Topics
”اُٹھ جاؤ بیٹے صبح ہوگئی ہے۔“
ماں کی ممتا بھری آواز اس کو خواب کی
دنیا سے باہر کھینچ لائی۔ اس آواز میں گھلی مٹھاس اُس کو اپنے اندر اُترتی محسوس
ہوئی ۔ نیند اور بیداری کے درمیان معلق شعور ، نیند کی پُرخمار وادی کی دہلیز عبور
کر کے بیداری کی محدود اور مقید فضا میں داخل ہونے سے ہچکچا رہا تھا۔ نیند کا خمار
اس کے اعصاب پر سکون طاری کئے ہوئے تھا اور اس پُر سکون کیف کے لطف کو طول دینے کی
خواہش کے زیر اثر ، سُنی کو ان سنی کر گیا۔ لیکن اس کے ساتھ ہی وہ دوبارہ پکارے
جانے کا منتظر بھی تھا۔ وہ اس محبت اور پیار بھری آواز کو دوبارہ سننے کا متمنی تھا
جس نے اس کو خواب کی اتھاہ گہرائیوں سے نکال کر بیداری کی دہلیز پر کھڑا کیا تھا۔
ماں نے دوبارہ پکارا۔
”اُٹھ جاؤ بیٹے۔“
اس کی سماعت میں جلترنگ کا رس گھلتا
چلا گیا۔ اس کی ماں کی آواز میں ، لب و لہجے اور انداز میں پیار ہی پیار گھلا
ہواتھا ۔ پیار کی ان لہروں کو اُس نے اس سے پیشتر کبھی یوں محسوس نہ کیا تھا، جس
طرح سے وہ اُس کو اُس وقت محسوس ہو رہی تھیں۔ آج ایسی کیا بات ہوئی۔ اس نے نیم
بیدار ذہن میں اپنی ماں کے پکارے گئے الفاظ کو دُہرایا۔ ماں کے الفاظ میں کوئی نیا
پن نہیں تھا۔ وہ یہی الفاظ ، یہی لب ولہجہ اور یہی انداز وہ اپنیشعوری زندگی کی
ابتداسے ہی سنتا تھا۔ کبھی کبھار جب وہ کسل مندی اور سستی کااظہار کرتا تو ماں اُس
کے ماتھے پر ہاتھ رکھتی اور انگلیاں اُس کے بالوں میں پھیرتی تو اس کی کسل مندی اور سستی دور ہو جاتی اور وہ نہ چاہنے کے باوجود اُٹھ
کر بیٹھ جایا کرتا۔
ماں تو مجھ سے ہمیشہ سے ہی اتنا پیار
کرتی رہی ہے۔ مجھی کو اس سے پیشتر اس کا اتنا ادراک کبھی نہ ہوا تھا۔ آخرکیوں؟
ممتا۔۔ ہمارے اردگرد پھیلی ہوا ہی کی
مانند لطیف ہونے کے باوجود ، انسانی زندگی کی بقاء اور نشوونما کی ضامن ہے۔ اگر
اللہ تعالیٰ ماں کے دل میں اولاد کے لئے ممتا کے پیار اور محبت کا خزانہ انڈیل نہ
دیتے تو انسان کی پیدائش ممکن تھی اور نہ ہی اس کی نشونما۔ یہ اس کی لطافت
کے سبب ہی تو تھا کہ انسان اس کی موجودگی اور اہمیت دونوں سے ہی صرف نظر کئے رہتا
ہے۔ انسان چونکہ مادیت کے ٹھوس شکنجے میں جکڑا رہتا ہے اس لئے وہ اکثر لطیف چیزوں
کی اہمیت اور افادیت کو محسوس کرنے میں ناکام رہتا ہے اور بات یہاں تک بڑھ جاتی کہ
وہ سب سے زیادہ لطیف ذات ، خالق ِ ارض و سماوات ، رب کائنات کے وجود کو ماننے میں
بھیتامل کرنے لگتا ہے۔
اس کی سوچ کے دائرے بنتے اور پھیلتے
