Topics
کراچی سے واپس لوٹے اُسے آج دس دن ہو
چکے تھے۔ وہ تقریباً اتنے ہی دن کراچی میں گزار کر آیا تھا۔ وہ تمام وقت جو اُس نے
کراچی میں گزارا تھا وہ وہاں ایک ہی جگہ رہا تھا۔ مرکزی مراقبہ ہال میں اتنے دن
کیسے اور کیوں کر گزرے ؟ وہ کچھ عجیب سا بھی محسوس کر رہا تھا۔ وہ وہاں ساحل سمندر
تک بھی نہیں گیا تھا۔ کسی بازار یا کسی مارکیٹ جا کر بیوی بچوں کے لئے کوئی سوغات
یا تحفے خریدنے تک کی اس کو فرصت نہ ملی تھی ۔ فرصت نہ ملی تھی یا اُس کو اِس کا
خیال نہیں رہا تھا یا اُس کو وہاں سے کہیں باہر جانا ہی اچھا نہیں لگ رہا تھا۔ اس
تمام وقت کو جو وہ وہاں گزار کر آیا تھا اُس کا ذہن چند لمحوں کے برابر کیوں سمجھ
رہا تھا۔ اُس کو نہ جانے کیوں ایسا لگ رہا تھا کہ وہ کراچی رہا نہیں۔ وہ وہاں تک
محض گیا اور آیا ہے۔ اُسے یوں محسوس ہوتا کہ جسمانی طور پر واپس آنے کے باوجود
وہیں کہیں رہ گیا تھا۔
کبھی اس کو کچھ یوں محسوس ہوتا کہ اُس
کے وجود کے دو حصے ہو گئے ہیں۔ ایک حصہ وہیں کراچی رہ گیا ہے۔ وہ خود کو ادھورا سا
محسوس کر رہا تھا۔ کبھی اُسے محسوس ہوتا کہ مراقبہ ہال کا پورا ماحول اُس کے ساتھ
چپکا ہوا اُس کے ہمراہ آگیا ہے۔ اُس کو اپنے اردگرد کا ماحول کچھ بدلا بدلا سا
لگتا۔ وہ اس تبدیلی کو محسوس تو کر رہا تھا لیکن اس تبدیلی کی نوعیت اُس کے شعور
کی گرفت میں نہیں آرہی تھی۔ اُس کے بیوی بچے ہی نہیں اُس کے ماں باپ نے بھی جب دو
چار بار اُس سے یہ کہا کہ وہ کچھ بدلا بدلا سا لگ رہا ہے تو اس نے سمجھا کہ یہ تبدیلی
خود اُس کے اپنے اندر واقع ہوئی ہے۔
شروع شروع میں اُس نے اس کیفیت کو تھکن
سے تعبیر کیا کہ وہ اتنے روز گھر سے دور رہا، اتنا طویل سفر کیا ۔ یہ سب محض سفر
کی تھکان اور گھر اور اپنے ماحول سے دوری کے بعد اثرات کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔
مگر تین چار روز گھر میں گزارنے اور زیادہ تر آرام کرنے کے باوجود جب اُس کی اس
کیفیت میں کوئی زیادہ افاقہ نہیں ہوا تو اُس نے اپنی سابقہ ڈگر پر چلنے اور اپنے
پرانے روٹین پر قائم ہونے کی کوشش کی۔ اپنی سابقہ مصروفیات ، دلچسپیوں ااور
معمولات کی طرف راغب ہونے کی کوشش کی تو وہ سب کچھ اُس کو پرایا پرایا سا لگا۔
دوستوں میں بیٹھتا تو اُس کو انُ کی گفتگو میں ، اُن کی باتوں میں اسُ کو اب وہ
رنگ محسوس نہ ہوتا جہ پہلے اس کو اپنے زندر جذب کر لیا کرتے تھے۔ وہ کسی قسم کی
اکتاہٹ بھی محسوس نہ کرتا۔ صرف اُس کو اُن کی باتوں میں مزہ آنا بند ہو گیا تھا۔
وہ دلچسپی لینے کی کوشش کرتا لیکن اُس کو لطف نہ آتا اور وہ وہاں سے اُٹھ جاتا۔ وہ
اُن سے جس قسم کی باتیں کرنا اور سننا چاہتا تھا، وہ اُس طرف آتے ہی نہ تھے۔
ایک دو بار اُس کو یہ بھی محسوس ہوا
گویا اُس کے ذہن کا حجم کچھ بڑھ سا گیا ہے۔ کبھی اُس کو یوں لگتا کہ اس کی ذہنی
سطح پہلے سے کچھ بلند ہو گئی ہے۔ پہلے جن باتوں کو سُن کر وہ لوٹ پوٹ ہو جایا کرتا
تھا اب وہی باتیں اُسے بچپنا سا محسوس ہوتا۔اُ کو بالکل ویسا ہی احساس ہوتا جیسے
کوئی بچہ چارپائی پہ کھڑا ہو کر خود کو قد آور محسوس کرتا ہے۔ اپنی سوچوں اور فکر
میں وسعت اور فراخی کا احساس اُس کے لئے ایک نیا سا تجربہ تھا۔
