Topics
اُس گھنے جنگل میں ہر طرف راستے بکھرے
ہوئے تھے لیکن ہر راہ بے نشان ، ہر راستہ کسی نہ کسی منزل کی طرف ضرور جاتا ہوگا
لیکن جس منزل کی اس کو تلاش تھی اس کا راستہ اس کو مل نہیں پا رہا تھا۔ کبھی وہ
ایک طرف جاتا اور کبھی دوسری طرف اگر یہ جنگل نہ ہوتا ، یہ اونچے اونچے سر بلند
درخت نہ ہوتے تو اس کو منظر واضح اور وسیع ملتا اور وہ افق تک دیکھنے کے قابل ہوتا
تو اس کو نشانِ منزل متعین کر لینے میں کوئی دشواری نہ ہوتی۔ یہ رکاوٹیں نظر میں
حائل نہ ہوتیں تو کوئی راہ گم ہی کیوں ہوتی۔ ان رکاوٹوں کے باوجود جو لوگ بے نشان
راستوں پر درست سمت بڑھنے میں کامیاب ہو جاتے ہیں وہ خود کو منزل کا اہل بنا لیتے
ہیں لیکن اس گھنے جنگل میں وہ اپنے لیے کوئی راہ متعین کر ہی نہیں پا رہا تھا۔ وہ
کسی سیدھے راستے کا متمنی تھا۔ لیکن وہاں ہر راستہ بل کھاتا ، درختوں ، پودوں اور
جھاڑیوں میں جا کر گم ہو رہا تھا۔
اسی تگ و دو میں اُس کو ایک گونجتی
ہوئی سی آواز سنائی دی۔اُس نے غور سے سننا شروع کیا۔ اُس کو وہ آواز ایک لے اور
سُر میں ہر طرف سے آتی ہوئی محسوس ہو رہی تھی۔ وہ آواز ہر سمت اور ہر راہ سے اُس
تک پہنچ رہی تھی ۔ وہ اندازہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا کہ وہ آواز اصل میں کس جانب
سے آرہی ہے؟ اُس کو معلوم ہوا کہ یہ آواز تو اذان کی صدا ہے۔ وہ اذان کی آواز کا
سہارا لے کر اپنے لئے سمت کا تعین کرنے کی کوشش میں چکرارہا تھا کہ اُس کا شعور
نیند کی سرحدیں پھلانگ کر بیداری کی حدوں میں داخل ہو گیا۔ اس کی آنکھ کھل گئی۔
موذن نماز فجر کے لئے مدعو کر رہا تھا۔ وہ بستر سے اُٹھ کر بیٹھ گیا۔ حواس پر
بیداری کی گرفت مضبوط تر ہوتی چلی جا رہی تھی۔ اس نے ذہن میں خواب کے تاثر اور
واقعات کو دہرایا اور وضو کرنے اور پھر نماز پڑھنے اُٹھ کھڑا ہوا۔ وضو کر کے نماز
کے لئے جاتے ہوئے اس کے ذہن میں دیکھے گئے خواب کا عکس لہرایا۔
اُس نے سوچا اِس خواب کا مفہوم اور
تعبیر بھلا کیا ہو سکتی ہے؟ لیکن وہ کوئی نتیجہ اخذ کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔
نماز کے دوران وہ اپنے مرشد کریم کی ہدایت کے مطابق تلاوت کی جانے والی آیات کے
مفہوم کو ذہن میں دہراتا ہوا جب اھدنا الصراط المستقیم پر پہنچا تو اُس کو ایک
جھٹکا سا لگا۔” ہدایت دے مجھے سیدھے راستے کی طرف “ ۔۔۔ نماز میں ہزاروں بار
دہرائی جانے والی یہ آیت اُس کے خواب کی پکار ہی تو نہیں؟
