Topics
بعض اوقات نہ چاہتے ہوئے بھی بالکل غیر
ارادی طور پر کسی عام سی بات پر توجہ کچھ اس انداز سے مرکوز اور مرتکز ہو جاتی ہے
کہ وہ عام سی بات انتہائی خاص بات بن کر ابھر آتی ہے۔
ہر وقت سامنے رہنے والی باتوں کو ہم
اکثر معمولی جاننے کے سبب ہم کوئی اہمیت نہیں دے پاتے اور ذہن غیر معمولی کی تلاش
اور جستجو میں لگا رہ جاتا ہے۔ عام اور معمول کی باتوں میں ہمیں نہ تو کوئی قدرت
نظر آتی ہے اور نہ ہی کوئی معنی آفرینی لیکن اگر کبھی توجہ کسی ایسی بات کی طرف
مبذول ہو جائے اور ذہن اس کی گہرائی میں اُترتا چلا جائے تو ذرے میں آفتاب ، قطرۂ
آب میں سمندر اور لفظ میں اک جہانِ معانی بے نقاب ہو کر عقل کو خیرہ فہم کو سیراب
اور وجدان کو توانائی مہیا کر دیتے ہیں جب کبھی ایسا ہو جاتا ہے تو پھر بات ذہن کی
گہرائیوں تک رسائی کے لئے مستعد اور تیار ہو جاتی ہے اور پھر کوئی بات معمولی ،
عام اور لایعنی نہیں لگتی۔
وہ عیدِ قربان کا دن تھا۔ گھر کے سبھی
افراد صبح سویرے اُٹھ کر تیاریوں میں مصروف ہو گئے۔ بچے نہادھو کر نمازِ عید کے
لئے نئے نئے کپڑے پہن کر تیار ہوئے۔ نماز دوگانہ ادا کر کے واپس آکر قربانی کی
تیرای ہوئی۔ قصاب نے جانور کو الٹا لٹا کر اللہ اکبر کہتے ہوئے چھری چلائی۔ بچے
نہایت اشتیاق سے اس منظر کو دیکھ رہے تھے۔ خون کو بہتا دیکھ کر اُس کی بیٹی نے
افسوس اور تاسف محسوس کیا اپنے ابو کے نزدیک ہو کر کھڑی ہوگئی۔ اُس بچی کے ذہن میں
کئی سوال ابھرے اور ڈوب گئے۔ سُنی ہوئی باتوں کی بازگشت ابھری۔ قربانی کے جانور پر
بیٹھ کر اُس نے جنت کے راستے میں آنے والے پُل صراط پر سے گزرنے کی بات کے حوالے
سے اُس بات کی تصدیق کے لئے اپنے والد سے پوچھا۔” کیا ہم سب گھر والے اِس پر بیٹھ
کر اُس معلق پل پر سے گزر جائیں گے؟اُس کی بات اور کہنے کے انداز کی معصومیت پر
وہاں موجود سب نے لطف لیتے ہوئے اثبات میں جواب دیا۔ تو اُس کی ہمت بندھی ۔ قربانی
سے فارغ ہو کر ، گوشت تقسیم کرنے ، بانٹنے، پکانے اور کھانے تک اُس نے کئی اور
سوال بھی پوچھے۔ اُس کے باپ نے حسبِ عادت اُس کے ہر سوال کے جواب میں اُس کو مطمئن
کرنے کی پوری کوشش کی۔لیکن اُس بچی کو یہ بات سمجھ میں نہیں آرہی تھی کہ اُس کے
امی ابو اور سب بھائی بہن اکٹھے ایک ہی دنبے پر کیوں کر بیٹھ سکیں گے۔ ایک سکوٹر
پر تو وہ سب اکٹھے بیٹھ نہیں سکتے۔ اتنے سے دنبے پر کیسے بیٹھ سکیں گے۔ اُس کے
بھائی نے اُس کی اس الجھن پر کہا۔” وہاں اللہ میاں کے پاس جا کر یہ دنبہ
