Topics

صاحب ِ نکتہ فشاں

 

آستانے کی دیواروں میں طاق نما روزن باہرکے مناظر کو کمرے کے اندرونی ماحول کا ایک حصہ بنائے ہوئے تھے، کمرے میں پھیلی اگر بتی اور پھولوں کی خوشبو شامہ کی تواضع کے علاوہ حواس میں لطافت گھول رہی تھی ۔ سامنے کی دیوار پر تصویر نیچے جلی حروف میں ”ابدال حق حسن اخریٰ محمد عظیم برخیاء المعروفحضور قلندر بابا اولیاء ؒ لکھا ہوا تھا۔ باقی دیواروں پر بھی چند فریم آویزاں تھے۔ ایک فریم میں حضور قلندر بابا اولیاءؒ کا شجرہ نسب ، دوسرے میں اُن کی نسبتِ فیضان کی تفصیل اور دیگر تمام فریموں میں اُن ہی کی ایک ایک رُباعی سیاہ روشنائی سے خوشخط لکھی ہوئی تھی۔ چھت پر زرق برق چمکتی لڑیاں ہوا کے دوش پر لہراتی سجاوٹ کے علاوہ خوشی کے تاثر کو دو چند کر رہی تھیں۔ اس خوشی میں ایک عجب سا دبا دبا احترام و تقدس اُس کو اُس کے وجود سے باہر چھلکنے سے روکے ہوئے تھا۔ اس سے وہ مسرت اپنے بے تکے اظہار کی بجائے اس کے رگ و پے میں دور کرتی اس کو گداگدا رہی تھی۔

یہ سب کچھ اُس کے ذہن میں موجود آستانے کے روایتی تصور سے بہت ہی مختلف تھا۔ مختلف کہاں برعکس تھا۔ رباعیات کی معنویت ، انداز ِ بیان کی سلاست اور مفہوم کے اچھوتے پن کے ساتھ ساتھ ذہن میں اُس فکر انگیز گہرائی کو جنم دے رہی تھی جو تلاشِ عرفان میں ایک زادِ راہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ وہ رباعی کے مفہوم سے لطف لیتے لیتے کہیں دور نکل گیا۔ اس کی نگاہ حضور قلندر بابا اولیاءؒ کی تصویر سے چپکی ہوئی تھی ۔ اس کو اچانک یوں محسوس ہوا کہ تصویر میں موجود چہرے پر مسکراہٹ سی پھیل گئی ہو۔

آستانے کے اندر بچھے دبیز قالین پر بیٹھے وہ اُس تصویر کو دیکھے جا رہا تھا ۔ اُس عطر بیز ماحول میں کچھ ایسی بات تھی کہ اس کو خواب آور خمار آنے لگا۔ آنکھیں مندنے اور پلکیں بوجھل ہونے لگیں اور وہ گرد و پیش سے بے خبر ہوتا چلا گیا۔ نہ جانے وہ کتنی دیر اس حال میں گرد و پیش سے ہی نہیں خود اپنے آپ سے بھی بے خبر وہاں بیٹھا رہا اور نہ جانے کب تک بیٹھا ہی رہتا کہ کہیں دور ایک مدھر سی گھنٹی بجی۔ گھنٹی کی سریلی آواز سن کر وہ لاشعوری حواس سے نکل کر شعور میں واپس پلٹ آیا۔ قریب بیٹھے احمد صاحب سے آنکھیں چار ہوئیں۔ اُنہوں نے آنکھوں ہی آنکھوں میں اُس سے پوچھا ۔” چلیں ؟“ اُس نے ایک معمول کی طرح اثبات میں سر ہلا دیا۔

آستانے سے باہر نکل کر بائیں طرف احمد صاحب کے مرشد کریم کا کمرہ تھا۔ اپنی بناوٹ میں وہ ایک سادہ سا کمرہ تھا۔ اس کے دروازے پر چق پڑی ہوئی تھی۔ کمرے کی کھڑکیوں پر بھی چقیں گری ہوئی تھیں۔ وہ چق اٹھا کر کمرے کے اندر داخل ہوئے۔ وہاں تین چار افراد ، سلیقے سے بچھے قالین پر ادب سے اس طرح بیٹھے ہوئے تھے کہ اُن کے بیٹھنے سے ایک نیمدائرہ سا بنا ہوا تھا۔ اُس دائرے کے مرکز میں بیٹھے وہ صاحب اُس کو بالکل بھی اجنبی نہیں لگے۔ اُس نے اُن کی تصویر دیکھی ہوئی تھی لیکن اُس کو یہ شناسائی اس سے بہت بڑھی ہوئی لگی۔ ان کے اندر داخل ہونے پر مرکزِ حلقہ سے مسکراہٹ کی ایک لہر اٹھی اور پورے کمرے کو بھرتی چلی گئی۔ چہرے پر مسکراہٹ سے زیادہ معصومیت اور بچپنے کی تازگی لئے وہ بزرگ صورت صاحب فرش پر ہاتھ رکھ ٹیک کر اٹھے اور اپنی جگہ کھڑے ہو کر اپنی بانہیں پھیلا دیں ۔ سفید صدری کے اوپر ململ کے کُرتے اور لٹھے کی شلوار میں ملبوس میانہ قامت ، سفید خشخی داڑھی ، نیم وا آنکھوں ، کشادہ اور روشن ماتھے والے وہ صاحب اُس کو دلپذیر لگے۔

