Topics
ہمارے روّیے ہماری طرز فکر سے جنم لیتے
ہیں۔۔۔۔ یا یوں کہہ لیجیئے کہ ہماری طرزِ فکر ہمارے روّیوں کی اصل بنیاد ہے۔ اگر
طرزِ فکر میں کوئی کمی یا خامی ہو تو اُس کا اظہار ہمارے روّیوں میں ہوتا ہے۔ اگر
ہم اپنے کسی روّیے کو درست کرنا چاہتے ہیں تو ہمیں اپنی طرزِ فکر میں مناسب تبدیلی
لانا ناگزیر ہوتا ہے۔
ہم جو کچھ کہتے ، سنتے یا کرتے ہیں وہ
سب کا سب ہمارے اُس ذہنی سانچے میں ڈھلا ہوتا ہے جو ہماری طرزِ فکر سے بنتا ہے۔ ہمارا
سونا ، جاگنا ، اُٹھنا ، بیٹھنا ، چلنا پھرنا ، لوگوں سے ملنا جلنا ، رہنا
سہنا۔۔سب ہماری سوچ اور طرزِ فکر کی عکاسی کرتے ہیں۔ انداز ِ نشست و برخاست ، نظم
و ضبط کی تربیت ہمیں مہذب ، شائستہ ، سلیقہ مند اور تمیز دار بناتی ہے اور اگر ان
باتوں پہ مناسب تو جہ نہ دی جائے تو ہم غیر مہذب ، ناشائستہ ، بے سلیقہ اور بد
تمیز کہلاتے ہیں۔
ہمارے روّیے درست ہوں تو ہمیں پسندیدگی
کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے ۔ ہمیں سراہا جاتا ہے۔ لیکن جب یہ روّیے درست نہ ہوں تو
لوگ ہمیں سراہنے کی بجائے ناپسندیدگی سے دیکھتے ہیں۔ اب یہ بات بھی ہمارا ایک رویہ
ہی تو ہے کہ ہم اس بارے میں کس قدر حساس ہیں ، اُس کا کتنا اثر لیتے ہیں یا بالکل
نہیں لیتے۔
عام طور پر لوگ اپنے ظاہری روّیوں کی
اصلاح اور درستی پر تو کچھ نہ کچھ توجہ دیتے ہیں لیکن اپنے باطنی رویّوں کی بابت
کم ہی توجہ دیتے حالانکہ ہمارے باطنی روّیے اور رجحانات ہی سارے ظاہری رویّوں کی
بنیاد ہوتے ہیں۔
اس کی ایک نہایت عام سی مثال غصہ کرنا
ہے ۔ ہم سب جانتے ہیں کہ غصہ کرنا اچھی بات نہیں ۔ ہمارا دین و مذہب بھی اس کی
ممانعت کرتا ہے ۔ قرآن حکیم میں تو اللہ تعالیٰ نے یہاں تک فرما دیا ہے کہ اللہ
غصہ کرنے والوں کو پسند نہیں کرتا بلکہ غصہ پی جانے اور معاف کرنے والوں کو پیار
کرتا ہے ۔ لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ ہم قرآن کو اپنے سینوں سے لگانے کے باوجود ،اللہ
تعالیٰ کے اُس حکم اور فرمان کی سرتابی کے مرتکب ہوتے رہتے ہیں۔ مزے کی بات تو یہ
ہے کہ ہر انسان غصہ کرتا ہے تو اپنے سے کمزور پر ۔ شوہر گھر آتا ہے تو بیوی بچوں
پر غصہ کرتا ہے ، باہر اپنے افسر یا باس کو پیٹھ پیچھے بُرا کہے گا لیکن اُس کے
سامنے بھیگی بلی بنا ، اُس کا غصہ سہتا رہے گا۔ اساتذہ بچوں پہ اتنا غصہ کریں گے
کہ بچے علم و تعلیم سے ہی نفرت کرنے لگ جاتے یں لیکن یہی اساتذہ پرنسپل اور ہیڈ
