Topics

اِقراء

 

وہ ذات اقدس اور سیرت مطہر ہﷺ جس سے نسبت اور تعلق پر ہر مسلمان فخر کرتا ہے ۔ اُن پر درود و سلام بھیجنا اپنی سعادت اور اعزاز سمجھتا ہے۔ کروڑوں مسلمان ہر روز دن میں کئی کئی بار اللہ کی بار گاہ میں یہ درخواست پیش کرتے نہیں تھکتے ہیں:”اے بارِ الٰہ تو اپنے محبوب ﷺ سے ہمارا تعلق اور ربط قائم فرما دے۔ “ لیکن قابلِ توجہ بات یہ ہے کہ کتنے لوگ ہیں جو واقعی اُنﷺ کی نسبت سے فیضیاب اور اُنﷺ سے تعلق قائم کرنے کے اعزاز سے مشرف ہو سکے ہیں۔ عشق ِ رسول ﷺ مذہبی اور روحانی حلقوں میں زیرِ گفتگو رہنے والے موضوعات میں سے ایک پسندیدہ اور مرغوب سمجھا جاتا ہے۔اس حوالے سے کی جانے والی گفتگو ی تان بالآخر اس بات پر آکر ٹوٹتی ہے کہ این سعادت بذور بازونیستتانہ بخشد خدائے بخشند ہ اور ہر مسلمان عشقِ رسول کی آرزو رکھنے کے باوجود خود کو اس کا اہل نہ سمجھتے ہوئے دم سادھ لیتا ہے۔

لیکن دوسریطرف کچھ ایسے اصحاب کا تذکرہ بھی کچھ کم نہیں جو اس دولتِ عشق سے سرفراز ہوئے۔ حضور علیہ الصلوۃ والسلام سے اُن کو ایسی نسبت اور تعلق خاطر نصیب ہوا جو آنے والوں کے لئے ایک روشن مثال کا درجہ رکھتا ہے ۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے لوگوں کی محبت اور عقیدت کے بے شمار رنگ عوام اور خواص کے سامنے آئے ، آتے رہے اور آتے رہیں گے۔ ان میں کچھ رنگ اتنے تیز اور شوخ ہیں کہ شعور چندھیا کر رہ جاتا ہے ۔ آپ ﷺ سے لوگوں کی محبت اور عقیدت کا ایک ادنیٰ سا انداز یہ تھا کہ جب لوگ آپ ﷺ سے مخاطب ہوتے تو اپنےماں باپ کو آپ ﷺ کو آپﷺ پر فدا کرنے کا علان کرتے ہوئے آپ ﷺ سے شرفِ گفتگو حاصل کرتے۔ آپ ﷺ سے اُن کی محبت کا ایک انداز یہ بھی تھا جسے تاریخ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے کہ اُس محبت کے ہاتھوں آپ ﷺ پر اُٹھتی تلواروں کی ضربات کو وہ اپنے ہاتھوں اور جسموں پر قبول کرنا اپنی سعادت سمجھتے۔ تعمیل ارشاد میں مال و دولت ہی نہیں، جسم و جاں کے نذرانے پیش کرنا اُن کے لئے مقصد حیات کا درجہ رکھتا تھا۔ آپ ﷺ کے دندانِ مبارک کی شہادت کا سُن کر خود اپنے دانتوں کو پتھر مار مار کر توڑنا فرض سمجھنے والوں نے عشق نبی ﷺ کی ایسی ایسی مثالیں قائم کیں جن کی نظیر کسی بھی دوسرے انسان کے لئے نہ ملتی ہے اور نہ ہی کبھی ملے گی۔

اس گروہ عشاق کے سر خیل حضرت اویس قرنی ﷜ قرار پاتے ہیں جنہوں نے عشقِ رسولﷺ میں وہ مقام حاصل کیا جو نوع انسانی میں آج تک کوئی فرد نہ حاصل کر سکا ہے اور نہ ہی کبھی کر سکے گا۔ اپنی ذات سے گزر کر ، زمان و مکاں کی حد بندیوں سے بالا تر ہو کر اپنے نبیﷺ کی ذات پہ جس طرح سے وہ پروانہ وار فدا ہوئے۔ اُس کی تقلید کی خواہش تو کی جا سکتی ہے لیکن اُس کے برابر آنا نا ممکن ہی محسوس ہوتا ہے۔ اسی طرح حضرت ابو طال﷜ اپنے بھتیجے کی محبت میں شعب ابی طالب کی دشوار راہ میں کچھ اس انداز سے ہمراہ ہوئے کہ اپنی جان سے گزرنا انہیں گوارا ہوا لیکن ساتھ چھوڑنا نہیں۔