اُس نے اس آیت کو کئی بار دہرایا ۔ اُس
کو ایک عجیب سی کیفیت کا احساس ہوا۔ آج سے پیشتر ہمیشہ وہ اس آیت کو یونہی رسماً
منہ سے کہتا اور پڑھتا چلا آیا تھا لیکن آج اپنے خواب کی کیفیت کے حوالے سے اس کو
یہ آیت حسب ِ حال سی محسوس ہوئی۔ نماز مکمل کر کے بھی وہ اسی خیال میں ڈوبا رہا کہ
یہ سیدھے راستے کی طلب پر نماز میں ، قرآن کی تلاوت نماز میں اور پھر خواب میں
گھنے جنگل میں کس طرح سے آپس میں ہم رشتہ ہو سکتی ہے۔
حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے قرآن
حکیم کی اس سورہ کی تلاوت کو نماز کی ہر رکعت میں کیوں لازم قرار دیا ہے؟ اس میں
آخر وہ کون سی حکمت ہے ۔ جو آج سے پیشتر کبھی اُس کی توجہ کو اپنی طرف مبذول نہیں
کر سکی۔ اس کے ذہن میں صراط
المستقیم کی دعا کا اتنی بات تکرار کیا جانا اس کی اہمیت اور
ضرورت کی دلیل بن کر ابھرا۔ اس نے حساب لگانا شروع کیا کہ ایک دن کی نماز پنجگانہ
میں نوافل اور سنتغیر موکدہ سمیت کل کتنی رکعتیں پڑھی جاتی ہیں؟
اڑتالیس رکعتیں ہوں تو ایک سال میں پابندی سے نماز پڑھنے والا خواہ وہ مرد ہو یا عورت۔۔اس
دُعا کی 17520 مرتبہ ادائیگی کا پابند ہے۔ اگر کوئی چالیس سال تک پابندی سے نماز
ادا کرتا ہے تو یہ تعداد سات لاکھ سے تجاوز کر جاتی ہے۔
اِس دُعا کی اہمیت کا اس سے بڑا اور
ثبوت کیا ہوگا کہ انسان کو اپنی پوری زندگی اہتمام اور التزام سے اسدُعا کو ہر
نماز کی ہر رکعت میں تلاوت کرنا ، پڑھنا بلکہ مانگنا فرض کر دیا گیا ہے۔ اُس نے اس
بات سے متاثر ہو کر سوچا کہ اس کی اہمیت کے پیشِ نظر تو اس کے اصل مفہوم کی تلاش
اور بھی ضروری ہو جاتی ہے کیونکہ اتنی بار مانگی جانے والی دُعا کی مقبولیت کے
آثار اس کو اپنے اردگرد کہیں نظر نہیں آتے تھے۔ لاکھوں کروڑوں انسانوں میں سے جو
نماز کی ادائیگی کا باقاعدگی سے اہتمام کرتے ہیں، کتنے لوگ ہیں جو اس اعزاز سے
مشرف ہوتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے ان کی دُعا کو قبول فرماتے ہوئے انہیں سیدھے
راستے کی ہدایت نصیب فرمادی ہو؟ اس قدر کثرت سے مانگی جانے والی دُعا قبولیت سے اس
قدر تہی و عاری کیوں ہے؟ دکھ کی ایک لہر نے اس کو اپنی گرفت میں لے لیا۔
اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں کی بھلائی
کے پیشِ نظر ہی تو اُن کو یہ دُعا خود تعلیم فرمائی ہے اور پھر خود ہی اُس کو قبول
کرنے میں اتنا تغافل کیوں کر رہےہیں کہ کہیں لاکھوں میں سے کسی ایک آدھ کا نصیب
