Topics

تعلیمات قلندر باباؒ

 

اللہ تعالیٰ نے انسان کو جن خوبیوں اور صلاحیتوں سے نوازا ہے وہ خود اللہ کی صفات کا عکس ہے اس لیے ان کی نشونما اور مناسب استعمال کے لیے ہر قوم اور ہر خطہء ارض پر یکے بعد دیگرے انبیائے کرام ﷧ کو معبوث کیا جاتا رہا۔ انبیائے کرام کے سلسلے کا اختتام اس وقت ہو گیا جب اللہ کے محبوب رحمۃاللعالمین حضور ﷺ پر اللہ نے اپنے دین کی تکمیل فرمادی حضور ﷺ کے ہاتھوں دین مبین کی تکمیل کے بعد چونکہ مزید کسی نئے دین ، کسی تازہ نظامِ شریعت اور غور و فکر کے کسی نئے انداز کی ضرورت نہ رہی لہٰذا اللہ تعالیٰ نےنبی کریم ﷺ کی تعلیمات کو ایک نسل سے دوسری نسل تک۔۔۔ اور ایک دور سے دوسرے دور میں منتقل کرنا طے فرما دیا اور ہر دور میں ایسے سعید افراد فرمائے جنہوں نے حضور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات کے عکس کو دھندلانے سے روکنے میں اپنا کردار بھر پور اور مؤثر انداز میں ادا کیا۔ اللہ کے ان سعید بندوں نے ہر دور میں حضور ﷺ کی تعلیمات کا پرچم سر بلند رکھا اور بنی نوع انسانی کو اس طرف راغب کیا کہ وہ ان تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر نہ صرف اس مادی زندگی بلکہ حیات اُخروی کو بھی پُرسکون ، کامیاب اور کامران بنا لے۔

مسلمانوں نے جب بھی حضور ﷺ کی تعلیمات سے روگردانی کی ، قرآن حکیم کی آیات پر غور و فکر ترک کیا، تحقیق اور ریسرچ سے منہ موڑااور اجتماعی انداز نظر کو چھوڑ کر ذاتی اور انفرادی مفادات کا کھیل شروع کیا تو وہ علمی پسماندگی اور معاشی ابتری کے علاوہ فکری انتشار اور زبوں حالی کا شکار ہو گئے۔ ان کی وحدت و اتحاد کا شیرازہ بکھر گیا۔ وہ مفلوک الحال اور دوسری اقوام کے دست نگر بن گئے۔

صوفیائے کرام اور اولیائے عظام نے اس صورتِ حال کی اصلاح میں ہمیشہ اپنا کردار ادا کیا ہے۔ لیکن ایسا بھی ہوتا رہا کہ ان اصحابِ بصیرت نے نبی کریم ﷺ کے مشن کی ترویج و اشاعت کی جو بھی کوششیں کیں وہ مسلمانوں پر طاری جمود کے پیشِ نظر مجموعی طور پر کچھ مؤثر ثابت نہ ہو سکیں۔ مسلمانوں نے حقیقت شناسی میں بے اعتدالیوں ، عقیدتوں میں افراط و تفریط اور احکام خداوندی کی بجا آوری میں غلو کے ہاتھوں نقصان اُٹھائے۔ دوسری طرف غیر مسلم اقوام روحانی تقاضوں کو پسِپشت ڈالتے ہوئے مادی ترقی کے تعاقب میں اتنی دور نکل گئیں جہاں سے واپسی کی ہر راہ مادی ترقی کے سراب نے مسدودکر دی ہے ۔ مادیت کے عفریت نے انہیں اس طرح نگل لیا ہے کہ ان کی روحیں بلبلا اُٹھی ہیں۔ بے چینی اور اضطراب نے انہیں ایسی وحشتوں سے دو چار کر دیا ہے کہ وہ نسل انسانی کو ہی مٹا کر رکھ دینے کے درپے ہو گئے ہیں۔ ان کی ہر ایجاد فائدے کے ساتھ ایسے منفی اور مضر اثرات کی حامل ہے جس نے انسانی صحت اور سکون کو تہہ و بالا کر دیا ہے۔ قُدرت اور فطرت کے اصولوں کی نقالی کے باوجود وہ ان سے متصادم اور برعکس ہونے کے سبب ان ایجادات نے آج پوری دنیا کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کر دیا ہے۔

