Topics

شعور نے لاشعور سے کہا!

 

دور تک پھیلے وسیع و عریض سمندر کے افق پر صبح کی روشنی اندھیروں پر حاوی ہو چکی تھی ۔ ستارے منظر سے غائب ہو چکے تھے ۔ ابھی سورج نکلنے میں کچھ دیر تھی۔ صبح کی ہوا تازگی اور فرحت سے لبریز محسوس ہو رہی تھی ۔ تیرتے بادلوں کے ٹکڑے دیکھ کر یوں محسوس ہو رہا تھا جیسے آسمان کے کینوس پر کسی بے نیازی سے شفق رنگ بکھیر دیئے ہوں۔ ساحل پر ایک راہب ٹہل رہا تھا ۔ ساحل سے آ کر ٹکراتی لہروں کی شوریدہ سر آوازوں، ساحلی پرندوں کی چہکاروں اور نم ہوا کے جھونکوں سے لطف لیتے ہوئے وہ کچھ سوچنے لگا ۔ دھیان میں یکسوئی پیدا ہوئی تو سوچ میں گہرائی آتی گئی۔ وہ اپنی سوچوں میں مگن ہوتا چلا گیا۔ وہ ان سوچوں میں کافی عرصے سے گرفتار تھا۔

اُس کی سوچ کا مرکز و محور یہ خیال تھا کہ وہ اپنے خالق ، اپنے رب ، اپنے مالک ، اپنے خدا سے کیوں کر مل سکتا ہے؟ ۔۔۔ وہ اُس سے کیونکر متعارف ہو سکتا ہے ؟ ۔۔ اُس صانع اکبر کا عرفان کیوں کر حاصل ہو سکتا ہے جس کی صناعی اور کاریگری کو دیکھ کر عقل دنگ رہ جاتی ہے؟۔۔ اُس محیط ِ کل ذات کا ادراک ہو تو کیوں کر ہو؟ یہ سوچیں اُس پر کافی عرصے سے حاوی اور طاری تھیں ۔۔ آخر وہ اللہ کو کیوں کر پا سکتا ہے؟ پا بھی سکتا ہے یا نہیں؟

جب بہت زیادہ سوچ بچار کے باوجود اُس کو اس عقدے کے حل ہونے کی کوئی صورت نظر نہ آئی۔۔ غور و فکر اس گتھی کو سلجھانے سے عاجز آگئے تو اپنی بے بسی کے اعتراف کے طور پر راہب کی نظریں اوپر اٹھیں اور وہ آسمان کی پنہائیوں میں متلاشی نگاہوں سے جھانکنے لگا۔۔ کہتے ہیں ۔۔۔ اللہ تعالیٰ نے اُس راہب کی راہنمائی اور ہدایت کو ایک فرشتہ بھیجا۔

وہ فرشتہ اُس راہب کو ایک بچے کے روپ میں ساحلِ سمندر پر کھیلتا نظر آیا۔ اُس بچے کے پاس ایک بالٹی اور ایک پیالہ تھا۔ وہ بچہ سمندر سے پانی کا پیالہ بھر بھر کر بالٹی میں ڈال رہا تھا ۔ بالٹی سمندر کے پانی سے لبالب بھر چکی تھی مگر وہ بچہ اپنے کام میں مگن تھا۔ وہ سمندر تک جاتا ، پیالے میں پانی بھرتا اور لا کر بالٹی میں انڈیل دیتا۔ پانی لبالب بھری ہوئی بالٹی سے باہر بہہ کر ریت میں جذب ہو جاتا ۔۔ بچہ دوبارہ پیالہ بھرتا اور لا کر بالٹی میں اندیل دیتا۔ بچہ پانی کے باہر چھلکنے کی پرواہ کیے بغیر مزید پانی بھرنے لگ جاتا۔

راہب بچے کی اس کار گزاری کو کافی دیر تک دیکھتا رہا۔ بچہ بالٹی میں پانی ڈالتا رہا اور پانی بالٹی سے چھلک کر باہر بہتا رہا۔ بالآخر جب راہب سے رہا نہیں گیا تو وہ رُکا اور بچے کے پاس جا کر بڑے پیار سے گویا ہوا۔

”تم یہ کیا کر رہے ہو؟“

بچے نے اُس کو دیکھے بغیر جواب دیا۔

”میں سمندر کو اس بالٹی میں ڈال رہا ہوں۔“

راہب اس جواب کے لئے تیار نہ تھا۔ اس نے محظوظ ہوتے ہوئے ، بچے کو سمجھانے کے لئےاستفہامیہ انداز میں کہا۔