یاوری کرتا ہے اور اس کو صراط مستقیم پر چلنے اور قائم رہنے کی سعادت نصیب ہوتی
ہے۔ وہ دن بھر اسی ادھیڑ بن میں رہا۔
ظہر کی نماز میں بھی جب جب اُس نے
اھدنا الصراط المستقیم کے الفاظ زبان سے ادا کئے، اُس کے اوپر ایک لرزے کی کیفیت
گزرتی رہی۔ اس نے نہایت سراسیمگی کے عالم میں سوچا کہ جب وہ حالت نماز میں یہ دُعا
کر رہا ہے تو اِس کا ایک مطلب تو یہ بھی نکل رہا ہے کہ وہ سیدھے راستے پر نہیں ہے۔
تبھی تو وہ دُعا کر رہا ہے کہ مجھ کو سیدھے راستے کی ہدایت نصیب فرما۔ اِس خیال سے
اُس پر بالکل وہی کیفیت طاری ہو گئی جس سے وہ اپنے خواب میں دو چار ہوا تھا۔ ایک
راہ گم کردہ انسان کی کیفیت جب وہ صحیح راستے کی تلاش میں پریشان اور سرگرداں ہو اور
راستہ وہیں کہیں موجود تو ہو لیکن مل نہ رہا ہو۔ اسپرگھبراہٹ اور وحشت سوار ہوگئی۔
نماز تو اس نے جوں توں کر کے مکمل کی
لیکن وہیں بیٹھا سوچتا کہ اگر حالت نماز میں بھی وہ صراط مستقیم سے محروم ہے تو
پھر بھلا اور کون سی صورت ہو گی جب وہ سیدھی راہ پر گامزن ہو سکے گا؟ یہ سوال ایک
ایسا معمہ اور چیستان بن گیا کہ وہ اس کو جتنا سلجھانے کی کوشش کرتا وہ خود کو
اتنا ہی بے بس اور لاچار محسوس کرتا۔
اُس نے سوچا کہ پل صراط بھی اسی صراط
مستقیم کی ترکیب لفظی کی رعایت سے کچھ ایسی ہی بات ہوگی ۔ تبھی تو اُس کی بابت کہا
جاتا ہے کہ وہ بال سے باریک اور تلوار کی دھار سے تیز ہوگا۔ گنہگار اور مجرم اس پر
سے گزرتے ہوئے کٹ کٹ کر نیچے جہنم میں گریں گے ۔ وہ مجرم اور گنہگار کون ہوں گے؟
ظاہر سی بات ہے جو صراط مستقیم سے بھٹکے ہوئے ہوں گے۔
سوچنے کو اس نے سوچ تو لیا لیکن خود ہی
پشیمان سا ہو گیا۔ اُس کو صراط مستقیم کا پتہ تو چل نہیں رہا تو وہ ایک دلدل میں
کہاں اتر رہا ہے جس میں سنبھلنے کا اُس کا یارا ہی نہیں رہا۔ اس کے بعد کئی روز تک
اُس کی یہی کیفیت رہی۔۔اُس نے اپنے دوستوں سے مدد چاہی۔ جاننے والوں کے سامنے اس
سوال کو رکھا کہ صراط مستقیم سے کیا مراد ہے اور اس کا اصل مفہوم کیا ہے؟ تقریباً
سبھی نے یہ کہا کہ اس سے مراد وہ سیدھا راستہ ہے جو بندے کو اللہ سے ملا دے۔ جس پر
چل کر بندہ اللہ تک پہنچ جائے۔ کچھ نے کہا کہ نیکی اور بھلائی کے راستے کو سیدھا راستہ
کہتے ہیں۔ ایک دوست نے کہا اگلی آیات کو بھی تو پڑھو۔ اُن میں اس کی تشریح موجود
ہے کہ ایسا راستہ جس پر چلنے والوں پر اللہ تعالیٰ اپنا انعام فرماتے ہیں اور یہ