قدرت کا یہ ایک عجیب چلن ہے کہ ایک طرف جہاں کچھ لوگ آپﷺ پر پروانہ وار نثار ہونا سعادت اور اعزاز جانتے ہیں وہاں دوسری طرف ایسے افراد بھی ہوئے جو آپﷺ کی دشمنی میں اندھے ہو کر اتنی دور نکل گئے کہ آپ ﷺ کی جان و مال ، عزت و آبرو ، خیر و عافیت، سکھ چین سب کچھ ختم کردینا انہوں نے خود پہ فرض کر لیا تھا۔

ہر چیز کے دو رخ ہوتے ہیں۔ اس قانون کے تحت جہاں ایک طرف ابی لہب ، ابو جہل ، ابو سفیان جیسے دشمن اپنی سعی ناپاک سے آپ ﷺ کا وجود مسعود محض اس وجہ سے مٹانے پر تلے ہوئے تھے کہ خانہ کعبہ کے طفیل اُن کو حاصل ہونے والی آمدنی میں رکاوٹ نہ آنے پائے۔ دوسری طرف آپ ﷺ کو ابو طالب اور حضرت خدیجہ ﷜ ، حضرت علی کرم اللہ وجہ اور ابو بکر ﷜ جیسے جانثار ساتھی بھی عطا ہوئے۔ حضرت ابو طالب اور حضرت خدیجہ﷜ نے شعب ابی طالب کے انتہائی کڑے اور سخت امتحان میں جس طرح ساتھ دیتے ہوئے اپنی جانوں سے گزرنے کا عملی مظاہرہ کیا، وہ اُن کی بے لوث محبت اور خلوص آگیں جذبات کا ایک سیدھا سادہ اظہار ہی تو تھا۔ یہ دونوں آپ ﷺ سے محبت کرنے والی ہستیاں اُس معاشی اور معاشی اور معاشرتی بائیکاٹ کی قربان گاہ میں آپﷺ پر نچھاور ہو گئیں جو کفار مکہ نے آپ ﷺ کو راہِ حق سے ہٹانے کی موہوم امید پر تیار کی تھی۔

اُس نے چشم ِ تصور سے صحرا کے انتہائی گرم تپتے دنوں اور سرد یخ بستہ راتوں میں ، بستیوں سے دور ، ریگزار میں ایک ویران سنگلاخ قہر بداماں گھاٹی میں گنتی کے چند لوگوں کو اس کسمپرسی کی حالت میں دیکھنے کی کوشش کی اور اُن مناظر کو جو اُس کے تصور نے اُس کے ذہن کی سکرین پر ابھارے ، دیکھ کر کانپ کر رہ گیا۔ گرمی سے نڈھال لوگوں کے پاس پینے کا پانی نہیں ، پانی کہیں دور سے لایا جاتا ہے تو پکانے کا سامان نہیں، نوبت اس حد کو پہنچ جاتی ہے کہ چمڑے کے

جوتے ابال کر طعام کا بندوبست کرنا پڑتا ہے۔ بڑے تو بڑے بچوں کو بھی اسی تنور ، وحشت میں جھونکا ہوا ہے۔ وہ معصوم بچے اپنے بڑوں کی ثابت قدمی کے امتحان کو مزید کڑا کرنے کا سامان بننے کی بجائے اُن کی دل جوئی اور حوصلے کا سبب بن رہے ہیں۔