گھوڑے جتنا
بڑا ہو جائے گا۔ جب تک ہم وہاں پہنچیں گے اُس وقت تک یہ اتنا ہی تھوڑا رہے گا۔
اچھا تو یہ بات ہے۔ اُس نے آنکھیں مٹکائیں۔۔اسی لیے دنبہ ذبح کرتے وقت قصاب اللہ
اکبر ، اللہ اکبر ، اللہ اکبر کہہ رہا تھا تاکہ اللہ اس کو بڑا کر دے۔“
وہ بچی کی بات سُن کر ہنس پڑا۔ وہ کیا
سب ہی گھر والے اُس معصوم سی سوچ سے لطف لیتے ہوئے ہنسنے لگے۔ آٹھ نو سال کی عمر
میں سوچ میں اتنی ہی لطافت اور معصومیت ہونی چاہیے۔ جب ظہر کی اذان ہوئی اور موذن
نے طویل لے میں اللہ اکبر کہا تو اُس کے ذہن میں اپنی بیٹی کی بیان کی ہوئی توجیہہ
ابھری اور معدوم ہوگئی۔ نماز کے دوران اُس نے جتنی بار بھی اللہ اکبر کہا۔۔ایک
لطیفاور خوشگوارتاثر اس کے اندر سے ابھرتا اور اُس کو اللہ کے بڑے ہونے کی بجائے
اشیا کو بڑا کرنے کی معصوم سی غلط فہمی کی طرف متوجہ کرتا رہا۔
نماز کے بعد وہ آرام کرنے لیٹا تو اُس
کی بیٹی بھی آکر اُس کے پاس لیٹ گئی۔ عید کے زرق برق لباس میں وہ گڑیا لگ رہی تھی۔
اپنے ابو کو عیدی میں مہمانوں سے ملنے والے پیسوں ، اپنی سہیلیوں سے ملنے ، نئی
گڑیوں سے کھیلنے ، سکول میں اپنی ٹیچر کی کہی ہوئی باتوں کو دہراتے وہ مسلسل بول
رہی تھی کہ اُس کی امی نے اُس کو ٹوکا۔” اچھا اب اپنے ابو کو آرام کرنے دو۔“ اُس
نے اپنی ماں کی مداخلت پر برا سامناتے ہوئے اپنے ابو کی طرف دیکھا۔۔ وہ آنکھیں
موندے اُس کی بات سُن رہے تھے۔
”ٹھیک ہے ۔۔شام کو ابو مجھے پارک لے
جائیں گے نا؟“ آرام کرنے دینے کے عوض یہ سودا کرنے کا سنہری موقع تھا۔
”ہاں ۔۔کیوں نہیں بیٹا!“ اُس کو کہتے
ہی بنی۔
اور وہ یہ سنتے ہی اپنے بھائیوں کو
اطلاع دینے دوڑی۔
عصر کی اذان سنتے ہوئے اُس نے گنا۔
مؤذن نے اذان دیتے ہوئے چھ بار اللہ اکبر کہا۔ اب اقامت میں بھی چھ بار تکبیر کہی
جائے گی۔ ہر رکعت میں بھی چھ ہی تکبیریں ہوتی ہیں ۔ اُس نے دن بھر میں ادا کی جانے
والی نمازوں میں رکعتوں کی تعداد کو چھ سے ضرب دے کر اندازہ لگایا کہ ہر روز
اوسطاً تین سو بار اللہ اکبر کہلوایا اور سنایا جاتا ہے۔
نوافل زیادہ
ہوں تو یہ تعداد مزید بڑھ جاتی ہے۔ بچہ پیدا ہوتا ہے تو اُس کے کان میں اذان اور اقامت
، مختلف مواقع پر تکبیرات ، عید کے دن اہتمام سے تکبیر کا ورد ، نماز ِ عیدین میں
زائد تکبیرات ، جانور ذبح کرتے وقت اور زندگی کے مختلف مواقع پر نعرہ تکبیر کی
صورت ہم زندگی بھر اس کلمے کوبھلا کتنی بار کہتے اور سنتے ہیں؟ اُس نے سوچا۔ ایک
محتاط اندازے کے مطابق ایک متوسط عمر کا مسلمان جو تیس چالیس سال نماز پنجگانہ
