Topics

ماں کا مقام

 

وہ کئی روز سے بخار میں مبتلا تھا۔۔ اُس وقت بھی اُس کا بدن بخار کی حدت سے پھنک رہا تھا۔ اُس کے حواس پر ایک دھند سی چھائی ہوئی تھی۔ جب بخار میں کمی ہوتی تب بھی وہ بستر پہ لیٹا چھت کو تکت رہتا۔ لیکن جب بخار کی شدت اُس کو اپنی لپیٹ میں جکڑ لیتی تو بے اختیاری میں اُس کے منہ سے ہائے نکل جاتی اور کبھی کبھی تو وہ ہائے اماں پکار اٹھتا۔

اُس وقت اُس کی بیوی جان جاتی کہ اُس کا بخار اُس کے سر کو چڑھ رہا ہے۔ وہ ٹھنڈے پانی میں بھیگی پٹیاں رکھنا شروع کر دیتی۔ ڈاکٹر کو بلا لاتی اور اُس کو تجویز کردہ دوائیں بھی دیتی۔ بچے اسکول سے آ کر اُس کے کمرے میں آجاتے۔ باپ کو بیمار دیکھ کر اپنے چہروں پر سنجیدگی کا نقاب اُوڑھ لیتے۔ اُن کی سمجھ میں نہ آتا کہ وہ کریں تو کیا کریں۔

کسی بیمار کے لئے کوئی کر ہی کیا سکتا ہے؟ بیمار اپنی ہی کسی غلطی ، کوتاہی یا بے احتیاطی کے سبب بیمار ہوتا ہے اور اُس کا مرض اُس کی اپنی قوت ارادی ، ہمت اور یقین سے ہی دور ہو سکتا ہے ۔ اُس کے لواحقینبہت ہوتا ہے تو اپنے لگاؤ اور تعلق کا اظہار کرنے کو اُس کا سر یا پاؤں دبانے کی اجازت طلب کرتے ہیں یا ڈاکٹر یا حکیم کا نام تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے مجرب اور آزمودہ تجربات سنانے بیٹھ جاتے ہیں ۔ اکثر اپنے زورِ علم کا اظہار علاج کے مختلف انداز اور طریقے کر کے بھی کرتے ہیں۔

اُس وقت وہ کمرے میں تنہا تھا۔ اُس نے اُس اکیلے کمرے میں ایک بے کلی سی محسوس کی۔ اُس کا منہ خشک ہو رہا تھا۔ اُس نے ہونٹوں کو تر کرنے کے لئے زبان ہونٹوں پر پھیری ۔ ہونٹوں پر جمی پیڑیوں نے اُس کو احساس دلایا کہ وہ کمزور ہو چکا ہے۔ اُس نے کروٹ لی۔ پہلو بدل کر اُس نے آنکھیں موند لیں ۔ نہ جانے وہ اُس حالت میں کتنی دیر رہا۔

اچانک اُس نے اپنے ماتھے پر نرم نرم انگلیوں کا لمس محسوس کیا۔ اُس لمس میں نرمی ، شفقت اور محبت رچی ہوئی تھی۔ یہ جانا پہچانا لمس تھاکہ وہ بند آنکھوں کے باوجود یہ جان گیا کہ یہ اُس کی ماں کا ہاتھ ہے۔ اُس نے اپنے احساس کی تصدیق کو آنکھیں کھول کر دیکھا۔ اُس کے سامنے اُس کی والدہ موجود تھیں۔ ماں کو اپنے ساتھ دیکھ کر اُس کے اندر ایک لہر سی ڈور گئی۔ اُس لہر میں خوشی بھی تھی لیکن اُس کے ساتھ ہی اُس کے اندر نقاہت کا احساس بھی بڑھ گیا۔ جیسے کسی ڈوبتے ہوئے آدمی کی ہمت اُس وقت بالکل جواب دے جاتی ہے جب وہ دیکھ لیتا ہےکہ مدد آن پہنچی

