجاگر کرنا چاہتے تھے۔

سوچ اور فکر کے پھیلتے دائرے شعور کی سطح پر اپنے نقوش ثبت کرتے چلے جا رہے تھے کہ اُس کے اندر تجسس لہرایا اور ایک سوال کی صورت اختیار کر گیا۔ پیار محبت اور عشق کی بابت انبیاء نے کیا کچھ کہا ہے اور قرآن حکیم میں اس ضمن میں کیا کہا گیا ہے؟ اُس نے حافظے کو ٹٹولا۔ ہر مذہب نے خدا کو خدمت قرار دیا ہے۔ بعض مذاہب نے تو محبت کو ہی خدا مانا ہے ۔ لیکن قرآن کے حوالے سے اُس کو کوئی بات یاد نہ آ سکی۔ بالآخر وہ اُٹھا اور قرآن ِ حکیم کھول کر بیٹھ گیا۔ اگلے کئی روز بھی اُس کی تلاش جاری رہی۔ وہ دفتر میں فارغ ہوتا یا وہاں سے گھرآنے کے بعد قرآن حکیم لے کر بیٹھ جاتا اور اپنے سوال کو اپنے ذہن میں لئے ، کسی ایسی آیت کی تلاش میں سرگرداں ہو جاتا جو اُس کے اندر اس ابلتے کھولتے سوال کو ٹھنڈا کر کے ، اُس کو شانت کر دے۔

اس تلاش کے دوران اُس پر ایک عجیب سا انکشاف ہوا قرآن حکیم میں ایسی متعدد آیات موجود ہیں جن سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے کتنی محبت کرتا ہے ، وہ کیسے لوگ ہیں جن سے اللہ محبت نہیں کرتا اور وہ کون سے افراد ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کی نوید دی ہے۔ فساد کرنے والے ، حد سے گزرنے والے ، ظلم و زیادتی کرنے والے ، دوسروں کا حق غصب کرنے والے لوگوں کو اللہ تعالیٰ واضح طور پر بتاتا ہے کہ ایسے لوگ اس کے پیار و محبت تو کجا پسندیدگی کے دائرے میں بھی نہیں آ سکتے۔ دوسروں پر احسان کرنے ، دوسروں کا بھلا چاہنے ، غلطی کر کے توبہ کرنے اور انصاف کرنے والے لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے اپنی محبت کی نوید سے نوازا ہے۔

اُس کو ایسی کوئی آیت نہ مل سکی جس میں انسانوں کو انسانوں سے یا کسی مادی اور دنیاوی چیزوں کی محبت کی اجازت دی گئی ہو۔ اس دریافت نے اُس کی سوچوں میں کئی نئے روزن کھول دیئے۔ پھر وہ سورہ آل عمران کی اس آیت کریمہ پر آن رکا۔ ” جو لوگ اللہ سے محبت کرتے ہیں تو آپ ﷺ اُن سے کہہ دیجئے کہ وہ میرا (یعنی آپ ﷺ کا) اتباع کریں تاکہ اللہ اُن سے محبت کرے ۔“ اس آیت نے اُس کے شعور میں ایک اجالا سا کر دیا۔

جو لوگ اللہ سے عشق و محبت کا دعویٰ کرتے ہیں اُن کو اللہ حکم دیتا ہے کہ وہ محبوب کبریا ؐ کا اتباع کریں ، اُن ﷺ کی پیروی کر کے اللہ کے پیارے بننے کی کوشش کریں تاکہ اللہ اُن سے محبت کرے۔۔۔تاکہ وہ اللہ کے عاشق بننے کی کوشش کریں۔ اُس نے اس محبت کی ندرت کو جانچا۔ بات سمجھ میں آکر بھی نہیں آرہی تھی۔ اُس نے اس سے پیشتر کبھی ایسا کیوں نہیں سُنا تھا۔ یہ کیا بات ہوئی؟ کیا انسان کو اللہ سے محبت نہیں کرنی چاہیے؟ عشق الٰہی کے ان گنت واقعات جو اُس نے سُن رکھے تھے اُن کو وہ کس خانے میں فٹ کرے ؟ وہ الجھ سا گیا۔ اُس نے بہت سر لڑایا مگر بات سلجھنے کی بجائے الجھ کر گرہ بنتی گئی۔