پابند ایسے ادا کرتا رہے وہ اس کلمے کو لگ بھگ تیس چالیس لاکھ مرتبہ سے زائد سُنتا
اور اپنے منہ سے ادا کرتا ہے۔ ذہن اچنبھے کا شکار ہو گیا۔ حیرت ہے! اس سے پیشتر تو
میں نے کبھی اس طرح سے سوچا ہی نہیں۔
قرآن ِ حکیم میں اس کلمے کی بابت کیا
کہا گیا ہے؟ اُس کے شعور میں ایک سوال ابھرا۔ اُس نے اس استعجاب کو نظر انداز کرنے
کی سعی کی لیکن ذوقِ تجسس نے اُس کی پیش نہ چلنے دی۔ وہ کلام پاک میں اس کو
ڈھونڈتا ہی رہ گیا۔ جب اُس کو یہ اندازہ ہوا کہ یہ لفظ قرآنِ حکیم میں استعمال
نہیں ہوا ہے تو اُس کو اور بھی حیرت ہونے لگی۔ ثنا ، درود ، التحیات ، بھی تو قرآن
سے نہیں لئے گئے۔۔اُس نے سوچ کر خود کو بہلایا۔
نماز کے دوران اس لفظ کو ادا کرتےہوئے
شعوری طور پر اس کے مفہوم کی طرف ہوتا رہا۔ اللہ سب سے بڑا ہے ۔۔نہیں ۔۔بلکہ اللہ
ہی تو ہے جو سب سے بڑا ہے ۔ اُس نے اللہ کی بڑائی کو اپنے تصور میں محسوس کرنے کی
کوشش کی۔ اس کائنات سے بھی بڑا ۔ ذہن و تصور میں اتنی وسعت اور فراخی کہا کہ وہ
اللہ کی بڑائی اور کبریائی کا احاطہ کر سکے۔ اس ہی لئے تو قلب مومن کی شرط رکھی
گئی ہوگی۔۔ اس نے سوچا۔
یہاں سے اُس کی سوچ اس طرف مڑ گئی کہ
جو ذات کائنات کی وسعتوں سے بھی ماورا ہے وہ قلب مومن میں کیوں کر سما جاتی ہے؟
کائنات زیادہ وسیع ہے قلب انسانی؟ شعور خیالات اس رو کے دھارے میں مزاحم ہوا۔ قلب
تو اک جزوِ کائنات ہے ، تو وہ کل سے ماورا اور بڑا ہے جزو میں کیوں کر سمیٹا جا
سکتا ہے؟ اس منطق نے اُس کو الجھا کر رکھ دیا ۔ اسی سوچ میں نماز تو تمام ہوئی
لیکن سوچ جاری رہی۔
وہ فکر کے زینوں پر شعوری طور پر چڑھنے
کی کوشش کرتا لیکن جلد ہی اُس کی سوچوں کا دم پھول جاتا۔ وہ اللہ تعالیٰ کی بڑائی
کو اپنی محدود سوچ سے محسوس لرنا چاہ رہا تھا۔ اُس سوچ سے جو اُسے ماں باپ سے ملی
تھی ۔۔ اُس سوچ سے جو اُسے ماحول اور آس پاس کے لوگوں سے ملی تھی وہ اللہ کی بڑائی
کا تصور کرنے لگا۔ اس کائنات سے بھی بڑا ۔
شعور ایسی
وسعت اور فراخی رکھتا کہ وہ اللہ کی بڑائی اور کبریائی کا احاطہ کر سکتا تو شعور
کیوں رہتا؟ اس کے لاشعور نے بتایا کہ ہم اللہ کو مادی حواس کے پیمانوں ، فاصلوں
اور جسمانی طول و عرض کے حوالے سے بڑا مانیں گے تو یہ الجھن لامحالہ در پیش رہے گی
کہ وہ ہمارے نفس میں کیوں کر سما سکتا ہے؟اُس کی بڑائی کا تعلقیقیناً طول و عرض کی
بجائے اہمیت ، عظمت و عالی مقام ہونے سے ہے۔
جس انتظام اور اہتمام سے حضورﷺ نے اس