”بھلا کہیں سمندر بھی اس بالٹی میں آسکتا ہے؟ بچے تم اپنا وقت ضائع کر رہے ہو۔ ایسی کوشش کرنا بھی حماقت ہے۔“

بچہ رُکا۔ اس نے اپنی نظریں راہب کے چہرے پر گاڑ دیں اور بڑے ہی ٹھہرے ہوئے لہجے میں کہا:

”اور کیا یہ حماقت اور پاگل پن نہیں کہ تم پیالہ بھر کھوپڑی میں خدا کو سمیٹ لینے کی کوشش کر رہے ہو۔“

راہب یہ بات سُن کر ششدر رہ گیا۔

جب شعور نے صدیوں سے دہرائی جانے والی اس روایت کو سنا تو وہ بھی قائل ہو گیا کہ عرفان اور آگہی اور وصل الٰہی کی کوئی بھی کاوش محض اک سعی لا حاصل ہے۔لہٰذا وہ کسی بھی ایسی خواہش سے پہلو تہی پر کار بند ہوتا چلا گیا۔ جب بھی فطری تقاضے کے تحت اس کے اندر تلاشِ حق ، خدا شناسی ، عرفان و آگہی یا خدا سے محبت کی طلب جاگتی تو شعور خود کو بالٹی جتنا محدوداور اللہ کی ذات ِ اقدس کو سمندر کی طرح وسیع اور بے کنار جان کر اس خواہش سے اجتناب پر مجبور ہو جاتا۔

اس مجبوری نے شعور میں ایک احساسِ بے بسی اور محرومی کو جنم دینا شروع کیا۔ یہ احساس ِ محرومی بڑھتے بڑھتے ردِ عمل پر منتج ہوا۔ ردِ عمل کے نتیجے میں اضطراب و بے چینی پیدا ہوئی ۔ بے چینی اور اضطراب سہتے سہتے جب اُس کی ہمت جواب دینے لگی اور اعصاب چٹخنے لگے تو شکوہ بر لب شعور سراپا احتجاج بن گیا۔ شعور اپنے احتجاج سے خود بھی عاجز آگیا۔ اس کا احتجاج کس کے خلاف تھا؟ اپنی بے بسی کے خلاف ، اپنی عاجزی اور محدودیت کے خلاف یا اپنی ناسمجھی کے خلاف ۔۔۔ وہ مزید کڑھ کر رہ جاتا اور پھر یہ کہ احتجاج تھا تو کس سے؟ آخر وہ کس کے سامنے فریاد کناں تھا؟ وہ کس سےاس صورتِ حال سے عہدہ برآ ہونے، اس مشکل سے باہر آنے اور اس دشواری کو آسان کرنے کی آس رکھتا تھا؟

”اوہ میرے خدا !“ اس نے تھک کر ہار کر اپنے خدا سے دعا کرنی چاہی لیکن اس کی دعا اس کے لبوں پر تھرتھرا کر رہ گئی۔ اُس نے تو خدا کو اپنی پہنچ سے بہت دور مان رکھا تھا۔ جس خدا کو وہ جاننے سے عاجز اور لاچار تھا اُسی سے دستگیری کی درخواست کرنا اُس کو کچھ عجیب سا لگا۔ اتنی بڑی ذات کو اُس سے بھلا کوئی سروکار کیوں ہوگا؟ اتنی بری کائنات کا انتظام و انصرام کرنے والی ذات کو اُس کی بے مایہ ہستی بھلا کیا پرواہ ہوگی؟ جس ذات سے اُس کا نہ کوئی تعلق نہ کوئی ربط ، وہ اُس کو کس منہ سے اپنی طرف متوجہ کرنے کی کوشش کرے؟ اپنی کم مائیگی اور چھوٹے پن کے احساس پہ وہ گھبرا کر ہی تو رہ گیا۔۔۔ احساسِ کمتری نے اس کو مایوسی اور اداسی کے اندھیروں میں دھکیل دیا۔۔۔ گھٹن کے احساس سے اُس کا دم گھٹنے لگا۔۔ اُس نے خود کو مقید اور محبوس محسوس کیا اور پھر پھڑا کر رہ گیا۔