ماسٹر کے سامنے اپنے غصہ کرنے کے عمل کو درست ثابت کرنے کی توجیہات کا انبار اُس
کے سامنے رکھ دیں گے۔
جب کسی سے یہ کہا جاتا ہے کہ آپ کوغصہ
نہیں کرنا چاہیے تو اس کا پہلا جواب تو یہی ہوتا ہے کہ اُس نے مجھے غصہ دلا دیا
۔۔اُس کو ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا یا یہ کہا جاتا ہے کہ ہاں آپ درست کہتے ہیں۔
مجھے غصہ آگیا تھا۔ گویا ہمارے ذہنوں میں یہ بات کچھ اس طرح سے راسخ ہے کہ غصہ آنا
ایک فطری عمل ہے۔ اب یہ بات کوئی نہیں سوچتا کہ اگر یہ بھوک پیاس کی مانند کوئی
فطری عمل ہوتا تو اللہ تعالیٰ اس سے منع ہی کیوں فرماتا ؟ اگر اللہ نے اس سے منع
کیا ہے تو اس کی وجہ اس کے علاوہ اور کچھ نہیں کہ یہ کوئی فطری عمل ہی نہیں ہے
بلکہ درحقیقت یہ ایک ایسا جذبہ ہے جو انسان کی فطری صلاحیتوں کو دھندلا کر کے رکھ
دیتا ہے ، اُن کو گہنا دیتا ہے۔
اسی طرح گفتگو کے دوران کسی کی بات سننے
کے بعد اپنی بات کا آغاز ۔۔۔”جی نہیں“ ۔۔کے الفاظ سے کرنا ایسا روّیہ ہے جس کی طرف
شاذ و نادر ہی کسی نے توجہ کی ہو۔۔۔ وہ لوگ جو ”نہیں “ یا ”جی نہیں“ کو بطور تکیہ
کلام اپنائے ہوتے ہیں ، وہ دوسرے کی بات کو بلا سوچے سمجھے رد کر رہے ہوتے ہیں اس
کی وجوہات میں سے ایک وجہ یہ بھی ہوتی ہے کہ وہ خود کو دوسروں سے اتنا بڑا اور
برتر سمجھتے ہیں کہ کسی کی کہی ہوئی بات کو ماننا اُن کے لیے بہت دشوار ہوتا ہے۔
وہ ہر با ت کو اس لئے رد نہیں کرتے کہ وہ غلط ہوتی ہے بلکہ وہ اُس کو اس لئے رد کر
تے ہیں کہ اُن کے اندر تردید کرنے کی عادت پختہ ہو چکی ہوتی ہے ۔ اس رویے کا شکار
انسان اکثر اپنے شوقِ تردید میں درست اور صحیح باتوں کی بھی تردید کرتا چلا جاتا
ہے۔
ایک دوسرا روّیہ اس سے بھی عجیب سا ہے
۔ کسی کی بات سُن کر اپنی بات کا آغاز ۔۔۔ ”آپ درست کہہ رہے ہیں لیکن ۔۔۔“ یا ”جی
ہاں ۔۔ٹھیک ہے ۔۔۔لیکن۔۔۔“ کے الفاظ سے کیا جاتا ہے۔ یعنی ”لیکن“ کہہ کر پہلے
دوسرے کی پوری بات کو مشتبہ بناتے ہوئے اُس کی تردید کی جاتی ہے اور پھر اپنی بات
کہی جاتی ہے۔ اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ ”لیکن“ کہنے سے پہلے۔۔ ”آپ درست فرما رہے
ہیں “ کہنا کیوں ضروری سمجھا جاتا ہے ؟ اگر اخلاقاً ایسا کہا گیا اور وہ بات
درحقیقت درست نہ تھی تو کیا یہ جھوٹ نہ ہوا اور اگر واقعتاً درست تھی تو پھر اُس
میں ”لیکن “ کی اضافت کا کیا مفہوم ہوا؟
سوچتے سوچتے اُس کی ذہنی رو اس بات پر
مرکوز ہو گئی کہ ہمارے رویوں میں الجھاؤ اور پیچیدگی کیوں جنم لیتی اور پروان