ترکیب کی تکرار کا بندوبست فرما دیا تھا ، یہ بات اُس کے لئے انتہائی جاذبِ توجہ
بن گئی تھی۔ انتہائی غیر محسوس انداز میں اتنی بار تکرار کروانے میں یہی مصلحت رہی
ہوگی کہ ہر مسلمان کے اندر اللہ تعالیٰ کی بڑائی اور کبریائی کا احساس نقش ہو کر
گہرا ہوتا رہے۔ لیکن وہ اپنے ارد گرد کسی میں اس احساس کو دیکھنے قاصر تھا۔ وہ آج
تک خود بھی اس ترکیب کو محض منہ سے ادا ہی تو کرتا آیا تھا۔ یہ تو آج اُس کی بیٹی
کی طفلانہ سوچ نے اُس کو اس طرف متوجہ کر دیا تھا ورنہ اُس کے ذہن میں اس سے پیشتر
یہ بات کیوں نہ آئی تھی؟
ابتدائے سحر مؤذن کی اسی اذان سے ہی تو
ہوتی ہے کہ اللہ ہی کی ذات ہے جو سب سے بڑی ہے اور دن کا اختتام بھی اسی صدا پر
ہوتا ہے لیکن ہر بار یہ صدا ذہن کو مہمیز کرنے کے بجائے جس طرح اُس کو تھپک کر
سُلا دیتی ہے وہ ظلمت اور جہالت ہی کی دلیل ہے۔ یہ المیہ ہے کہ ہم الفاظ سُنتے ہیں
اور انہیں سمجھتے نہیں ، کہتے ہیں لیکن بلا جانے بوجھے۔۔ جب خود کہنے والے پر بھی
مفہوم واضح نہ ہو تو اُس میں اثر اور تاثیر کہاں سے آئے گی اور سننے والا اُس کی
طرف کیوں متوجہ ہونا چاہے گا؟ چاہے اُس کی تکرار لاکھوں نہیں کروڑوں بار ہی کیوں
نہ ہو۔
کئی روز و شب اسی ادھیڑ بن میں گزر
گئے۔ وہ جب جب اللہ اکبر کہتا تو جیسے کوئی اُس کے اندر اُس کا منہ چڑاتا۔ وہ اپنے
محدود حواس کی حدود میں مادی پیمانوں سے بڑائی کو ناپنے کی کوشش کرتا۔ زمین و
آسمان کی نہائیوں سے پرے تک محیط اور بسیط ، لا محدود ذات کے پھیلاؤ کو محسوس کرنے
کی سعی کرتا اور اُس کی عقل خبط ہو کر رہ جاتی۔
ایک روز اُس کو اپنے بابا جی کا کہا
ہوا ایک جملہ یاد آیا۔ کسی نے اُن سے نماز کے دوران ذہن میں آنے والے خیالات سے
بچنے کا طریقہ دریافت کیا تھا۔ اُس پر انہوں نے کہا تھا۔” جب آپ نے اللہ اکبر کہہ
دیا تو اب اگر کوئی خیال آیا تو اس کا مطلب ہو کہ وہ خیال بڑا ہوا۔ آپ اللہ کو بڑا
مان لیں تو ہر شے اُس کی بڑائی کی اوٹ میں چلی جانی چاہیے اور کسی بھی چیز کا خیال
نہیں ائے گا ۔“ اُس وقت جب یہ بات کہی گئی تھی اُس نے اُس کو محض سطحی طور پر سُنا
تھا اور
رعایتِ لفظی
کی حد تک لطف لیا تھا لیکن اب اس بات پر غور و فکر کرتے ہوئے مفہوم و معانی کی نئی
جہتیں کھلیں۔ ہم اللہ کو مادی فاصلوں اور جسمانی قامتوں کے اندازوں کی بنیاد پر
بڑا ماننے کی عادت ترک نہیں کریں گے تو یہ مسئلہ کبھی حل نہیں ہوگا۔
اور جہاں تک