جب احمد صاحب اُن سے گلے ملنے آگے بڑھے تو اُس کو کچھ یوں لگا گویا احمد صاحب کچھ سکڑ سے گئے ہیں۔ ڈیل ڈول میں قدرے جسیم ہونے کے باوجود اُس وقت وہ اُس کو اپنے باپ کے سینے سے لگے ایک چھوٹے سے بچے کی مانند لگے۔ اُن کے اندازِ معانقہ میں عقیدت ، بے تکلفی ، احتیاط ، پیار ، والہانہ پن اور بے ساختگی کچھ اس طرح سے گھلے ملے ہوئے تھے کہ وہ تمیز ہی نہیں کر پا رہا تھا کہ کس جذبے کا رنگ نمایاں ہے۔

احمد صاحب اپنے مرشد سے گلے مل کر ہٹے تو اُسی شفقت اور دھیمے پن سے انہوں نے اُس کو بھی اپنے سینے سے لگا لیا۔ جب وہ اُن سے گلے ملنے کو آگے بڑھ رہا تھا تو اُس کے لیے یہ محض ایک رسمی سی بات تھی لیکن ان سے گلے ملتے ہی اُس کو گرم جوشی ، محبت اور پیار کی فراوانی کا ایک ایسا احساس عطا ہوا جس سے اس سے پیشتر اُس کا سابقہ کبھی نہیں پڑا تھا۔ اس کو یوں محسوس ہوا کہ سکون اور ٹھہراؤ ، بے سکون اور قرار نا آشنا لوگوں کو کسی برقی روہی کی مانند جھٹکا بھی دیتے ہیں۔

وہ اُن سے مل کر ہٹا تو اُس کو اپنے اندر کسی اعزاز سے نوازے جانے پر فخر کی سی کیفیت اُبھرتی محسوس ہوئی۔ غیر محسوس طور پر اس کی گردن تن سی گئی۔ احمد صاحب نے فرش پر بیٹھ چکنے کے بعد اُس کا تعارف کرواتے ہوئے اُن کو بتایا۔ ”انہوں نے آپ کی تمام کتابیں پڑھی ہیں اور آپ سے ملاقات کا اشتیاق رکھتے تھے۔“ سر جھکائے ہوئے انہوں نے یہ بات سُنی اور سُن کر سر اُٹھایا۔ ان کے پتلے پتلے ہونٹوں پر مسکراہٹ مزید نمایاں ہوگئی اور کہا۔

”اجی کرتا تو سب اللہ ہی ہے۔ نام اپنے بندے کا کر دیتا ہے۔“

اس سے ملتے جلتے فقرے اس نے زندگی میں کئی بار سُنے تھے لیکن جس انداز میں یہ بات آج کہی گئی تھی وہ انداز اُس کے لیے نیا تھا۔ اس انداز میں کہی جانے والی بات میں آگہی ، یقین اور خلوص شامل تھا۔ اُس نے سوچا کہ اگر میں اس فقرے کی بابت اپنی ذات کے حوالے سے سوچوں تو بھی یہ بات درست ہی ہوگی کیونکہ میرا یہاں موجود ہونا اللہ ہی کا کرنا ہے لیکن نام میرا ہی ہو گیا کہ میں ان سے ملنا چاہ رہا ہوں۔ جملے کی گہرائی اور ہمہ جہتی پن نے اس میں جو بلاغت پیدا کر دی تھی وہ اپنی سلاست اور فطری پن کے سبب اُس کو اور بھی بھلی لگی۔ اُس نے سوچا کہ واقعی کرتا تو اللہ ہی ہے اور نام بندوں کا کر دیتا ہے ۔ اس فقرے کو اس نے جتنی بار بھی ذہن میں دُہرایا ہر بار اس کو ایک نیا ہی لطف آیا۔

خاموشی کے اُس وقفہ کو وہاں بیٹھے ایک صاحب نے ایک سوال پوچھ کر اختتام بخشا ۔۔ وہ بہت دور کی کوڑی لائے تھے ۔ انہوں نے سوال پوچھا۔

”صاحب جب سب کچھ اللہ ہی کرتا ہے اور انسا ن اُ کے سامنے مجبور ِ محض ہے تو پھر جہنم اور سزا کیسی؟