چلے جارہے تھے کہ سوچ کی ایک نئی لہر اس کے شعور کے کناروں سے ٹکرائی۔ اللہ تو
اپنے بندوں سے ستر ماؤں سے بڑھ کر پیار کرتا ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ نے اپنے پیار کو
ماں کی ممتا اور محبت سے تشبیہ دیتے ہوئے اس کی وسعت اور پھیلاؤ کا اندازہ کروانے
کو اسے ستر ماؤں سے بڑھ کر قرار دیا۔ یعنی ایک بندے کے لئے کم از کم ستر ماؤں کا
پیار ایک طرف اور اپنی مخلوق سے اللہ کا پیار دوسری طرف۔ لیکن اللہ تو لا محدود
ذات ہے۔اِس طرح تو اُس کا پیار محدود قرار پاتا ہے ۔ ستر ماؤں سے بڑھ کر ۔۔۔ کتنا
زیادہ اور کتنا بڑھ کر اس کی کوئی حد نہیں بتائی۔ یعنی کم از کم ستر ماؤں جتنا
پیار ، اللہ کے اس پیار کا جو اس کو اپنے بندوں سے ہے۔
نقطہ آغاز ہوا۔ اس پیار کی آخری حد کا تعین نہ کیا گیا
ہے اور نہ ہی کیا جانا چاہیے۔ جس ذات کے پیار کی شدت کا عالم یہ ہو کہ وہ ستر ماؤں
کے پیار اور ممتا کے برابر پیار اپنی محبت کی ابتداء کرتا ہو ، اُسیکی محبت اور
ممتا کو محسوس نہ کرنا اُس ذات سے تعلق ہی نہ رکھنا ، اس ذات کا عرفان حاصل نہ
کرنا ، اس کی خلافت اور نیابت کے لئے خود کو آمادہ اور تیار نہ کرنا ، اس ذات ِ
مطلق کی عبودیت سے پہلو تہی کرتے رہنا اور اس کے حکمکی خلاف ورزی اور اس کی سرتابی
کے مسلسل مُرتکب ہوتے رہنا ، کتنی بُری بات ہے ۔ یہی تو وہ ظلم اور جہالت ہے جس کے
لئے قرآن میں ظلوما کے الفاظ استعمال کئے گئے ہیں۔
اُس کی فکر نے ابھی اتنی ہی مسافت طے
کی تھی کہ اُس کی سماعت میں اُس کی ماں کے الفاظ کا جلترنگ ایک بار پھر بج اٹھا۔
”اٹھ بھی جاؤ ، ورنہ دیر ہو جائےگی۔“
”جی اچھا “ کہہ کر اس نے آنکھیں کھول
دیں۔
اُس کی نگاہ اپنی والدہ کے چہرے پر پڑی
۔ اس کو بیداری میں داخل ہوتے دیکھ کر ایک شفیق سی مسکراہٹ نے اُس کا استقبال کیا۔
عادت کے زیر اثر اس نے ماں کو سلام کیا تاکہ اس کو یہ یقین ہو جائے کہ اس کا بیٹا
خوابوں کے دیس سے پلٹ آیا ہے۔ ماں کو جب یہ تسلی ہوگئی کہ وہ پوری طرح سے بیدار ہو
چکا ہے اور اب وہ دوبارہ سو نہیں جائے گا تو وہ اس کے لیے ناشتہ بنانے باورچی خانے
کی طرف چلی گئی۔
گزری سوچ ابھی اُس کے ذہن سے محو نہیں
ہوئی تھی۔ اس کا دھیان اُدھر ہی لگا ہوا تھا۔ اس کے ذہن میں آنے والا خیال ، اُس
کو فکر کی وادیوں میں محوِ پرواز رکھتے ہوئے تھے ۔ وہ نئی اور انجانی سوچوں پر
حیران بھی تھا اور اُن سے لطف بھی لے رہا تھا ۔ ماں میرا کتنا خیال رکھتی ہے آج سے
پہلے میں نے کبھی ایسا کیوں محسوس نہیں کیا تھا۔ وہ اسی خیال کو اپنے ذہن میں دہرا