وہ لوگ ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالیٰ نہ تو ناراض ہو کر ان پر اپنا غضب نازل فرماتے
ہیں اور نہ ہی وہ بھٹکے ہوئے ہوتے ہیں۔
اس نے یہ سب باتیں سنیں ضرور لیکن ایک
بھی اُس کے دل کو نہ لگی۔وہ یہ سب کچھ تو بچپن سے سنتا آرہا تھا۔ وہ تو کچھ ایسی
بات سننا چاہتا تھا جو عقل اور منطق کو پچھاڑتی ہوئی سیدھی اس کے دل میں اتر جائے
۔ اس نے اس پر غور کیا کہ اس کی کیا وجہ ہو سکتی ہے تو ایکیہ بات کھلی کہ صراط
الذین کے الفاظ اس بات کی دلیل ہیں کہ ” ان لوگوں کا راستہ جن پر اللہ تعالیٰ نے
انعام کیا۔“ یعنی یہ ایسا راستہ ہے جو انعام یافتہ لوگوں نے اپنایا۔
اس نے اپنی سوچ کے پھیلتے دائرے کو
سمیٹنے کی بجائے اس کو کسی ساحلِ مراد تک پہنچنے کے لئے کھلا چھوڑ دیا۔ یہ بات
واقعی سوچنے کی تھی کہ انعام یافتہ لوگ کون ہو سکتے ہیں اور کوئی انسان اپنا شمار
ان انعام یافتہ لوگوں میں کیونکر کر وا سکتا ہے؟ اس نے سوچا کہ وہ لوگ جو نیکی اور
بھلائی کے کام کرتے ہیں وہی تو انعام یافتہ ہوتے ہیں ۔ اس میں تو زیادہ اشتباہ
نہیں تھا۔ لیکن اس کا ذہن ساتھ میں یہ بھی سوچ رہا تھا کہ نیکی اور بھلائی کچھ
ایسی مبہم اصطلاحات ہیں جن کی تعریف مختلف لوگوں کے نزدیک مختلف ہیں۔ جب کہ حقیقت
میں اختلاف ہو ہی نہیں سکتا۔ حق بات تو سب کے نزدیک ایک ہی ہوگی دو چار دس بیس
نہیں۔
ایک استاد کسی بچے کو اس کی تربیت کے
خیال سے اگر ایک طمانچہ لگا دیتا ہے تو اپنی طرف سے تو اس نے نیکی اور بھلائی ہی
کا کام کیا لیکن کیا بچہ اور اس کے ماں باپ اس استاد سے متفق ہوں گے؟ ہو سکتا ہے
کہ چند ایک اسے جائز کہہ دیں لیکن اکثریت کی رائے اس عمل کو نیکی ماننے سے گریزاں
ہی رہے گی۔ اس کے علاوہ انعام یافتہ کا تعین بھی کچھ کم دشوار نہیں اکثریت اسے
مادی پیمانے سے ناپنے کے سبب امیر اور دولتمند صاحب ثروت اور ذی اقتدار لوگوں کو
ہی انعام یافتہ قرار دیتے ہوئے ان کی پیروی بلکہ نقالی میں مصروف ہے۔ جبکہ ایسے
لوگوں کو جو مال و دولت اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کرتے ، اللہ تعالیٰ موجب سزا
قرار دیتے ہوئے عذاب و تکلیف میں پکڑنے کا اعلان فرماتے ہیں۔
چند ایک کے نزدیک عزت و شہرت انعام ہیں
اور اگر اُن کی اس بات کو اِس آیت کے حوالے سے مان لیا جائے تو اداکار اور کھلاڑی
اِس میدان میں جتنا آگے ہوتے ہیں کیا ہمیں اُن کی تقلید اور پیروی کرنا چاہیے؟ تو
پھر یہ انعام کیا ہوا؟ علم و حکمت ، ذہانت و صلاحیتیں بلا شبہ بہ توفیق ایزدی حاصل