چڑھتی ہے؟ اُس نے اس بات کو مختلف زاویوں سے سوچا۔ اُس کو اس کی مختلف وجوہات خیال
میں آتی رہیں۔ اُس نے اپنے ذہن میں ابھرنے والی ان مختلف توجیہات کا جائزہ لیا
لیکن کوئی بھی توجیہہ اور جواب اُس کو مطمئن نہ کر سکا ۔ جب اطمینان میں کمی واقع
ہونے لگتی ہے تو تلاش و جستجو کو مہمیز لگتی ہے اور انسان اس کھوج میں لگ جاتا ہے
کہ کسی طرح وہ اُس چیز کو حاص کر لے جو اُس کو طمانیت کا احساس دے سکے ۔ ذہن اور
روح کی بیشتر کاوشیں بنیادی طور پر طمانیت قلب ہی کے لیے تو ہوتی ہیں۔
ذہن کی تمام ترنگ ودو کا ایک ہی مقصد و
مدعا ہوتا ہے کہ چین نصیب ہو جائے ۔ کچھ لوگ چین کی بانسری بجانے کے لئے مادی
وسائل کا سہارا لیتے اور کچھ مادی وسائل سے صرف کرتے ہوئے غیر مادی وسائل پہ تکیہ
کئے رہتے ہیں۔ جب کہ کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جو مادی اور غیر مادی دونوں ہی قسم
کے وسائل سے بھر پور استفادہ کرتے ہیں۔ مقصد ہر ایک کا ایک ہی ہوتا ہے کہ کسی صورت
اطمینان اور چین ملے۔
مادی وسائل اپنی کوتاہ عمری کے سبب غیر
قیام پذیر اور بے ثبات ہونے کے باعث جو سہولتیں مہیا کرتے ہیں وہ سہولتیں بھی بے
ثبات اور غیر قیام پذیر ہوتی ہیں اور اس ہی لئے اُس سے حاصل ہونے والا اطمینان اور
چین بھی بے ثبات اور نا پائیدار ہی ثابت ہوتا ہے ۔ اس ہی لئے حقیقت شناس لوگ اُن
جہتوں کی طرف متوجہ کرتے ہیں جو لافانی اور ابدی ہونے کے سبب ایک مستحکم اور
پائیدار اطمینان ، سکون اور چین کی ضمانت دیتے ہیں۔
مذاہب عالم کی گناہ اور ثواب کے ضمن
میں تعلیمات کا سرسری سا جائزہ بھی اس امر کی تصدیق کرتا ہے کہ طمانیت قلب کی ان
دو حالتوں کو ہی گناہ اور ثواب کے الفاظ سے واضح کیا جاتا ہے۔ جب اطمینان وقتی اور
لمحاتی ہو تو وہ روح کی تشنگی کو اور بھڑ کاتا اور طلب ِ طمانیت میں مزید اضافہ
کرتا ہے ۔ پھر یہ ایک ایسا چکر بن جاتا ہے جس سے باہر نکلنا ہر کس و ناکس کے بس کی
بات نہیں ہوتی۔
لاشعوری طور پر ہر فرد اس بات سے واقف
اور آگاہ ہوتا ہے کہ وہ کس قسم کے اطمینان سے دو چار ہے ۔ فانی یا لا فانی ،
لمحاتی یا ابدی ، غیر مستحکم اور ناپائیدار یا قیام پذیر اور پائیدار ۔۔ اُس کا
شعور اس فرق کو محسوس کرتا ہے یا نہیں ، یہ بات فرد کا اپنا معاملہ ہے کہ وہ اپنے
شعور کی تربیت میں اس بات کا کتنا اہتمام کرتا ہے کہ وہ اس فرق کو جان لے اور اُس
کو ہمہ وقت ملحوظ خاطر بھی رکھے۔
لاشعور بہرحال اس بات کو ضمیر کے ذریعے