اُس نے سوچا کہ یہ سب حضور الصلوٰۃ والسلام جیسی ہستی جو محبوب کبریا اور وجہ تخلیق کائنات ہیں، کے ساتھ ہی کیوں ہوا۔ اُن کے ساتھ تو ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اُن کی پوری زندگی اذیت ، دشواریوں اور مصائب سے عبارت نظر آتی ہے۔ پیدا ہونے سے پہلے یتیمی ، بچپنے میں ماں کا داغ مفارقت دے جانا ، لڑکپن میں دادا کا سایہ سر سے اُٹھنا ، جوانی میں کسب معاش کی جدوجہد ، غارِ حرا میں مجاہدہ ، نبوت سے سرفراز کیا جانا، ڈھلتی عمر کے ساتھ اپنوں کا دشمن بن جانا ، خدیجہ ﷜ اور ابو طالب کا ساتھ چھوٹنا ، ہجرت ِ مدینہ کے دن تک کوئی دن ، کوئی لمحہ ایسا نہیں جس میں جان کو خطرہ لاحق نہ رہاہو، عزت ِ نفس اور آبرو کو تار تار کرنے کا کون سا طریقہ تھا جو نہیں آزمایا گیا؟ بیٹیوں کو طلاق دے کر باپ کی رسوائی اور جگ ہنسائی کا سامان کیا جانا، سرِ عام گالیاں دی جانی ، راستے میں کانٹے بچھائے جاتے ، اوباش لوگوں سے سنگ زنی کروائی جاتی ، حالتِ سجدہ میں پکڑ کر مارنا ، اونٹ کی اوجھ میں سر اندر دے کر ، گردن کے گرد رسی سے باندھ کر تڑپتا چھوڑ دینا ، نفرتوں اور ملامتوں کا سامنا ، تحقیر اور سر زنش کے سامان کرنا۔۔ اور یہ سب اُس ذی وقار ہستی اور بندے کے ساتھ ہوتا رہا جو افضل ترین مقام، مقامِ محمود کا راہی تھا۔

اُس کے شعور میں اس حوالے سے استعجاب پیدا ہوا، اور حیرت بنتا چلا گیا۔ کبھی اُس کا جی ترس اور ترحم کی طرف مائل ہوتا تو کبھی اُس کو نظامِ قدرت پہ غصہ آنے لگتا ۔ کبھی وہ یہ سوچتا کہ اللہ نے اُنﷺ کو ان مصائب اور دشواریوں سے بچانے کا کوئی انتظام کیوں نہ کیا؟ اُس کو خیال آتا کہ آخر وہ اتنی روحانی قوت کے حامل تھے تو انہوں نے اپنے مخالفین کو روکا کیوں نہیں؟ وہ سوچتا کہ لوگوں کو چاہیے تھا کہ وہ اس قدر ظلم و ستم نہ کرتے۔آخر اُن پر ایسی کیا بپتا آن پڑی تھی کہ وہ اللہ کی دی ہوئی صلاحیتوں کو اللہ کے محبوب ترین بندے ﷺ ہی کے خلاف استعمال کرنے پر تل گئے اور اس حد تک بڑھ گئے کہ اُن میں سے اکثر میدانِ جنگ میں جہنم رسید ہوئے۔

وہ سوچتا رہا ۔ یہ خیال اُس کے ذہن میں اکثر عود کر آجاتا ۔ وہ اپنے ذہن میں اُٹھنے والے سوالوں کو توجہ کے سامنے سجا کے بیٹھتا تو اُس کو طرح طرح کے جواب سوجھتے ۔ لیکن جب وہ اُن جوابوں کو اپنے قلبی اطمینان کی کسوٹی پر

پرکھتا تو وہ اُس کے دل سے اتر جاتے ۔ کبھی وہ حضور ﷺ کی کامیابیوں اور دنیا میں اُن کے نام کا بول بالا ہونے کی دلیل لاتا ، کبھی لوگوں کی اُن ﷺ کی ذات سے وابستہ توقعات کہ وہ اُن کی شفاعت کریں گے ، اُن کو حوضِ کوثر کے مشروب سے سیراب کریں گے ، محض اُن ﷺ کے نام لیوا ہونے کے ناتے اللہ تعالیٰ اپنے تمام انتظامی اور تکوینی اصولوں ، قوائد ضوابط اور قوانین کو پسِ پشت ڈال کر انہیں جنت میں داخلے کی اجازت دے دے گا ۔ لیکن یہ سب درست ہو بھیتو سوال تو پھر بھی اپنی جگہ برقرار ہی رہا کہ حضورنبی آخر زماں ﷺ کو اتنی کڑی اور سخت آزمائشوں سے کیوں گزارا گیا؟ اس میں کیا حکمت تھی؟ کیا راز تھا؟