وہ دوستوں اور ملنے جلنے والوں کی
باتوں میں گہرائی اور اپنایت کی کمی محسوس کرتا ۔ اُن کے رویے پر تکلف اور رسمی سے
محسوس ہوتے۔ کبھی وہ اُن کی باتوں میں ہمہ گیریت کا فقدان دیکھتا۔ اُس کے اندر کا
یہ پھیلاؤ اور بالیدگی کا یہ احساس اُس کے کہے ہوئے الفاظ میں چھلک چھلک جاتا ۔
اُس کی سوچوں کا دھارااُس کو بہا کر اُس کی ذات اور اُس کے متعلقات کے محدود حصار
سے باہر کہیں دور اوپر اٹھا لے جاتا ۔ وہ مراقبہ ہال میں ایسے اپنے قیام کے دوران
بابا جی کی کہی ہوئی باتوں کو اپنے اندر ابھرتا اور تازہ ہوتے دیکھتا۔ وہ خود کو
اکثر و پیشتر ایسے خیالات کے دھارے پہ بہتا دیکھتا جن کا تعلق اُس کے گرد و پیش کی
بجائے آسمانی مخلوقات ، کائناتی رازوں اور آفاقی سچائیوں سے جڑا ہوتا ۔ غیر ارادی
طور پر اُس کے ذہن میں بابا جی سے سُنا ہوا کوئی جملہ گونجتا اور اُس کا ذہن اُس
بات کی معنوی گہرائی میں کھو سا جاتا۔
گھر میں بیوی بچوں سے بات کرتے ہوئے
دفتر میں اپنے کاروباری معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے ، اپنے دوستوں سے گپ شپ کے
دوران وہ بے اختیار اپنے کراچی میں قیام کے دوران سنی ہوئی باتوں کو اپنی بات کے
طور پر کہہ دیتا۔ بعض اوقات وہ عرس کی تقریبات کے حوالے سے ، اپنی شمولیت ، اپنے
مشاہدات کا تذکرہ کرنے بیٹھ جاتا ۔ کیسے وہاں مراقبہ ہال میں لوگ بابا جی سے ملتے
اور طرح طرح کے سوال پوچھتے ۔ جب وہ دیکھتا کہ محفل جمی ہوئی ہے وہ بھی گھس
بیٹھتا۔
ایک دفعہ وہاں ایک نوجوان نے بابا جی
سے دریافت کیا کہ وہ چاہتا ہے کہ وہ ایک اچھا کرکٹر بن جائے، اس مقصد کے لئے اُس
کو کیا کرنا چاہیے۔ اُس نے جب یہ سوال سُنا تھا تو اُس کے ذہن میں یہ بات آئی تھی
کہ بابا جی کہیں گے کہ انہوں نے کبھی کرکٹ نہین کھیلی اس لئے وہ اس کی بابت کیا
کہہ سکتے ہیں؟ یا یہ کہ وہ کہیں گے کہ کرکٹ کھیلنا بُری بات ہے۔ وقت ضائع کرنا ہے
تم اپنی پڑھائی پر توجہ دیا کرو۔ لیکن اس کی حیرتکی انتہا نہں رہی جب انہوں نے اُس
نوجوان کی بات کے جواب میں یہ کہا کہ اچھا کرکٹر بننے کے لئے اُس کو چاہیےکہ وہ خیالوں میں کرکٹ کھیلا کرے۔ اُس پہ اُس نوجوان نے تو کچھ نہ کہا تھا
لیکن اُس نے اُن سے اس بات کی تشریح کرنے کی فرمائش کر دی تھی۔
جس پر انہوں نے بتایا تھا کہ کسی بھی
کام میں مہارت کے لئے ضروری ہے کہ انسان کے جسم کے اوپر موجود روشنیوں کا جسم ، جس
کو نسمہ کہتے ہیں، انسان کی جسمانی حرکات میں تعاون کرے ۔ جسم کی حرکات و سکنات
کہنے کو دماغ سے کنٹرول ہوتی ہیں لیکن اصل میں یہ کام نسمہ کرتا ہے۔ جب تک آپ کوئی
کام جسمانی مشق کے زور پر ہی کرتے ہیں اُس وقت تک اُس میں مہارت کی اضطراری سطح
حاصل نہیں ہوتی۔ لیکن جن جسمانی مشق کے ساتھ ساتھ اُس کام کی ذہنی سطح پر بھی مشق
کی جاتی ہے تو غیر ارادی اور اضطراری سطح کی مہارت پیدا ہوتی ہے۔
اُس کو اُن کی یہ بات سن کر کتنے ہی ان
کہے الجھاؤ سلجھتے ہوئے محسوس ہوئے تھے اُس کے ذہن میں اپنی بہت سی ناکامیوں اور
کوتاہیوں کی اصل وجہ کا ادراک در آیا تھا۔
صبح اُس کی آنکھ کھلتی تو اُس کو محسوس
ہوتا کہ رات بھر وہ کسی اور ہی دنیا میں رہا ہے اور اب اُسے اس جہانِ رنگ و بو میں