ہے۔ اُس کو اُس وقت بھی کچھ ایسا ہی محسوس ہوا۔ اُس کو خوشی سے طاقت ملنے کی بجائے نقاہت غالب آنے کی وجہ یہی سمجھ میں آئی کہ وہ اپنی ماں کی انتہائی توجہ کا طلب گار ہے۔

”اب کیسے ہو؟ ۔۔ ماں کی آواز میں فکر مندی گھلی ہوئی تھی۔ اُس نے جواب دینے کی بجائے آنکھیں موند لیں ۔ ماں کی بات کا جواب نہ دے کر اُسنے اپنی نقاہت اور لاغری کا جو اعلان کیا ماں کو اُسے سمجھنے میں نہ کوئی دشواری ہوئی اور نہ کوئی دقت۔ اُس کی بیوی نے اُس کے بیمار ہونے ، اپنی خدمت کرنے ، ڈاکٹر کی رائے اور دی گئی دواؤں کی تفصیل اُن کو بتائی۔ وہ آنکھیں موندے اُس کو سنتا رہا۔ اُس کی والدہ اس دوران کئے اور نہ کئے جانے والے اقدامات پر ساتھ ساتھ اپنا تبصرہ کرتی رہیں۔

اُس کی والدہ اُس کی بیماری کی اطلاع پا کر اُس کی عیادت اور تیمار داری کے لئے آئی تھیں۔ اُن کی موجودگی سے اُس کو طمانیت اور تقویت کا احساس ہو رہا تھا۔ اُن کے چہرے پر فکر مندی دیکھ کر اُس کو اپنائیت کا ایک جانفرا احساس ہو رہا تھا ۔ اُسروز وہ تمام رات اُس کے سرہانے بیٹھ کر گزارنا چاہ رہی تھیں۔ اس پر اُس نے انہیں تسلی دی کہ اب اُس کی طبیعت کافی سنبھل گئی ہے لہذا وہ سو جائیں۔ اگر اُس کو ضرورت ہوئی تو وہ انہیں جگا لے گا۔ کچھ رد و کد کے بعد وہ اس شرط پر مان گئیں کہ وہ اسی کے کمرے میں ہی سوئیں گی۔

رات گئے اُس کی آنکھ کھل گئی۔ کمرے میں چلتے نائٹ بلب کی روشنی میں وہ اپنے پلنگ کے قریب لیٹی ماں کو دیکھنے لگا۔ سوتے میں بھی اُن کا رُخ اُس کی طرف تھا۔ اُس وقت اُس کو اپنی طبیعت کافی بہتر محسوس ہوئی۔ ذہن بخار کی دھند سے نکل چکا تھا۔

سوئی ماں کے چہرے کو دیکھتے دیکھتے وہ خیالوں کی وادی میں اتر تاچلا گیا۔ ماں میرا کتنا خیال رکھتی ہے ، مجھے کتنا چاہتی ہے۔ بچپن سے لے کر آج اُس وقت تک جب وہ خود ایک باپ بن چکا ہے۔۔ زندگی کے ہر ہر موڑ پر انہوں نےکس قدر محسوس اور غیر محسوس انداز میں اُس کی مدد کی۔ جب وہ اسکول جانے کے قابل ہوا تو ماں نے کس قدر ذوق و شوق سے اُس کا بستہ تیار کیا۔ خود اُس کو تیار کیا ، اُس کو اسکول بھجوایا۔ وہ ہرگز گھر سے باہر نہیں جانا چاہتا تھا لیکن انہوں نے اُس کو بھجوا کر ہی دم لیا تھا۔ زندگی کے پندرہ سولہ سال اُس نے درس گاہوں کی نظر کیے ۔ اُن تمام سالوں کے ہر دن پر کسی نہ کسی صورت اُس کی ماں کی چھاپ ضرور تھی۔