انسانی شعور میں داخل کرنے میں مصروف رہتا ہے کہ وہ اطمینان اور چین کے لئے جو راہ
انتخاب کرنے جارہا ہے وہ قیام پذیر ہے بھی یا نہیں؟ جب شعور اپنے اندر اس بات کا
ادراک کر لیتا ہے کہ وہ ایک ایسا سودا کر رہا ہے جس کا اجرو ماحاصل پائیدار نہیں
ہے تو وہ فرسٹریشن کا شکار ہو جاتا ہے۔
اب بجائے اس کے کہ وہ اپنی غلطی کی
اصلاح کی طرف متوجہ ہو ، اپنی راہ کو درست کرے ، وہ غلطی کا اعادہ کرنے لگ جاتا
ہے۔ اب ایک ایسے فساد کا آغاز ہوتا ہے جو قلب و نظر کو ہی نہیں ذہن و جسم کو بھی
مبتلائے غم کرتا چلا جاتا ہے۔ گناہ کے اثرات فرد کے اندر سے ابھر کر اُس کے چہرے
پر نمودار ہوتے ہیں۔ اُس کے جسم و جاں کو اپنی گرفت میں لیتے ہیں اور پھر ایک فرد
کی تکلیف کی لہریں ، چھوت کی بیماری کی طرح پورے معاشرے میں نفوذ کرتی چلی جاتی
ہیں۔
اسی طرح اگر شعور یہ جان لیتا ہے کہ جس
کام کو وہ کر رہا ہے ، اُس کا اجر و مال پائیدار اور قائم رہنے والا ہے تو خوشی
اور مسرت کی لہریں اُس کے اندر سے ابھرتی ، اُس کے چہرے بشرے سے منعکس ہوتی ، اُس
فرد کے اردگرد پھیلتی چلی جاتی ہیں۔
اسلام میں اصل راہ کی طرف مراجعت اور
واپس پلٹ آنے کے عمل کا اصطلاحی نام توبہ ہے۔ اس کا عام طور پر یہی مفہوم لیا جاتا
ہے کہ آئندہ ایسی غلطی نہیں ہوگی۔ لیکن کیا یہ مفہوم توبہ کی اصل روح سے کوئی
مناسبت بھی رکھتا ہے یا نہیں؟ کیونکہ کہا جاتا ہے کہ توبہ کرنے سے انسان پاک و صاف
ہو جاتا ہے ۔ یعنی اُس کے گناہ کے اثرات مٹ جاتے ہیں ۔ اب اگر اس مفہوم کو درست
مان لیا جائے کہ میں یہ غلطی آئندہ نہیں کروں تو اس سے کی گئی غلطی یا گناہ کے
مٹنے کا کون سا قرینہ نکلتا ہے؟اس خیال پہ آ کر اس کے ذہن نے یہ طے کیا کہ توبہ کے
اصل مفہوم کا کھوج لگانا چاہیے ۔ وہ تو بہ کے اصل مفہوم کی کھوج میں چل پڑا۔
اُس کو سب سے پہلی کی جانے والی توبہ
کا خیال آیا۔ حضرت آدمؑ سے غلطی ہوئی۔ اُس ارتکابِ گناہ سے اُن
کے اندر خوشی
اور اطمینان کا پائیدار اور مستحکم پیٹرن بگڑ گیا۔ جب خوشی اور اطمینان کا پیٹرن
بگڑا تو خوشی غم میں اور اطمینان خوف میں ڈھل گیا۔ طمانیت کی جگہ بے سکونی چھا گئی
۔ جب جنت نے اُن کو بے سکونی ، خوف اور غم کی لہریں نشر کرتے دیکھا تو جنت کے
ماحول نے انہیں رد کر دیا ۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے سیکھے ہوئے کلمات کی مدد سے
توبہ کی۔
حضرت آدمؑ کا شجر ممنوعہ کے قریب جانا
، خود کو ننگا محسوس کرنا ، اللہ کا اُن سے باز پرس کرنا ، اُن کا اپنی غلطی تسلیم