اس بات کے سلجھاؤ میں جو امر مانع ہو رہا تھا وہ یہ تھا کہ عشق کو ایک ایسی آگ سے تشبیہ دی جاتی ہے جو لگائے نہ لگتی ہو اور بجھائے نہ بجھتی ہو۔ اب اگر عشق پہ زور بھی نہیں اور اس کی لگی بجھتی بھی نہیں تو اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق کو اپنی محبت کی اجازت دینے کی بجائے اپنا محبوب بنانے کی بات کیوں فرماتا ہے؟ پھر اصل بات کیا ہے؟ اگر یہ آگ ہے تو پھر

اللہ تعالیٰ نے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کو اپنا محبوب قرار دے کر خود کو اس سوز اور تڑپ کا سزا وار کیوں کیا اور مخلوق کو اپنا محبوب بنا کر وہ اس آتشِ سوزاں کا مزید ساماں کیوں کر رہا ہے؟ سوچ کی یہ لہر اُس کے لئے ایک ایسا دھماکا ثابت ہوئی جس نے اُس کے شعور کی چولیں ہلا کر رکھ دیں۔

کئی روز وہ خود سے الجھتا رہا ۔ مراقبے کے دوران بھی وہ اس خیال سے پیچھا نہ چھڑا پاتا۔ کبھی اُس کو یہ خیال آتا کہ یہ سب محض جنسی جذبے کی کارستانی ہے لیکن جب وہ اپنے پیر و مرشد سے اپنے تعلق خاطر کے بارے میں سوچتا ، اُن کی شفقتوں ، اُن کی محبت کا اپنے لئے احساس کرتا تو یہ دلیل ٹھس ہو کر رہ جاتی۔ پھر وہ دوستوں سے اپنے تعلق کا جائزہ لیتا ، اپنے لئے اُن کے خلوص آگیں جذبات کی بابت سوچتا کہ وہ کون سے جنسی جذبے کے تحت وجود پاتےاور اس کو سیراب کرتے ہیں۔

صنفِ مخالف میں کشش کو اگر جنس کے جذبے کا شاخسانہ مان بھی لیا جائے تو دوستوں سے محبت ، مرید کا اپنے مراد سے پیار ۔۔۔استاد کی اپنے شاگردوں سے الفت اور ان سب سے بڑھ کر اللہ تعالیٰ کی بے حد و کنار وہ محبت جو وہ اپنی مخلوق سے کرتا ہے ، اُس کو کہاں فٹ کیا جائے ؟ جب وہ ہار گیا اور اُس کو کوئی راہ سجھائی نہ دی تو ایک روز اُس نے ٹکٹ لیا اور اپنے مرشد کریم کے حضور حاضر ہو گیا۔

سر میں پریشان خیالی کی دھول لئے وہ درماندہ سا اپنے بابا جی سے ملا۔ اُن سے مل کر ، اُن کی محبت کی چھاؤں کا احساس کر کے ، اُس کو یوں محسوس ہوا کہ وہ سکون کی ایک جھیل میں اتر گیا ہے۔ اُس کو ان کی قربتپا کر یہ بھی یاد نہیں رہا کہ وہ اُن سے ملنے کو اتنا بے تاب کیوں تھا؟ وہ سکون جو اُن کے ارد گرد گہرے پانیوں کی طرح ٹھہرا ہوا تھا اُس کے اندر اترتا چلا گیا۔ اُس کا جسم اور ذہن ہی نہیں بلکہ اُس کی روح تک شانت ہوتی چلی گئی۔ وہ دو تین دن رہا۔ ایک روز انہوں نے باتوں باتوں میں سرمد کی ایک رباعی پڑھی۔

سرمد غمِ عشق بوالہوس را نہ دہند            سوز دل پروانہ مگس را نہ دہند

عمرے باید کہ یار آید بکنار                این دولتِ عشق ہمہ کس را نہ دہند

( مفہوم : اے سرمد غمِ عشق بوالہوس کو نہیں دیا گیا۔ پروانے کے دل میں بھرا سوز مکھی کو نہیں دیا گیا۔ یار

سے ہمکنار ہونے کے لئے عمریں درکار ہوتی ہیں۔ یہ دولتِ عشق ہر کسی کے نصیب میں نہیں)