اس بات کو مان لینے کا تعلق ہے تو اس کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ انسان کی اپنی
ذات بنتی ہے۔ وہ جب تک خود کو چھوٹا تسلیم نہیں کر لیتا اللہ کی بڑائی اس کے اندر
راسخ ہو نہیں سکتی۔ جب تک آدمی کی اپنی ذات ترجیہات میں سر فہرست رہتی ہے ہر چیز
کی اہمیت ثانویت کے درجے میں رہنے کی پابند ہے۔ اسی لئے نفی ذات کا درس دیا جاتا
ہے تاکہ آدمی کی اہمیت ، اختیار اور طاقت کے کسی بھی حوالے سے خود کو نہیں بلکہ
اللہ تعالیٰ کو بڑا مانے۔ جب تک انسان کے ذہن میں کسی چیز کی کوئی اہمیت برقرار
رہتی ہے۔ اس وقت تک وہ شے اُس کے ذہن میں اپنا مقام بنائے رکھتی ہے اور جب اُس شے
کی اہمیت ختم ہو جاتی ہے تو وہ شے بھی ذہن سے اُتر جاتی ہے۔
اس لئے جب تک آدمی اللہ تعالیٰ کو
اہمیت نہ دینے لگے اللہ کا دھیان اس کے اندر راسخ نہیں ہو سکتا۔ ان ترجیحات پر ہمہ
وقت نظر رہنی چاہیے اور اسی لئے اللہ نے اپنے محبوب کے ذریعے یہ پروگرام ترتیب دے
کر اُس کو جاری فرما دیا ہے کہ انسان دن میں تین سو بار سے زائد مرتبہ اس بات کی
تکرار کرے کہ انسان کی کسی بات ، کسی چیز ، کسی خیال کی کوئی اہمیت نہیں اگر کسی
کی اہمیت ہے تو وہ صرف اللہ کی ہے اور اس کی اہمیت کے سامنے ہر چیز کی اہمیت معدوم
ہی ہوجانی چاہیے۔
اس نے دو چار دوستوں سے اس بات کا
تذکرہ کیا۔ وہ سب بھی خود اسی کی طرح آگاہی کی اس منزل پر کھڑے تھے جو روشنی سے
بہت دور تھی۔ اس کے ایک دوست نے اُس کو اِس طرف بھی متوجہ کیا کہ جب ہم یہ کہتے
ہیں کہ اس ادارے کا سب سے بڑا افسر کون ہے؟ تو ہمارے ذہن میں اس افسر کے جثے ، قدو
قامت یا جسامت کے حوالے سے جواب نہیں ابھرتا بلکہ اس کا مفہوم اختیار اور اقتدار
میں آخری اور حتمی فیصلہ کرنے ، پالیسی بنانے میں خود مختاری اور آزادی رکھنے والے
کی ذات ہی آتی ہے۔ اپنے دوست کی بات سنتے ہوئے اُس کو اپنے بابا جی کی ایک اور بات
حافظے میں تازہ ہو گئی۔
انہوں نے اپنے مرشد کریم کی ایک بات
سناتے ہوئے ایک عجیب سے لہجے میں فرمایا تھا۔” اجی اللہ میاں تو اتنےبڑے ہیں کہ وہ
جو جی چاہے کریں کوئی اُن کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ آپ نے ایسا کیوں کیا؟ وہ ایک ذرا
سے کیڑے سے کہہ دیں کہ انسان بن جاؤ اور وہ نہ بنے یہ ہو ہی نہیں سکتا۔ اُس کے
اندر اس بات کی تہیں کھلنا شروع ہوئیں۔ تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ اس بات کا علم
بندے کے اندر راسخ کرنے کے لیے اُس کو اللہ کی بڑائی اور کبریائی کی تکرار کروائی