محض کچھ دیر کے لئے واپس بھیج دیا گیا ہے ۔ اُس کو اپنی کیفیت پر اچھنبا بھی ہوتا
لیکن جب وہ غور کرتا تو اُس کو اپنا یہ احساس کچھ اتنا غلط بھی محسوس نہیں ہوتا
تھا۔ اب بہت سی باتیں اُس کو نئی اور انوکھی سی محسوس ہوتیں ۔ پہلے جن باتوں میں
اُس کو کوئی ندرت یا نکتہ آفرینی نظر نہ آتی تھی اب اُن ہی باتوں میں اُس کو
معنویت اور مقصدیت کا احساس ہوتا۔
معنویت اور مقصدیت سے بڑھ کر اُس کو ہر
بات میں مثبت پہلو نظر آنے لگا تھا۔ اگر اُس کو کوئی مثبت پہلو نظر نہ آتا تو وہ اُس کو
تلاش کرنے لگ جاتا اور اکثر وہ اپنی اس کوشش میں کامیاب رہتا۔ انداز نظر میں اس
تبدیلی کا نہ صرف یہ کہ اُس کو شعور تھا بلکہ وہ اس بات کے لیے ذہنی طور پر بابا
جی کا ممنونِ احسان تھا۔ جو بات وہ کتابوں میں پڑھتا رہا تھا اور چاہتا تھا کہ اُس
کو اپنائے لیکن کوئی رول ماڈل سامنے نہ ہونے کی وجہ سے وہ اُس کو اپنانے میں
کامیاب نہیں ہو رہا تھا ۔ اب چند دن اُن کے قریب رہ کر اُس نے بہت توجہ اور دھیان
سے اس بات کا تجزیہ کیا تھا کہ اُن کی شخصیت میں آخر وہ ایسی کون کون سی خوبیاں
ہیں جن کی وجہ سے احمد صاحب جیسے لوگ اُن کے دیوانے ہونے پہ فخر کرتے تھے۔ اس بات
کی جہاں اور بھی بہت سی وجوہات تھیںوہاں اُس نے اس بات کو سرِ فہرست پایا تھا کہ
وہ ہر بات کو مچبت انداز میں لیتے تھے۔
اگر کوئی اُن کے سامنے کسی بات کی شکایت کرتا
اور شکوہسنج ہوتا تو وہ اپنے مخصوص انداز میں اس بات کا کوئی مثبت پہلو سامنے لے
آتے۔ ایک صاحب نے منہ بنا کر کہا کہ لوگ اتنا اناج ضائع کرتے ہیں۔ اُن کو ایسا
نہیں کرنا چاہیے تو انہوں نے مسکرا کر کہا۔” بھئی اناج ضائع کہاں ہوتا ہے۔۔ اللہ
کی اور کسی مخلوق کے کام آجاتا ہے ۔ آپ اُن کو یوں نہیں کھلاتے تو اللہ اس طرح اُن
کے رزق کی فراہمی کا سامان کر دیتا ہے۔ اسی طرح کسی نے کہا کہ مہنگائی بہت ہو گئی
ہے تو انہوں نے تبصرہ کیا ۔ معیار زندگی بھی تو بلند ہو رہا ہے ۔ پہلے آپ عید بقر
عید پر ایک ہی جوڑا کپڑے سلواتے تھے ورنہ وہی کوئی پرانا کپڑا دھو کر استری کر کے
پہن لیتے تھے ۔ اب تو کسی پرانا کپڑا پہنے دیکھے مدت ہو جاتی ہے ۔ پہلے گھروں میں
مرغی کبھی کبھار ہی پکتی تھی اب تو مشا ء اللہ ہر گھر میں مرغی پکتی ہے ، اب تو
دال امیروں کی غذا بن چکی ہے کہ اس میں کولیسٹرول نہیں ہوتا۔“
مراقبہ ہال کے اندر کے پورے ماحول پہ
اُن کی چھاپ اس قدر گہری واضح تھی کہ باہر سے آنے واے بھی اُس کی لپیٹ میں آجاتے
تھے۔
عرس کی شام مراقبہ ہال میں افطار اور تراویح کے
بعد چہل پہل کا سماں تھا۔ کراچی کے علاوہملک بھر سے آئے ہوئے لوگ اِدھر اُدھر
ٹولیوں میں کھڑے باتیں کر رہے تھے۔ بیرونی ممالک سے بھی کافی لوگ عرس کی تقریبات
میں شرکت کے لیے آئے ہوئے تھے ۔ سب ایک دوسرے سے مل رہے تھے۔ بابا جی سے ملنے کے
تجربات ایک دوسرے کو سنا رہے تھے۔
رات ڈھلنے کے ساتھ موسم میں خنکی بڑھ
گئی اور بادلوں نے آسمان کو ڈھانپ لیا ۔ کراچی میں ایسا موسم شاذ و نادر ہی ہوتا
ہے۔ وہاں جمع ہونے والے لوگوں کی توجہ آسمان کی طرف کم ہی تھی۔ اچانک بوندا باندی
شروع ہو گئی۔ جلد ہی بوندا باندی نے رم جھم برستی بارش کا روپ دھار لیا۔ اُس کی
توقع کے عین برعکس وہاں کوئی افراتفری نہیں پھیلی نہ ہی وہاں کوئی بھگڈر مچی۔ اُس