اور فرمایا یہ لوگ عشق کو سوز اور محبت کو آگ نہ جانے کیوں کہتے ہیں؟ حالانکہ میں تو یہ سمجھتا ہوں کہ عشق میں انگ انگ زعفران زار بن جاتا ہے۔ عشق میں اگر سوز ہو تو یہ ضرور طلب اور بوالہوسی کے سبب ہوتا ہوگا۔ عشق میں تو بندے کے اندر گداز پیدا ہو جاتا ہے۔ ایک ایسا گداز جو بندے کو اس قابل بنا دیتا ہے کہ وہ اپنے اندر موجود اللہ سے واصل ہو جاتا ہے۔ عشق کو آگ کہنے والوں کے ذہن میں شاید یہ بات رہی ہو کہ یہ یکسوئی کی ایک ایسی اعلیٰ کیفیت ہے جس میں کوئی دوسرا خیال آ ہی نہیں سکتا۔ آ بھی جائے تو جل کر بھسم ہو جاتا ہے۔

اپنے مراد کی اس بات نے اُس کے تپتے سلگتے اعصاب پر شبنم کا کام کیا۔ اتنی دو ٹوک اور اتنی سامنے کی بات آنکھ سے اوجھل رہے تو راستے تاریکی میں گم نہیں ہوں گے تو اور بھلا کیا ہوگا؟ اُن کے فکر کی ضیا نے اُس کے اندر کا وہ اندھیرا مٹا کر رکھ دیا جس کے سبب وہ ٹامک ٹوئیاں مارنے پر مجبور تھا۔

اُس کے اندر ایک خفتہ سوال نے سر اُٹھایا۔ اُس نے موقعہ غنیمت جانا اور عرض کی۔

”آپ نے ایک جگہ لکھا ہے ۔ پیار ، محبت، عشق کے بعد عقیدت کا مرحلہ آتا ہے اور عقیدت کی منزل پا لینے کے بعد وجدان حاصل ہوتا ہے۔ اس بات کی وضاحت فرما دیں۔“

اس پر اُس کے مراد نے اپنے مخصوص تبسم ریز لہجے میں کہا۔

”مٹی میں مقید تفکر کا ایک پیٹرن ہے ، تفکر کے اس پیٹرن کو کائناتی نظام کی روشنیوں سے فیڈ کیا جاتا ہے۔ تفکر کے اس پیٹرن میں یہ روشنیاں لہریں بن کر کام کرتی ہیں ۔ انسان میں یہ لہریں ایک کرنٹ کی مانند دور کرتیہیں۔ ہر انسان کے اندر قدرتی طور پر یہ تقاضا کام کر رہا ہے کہ وہ اپنی تسکین کے لئے دوسرے کرنٹ کا متلاشی رہتا ہے۔ اس تلاش کو ہی انسان اپنی زبان میں پیار کا نام دیتا ہے۔ پیار میں کشش سے محبت جنم لیتی ہے۔ محبت طلب کا ایک روپ ہے۔ محبت انسان کو اونچ نیچ کے دائرے میں قید رکھتی ہے۔ معاشرے کی متعین حدودمحبت کو پابند کرتی ہیں۔ محبت کا جوش سمندر کا جھاگ بن جاتا ہے۔ یہ ایک ایسی کیفیت ہوتی ہے جس میں نہ تو بندہ سانس لے سکتا ہے اور نہ تیر سکتا ہے۔

محبت میں کچھ لو اور کچھ دو کا اصول کار فرما رہتا ہے۔ جب تک لو اور دو کا عمل رہتا ہے تو یہ عشق نہیں ہوتا۔

عشق متعین حدوں سے آزاد ہونے کو ترجیح دیتا ہے۔ عشق ِ حقیقی ہو یا مجازی ، دونوں کی ابتدا محبت سے ہوتی ہے۔ اگر محبت نہ ہو تو عشق کے دائرے میں داخل ہونا محض ایک مفروضہ ہے۔

حضرت اویس قرنیؓ عشق کی وہ واحد مثال ہیں جو آج تک نوع انسانی پیش کر سکی ہے۔ جیسا عشق انہوں نے حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام سے کیا، آج تک ویسا عشق کرنے کا اعزازکسی اور کے حصے میں نہیں آ سکا۔