تاریخ انسان کے اس موڑ پر مادی ترقی کے عفریت کے شکار اور اس کے ادبار کے مارے ہوئے انسان کو نجات کے لئے جس روحانی انقلاب کی ضرورت تھی قدرت کے دستِ فیض رساں نے اس کے لیےحضور قلندر بابا اولیاء کا انتخاب کیا۔ صاحب ِ حق الیقین حضور قلندر بابا اولیا اللہ کے وہ سعید بندے ہیں جنہوں نے کائنات میں جاری و ساری تخلیقی فارمولوں اور تسخیری قوانین کو علمِ نبوت کے حوالے سے واضح کیا۔ اللہ تعالیٰ نے انسان کو اپنی تخلیقات کے پسِ پردہ کام کرنے والے نظام پر غور و فکر کر کے اُس کیکہنہ تک پہنچنے کی جو دعوت بار بار دی ہے حضور قلندر بابا اولیا نے اُن پر عمل پیرا ہو کر اللہ تعالیٰ کی صفات ، اس پر قائم نظام ِ تخلیق کے قوانین ، اصول و ضوابط اور اس کے انتظامی امور اور بندوبست کو نہایت آسان ، مؤثر اور زود و فہم انداز میں واضح کیا۔

انہوں نے آسمانی اور الہامی کتب میں مذکور روحانی علوم کا محض نظری اور فکری جائزہ ہی نہیں لیا بلکہ ان کی تشریح اس انداز میں فرمائی کہ ہرکس و ناکس کے لئے ان پر کاربند ہو کر ان کے فیوض اور برکات سے عملی طور پر بہرہ مند ہونا ممکن اور آسان ہوگیا۔ ان علوم سے بہرہ مند ہو کر تسخیر کائنات اور نیابت الٰہیہ کا جو فریضہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کے ذمہ واجب فرمایا ہے اس سے عہدہ برآہونا آسان اور سہل ہو گیا ہے۔

حضور قلندر بابا اولیا  حق اور یقین کے اعلیٰ ترین درجے پر فائز المرام وہ ہستی ہیں جنہوں نے وارث علمِ نبوت ہونے کا حق ادا کرتے ہوئے حضور ﷺ کے مشن میں انقلاب آفرین پیش رفت فرمائی اور ایک ہجومِ بندگان کو حق شناسی ، معرفت اور عرفان کی راہوں پر گامزن فرمایا۔

حضور قلندر بابا اولیا کی تعلیمات کا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ معاملہ چاہے تخلیقی فارمولوں اور تسخیری قوانین کا ہو یا عام دنیاوی معاملات کا ، اُن کو صحیح طور پر سمجھنے کے لیے لازم ہے کہ انسان ایک غیر جانبدارانہ طرزِ فکر اور اندازِ نظر رکھتا ہو۔ آپ ؒ کا ارشاد ہے کہ ہر شخص کو طرزِ فکر کے دو زاویے حاصل ہیں۔ ایک زاویہ بحیثیت اہلِ معاملہ اور

دوسرا غیر جانبدارانہ زاویہ۔ جب انسان غیر جانبدارانہ ہو کر تجسس کرتا ہے تو اُس پر حقائق منکشف ہو جاتے ہیں۔ بابا صاحب ؒ فرماتے ہیں تجسس کی یہ صلاحیت ہر ہر فرد کو ودیعت کی جاتی ہے تاکہ دنیا کا کوئی طبقہ معاملات کی درست تفہیم اور درست فیصلوں سے محروم نہ رہ جائے۔

جب انسان غیرجانبدار طرزِ فکر سے آراستہ ہو جاتا ہے تو اُس کی تلاش اور کھوج کے زاویے اور انداز بدل جاتے ہیں۔ وہ مفروضات کی بجائے اصل حقائق اور وقتی مصلحتوں اور انفرادی مفادات کی بجائے ابدی ، لافانی اور آفاقی سچائیوں سے واقف رہنا چاہتا ہے۔