ایک روز اُس کے بیٹے نے اُس سے اپنے اسکول کے کام میں مدد چاہی۔ اُس کو لوہے سے مقناطیس بنانے کا تجربہ کرنے میں کامیابی نہیں ہو رہی تھی ، اس لئے اُس نے اپنے والد سے مدد مانگ لی۔ وہ اُس کو بتانے لگا کہ کسی عام سے لوہے کے ٹکڑے کو مقناطیس بنانے کے دو طریقے ہیں۔ پہلا تو یہ کہ کسی بڑے مقناطیس کو اُس پہ ایک خاص طریقے سے بار بار رگڑا جائے۔ یہ طریقہ وقت طلب ہے اور اس کے اثرات بھی زیادہ دیر قائم نہیں رہتے۔ جتنی دیر وہ بڑے مقناطیس کی قربت میں رہتا ہے اسی تناسب سے اُس میں بھی مقناطیسیت پیدا ہوجاتی ہے۔ دوسرے طریقہ یہ ہے کہ لوہے کے ٹکڑے کو برقی رو سے پیدا کردہ مقناطیسی میدان میں رکھا جاتا ہے۔ اس سے وہ ٹکڑا اتنی دیر بہت طاقتور مقناطیس بنا رہتا ہے جب تک وہ اُس مقنا طیسی میدان میں رہتا ہے۔ جب برقی رو بند کر دی جئے تو مقنا طیسی میدان کے ختم ہوتے ہی اُس کی مقناطیسیت بھی ختم ہو جاتی ہے۔

اُس کے بیٹے نے سوال کیا۔” ابو!یہ بڑے مقناطیش کیسے بنتے ہیں؟ اُن کی مقناطیسی طاقت تو ختم نہیں ہوتی۔“

”ہاں بھئی ۔۔وہ بھی دو قسم کے ہوتے ہیں۔ ایک قدرتی طور پر پائے جاتے ہیں اور دوسرے خود بنائے جاتے ہیں۔ قدرتی طور پر پائے جانے والے مقناطیس کے بارے میں کہتے ہیں کہ وہ لوہے کی چٹان پر آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں بنتے ہیں۔ جو کارخانوں میں خود بنائے جاتے ہیں اُن کو بنانے میں عام سے لوہے کی بجائے فولاد استعمال کیا جاتا ہے اور اُن کے بنانے میں بہت طاقتور برقی رومہیا کی جاتی ہے۔“ اس نے جواب میں کہا۔

”فولاد ہی کیوں؟“ اُس کے بیٹے نے دریافت کیا۔

”اس لئے کہ فولاد مقناطیس بن جائے تو اُس کی مقناطیسی طاقت جلد ختم نہیں ہوتی ۔“ اُس نے کہا۔ بچہ جواب سُن کر مطمئن ہو گیا۔ خاموشی کے اُس کےمختصر لمحے میں اُس کو لگا کسی نے اُس کے اندر اچانک روشنی بھر دی ہو۔ سوال کا وہ کانٹا جو اُس کے شعور میں چبھن کا سبب بنا ہوا تھا ، اُس کو اس سوال کا جواب سمجھ آرہا تھا۔ایک بڑا اور پائیدار مقناطیس بنانے کے لئے طاقتور برقی رو سے پیدا کردہ مقناطیسی میدان کے علاوہ وعلیٰ قسم کا فولاد درکار ہوتا ہے۔ فولاد جس قدر اچھی قسم اور اعلیٰ معیار کا ہوگا، اُس کو مطلوبہ صورت میں ڈھالنے اور بنانے میں اُسی قدر زور زیادہ لگے گا۔ خوشی سے اُس کی آنکھوں میں چمک آگئی۔ واقعی اللہ کے کاموں کی حکمت کی سمجھ آنا بڑی سعادت ہے۔ اس سعادت پہ خوش ہونا بھی چاہیے۔

”حضور ﷺ خیر البشر اور اکمل و کامل بندے کو آنے والے تمام زمانوں کے لئے اتنا بڑا مقناطیس بنایا جا رہا تھ کہ جو بھی اُن سے جڑے ”مقنایا“ جائے۔ اسی لئے اُنﷺ کو جن مصائب اور دشواریوں سے گزارا گیا، اُس کو وہ عام لوہے کو ڈھالنے والی بھٹی اور فولاد ڈھالنے والی بھٹی کی حدت کے فرق کی مثال سے سمجھ آرہا تھا۔ عام لوہے کو ڈھالنے والی بھٹی کی حدت اور تپش ۔۔فولاد کو ڈھالنے والی بھٹی کی حدت اور تپش سے وہی نسبت رکھتی ہے جو لوہے اور فولاد کے معیار میں ہوتا ہے۔“ اُس نے سوچا۔