عشق میں بندے کے اندر صرف یہ تقاضا ابھرتا ہے کہ وہ اپنے محبوب کے لئے کیا کر سکتا ہے اور مجھے اُس کے لئے کیا کرنا چاہیے۔عشق کے بعد بندہ عقیدت سے روشناس ہوتا ہے۔ یہ محبت کا وہ درجہ ہے جہاں ہر آرزو ، حتیٰ کہ آرزوئے وصل بھی دم توڑ دیتی ہے اور بندہ اپنے محبوب کی رضا پہ راضی رہنا سیکھ لیتا ہے۔ محبوب کے اشارۂ چشم و ابرو پہ حرکت کرنا اُس کے لئے سعادت بن جاتی ہے۔عقیدت کے بعد وجدان کا درجہ آغاز ہوتا ہے۔ وجدان میں صاحب ِ وجدان خلوص و ایثار کا پیکر بن جاتا ہے ۔ وہ وفا اور آگہی کا ایک ایسا نمونہ بن جاتا ہے جسے وجدانی طور پر اس بات کا احساس رہتا ہے کہ اُس کا محبوب اُس سے کیا چاہتا ہے؟

اُس نے اُن کے ان بصیرت افروز کلمات کو سُنا ۔ اُس کو ایک انشراح اور بالیدگی کا احساس ہوا۔ اُس وقت اُس کے محسوسات کچھ یوں تھے گویا وہ کسی بلند عمارت کی چھت پر پہنچ گیا ہے اور اس بلندی کے سبب اُس کی نظر کا دائرہ بڑھ گیا ہے اور افق کی حدیں وسیع تر ہوگئی ہیں۔ اُس کھلے پن کے احساس کا لطف لیتے ہوئے اُس نے قرآن حکیم میں سورہ آل عمران کی اُس آیت کی بابت سوچا جس میں اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں سے اس شرط پر پیار کرنے کا وعدہ کیا ہے کہ وہ اُس کے محبوب ترین بندے کا اتباع کریں۔ لیکن بندوں پر خود سے پیار کرنا فرض نہیں کیا۔ اُس نے سوچا کہ وہ اس بات کو کس طرح پوچھے ۔ اُس نے نہایت احتیاط سے الفاظ کا چناؤ کرتے ہوئے جب پوچھا تو ایک اور ہی زاویہ کھل گیا۔ اُس نے عرض کی۔ کیا عشق مجازی میں بھی وجدان کا درجہ حاصل ہو سکتا ہے؟

اُس کے مرشد کریم اُس کی اصل الجھن سے خوب واقف تھے تبھی تو انہوں نے اُس کو یہ ساری بات تعلیم کی تھی۔ اُس کی بات سن کر انہوں نے اُس کو سمجھانے کے انداز میں کہنا شروع کیا۔

”یہ جو ابھی ہم نے طلب اور کشش کی بات کی ، آپ اس پہ غور کریں۔ یہ طلب اور کشش انسانی ذہن میں

چپک کا باعث ہے۔ یہ چپک ہی تو ہے جو انسانی ذہن کو کبھی ایک چیز اور کبھی دوسری شے سے چپکا دیتی ہے۔ اگر انسان اس چپک کو دنیاوی ، مادی ، فانی اور تغیر پذیر اشیاء کے لئے بروئے کار لاتا ہے تو اُن متغیر ، فنا ہونے والی مادی اور دنیاوی چیزوں کے اثرات ذہن میں منتقل ہوتے ہیں ۔ مادی اور تغیر پذیر اشیاء میں دل لگانے کا یہی نقصان ہوتا ہے کہ اُن اشیاءکی طرح ، اُن کے اثرات بھی قائم پذیر نہ ہونے کے سبب ختم ہو جاتے ہیں۔ ذہن کی ساری تگ و دو ضائع ہو جاتی ہے۔ لیکن اس کے برعکس اگر اس فطری تقاضے کو ، ذہن کی اس چپک کو لافانی ، لامتغیر اور ابدی چیزوں پہ مرکوز و مرتکز کر لیا جائے تو اب جو اثرات ذہن کو منتقل ہوں گے وہ نہ صرف یہ کہ دیرپا ، غیر متبدل اور لا متغیر ہوں گے بلکہ قائم بھی رہیں گے۔ قرآن کی تعلیمات کا خلاصہ یہی تو ہے کہ بندہ دنیا کی بے ثباتی کو سمجھے اور قائم رہنے والی ۔۔آخرت کی زندگی کو اپنانے کی طرف متوجہ رہے۔“