بیان کی گئی روایت میں راہب کی راہنمائی کے لئے خالق ارض و سما نے ایک فرشتہ بھیجا تھا۔ یہ بات امید کی کرن بن کر خود اسی روایت سے پھوٹ نکلی جس نے شعور کو اندھیروں میں دھکیل دیا تھا ۔ جب شعور کی توجہ امید کی اس کرن پر مرکوز ہوئی تو وہ کرن بڑھنا اور پھیلنا شروع ہو گئی۔۔ بڑھتے بڑھتے ایک روشن مشعل بن گئی۔ شعور نے اس روشن مشعل کی طرف قدم بڑھائے ۔ آگے بڑھتے ہوئے اُس نے خود کو ایک مینارۂ نور کے روبرو پایا۔ لیکن وہ مینارہنور کوئی فرشتہ نہ تھا۔ اُس روشن ہیولے کو دیکھتے ہوئے اُس کو کچھ یوں محسوس ہوا گویا وہ ایک خضر صورت ، پیرانہ سال بزرگ کے سامنے آگیا ہے ۔ ایک ایسے بزرگ جن کے چہرے پر اک عجیب سی رونق تھی ۔ ایک نظر میں وہ اُس کو ایک ایسے بوڑھے کی طرح لگے جن کی عمر کا وہ تخمینہ اور کچھ اندازہ نہیں لگا پا رہا تھا۔ اُس کو اُن کے چہرے پر صدیوں کے تجربے کی چھاپ اور بچوں کی سی معصومیت اور بے نیازی ایک دوسرے میں باہم جڑی اور گھلی ملی محسوس ہو رہی تھیں۔ وہ روشن اور منور ہیولیٰ ایک طرف ماضی کا امین تھا اور دوسری طرف مستقبل کا نقیب ۔ ایک طرف خالق کا سا انداز تفاخر تو دوسری طرف مخلوق کی سی عاجزی اور انکسار۔۔ ان کی تقدیس اور احترام کے باوجود شعور ان سے بے تکلف ہونے کی خواہش سے خود کو نہ بچا سکا۔

اُس مینارہ نور کے سامنے ، جس کی ضیاء پاشیوں سے شعور جگمگا اٹھا تھا، اُس نے خود کو بہت چھوٹا اور حقیر جانا۔ اُس نے اُس مینارہ نور کو اپنا ہادی ، راہبر اور رہنما مان لیا۔ اس کیفیت نے اُس کی گھٹن کے احساس کو تحلیل کر دیا۔ اس کو سکون اور قرار کا احساس ہونے لگا ۔ عطا ہونے والی روشنی نے اُس کے اندر ایک اجالے کی سی کیفیت تو بھر دی لیکن اُس کی سمجھ میں یہ نہیں آرہا تھا کہ وہ اس عطائے ربانی کو ، جس نے اس کے باطن کو اپنی تابناک شعاعوں سے منور کرنا شروع کر دیا تھا کس نام سے پکارے۔ اُس نے اپنے تجسس کو چھپانے کی کوشش کئے بغیر یہ جاننے کو کہ وہ کس سے ہمکلام ہونے جا رہا ہے، اپنے اُس ہادی ، راہبر اور راہنما سے تعارف چاہا۔ اس نورانی ہیولے نے تبسم ریز لہجے میں کہا۔

”لاشعور!“

اس ایک لفظ نے اس کے اندر کوئی ہلچل مچائے بغیر ایک گداز اور آگاہی بھر دی۔ اُس نے جانا کہ وہ جو شعور نہیں۔ وہ جو اُس کی طرح محدود نہیں۔ وہ جو خود اُس سے ماورا اور بالا تر ہے۔ اُسی کو اس کا ہادی اور راہبر ہونا چاہیے ۔ اگر وہ بھی خود اسی جیسا ہوتا تو وہ اس کے اندھیرے بھلا کیونکر دور کر سکتا تھا۔ اس کو روشنی اور تسکین کیسے پہنچاتا۔ شعور رہ نہیں سکا اور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اور اپنی پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا۔

”میری محدودیت کیونکر ختم ہو سکتی ہے ؟ لا محدود ذات سے میرا رابطہ کیونکر ممکن ہو سکتا ہے؟“

شعور کی طلب ِ علم اور محدودیت سے نجات کی خواہش سے لاشعور میں جگمگاہٹ کا ایک جھونکا سا لہرایا اور مسکراہٹ کا احساس بکھیرتےے ہوئے خیال کی لہروں نے اس کے اندر الفاظ کے قالب میں ڈھلنا شروع کر دیا ۔

