Topics
اپنے مرشد حضور بابا جی سے مل کر انے
کے بعد وہ غیر محسوس طور پر تصوف اور صوفیانہ افکار کی طرف متوجہ رہنے لگا۔ اُس کو
ایسے اشعار جن میں دنیا کی بے ثباتی ، قرب الٰہی ۔۔عرفانِ خداوندی اور وجدانی
کیفیات کو نظم کیا گیا ہوتا وہ کچھ زیادہ ہی بھانے لگے تھے۔ صوفیانہ شاعری پر اس
کے اعتراضات کی تیز دھار کند سی ہو چکی تھی۔ وہ تصوف کو رہبانیت اور فراڈ سمجھا
کرتا تھا۔ پیروں فقیروں کی بابت اس کے نظریات میں بے رحمی کی حد تک کاٹ محسوس ہوا
کرتی تھی وہ ان کو ڈھکوسلہ ، دولت کمانے کے ہتھکنڈے ، لوگوں پہ حکم رانی کی خواہش
کو پورا کرنے اور مریدوں سے ناجائز احکامات کی تعمیل کروانے کے فن سے آشنا لوگ
قرار دینے سے کم ہی ہچکچاتا تھا۔ ایسا کم ہی ہوتا تھا کہ اس موضوع پر بات کرتے وہ
پیر ہندی کا نعرہ بلند نہ کرتا اور اقبال کا یہ شعر نہ دہراتا۔
؎ ہے
تیرا گھر تو بجلی کے چراغوں سے روشن
اور مجھ کو
میسر نہیں مٹی کا دیا بھی
لیکن اب اگر کبھی کوئی دوست پیروں
فقیروں کی بابت کوئی تیز و تند تبصرہ کرتا تو وہ اس کا ساتھ نہ دے پاتا۔ پیروں
فقیروں کا تذکرہ ہوتا تو اس کے ذہن میں ایک من موہنی صورت ابھرتی۔۔حکمت و دانائی
کی چمک لیے ۔۔بے نیازی اور استغنا سے جڑی گہری مسکان سے سجی تصویر۔۔اُس کو اُن کے
قرب کی یاد دلاتی اور وہ بھج کر رہ جاتا۔ کبھی وہ سوچتا کہ پیروں فقیروں
کی بابت اس کے پہلے خیالات غلط تھے۔ یا وہ اب غلط ہو رہا ہے۔ کبھی وہ خود کو مطمئن
کرنے کی خاطر یہ دلیل دیتا کہ اُس کے غلط تصورات تو غلط قسم کے لوگوں کی بابت تھے
اچھے لوگوں کی بابت اسکو برے خیالات نہیں رکھنے چاہیئں۔
ایک روز کچھ ایسی ہی باتوں کے دوران اس
نے کہا کہ آج کل تو اکثر لوگوں نے اچھے اور کامل لوگوں کی بنائی ہوئی شہرت کو
بیچنا شروع کیا ہوا ہے۔ اچھے لوگوں کی Good will کی آڑ لے کر سادہ لوح عوام کو بے وقوف بنانے والوں نے پیری فقیری
کو ایک فن اور کاروبار بنا دیا ہے۔ ورنہ تو یہ ایک مشن ہے۔ لوگوں کو عرفان اور
آگہی سے مالا مال کر دینے کا مشن۔ اس مشن کو پورا کرنے اور لوگوں سے اپنے ہاتھ
چومنے کی خواہش رکھنے کی بجائے لوگوں کا ہاتھ
تھام کر انہیں
راہ پر گامزن کر دینے والے ہوا کرتے ہیں۔ وہ مریدوں سے نذرانے لینے کے بجائے انہیں
علم و دانش کے موتیوں سے مالا مال کرتے ہیں۔ ایسے لوگ تو اپنی اس ذمہ داری کو
نبھانے میں روز و شب منہک رہتے ہیں جو انہوں نے اپنی روحانی اولاد کی تربیت کی صورت
قبول کی ہوتی ہے۔ وہ مریدین کو ان کی تربیت کی خاطر اپنے قریب کرتے ہیں۔ نہ کہ اُن
سے اپنے پیر دبوانے کو۔ وہ تو ایک باپ کی طرح اپنی اولاد کی ضرورتوں کو پورا کرتے
اور ان کو اپنے مسائل سے خود عہدہ برآ ہونا سکھاتے ہیں۔ ان کے سکھائے اور سدھائے
ہوئے شاگرد تو تمام زندگی یہ بات ثابت کرتے رہتے ہیں کہ اُن کے استاد نے ان کی
تربیت میں کوئی کمی نہیں رہنے دی۔
اس کے دوستوں نے اُس کی اس کایا کلپ پر
حیرت کا اظہار کیا بلکہ ایک صاحب نے کہا اب تم کہو گے کہ تصوف بھی وہ کچھ نہیں ہے
جیسا کہ ہم اور آپ سمجھتے رہتے ہیں۔ اس نے لہجے میں چھپے طنز کو نظر انداز کرتے
ہوئے کہنا شروع کیا۔
”حقیقت تو کچھ ایسی ہی ہے ۔ تم سننا
چاہو تو میں عرض کیے دیتا ہوں۔ “اور جب دوستوں نے دلچسپی کا اظہار کیا تو اس نے
بتایا کہ تصوف کا لفظ صوف سے مشتق ہے۔ اکثر لوگ اس کا مطلب کچھ اور لیتے ہوئے کہتے
ہیں کہ صوفی سے مراد وہ شخص ہے جو اون کے موٹے کپڑے پہنتا ہے ۔ چہرے پر شرعی داڑھی
سے مختلف داڑھی رکھتا ہے۔ جبکہ کچھ لوگ یہ بتاتے ہیں کہ ا س لفظ کا تعلق صفہ سے
جڑتا ہے اور اصحاب صفہ وہ غریب نادار اور لاچار لوگ ہوا کرتے تھے۔ جو دور ِ رسالت
میں مسجد نبوی ﷺ کے قریب ایک چبوترے پر پڑے رہا کرتے تھے۔ اس بات سے قطع نظر کہ
تصوف کو کوئی علاقہ اصحاب صفہ سے ہے یا نہیں اصحاب صفہ کو غریب نادار اور لاچار
اور کسمپرسی کی زندگی کے حوالے سے یاد کیا جانا بہت ہی غلط بات ہے۔
اصحاب صفہ تو وہ جلیل القدر صحابہ کرام
تھے جنہوں نے حضور نبی کریم ﷺ سے براہ راست حصول علم کے لیے ان کی قربت ،صحبت
اور معیت کی خاطر صفہ میں قیام کیا۔ حصول علم کی لگن اور حضور نبی کریم ﷺ کی صورت
و سیرت میں وہ اتنے مگن رہتے کہ انہیں نہ کھانے پینے کا ہوش رہتا تھا اور نہ پہننے
سنورنے کا۔ ان کی لگن اور جستجو کو مثالی بنانے کی بجائے ہم نے ان کی کسمپرسی ،