اس کے بعد انہوں نے انسانی ذہن کی اس چپک کے حوالے سے ایک واقعہ سنایا کہ حضرت فرید الدین عطارؒ ایک بہت بڑے روحانی بزرگ تھے۔ فقیری میں آنے سے پیشتر عطر کا کاروبار کرتے تھے۔ ایک روز ایک گدا گر کاسۂ گدائی لئے اُن کی دکان پر آیا اور اُن سے مختلف چیزوں کے متعلق پو چھنا شروع کیا۔

اُس وقت فرید الدین عطار ؒ مصروف تھے۔ اُن کو اُس وقت اُس کی مداخلت ناگوار گزری۔ انہوں نے اُس کو ٹالنا چاہا۔ لیکن وہ فقیر اڑا رہا۔ بالآخر انہوں نے اُس فقیر کو جھڑک دیا۔ اُس پہ اُس فقیر نے کہا میں دیکھ رہا ہوں کہ تم میں چپک بہت ہے ۔ تم نہ جانے مرو گے کیسے؟

فرید الدین کو یہ بات اور بھی ناگوار گزری۔ انہوں نے کہہ دیا۔ جیسے تم مرو گے ہم بھی مر جائیں گے۔ تم یہاں سے جاتے ہو یا میں تمہیں دھکے مار کر نکلواؤں۔۔ اس پر فقیر بہت ہی ٹھہرے ہوئے انداز میں بولا۔ کیا تم ویسے مر سکتے ہو جیسے میں مروں گا؟۔۔ یہ لو دیکھو۔۔ میں مرنے چلا۔

یہ کہہ کر اُس فقیر نے اپنا کاسۂ الٹایا۔ وہیں دکان کے سامنے بازار میں سر کے نیچے اپنا کاسۂ رکھ کر سیدھا لیٹ گیا۔ کلمہ پڑھا اور کہا ۔” اچھا بھائی خداحافظ۔۔ہم چلے۔“اور یہ کہہ کر اُس نے آنکھیں موند لیں۔ حضرت فرید ؒ پہلے تو یہ سمجھے کہ یونہی مکر کر رہا ہے۔ پاکھنڈی کوئی نیا ڈھونگ رچا رہا ہے۔ لیکن جب کافی دیر ہو گئی اور لوگوں نے جا کر دیکھا تو وہ فقیر سچ مچ اوپر سدھار چکا تھا۔

اس واقعے نے حضرت فرید عطار ؒ کی زندگی میں ایک ایسا انقلاب برپا کر دیا کہ آج صدیوں بعد بھی جب اُن کا تذکرہ ہوتا ہے تو ذہنوں میں اُن کے لئے عقیدت و احترام کی لہریں دور کرتی ہیں۔

یہ بات سن کر اُس کو اپنے اندر ایک عجیب سی اتھل پتھل کا احساس ہونے لگا۔ جن باتوں کو سلجھانے میں اُس کو اتنی دشواری ہو رہی تھی انہوں نے اُن کو کس قدر آسان انداز میں ، کس قدر سہولت کے ساتھ ، ایسا سلجھا دیا تھا کہ اب اُن کے الجھنے کا کوئی امکان نہ رہا تھا۔ عقل و دانش کی فریب کاریوں نے سیدھی سادھی بات کو کس قدر پیچیدہ اور گھمبیر بنا کر لوگوں کی دسترس سے باہر کیا ہوا ہے۔ وہ دیر تک اپنے سامنے موجود ، معصومیت سے آراستہ چہرے پر پھیلی مسکان کو دیکھتا اور اُسے اپنے اندر اتارتا رہا۔ اُن کی کہی گئی باتوں سے سیراب ہوتے، عشق ، محبت اور وفا کے حوالے سے وہ اپنے اور اُن کے مابین تعلق کے بارے میں سوچنے لگا۔ کیا میں اپنے مرشد سے پیار کرتا ہوں؟