قلندر بابا اولیا کی تعلیمات کا دوسرا بنیادی نکتہ یہ ہے کہ انسان اپنے اندر موجود اصل اور حقیقی انسان سے واقف اور مانوس ہو جائے۔ اُس انسان سے جس کانام انبیائے کرام کی زبان میں روح ہے۔ یہ روح ہی انسان کا وہ اصل جسم ہے جو انسان میں موجود خفتہ اور بیدار ، پنہاں اور آشکار صلاحیتوں کا مالک ہے۔ اُن تمام صلاحیتوں کے مجموعے کو ہم زندگی کے نام سے تعبیر کرتے ہیں۔

آپ ؒ کے ارشاد کے مطابق انسان کے مادی جسم کی مثال ایک لباس کی ہے۔ جس طرح لباس گوشت پوست کے جسم کو ڈھانپنے کے کام آتا ہے اسی طرح یہ گوشت پوست کا جسم اصل انسان یعنی روح کے مادی اظہار کا ذریعہ بنتا ہے۔ جب تک لباس جسم پر ہوتا ہے۔۔ جسم کی حرکات منتقل ہو کر اُس کو ملتی ہیں اور جب لباس جسم سے الگ ہو جاتا ہے تو اُس کی تمام حرکات ساقط ہو جاتی ہیں۔ اسی طرح جب تک ہم زندہ رہتے ہیں ہمارے اصلی یعنی روح کی حرکات ہمارے مادی جسم کے ذریعے واقع ہوتی ہیں۔ مرنے کے بعد ہمارے مادی جسم کی حیثیت ایک اترے ہوئے لباس کی رہ جاتی ہے۔ اصل انسان اُس میں موجود نہیں رہتا اور وہ اُس لباس کو چھوڑ کر کہیں چلا جاتا ہے۔

حضور بابا صاحب فرماتے ہیں ”جب مشاہدات اور تجربات نے یہ فیصلہ کر دیا کہ گوشت پوست کا جسم محض ایک لباس ہے ، اصل انسان نہیں تو یہ تلاش کرنا ضروری ہو جاتا ہے کہ اصل انسان کیا ہے؟ کہاں سے آتا ہے اور کہاں چلا جاتا ہے؟

ان امور سے واقف ہونے کے لیے ہمارا ذہن تجسس کرتا ہے۔ آپ ؒ کا فرمان ہے کہ تجسس ایک ایسی حرکت کا نام ہے جو پوری کائنات کا احاطہ کئے ہوئے ہے ۔ آپؒ نے یہ بات بھی وضاحت سے بیان فرمائی کہ انسانی شعور کی نگاہ کائنات کے ظاہر کو دیکھتی ہے اور انسانی لاشعور کی نگاہ باطن کو۔ بالفاظ دیگر انسان کا لاشعور اچھی طرح جانتا ہے کہ کائنات کے ہر ذرّے کی شکل و صورت ، حرکات اور باطنی کیفیات کیا ہیں لیکن وہ اِن تمام باتوں کو صرف اس لئے نہیں سمجھ سکتا کہ اُس کو اپنے لاشعور کا مطالعہ کرنا نہیں آتا۔لاشعور کی صلاحیتوں سے استفادہ اور اُن کے مطالعہ کا ذکر حضور قلندر بابا اولیا شخص علمی یا نظری مباحث کے طور پر ہی نہیں کرتے بلکہ اُس کے عملی پہلوؤں کو بھی سامنے لا کر اُس سے استفادے کے طریقے بھی تعلیم فرماتے ہیں۔

اِس ضمن میں اُن کا یہ فرمان خصوصی توجہ کا طالب ہے کہ جب انسان یہ چاہے کہ میرا ذہن لاشعور کی حدوں میں داخل ہو جائے تو اُس کو چاہیے کہ وہ ماحول کے ہجوم کی گرفت سے آزاد ہونے کی کوشش کرے۔ انسانی ذہن ماحول سے آزادی حاصل کر لینے کے بعد شعور کی دنیا سے ہٹ کر لاشعور کی دنیا میں داخل ہو جاتا ہے۔ آپؒ فرماتے ہیں کہ ذہن کے اس عمل کا نام استغنا ہے اور یہ استگنا اللہ تعالیٰ کی صفتِ صمدیت کا عکس ہے اس ہی عمل کو عرفِ عام میں انخلائے ذہنی کہتے ہیں۔ سلوک کی راہوں میں جتنے بھی اسباق پڑھائے جاتے ہیں اُن سب کا مقصد انسان کو خالی الذہن بنانا ہی ہوتا ہے۔ خالی الذہن ہونے کی مشق کے لئے آپؒ نے مراقبہ کے عمل کو بہت اہمیت دی ہے۔