سوال کے اختتام اور علمِ لُدْنی سے آراستہ بندے کی طرف سے جواب آنے کے دو چار سیکنڈ کے مختصر سے وقفے میں فلسفہ جبر و قدر پر پڑھی گئی ، سُنی ہوئی ہر بات اُس کے ذہنمیں تازہ ہوتی چلی گئی۔ اس کی نگاہیں ، اپنے سامنے بیٹھے ہوئے ، سر کو جھکائے ، بات کو پوری توجہ سے سننے والے بندے کے چہرے کا احاطہ کیے ہوئے تھیں۔ ان کے چہرے پر پھیلی معصومیت اور مُسکان سے اس کو کچھ اندازہ نہیں ہو پا رہا تھا کہ وہ اس پیچیدہ مسئلہ کی بابت کیا کہیں گے۔ اُس کا پورا وجود اس سوال کا جواب سننے کے لئے ایک کا سۂ سماعت بن گیا تھا۔ اُس کی پوری توجہ اُن کے ہونٹوں کے ادا ہونے والے الفاظ کا احاطہ کرنے کے لئے سمٹ کر ایک نکتے پر مجتمع ہو گئی تھی۔ وہ منتظر تھا کہ دیکھیں آپ اس گھمیر گتھی کو کیونکر سلجھاتے ہیں؟ یہ وہ سوال تھا جس کا کوئی ایسا تسلی بخش جواب وہ آج تک نہ پا سکا تھا جو اس کو شانت کر دیتا ۔

اس ضمن میں عموماً تین نظریات پائے جاتے ہیں ۔ ایک کے مطابق انسان مجبورِ محض ہے جبکہ دوسرے کے مطابق اشرف المخلوقات ہونے کے ناطے آزاد خود مختار۔۔۔ اور تیسرے مکتبہ فکر کے مطابق وہ کچھ باتوں میں مجبور و پابند اور کچھ باتوں میں آزاد و خود مختار۔ اُس نے ان تینوں نظریات کا کافی گہرا مطالعہ کیا تھا۔ لیکن اس لحاظ کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا تھا کہ وہ کون سی باتیں ہیں جن کی بابت انسان مجبور ہے اور وہ کون سے امور ہیں جن کو انسان خود مختاری سے نپٹانے کا اختیار رکھتا ہے۔

اُس لمحے وہ پوری طرح سے تجسس اور توقع کی گرفت میں جکڑا ہوا تھاوہ ہمہ تن گوش ، آگہی کو حاضر رکھے ، اپنی سماعت کو مستعد کئے پوری طرح چوکنابیٹھا تھا کہ نرم اور کومل سی آواز ، میٹھے اور مدھر سے لہجے میں ادا ہونے والے الفاظ اس کے شعور میں ایک سوال بن کر داخل ہوئے۔

”جب کوئی بچہ چوری کرتا ہے تو کیا آپ اُس پر کوئی حد جاری کرتے ہیں؟“

کمرے میں موجود سب افراد کے سر نفی میں ہلے یا نہیں لیکن خود اس کا سر نفی میں ضرور ہلا۔ چند لحظہ توقف کے بعد انہوں نے فرمایا۔

”آپ اللہ کے سامنے معصوم بچے بن کر زندگی بسر کریں گے تو آپ جہنم اور سزا دونوں سے محفوظ ہو جائیں گے۔“

سب ہی مسکرا دیئے لیکن اس کو ہنسی اگئی۔ اتنی صاف اتنی آسان ، اتنی واضح ، اتن دو ٹوک اور مختصر بات ۔ لطفِ آگہی نے اپنے اظہار کو احترام ِ بزرگی پسِ پشت ڈالتے ہوئے ہنسی کا انتخاب کیا تھا۔ اس کی آواز خنداں پر سب نے پلٹ کر اُس کو دیکھا ۔۔ لیکن کسی کی نگاہوں میں اس کے لئے سرزنش یا تادیب نہ تھی۔ وہ سب بھی مسکرارہے تھے۔ اُس نے اپنا سر جھکا لیا۔

اللہ کے آگے بچے ، اس نے چشم تصور سے خود کو ایک چھوٹا سا بچہ دیکھا جو اپنے باپ کی شفقتوں کی چھاؤں میں شوخی پر اُتر ا ہوا تھا۔ وہ ہزار طرح سے مجبور ہونے کے باوجود اپنے بچپنے کی عادت کے سبب معصوم تھا۔ لیکن بچپنے کی معصومیت کے پیچھے لاعلمی اور انجانے پن کا کسی قدر ہاتھ ہوتا ہے ۔ اس نے چند لحظہ اس بات پر غور کیا اور سوال مرتب کرنے کے لیے الفاظ کو ترتیب دینے لگا۔ ابھی وہ سوال تراش ہی رہا تھا کہ انہوں نے اپنی بات بڑھائی۔