اسی نہج پر سوچتے سوچتے اُس کے ذہن میں ہیرے کا خیال آیا۔ خام حالت میں ہیرے کو پہچاننے کے لئے جوہر شناسی کی قابلیت درکار ہوتی ہے ۔ عام آدمی اس حالت میں اُسے ایک عام سا پتھر ہی سمجھتا ہے لیکن جوہر شناس جانتا ہے کہ تراشیدگی کے بعد یہ کتنا قیمتی جوہر ہوگا۔ ہیرا بھی اپنی کیمیائی ساخت کے سبب کوئلے کے اجزا کا حامل ہونے کے باوجود دنیا میں سخت ترین شے مانا جاتا ہے۔ جتنا بڑا ہیرا ہوتا ہے اُسی قدر اُس کی کٹائی ، تراشیدگی ، چھلائی اور رگڑائی کے مراحل دشوار ہوتے ہیں ۔ دیگر عام پتھروں کی تراش خراش اتنی دشوار نہیں ہوتی جس قدر ہیرے کی ہوتی ہے ۔ وہ جو انبیاء کی طویل مالا کا مرکزی ہیرا بننے جا رہا تھا، اُس ذات اقدس کو تراشیدگی کے جن مراحل سے گزارا گیا۔ وہ جتنے دشوار تھے اسی قدر اُنﷺ کی آب و تاب اور ضوفشانی میں اضافہ ہوا۔ اُن کو حالات کی بھٹی کی اُسی حدت سے گزارا گیا تھا ، جو نوع انسانی کے سب سے اعلیٰ بندے کو کائناتی نظام کو سب سے اہم رکن بنانے کے لئے ضروری تھی۔

 

اس بات کے اُس کے ذہن میں صاف ہو جانے کے بعد ایک دن اُس کو خیال آیا کہ یہ ہیرے اور فولاد کی مثال ہے تو بہت خوب لیکن یہ سب حالات و واقعات تو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی زندگی میں آپ ﷺ کی بعث کے بعد شروع ہوئے تھے۔ بعث سے پیشتر آپ ﷺ کی زندگی اتنی دشوار تو نہ تھی جس قدر بعث نبوی کے بعد ہوگئی۔ اس خیال نے اُسے چکرا کر ہی رکھ دیا۔ حضور ﷺ کی بعث سے پہلے کی زندگی میں آزمائشوں اور ابتلا کا بعث کے بعد درپیش دشواریوں اور سختیوں سے کوئی موازنہ ہی نہیں بنتا تو پھر یہ ہیرا اور فولاد کی مثال کے موجب تو حضور کی بعث کہیں جا کے فتح مکہ کے دن ہونا چاہیے تھی۔ یہ تو ساری صورت حال ہی کچھ اور ہے ۔ آپ پہ آزمائشوں اور ابتلا کا دور نبوت ملنے کے بعد کیوں شروع ہوا؟ نبی بننے سے پیشتر تربیت ، تراش خراش اور تیاری کے جن مراحل سے گزارا گیا تھا وہ کیا تھے؟

اس سوال سے اُس نے اغماض بتنے کی کوشش کی تو یہ سوال اُس کے سر چڑھ گیا اور ایسا چڑھا کہ وہ اٹھتے بیٹھتے خود کو اسی ادھیڑ بُن میں مصروف پاتا۔ سیرت کی کتب کا مطالعہ ۔۔۔ اُس کو امید کی کرن نظر آئی۔ اُس نے سیرت پہ مختلف مصنفین کی کتب کو اس حوالے سے دوبارہ پڑھنا شروع کر دیا۔ لیکن یہ دیکھ کر اسے حیرت اور صدمہ ہوا کہ خیر البشر ﷺ کی بعث سے پہلے کی زندگی اور خصوصاً آپ ﷺ کی شادی سے لے کر بعث تک کی زندگی کے پندرہ سالوں کی روداد پہ تقریباً تمام سیرت نگار خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔

حضور نبی مکرم ﷺ کی زندگی کے ان پندرہ سالوں کی روداد محض چند جملوں میں یہ کہ کر قلم بند کی گئی ہے کہ بعث سے پہلے آپ ﷺ کا رحجان تنہائی کی طرف بڑھ گیا اور آپ اکثر عبادت کرنے غارِ حرا تشریف لے جایا کرتے۔ کچھ نے لکھا کہ آپ ﷺ غار ِ حرا تشریف لے جاتے اور اللہ کی نشانیوں پہ غورو فکر کرتے۔ چند ایک کتب میں اُس نے پڑھا کہ آپ غارِ حرا تشریف لے جاتے اور وہاں مراقبہ کرتے۔ غارِ حرا جانا بعث سے دو تین سال پہلے آغاز ہوا ہو تو پھر باقی بارہ تیرہ برس کس حال اور کن کیفیات میں گزرے؟ اس سوال کا جواب اُس کو کسی سیرت نگار کی نگارشات میں نہ مل سکا۔

اب اس کی توجہ حضور ﷺ کی بعث سے پہلے کی زندگی میں تربیتی مراحل کی طرف مرکوز رہنے لگی۔ وہ اس ضمن میں جتنا بھی سوچتا اُس کو اُسی قدر اپنی کم مائیگی کا احساس ہوتا۔ وہ مطالعہ کرتا رہا اور ذہن میں بسے اس سوال کے کچوکوں سے بچنے کی تگ و دو میں لگا رہا۔ کئی بار اُس نے یہ سوچ کر ہار مانتے ہوئےطے کیا کہ حضور ﷺ کی زندگی کے

اُس دور میں راوی چین ہی چین لکھتا ہوگا اسی لئے سیرت نگاروں نے اس دور کے حالات کو قلم بند کرنا ضروری نہیں سمجھا ہوگا۔ لیکن اُس کا تنقیدی ذہن اس کو قرار نہ لینے دیتا اور وہ سوالوں کے بگولوں میں گھرا پریشان خیالی کا شکار ہوتا رہا۔

ایک روز وہ سیرت کی ایک کتاب میں بعث کا واقعہ پڑھ رہا تھا کہ کس طرح ایک روز حضرت جبرائیل امین حضور ﷺ کے پاس پہلی وحی لے کر آئے اور کہا ۔”پڑھ اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا ، پیدا کیا انسان کو ایک پھٹکی لہو سے ، پڑھ۔۔۔اور تیرا رب بڑا کریم ہے، جس نے علم سکھایا قلم سے ، سکھایا انسان کو جو وہ نہ جانتا تھا۔“ روایات میں ہے کہ اِس پہ حضور ﷺ نے کہا میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ حضرت جبرائیلؑ نے حضور کو اپنے سینے سے لگا کر بھینچ کر چھوڑا۔ پھر وحی کے الفاظ مکرر ارشاد فرمائے۔ حضور ﷺ نے دوبارہ یہی فرمایا ۔ میں اُمی ہوں۔ اس پر حضرت جبرائیل ؑ نے آپ کو دوبارہ سینے سے لگا کر بھینچا۔ حضور ﷺ کا جواب اب بھی وہی تھا۔ تیسری مرتبہ بھی اسی طرح ہوا۔ اس واقعہ کے زیرِ اثر حضور ﷺ پر وحشت اور گھبراہٹ کا اس قدر غلبہ ہو گیا کہ وہ ناتوانی محسوس کرنے لگے۔ آپ ﷺ پر لرزہ طاری ہو گیا اور آپ گھر کی طرف روانہ ہو گئے۔ گھر آکر انہوں نے حضرت خدیجہ ﷜ سے کہا ۔”مجھے کچھ اوڑھنے کو دو۔ ۔“ اس پر حضرت خدیجہ ﷜ آپ ﷺ کو تسلی دیتی ہیں اور پھر کافی عرصہ وحی کا سلسلہ منقطع رہتا ہے۔