رہا تھا کہ اس کے اندر ایک اور خیال آواز بن کر گونجا۔
”اللہ میاں تو ماں سے بھی ستّر گُنا
زیادہ خیال رکھتے ہیں، تم نے تو کبھی اس بات کو بھی محسوس کرنے کی ضرورت نہیں
سمجھی۔“
بات تو درست ہے لیکن میں تو ابھی اپنی
ماں ہی کی محبت کا جواب نہیں دے پا رہا جواب دینا تو دور رہا مجھے تو اُس کے پیار
کا مکمل احساس اور ادراک ہی نہیں ہے ، تو اس سترگُنا سے زیاہ محبت کا حق بھلا کیونکر ادا
کرسکتا ہوں۔ میں تو اپنی ماں کو بھی راضی رکھنے میں اکثرناکام
ہی رہتا ہوں۔ اس ذات کو جو میرے محسوسات ، میری فہم اور ادراک سے بھی ماورا ء ہے
کیونکرراضی رکھ سکتا ہوں۔ اس نے قنوطیت سے سوچا۔ مجھے تو اپنی ماں کو بھی خوش کرنا
نہیں آتا۔ اس کی رجائیت نے اس کو ایک اور بات یہ سجھائی کہ اگر میں اپنی ماں کو
خوش کرنے کا راستہ ڈھونڈ لوں تو شاید مجھے اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا طریقہ بھی
معلوم ہو جائے۔
وہ ان ہی سوچوں میں غلطاں ناشتہ کر رہا
تھا کہ اُس کی ماں نے اُس سے پوچھا ۔”کیا بات ہے ، آج تم کچھ چپ چپ سے ہو؟“
اُس نے ایک فوری فیصلے کے تحت ذہن میں
اٹھنے والے اس سوال کو اپنی ماں سے ہی پوچھنے کا ارادہ کرتے ہوئے کہا۔
”امی! میں آپ سے ایک بات پوچھنا چاہ
رہا تھا۔“
ماں نے منہ سے کچھ کہنے کی بجائے
سوالیہ نظروں سے اس کی طرف دیکھا ، گویا کہہ رہی ہو ۔
”ہاں بولو کیا بات ہے؟“
اُس نے کہا۔
”امی! کیا آپ مجھ سے راضی ہیں؟“
ماں کے چہرے پر حیرت کا ایک تاثر
لہرایا۔ اس نے کچھ توقف کیا جیسے وہ اس سوال کا پس منظر سمجھنے کی کوشش کر رہی ہو
یا اس سوال کے بعد پوچھی اور کہی جانے والی بات کا اندازہ لگا رہی ہو ۔ جب وہ کوئی
فیصلہ نہ کر سکی تو بولی۔
”ماں تو اپنی اولاد سے راضی ہی رہتی
ہے۔ پر تم نے یہ کیوں پوچھا؟“
اس نے ماں کو براہ راست جواب دینے پر
آمادہ کرتے ہوئے قدرے ٹھٹک کر کہا۔
” نہیں امی ! پہلے آپ میری بات کا جواب
دیں۔“
ماں نے بجائے جواب دینے کے الٹا اُس سے
ہی پوچھ لیا۔
”اچھا یہ بتاؤ کہ تمہارے نزدیک کوئی
بندہ اپنی ماں کو کیونکر راضی کر سکتا ہے ۔ اگر اولاد اپنی ماں کو خوش کرنا چاہتی
ہے تو اُس کو کیا کرنا چاہیے؟“
”اولاد اپنی ماں کی تابعداری کر کے ،
اُس کا حکم مان کر ، اُس کی کہی ہوئی باتوں پر عمل کر کے ، اُس کی خدمت کر کے اُس
کو خوش رکھ سکتی ہے۔“
اس نے چالاکی سے تین چار ممکن جواب ایک
ہی جملےمیں سمو دیئے۔
ماں اُس کی یہ بات سن کر دھیرے سے