کرنا ، اُن کا توبہ کرنا ۔۔۔ یہ سب باتیں تقریباً ہر مذہب کے ماننے والے جانتے ہیں
اور اُن سے اپنے اپنے مزاج اور مصلحتوں کے مطابق مفہوم اخذ کرتے ہیں ۔ توبہ کا
تصور بھی ہر مذہب میں ملتاہے۔
وہ اس بات پہ غور کرنے لگا کہ توبہ
کرنے سے جو کیفیت اصل میں پیدا ہونی چاہیے ، وہ کیا ہے؟ اپنے بچپن ، لڑکپن اور
جوانی میں خود اُس سے جب بھی کوئی غلطی ہوتی تو اُس کی ماں اُس سے یہی کہتی کہ
توبہ کرو۔ اُس وقت اُس کے ذہن میں یہی ہوتا کہ جو ہوا سو ہوا، اب آئندہ وہ اُس کام
کو نہیں کرے گا۔
اس نے بہت غور سے اس بات کو سمجھنے کی
کوشش کی کہ توبہ کا میکانزم کیا ہے؟ اُس کے سبب کئے ہوئے غلط کام کیسے مٹ جاتے
ہیں۔ اب اگر کوئی کسی کے گھر کو آگ لگا دے اور کہے کہ میری توبہ ۔ تو اس سے آگ میں
جل مرنے والوں اور اشیائے سوختہ سے ہونے والے نقصان اور پچھتاوے کا کیسے اور کیوں
کر خاتمہ ہو سکتا ہے ؟ وہ کسی نتیجے پر نہیں پہنچ پا رہا تھا۔ اُس کے خلفشار میں
اضافہ ہونے سے اُس کے چہرے پر فکر و تردد کی لکیریں بنتی بگڑتی رہیں۔
وہ انہی سوچوں میں کھویا ہوا تھا کہ اُس کی بیوی
نے اُس سے پوچھا۔” کیا بات ہے؟ آپ کچھ الجھے ہوئے سے ہیں۔“ اُس نے بغیر تمہید کے
کہا ۔” میں سوچ رہا ہوں کہ اگر میں توبہ کروں تو مجھے یہ کیسے معلوم ہوگا کہ میری
توبہ قبول ہوئی کہ نہیں؟“
اُس کی بیوی نے پہلے تو کچھ دیر اُس کو
جانچا کہ وہ ایسا کیوں سوچ رہا ہے؟ اُس کے شوہر سے آخر ایسا کیا گناہ ہو گیا ہے جس
سے توبہ کرنے کی بات وہ سوچ رہا ہے؟ اپنی معلومات کی روشنی میں جب وہ اپنے شوہر کے
کسی ایسے گناہ کی نشاندہی نہ کر سکی جو اُس سے ماضی قریب میں سرزد ہوا ہو تو اُس
نے اندازہ لگایا کہ یہ ضروری کوئی ”شوہرانہ“ غلطی رہی ہوگی تبھی تو وہ اُس کے علم
میں نہیں اور اُس کا اعتراف وہ اپنے خاوند کو توبہ پر مزید مائل کر کے ہی سُن سکے
گی۔
اس سوچ کے تحت
اُس نے کہا۔
”توبہ کرنے سے اگر سکون اور اطمینان کا
احساس ہو جائے تو مان لینا چاہیے کہ توبہ قبول ہو گئی ہے اور مزید یہ کہ اُس غلطی
کا اعادہ نہیں ہونا چاہیے ۔یعنی توبہ کرنے کے بعد دوبارہ اُس کام کو کرنے کا خیال
تک بھی نہیں آنا چاہیے ۔ لیکن میں بھی تو سنوں کہ آپ یہ سب کیوں سوچ رہے ہیں؟“
اُس نے بیوی کے سوال کو نظر انداز کرتے
ہوئے کہا کہ یہی بات تو میں سمجھنے کی کوشش کر رہا ہوں کہ توبہ کرنے سے اطمینان
اور سکون کیوں حاصل ہوتا ہے؟ یہ ایک علمی مسئلہ ہے۔
اس پر اُس کی بیوی نے اپنی توقع کے غلط