”اگر ذہن انسانی محدود ہے تو وہ بھلا لامحدودیت کا ادراک کیونکر کر سکتا ہے؟ عرفان و آگہی درحقیقت لامحدودیت سے رابطہ ہی تو ہے۔ محدودیت میں رہتے ہوئے لامحدودیت کو پا لینا ہی اصل راز ہے۔ اصل بات ہی یہ ہے کہ لاشعور کو غلبہ حاصل ہو جائے۔ شعور خود کو لاشعور سے اس طرح وابستہ کر لے کہ لاشعور کی جھلک شعور میں نظر آئے۔ جب شعور خود کو لاشعور سے وابستہ کر لینے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو لاشعور کی وہ صلاحیت جس کے باعث و ہ لامحدود ہوتا ہے ، شعور کو بھی حاصل ہونا شروع ہو جاتی ہے۔ اس ہی لئے تو مذہب ، شریعت اور طریقت ، عرفانِ خداوندی کی دعوت سر بلند کرتے ہیں۔۔ اگر شعور میں پھیلنے اور لاشعور کو اپنے اندر سمیٹ لینے کی صلاحیت نہ ہوتی تو عرفان اور وجدان کی باتیں زیر بحث آ ہی نہیں سکتیں۔

شعورِ انسانی نے خود کو ابعاد (Dimensions) کا محتاج بنا لیا ہے۔ وہ ابعاد کے بغیر دیکھنے اور سننے کی اہلیت پیدا کرنے سے انکار کر دیتا ہے، ورنہ یہ کچھ اتنا مشکل بھی نہ تھا۔ مثال کے طور پر مسلمان بچے کے کان میں اس کے پیدا ہوتے ہی اذان دیتے ہیں، عیسائی بپتسمہ کرتے ہیں ، ہندو اپنی رسمیں کرتے ہیں ، یہودی اپنے طریقے سے بچے کو شعور آشنا کرتے ہیں تا کہ بچہ دنیا میں آنے کی اصل غایت یعنی اللہ سے متعارف ہونے کی راہ پر گامزن ہو سکے۔ لیکن اب یہ ایک بہت ہی عجیب بات ہے کہ شعور کی تربیت کچھ اس انداز سے کی جاتی ہے کہ وہ یہ تسلیم کرنے تک سے منکر ہو جاتا ہے کہ اپنے خالق ، اپنے رب ، اپنے معبود خدا کو دیکھنا ، اُس سے ملنا یا اُس سے راز و نیاز کرنا ممکن ہے۔ اب اور تو اور مسلمانوں نے بھی دیگر مذاہب کے پیروکاروں کی سوچ کو اپناتے ہوئے یہ کہنا شروع کر دیا ہے کہ خدا وند تعالیٰ کو دیکھا جانا ممکن ہی نہیں۔ اب ان سے اگر کوئی یہ دریافت کرلے کہ بندۂ خدا۔۔ تو پھر آپ گواہی اور شہادت کس بات کی دیتے ہیں۔۔۔ تو ان کے پاس سوائے کٹ حجتی اور کج بحثی کے اور کوئی راستہ نہیں ہوتا۔

چلیں آپ یہ فرض ہی کر لیں کہ اللہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔ یوں بھی تو انسان کی ہر دریافت کسی مفروضے کی وجہ سے ہی تو ممکن ہوتی ہے ۔ ہو سکتا ہے کہ اس طرح ہی کوئی وسیلہ پیدا ہو جائے ۔ لیکن جب آپ نے یہ طے کر لیا کہ اللہ کو دیکھا جانا ممکن ہی نہیں ۔۔۔ تو اللہ تعالیٰ بھی کہتا ہے ، ٹھیک ہے ۔۔۔ نہیں تو نہ سہی !

وہ تو یوں بھی بے نیاز ہیں۔وَفِیْٓ اَنْفُسِکُمْ ؕ اَفَلَا تُبْصِرُوْنَ(میں تو تمہارے اندر ہوں تو پھر تم دیکھتے کیوں نہیں؟) کہہ دینے کے بعد اللہ تعالیٰ اور مزید کس طرح اور کن الفاظ میں کہیں کہ مجھے دیکھو ۔ سیدھی سی بات ہے کہ اللہ تعالیٰ چاہتے ہیں کہ اُن کو تلاش کیا جائے ، دیکھا جائے ، اُن سے ملا جائے ، تب ہی تو فرمایا، اَفَلَا تّبْصِرون۔ جب تک ہم اللہ تعالیٰ کے کہنے کو مان کر ، اس کی جستجو نہیں کریں گے اللہ تعالیٰ کو دیکھنے پر قادر نہیں ہو سکتے اور نہ ہی اُس کو پا سکتے ہیں۔