ناداری اور بھوک اور پیاس کے قصے سُنا سُنا کر ان کے تربیتی مراحل کو نظر انداز
کیا ہوا ہے۔ ان باتوں کو سن کر اور ان پر بلا سوچے سمجھے یقین کر لینے والے نہ
جانے کس قسم کی تبلیغ اور رشد و ہدایت کے مقاصد کو پورا کر رہے ہیں۔ بہرحال ان دونوں
باتوں سے قطع نظر ایک تیسری بات یہ ہے کہ صوف کا لفظ لاطینی اور یونانی زبانوں میں
حکمت اور دانائی کے لئے استعمال ہوتا تھا۔ نہایت ذہین اور فطین لوگوں کوSophist یعنی صوفی کہا جاتا تھا۔ مکالاتِ افلاطون
میں سقراط کی بابت یہی لفظ استعمال کیا گیا ہے۔
دلچسپ بات تو یہ ہے کہ فلسفہ جس کو
انگریزی میں فلاسفیPhilosophy کہا
جاتا ہے۔ اسی لفظ سے مرکب و مشتق ہے جو کہ قدیم فرانسیسی لاطینی اوریونانی زبانوں
میں علم دوستی اور حبِ دانائی کے لئے مستعمل رہا ہے۔ جب اسلام پھیلا اور مسلمان
علماء نے یونانی اور لاطینی علوم کو عربی میں منتقل کیا تو حکمت اور دانائی کی
باتیں کرنے والوں کو صوفی کہا جانے لگا۔ امتدادِ زمانہ نے اس معنی خیزی کا جو حشر
کیا ہے وہ آپ کے سامنے ہے۔
ہمارے یہاں صوفی کا مفہوم بے خبری ، لا
علمی اور داڑھی سے جوڑ کر اس کو جس قدر رسوا کیا گیا ہے ۔ اسے دیکھ کر تو یوں لگتا
ہے کہ یہ کوئی سوچی سمجھی سازش ہے کہ غورو فکر کرنے اور حکمت اور دانائی کی باتیں
کرنے والوں کوMisfits دیوانے
اور مجذوب کہہ کر ان کی تحقیر کی جائے اور ظاہری شباہتوں یا مماثلتوں کی مضحکہ خیز
صورتوں کو صوفی کہہ کر ذہنوں میں موجود عالی شان مفاہیم کی صورت ہی مسخ کر دی
جائے۔
یہ بات بہت ہی غور طلب ہے کہ ہم سُنی
ہوئی ، پڑھی جانے والی یا کہی بات پہ غور ہی کتنا کرتے ہیں۔ بلا سوچے سمجھے بولتے
ہیں اور بلا غورو فکر سنتے ہیں اور پڑھتے ہوئے تو اپنی تمام تر سوچ ذہنی صلاحیتوں
کو مصنفین اور صحافیوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیتے ہیں۔ جس نے جو کچھ لکھ دیا ۔ اس
کو ہم اپنا علم مان لیتے ہیں اور بڑے فخر سے بتاتے ہیں کہ ہم نے یہ پڑھا ہے ۔ ہم
نے وہ پڑھا ہے۔ خود غور نہیں کرتے کہ ہم نے کیا سُنا یا کیا پڑھا ہے۔ نہ لکھنے
والے سوچ اور تفکر کے تقاضے پورا کرنے کی زحمت کرتے ہیں نہ پڑھنے والوں کو اس سے
کوئی علاقہ ۔۔جو چند ایک لوگ کبھی کبھار پتے کی کوئی بات کہہ دیں تو ضمنی اور
فروعی باتوں کے خاردار میدانوں میں گھسیٹ گھسیٹ کر ان کا ناطقہ بند کرنے کی پوری
کوشش کی جاتی ہے۔
لگتا ہے تم پر بابا جی کا کچھ زیادہ ہی
رنگ چڑھ رہا ہے ۔ اس کے ایک دوست نے اس کو چھیڑتے ہوئے کہا۔ تُم اُن سے کچھ زیادہ
ہی مرعوب ہو گئے ہو۔
اُس نے اپنے دوست کی اس بات کا جائزہ
لیا اور کہا تم ٹھیک کہتے ہو لیکن تم نے یہ غور نہیں کیا کہ اس طرح کا تبصرہ کر کے
تم نے میری کہی ہوئی بات کو کس بے دردی سے پسِ پشت ڈالتے ہوئے موضوع سے ہٹ کر
بالکل ہی ایک دوسری اور مختلف بات کر کے ذہن اور سوچ کا سارا دھارا ہی بدل کر رکھ
دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم کسی بھی بات کو اس کے منطقی انجام تک نہیں پہنچا پاتے۔
کیونکہ ہم خود ہی اپنی راہ کھوٹی کر بیٹھتے ہیں۔ ہم خود ہی سدِ راہ ہو جائیں تو
حصول منزل کی آرزو کس طرح پوری ہوگی؟ خیر تو میں عرض کر رہا تھا کہ تصوف دراصل
حکمت و دانائی سے ایک ایسا گہرا تعلق رکھتا ہے کہ اگر یہ اجزا ء اس سے نکل جائیں
تو جو بے جان جسم باقی رہ جاتا ہے۔ آپ اُس کو کسی مقام سے نسبت کے حوالے سے ، کسی
بھی نام سے پکار لیں وہ رہے گا تو وہی بے جان اور مردار جسم۔
اس پر اُس دوست نے کہا ۔ آپ نے درست
کہا ہے۔ مجھے حضرت علی ؓکا ایک قول دھیان میں آرہا ہے ۔”حق کو لوگوں کے ذریعے نہ
پہچانو بلکہ حق کی معرفت حاصل کرو اہلِ حق تمہیں خود بخود ہی نظر آجائیں گے۔ اس
بات کا بھی یہی مفہوم ہے کہ خود میں حکمت اور دانائی پیدا کر کے حقیقت کو سمجھو یہ
مت دیکھو کہ کون کیا کہہ رہا ہے۔ بلکہ اس بات پر زیادہ دھیان دو کہ کیا کہا جارہا
ہے۔ اگر کوئی بُرا آدمی اچھی بات کہہ رہا ہو تو کان بند کر لینےاور منہ موڑ لینے
کا جواز اس آدمی کی بُرائی کو نہیں ہونا چاہیے اور اسی طرح اگر کوئی اچھا انسان کوئی
بُری بات کہہ بیٹھے تو اُس کی تقلید اور تائید میں یہ دلیل دے کر آپ سزا سے نہیں
بچ سکتے کہ یہ بات تو میں نےفلاں صاحب سے سُنی تھی اور چونکہ وہ بہت ہی اچھے انسان