”اصل میں بچپن میں انسان کا تعلق شعور کی نسبت لاشعور سے زیادہ مستحکم ہوتا ہے ۔ اس لیے وہ شعور کی محدودیت سے محفوظ رہتا ہے اور خوش بھی رہتا ہے۔ شعور کی جکڑ بندیوں کو انسان نے علم و آگہی کا نام تو دے دیا لیکن اصل حقیقت کیا ہے؟ یہ بات اس کے علم میں نہیں۔ آپ کسی بھی چیز کی بابت بات کر کے دیکھ لیں اس کے بارے میں آپ کو ایک سے زیادہ آراء ملیں گی۔ یہ بات خود اس امر کا ثبوت ہے کہ حقیقت اور اصلیت کا کسی کو علم نہیں۔ کیونکہ کسی ایک حقیقت کی بابت ایک سے زیادہ آراء کیسے ہو سکتی ہیں۔ اور جب حقیقت اور اصلیت کا کسی کو علم ہی نہیں تو اُس کی بابت رائے کیسے رکھی جا سکتی ہے ، علم کے بغیر رائے رکھنے کی ہمیں بہت عادت ہے۔ اگر حقیقت اور اصلیت کا سراغ لگانا مقصود ہے تو شعور کو لاشعور کی رہنمائی میں چلنا سیکھنا ہوگا۔ بالکل اسی طرح جس طرح ایک بچہ اپنے بڑوں کی نگرانیاور سرپرستی میں رہتا ہے ۔“

اندازِ بیان کی ندرت ، بات کا نیا پن اور زاویۂ نظر کی جدت دیکھ کر اس کو بات کہنے والے پر پیار سا آگیا۔ اس نے پیار کی چلمن سے ڈھکی نگاہوں سے ان کی طرف دیکھا۔ اس کا جی چاہا کہ وہ بھی انہیں بابا جی کہہ کر مخاطب کرے۔ اُن سے وہ کوئی ایسی بات دریافت کرے کہ وہ بولتے رہیں اور وہ سنتا رہے۔ کافی دیر تک اس گومگو میں رہنے کے بعد جب وہ اپنی اس خواہش کو مزید دبائے رکھنے سے عاجز آگیا تو اس نے اپنے ذہنمیں دبی ایک بہت پرانی پہیلی کا جواب جاننے کو اُن سے دریافت کیا۔

”بابا جی! یہ شجرِ ممنوعہ کیا ہے؟“

جواب میں محض ایک سہ لفظی جملہ کہا گیا۔

”نافرمانی کا درخت !“

 یہ جواب اس کے پلے نہیں پڑا۔

”نافرمانی کا درخت“ ، بھلا یہ کیا بات ہوئی؟ اس کو اس موضوع پر ایک طویل تقریر کی توقع تھی۔ وہ تو کچھ فلسفیانہ موشگافیوں اور منطقی دلائل کا منتظر تھا۔ دانۂ گندم اور سیب کی تمثیلوں کی پردہ کُشائی کا مُتمنی تھا۔ شیطان نے حضرت آدم کو ابدی اور لافانی زندگی کا لالچ دے کر بہکایا تھا۔ آخر وہ کیسا درخت تھا۔ اس پر اور کچھ نہیں تو کم از کم ایسے پھل تو ضرور ہونے چاہیے تھے جو آبِ حیات کی صفات رکھتے۔ اُس نے اِس مخمصے کو حل کروانے کے لیے ایک سوال اور پوچھا۔

”جناب بعض لوگ اس درخت کا رشتہ شجرہ کے لفظ کی رعایت سے شجرۂ نسب سے بھی تو جوڑتے ہیں۔ اس بارے میں آپ کیا ارشاد فرمائیں گے؟“

اسی ہموار لیکن مضبوط لہجے میں کہا گیا۔

”میں نے کہا نا کہ یہ ایک نافرمانی کا درخت تھا۔“

کہنے کے انداز میں کچھ ایسی بات تھی کہ اس کے ذہن کے اندر ایک جھماکا سا ہوا۔ وہ درخت کیا تھا ؟ کیسا تھا؟ اس کے بجائے اُس کو یہ سمجھنا چاہیے کہ قرآن کی وہ آیت جس میں شجرۂ ممنوعہ لا تذکرہ ہے ۔۔متشابہات میں سے ایک بتائی جاتی ہے، اس لیے وہ کوئی مادی درخت تو ہوگا نہیں ۔ تمثیلی انداز میں بیان کی گئی بات کا مفہوم یہی ہوگا۔ نافرمانی کی شاخ در شاخ بڑھنے کی صفت اور صلاحیت کے پیشِ نظر ہی اُس کو درخت سے تشبیہ دی گئی ہے۔

اب ظاہر ہے کہ نافرمانی کے درخت کے درخت کاپھل بھی نافرمانی کے بیجوں ہی کے حامل ہوں گے ۔ اس کے منہ سے بے ساختہ نکلا۔”وہا، بہت خوب!“ ۔۔اور ساتھ میں اُس کا سر داد دینے کے انداز میں مسلسل اوپر نیچے ہلنے لگا۔ اس نے بہت بڑے بڑے الفاظ میں چھوٹی چھوٹی باتوں کو بیان ہوتے تو اکثر سُنا تھا۔ طویل کلام میں مفہوم کے موتی تلاش کرتے کرتے اُس کی سماعت چھلی اور ادراک دریدہ ہونا اک معمول تھا مگر ہاتھ پھر بھی کچھ نہ لگتا۔ جوشِ گفتار اور عالمِ تقریر میں مُدعا عنقا ہی رہتا۔ لیکن موجودہ صورتِ حال اُس کے لئے نئی اور حیرت آمیز تھی۔ اتنے مختصر کلام میں اتنی وضاحت ، ایک چھوٹے سے جملے میں اتنا بڑا مفہوم۔ اعجازِ بلاغت اسی کو کہتے ہیں۔ قادر الکلامی اور بھلا کیا ہوگی۔ اس کا جی چاہا کہ وہ یہ سب باتیں اُن سے کہہ بھی دے لیکن وہ کچھ بھی نہ کہ سکا اور خاموش بیٹھا رہا۔