یہ سوال اُس کے اندر ایک استعجاب بن کر ابھرا۔ اُس نے دل ہی دل میں اس کا جواب اثبات میں دینا چاہا لیکن اندر سے کسی نے اُس کو ”ہاں“ کہنے سے روک دیا۔ اُس نے خود کو دلائل سے قائل کرنا چاہا۔ میں اتنی دور سے اُن ہی کی خاطر آیا ہوں۔ مجھے اُن کی باتیںاچھی لگتی ہیں ، مجھے وہ خود کتنے اچھے لگتے ہیں۔

اس کے اندر سے ایک آواز ابھری لیکن یہ تو سب تمہاری اپنی طلب اور غرض ہے۔ اُن سے پیار کا ثبوت نہیں۔ ابھی وہ اسی گومگو میں تھا کہ وہاں موجود کسی خاتون نے اپنا کوئی مسئلہ بیان کرتے ہوئے اُس سے داد رسی چاہی۔ مسئلہ کیا تھا؟ اپنے خیالوں میں مصروف ہونے کے سبب وہ سن نہیں پایا تھا لیکن اپنے مراد کی آواز نے اُس کو ادھر متوجہ کر دیا ۔ وہ فرمارہے تھے۔

”میں نے آپ سے کہا تھا کہ غصہ نہ کیا کریں۔ اگر آپ کو مجھ سے محبت ہوتی تو میرے کہنے کا اثر لیتیں اور غصہ کرنا چھوڑ دیتیں۔“

اُس کو یہ بات سُن کر ایسا لگاگویا یہ بات انہوں نے اُسی کے اندر پھدکتے سوال کے جواب میں کہی ہے۔ اُس کو اتنی شرم آئی کہ اُس کا جی چاہا کہ کاش زمین پھٹ جائے اور وہ اُس میں گم ہو جائے۔ خجالت سے اُس کا سر جھکا اور تھوڑی سینے پہ آ ٹک گئی۔ انہوں نے اتنی طویل اور جامع بات کی اُس کو یہ تک سمجھ نہیں آیا کہ حاصل ِ کلام کیا ہوا؟

محبوب مان لینے کے بعد اُن کی ہر بات کی تعمیل اُس پر واجب ہو چکی ہے۔ عشقالٰہی کا درس دینے والوں کے پیشِ نظر بھی یہی نکتہ رہا ہوگا کہ جب لوگ اللہ سے پیار کریں گے تو اُس کی سنیں گے بھی ، مانیں گے بھی اور اُس پہ عمل بھی کریں گے۔ جب وہ اللہ کا کہا مانیں گے تو لامحالہ اللہ اُن سے پیار کرے گا۔ اپنی مخلوق سے اللہ تعالیٰ پیار تو یوں بھی کرتے ہی ہیں لیکن جب بندہ اللہ کی بات مانتا ہے تو وہ پیار کچھ مزید بڑھ جاتا ہے۔

اُس نے اپنا جائزہ لینا شروع کیا کہ اپنے مراد سے تعلق استوار ہونے کے بعد سے اب تک اُس نے کون کون سی بات اس لئے ترک کی ہے کہ وہ انہیں پسند نہیں۔ ۔۔یا اُس نے وہ کون کون سی بات اپنائی ہے جو انہیں پسند ہے؟ اُس کو اپنی تہی دامنی پہ رونا آگیا۔ اُس نے اپنے بکھرتے وجود کو کبھی اتنا بے مایہ نہ دیکھا تھا۔ خجالت اور شرمندگی نے اُس کو اپنی ہی نظروں میں گرا کر رکھ دیا تھا۔ وہ ایک شکستہ دیوار کی طرح خود پہ گر کر فنا ہونا چاہ رہا تھا۔ اُس نے سوچا کہ اُس کو وہاں بیٹھنے اور اپنے مراد کے سامنے رہنےکا کوئی حق نہیں۔ اُس نے وہاں سے ہٹنے کا ارادہ کر لیا اور جانے سے پہلے آخری دفعہ دیکھنے کے خیال سے اُن کی طرف نظر کی ۔۔ بے بسی اور لاچارگی کی نظر ۔۔۔اپنے جرمِ نااہلیت کا اعتراف کرتی نگاہوں سے اُس نے اُن کو دیکھا۔