نے وہاں کسی کو یہ کہتے نہیں سنا کہ یہ کیا ہو گیا۔ سب نے شامیانوں کئ نیچے پناہ
لی۔ اُس نے دیکھا کہ کئی افراد اپنی باتوں میں اُسی طرح مگن تھے ۔ کسی نے اُس وقت
بارش کے خلاف کوئی شکوہ بھرا تبصرہ نہیں کیا۔
جب بارش کے پانی نے تنے ہوئے شامیانوں کو بھگو کر اُن
میں راہ بنا لی اور نیچے فرش پر بچھی دریاں اور بستر بھیگنے لگے تو اُس کو
سنبھالنے کا کام خود بخود شروع ہو گیا۔ اُس نے اُس وقت بھی کسی کو پریشانی کا
اظہار کرتے نہیں سنا تو خود اُس کو بھی حوصلہ ہونے لگا۔
پھر اطلاع آئی کہ سب لوگ اپنا اپنا
سامان اٹھا کر مسجد میں آجائیں۔ برستی بارش میں جب سب اپنا اپنا سامان اٹھا کر
مسجد کی سمت چلے تب بھی اُس نے کسی چہرے پر کوئی کوفت یا پریشانی محسوس نہیں کی
اور نہ ہی وہاں کوئی بھگڈر مچی۔ اس پر اُس کو حیرت سے زیادہ ایک خوشی کا احساس ہو
رہا تھا ۔ ورنہ اپنے یہاں کا دستور تو کچھ اس قسم کا تھا کہ مسجد میں جگہ محدود
ہونے کے پیشِ نظر سب وہاں پہلے پہنچنے کے چکر میں پڑ جاتے اور اگر یہ سب کچھ ہوتا
تو اُس کو کوئی اچنبھا نہ ہوتا ۔ وہ اپنے ارد گرد ایسی ہی افراتفری اور بھگڈر
دیکھنے کا اتنا عادی تھا کہ جب یہ سب کچھ نہیں ہوا تو اُس کو اس بات پہ حیرت اور
مسرت ہوئی۔
رویوں میں ایک بناوٹی پن کا جو لحاظ ،
مروت ، اخلاق اور ٹھہراؤ ہوتا ہے اُس کو ہر کوئی باآسانی محسوس کر لیتا ہے۔ لیکن
یہاں پر اُس کو ان سب کے اس اصلی اور خالص رویّے نے اس قدر متاثر کیا کہ جب وہ خود
اپنا سامان اٹھا کر مسجد کی طرف جانے لگا تو پناہ لینے کے لیے ، بھاگنے اور بہتر
جگہ پانے کی خواہش پہ عمل کرنا اُسے معیوب سا لگا۔
اپنا بستر لپیٹ کر سر پہ اٹھائے اور
ہاتھ میں سفری بیگ لیے جب وہ مسجد کی طرف جا رہا تھا تو پیروں تلے پانی کی چھپ چھپ
سے برستی بارش کی شدت اور مقدار کا اندازہ ہو رہا تھا۔ سینکڑوں لوگ اس ناگہانی کو
ایک ہونی اور شدنی جان کر صبر سے اس کا سامنا کر رہے تھے۔ کچھ تو اس صورتِ حال کا
باقاعدہلطف لے رہے تھے۔ منتظمین
میں سے ایک صاحب ٹارچ کی روشنی دکھا کر راستے میں گڑی شامیانوں اور قناتوں کی
طنابوں اور کھونٹیوں کی طرف متوجہ کر رہے تھے کہ لوگ اُن سے ٹھوکر نہ کھائیں۔
ایک صاحب نے کسی کو مخاطب کر کے خواتین
اور بچوں کے لیے کئے گئے انتظام کی بابت کچھ کہا تو اُس کے کان کھڑے ہوگئے ۔ اُس
نے بچوں کے رونے کی آواز سننے کی کوشش کی لیکن وہاں کوئی بچہ نہیں رو رہا تھا ۔ وہ
سر پہ اٹھائے بستر کی چھتری تلے بارش میں بھیگنے سے بچتا ، لوگوں اور سامان کو ایک
دوسرے پہ سوار سامان دیکھنے کی توقع لئے مسجد کے برآمدے تک پہنچ گیا۔ وہاں ایسا
کوئی منظر اُس کی پذیرائی کو موجود نہ تھا۔ سامان وہیں دوسروں کے سامان کے ساتھ
رکھ کر شب بیداری کے پروگرام میں شامل ہونے مسجد کے ہال میں داخل ہو گیا۔ یہ شب بیداری
کا پروگرام رمضان المبارک کی مناسبت سے پہلے سے طے شدہ تھا۔ بارش نے فقط یہ کیا
تھا کہ شامیانوں اور قناتوں والے رہائشی حصے میں پڑا سامان بھی وہاں اُن کے ہمراہ
آگیا تھا۔
اُس نے اس پیشتر بھی اپنی زندگی میں
کئی رت جگے کئے تھے۔ کبھی کسی شادی کی تقریب کے سلسے میں اور کبھی حالتِ سفر میں ،