مراقبہ انبیائے کرام کی طرزِ فکر اور اندازِنظر حاصل کرنے کا ایک اہم طریقہ بھی ہے۔ حضور ﷺ کی غارِ حرا کی سنت ۔۔مراقبہ کے احیاء اور اُس کی ترویج واشاعت کے لیے آپؒ نے مراقبہ ٹیکنالوجی کی عملی تعلیم کے لیے خانقاہی نظام کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے ، انفرادی طور پر مراقبہ کے علاوہ اجتماعی طور پر مراقبہ کرنے کا طریقہ رائج فرمایا تاکہ انبیاء کی طرزِ فکر کے حصول کے متلاشیوں کو سہولت رہے۔

انبیائے کرام کی طرزِ فکر کی وضاحت کرتے ہوئے قلندر بابا اولیاء ؒ فرماتے ہیں۔ جب انبیاء کسی چیز کے متعلق سوچتے تو وہ اُس چیز اور اپنے درمیان کوئی رشتہ براہ راست قائم نہیں کرتے تھے۔ اُن کی طرزِ فکر ہمیشہ یہ ہوتی کہ کائنات کی تمام چیزوں اور ہمارا مالک اللہ تعالیٰ ہے۔ کسی چیز کا ہم سے براہ راست کوئی رشتہ اور تعلق نہیں ہے بلکہ ہم سے ہر چیز کا رشتہاللہ تعالیٰ کی معرفت ہے۔ اس طرزِ فکر کے استحکام کے نتیجے میں جب وہ کسی چیز کی طرف مخاطب

ہوتے تھے تو اُس چیز کی طرف خیال جانے سے پیشتر اُن کا خیال پہلے اللہ تعالیٰ کی طرف جاتا تھا۔ انہیں کسی چیز کی طرف توجہ دینے سے پیشتر یہ احساس عادتاً ہوتا تھا کہ یہ چیز ہم سے براہ راست کوئی تعلق نہیں رکھتی۔ اس چیز کا اور ہمارا واسطہ محض اللہ تعالیٰ کی وجہ سے ہے۔

بلاشبہ اس طرز ِ فکر کی مشق حاصل ہونے کے بعد ہی کوئی شخص انبیاء کی پیروی ، اطاعت اور اتباع کا دعویٰ کرنے میں حق بجانب ہوگا۔ حضور قلندر بابا اولیا نے اس بات کو نہایت واضح انداز میں بیان کیا ہے کہ انبیاء اپنی تعلیم میں ہمیشہ اس بات پر زور دیا ہے کہ ذاتِ مطلق کو سمجھنے کی کوشش ضروری ہے۔ بغیر ذاتِ مطلق کے سمجھے اُس کے عمل کا سمجھنا ممکن نہیں ہے۔ فکرِ انسانی میں ایسی روشنی موجود ہے جو کسی ظاہر کے باطن اور کسی حضور کے گیب کا مشاہدہ کر سکتی ہے۔ باالفاظ دیگر ہم کسی چیز کے باطن کو دیکھ سکیں تو پھر اُس کے ظاہر کا پوشیدہ رہنا ممکن نہیں۔