ہوتے ہیں لیکن ان کو عطا کر کے تو اللہ تعالیٰ اپنے بندوں سے کوئی کام لینا چاہتے
ہیں۔ تو پھر یہ ضرور آخرت کی زندگی میں جنت جیسی نعمت کی بابت کہا جا رہا ہوگا۔
لیکن یہ کیسے معلوم ہو گا کہ کن لوگوں کو واقعی اس انعام سے نوازا گیا اور کن لوگوں
کو ریاکاری کے الزام میں اس سے محروم نہیں کیا گیا۔
اُس کے اندر جو ہلچل مچی ہوئی تھی اس
نے اس کو بے قرار کیا ہوا تھا۔ یہ بات ایک پھانس بن کر ۔۔۔ اُس کے دل و دماغ میں
چھبتی چلی جا رہی تھی کہ ہر مسلمان پہ جس دُعا کا مانگنا فرض کیا گیا ہے اور جس کو
مانگتے مانگتے لوگوں کی زندگیوں کا سورج غروب ہو جاتا ہے ، وہی دُعا بارگاہ
خداوندی میں کیوں باریاب نہیں؟ کیوں ہم دعویٰ سے یہ اقرار نہیں کر سکتے کہ اللہ
تعالیٰ نے ہماری دُعا سن لی ہے اور ہمیں صراط ِ مستقیم کی نعمت سے سر فراز کر دیا
گیا ہے؟
ایک روز وہ یونہی بے خیالی کے عالم میں
بیٹھا ہوا تھا کہ اچانک ہی اس کیوں کا جواب اُس کی سمجھ میں ایک کوندے کی طرح لہرا
گیا۔ جب مانگنے والے کو یہ علم ہی نہ ہو کہ وہ کیا مانگ رہا ہے تو دینے والے پر
لازم نہیں رہتا کہ وہ اُس کو ضرور عطا کرے۔ اگر ایک بچہ اپنی ماں سے پستول مانگے
تو ماں اپنے بچے سے کتنا ہی لاڈ کیوں نہ کرتی ہو ، اس کو پستول کبھی نہیں دے گی۔
کیونکہ وہ جانتی ہے کہ بچے کو پستول کی تباہ کاریوں کا علم نہیں۔ لیکن جب وہی بچہ
بڑا ہو کر فوج میں چلا جاتا ہے تو پستول تو کیا اُس کو بندوق اور توپ تک دے دی جاتی
ہے۔ اسی طرح اگر کوئی چھوٹا سا بچہ ماں سے یہ فرمائش کرے کہ میں دولہا بنوں گا تو
ماں مسکرا تو دیتی ہے لیکن اس کی شادی کرنے نہیں بیٹھ جاتی۔ اسی طرح اگر کوئی صاحب
جہاز اُڑانا چاہتے ہوں لیکن انہیں جہاز کی بابت کچھ معلوم نہ ہو تو ان کی خواہش کی
تمام تر شدتوں کے باوجودانہیں کوئی بھی جہاز اُڑانے نہیں دے گا۔ بالکل اسی طرح
صراطِ مستقیم کو جانے بوجھے بغیر اس کی کتنی ہی طلب کیوں نہ کریں اس طلب کا اظہار
سات لاکھ بار نہیں بلکہ ستر لاکھ بار بھی کریں تو مالک ارض و سماء کسی بھی طور اس
طلب کو پورا کرنے کا پابند نہیں۔
جب اس خیال نے اس کے شعور میں اپنی جگہ
بنا لی اور اس خیال کے نقوش اُس کے ذہن کی گرفت میں واضح طور پر آگئے تو اس کی
جستجو اور تجسس فزوں تر ہو گئے کہ آخر وہ رب العالمین ، الرحمٰن الرحیم ذات سے جس
راستے کی ہدایت کا طالب ہے ، اُس راستے کی منزل کیا ہے اور نشان منزل کیا ہے اور
وہ راستہ بذاتہ ہے کیا؟ گہرائی میں سوچتے ہوئے اس کے اندر سے خیال کی ایک لہر ابھر