مسکرائی گویا کہہ رہی ہو میں تمہاری چالاکیوں کو خوباچھی طرح سمجھتی ہوں اور کہا۔
”اور جب اولاد چھوٹی ہوتی ہے۔ یہی چند
دن ، چند ماہ یا چند سال کی عمر تک ۔۔۔تو ؟“
”تو کیا ؟ اس تو کا کیا مطلب ہوا؟“
اُس نے اِس سوال کو اپنی سکت سے بہت
زیادہ مشکل پاتے ہوئے بے ساختگی سے کہہ دیا۔
ماں نے وضاحت کی ” جب بچے چھوٹے ہوتے
ہیں تو کیا وہ ماں کو خوشی نہیں دیتے۔ جب ابھی وہ اس قابل ہی نہیں ہوتے کہ وہ ماں
کی کوئی بات مان سکیں ، اُس کی کوئی خدمت کر سکیں اور اس کی تابعداری کر سکیں تو
اس وقت تمہارے سوال کا کیا جواب رہ جاتا ہے؟“
وہ سوچنے لگا واقعی اس بات کا بھلا کیا
جواب ہو سکتا ہے؟
ناشتہ ختم کرنے کے بعد بھی و ہ کافی
دیر تک اپنی ماں کی کہی ہوئی بات پر غور کرتا رہا لیکن اس کو کوئی بات نہ سوجھ سکی
۔ ماں نے بھی مزید کچھ نہ کہا۔ پھر وہ دفتر چلا گیا۔ دفتر جاتے ہوئے بھی وہ اسی
بات کو اپنے ذہن میں دہراتا رہا۔ دفتر پہنچا تو اُس کو احمد صاحب کا خط ملا ۔
انہوں نے اپنے خط میں اُس کو دی گئی کتاب کے بارے میں پوچھا تھا کہ وہ اس کو کیسی
لگی اور دوسرے اس کو یہ یاد دلایا تھا کہ اس ماہ کے آخری ہفتے میں کراچی جانا ہے۔
احمد صاحب کی دی گئی کتاب ”قلندر
شعور“۔۔دیکھنے میں تو ایک چھوٹا سا کتابچہ تھی لیکن اس کتاب نے اس کو بہت زیادہ
متاثر کیا تھا۔ اب تک اُس نے اِس کتاب کو کئی بار پڑھ ڈالا تھا ، لیکن اُس کی
تشنگی کسی طور ختم نہیں ہورہی تھی۔ اس کے ذہن میں کئی خوابیدہ سوالوں کے جواب اُس
کو اس کتاب میں مل گئے تھے۔ نہ صرف مل گئے تھے بلکہ اُس کے شعور کی دسترس میں
بھیآچکے تھے ۔ اس کتاب کی وجہ سے علم و آگہی کی کئی نئی جہتیں اس کے سامنے واضح
ہوئی تھیں۔ اُس کے ذہن میں کئی نئے دریچے وا ہوئے تھے اور کئی نئے روز ن کھل گئے
تھے۔
اس کتاب میں مصنف نے انتہائی سادگی اور
سلاست کے ساتھ کائناتی نظام میں کام کرنے والے فارمولوں سے لے کر جنسی کشش کے
قوانین تک روحانی علوم کے حوالے سے نہایت عام فہم انداز اور دلنشین اسلوب سے بیان
کئے تھے۔ وہ اپنی کتب بینی کے ذوق کو اپنی والدہ کے شوق َ مطالعہ کی دین سمجھتا
تھا۔ بچپن سے اُ س کی والدہ نے اُس کو کتب بینی کی کچھ اس غیر محسوس انداز میں
تربیت دی تھی کہ اُس کو خبر ہی نہیں ہوئی کہ کب مطالعہ کا شوق اس کی عادت اور لت
بن گیا تھا۔ کتابیں پڑھنا خواہ وہ کسی بھی قسم کی ہی کیوں نہ ہوں اس کی عادت سی بن
چکی تھی۔ ادب و شعر و سخن سے لے کر فلسفۂ حیات تک کسی بھی موضوع پر اُس کو اگر