انبیائے کرام اور مادی حکماء کے مابین اندازِ نظر کا جو فرق ہے اور اُس فرق کی وضاحت سے انبیاء کی طرزِ فکر کی اہمیت کس طرح سے واضح ہو جاتی ہے ، اس کے لیے حضور قلندر بابا اولیا کا یہ ارشاد محلِ نظر رہنا ضروری ہے کہ انبیاء باطن کو تلاش کرتے ہیں اور حکما خارج کے ذریعے اشیا کو سمجھنا چاہتے ہیں۔ آپ ؒ فرماتے ہیں۔ کسی حد تک حکما کی طرز تلاش غلط نہیں ہے لیکن اُن کی طرز میں ایک نقص ہے کہ وہ جن چیزوں کی علامتیں خارج میں نہیں دیکھتے اُن کو نظر انداز کردیتے ہیں۔ اس رویے سے کائنات کی ساخت میں جتنے مخفی حقائق ہیں وہ زیادہ تر انجانے رہ جاتے ہیں۔ جب کہ انبیاء علیہم السلام کے رویوں میں ایسا کوئی نقص نہیں ہے۔ وہ ذاتِ مطلق کی ذریعے امرِ مطلق کو تلاش کرتے ہیں۔ اس طرح اُن کی فکر ایسے اجزا کو پالیتی ہے جو مظاہر کے پابند نہیں ہیں ۔ انبیاء مظاہر کو نظر انداز نہیں کرتے تاہم وہ مظاہر کو اصل قرار دے کر صرف مظاہر کی روشنی میں گم نہیں ہو جاتے وہ مظاہر کو بھی اتنی ہی اہمیت دیتے ہیں جتنی مظاہر کی اصل کو ۔ انبیاء کی زبان میں مظاہر کی اصلوں کا نام صفاتِ الٰہی ہے۔ وہ اسی طرح یعنی صفات کے ذریعے ذاتِ مطلق تک رسائی حاصل کرتے ہیں۔ اس رسائی کے نتیجے میں اُن پر ذاتِ مطلق کی مصلحتیں منکشف ہو جاتی ہیں۔ پھر یہ اُن کے لئے ناممکن ہو جاتا ہے کہ وہ اُن مصلحتوں کو نظر انداز کر دیں یا اُن کو مقصدِ حیات نہ بنائیں۔

حضور قلندر بابا اولیاء کو اللہ تعالیٰ نے اس شرف سے بھی نوازا ہے کہ انہوں نے قرآن حکیم میں مذکور کائناتی فارمولوں ، تسخیری قوانین اور تخلیقی اصولوں کو موجودہ دور کے شعور کی سکت کی مناسبت سے بتصریح بیان فرمایا ہے۔ آپ ؒ نے اس امر سے پردہ اُٹھایا ہے کہ بیداری اور خواب کے حواس کی اصل ایک ہی ہے اور دونوں یکساں طور پر حقیقی ہیں ۔ آپؒ کا ارشاد ہے ۔ انسان کے ادراک وحواس میں جو کچھ ہے اللہ تعالیٰ نے اُس کو دو حصوں میں تقسیم کر دیا ہے۔

ایک حصہ وہ ہے جس کا تعلق رات کے حواس سے ہے اور دوسرا حصہ وہ ہے جس کا تعلق دن کے حواس سے ہے۔ اس ہی وجہ سے اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں لیل اور نہار کے الگ الگ الفاظ استعمال کئے ہیں۔ یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ رات کے حواس کو تاریکی ، غنودگی یا نیند کہہ کر غیر حقیقی تصور کیا جاتا ہے ۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے موجب اس تصور کی تردید ہو جاتی ہے اور یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے نزدیک رات اور دن کے حواس یکساں ٹھوس اور حقیقی ہیں۔ اگر ہم ذرا سا تجزیہ کریں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ دن کے حواس کو اجتماعی شہادت حاصل ہے اور رات کے حواس کو انفرادی۔

غلطیاں اجتماعی ہوں یا انفرادی اُن سے محفوظ رہنے کا طریقہ بھی حضور قلندر بابا اولیاء نے تعلیم فرماتے ہوئے بتایا کہ ہر انسان کو ایک ایسی کیفیت حاصل ہے جس کو وہ اپنی زبان میں ضمیر کے نام سے پہچانتا ہے۔ وہ ضمیر کی آواز سنتا ہے اور اُس کی رہنمائی میں نتیجہ اخذ کرتا ہے۔ فی الواقع یہ اللہ تعالیٰ کی آواز ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ کا بخشا ہوا نتیجہ ہوتا ہے۔ نتیجہ انسان کی ذات تک پہنچتا ہے تو نفس کی تنقید شروع ہو جاتی ہے اور یہ تنقید انسان کی نیت کو صحیح رکھتی ہے یا غلط کر دیتی ہے۔ جب تک انسان اندرونی آواز پر توجہ نہیں دیتا ، رہنمائی حاصل نہیں کر سکتا۔