یہ سبکچھ پڑھ کر اُس کے اندر ایک عجیب سے سوال نے سر ابھارا ۔ وحی کے الفاظ میں ”اقراء“ کا ہونا اور حضور ﷺ کا جواب میں خود کو اُمی فرمانا۔ اس پرفرشتے کا انہیں پکڑ کر سینے سے لگا کر بھینچنا اور پھر اصرار سے دوبارہ اور سہ بار یہی حرکت فرمانا۔ وحی کی ایات اور الفاظ عربی میں ہیں اور حضور ﷺ کی عربی فصاحت اور بلاغت کسی طور زیرِ بحث نہیں آسکتی ۔ تو انہوں نے جب خود یہ فرمایا کہ میں اُمی ہوں یعنی پڑھنے کی صلاحیت نہیں رکھتا تو ہماس کا مفہوم الفاظ کی منہ سے ادائی لیتے ہوئے یہ ماننے پر کیوں مصر ہیں ۔ اللہ تعالیٰ کا منشا و مقصد محض ان الفاظ کی تلاوت کروانا اور اُن کو حضور ﷺ سے کہلوانا ہی تھا۔ جبکہ اس مقصد کے لئے ”قل “ یعنی کہہ دیجیئے کا لافظ بھی نہیں برتا گیا اور نہ ہی وہاں یتلو یعنی تلاوت کیجئے کہا گیا۔

اس کے شعور میں ایک سرسراہٹ سی ہوئی ، اس کی سمجھ میں یہ بات آنے لگی کہ وہاں حضرت جبرائیلؑ نے حضور ﷺ کے سامنے کوئی تحریر رکھنے کے بعد کہا ہوگا۔” اسے پڑھیے اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا، یدا کیا انسان کو ایک پھٹکی لہو سے ، پڑھ ۔۔۔اور تیرا رب بڑا کریم ہے ، جس نے علم سکھایا قلم سے ، سکھایا انسان کو جو وہ نہ جانتا تھا۔ اور اس پر حضور ﷺ نے کہا ”میں پڑھا ہوا نہیں ہوں“۔ اس پرجبرائیل ؑ نے انہیں سینے سے لگا کر آپ ﷺ کو اُس تحریر کو پڑھنے کی صلاحیت منتقل فرمائی۔ بعد کے واقعات بھی اسی امر کی طرف اشارہ کناں ہیں کیونکہ اپنے اندر اچانک ایک نئی صلاحیت کے اجاگر ہونے سے انسان کا اختلاج محسوس کرنا امرِ بشری ہے۔ رفتہ رفتہ کسی صلاحیت کا بیدار اور اجاگر ہونا ایک بات ہے اور اُسی صلاحیت کا خارقِ عادت طریقے سے ابھارا جانا ایک بالکل دوسری بات ہے۔

رہی یہ بات کہ وہ تحریر کیا تھی؟ تو اس کا جواب اُس کے اندر سے فوراً ہی ابھر آیا۔ وہ ضرور کتاب المبین ہوگی۔ اس جواب کے ذہن میں آے ہی ، اپنے مرشد کریم کے فرمائے ہوئے یہ الفاظ اُس کے حافظے کی اسکرین پر جگمگا اُٹھے۔ نظامتِ تکوین میں حضور ﷺ کتاب المبین کے انچارج ہیں۔

اب اس کو ہر بات بالکل واضح طور پر سمجھ آرہی تھی۔ جب اللہ تعالیٰ نے حضور نبی کریم ﷺ کو بعث سے سرفراز فرمایا تو آپ ﷺ کی تربیت ، تیاری ، تراش خراش، سب کچھ اللہ تعالیٰ خود فرما چکا تھا۔ جب اللہ تعالیٰ نے مناسب سمجھا آپﷺ کو نبوت کے اعلان کا حکم دے دیا ۔ نابوت کا اعلان کرتے ہی شیطانی اور طاغوتی قوتیں آپ ﷺ کے خلاف سرگرم عملہو گئیں ۔ شیطان نے اپنے ماننے والوں کو اپنا آلہ کار بناتے ہوئے حضور ﷺ کا راستہ روکنے کی سر توڑ کوشش شروع کر دی ۔ حضور ﷺ اس بات سے خوب اچھی طرح واقف اور آگاہ تھے۔ اسی لئے آپ نے کبھی بھی اُن لوگوں کے لئے بدُعا نہیں فرمائی جو آپ ﷺ کی مخالفت میں حد سے گزر چکے تھے بلکہ اُلٹا اُن کے راہ ہدایت پہ آنے اور فلاح کی دُعا ہی فرماتے رہے۔