اس کو وہاں بیٹھنا اچھا لگ رہا تھا۔ لطف و انبساط کی ایک ناقابلِ بیان کیفیت نے اس کو اپنی گرفت لیا ہوا تھا۔ ایک عجیب مدھم سا دھیما دھیما کیفیت و سرور اس کے اندر اُترتا چلا جا رہا تھا۔ وہاں بیٹھے ہوئے لوگوں کی عقیدت میں ادب و احترام ہی نہیں بلکہ سرور آمیز بے تکلفی بھی گھلی ہوئی تھی ۔ اُن کو اُن کا احترام کرنے کے لئے خود پر بھی کوئی جبر نہیں کرنا پڑ رہا تھا۔ ان کا جی چاہ رہا تھا کہ وہ اس محترم اور عالی مقام بزرگ کا احترام کریں اور جب کسی کام کو بندے کا اپنا جی چاہ رہا ہو تو وہ کام بوجھ نہیں لگتا۔ اُس کو لطف آرہا تھا۔ اس نے سوچا اتنے طویل سفر کے بعد بھی وہ ترو تازہ اور پر لطف کیوں محسوس کر رہا ہے۔ اس کا موڈ بھی خوشگوار ہے۔ یہ شاید یہاں کے موسم کا اثر ہے یا پھر اس جگہ کی کوئی خصوصی تاثیر ہے۔

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

 

حرا

مرکزی مراقبہ ہال کی مغربی دیوار کے قریب اُس نے سبز کلس کا ایک گنبد سا دیکھا۔وہ اس جانب بڑھا۔ وہ ٹین سے بنا چھتری نما چھت والا ایک کنواں تھا۔ چرخی کے علاوہ موٹر کے ذریعے بھی پانی اُٹھانے کا اہتمام تھا۔ کنویں کا چبوترا ایک فٹ بلند سیمنٹ کا بنا ہوا تھا۔ منڈیر پر سرخ پینٹ نے اُس کو جاذبیت سے مزین کر رکھا تھا۔ لوہے کے چار ستونوں کے اوپر سبز چھت ، پس منظر میں تین اطراف میں سبز لان اور ان میں کھلے پھول ہی پھول۔ اس نے یوں تو کئی کنویں دیکھے تھے ، گاؤں ، دیہاتاور شہروں کے کنویں۔۔ لیکن اس کنویں کی تعمیر میں نفاست ، حسن تعمیر اور سادگی اُس کو جذب کر کے کشاں کشاں اس کی منڈیر تک لے گئی۔

پانی بیس پچیس فٹ نیچے تھا۔ کراچی میں اس گہرائی پر پانی یقیناً کھارا ہی ہوگا ۔ اس نے ابھی پانی کے کھارے پن کو دور کرنے کی باب پوچھنے کی بات سوچی ہی تھی کہ احمد صاحب اس کو بتانے لگے کہ اس کنویں کے پانی میں امراضِ معدہ کے لیے خصوصی شفا دیکھی گئی ہے۔ یہاں نیچے شاید کوئی چشمہ تھا۔ جب کھدائی کی گئی اور جو پانی نکلا اس کا لیبارٹری ٹیسٹ کروایا گیا تو معلوم ہوا کہ یہ تو منرل واٹر ( معدنیاتی پانی) ہے۔ اس معدنیاتی پانی کا نام آبِ شفا رکھا گیا۔ یہ کہتے ہوئے انہوں نے ربڑ کا ڈول کنویں میں ڈال دیا ۔ چھپا کے کی آواز کی گونج کنویں کی تہہ سے اُبھری اور اس آواز کی لہروں سے بہت دور کہیں ماضی کا ایک منظر اس کے ذہن کی اسکرین پر اُبھرتا چلا گیا۔

صحرا میں آبادی سے دور ایک نخلستان میں ایک قافلہ آ کر ٹھہرا ہے۔ نخلستان میں ایک کنواں بھی ہے۔ مٹی کی منڈیر والے اس کنویں سے پانی لینے کے لیے مسافر ڈول ڈالتے ہیں ۔ چھپا کے کی گونج کے ساتھ ساتھ ایک اور آواز بھی آتی ہے۔ مجھے بچاؤ ! ڈول ڈالنے والا مسافر ساتھیوں کو پکارتا ہے کہ کنویں میں کوئی ہے۔ قافلے کے لوگ کنویں کی مندیر کے گرد اکٹھے ہو جاتے ہیں۔جھانک کر دیکھتے ہیں تو ایک لڑکا کنویں کے اتھلے پانی میں ڈول کی رسی پکڑے کھڑا اوپر دیکھ رہا ہے۔ اس کو اوپر کھینچا جاتا ہے ۔ دیکھنے والے اس کی معصومیت اور حُسن پر فدا ہوئے جا رہے ہیں دریافت کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ برا دران ِ یوسف نے اس کو اپنے حسد کے ہاتھوں تہہ نشین کر دیا تھا۔ اب مشیت الٰہی اس کو اوپر اٹھانے کا انتظام کر رہی تھی۔