اُس کو صبح ناشتہ تیار ملتا ، کپڑے دھلے ہوئے تیار ملتے اور اگر کسی روز کسل مندی سے اُس کو اُٹھنے میں دیر ہو جاتی تو وہ اُس کو بیدار کرنے پہنچ جاتیں۔ پھر جب اُس کو نوکری ملی تو بھی ماں ہی اُس کو کھانا دیتی ، اُس کے میلے کپڑے دھوتی ، اُس کے لئے بازار سے ضرورت کی چیزیں خریدتی۔ پھر کس قدر چاؤ سے انہوں نے اُس کے لئے لڑکی پسند کی ، اُس کی شادی کروائی اور شادی کے تمام انتظامات کروائے ۔ اُس کے یہاں پہلا بچہ پیدا ہوا تو وہ اُس سے بڑھ کر خوش ہوتی رہیں۔ اُس نے اُن سے پوچھا۔ امی آپاتنی خوش کیوں ہو رہی ہیں۔ یہ آپ کا بیٹا نہیں پوتا ہی تو ہے۔ اس پر اُنہوں نے کہا تھا ۔” مُول سے بیاج پیارا ہوتا ہے۔“

اب جب کہ اُس کے بچے بڑے ہو کر سکول جانے لگے تھے، وہ جب بھی اپنی والدہ سے ملنے اُن کے پاس جاتا تو وہ اُسے دیکھتے ہی پوچھتیں۔” تم نے کھانا کھایا ہے یا نہیں؟ میں نے یہ سوئیاں بنائی ہیں، تھوڑی سی کھا لو۔“ اُن کی یہ باتیں اُن کر وہ دل ہی دل میں ممتاکو خراجِ تحسین پیش کرتا۔ کبھی کبھار اُن کے سامنے کہہ بھی دیا کرتا تو وہ ہنستے ہوئے کہتیں۔” چل رے رہنے دے ۔تومجھے مسکہ مت لگا۔“

یہ ماں بھی کیا چیز ہوتی ہے؟ کسی انسان کے ہونے کی وجہ بھی اور سبب بھی۔ اُس کو اپنے مرشد کا کہا ہوا ایک جملہ یاد آگیا۔” عورت کا اصل محبوب اُس کی اولاد ہوتی ہے ۔“

اُس کو اپنے باپ کا پیار اور شفقتیں بھی حاصل رہی تھیں لیکن جو والہانہ پن اور بے ساختگی اُس کو اپنی ماں کے پیار میں نظر آتی تھی وہ اُس کے باپ کے پیار میں کسی اور رنگ اور روپ میں محسوس ہوتی تھی۔ اُن کے پیار میں ایک لئے دیئے رہنے کا انداز کااور کیفیت ہوتی جب کہ ماں کی ممتا اُس کو خود پر محیط اور گھیرے میں لئے رکھنے والی محسوس ہوتی اور وہ بھی اس قدر کہ بعض اوقات تو چڑ کر رہ جاتا۔

وہ گھر سے باہر جاتا اور واپسی میں تاخیر ہو جاتی تو گھر داخل ہوتے ہی اُس کی ماں کا پریشان اور متفکر چہرہ اپنا منتظر ملتا۔ وہ منہ سے کچھ کہے بنا ہی اُس کو شرمندہ کر دیتیں ۔”کہاں رہ گئے تھے۔ تمہیں شرم نہیں آتی ماں کو پریشان کرتے ہو ۔“ باپ اُس گھرکتا تو وہ اور بھی الجھ کر رہ جاتا۔

وہ ماں سے کہتا ۔” اب میں بڑا ہو گیا ہوں ، آپ مجھے رسی سے باندھ کر گھر میں نہیں رکھ سکتیں۔ آپ کو کیا معلوم باہر کیا حالات ہوتے ہیں، ہمیں اُن سے نپٹنے کو کیا کچھ کرنا ہوتا ہے۔ میرے دوست احباب ہیں۔مجھے کوئی کام بھی کرنا ہوتا ہے۔ آپ بلاوجہ پریشان ہوتی ہیں۔“ وہ گھر سے باہر جانے اور باہر رہنے کے جواز تراشتا اور ماں سب کچھ سمجھتے ہوئے بھی انجان سی بنی کہتیں۔” تم اپنی چالا کیاں رہنے ہی دو ۔ بڑا آیا کاموں والا۔“