ہیں اس لئے میں نے سمجھا کہ ان کی کہی ہوئی یہ بات بھی اچھی ہی ہوگی۔ اصل بات یہی
ہے کہ کسی بھی بات کو خود کو سمجھنا اور سمجھنے کے لیے خود ہی غورو فکر کرنا شرط
اولین ہے۔ اگر ہم غورو فکر اور تفکر سے کامنہیں لیتے تو اس میں خرابی کا سبب ہم
خود ہی تو ہیں۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کا قول آپ
ذہن میں رکھ کر دیکھیں کہ جو شخص کسی ظالم کی مدد کرتا ہے۔ اللہ تعالیٰ اُس ظالم
کو اسی پر مسلط کر دیتا ہے ، کے مصداق ہم عیار لوگوں کا بھانڈا نہ پھوڑنے کے لیے
ان کی باتوں کا اچھی طرح جائزہ نہ لے کردر حقیقت اُن کے اس ظلم میں ان کا ساتھ ہی
تو دے رہے ہوتے ہیں ۔ جو وہ ہم پر جہالت مسلط کر کے ہم پرظلم توڑ رہے ہوتے ہیں اور
یہی سبب ہے کہ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کے اس قول فیصل کے عین مطابق اللہ تعالیٰ
ہم پر ان ہی لوگوں کو مسلط کر دیتے ہیں ۔ جو ہم پر ظلم کر رہے ہوتے ہیں ۔ ظلم صرف
یہ ہی نہیں ہے کہ کوئی میرا پانی بند
کر دے یا مجھے
مارے پیٹے۔ یہ تو ظلم کی سب سے ادنیٰ قسم ہوگی۔ کیونکہ اس قسم کے مظالم کا تعلق تو
جسم اور جسم کے مادی تقاضوں سے ہوتا ہے۔ ظلم کی دوسری قسم وہ ہے جس میں ہمارے ذہنی
تقاضوں کو پامال کیا جاتا ہے اور ہمیں ذہنی کوفت اور اذیت سے گزارا جاتا ہے اور
تھرڈ ڈگری کا ظلم وہ ہوتا ہے۔ جب ہمارے روحانی تقاضوں کی تکمیل میں رکاوٹ ڈال دی
جائے ہمیں اپنے روحانی تقاضوں کو پورا کرنے سے روک دیا جائے۔ اس روکنے کے لئے جو
بھی ہتھکنڈے ایجاد کئے جائیں وہ سب اس ظلم میں شمار ہونے ضروری ہیں۔
روح کا سب سے عظیم الشان تقاضا حق
آشنائی ہونے کے سبب حقیقت کی کھوج میں لگا رہنا اس کا سب سے بڑا مشغلہ قرار پاتا
ہے۔ اب جو لوگ غور و فکر سے تہی ہونے کے سبب اس راہ پہ چلنے سے روکنے والوں کو
نہیں پہچانتے ، اُن کو اپنی راہ کاٹنے سے منع کرنے کی بجائے ، اُن کی بات پرعمل
پیرا ہو کر حقیقت کو خود اپنے دین کی مدد سے تلاش کرنے کی بجائے دوسروں کی ذہنی
اختراعات کو قبول کر لیتے ہیں۔۔ اور نہ صرف خود قبول کر لیتے ہیں بلکہ اُن کا
پرچار کر کے اس ظلم میں اُن کی امداد اور معاونت کے گنہگار تو ہوتے ہی ہیں ۔۔سزا
کے طور پر وہ ظالم پیر تسمہ پا کی طرح ان پر ہمیشہکے لئے مسلط بھی کر دیئے جاتے
ہیں۔
اس نے اپنے دوست کی بات سُن کر ایک
عجیب سے طمانیت اپنے اندر دور کرتی محسوس کی۔ اس نے سوچا کہ وہ کس قدر خوش قسمت ہے
کہ اللہنے اُس کو ایسے اچھے دوستوں سے نوازا ہے۔ اُس نے کس قدر پتے کی بات کہی ہے۔
اس نے کہیں سنی ہوئی ایک بات کو اپنے شعور کی سطح پر نمودار ہوتے دیکھا کہ ظالم کو
اس کے ظلم کی ایک سزا ملے گی کہ اس نے ظلم کیا لیکن مظلوم کو دوہری سزا ملتی ہے
ایک سزا تو یہ ہوئی کہ اُس نے ظلم سہا اور دوسری سزا اُس کو اس بات کی ملے گی کہ
اُس نے ظلم برداشت کر کے ایک ظالم کو جنم دینے کا ناقابلِ معافی جرم کیا ۔ اس نے
سوچا کہ وہ یہ بات دوستوں کو سنائے لیکن اس کا دوست اپنی بات کو جاری رکھے ہوئے
کہہ رہا تھا۔ اگر ہم گہرائی میں غور کریں تو یہ بات ہمارے لیے اطمینان قلب کا باعث
ہونی چاہیے کہ اصل حقیقت کی تلاش کی کوئی بھی ذی شعور مخالفت نہیں کرتا اور نہ ہی
اُس کو کرنا چاہیے ۔ اس لیے اس راہ کا سفر اب اتنا دشوار نہیں کہ آدمی محض مخالفت
کے خوف سے ہی دبک کر رہ جائے۔
تلاش حق کے دوران اختلافات کا وجود ،
حقیقت سامنے آنے پر خود ہی تحلیل ہو جاتا ہے چونکہ کسی بھی بارے میں حقیقت صرف ایک
ہی ہوا کرتی ہے دو تین یا زیادہ نہیں ہو سکتیں ۔ اگر حکمت و دانائی کا پر چار ہوا
اور حقیقت تک رسائی حاصل وہ جائے تو ظاہر سی بات ہے کہ حقیقت یا اصلیت ہر باطل اور
غیر حقیقی بات پر چھا جائے گی اس نہج پر سوچتے چلے جائیں تو یہ عقدہ بھی خود بخود
کھل جاتا ہے کہ اسلام میں تفرقہ بازی سے کیوں منع کیا گیا ہے اور حضور کریم ﷺکےاس
بات کا اصل مفہوم کیا ہے کہ میری اُمت بہتر فرقوں میں بٹ جائے گی لیکن صرف ایک
فرقہ ایسا ہوگا جو راہ راست پر ہوگا اور وہی نجات پانے والا ہے۔
اس کے دوست نے اتنا کہہ کر اپنی بات
ختم کر دی لیکن جو بات محفل میں ختم ہو گئی وہ اس کے اندر جا کر ایک آغاز بن گئی ۔
اس کی سوچوں کے دائرے پھیلتے چلے جا رہے تھے۔ خیال کی لہریں بیان کی گئی حدیث ِ