اس زمانے کے دستور کے مطابق کسی کی جان بچانے والا اس کا مالک قرار پاتا تھا۔ انہوں نے سوچا کہ اگر اُس کو آزاد کر دیا اور یہ اپنے بھائیوں کے ہاتھ چڑھ گیا تو اس بار شاید وہ اُس کو جان سے ہی مار ڈالیں گے اور اگر وہ اُس کو اپنے ہمراہ رکھیں تو ایک عرصہ تک اُس کے خورد و نوش اور کپڑے لیتے کی ذمہ داری کون اُٹھائے گا؟ لہذا شہر پہنچ کر اس کو فروخت کر کے اپنے فائدے اور اس معصوم فرشتہ صورت لڑکے کی آئندہ بہتری کی ایک صورت پیدا کر دی گئی۔

”آپ کہاں کھو گئے ۔ یہ لیں پانی ، یہ پانی پی کر دیکھیں!“ احمد صاحب نے کہا۔ اس نے بے خیالی میں ان سے پانی کا گلاس لے کر پی لیا۔ وہ اپنی کیفیت پہ حیران سا تھا اس کو قدم قدم پر کہاں کہاں کی باتیں سوجھ رہی تھیں۔

ہر آبادی کی بنیاد پانی ہے۔ جہاں آبادی ہوگی وہاں پانی ضرور ہوگا اور جہاں پانی نہیں اسے صحرا اور ویرانہ کہتے ہیں۔ صحراؤں میں سراب بہکاتے اور ویرانوں میں آسیب ڈراتے ہیں۔ جہاں پانی ہوتا ہے وہاں زندگی دھڑکتی ہے اور رونقیں کروٹیں لیتی ہے۔ سرابوں اور آسیبوں کو تحلیل کرنے میں پانی جو کر دار ادا کرتا ہے۔ اس کو بھلا کون نظر انداز کر سکتا ہے۔ ہاجرہ کی سعی کے پیچھے انہیں سرابوں اور آسیبوں کا خوف اور دہشت رہی ہوگی جو وادی بطحہ کے ریگزاروں اور بے آب و گیاہ ٹیلوں پہ جانے کب سے قیامِ پذیر تھے اور جونہی اس صحرائی بیابان میں ننھے اسماعیل کی معصوم حرکت نے زندگی کا بہاؤ اپنے ننھے ننھے پیروں تلے بہانا شروع کیا تو ماں بے اختیار ہو کر پکار اُٹھی زم، زم یعنی تھم جا تھم جا۔ ننھے اسماعیل کی ماں نے جس بہاؤ کو آج سے صدیوں قبل روکا تھا وہ آج بھی وہیں تھما ہوا بہہ رہا ہے ۔ لاکھوں کروڑوں انسان آج بھی اس سے سیراب ہونے کشاں کشاں وہاں پہنچ جاتے ہیں۔ اس نے سوچا جہاں کنواں ہو وہاں سرابوں اور آسیبوں کی پیش نہیں چلتی۔۔۔ چل ہی نہیں سکتی۔

اس پانی کو پی کر سیراب ہونے کے جاں فزا ء احساس کے تحت اُس نے احمد صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ وہ احمد صاحب سے اس بارے میں بات کرنے کو الفاظ تول ہی رہا تھا کہ انہوں نے اُس کو ایک جھاڑی دار پودے کی طرف متوجہ کرتے ہوئے پوچھا۔

”آپ نے پہلے کبھی یہ پودا دیکھا ہے؟“

اُس نے اس پودے کو دیکھا۔ اس کے پتوں کی بناوٹ میں بیضوی پن نمایاں اور ان کی اوپری سطح نچلی سے زیادہ گہری سبز اور چمک لئے ہوئے تھی۔ پتے قدرے رُوئیں دار اور شاخیں لچکیلی۔ اس نے نفی میں سر ہلادیا۔ تو احمد صاحب نے اُس کو بتایا کہ وہ زیتون کا پودا ہے۔

”زیتون؟ اچھا تو یہ ہے زیتون“ ۔۔اُس نے استعجاب کا اظہار کیا۔ اس کی بابت تو اللہ نے قرآن حکیم میں قسم کھائی ہے اور اس کو بہترین اوصاف کا حامل قرار دیا ہے ۔ نزولِ قرآن سے پیشتر بھی لوگ اس کی اعلیٰ صفات اور فوائد کو تسلیم کرتے ہوئے اس کی لچکیلی شاخوں سے بنا تاج عزت و سرفرازی کے طور پر میدان مارنے والوں کو پہنایا جاتا تھا۔ اس کا تیل کھانے ، پکانے ، لگانے اور جلانے کے لئے عالم میں انتخاب مانا جاتا ہے۔اس کی شفا بخشی کے بارے میں حکماء کی غلو آمیز رائے یہ ہے کہ یہ مُردے کو زندہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ جب یہ پودا درخت بن جائے گا اس پر پھول لگیں گے وہ پھول زیتون کا پھلبنائیں گے۔ اس پھل سے تیل حاصل ہوگا۔ وہی تیل جس کا تذکرہ آیت نور میں کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ نے اُس کی روشنی کو اپنے نور کی مثال قرار دیا ہے۔