دوستوں کی محفلوں میں کئی بار رات کو سحر کرنا اور بیماری اور تیمارداری کے چکر
میں شام کو صبح کرنا بھی اُس کے تجربے میں تھا۔ فکر و پریشانی کے ہاتھوں نیندیں
اڑنے پر جو جو راتیں بیداری میں گزرتی ہیں اُن کی اذیت اور کوفت اُس کے لئے ناآشنا
نہ تھی۔ کسی کام کے سلسلے میں رات رات بھر جاگنا بھی اُس کو گوارا ہوتا تھا۔ لیکن
اُس رات اس سرد ، گیلے موسم میں رمضان اور عرس کی اۃس شبِ بیداری کی کیفیات اُس کی
زندگی کا ایک حسین تجربہ اور یادوں میں ایک لطیف اضافہ بن گئیں۔
سینکڑوں افراد کے اُس خاموش بیٹھے ہجوم
میں شامل ہو کر وہ بھی بیٹھ گیا۔ اُس بیٹھنے میں کوئی انتظار نہ تھا۔ کوئی توقع نہ
تھی کہ اب یہ ہوگا یا وہ ہوگا۔ لوگ سر جھکائے خاموش بیٹھے تھے ۔ یک لخت اندھیرا
چھا گیا۔ فضا میں ایک عجیب سا سکوت چھا گیا۔ کسی نے یہ نہیں کہا کہ بجلی چلی گئی
ہے۔ یہ کیا ہوا؟ اف۔۔ اوہ ۔۔۔ اب کیا ہوگا ؟ وغیرہ قسم کے تاثرات کی بجائے ایک
سوکت اور سناٹے نے ہال کو بھر دیا۔ کپڑوں کی سرسراہٹ اور سانسوں کی آواز نہ ہوتی
تو شاید اس کو موت کا سکوت یاد آجاتا۔ وہ ایک زندہ اور متحرک سکوت تھا۔
پھر اُس خاموشی میں ایک گنگناہٹ کے
ساتھ ایک مدھر اور مترنم سی آواز میں کسی نے درود ِ خضری کا ورد شروع کر دیا ۔
وہاں اندھیرے میں بیٹھے سینکڑوں افراد ، بلا کسی ترغیب و حکم کے اس آواز سے ہم
آہنگ آواز میں ، ایک کورس کی صورت درود شریف کا ورد کرنے لگے۔ رم جھم برستی بارش
کی تال میں درود شریف کا آہنگ ۔۔ گنگناہٹ کے ایک فوارے کی مانند اُن پر برستا اور
بھگوتا رہا تھا۔
صلی اللہ تعالیٰ علی حبیبہ محمد وسلم
کی اجتماعی لے ، رمضان کا تقدس ، عرس کی تقریب کا دھیان ، برستی پھوار کا لطف ،
مسجد کا وقار ، تاریکی کا محیط ہونا ، ان سب کے تال میل سے اُس کے اعصاب تن کر
ڈھیلے پڑ گئے۔ اُس کو یوں لگا گویا ایک قافلہ حدی خواں ایک بلند مرتبہ عالی مقام
اور مقدس ہستی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اور وہ عالی مرتبت ہستی ایک شفیق سی مسکراہٹ کے
پھیلاؤ کی اوٹ سے اُنکے اپنی طرف بڑھنے کی اس کاوش کو پسندیدگی کی نظر سے دیکھ رہی
ہے۔ اُس نے بے محابا اپنی آواز کو بھی اس ابھرتی پھیلتی گنگناہٹ کے دھارے میں شامل
ہوتے اور خود کو اپنی آواز کی لہروں کی صورت فضا میں بکھرتے پھیلتے محسوس کیا ۔
لطف و سر شاری کی اُس کیفیت میں اُس کے اندر ایک ہی تمنا کی تکرار ہو رہی تھی کہ
کاش یہ لمحہ یہیں تھم جائے۔ کاش یہ کیفیت ابدی ہوجائے۔
ہال کے اندر برقی قمقموں کے اچانک روشن
ہو جانے سے وہ اُس کیف آگیں سرور کی کیفیت سے باہر آنے پر مجبورہوگئے۔ بجلی آنے کے
بعد بھی اگر چہ درود شریف کا ورد اُس طرح جاری رہا۔ لیکن اب وہ گداز اور جذب ہو
جانے والی کیفیت مدھم سی ہوگئی تھی۔ اندھیرا حواس پر کس کس طرح اثر انداز ہوتا ہے
، اُس وقت اُس کو اچانک ہی اس بات کا شعور ہوا کہ کیفیات کو مستحکم کرنے میں
اندھیرا کا بھی ایک کردار ہوتا ہے ۔ اندھیرا چھٹتے ہی وہ حواس پہ چھائے اجالے سے
باہر آگئے تھے۔ باہر کی روشنی نے اُن کے حواس پر ایک طرح کی تاریکی سی مسلط کر دی
تھی تبھی تو اُس کو اپنی باطنی کیفیات میں کچھ کمی سی محسوس ہوئی تھی۔
وہ اپنے دوستوں اور احباب کو اپنے اس