مبارکہ کے انوار سے روشن تر ہوتی چلی جا رہی تھیں۔ اس کے شعور میں یہ بات ایک سوال
بن کر ابھری کہ جب حقیقت ایک ہی ہوتی ہے تو اُس میں اختلاف اور تفرقہ کیسے اور
کیونکر پیدا ہو سکتا ہے اور اگر اختلاف پیدا ہو ہی جائے تو کیا کوئی ایسا طریقہ ہے
کہ اس اختلاف کو ختم کیا جا سکے؟ اس اختلاف الرائے کی بناید پر قائم ہو جانے والے
فرق کو مٹایا جا سکے؟
وہ سوچتا رہا۔۔۔غور کرنے کی کوشش کرتا
رہا۔ اُس نے اس بات کا کئی زاویوں سے جائزہ لیا ۔ ذہن میں مختلف مثالیں قائم کر کے
اس پر غور کیا۔ بظاہر تو یہ سامنے کی بات تھی کہ ایک واحد حقیقت کا ادراک مختلف
اور متفرق کیونکر ہو سکتا ہے یعنی ایسا ہونا تو نہیں چاہیے ۔ لیکن امت مسلمہ میں
افتراق و انتشارر ، گونا گوں مسالک اور فرقوں کا وجود بھی تو ایک بدیہی حقیقت اور
سچائی ہے اور پھر یہ امر بھی اپنی جگہ ایک اٹل بات ہے کہ ہر فریق یہی سمجھتا ہے کہ
وہی راہ حق پر ہے اور نجات اسی کا مقدر ہے ۔ باقی سب نار جہنم کا ایندھن بنیں گے
اور ہر ایک اپنے اپنے مفروضہ عقیدے پر خوش بھی ہے کہ میرے علاوہ باقی سب آگ میں
جلیں گے۔ حالانکہ کسی دوسرے کی تکلیفپہ خوش ہونا اور دوسروں کے لئے پرے انجام کی
خواہش رکھنا ہی اسلام کی بنیادی تعلیمات کے خلاف ہے۔
آج سے ہزار سال قبل حضرت امام غزالی ؒ
کو بھی اسی سوال نے سرگرداں کئے رکھا تھا۔ انہوں نے سال ہا سال کی محنت اور جستجو
سے ، ہر فرقے کے عقائد کی چھان پھٹک کرنے ، ہر گروہ کے مذہب و مسلک کے اسرار و رموز
سے آگاہی حاصل کر لینے کے بعد یہ طے کیا تھا کہ اس تمام تر مسئلے کا حل علم حقیقی
ہے اور علم حقیقی پر براہ راست مشاہدے
اور قرب الٰہی
کے بغیر حاصل ہونا ناممکن ہے اور یہ کہ صرف صوفیائے کرام کے گروہ میں کچھ ایسے
افراد ہیں جو علم حقیقی سے سرفراز ہیں کیونکہ ان کا طریقہ علم اور عمل دونوں سے
تکمیل پذیر ہوتا ہے۔
آج سے ایک ہزار سال قبل اُن کی اس
دریافت سے کسی نے کیا فائدہ اُٹھایا ؟ یہ سوال ایک ناگ کی طرح اُس کے شعور کو ڈس
گیا۔ آج ایک ہزار سال گزرنے کے باوجود صوفیائے کرام سے استفادے کے لئے امت نے کیا
کیا؟
اُس وقت سے لے کر آج تک خود صوفیائے
کرام نے خود کو کتنا اُستوار کیا اور اُن کے حقیقی علوم سے مستفیض ہونے سے فرقوں
اور مسالک کی تعداد کچھ کم ہو گئی یا کچھ مزید بڑھ گئی۔ سوال کی زہر ناکی اور تلخی
نے اُس کو پوری طرح اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس نے سوچوں میں در آنے والی اسی تلخی
اور کڑواہٹ کے زیر اثر ایک اور سوال کو کوڑے کا روپ دھارتے دیکھا۔ تم امام غزالی ؒ
کی دریافت سے حاصل ہو نے والے فوائد کا رونا روتے ہوئے یہ کیوں بھول رہے ہو کہ
حضور ﷺ نے جو علم حقیقی دیا تھا اس اُمتِ محرومہ نے اُس کا کیسا حشر کیا؟ یہ سمجھ
بوجھ حاصل کر لیتے تو اس سے بہتر اور کون سا علم حقیقی درکار ہوتا۔ اس قوم نے خود
کو جہالت کے اندھیروں کا خوگر بنا لیا۔ یہ ظلم انہوں نے خود پر ہی تو مسلط کیا ہے۔
لیکن اب اس کا کیا حل ہو سکتا ہے؟ اس
کے شعور نے ایک ایسے ڈرے اور سہمے ہوئے بچے کی مانند خود سے سوال کیا جو ماں کی
غیر موجودگی میں گھر کے کسی کمرے میں داخل ہو اور دیکھے کہ سامنے فرش پر اس کی
والدہ کا پسندیدہ گلدان بہتر تہتر ٹکڑوں میں ٹوٹا اور بکھرا ہوا پڑا ہے اور اُس کو
سمجھ نہ ائے کہ جب اُس کی والدہ اس صورتِ حال سے باخبر ہوگئی تو اُس پہ کیا گزرے
گی ۔ وہ اپنی والدہ کو پہنچنے والے صدمے کا خیال کر کے ہی ہراساں ہو کر خود سے
پوچھ رہا ہو ۔۔اب کیا ہوگا؟ اب کیا ہونا چاہیے؟ اب کیا کرنا چاہیے؟ اب کیا ہو سکتا
ہے؟ اور جب اس کی سمجھ میں کچھ نہ آئے تو وہ بیٹھ کر رونے لگ جائے۔
وہ دل گرفتگی سے سوچتا رہا۔ اس کے اندر
سوالوں کے بھنور گرداب بنتے رہے وہ ان کی زد میں چک پھیریاں لیتا رہا۔
ہو بُرا تو کر بھلا
امام غزالی ؒ کی بابت یہ بات مشہور ہے
کہ وہ اپنی افتادِ طبع کے ہاتھوں ہر طرح کے علم پر حاوی ہونا چاہتے تھے۔ اُنہوں نے
نوجوانی میں ہی مروجہ علوم میں اتنی دسترس بہم پہنچائی تھی کہ ان کے پایے کا عالم
اُن کے دور میں شاید ہی کوئی اور بھی ہو۔ امور کی حقیقت اور کنہ تک رسائی کی پیاس
اُن کی سر شت اور جبلت میں داخل تھی ۔ ذوق جستجو سے سرفراز بندے میں بے قراری نے
انہیں فقہ سے لے کر فلسفہ اور ریاضیات سے لے کر منطق اور علم الکلام وغیرہ تمام ہی