کر ذہن کی سطح پر نمودار ہوئی اور پھیلتی چلی گئی۔ اس خیال نے اس کے اندر ایک
اجالا سا پھیلا دیا۔ اس کو ایک مرتبہ اپنا خواب پھر سے یاد آگیا۔
خواب میں جنگل ہماری زندگی کا تمثل تو
نہیں؟ زندگی میں بھی تو ہر طرف دشواریوں کے بلند اور پھیلے ہوئے درخت سد نظر بنے
رہتے ہیں اور مجبوریوں اور پریشانیوں کی جھاڑیاں سدراہ بن کر نشانِ منزل کو چھپا
لیتی ہیں۔ زندگی میں بھی ہر طرف جانے والے راستے ، ہر سمت پھیلی ہوئی راہیں ہر
لمحہ سامنے ہوتی ہیں مگر کوئی ایک ۔۔۔صرف ایک راہ ایسی ہوتی ہے جس پر چلنے والا
قوت و و قت کے زیاں سے بھی محفوظ رہتا ہے اور منزل کے انعام کا بھی حقدار بنتا ہے۔
اُسی ایک راستے کا انتخاب کر لینے کو اللہ تعالیٰ نے فوزالعظیم قرار دیا ہے۔اُس
راستے کا انتخاب اگر اختیاری ہوتا تو اُس دعا کے الفاظ شاید کچھ یوں ہوتے کہ ہمیں
سیدھے راستے کے انتخاب کی توفیق اور سمجھ عطا فرما۔ لیکن ایسا نہیں ہے بلکہ اس راہ
مستقیم کی ہدایت اللہ تعالیٰ سے طلب کرنا اس بات کی دلیل ہے کہ یہ ہدایت وجدانی
اور وہبی ہی ہو سکتی ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کردہ ہدایت کو وصول کرنے
کے لئے ایک ایسا ذہن تیار ہونا لازم ہے جو اس راہ مستقیم پر وجدانی طور پر قائم رہ
سکتا ہو جس کا انجام ایک انعام بن کر نچھاور ہوتا ہے۔
سوچ کی اس منزل پر اس کی یہ الجھن تو
رفع ہوگئی کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے بندوں سے اس دُعا کو اتنی کثیرتعداد میں تکرار
کروانا کیوں طے کیا ہے؟ جب بات ذہن تیار کرنے کی آگئی تو لازم ہے کہ جن خطوط پر
ذہن کو تیار کیا جاتا ہے ان کی تکرار اور اعادہ ہوتا رہے تاکہ ذہن بننے کے بعد بھی
اسی راہ پر رہے جس راہ کی ہدایت اللہ کی طرف سے موصول ہوتی ہے۔ اُس کو اپنی اس
الجھن کے رفع ہونے پر کچھ ایسا لطف آیا کہ وہ جھوم اُٹھا۔ اپنے مرشد کریم کا کہا
ہوا ایک جملہ اس کے ذہن میں ابھر آیا انہوں نے فرمایا تھا کہ راہ سلوک پر چلنے
والوں کو جب کوئی روحانی بات یا قانون معلوم ہو جائے تو انہیں چاہیے کہ وہ اس کی
تکرار کرتے رہیں، اس بات کو ذہن میں دہراتے رہیں ، اس کا تذکرہ اپنے دوستوں اور
ملنے جلنے والوں سے کرتے رہنے سے وہ بات ذہن میں راسخ بھی ہو جاتی ہے اور اس کی
گہرائی میں چھپے نکتے بھی واضح ہوتے رہتے ہیں۔
نماز کیہر رکعت میں سورہ فاتحہ جو کہ
قرآن حکیم کا دیباچہ اور خلاصہ ہے ، کہ تلاوت کے فریضہ کی حکمت اس کو سمجھ آرہی