کوئی کتاب دستیاب ہو جاتی تو وہ اُس کو ضرور پڑھ ڈالتا اور اگر اُس کو کوئی کتاب
اچھی لگتی تو وہ اس کو نہ صرف دوبارہبھی پڑھتا بلکہ دوستوں کو بھی بتاتا کہ فلاں
کتاب میں اُس نے یہ کچھ پڑھا ہے۔
اِس کتاب کو پڑھ کر اُس کے علم میں
کماحقۂ اضافہ ہونے کے ساتھ ساتھ اُس کو باطنی علوم کے راستوں پر عملی طور پر چلنے
کی ترغیب بھی ملی تھی۔ اس کتاب نے اُس کی سوچوں پر ایک گہرا نقش چھوڑا تھا۔ اس
کتاب کو پڑھنے کے بعد اُس کو اپنی سوچوں میں ایک واضح تبدیلی کا احساس ہونے لگا
تھا ۔ علم و آگہی کی باتوں کے علاوہ اس کتاب نے اپنی طرزِ فکر کا قبلہ درست کرنے
کی جس انداز میں اُس کو ترغیب دی تھی ا س نے اُس کو بہت زیادہ متاثر کیا تھا۔ وہ
آج تک علم و عرفان کے تعاقب میں تو رہا تھا لیکن اس بات کا علم اس کو پہلی مرتبہ
اس کتاب ہی کی وجہ سے ہوا تھا کہ علم و عرفان کا کتنا گہرا تعلق طرزِ فکر سے ہے ،
خاص طور پر اس طرزِ فکر سے جو انبیا ء کی طرز فکر ہے یہ بات اُس کو پہلی بار اس
کتاب سے ہی معلوم ہوئی تھی۔
مصنف نے سادہ زبان میں علمیت کا رعب
گانٹھے بغیر چھوٹے چھوٹے واقعات اور اپنی روز مرہ زندگی کی مثالیں دے کر اپنی طرزِ
فکر میں تبدیلی لانے کی بابت بتا کر قاری کو اپنی طرز فکر اور انداز نظر میں
تبدیلی کی دعوت دی تھی۔ کم ہی کتابیں ایسی تھیں جنہوں نے اُس کو اِس قدر متاثر کیا
تھا کہ اس کے دل میں مصنف سے ملنے ، اس کو ذاتی طور پر جاننے کی خواہش کروٹیں لینے
لگی تھیں۔ اس نے اپنے ذہن میں مصنف کی شخصیت کے کئی خاکے بنا ڈالے تھے۔ کتاب پڑھ
کر اس کے ذہن میں ایک عظیم اور بارعب شخصیت کی تصویر ابھرتی اور احمد صاحب سے سنی
ہوئی باتوں کی روشنی میں اس کے ذہن میں ایک نرم خو، مدھم اور مشفق انسان کا تصور
ابھرتا۔وہ ان دونوں تصورات کو ملاتا تو اس کے ذہن میں بننے والی تصویر گڈ مڈ ہو کر
رہ جاتی۔ اتنا بہت سا علم رکھنے کے باوجود کوئی انسان بارعب ہونے کے بجائے شفیق
اور ملنسار بھلا کیونکر ہو سکتا ہے۔ یہ بات اُس کو سمجھ نہیں آرہی تھی۔ کیونکہ اس
کا مشاہدہ یہ تھا کہ تحر بِ علمی میں مبتلا اکثر لوگ بے رحم ناقد بن جاتے ہیں۔ وہ
ہر ایک کی اصلاح اپنے بڑھے ہوئے علم کے زور پر کرنا چاہتے ہیں جس سے ان کی شخصیت
میں ایک طرح کی سختی اور دُرشتی سی آجاتی ہے۔
اُس کو وہ منظر اچھی طرح یاد تھا جب
اُس نے احمد صاحب کے چہرے پر پھیلتا دھواں ، تڑخنے کے آثار اور آنکھوں میں نمی
دیکھ کر یہ اندازہ کیا تھا کہ اُن کے مرشد ایک انتہائی مشفق اور پُرمحبت انسان ہوں