عدالت میں آپ کو بطور گواہ طلب کیا جائے اور آپ جا کر کہیں کہ میں نے دیکھا تو نہیں لیکن میں گواہی دیتا ہوں کہ ایسا ہے ۔ اب ظاہر ہے کوئی بھی عدالت ایسی گواہی کو ہر گز بھی تسلیم نہیں کرے گی اور یہیکہے گی جس نے دیکھا ہو ، جو چشم دید گواہ ہو ، اُسے آگے آنے دیں تا کہ وہ گواہی دے سکے۔

اللہ تعالیٰ نے قرآن حکیم میں جہاں یہ فرمایا ہے ۔” اگر سارے سمندر سیاہی بن جائیں اور تمام درخت قلم تو اللہ کی باتیں پھر بھی پوری نہیں ہو سکتیں۔۔۔ وہاں اصل مقصد یہی ہے کہ اللہ کو سمجھنے کے لئے آپ کو محدود طرزِ فکر سے نکلنا پڑے گا ۔ اگر آپ محدودیت میں رہتے ہوئے اطلاعات وصول کریں گے تو آپ محدود ہی رہیں گے۔

اللہ تعالیٰ نے انسان کو اس طرح تخلیق کیا ہے کہ وہ لامحدودیت سے چل کر محدودیت میں داخل ہوتا ہے اور پھر اس پر یہ لازم کر دیا گیا ہے کہ وہ محدودیت سے نکل کر دوبارہ لامحدودیت میں داخل ہو جائے۔ انسان کے اس سفر دنیا کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ انسان اپنی اُن صلاحیتوں کا وقوف حاصل کرے جو اُس کے اندر مستور کر دی گئی ہیں۔ جو انسان اپنے اندر موجود صلاحیتوں سے آگاہ ہوجاتا ہے وہ اللہ تعالیٰ کے قرب کا اہل قرار پاتا ہے ۔ اسی سبب تو اللہ تعالیٰ انسان کو اپنی بہترین صناعی قرار دیتا ہے۔۔۔۔ لیکن المیہ یہ ہے کہ اللہ کی بہترین صناعی نے لامحدودیت سے آگاہ ہونے کے بجائے ۔۔۔ خود کو اسفل ترین محدودیت میں مقید کر لیا ہے۔“

شعور نے اس خیال آفرین کلام کی جھلملاتی لہروں کو نہایت توجہ سے اپنے اندر سمیٹ لیا۔ وہ جان گیا کہ بیان کی گئی روایت میں فرشتے نے ' پیالہ بھر کھوپڑی' کہہ کر دراصل اُس مادی ذہن کی طرف اشارہ کیا تھا جو کہ محدودیت کا سمبل ہے ۔ یعنی اللہ تعالیٰ کے فرستادہ فرشتے نے بچے کے روپ میں آکر راہب کو یہی درس دیا تھا کہ خدائے بزرگ و برتر ایک غیر مادی اور لامحدود ذات ہے۔ اس غیر مادی اور لامحدود ذات کے ادراک کے لئے غیر مادی اور لامحدود حواس درکار ہیں۔

لاشعور نے شعور کی تشنگی اور پیاس کی آگ پر اپنی آگہی کی ٹھنڈی پھوار ڈالنے کو ۔۔۔ اُ س کو مزید نوازتے ہوئے کہا ۔

”انسانی شعور کی محدودیت ہی اس کی اسفل زندگی اور گری ہوئی حالت کی ذمہ دار ہے۔ جب تک شعور اس محدودیت سے آزاد ہو کر ، اس سےباہر نکل کر لا محدودیت سے آشنا نہیں ہو جاتا وہ کسی بھی دوسری مخلوق پر کوئی شرف یا امتیاز نہیں رکھتا۔ دیگر مخلوقات پر انسانی شرف اسی وقت قائم ہو سکتا ہے جب اُس کے شعور کا پھیلاؤ اُس کی محدودیت پر حاوی ہو جائے۔ قرآن ِ حکیم میں ”سلطان“ کا لفظ اسی برتر اور لامحدودیت سے آشنا شعور کی طرف متوجہ کرنے کے لئے استعمال ہوا ہے۔ صرف ایسا شعور ہی یہ جانتا ہے کہ فضائے بسیط دبے کراں سے آگے کیا ہے ؟ ۔۔ انسان دنیا میں آنے سے پہلے کہاں تھا اور مرنے کے بعد کہاں چلا جاتا ہے؟ ہم زندہ کیوں ہیں؟،،، مر کیوں جاتے ہیں؟ ۔۔۔ زندگی کو قائم رکھنے والی توانائی کہاں سے آتی ہے؟ زندگی کن فارمولوں اورEquations پر قائم ہے؟ زندگی ہے کیا؟ ۔۔ اس کا اصل مقصد اور غائیت حقیقی کیا ہے؟