ایک روایت کے مطابق زیتون مردانہ اور انجیر زنانہ اوصاف کا حامل پودا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے زیتون سے پہلے جس پھلدار پودے کی قسم کھائی ہے وہ انجیر ہے۔ اس کی نظریں کے انجیر کے پودے کی تلاش میں اِدھر اُدھر گھوم گئیں۔ اس قطعہ سبزہ میں ناریل ، بادام اور فالسے کے پودے سے ہوتی ہوئی بالآخر انجیر کے درخت پر آن کر ٹک گئیں۔ اُس کو اک گونہ خوشی سی ہوئی۔ اگر وہ انجیر کا پودا وہاں نہ پاتا تو شاید اُس کو دُکھ ہوتا۔ اُس نے انجیر کو دیکھتے ہوئے سوچا اللہ تعالیٰ نے ”واتسین والزیتون “ کہہ کر صنف اناث کو جو تقدیم عطا فرمائی ہے، آج مہذب اقوام میں بھی اس کا لحاظ رکھتے ہوئے۔۔”خواتین وحضرات“۔۔۔ کہہ کر لوگ شاید اسی ریت کی پیروی کرتے ہیں۔

”یہاں اس مرکزی مراقبہ ہال میں کم و بیش بتیس تینتیس قسم کے پھلدار پودے لگے ہیں۔ جن میں لیچی اور شفتالو سے لے کر امرود اور شہتوت تک سب ہی قسم کے پھلوں کے درخت لگے ہیں۔“ احمد صاحب نے بتایا۔

بظاہر ایسا لگتا تو نہیں ، اس نے سوچا۔۔۔ اور اس کی وجہ یہ سمجھی کہ ہر پھل کے ایک ایک دو دو پودے ہی ہوں گے ورنہ بادام کے پودے سے پلٹ کر اس نے جنوبی سمت بنی عمارت کی طرف دیکھا۔ نظر عمارت کے پہنچنے سے پیشتر بیس پچیس فٹ بلند کرسمس ٹری کی چوٹی پر لگے بلب پر پڑی۔ نگاہ اتنی بلندی پر لگے بلب پر مرتکز ہوئی تو اس نے دیکھا کہ پورا پودا درخت چھوٹے چھوٹے قمقموں کی لڑیوں سے سجا ہوا تھا نہ صرف یہ بلکہ تقریباً ہر درخت اور ہر پودا ہی لڑیوں سے آراستہ تھا۔

”یہ دیکھیں!“

احمد صاحب نے اس کو زمین میں قدم آدم گہرائی کے ایک مربع تالاب نما گڑھے کی طرف متوجہ کیا۔ اُس تالاب نما جگہ میں اُترنے کے لیے سیڑھیاں بنی ہوئی تھیں۔ تہہ سے تقریباً ایک فٹ اوپر لوہے کا ایک اہرامی شکل کا ڈھانچہ اس طرح سے نصب کیا گیا تھا کہ اس کی نوک تالاب کے مرکزی نقطے کے عین اوپر تھی۔ کنارے پر ایک چھوٹی سی نیلی تختی پر ”حرا“ لکھا ہوا تھا۔ اس تالاب نما جگہ میں اہرام کی شکل والے اس ڈھانچے کو حِرا سے کیا نسبت ہو سکتی ہے؟ شعور میں یہ سوال لہرایا۔ حرا تو اس غار کا نام تھا جہاں نبی کریم ﷺ پر پہلی وحی نازل ہوئی تھی۔ اس نے کچھ دیر غور کیا اور جب وہ کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکا تو اس نے پوچھ ہی لیا۔