تھی اور اس کو ایک احساس مسرت و تفاخر اپنے اندر ابھرتا محسوس ہو رہا تھا ۔ اُس کو
اس دُعا کی اہمیت کے واضح ہونے کے بعد یہ کھوج ہوئی کہ اس دُعا کا مفہوم دراصل کیا
بنتا ہے۔” سیدھا راستہ“ کے الفاظ اپنی معنویت کے لحاظ سے جو گہرائی اور گہرائی
اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہیں ان کو عالمانہ انداز خطابت سے ہٹ کر عام فہم روز مرہ
زندگی کےحوالے سے کیسے سمجھا جا سکتا ہے ۔ اس کھوج میں وہ دل ہی دل میں ”اھدنا
الصراط المستقیم “ کی آیت تلاوت کرتا رہتا ، غور کرتا اور دھیان میں لاتا۔
ایک روز جب رات کو وہ سونے لیٹا تو اُس
کے ذہن پر نیند غالب آرہی تھی کہ اس کے اندر ایک آواز ابھری ”سیدھی سوچ “ صرف یہی
دو لفظ سنائی دیئے۔ اس کے نیم خوابیدہ ذہن نے ان الفاظ کی تکرار کی۔ یہ سیدھی سوچ
کیا ہوئی؟ یہ سیدھی سوچ کیا ہوگی؟ اس کے شعور کو ایک جھٹکا سا لگا۔ یہ صراط مستقیم
کا اصل مفہوم بھی تو ہو سکتا ہے۔ اس نے سوچا اور پوری طرح بیدار ہو کر سوچنے لگا
کہ یہ بات درست ہو سکتی ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو ایک ایسی سیدھی سوچ اور
طرز فکر کی ہدایت دے رہے ہوں جس کو اپنانے والوں پر اللہ تعالیٰ کی شفقت اور رحمت
انعام بن کر برسی ہے اس بات کو سوچتے سوچتے وہ ہنس پڑا ۔ اتنی سیدھی صاف اور سامنے
کی بات اس کو سمجھ نہیں آرہی تھی۔ یہ سارا معاملہ ہی طرز فکر کو سیدھا کرنے کا
تھا۔
اس کے ساتھ ہی اس کے ذہن میں پڑی یہ
گرہ بھی کھلتی چلی گئی کہ جب بندے نے یہ اقرار کر لیا کہ میں تیری ہی عبادت کرتا
ہوں اور تجھ ہی سے مدد و استعانت کا طلبگار ہوں تو پھر وہ مزید اور کون سی راہ
ہدایت کا طالب بن رہا ہے یعنی ایاک نعبدو و ایاک نستعین کا مفہوم یہ ہوا کہ بندہ
اللہ کی طرف سے عائد کردہ فرائض کی ادائیگی کو بخوشی تیار ہے لیکن اس کے ساتھ ساتھ
وہ ایک ایسی طرزِ فکر کو حاصل کر لینا چاہتا ہے جس کو حاصل کر لینے والوں پر امن ،
سلامتی ، سکون اور خوشی کے انعامات پھوار کی طرح برستے رہتے ہیں ایک ایک کر کے اس
کی سوچ میں پڑی گرہیں اور الجھاوے دور ہوتے چلے گئے۔
جب گرہیں کھل رہی ہوں تو کسے ہوئےدھاگے
خود بخود ڈھیلے پڑتے چلے جاتے ہیں۔ وہ دھاگے جو شخص اپنے تناؤ کے باعث بنے ہوئے
ہوتے ہیں وہ بھی سنورتے اور سیدھے ہوتے چلے جاتے ہیں۔ کچھ ایسی ہی بات اس لمحے یہ
ہوئی کہ اُس کی توجہ اس بات کی طرف مبذول ہو گئی کہ ”مستقیم 'لفظ' قیم“ کے مادے سے