ہونے کے صدمے اور شوہر کے پاک صاف ہونے کی خوشی کو چھپاتے ہوئے عجیب سے لہجے میں
کہا۔
” بس اتنی سی بات ہے۔ بھئی جب بندہ
توبہ کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اُس بندے کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں اور جب اللہ
تعالیٰ کسی بندے کی طرف متوجہ ہو جاتے ہیں تو اُس بندے کو اطمینان اور سکون نہیں
ملے گا تو اور کیا ہوگا؟“
اس نے روایتی سے جواب کو سُنا اور اُس
کے اندر اترتا چلا گیا۔ اچانک اُس کو ایک بات سمجھ آگئی۔ اُس نے حیرت آمیز مسرت سے
کہا۔
”ارے نہیں بھئی ۔ مجھے تو یہ سمجھ آئی
ہے کہ جب بندہ توبہ کرتا ہے تو وہ دراصل اللہ کی موجودگی کا اقرار کرتا ہے ۔ اللہ
تو ہمہ وقت مخلوق کی طرف متوجہ رہتا ہے ۔ اللہ کو متوجہ ہونا نہیں پڑتا۔ دراصل تو
بہ کا میکانزم کچھ یوں بنتا ہے کہ توبہ کرنے سے بندے کے اندر وہ نظر متحرک ہو جاتی
ہے، جس کی مدد سے وہ اللہ کی اپنی جانب نگران اور نگہبان ہونے سے باخبر ہو جاتا
ہے۔ اس بات کا شعور حاصل ہونے ، اس بات کا ادراک ہونے اور اس بات کا مشاہدہ ہونے
سے کہ اللہ اُس کا نگران اور نگہبان ہے وہ گناہ کر ہی نہیں سکتا۔ یہ بات وہ بزرگ و
برتر ذات اُس کی طرف متوجہ اور نگہبان ہے اُس کے اندر کیف و سرور بھر دیتی ہے اور
اُس کے رگ و پے میں بالکل ویسا ہی اطمینان دور کرنے لگتا ہے جو ایک بچے میں اُس
وقت موجزن ہوتا ہے جب اُس کی ماں اُس کی طرف متوجہ اور اُس کی ہر ہر حرکت سے محظوظ
ہو رہی ہو۔ اس سے بچے کو یہ اطمینان بھی ہو جاتا ہے کہ ماں اُس کو غلطی کرنے ہی
نہیں دے گی۔ لہذا یہ اطمینان کا دوسرا پہلو ہوا۔
اسی لیے تو
کہا جاتا ہے کہ توبہ گناہ کو کھا جاتی ہے۔“
”چلیں اچھا ہے کہ آپ کا مسئلہ حل ہوا
میں تو سمجھی تھی کہ نہ جانے کیا مسئلہ ہے جو آپ اتنے پریشان ہو رہے تھے۔“ اُس کی
بیوی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا۔
بیوی کی بات سُن کر اس توقع پر ایک چوٹ
سی پڑی کہ وہ اُس کی خوشی کو محسوس کر کے خوش ہوگی جو اپنے افکار میں ایک نئی بات
سوجھنے پر اُس نے محسوس کی تھی اور اُس وقت وہ اُس مسرور کن کیفیت کا مزہ خراب
نہیں کرنا چاہ رہا تھا اس لئے نظر انداز کر دیاجائے۔ اُس خوشی کو اپنے اندر سمیٹتے
ہوئے ، اُس کا دھیان دوبارہ انسانی روّیوں کی طرف مبذول ہو گیا۔
اُس نے سوچا کہ یہ دیکھنا چاہیے کہ
دنیا کی سب سے عظیم کتاب قرآن ِ مجید فرقان ِ حمید میں انسانی روّیوں کی بابت کن
کن حقائق کو واشگاف کیا گیا ہے۔ اس تلاش کے جذبے اور خیال سے تلاوتِ کلام پاک کے