علوم میں طاق کر دیا اور انہوں نے تدریس کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنا لیا۔
بغداد میں سنہ 488ھ میں جب ان کی عمر
محض 38 سال کی تھی۔ وہ مسند علم پر اتنے نمایاں تھے کہ اُس دور میں جب کسی استاد
کے درس میں بیس تیس افراد شامل ہو جاتے تو اس کو عالم گردانا جاتا۔ اس وقت ان کے
درس میں 300 تین سو کے قریب شاگرد اُن سے اکتساب علم کو حاضر ہوا کرتے تھے۔
ایک روز کسی شاگرد نے ان سے دریافت کیا
کہ یقینی اور حقیقی علم کی پہچان کیا ہوتی ہے؟ اس پر انہوں نے جواب میں فرمایا کہ
جو علم غلطی سے محفوظ رہنے کی ضمانت نہ دے سکے وہ یقینی اور حقیقی علم نہیں گردانا
جا سکتا۔ ان کا شاگرد اُن کی یہ بات سن کر اپنے محفوظ ہونے کی اطلاع دینے کو مسکرا
دیا۔ لیکن اُس کی مسکراہٹ نے حجتہ الاسلام حضرت محمد بن الغزالی طوسی المعروف امام
غزالی کو چونکا دیا۔ انہوں نے اپنے علوم کا جائزہ لینا شروع کیا۔
ایک کے بعد ایک اُن کا ہر وہ علم جو
انہوں نے اس وقت تک سیکھا تھا، کہیں نہ کہیں آ کر خود اُن کی اپنی بیان کردہ کسوٹی
کے معیار پر پورا اُترنے سے عاجز ہوتا رہا۔ اس پر ان کا خلفشار اتنا بڑھا کہ انہوں
نے درس و تدریس سے ہاتھ کھینچ لیا ۔ رفتہ رفتہ اُن کی یہ حالت ہوگئی کہ انہوں نے
لوگوں سے بات چیت ہی بند کر دی وہ اندر ہی اندر اس حیرت کا شکار تھے کہ انہوں نے
جو اتنا علم حاصل کیا وہ انہیں اس قابل کیوں نہیں بنا سکا کہ وہ غلطی اور لغزش سے
محفوظ و ماموں ہو جاتے۔
انہوں نے اپنے دوستوں سے اس بابت بات
کی ۔ کچھ نے تجویز کیا کہ علم کی زیادتی سے ان کے قویٰ جواب دے رہے ہیں۔ اس لیے
انہیں اپنی صحت کا خیال رکھنا چاہیے۔ کچھ نے یہ رائے دی کہ یہ یونہی کوئی شیطانی
وسوسہ ہے ،
آپ فکر نہ
کریں خود ہی ٹھیک ہو جائے گا۔ چند ایک نےانہیںیہ مشورہ دیا کہ کسی ولی کامل یا
صوفی سے رابطہ کریں۔ اس پر ان کا دھیان اُس طرف ہو گیا ۔ وہ کئی صوفیائے کرام سے
ملے لیکن اُن کے اندر کی خلش کو کہیں قرار نہ مل سکا۔ انہوں نے صوفیائے کرام کی
کتب کا مطالعہ کیا۔ ایک بات جو اُن سب بزرگوں کی تحریر وں میں تھی وہ یہ کہ عرفان
و آگہی سیکھنے سکھانے کی بجائے ذاتی تجربے کی دین ہے اور یہ تجربہ کسی تجربہ کار
مرشد کی نگرانی ہی میں ہو سکتا ہے اور اس کے لئے انہیں کسی مردِ کامل حق آگاہ کی
تلاش کرنا ہوگی۔
اس تلاش میں سرگردانی کے دوران وہ حضرت
ابو طالب مکی ؒ ، حضرت حارث محاسی ؒ ۔ حضرت جنید بغدادی ؒ ، حضرت بایزید بسطامی ؒ،
حضرت ابو بکر شبلی ؒ اور دیگر مشائخ کی کتب کے مطالعے میں منہکرہے ۔ اس سے یہ ہوا
کہ وہ صوفیائے کرام کے علمی مقاصد سے تو اژنا ہوگئے لیکن ساتھ میں یہ بات بھی ان
پر عیاں ہو گئی کہ تصوف کی حقیقت تک رسائی تبھی ممکن ہے جب ان کے ذوق وجدان اور
صفات میں تبدیلی پیدا ہو جائے ۔ انہوں نے اس بات کو محسوس کر لیا کہ پیٹ بھرنے کے
طریقے جاننا ایک بات ہے اور سچ مچ پیٹ بھر لینا بالکل دوسری بات ہیں۔ بالکل جیسے
نشے کی حالت کے بارے میں کسی کا علم کتنا ہی زیادہ کیوں نہ ہو جائے ، اُس کو مکمل
نہیں کہا جا سکتا جب تک کہ وہ خود نشے کی حالت کے تجربے سے نہ گزر چکا ہو۔ نشے کی
بابت جاننا اور بتانا ایک بات ہے اور نشے کی حالت اور نشے کے تجربے سے عملی طور پر
گزرنا ایک بالکل ہی الگ بات ہے ۔ یہی بات زہد و تقویٰ پر بھی صادق آتی ہے۔ زہد و
تقویٰ کی بابت جان لینا ایک بات ہے اور تقویٰ کی حالت میں رہنا بالکل ہی مختلف
صورت ہے۔ عرفان و آگہی کی بابت باتیں کرنا اور عرفان و آگہی کی کیفیات سے دو چار
ہونے میں اتنا ہی فرق ہے جتنا شادی اور اولاد کی بابت علمی طور پر جاننے اور سچ مچ
شادی شدہ ہونے اور صاحب اولاد ہو کر اولاد کو پروان چڑھا کر اُن سے حاصل ہونے والی
خوشیوں سے بہرہ مند ہونے میں ہو سکتا ہے۔
اس سب کے لیے انہیں ایک مردانا اور
استاد کامل کی ضرورت تھی۔ اس لیے وہ بغداد سے نکل کھڑے ہوئے۔ کئی نامور صوفیاء
کرام سے ملے لیکن گوہر کہیں ہاتھ نہ آیا۔ اسی دوران کسی نے ان کے اظہار مایوسی پر
ان سے دریافت کیا۔” آپ حضرت ابو شبلی ؒسے ملے؟“
انہوں نے سوچا جہاں اتنے بہت سے لوگوں
سے مل لیا اُن کو بھی دیکھ لینا چاہیے اور وہ ان سے ملنے روانہ ہو گئے۔
جب وہ وہاں پہنچے تو دیکھا کہ ایک درخت