بنا ہے تو اس کا لغوی مفہوم سیدھے کی بجائے اگر قائم رہنے والا لیا جائے تو۔۔۔ یہ
بات اور بھی واضحہو جاتی ہے ۔ ایسی راہ جس پہ استقامت سے چلنے پر انسان حی و قیوم
ذات تک پہنچ سکتا ہے۔ اسی طرح انعمت کا لفظ نعم سے مشتق ہے۔ اس کا مطلب بھی یہی
ہوا کہ انسان جب قیوم کی راہ پر گامزن ہو اور اس کی نگاہ اس ذاتِ برحق سے براہ
راست راہنمائی کو اسی پہ جمی ہوئی ہو تو اپنے ہر اٹھتے
قدم ، اپنے ہر
فیصلے پہ اللہ کو اپنے اس کام کی تائید کرتے محسوس کر سکتا ہے ۔ اللہ کی تائید اور
اثبات ہی انسان کو اس کے غضب سے بچا سکتا ہے ۔ ورنہ انسان اپنی ہی کرتا رہے اور اس
کو اس بات کی کوئی پرواہ ہی نہ ہو کہ اس کا مالک اس کا خالق رب اس
کے کئے گئے کاموں کو سند پسندیدگی سے نواز بھی رہا ہے یا نہیں، تو لامحالہ وہ
بالآخر اس کے غضب کو مدعو کر لیتا ہے۔
وہ دیر تک جاگتا رہا اور اپنی الجھن کے
رفع ہونے کی خوشی کو محسوس کرتا رہا۔ مسرت و آگہی کی لہریں اس کو اپنے وجود میں
پھیلتی محسوس ہوتی رہیں۔ اس شب اُس نے خواب میں دیکھا کہ وہ ایک گھنے جنگل میں سے
گزر رہا ہے۔ ہر طرف بلند اور تناور درخت اور گھنی جھاڑیاں پھیلی ہوئی ہیں۔ ان
درختوں اور جھاڑیوں کے درمیان بے شمار راہیں پھیلی ہوئی ہیں۔ اس کے سرپر ایکروشن
قمقمہ لگا ہوا ہے اور اس کی روشنی عام قمقموں کے برعکس بہت دور تک راہ کو روشن کر
رہی ہے اور اس روشنی میں قدم اٹھاتا اس راہ پر بڑھتا چلا جا رہا ہے۔ جو روشن کشادہ
، سیدھی اور ہموار ہے۔ اس روشنی کے سبب راستے کی رکاوٹیں اور جھاڑ جھنکار دھواں ہو
کر اس کو راہ دیتے چلے جا رہے ہیں اور وہ ایک عالم سر خوشی میں جھومتا بڑھے چلا جا
رہا ہے ۔ آگے ہی آگے۔ اس یقین کے ساتھ کہ اس کو اُس رحمٰن اور رحیم ذات اقدس کی
حمایت اور مدد حاصل ہے جس کی تعریف کر کے وہ اُس کی بات سننے اور اُس کی بات ماننے
پہ آمادگی کا اظہار کرتا رہا تھا لیکن یہ سب وہ بلا جانے بوجھے کرتا تھا اب آئندہ
جب بھی وہ الحمد اللہ کہہ کر سورہ فاتحہ کی تلاوت کا آغاز کرے گا تو یہ بات اُس کے
اندر پوری طرح روشن ہوگی کہ سب تعریفیں اُسی کے لئے ہیں کہہ کر وہ سب جہانوں کے
پالنے اور سنبھالنے والے رحمٰن و رحیم رب کی عبودیت اور استعانت کے حصول کے لئے دل
و جان سے اپنی آمادگی کا اظہار اور اقرار کرتا ہے اور اس کے لئے وہ اُس سے ایسی
طرز فکر کا خواہاں ہے جس کی مدد سے وہ اللہ کی رضا مندی اور ناراضگی کا واضح اور
دو ٹوک ادراک کرنے والوں میں شامل ہونا چاہتا ہے۔