قسم کے تجربات کی باتیں بتانا چاہتا لیکن اُن کی دلچسپیوں کا رخ کسی اور طرف دیکھ
کر وہ خاموش رہ جاتا ۔ وہ چاہتا تھا کہ وہ انہیں بتائے کہ وہ ایک ایسے بندے کو ملا
تھا جو صرف پیار محبت کا درس ہی نہیں دیتا تھا بلکہ عملاً پیار کرتا اور محبت
بانٹتا تھا۔ وہ بندہ جو ایک ایسا عالم باعمل تھا جس سے مل کر اُس کے ذہن میں تنے
جالے صاف ہوتے چلے گئے تھے اور اُس کی سوچوں میں ایک نکھار پیدا ہو گیا تھا ۔ اس
تبدیلی کے اثرات اُس کی سوچوں پر کچھ اس طرح سے منقسم ہوگئے تھے کہ اب اُس کے ذہنمیں اللہ
میاں سے متعلق سوچوں میں خوف و دہشت کی بجائے پیار ، شفقت ، رحم اور سلامتی حاوی
ہو گئی تھی۔ اُس کے اندر کچھ ایسی تبدیلی پیدا ہو گئی تھی کہ وہ اللہ تعالیٰ کے بے
پایاں پیار کی کشش کو اپنے اوپر محیط دیکھنے لگا تھا۔ اس سے پیشتر اس کو کبھی اس
امر کا شائبہ تک نہیں ہوتا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی رحمت اور پیار اُس کی مخلوق کے
لئے کس قدر بسیط اور محیط تھا۔
اب بھی بظاہر دیکھنے میں سب کچھ ویسا
اور وہی تھا۔ وہی گھر والے ، وہی افراد خانہ ، وہی دوست احباب ، وہی کاروباری اور
دفتری مصروفیات ، وہی لوگوں سے ملنا جلنا ، وہی روزانہ کے معمولات ۔ لیکن اب اُس
کا انداز ِ نظر کچھ بدل سا گیا تھا۔ پہلے وہ ان سب باتوں کو اپنے زور بازو اور
خوبیوں اور کمالات کے نتیجے میں حاصل ہونے والی کمائی اور ما حاصل سمجھتا تھا لیکن
اب اس کو محسوس ہوتا کہ یہ سب اُس کی کمائی یا استحقاق نہیں ہے بلکہ یہ سب تو اُس
کو ایک انعام کی طرح حاصل ہے۔ ایک ایسا انعام جو اُس کے کسی کمال یا خوبی کے سبب
نہیں بلکہ دینے والے کی عطا اور مرہونِ منت ہے۔
اُس کے اندر یہ آگہی پیدا ہو رہی تھی
کہ یہ زندگی ، اس زندگی کے قیام کے وسائل ، اُس کے سانسوں کی آمد و شد ، یہ صحت
اور تندرستی ، اُس کی حرکات و سکنات سب کے سب ایک برتراور اعلیٰ ذات کی مہربانی اور نوازش
کے علاوہ اور کچھ بھی تو نہیں ۔ اللہ کے اُس محبوب بندے نے یہ بات کچھ اس غیر
محسوس اور Unsuspectedانداز میں تعلیم
کی تھی کہ اس کو من و عن الفاظ تو یاد نہیں رہے تھے کہ انہوں نے اس بارے میں کیا
کیا کہا تھا مگر اُس کے اندر یہ تبدیلی بہرحال جڑ پکڑتی جا رہی تھی۔
وہ کوئی بات سنتا یا پڑھتا تو کئی بار
کی سُنی ہوئی یا پڑھی بات میں بھی اُس کو کوئی نیاز اور یہ کوئی نیا نکتہ اور کبھی
کبھار تو پوری بات کا ایک نیا ہی مفہوم سامنے آجاتا۔ ایک ایسا مطلب سمجھ آتا کہ وہ
جھوم کر رہ جاتا ۔ آج صبح قرآن حکیم کی تلاوت کے دوران جب اُس نے یہ آیت پڑھی ۔” ان اولیا اللہ
لاخوف علیہم ولا ھم یحزنون “ تو اُس کو ایک مانوس سا احساس
ہوا۔ اُس نے یہ آیت بابا جی کی زبانی بھی سنی تھی اور انہوں نے اس کی بابت یہ
ارشاد فرمایا تھا کہ اس آیت میں اللہ تعالیٰ اپنی دوستی کی شرائط بیان کرتا ہے
یعنی اگر کوئی اللہ تعالیٰ سے دوستی کرنا چاہتا ہے تو اُس کو خوف اور غم سے نجات
حاصل کرنا ہوگی۔ اگر کسی کے اندر خوف اور غم موجود ہو تو ہرگز بھی اللہ کا دوست
نہیں بن سکتا۔
اُس نے اس بات کے حوالے سے اس آیت کو
دوبارہ پڑھا ۔ شعور نے مزاحمت کی۔ اُس نے سوچا کہ ڈر اور خوف تو ہر آدمی کے اندر
ایک فطری شے کی مانند موجود رہتا ہے۔ مستقبل کا خوف، اندھیرے کا ڈر ، شیر اور سانپ