گے۔ تبھی تو احمد صاحب اُن سے اس طرح سے متاثر ہیں کہ اُن کا تذکرہ کرتے ہوئے اُن
کی پلکیں بھیگ بھیگ جاتی تھیں۔ اس نے سوچا اور یہ سوچ کر صبر کرگیا کہ جب ملاقات
ہوگی تو دیکھا جائے گا۔
احمد صاحب کو خط لکھنے کے دوران کئی
بار اُس کا دھیان صبح اپنی ماں سے ہونے والی باتوں کی طرف مبذول ہوا اور اُس نے
چاہا کہ وہ اُس کی بابت بھی اُن کو کچھ لکھے۔ اس نے سوچا کہ اب یہ بھی تو محبت ہی
کی ایک قسم ہے جو احمد صاحب کو اپنے مرشد سے ہے۔ وہ اُس پیار کا معما بھلا کیا
حل کرے؟ اُس کو نہ تو کبھی کسی سے ایسا پیار ہوا تھا اور نہ ہی اُس کو اس کا کوئی
اندازہ تھا۔ کیا احمد صاحب کا عشق یکطرفہ ہے اُن کے مرشد بھی اُن سے اتنا ہی پیار
کرتے ہوں گے کہ احمد صاحب کو یاد کرتے ہوئے اُن کی پلکیں بھی بھیگ جاتی ہوں گی۔
اُس نے اندازہ کرنے کی کوشش کی لیکن اُس کو یہ ایک بے تکی سی بات لگی کہ دو
بندےایک دوسرے کی چاہت میں آنسو بہا رہے ہیں۔ اُس نے سوچا کہ محبت تو ایک قوت ہے
جو توانائی عطا کرتی ہے۔ ایک ماں اپنی محبت کی طاقت سے اپنی اولاد کی تخلیق اور
پرورش کا عظیم کام سر انجام دیتی ہے نہ کہ بیٹھی آنسو ہی بہایا کرتی ہے۔
آج صبح ہی تو اُس کا دھیان اپنی ماں کی
محبت کی طرف گیا تھا۔ اُس سے اُس کی محبت کی اُس فراوانی کا خیال آیا تھا جو خالقِ
کائنات کو اپنی مخلوق سے ہے ۔ اُس نے اُس محبت کے ناطے ماں سے اُس کو راضی رکھنے
اور اُس کی خوشی دینے کی بات کی تھی۔ اب یہ ایک اور ہی طرح کی محبت اُس کی توجہ
اپنی طرف جذب کر رہی تھی۔ ایک مرید کی اپنے مرشد سے محبت ۔ اس کی بابت اُس کو اس
سے پہلے نہ تو کوئی تجربہ تھا اور نہ ہی یہ چیز اُس کے مشاہدے میں تھی۔
وہ اپنے دوستوں سے پیار کرتا تھا۔ اُن
میں سے کچھ کی صحبت میں رہنا اُس کو اچھا لگتا تھا۔ مرد عورت کے مابین کشش کو خود
اس نے بھی کئی بار محسوس کیا تھا۔ اردو ادب میں بے شمار افسانے اور شاعری میں
محبوب اور محب کے ہجر و فراق اور وصل وشاد کامی کے حوالے سے اس کو کئی اشعار یاد
تھے۔ ان افسانوں میں کہیں عورت کی محبت اور وفا کا رنگ نمایاں تھا تو کہیں مرد کے
عشقِ بلا خیز کے کارنامے ۔ وہ محبتوں کے ان مختلف رنگوں سے کسی نہ کسی طور ضرور
آشنا تھا۔ لیکن آج صبح اس کے فلسفہ محبت میں ایک نئی جہت در آئی تھی۔ وہ اپنی ماں
سے محبت کے حوالے سے نہیں بلکہ ماں کی خود اُس سے محبت کے حوالے سے سوچتے سوچتے
احمد صاحب کا اپنے مرشد سے محبت اور پھر مرشد کی اپنے مرید سے محبت کے حوالے سے
سوچنے لگ گیا۔ شام کو جب وہ گھر پہنچا تو اس نے ماں سے کہا۔