کے نیچے بیٹھا ایک فقیر اپنی گڈری سی رہا ہے۔ انہوں نے قصد کیا کہ اُس فقیر سے
حضرت شبلیؒ کی بابت دریافت کرنا چاہیے۔ یہ سوچ کر وہ آگے بڑھے۔ فقیر کی پشت ان کی
طرف تھی۔ قریب پہنچ کر پیشتر اس کےکہ یہ کچھ بولتے وہ فقیر گویا ہوا۔
”تم آگئے غزالی! تم نے آنے میں بہت دیر
کر دی۔ لیکن چلو پہنچ تو گئے۔ دیکھو میاں ! ہمارے یہاں عمل پہلے ہے اور علم بعد
میں اگر تمہیں یہ بات منظور ہے تو ٹھیک ہے تم یہاں رُک سکتے ہو ورنہ میرا اور اپنا
وقت ضائع مت کرو اور واپس چلے جاؤ۔
اس گفتگو کو سن کر امام غزالی ؒ کے
شعور کو جو جھٹکا لگا ہوگا اس کا اندازہ ہر ذی فہم باآسانی لگا سکتا ہے انہوں نے
اپنی حیرتپر قابو پا کر کچھ توقف کیا اور کہا۔ ”جی ہاں ۔ مجھے منظور ہے!“ اس پر
حضرت شبلی ؒ گویا ہوئے ۔” ٹھیک ہے ۔ تمہیں منظور ہے تو چلو وہاں جا کر دیوار کے
ساتھ لگ کر کھڑے ہو جاؤ۔ جب میں فارغ ہو جاؤں گا تو تم سے بات ہوگی۔“
جس وقت امام غزالی ؒحضرت ابو بکر شبلیؒ
کی خدمت میں حاضر ہوئے تو عالمانہ کروفر کا یہ عالم تھا کہ ان کا چغہ ، حبہ و دستار
ِ فضیلت اور گھوڑے کی سجاوٹ وغیرہ اس زمانے میں بیس ہزار اشرفیوں کی قیمت کی حامل
تھیں۔ امام غزالی ؒ ادب سے پیچھے ہٹے اور جا کر دیوار کے ساتھ لگ کر کھڑے ہوگئے۔
جب حضرت ابو بکر شبلی ؒ کچھ دیر بعد
فارغ ہو گئے تو انہوں نے امام غزالی ؒ کو اپنے پاس بلا کر بٹھایا۔ دو تین دن خوب
خاطر مدارت کی ۔ ایک روز فرمایا ۔ اب کام کی بات ہو جائے۔ کام یہ ہے کہ یہ ایک
بوری کھجوریں ہیں۔ انہیں لے کر بازار چلے جاؤ اور فروخت کر دو۔
غزالی ؒ نے پوچھا۔ کس بھاؤ فروخت کرنا
ہوں گی؟
انہوں نے فرمایا ” ایک چپت فی
کھجور۔۔یعنی اُن کھجوروں کو بازار لے جاؤ اور صدا لگاؤ کہ کھجوریں لے لو اور جب
کوئی کھجوریں لینا چاہے تو اس کو بتاؤ کہ جتنی کھجوریں وہ لینا چاہتا ہے وہ تم کو
اتنے ہی چانٹے رسید کرے!۔
امام غزالی ؒ یہ سن کر چکرا کر رہ
گئے۔۔ لیکن دُھن کے پکے تھے۔ دل کڑا کر کے پوچھا ۔” یہ کام کتنا عرصہ کرنا ؟“
ابو بکر شبلی ؒ نے انہیں نظر بھر کر
دیکھا اور کہا۔”ایک سال!“ اور وہاں سے ہٹ گئے۔
اما غزالی ؒ نے کچھ توقف کیا پھر بوری
کندھے پر لادی اور بازار کا رخ کیا ۔ شام تک لوگوں سے چپتیں اور چانٹے کھاتے کھاتے
اُن کا سر گھوم گیا۔ لیکن انہوں نےجیسے تیسے یہ کام پورا کر کے ہی دم لیا۔ اگلے
روز بھی یہی ہوا۔ اور پھر ہر روز یہی ہوتا رہا ۔ صبح انہیں کھجوروں کی ایک بوری
اپنے حجرے کے باہر تیار ملتی اور وہ اسے لے کر بازار چلے جاتے۔ لوگوں کو مفت کا
تماشہ ہاتھ لگا ہوا تھا۔ لوگ آتے ان کو چانٹے مارتے اور کھجوریں کھاتے۔ طرح طرح کی
باتیں کرتے ۔ کچھ اُن پر رحم بھی اتا اور کچھ کو مزا۔۔ کرتے کراتے ایک سا پورا ہو
گیا۔۔ یہ صبح اُٹھے ۔ باہر آئے ۔ دیکھا کہ مقررہ جگہ پر بوری پڑی ہے۔ انہوں نے
بوری کو نظر انداز کیا اور جا کر ابو بکر شبلی ؒ سے قدرے فخریہ انداز میں کہا ۔”
آپ کے حکم کے مطابق میں نے ایک سال پورا کر لیا ہے۔“
ابو بکر شبلی ؒ نے اُن کو دیکھا ، قدرے
توقف کیا اور فرمایا ۔”بھئی یہ کام ایک سال مزید کرنا ہے !“
امام غزالی منہ ٹکائے باہر آئے اور
بوری اُٹھا کر عازمِ بازار ہو گئے ۔ جب دوسرا سال بھی مکمل ہو گیا ۔ تو یہ حجرے سے
باہر آئے اور دیکھا کہ کھجوروں کی بوری موجود ہے۔ آپ گڑ بڑا گئے۔ ڈرتے ڈرتے ابو
بکر شبلیؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ ہمت مجتمع کی اور عرض کی ۔”حضور آج دوسرا سال
بھی مکمل ہو گیا ہے۔“
شبلی ؒ نے ایک شانِ بے نیازی اور عالم
استغنا سے ارشاد فرمایا۔
”اچھا۔۔ٹھیک ہے ۔۔لیکن ابھی کام پورا نہیں
ہوا۔ آپ کو ایک سال مزید یہی کام کرنا ہوگا۔“
غزالی ؒپہ جو کچھ بھی گزری وہ تو وہی
جانتے ہوں گے لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور تیسرا سال بھی اسی معمول کے مطابق
گزار دیا۔ جب تیسرا سال بھی مکمل ہو گیا ۔ غزالی ؒ حجرے سے باہر آئے اور دیکھا کہ
کھجوروں کی بھری ہوئی بوری اپنی جگہ پڑی اُن کی منتظر ہے۔ انہوں نے اُس بوری کو
دیکھا ۔ کچھ دیر کھڑے رہے پھر بوری اُٹھا ئی اور بازار کی طرف روانہ ہو گئے ۔
راستے میں حضرت شبلیؒ نے آواز دی ۔”کیوں بھئی ۔۔تمہارا سال پورا نہیں ہوا ہے؟“
امام غزالی ؒ نے عرض کی ۔” میں کیا کہہ
سکتا ہوں؟ آپ کو بہتر علم ہے۔“
اس پر حضرت شبلیؒ بولے ۔” بس ٹھیک ہے !