دوران متوجہ رہنے لگا۔ ایک روز تلاوت کرتے کرتے وہ لفظ”مومن“ کے مفہوم پر غور کرنے
لگ گیا۔ مومن لفظ ”امن“ سے مشتق ہے تو اس کا اصل مفہوم تو امن میں رہنے والا یا
امن سے رہنا والا ہونا چاہیے ۔ اس کا ترجمہ ، صاحب ِ ایمان ، ایمان رکھنے والے کیا
جاتا ہے اس بات کو آپس میں کیا نسبت ہو سکتی ہے؟
رخشِ خیال آگہی اور سمجھ کی تلاش میں
سر پٹ دوڑنے لگا۔ اس نے سوچا ۔ قرآن میں انسانوں کے تین گروہوں کا تذکرہ خصوصی طور
پر توجہ چاہتا ہے ۔ کافر اور مشرک ، منافق اور ریا کار اور مومن اور متقی۔
کافر اور مشرک وہ لوگ ہیں جو بات سُن
کر اُس کو ماننے کی بجائے اپنی مصلحتوں یا ہٹ دھرمی کے باعث سیدھے سیدھے رد کر
دیتے ہیں۔ اُن کا کسی حقیقت کو رد کرنا کفر ہوا۔ حقیقت کو رد کرنے کے ساتھ ساتھ
بتائی گئی بات میں اضافہ یا کتربیونت کر کے ، اپنی طرف سے کوئی غیر حقیقی بات شامل
کرنے والے لوگوں کو مشرک کہا گیا ہے۔
جب کہ بات سُن کر تسلیم کرنے والے لیکن
اُس پر عمل پیرا نہ ہونے والے لوگوں کو منافق کہا گیا ہے۔ بات اگر محض دکھاوے کے
لئے تسلیم کی گئی ہو یا اُس پہ محض دکھاوے کے عمل ہو یعنی عمل میں صدق نیت اور
خلوص شامل نہ ہو تو ایسے لوگوں کو قرآن ریا کار کہتا ہے۔
وہ یہ سوچ کر خوش ہو ہی رہا تھا کہ اُس
نے ایک واضح اور دو ٹوک بات سمجھ لی ہے کہ اُس کے ذہن میں اپنے مراد کا کہا
ہواجملہبازگشت کرتا چلا گیا ۔۔” تو پھر اس سے ہوا کیا؟“
وہ ایک مخمصے میں پڑ گیا۔ اُس کو اُس
وقت اس بات کا اپنے اندر گونجنا سمجھ نہیں آرہا تھا۔ اس سے کیا ہونا چاہیے تھا۔ جب
بات سمجھ میں آجائے تو کیا ہونا چاہیے ؟ ابھی وہ اس کا جواب تلاش کر کے اُس کو
مفہوم اور الفاظ کے قالب میں ڈھالنے کی تگ و دو کر ہی رہا تھا کہ اچانک ایک خیال
کوڑے کی مانند لہراتا ہوا اُس کے شعور پر چوٹ لگا گیا ۔ اُس نے خود سے مخاطب ہو کر
پوچھا۔
”تم خود کو کس کیٹگری میں دیکھتے ہو؟“
اپنے خیال کی اس چوٹ سے اُس کا ذہن
جھنجھنا اُٹھا۔ اپنی تہی دامنی اور احساسِ زیاں پہ وہ بلبلا ہی تو اُٹھا۔ اُس نے
خود میں اتنی ہمت بھی نہ پائی کہ وہ خود سے آنکھیں چار کر سکتا ۔ وہ خو دکو مومن
کہتا تو کس منہ سے؟ اُس میں انکار اور رد کرنے کے لئے درکار ہمت اور جرات کا بھی
فقدان تھا۔ وہ تو محض دکھاوا ہی دکھاوا تھا۔ بات ماننے کا دکھاوا ۔ بات سمجھنے کا
دکھاوا ۔ بات پہ عمل کا دکھاوا۔
اگر وہ اپنی بدنصیبی پہ رو دیتا تو یہ
محض ایک دکھاوا ہی ہوتا اس لئے وہ رو بھی نہ سکا۔