”یہ غارِ حرا کا کیا مطلب ہوا؟“

احمد صاحب نے کہا۔” حرا کے اصل معنی غور و فکر ، سوچ و بچار اور ریسرچ کے ہیں۔ حضور ﷺ غارِ حرا میں غور و فکر کرنے ہی تشریف لے جایا کرتے تھے۔ اب یہ امر تحقیق طلب ہے کہ اگر اس غار کانام حضورﷺ کے وہاں جانے سے پیشتر ہی غارِ حرا تھا تو اس کی وجہ اور تاریخ کیا تھی اور اگر یہ نام حضور ﷺ کے دور میں رکھا گیا تو اس کی معنویت پر کتنے لوگ متوجہ ہوئے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اہرام کی شکل کا ڈھانچہ اس کے اندر بیٹھنے والے کے سر کے اوپر بالکل وہی زاویہ معلق کرتا ہے جو غارِ حرا کی پتھریلی چٹانوں کے اندر وہاں بیٹھنے والے کے سر پر قدرتی طور پر بنتا ہے اور دوسرے یہ کہ اہرام کی ہندسی شکل کے سبب یہ اہرام مصر کے اندر بننے والے زاویئے سے مناسبت کے سبب اس توانائی کو جو اہرام مصر کے اندر چیزوں کو گلنے سڑنے سے محفوظ رکھتی ہے، ہمارے جسم میں سے گزرتی ہے اور اُس کو سیراب کرتی ہے یعنی معنوی طور پر یہ جگہ مراقبہ کے لئے ایک مثالی جگہ ہے۔ اپنے نام کی مناسبت سے یہ ہمیں غورو فکر کرنے کی اس طرز کی طرف متوجہ کرتی ہے جو حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات کا خاصہ ہے اور فوائد کے اعتبار سے اس طرز ِ فکر کو اپنانے والے کو اسی پائیداری ، استحکام اور فنا پزیری سے آزادی کی نوید دیتی جو اہرام جسے اسٹریکچر سے منسوب سمجھی جاتی ہے۔“

وہ مبہوت ہو کر احمد صاحب کی باتیں سن رہا تھا۔ اس اثنا میں وہاں چند ایک افراد اور بھی آگئے تھے۔ وہ بھی اُن کی باتوں سے محظوظ ہو رہے تھے۔ ان میں سے ایک صاحب نے لطف لیتے ہوئے سوال کیا ۔۔۔”اور یہ گہرائی میں کیوں بنایا گیا ہے؟“

احمد صاحب نے برجستگی سے جواب دیا ”قبر کی یاد دلانے “ ۔۔۔ سب نے ایک قہقہ لگایا۔ اُس نے سوچا کہ بات تو ٹھیک ہی ہے۔ اس فانی زندگی سے آگے کی لافانی زندگی کی طرف متوجہ کرنے اور یہ محسوس کرنے کے لئے کہ ابدی نیند سونے کے دورانہمیں جس وسعت اور کشادگی کی ابدی نعمت حاصل ہوگی وہ یہاں زمین کی سطح نیچے اُترنے کے بعد مراقبہ کرنے کی صورت میں وقتی اور لمحاتی طور پر مبنی تجربے میں آتی ہے۔

ایک حدیث کا مفہوم اس کے شعور میں اجاگر ہو گیا ” مر جا ؤ مرنے سے پہلے “ کا ایک پہلو یہ بھی تو ہے کہ اس زندگی میں ہی آنے والی زندگی سے روشناس ہو لیا جائے اور اس کے لئے یہ اہتمام بہت ہی گہرے تفکر کا غماز ہے۔

ایک اور صاحب جو انگریزوں کے سے لہجے میں ارسو بول رہے تھے ، کہنے لگے ” حرا کو اہرام مصر سے کیا نسبت ہے جو یہاں ان دونوں کو مجتمع کر دیا ہے۔“

پہلی نسبت تو یہ ہے کہ دونوں ہی نبیوں سے متعلق ہیں۔ اہرام مصر حضرتیوسف علیہ السلام اور حرا حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے متعلق ہیں۔ ایک دبلے پتلے کو تاہ قامت نوجوان نے گفتگو میں حصہ لیتے ہوئے کہنا شروع کیا۔” دوسرے یہ کہ ان دونوں کی جیومیٹریکل ساخت میں ایک مناسبت ہے۔ اہرام اپنی متناسب ساخت کی وجہ سے مادی اشیاء کی شکست وریخت کو روکتا ہے۔ اس کی ساخت ایسی ہوتی ہے کہ وہ زمین کے اندر بہنے والی مقناطیسی لہروں کو ایک نقطے پر مرتکز کر دیتا ہے۔مقناطیسی لہروں کے ارتکاز کے سبب مادی اشیاء سے توانائی کا اخراج رُک جاتا ہے اور وہ عرصہ دراز تک خراب ہونے سے محفوظ ہو جاتی ہیں۔ غارِ حرا کو حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام سے جو نسبت ہے اس کے تحت افکار و خیالات میں استحکام اور بقا کا عمل بڑھ جاتا ہے ۔ یعنی اگر ایک مادی اجسام کو دوام دینے کے لئے استعمال ہوا تھا تو دوسرا فکر و خیال کی بقاء کی علامت ہے۔ اس کے علاوہ اس میں یہ بات بھی مضمر ہے کہ انبیاء کی طرزِ فکر کی پیروی کرنے اور اس کو اپنانے والوں کو ایسا ہی دوام میسر آسکتا ہے جیسا تاریخ انسانی میں اہرام کی عمارت کو حاصل ہوا ہے۔“

ماشاء اللہ بہت خوب ، یہ بات ان سب کی دل کو لگی ۔ اُس نے سوچا یہاں تو ہر آدمی اُس سے زیادہ جانتا ہے۔ جس کی بھی سنو ۔ اُس کو ایک نئی بات ہی کہتے سن کر اُس کو اچھا لگا۔ وہ شاید یہی کچھ چاہتا تھا۔