کام ہو گیا ہے اب یہ کام مزید نہیں کرنا ۔ تم میرے پاس آ کر بیٹھا کرو اور اُنہوں
نے چند ہی روز میں وہ علم غزالی کو منتقل کر دیا جس کی تلاش میں غزالی ؒ اُن کے
پاس آئے تھے ۔ ایک ایسا علم سیکھنے سکھانے سے حاصل نہیں ہوتا بلکہ استاد اپنے
شاگردوں کو براہ راست منتقل کرتا ہے۔
امام غزالی ؒ جب واپس بغداد پہنچے تو
اُن کی فقیرانہ ہیت کذائی دیکھ کر لوگ دنگ رہ گئے۔ کہاں وہ عالمانہ کروفر اور کہاں
یہ فقیری کا رنگ۔ اُن کے شاگردوں اور دوستوں نے اظہار ِ ہمدردی کیا تو انہوں نے
کہا۔
”مجھے قسم ہے اُس ذات کی۔۔۔ جس کے قبضے
قدرت میں میری جان ہے۔ اگر مجھ پر یہ وقت نہ آتا تو میری ساری زندگی ہی اکارت چلی
جاتی۔“
اُس کے شعور نے اس واقعے سے آگاہ ہو کر
دریائے حیرت میں غوطہ لگایا۔ علم و آگہی کی طلب میں کوئی اس قدر ثابت قدم بھی رہ سکتا
ہے۔ اس مقام ِ حیرت سے گزرنے کے بعد جو بات غور طلب بنی وہ یہ تھی کہ یہ امر تو
بہرحال طے تھا کہ حضرت ابو بکر شبلیؒ نے امام غزالی ؒ سے جو کچھ بھی کروایا وہ اۃن
کی روحانی تربیت کی خاطر کروایا گیا تھا لیکن انہوں نے تربیت کے لئے یہ چپتیں
کھانے والا پروگرام ہی کیوں ترتیب دیا؟ اس تربیتی پروگرام کا اصل مقصد کیا تھا؟ اس
تربیتی پروگرام سے گزار کر غزالی کی شخصیت اور ذہن میں کیا تبدیلیاں پیدا فرمائی
گئی تھیں؟
اس پروگرام پہ عمل پیرا ہونے امام
غزالی کو ایسی کیا بات حاصل ہوگئی کہ انہوں نے قسم کھا کر یہ کہا کہ اس پروگرام سے
گزر کر انہوں نے خود کو خسارے سے بچا لیا اور یہ بات اس لئے بھی قابلِ یقین ہے کہ
سنہ 505ء میں وفات پانے والے اس نابغہ روزگار بندے کا نام ایک ہزار سال یعنی پورا
ایک قرن گزرنے کے بعد بھی زندہ و جاوید ہے۔ لوگوں کے دلوں میں اُن کے لئے عقیدت و
احترام موجود ہے۔ باوجود اس بات کے کہ کسی نے اُن کی تصنیف کردہ کتب کا مطالعہ کیا
ہے یا نہیںاور اگر کیا ہے تو اُس کو اُن کی کتنی باتوں کی سمجھ آئی ہے ۔۔۔ اور آئی
بھی ہے یا نہیں؟
خانقاہی نظامِ تدریس وتربیت میں ایسے
کسی پروگرام کی کوئی نظیر نہ اس سے پیشتر کہیں ملتی ہے اور نہ ہی اس کے بعد کبھی
کوئی ایسی تربیت سے گزارا گیا۔ آخر ایسی کون سی بات تھی جو اس مشق کے بغیر امام
غزالی ؒ کے اندر راسخ نہیں ہو سکتی تھی ۔ مار کھانے سے روحانی ترقی اور وجدان اور
عرفان کا رشتہ بھلا کیسے جڑتا ہے؟ مار مار کر چوروں ، ڈاکوؤں
اور مجرموں کو
سدھارنے کی بات تو سب جانتے ہیں لیکن امام غزالی ؒ جیسے عالم بتحر کو اتنی مار
کیوں ماری گئی؟ اور پھر اُنہیں دیکھو ۔۔روزانہ بلا ناغہ تین سال تک ، خود اپنی
مرضی سے خود آوازیں لگا لگا کر لوگوں سے پٹت رہے۔ ایسی مار اور پٹائی سے گزر کر
آخر اُنہیں کیا ملا ہوگا؟ آخر وہ کیا بات تھی جس کے لئے وہ اتنے کڑے مراحل سے بلا
کسی چوں چراں کے گزر گئے۔
سوچ سوچ کر وہ عاجز آگیا لیکن کچھ بن
نہ پڑا۔ ایک خیال یہ آیا کہ آج کی نفسیات کے مطابق اس کا تجزیہ کیا جائے تو کہا
جائے گا کہ اُن کے اندر اذیت پسندی کے کسی پوشیدہ جذبے کی تسکین کے لئے یہ پروگرام
مرتب کیا گیا۔ لیکن اُن کی باقی زندگی میں اس سے پہلے یا بعد میں کبھی کسی سے یہ
فرمائش کیوں نہیں کی کہ بھائی ذرا آنا۔۔ مجھے چند تھپڑ مار دو ۔۔نہیں یہ کوئی اور
ہی بات ہے۔۔ وہ اور بات کیا تھی۔ اُس کا ذہن اس گتھی کو کسی طور سلجھا ہی نہیں پا
رہا تھا۔ کاش کسی طرح وہ اس قابل ہو جاتا کہ وہ خود امام غزالی ؒ سے یہ پوچھ سکتا
کہ جناب آخر یہ کیا راز تھا؟
ایک روز اپنے مرشد کریم کی ایک تحریر
کے مطالعے کے دوران اسی واقعے کے حوالے سے اُس نے پڑھا کہ جب غزالی ؒ نے اتنا عرصہ
مار کھائی اور اُن کی انا کی خول کے چھلکے اتر گئے تو وہ اس قابل ہو گئے کہ انہیں
روحانی علوم منتقل کئے جا سکیں ۔۔۔تو اس کا لگا کہ اُس کے سوال کا جواب اُس کو مل
گیا۔ اُس نے اس پر غور کرنا شروع کر دیا کہ انا کے خول کے چھلکے اترنے سے کیا مراد
ہو سکتی ہے؟ بادی النظر میں یوں محسوس ہوتا ہے کہ امام غزالیؒ میں اپنی علمیت کے
حوالے سے انانیت بہت زیادہ تھی۔ اُس کے اندر سے اس انانیت کو ختم کرنے کے لئے حضرت
شبلی ؒ نے یہ مشق تجویز کی۔ قریب تھا کہ وہ اس نتیجے پر پہنچ کر مطمئن ہو جاتا
لیکن اُس کے شعور میں ایک سوال ابھراکہ اگر امام غزالی ؒ میں انانیت ہوتی تو وہ
پہلے ہی روز ، پہلے ہی ہلے میں دیوار سے جا کر لگ کر کھڑے کیوں ہوتے؟ اگر وہاں
کھڑے ہونا وقتی اثر پزیری کے سبب تھا تو جھک کر بوری اُٹھا لینا اور نہ صرف اُٹھا
لینا بلکہ اُس کو بازار تک بھی لے جانا اور پھر وہاں خود یہ صدا لگانا کہ آؤ مجھے
مارو۔۔اور مارنے والوں میں کھجوریں بھی تقسیم کرنا ۔۔چلیں مار کھائی تو کھائی یہ