شعور نے یہ باتیں سُنیں تو اس کو ڈھارس ہوئی ۔ اس نے لاشعور سے اس بات کی مزید وضاحت کی درخواست کی۔ لاشعور سمجھ رہا تھا کہ شعور اب اُس سے مزید کس بات کی وضاحت طلب کر رہا ہے۔ لئے اُس نے شعور سے براہ راست مخاطب ہو کر کہا ۔” تمہاری محدودیت کی اصل وجہ تمہاری آرام طلبی اور ذاتی مفاد سے وابستگی کے سوا اور کچھ نہیں۔۔۔ اس سے آزادی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ تم اپنی رفتار بڑھا ؤ۔۔۔ ذاتی مفاد کے بجائے آفاقی طرزوں سے وابستگی کی بنا ء پر شعور کی رفتار اور پھیلاؤ دونوں میں اضافہ ہوتا ہے۔۔ اور اس کا سب سے آسان ، موثر اور مجرب طریقہ ہے۔۔ خدمتِ خلق!

جب انسان اپنی ذات سے ہٹ کر نوع انسانی اور مخلوق ِ خدا کی خدمت کو اپنا شعار بنا لیتا ہے تو اس کا ذہن ذاتی مفاد سے گزر کر آفاقی حدوں میں داخل ہو جاتا ہے اور اس کی رفتار بڑھتے بڑھتے اس قدر زیادہ ہو جاتی ہے کہ وہ ہر فاصلے کی نفی کر دیتا ہے خواہ یہ فاصلہ زمانی ہو یا مکانی ۔ شعوری حدود و قیود ان مکانی اور زمانی فاصلوں سے ہی تشکیل پاتی ہیں۔ اس لئے جب شعوریحدود کی نفی ہونا شروع ہوتی ہے تو لاشعور کی اعلیٰ طرزوں سے روشناسی حاصل ہو جاتی ہے ۔ لاشعور کی یہ اعلیٰ طرزیں کائنات کے نظام اور خالقِ کائنات کی صفات کا عرفان حاصل کرنے میں معاون اور مدد گار ہو کر بالآخر ایک روز ذات ِ الٰہیہ سے قرب و وصل کا ذریعہ بن جاتی ہیں۔

شعور نے طمانیت کے جاں افزا احساس کو اپنے اندر موجزن دیکھ کر لاشعور کی طرف تشکر و اطمینان بھری نگاہ سے دیکھا۔لاشعور کی طرف سے ملنے والے خیال کی ان لہروں نے اُس کے اندر طمانیت اور سکینت کی سی کیفیت بھر دی۔ اس کو کچھ ایسا محسوس ہونے لگا گویا اس کے تمام مسائل کا حل اس کو مل گیا ہے۔ اس کے اندر آگہی کی جوت جھلملانے لگی تو خوشی اور مسرت کا ایک جاں افزا احساس اس کو اپنی لپیٹ میں لینے لگا ۔ وہ ایک عالم سر خوشی میں خود سے یہ عہد کرنے لگا کہ اب آئندہ اپنی محدودیت پہ غالب آنے اور اُس سے نجات پانے کی ہر ممکن کوشش کرے گا۔

اس کو کچھ یوں محسوس ہونے لگا گویا تپتے ریگزار کے ایک راہ گم کردہ مسافر کو نشانِ منزل مل گیا ہے۔ اس نے اپنے دل میں اس بات کا تہیہ کیا کہ اب وہ اپنی پوری توانائیاں اس منزل تک پہنچنے میں صرف کرے گا جس کا نشان اُس کو اُس کے لاشعور نے دیا ہے۔ اب لامحدودیت کی کھوج لگانا اور اس سے ہم کنار ہونا ہی اُس کی منزل تھی۔