”امی! صبح آپ نے میری بات کا جواب نہیں
دیا بلکہ الٹا مجھ ہی سے سوال کر کے مجھے الجھا دیا تھا۔۔آپ کے سوال سے مجھے کوئی
جواب نہیں بن پڑ رہا۔ آپ ماں ہیں۔۔۔ میری اچھی امی جان ۔۔۔ آپ ہی اس بات کا بہتر
جواب دے سکتی ہیں۔“
ماں نے اپنے بیٹے کی بات سنی تو وہ
مسکرا دی۔ اس کو اپنے بیٹے کی کھوجی طبیعت کا خوب اندازہ تھا۔ اس کو معلوم تھا کہ
وہ جس چیز کے پیچھے پڑ جاتا ہے اُس کو حاصل کئے بغیر نہیں رہ سکتا۔ پھر بھی اُس نے
ایک تجاہل عارفانہ سے کہا۔
”کون سا سوال؟ کیا پوچھا تھا تم نے؟“
”وہی کہ ماں کو خوش کرنے کے لئے اولاد
کو کیا کرنا چاہئے؟“
سوال دُہرا کر اس نے آنے والے جواب کو سمیٹنے کے لئے
ہمہ تن گوش ہوتے ہوئے ماں کے چہرے پر نظریں جما دیں۔ ماں کی آنکھوں میں چمک در آئی
تھی۔ اُس نے اسی طرح مسکراتے ہوئے کہا۔
”پگلے ہو تم تو۔۔ ماں کو راضی کرنا ،
ماں کو خوش کرنا بھلا کون سا کوئی مشکل کام ہے۔ ماں تو اپنے بچے کو دیکھ دیکھ کر
ہی خوش ہوتی رہتی ہے۔ وہ تو اپنے بچے کو دیکھ دیکھ کر ہی نہال ہوتی رہتی ہے۔ بچہ
مسکراتا ہے تو ماں کِھل اٹھتی ہے۔ بچہ کلکاری مار دے تو ماں واری صدقہ ہو جاتی ہے
۔ خوشی سے بے حال ہو جاتی ہے۔ اگر اولاد اپنی ماں کو خوش رکھنا چاہتی ہے تو اس کے
لئے اتنا ہی کافی ہے کہ وہ خود خوش رہے۔ کوئی ماں اپنے بچے کو دُکھی نہیں دیکھ
سکتی۔ ماں اپنےبچے کو پریشان دیکھتی ہے تو اُس کا دل کٹ کر رہ جاتا ہے۔ خدمت اور
فرمانبرداری کا اپنا ایک مقام ہے۔ لیکن جب اولاد اپنی ماں کی کوئی خدمت کرنے کے
قابل نہیں ہوتی تب بھی تو ماں اپنے بچے سے خوش ہوتی ہے ، خدمت کا خوشی سے وہ تعلق
نہیں ہے۔ جو سمجھا جاتا ہے یہ تو ضرورت کی باتیں ہیں۔“
اس نے کھلی ہوئی باچھوں کے ساتھ کہا۔
”یعنی بچہ خوش تے ماں خوش ، واہ امی آپ
نے تو میرا دل خوش کر دیا۔ اتنی سادہ سی بات مجھے کیوں سمجھ نہیں آرہی تھی۔“
”اس لیے کہ تم ماں نہیں ۔“
ماں نے اُس کو اپنی ممتا کے چھتنار
ہونے کا احساس دلانے کو کہہ دیا۔
ماں کی باتوں نے اُس کو اتنا ہلکا
پھلکا کر دیا کہ وہ گنگنا اٹھا ۔ وہاں سے اٹھ کر اپنے کمرے میں جاتے ہوئے اُس نے
سوچا تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ”بندہ خوش تے رب خوش“ یہ سوچ کر اس کو لگا کہ اب
زندگی بسر کرنا کچھ اتنا مشکل کام بھی نہیں۔ زندگی گزارنا اس کو یکدم ہی کچھ آسان
سا لگنے لگا۔ آج ماں نے مجھے زندگی کی راہ پر گامزن رہنے کے لئے زادِ راہ بھی تھما
دیا ہے۔ اس نے ممنونیت سے سوچا۔