جیسے موذی جانوروں کا خوف ، بھوت پریت کا خوف ، غربت کا خوف ، انجانی جگہوں اور
اجنبی لوگوں کا خوف ، غربت اور افلاس کا خوف ، موت کا خوف ، جزا اور سزا کا خوف ،
تھانے کچہری کا خوف ذلت و رسوائی کا خوف ، عزت و بے عزتی کا ڈر ، اِن ہونی کا ڈر ،
فون کی گھنٹی ذرا بے وقت بجتی ہے تو دل لرز اُٹھتاہے۔ شعور نے خوف کی ان تمام تصویروں کو اُس کے سامنے لا کر سوال داغا۔
آدمی بھلا کس کس خوف سے بچ سکتا ہے؟ پیدائش سے لے کر موت تک اور موت سے لے کر حشر
نشر تک ، خوف کی کتنی ہی منزلیں اور پڑاؤہیں ۔ بُرے دنوں کا خوف نہ ہوتا تو کوئی
ترقی ہی نہ کرتا۔
اس آیت میں خوف کا مفہوم یقیناً کچھ
اور ہی رہا ہوگا۔ اُس نے لاچاری سے سپر ڈالتے ہوئے سوچا اور اُس کا ذہن حزن و غم
کی کیفیات کا جائزہ لینے لگا۔ گھر ڈھے جائے تو غم۔ بچہ فوت ہو جائے تو حزن ،بیوی
یا شوہر کا مرنا حزن ، ماں باپ کا مرنا صدمہ ، فیکٹری میں آگ لگ جائے تو غم و
افسوس ، فصل کو پالا مار جائے تو نقصان کا غم ، کوئی دوست ، عزیز اور پیارا چھوٹ
جائے تو بندہ تصویر الم بن کر رہ جاتا ہے۔ انسان زندگی کے کس کس مرحلے پر غم و الم
، حزن و یاس اور رنج و ملال سے نجات پاسکتا ہے ؟ شعور نے اُس کو کمزور پڑتے دیکھ
کر اس پر چڑھائی کر دی۔
سوچوں کے دائرے بن بن کر بگڑتے رہے اور
جب وہ کوئی راہ نہ پا سکا تو اس کو گھبراہٹ اور گھٹن کا احساس ہونے لگا۔ اُس نے
شعور کی دی ہوئی پھانس پہ پھایا رکھنے کو سوچا ۔ یہ تو میری سوچ ہے۔ جب اللہ
تعالیٰ کہہ رہا ہے کہ میرے دوستوں کو کوئی خوف اور غم نہیں ہوتا تو غلط تو نہیں ہو
سکتا۔ یہ بھی تو ہو سکتا ہے کہ اُس ذات سے دوستی کے سبب بندے کے اندر کوئی ایسی
طاقت حلول کر جاتی ہو کہ و ہ خوف اور غم کو محسوس ہی نہ کرتا ہو ۔ خوف اور غم کو
محسوس ہی نہ کرنا تو بے حسی جیسی کیفیت ہوئی۔ اس نے سوچا ۔ لیکن بابا جی کے قول کے
مطابق تو بندے کو اللہ کے دوستی کرنے کے لئے خوف اور غم سے خود نجات پانا ہوتا ہے۔
اس پر اُس کے شعور نے اُس کو پھر سے حیرت سےچھیڑتے ہوئے کہا۔ واہ یہ عجب رہی۔
اُس نے خود کو تسلی دینے کو سوچا کہ
اتنا مغز کھپانے کی کیا ضرورت ہے وہ اس مسئلے کو انہی سے کیوں نہ حل کرنے کی
درخواست کرے جن کی بات سن کر وہ اس بات کو ایک نئے زاویئے سے سوچنے کا ارادہ کر
بیٹھا تھا۔ فکر کے اُس نئے زاویئے سے اُس کو جو الجھن درپیش ہوئی وہ اس کو حل
کروانے کو انہی سے کیوں نہ رجوع کرے تاکہ اُس کو اُن کی بات سمجھنے میں جو اشتباہ
ہو رہا ہے وہ اس سے بچ سکے ۔ وہ ضرور اس گتھی کو سلجھا دیں گے۔ یہ سوچتے ہوئے اُس
نے ان سے فون پر رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اُسی شام وہ اُن سے بات کر رہا تھا۔
اُس نے اپنا تعارف کراتے ہوئے جب اُن سے یہ کہا کہ وہ قلندر بابا اولیاؒ کے عرس کے
موقع پر اُن سے ملا تھا اور کئی روز تک اُن کی میزبانی سے سرفراز ہوا تھا تو انہوں
نے فوراً کہا جی ہاں آپ احمد صاحب کے ہمراہ پشاورسے آئے تھے۔ اُس کو اُن کی
یادداشت اور حافظے کی توانائی پہ حیرت ہوئی۔ انہوںنے اُس سے احمد صاحب کی خیریت
دریافت کی۔ اُس نے اُن کو اپنی الجھن سے آگاہ کیا کہ خوف اور حزن تو ایک لازمہ