اس کے ساتھ ساتھ فہم و ادراک کو محدود طرزوں سے نکالنے اور اُس میں وسعت اور گہرائی پیدا کرنے پر بھی حضور قلندر بابا اولیا نے بہت اصرار کیا ہے۔ آپؒ کا فرمان ہے کہ اگر ایک شخص کی دلچسپیاں اُس کے خاندان تک محدود ہیں تو اُس کی فہم صرف خاندان کی حدود میں ہی سوچ سکتی ہے۔ اُس کے تجربات اور مشاہدات بھی اسی مناسبت سے محدود ہوں گے۔ یوں کہیے کہ اُس نے اپنی فہم کو محدود کر لیا ہے۔ انسان کی آنکھ اور کان اُس کی اپنی فہم کی حدودوں میں دیکھتی اور سنتے ہیں۔ فہم کی حدوں سے باہر نہ دیکھ سکتے ہیں اور نہ سن سکتے ہیں۔ بظاہر تو یہ معلوم ہوتا ہے کہ وہ دنیا کے اطراف میں دیکھ رہے ہیں اور سُن بھی رہے ہیں لیکن اُس کی فہم کو اپنے خاندان سے باہر کسی چیز میں ذرہ بھر دلچسپی نہیں ہوتی۔ اُس کے شعور کا حال چند سالہ بچے جیسا ہوتا ہے ۔ ایک ایسے بچے کا جس کو آپ ریڈیو پر ساری

دنیا کی خبریں سنوا دیں مگر وہ نہ کچھ سمجھے گا اور نہ کچھ محسوس کرے گا۔ اگر کوئی شخص پچاس سال کی عمر میں صرف اپنے خاندان کی حدودمیں سوچتا ہے تو روحانیت کی رو سے اُس کی عمر چند سال سے زیادہ تصور نہیں کی جا سکتی۔ کسی ایسے انسان کا شعور جو محض اپنے انفرادی مفاد کو مدِ نظر رکھتا ہو، سو سال کی عمر میں بھی بلوغت کو نہیں پہنچتا۔ کائنات کی اسٹیج پر اُس کی وہی حالت ہوتی ہے جو ایک تین سال کے بچے کی کسی بین الاقوامی فورم میں ہو سکتی ہے۔

حضور قلندر بابا اولیا  فرماتے ہیں مذہب اس ہی وجہ سے لازمہ حیاتِ انسانی ہے۔ جس قوم کا ایمان کائنات کا اخلاص نہیں وہ قوم نہ تو کائناتی قدروں کا مشاہدہ کر سکتی اور نہ ہی اُس کی فہم کائناتی علوم تک پہنچ حاصل کر سکتی ہے۔ اس وضع کی قوم ہزاروں سال کی عمر پانے کے باوجود پالنے کا بچہ ہی رہے گی۔

آپؒ نے یہ وضاحت فرمائی کہ انسان کو ادراک کے دو زاویے حاصل ہیں ایک وہ جو انفرادیت یا افرادی مفادات تک محدود ہے اور دوسرا وہ جو انفرادیت کی حدود سے باہر ہے۔ جب ہم انفرادیت کے اندر رہتے ہوئے دیکھتے تو کائنات شریک نہیں ہوتی لیکن جب ہم انفرادیت سے باہر نکل کر دیکھتے ہیں تو کائنات شریک ہوتی ہے۔ جس زاویے میں کائنات شریک ہے اُس کے اندر ہم کائنات کی تمام اشیا کے ساتھ ساتھ اپنا ادراک بھی کرتے ہیں۔ انفرادیت ایک شخص ، ایک جماعت یا پوری قوم پر مشتمل ہو سکتی ہے ۔ آپؒ نے بتایا کہ انفرادیت کے زاویے کا سب سے بڑا نقص یہ ہے کہ یہ کسی نہ کسی مرحلے میں کائنات کی اور اشیاء سے منحرف ہو جاتی ہے ۔ اس زاویے میں نگاہ ہمیشہ غلط دیکھتی ہے۔ مثلاً کسی چیز کی جسامت ہوا میں کچھ اور نظر آتی ہے اور پانی میں کچھ اور۔ آپؒ فرماتے ہیں کہ یہ اختلافِ نظر زمان و مکاں کی پابندیوں کے سبب ہے۔ دیکھنے والا جب تک زمان و مکاں سے آزاد نہ ہو جائے کسی شے کی حقیقت کو نہیں پا سکتا۔