انہوں نے نہایت شفیق سی مسکراہٹ سے اُس کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا۔”اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کو جس بات سے بھی منع کیا ہے اُس میں بندے ہی کا نقصان ہوتا ہے۔ اللہ کا بھلا کیا نقصان ہوگا؟ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے اتنا پیار کرتے ہیں کہ اُس کی کوئی حد ہی نہیں۔ حدیثِ قدسی ہے۔ اللہ اپنے بندوں سے ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہے۔ لیکن بندہ اس پیار سے واقف ہی نہیں ۔ وہ ہونا ہی نہیں چاہتا۔ اگر بندہ اُس پیار سے واقف ہو جائے تو اللہ کالاڈلا ہی نہ بن جائے۔“

اُن کی بات سُن کر اُس کو یوں لگا کہ اُس کے وجود کی بکھرتی کرچیاں انہوں نے اپنی شفقت سے سمیٹ کر اُس کو واپس جوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اُس کے ٹوٹتے بکھرتے وجود کو کس سلیقے اور نفاست سے ”لاڈلا“ بننے کا درس دے کر بچا لیا تھا۔ اُس نے تشکر بھری نظروں سے اُن کو دیکھا۔ وہاں اُسی ملکوتی مسکان نے اُس کا استقبال کیا جو ایک ماں کے چہرے پراپنے جگر گوشے کو خوش دیکھ کر نہال ہونے کے ثبوت کے طور پر ظاہر ہوتی ہے۔

اُس کو ڈھارس ملی تو اُس نے خفت مٹناے کا سامان کرنے کا عزم کیا ۔ زادِ راہ کے طور اُس کو اُن ہی کی آشیر باد چاہیے تھی۔ اُس نے بہت سنبھل کر دریافت کیا۔” حضور یہ دوئی کیا ہوتی ہے؟ کیا دوئی ختم ہو سکتی ہے؟ پھر اپنے نکتہ نظر کی مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا۔” میرا مطلب ہے کہ ایک ماں اپنی اولاد سے یا اولاد اپنی ماں سے کتنا ہی پیار کرے۔۔۔یا جیسے ایک مرید اپنے مراد کو کتنا بھی کیوں نہ چاہے۔ لیکن ماں تو ماں ہی رہتی ہے ۔۔۔بیٹا بیٹا ہی رہتا ہے۔۔مرید مرید ہی رہتا ہے۔۔مراد مراد ہی رہتا ہے۔۔۔تو یہ جو تصوف اور سلوک میں دوئی کا خاتمہ ہو جانے کاا تنی شدو مد سے تذکرہ کیا جاتا ہے۔۔اس کا کیا مطلب ہوا؟“

اس پر انہوں نے تکیے پہ ٹیک لیتے ہوئے کہا ۔ یہ بات درست ہے کوئی کچھ بھی کر لے ۔۔ایک وجود دوسرے وجود میں سما کر فنا نہیں ہو جاتا ۔ آپ اس بات کو یوں سمجھیں کہ اگر آپ اپنے مراد کے حکمکی تعمیل اس طرح کرتے ہیں جیسے کسی استاد کے ، باپ کے یا ماں کے حکم کی تعمیل کی جاتی ہے تو حکم کی تعمیل تو ہو جاتی ہے ۔ لیکن اب اگر آپ اُس حکم کی تعمیل اس طرح سےکریںکہ وہ حکم خود آپ کی خواہش بن جائے تو اب جو تعمیل ہوگی وہ ہر لحاظ سے مکمل ہوگی۔۔یعنی جب مراد کی خواہش مرید کی خواہش بن جائے ، مراد کی پسند مرید کی پسند بن جائے تو کہا جاتا ہے کہ اب دوئی نہیں رہی۔ اسی طرح جب کوئی بندہ ، اللہ کی رضا کو جان کر ، اُس کو سمجھ کر ، اُس کو مان کر ، خود پہ اس طرح نافذ کر لیتا ہے کہ وہ خود اُس بندے کی خواہشِ قلبی بن جائے تو اب کیا دوئی باقی رہ سکتی ہے؟

اُس نے احسان مندی سے سر شار نظروں سے اپنے مراد کی طرف دیکھا اور سوچا ۔ بار الٰہہ ! تیرا شکر کہ تو نے مرشد کامل تک رسائی نصیب فرمائی۔ اب مجھے یہ توفیق دے کہ میں ان کی طرزِ فکر کو اپنا سکوں ۔(آمین)