حیات ہیں ان سے نجات بھلا کیسے اور کیوں کر ممکن ہو سکتی ہے اور اگر اللہ سے تعلق
اور ربط استوار ہونے کے سبب ان سے پناہ مل بھی سکتی ہو۔اوراللہ سے تعلق کے بعد تو
ہو سکتا ہے کہ ایسا ممکن ہو جائے۔۔۔ جبکہ آپ نے فرمایا تھا کہ اس آیت میں اللہ
تعالیٰ اپنی دوستی کی شرائط بیان کرتا ہے۔ یعنی آپ کے مطابق پہلے انسان خوف اور
حزن سے نجات پالے تو پھر اُس کو اللہ کی دوستی نصیب ہو سکتی ہے۔ اس بات کو سمجھنے
میں وہ اُن سے راہنمائی کا خواستگار ہے۔
انہوں نے اُس کی بات تحمل اور دلجمعی
سے سننے اور اس کا لطف لیتے ہوئے ۔” مجھے میرے مرشد کریم حضور قلندر بابا اولیاؒ
نے ایک شعر سنایا تھا۔ یہ ذرا طویل بحر میں ہے۔
؎ ہر خوشی اک وقفۂ تیاری سامان ِ غم
ہر سکون مہلت برائے اضطراب و امتحان
شعر سنا کر فرمایا۔ جب تک انسان کسی
چیز کی کنہ ۔۔۔ بات کی تہہ تک نہ پہنچ جائے۔۔ وہ حقیقت سے واقف نہیں ہو سکتا۔ غورو
فکر کرنے سے یہ بات معلوم ہوتی ہے کہ خوف کی کنہ یا اصل یہ ہے کہ انسان کے اندر
ایک سوال ابھرتا ہے ۔۔۔ کیا ہوگا ؟ اب یہ کیا ہوگا ۔۔۔ کی تکرار ۔۔۔خوف اور ڈر کی
کیفیت کی صورت یا مظہربنتی ہے۔ اس طرحکیوں ہوا ؟ کا سوال حزن اور غم ہے۔ یعنی جب
انسان کسی بارے میں یہ چاہتا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے مگرویسا ہو جائے تو یہ
سوال یعنی یہ کیوں ہوا؟ ۔۔اُس کو اپنی گرفت میں لے لیتا ہے۔ اُس کا ذہن اس بات کی
تکرار میں پڑ جاتا ہے کہ ایسا کیوں ہوا ، ایسا تو نہیں ہونا چاہیے تھا۔۔۔ یہ سوال
ابھرنا اور اُس کا ذہنمیں جڑ پکڑنا غم ہوا۔۔حزن ہوا یعنی اگر
کوئی یہ چاہتا ہے کہ اللہ تعالیٰ سے اُس کی دوستی ہو جائے تو اُس کو ان دونوں
سوالوں ۔۔۔ یعنی کیا ہوگا اور کیوں ہوا؟۔۔۔ سے جان چھڑانا ہوگی۔
بھئی جب آپ نے اللہ تعالیٰ کو اپنا
دوست مان لیا اور چونکہ وہ فاعل ِ حقیقی اور مختار ِ کل ہے ، اب آپ کو دوستی میں
یہ بات کہاں زیب دیتی ہے کہ آپ اپنے دوست سے یہ پوچھیں کہ وہ کیا کرے گا یا یہ کہ
اُس نے ایسا کیوں کیا؟ اور پھر اللہ اپنے دوست کے لئے جو بھی کرے گا بہتر ہی تو
کرے گا اور جہاں تک دنیاوی معاملات کے حوالے سے خوف اور حزن کا تعلق ہے تو یاد
رکھیں کہ کسی چیز کے چھن جانے کا اندیشہ خوف ہوتا ہے اور جب وہ چیز واقعی چھن جاتی
ہے تو غم اور حزن لاحق ہو جاتا ہے ۔ لیکن اگر آدمی اس دنیا کو ایک مسافر خانہ ،
ایک ہوٹل یا بحری جہاز یا ٹرین سمجھ لے اور اس دنیا کی زندگی کو عارضی تسلیم کر لے
تو اُس کو یہ یقین حاصل ہو جاتا ہے کہ جو کچھ اُس کو اس دنیا میں استعمال کے لیے
دیا گیا وہ وقتی ، لمحاتی اور عارضی ہے تو اُس کے چھن جانے کا ڈر بھی نہیں رہے گا
اور وہ غم اور حزن سے بھی محفوظ ہو جائے گا ۔ وہ دنیا میں حاصل سہولتوں کو مسافر
خانے ، ہوٹل ، بحری جہاز یا ٹرین میں میسر سہولتوں کی طرح استعمال کرے لیکن اُن
میں دل نہیں لگائے گا۔“
کب بات ختم ہوئی۔ اُسنے شکریہ ادا کیا
یا نہیں ، اُس کو صرف اتنا احساس تھا کہ انہوں نے اُس کو دعا دیتے ہوئے یہ کہا
تھا۔” اللہ آپ کو خوش رکھے !“ اور اُن کے اس کہنے کے ساتھ ہی خوشی کی ایک لہر نے
اُس کے پورے وجود کو اپنی آغوش میں اُٹھا لیا تھا۔ اُس نے اپنے شعور کو دم بخود
اور سرشار دیکھا۔