زمان و مکاں کیا ہیں؟ امرخلق کیا ہیں؟ زمانوں کی کتنی اقسام ہیں؟ حواس اطلاعات کو کس طرح موصول کر کے ادراک کو مہیا کرتے ہیں؟ تصورات و خیالات کہاں سے آتے ہیں؟ ذہن میں ادراک کس طرح تشکیل پاتا ہے؟ کائناتی نظام کن فار مولوں پہ اور کس طرح قائم ہے؟ اس طرح کے ہر سوال کا جواب حضور قلندر بابا اولیا نے اپنی معرکتہ الآرا کتاب ”لوح و قلم“ میں صراحت اور وضاحت کے ساتھ بیان فرما دیا ہے۔

اس کتاب میں آپ ؒ نے بیان فرمایا ہے کہ بیداری شعوری طرز ہے اور خواب لاشعوری طرز ۔ بیداری یعنی شعور میں رہتے ہوئے آدمی زمانیت کی گرفت میں ہوتا ہے لیکن خواب یا رات کے حواس یعنی لاشعور میں داخل ہونے کے بعد آدمی ٹائم اور سپیس کی جکڑ بندیوں سے آزاد ہو جاتا ہے۔

جب انسان محدود اندازِ نظر اور طرزِفکر سے باہر آجاتا ہے تو اُس کو وہ دولت ِ عرفان نصیب ہو جاتی ہے جس کی تلاش میں وہ عالمِ ارواح سے چل کر جنت کے راستے سے ہوتا ہوا اس عالمِ رنگ و بو میں اتارا گیا ہے۔ اسی دولت عرفان کے حصول کے لیے انبیاء علیہم السلام نے وہ انداز نظر تعلیم فرمایا جو خود اُن کو بارگاہ رب العزت نے اپنی رحمت سے عطا فرمایا تھا۔ یہی وہ طرز فکر ہے جس کو عام کرنے کی سعی میں انبیائے کرام نے اذیتیں برداشت کیں۔ کئی ایک نے تو اپنی جانوں کے نزرانے تک اس راہ میں پیش کئے۔

حضور قلندر بابا اولیا نے جہاں ایک طرف روحانی علوم کو سائنٹفک اندازاور جدید خطوط پر منضبط اور مدوّن کر کے نظری طور پر پیش کیا وہاں دوسری طرف آپ نے ان علوم کی عملی ترویج کے جو شاندار بے مثال اقدامات کئے اُن میں سرِ فہرست انبیاء کے علوم کی سوجھ بوجھ اور سمجھ پیدا کرنے ، اُن علوم کی درست تفہیم ور اُن پر کامیابی سے عمل پیرا ہونے کے لیے خانقاہی نظام کا احیاء کرنے کو سلسلہ عظیمیہ کی بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ اس سلسلہ کو چلانے ، لوگوں کی روحانی تربیت کرنے کے لیے ایک ایسا بندہ تیار کیا جس کی مثال یہ زمانہ شائد آئندہ کئی صدیوں تک پیش کرنے سے قاصر ہی رہے گا۔

الشیخ خواجہ شمس الدین عظیمی مدظلہٰ العالی وہ نابغہ روزگار ہستی ہیں جن کی تربیت کا اہتمام کرنے کو حضور قلندر بابا اولیاءؒ نے انہیں سولہ سال ، روز و شب لگا تار اپنی قربت سے نوازا اور اُن کو روحانی علوم کے اُس ورثے سے بہرہ مند کیا جو انبیاء کے علوم کا ترکہ ہے، اور پھر انہیں خانوادہ سلسلہ عظیمیہ مقرر فرمایا۔

بلا شبہ سعید وہ لوگ جنہوں نے انبیائے کرامؑ کے مشن کو اپنایا اور اُس کو اپنی زندگی کا منشا اور مقصد بنالیا۔ بے شک اللہ تعالیٰ نے اُن کے درجات بلند فرمائے ہیں۔

خدا رحمت کنداین عاشقانِ پاک طینت را۔