مارنے والوں کا منہ میٹھا کروانے کی کیا ضرورت پڑی تھی؟ یہ بات انانیت سے کچھ بڑھ
کر تھی۔ اُس نے سوچا کہ مرشد ِ کریم نے بھی تو انانیت نہیں کہا بلکہ انہوں نے انا
کے خول کے چھلکے اترنے کا استعارہ برتا ہے۔ اُس نے اپنی توجہ انا کے خول کے چھلکے
اترنے پہ سوچنے میں لگائی۔
اب اگر اس بات کا مفہوم یہ لیا جائے کہ
روحانی علوم کی تدریس میں یہ دیکھا جاتا ہے کہ مرید یعنی شاگرد میں چوں و چراں تو
نہیں۔ اگر اُس مین چوں و چراں ہو تو علم حاصل نہیں ہو سکتا۔ اس کا جی چاہا کہ وہ
اس بات کو مان کر اس موضوع پہ غورو فکر ختم کر دے۔ لیکن یہ فیصلہ صادر کرنے سے
پیشتر ہی اُس کے اندر سے یہ سوال ابھرا کہ اگر غزالی میں چوں و چراں ہوتی تو چپ
چاپ بات ماننے کھرے ہی کیوں ہو جاتے؟ انہوں نے تو سیدھے سیدھے مجھے منظور ہےکہہ کر
سرِ تسلیم ِ خم کر ہی دیا تھا پھر مزید چوں و چراں کو آزمانے کے لئے تو یہ مار کا
پروگرام کچھ زیادہ ہی سخت نہیں ہو گیا ؟ اور شبلی ؒ نے تو پہلے ہی جملے میں اس چوں
و چراں کی ہوا ہی نکال دی تھی کہ ۔۔ہمارے یہاں عمل پہلے ہے علم بعد میں اور اگر
تمہیں یہ بات سمجھ آتی ہے اور تم اس پر آمادہ ہو تو ٹھیک ہے تم رک جاؤ ورنہ واپس
جا سکتے ہو۔ اگر غزالی ؒ میں چوں وچراں ہوتی تو وہ بحث کرتے۔ وہ وہاں رکنے پر
مجبور تو تھے نہیں۔ وہاں سے چلے آتے۔ کہہ دیتے کہ کیسا عجیب شخص ہے؟ کیسی الٹی
فرمائش کر رہاہے؟ میں اتنا بڑا عالم ہوں، میں ایسا کام کیوں کروں؟ وہ بھی ایک دن
نہیں دو دن نہیں پورے ایک ہزار دن سے زائد وہ وہی کام کرتے رہے۔ جو کسی طرح عقل کی
کسوٹی پر پورا نہیں اترنا تھا۔ یہ معاملہ صرف چوں و چراں کی پرکھ کا معاملہ نہیں
تھا بلکہ یہ ضرور کوئی اور ہی بات تھی اور وہ۔۔۔ اُساور ۔۔ ہی بات کی کھوج میں لگے
رہنے پر خود کو مجبور پا رہا تھا۔
ایک روز وہ اپنے دفتر میں بیٹھا ، کسی
صاحب کی اپنے ساتھ کی جانے والی زیادتی کا شکوہ کر رہا تھا کہ میں نے اُس کے ساتھ
یہ کیا ، میں نے اُس کی خاطر وہ کیا ، لیکن اُس نے اُلٹا مجھے بُرا کہا، میرے ساتھ
بُرا کیا۔ آج کل تو نیکی کا زمانہ ہی نہیں ۔۔ جس سے بھلا کرو وہی جوتے مارتا ہے۔۔۔
کہ اچانک اُس کے اندر ایک جھماکہ سا ہوا ۔۔۔وہ بولتے بولتے خاموش ہو گیا۔ اُس نے
سوچا بھلا کرنے پر جوتے پڑنا تو واقعی عجیب سی بات ہے! کہیں حضرت امام غزالی کو
یہی سبق تو نہیں دیا گیا تھا ۔۔۔کر بھلا اور کھا جوتے۔۔۔ کھا چپتیں اور کر بھلا!
اُس کی ذہنی رو لاشعور سے آئے ہوئے
پیغام کا جائزہ لینے لگی ۔ حضور ﷺ کی پوری زندگی بھی تو اس پیغام کا عملی نمونہ ہی
تو تھی۔ آپ ﷺ سے بڑھ کر بنی نوع انسان کی بھلائی اور خیر خواہی بھلا اور کس نے
چاہی ہوگی؟ لیکن آپﷺ کے قبیلے اور قوم نے آپ ﷺ کے ساتھ جو سلوک کیا، وہ آپﷺ کی
بھلائی کا جواب تو نہیں تھا ؟ آپ کو ڈانٹا ڈپٹا جاتا رہا ۔۔۔پھر مار پیٹ شروع
ہوگئی۔۔پھر معاشی مقاطعہ۔۔پھر انہیں گھیر کر شعب ابی طالب میں تین سال تک گزر بسر
پر مجبور کیا جانا۔۔وہاں سے نجات ملی تو آپ کی زندگی پر پے در پے حملے ہونا اور پھر
ہجرت کی رات تمام قبائل کے نوجوانوں کا مل کر آپ ﷺ کی زندگی کے درپے ہونا ۔۔یہ سب
کیا تھا؟ آپ ﷺ کا لوگوں سے بھلا کرنے کا جواب ہی تو تھا اور پھر ہجرت کے بعد غزوہ
کے بعد غزوہ۔۔ساری زندگی بھلا کرنے پر مار ہی تو کھاتے رہے اور وہ بھی اپنوں ہی کے
ہاتھوں۔
اُس کو لگا کہ اُس کے اندر ہونے والے
جھماکے نے اُس کے اندر اتنی روشنی بھر دی ہے کہ وہ فضا میں تحلیل ہونے کو ہے۔ بات
سمجھ آرہی ہو تو انسان لذتِ آگہی سے سر شار ہو جاتا ہے۔۔۔۔ اور یہ اچانک ہو جائے
۔۔ایک طویل عرصے کے بعد ۔۔۔وقت کی ایک چھوٹی سی اکائی میں لاشعور کا بند دریچہ وا
ہو کر کسی بندے کو اچانک نواز دے تو بندہ متضاد کیفیات میں گھر کر رہ جاتا ہے ۔
اُس کا جی چاہتا ہے کہ وہ رو دے ۔۔ہنس دے ۔۔سجدے میں گر جائے یا خوشی کے مارے سر
کے بل اُلٹا کھڑا ہو جائے اور جب وہ کوئی فیصلہ نہیں کر پاتا تو وہ گم سم ساکت و
صامت اور خاموش ہو کر اس وجدانی آگہی کالطف لینا شروع کر دیتا ہے۔
اُس کو اس بات کی سمجھ آرہی تھی کہ انا
کے خول کے چھلکے اترنے سے کیا مُراد ہے؟ جب انسان کی انا کے خول کے چھلکےاتر جاتے
ہیں تو اسُ میں وہ صفت رحمانی پیدا ہو جاتی ہے کہ وہ بھلائی کے جواب میں کی جانے
والی بُرائی کا برا منانے سے کئی قدم آگے بڑھ کر برائی کرنے والوں کے ساتھ نیکی
اور بھلائی پہ ایسا قائم ہو جاتا ہے کہ اُس کو جان سے جانا تو گوارا ہوتا ہے لیکن
بھلائی سے باز آنا نہیں۔ وہ یہ جان لیتا ہے کہ بھلائی کے عوض بُرا ہونے کا بُرا نہ
منانا ایک اچھی بات اور خوبی سہی لیکن اصل خوبی تو یہ ہے کہ انسان بُرا کرنے والوں
کے ساتھ بھلائی اور اچھا کرتا ہی رہے۔