Topics
مراقبہ میں دیکھا کہ میں اصحابِ صفّہ کے چبوترے
پر بیٹھی ہوں۔ یہ چبوترا نور کا بنا ہوا ہے۔ حضور پاکؐ قبرِ مبارک پر ایستادہ ہیں۔
آپؐ کے جسمِ مبارک سے انوار نکل کر میرے اندر جذب ہو رہے ہیں۔ میرا جسم بھی روشنی
کا بنا ہوا ہے۔ حضور پاکؐ کے سینے پر کلامِ پاک کندہ ہے۔ ایسا معلوم ہوا کہ آپؐ کا
سینۂ پرانوار ایک تختی یا لوح ہے۔ اس پر قرآن مجید نقش ہے۔ میں بہت زیادہ شوق کے
ساتھ حضور پاکؐ سے درخواست کرتی ہوں کہ حضورؐ کلام پاک کے علوم میرے دل پر بھی نقش
فرما دیجئے۔
میری اس درخواست پر حضور پاکؐ میری جانب توجہ
فرماتے ہیں۔ حضورؐ کے سینے کی تحریر سے نور کی لہریں نکلنے لگتی ہیں اور میرے دل
کے نقطے کے اندر جذب ہوتی جاتی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ حضور پاکؐ مجھے نہایت ہی محبت
و شفقت کے ساتھ تعلیم دیتے ہیں۔ آپؐ نے مجھے کائنات کی تخلیق کے متعلق تعلیم دی
اور مشاہدہ کرایا۔ کائنات کی اشیاء کے ساتھ تبادلۂ خیال کا طریقہ سمجھایا۔ یہ تمام
علوم سیکھنے کے بعد میرا دل کائنات کی تمام اشیاء کی طرف سے ہٹ گیا۔ ایسا محسوس
ہوا کہ مجھے کائنات کی اشیاء سے قطعی کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
میرے دل میں اللہ تعالیٰ کے ساتھ رہنے اور اللہ
تعالیٰ کا قرب حاصل کرنے کی شدید خواہش ہوئی۔ میں نے حضور ﷺ سے درخواست کی کہ حضور
ﷺ مجھ پر رحم فرمائیں۔ آپ رحمت للعالمین ﷺ ہیں، میری طرف توجہ فرمائیں۔ تاکہ میں
اپنے مالک اپنے خالق اپنے آقا کا قُرب حاصل کر سکوں۔ میری اس درخواست پر حضور پاک
ﷺ کے جسمِ مبارک سے انوار کی بے شمار لہریں نکلتی ہیں۔ ہر لہر کے اندر ایک باریک
چمکیلے نور کی ڈوری ہے۔ تمام انوار کی لہریں میری جانب آتی ہیں اور ان کے اندر کی
نور کی ڈوری میرے اردگرد لپٹ جاتی ہے۔
ان ڈوریوں میں میں سر سے پاؤں تک بندھ جاتی
ہوں۔ میں جان لیتی ہوں کہ یہ تمام ڈوریاں اللہ تعالیٰ کے عشق کی زنجیریں ہیں۔ یہ
جان کر کچھ تعجب ہوا اور خیال آیا کہ حضور پاکؐ کے انوار کی ہر لہر کے اندر اللہ
تعالیٰ کے عشق کی ڈور ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ حضور پاکؐ کا کوئی معمولی سا بھی خیال
اللہ تعالیٰ کے عشق سے خالی نہیں ہے۔ تب میں نے سوچا کہ حضور پاکؐ کے دل میں جس
قدر اللہ تعالیٰ کی محبت ہے، اتنی کسی شخص کے دل میں نہیں ہو سکتی۔
یہی وجہ ہے کہ حضور پاکؐ اللہ تعالیٰ کے محبوب
ہیں۔ حضور پاک ﷺ میرے ان خیالات سے آگاہ ہو گئے اور مسکرا کر فرمایا۔ ”بیٹی اللہ
تعالیٰ کا عشق ہی سب سے بڑا خزانہ ہے۔ اسی کے اندر تمام معرفت کے علوم پوشیدہ ہیں۔
تم اللہ تعالیٰ کے عشق کو اپنے دل اور دماغ کے اندر نقش کر لو۔ اس عشق کی روشنیاں
تم پر علم و حکمت کے دروازے کھول دیں گی۔ اللہ تعالیٰ کا عشق ہی تمام علومِ معرفت
کا سرچشمہ ہے۔ اس کے عشق کی زنجیروں میں جکڑے جانے کے بعد انسان اس کی زمین پر
آزادانہ سفر کرتا ہے۔ اس کا جسم کششِ ثقل سے آزاد ہو کر ہلکا پھلکا ہو جاتا ہے اور
نور کی فضاؤں میں اڑنے سے انسان کو روحانی خوشیاں نصیب ہوتی ہیں۔“