جاتی ہے کہ وہ اس بات کو محسوسات میں شامل کرنے کے بعد ماننے پر مجبور ہو جائے کہ
اللہ ہی کی ذات ہے جو اس کائنات میں سب سے بڑی ہے۔ اُس کے ذہن میں ایک اور گتھی
بھی سلجھتی چلی گئی۔
کبھی کبھار وہ سوچا کرتا تھا کہ اللہ
تعالیٰ کی بعض صفات میں سے بعض صفات ایک دوسرے کی ضد ہیں مثلاً رحیم ہونا اور عدل
کرنا۔ جو عدل کرے وہ رحم کیونکر کر سکتا ہے اور سراسر رحم اور عفو ہو وہ عدل کیسے
کرے گا۔ وہ آج تک اس گتھی کو سلجھانے میں ناکام ہی رہا تھا۔ لیکن اب جب اللہ نے
اُس پر اپنا کرم کرتے ہوئے اُس کی توجہ اپنی صفت کبریائی کی طرف مبذول کروائی تو
ساتھ میں یہ گتھی بھی حل ہوئی اور الجھن بھی رفع ہو گئی۔
اب جب بھی اذان ہوتی وہ شعوری طور پر
اللہ کی صفت کبریائی کی طرف متوجہ ہو جاتا ۔ ایک ایسی صفت جو ہر صفت کا احاطہ کئے
ہوئے ہے۔ جنگوں اور لڑائیوں میں مسلمان شاید اسی لئے نعرہ تکبیر بلند کرتے ہیں کہ
اُن کے اندر بھی بڑائی کی صفت متحرک ہو جائے اور یہ بات تو اکثر مشاہدہ میں آتی ہے
کہ نعرہ تکبیر سے جہاں ایک طرف اللہ اکبر کہنے والوں میں طاقت ، توانائی اور حوصلے
کی ایک نئی لہر ابھرتی ہے وہاں دوسری طرف مخالف گروہ پر اس کا اثر ُن کے حوصلوں کے
پست ہونے کی صورت میں ظاہر ہوتا ہے۔ جس رزمیہ گیت میں اللہ اکبر کی تکرار ہوتی ہے
اُس کو سننے والے کے اندر ایک عجیب قسم کی لہر ابھرتی اور پھیلتی ہے۔ توانائی کی
لہریں جذبات کو برماتی اور احساس کو گرماتی بھی ہیں بلکہ انسان کو عمل و حرکت پر
اکساتی اور ابھارتی ہیں۔
وہ ایسی باتوں کو ابھرتے دیکھ کر سوچ
میں پڑ گیا ۔ توجہ بھی کیا چیز ہے؟ انسان متوجہ ہی نہ ہو تو اللہ تعالیٰ کی ذاتِ
کبریا بھی لا محسوس ہو اور اگر توجہ کا باریک سا نقطہ کسی ایک جگہ ٹھہر جاتا ہے تو
لیزر بیم کی طرح ہر وقت سامنے رہنے والی چیز میں بھی معنویت کے وہ زاویے روشن ہو
جاتے ہیں۔ جو بے توجہی اور لاعلمی کے اندھیروں میں چھپے رہتے ہیں اگر توجہ کا
دائرہ سکڑ کر ایک نقطے کی صورت اختیار کر لےتو وہ تاریکی اور جہالت کو چھیدتا ہوا
اُس کے دوسری جانب
موجود علم و
آگہی کی روشنی تک پہنچا دیتا ہے۔
اُس کو یہ بات بھی سمجھ میں آگئی کہ وہ
جو کل کو گھیرے میں لئے ہوئے ہے جزو میں کیوں کر بس رہا ہے۔ اس بات پر اُس نے نہ
کوئی حیرت محسوس کی اور نہ ہی کوئی انوکھا پن۔ بس ایک خوشی کی لہر اُس کے اندر
ابھری اور پھیلتی چلی گئی۔۔ وہ لہر اُس کے سارے وجود کو اپنے گھیرے میں لینے کے
بعد اُس کی روح تک کو سرشار کر رہی تھی۔