وہ اُس کو ہر سہولت میسر کرنا اپنا فرض گردانتیں اور وہ اُن کی مہیا کردہ ہر سہولت کو اپنا حق سمجھ کر برتتا۔یہاں تک کہ کبھی اُس کو خود اپنے کپڑے استری کرنے پڑ جاتے تو اُس کا موڈ آفسا ہو جاتا۔ وہ بقول اپنے والد کے بلیک میلنگ پر اتر آتا۔”کسی کو میرا خیال ہی نہیں ، مجھے کوئی چاہتا ہی نہیں ، میں کسی کا کیا لگتا ہوں کہ کوئی میرا خیال رکھے۔“ لیکن اُس کی ماں نے اُس کو کبھی نہیں جتایا کہ وہ کس قدر خود غرض ہے۔ خود اُس نے اپنی ماں کے لئے کبھی کیا کیا ہے؟

شاید ماں کی اسی اعلیٰ ظرفی ہی کےپیشِ نظر حضور ﷺ نے یہ ارشاد فرمایا تھا۔” جنت تمہاری ماں کے قدموں تلے ہے۔“ اُس کی سوچ یہاں آکر رک گئی۔ اُس نے اس حدیث مبارکہ کو اپنے ذہن میں کئی بار دہرایا۔

اس حدیث مبارکہ سے تو جنت جیسے اعلیٰ مقام کی ذم کا پہلو نکلتا ہے۔ جنت کا ماں کے قدموں تلے ہونا۔۔پیروں تلے روندی ہوئی چیز ہونا ہی ہوا۔۔اور جو چیز پیروں تلے ہو بھلا اُس کو کیا مقام اور اہمیت ہوئی؟ شاید جنت کی تحقیر سے آپ ﷺ شعور انسانی کو اس طرف متوجہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ جنت کو زیادہ اہمیت نہ دیں لیکن یہ کیسے ہو سکتا ہےقرآن میں تو جنت ہی کی فضیلت اور اہمیت بتا کر اُخروی زندگی کی بناید درست کرنے کا حکم ہے۔ اُس نے سر کو جھٹکا دیا۔ لاحول ولا قوۃ۔۔ یہ میں کن سوچوں میں غلطاں ہو رہا ہوں۔اُس نے خیال کو ذہن سے جھٹکتے ہوئے کروٹ لی۔ اُس کے کروٹ لینے سے کپڑوں میں سرسراہٹ کی آواز کے ساتھ ہی اُس کو اپنی ماں کی آواز آئی۔

”کچھ چاہیے تو نہیں؟“۔۔آواز اتنی بلند تھی کہ اگر وہ جاگ رہا ہو تو سن لے اور اگر سویا ہوا ہو تو اُس کی نیند خراب نہ ہو۔ احتیاط اور فکر مندی کا یہ امتزاج وہ ہمیشہ سے دیکھتا چلا آرہا تھا لیکن جس شدت اور گہرائی سے اُس نے اُس کو اُس وقت محسوس کیا تھا اس سے پیشتر کبھی نہیں کیا تھا۔۔ وہ سوتا بنا رہا۔ ماں کو اپنی طرف نگران محسوس کرتا رہا۔ پھر انہوں نے کہا۔۔”سب ٹھیک ہے۔“ محسوس کر کے ایک گہری سانس لی اور آنکھیں موند لیں۔ وہ اُن کی طرف کمر ہونے کے باوجود اُن کی کیفیات محسوس کئے بغیر نہ رہ سکا۔

کچھ ہی دیر میں خیال کی رو پھر جنت کے ماں کے قدموں کے نیچے ہونے کی طرف بہہ نکلی۔ وہ سوچنے لگا۔ اس بات کا اصل مفہوم کیا ہو سکتا ہے؟ جب شوہر بیوی سے لڑ جھگڑ رہا ہو اور عورت سہمی ہوئی یہ محسوس کر رہی ہو کہ اُس کے قدموں تلے سے زمین کھسکی جا رہی ہے تو ایسے میں اُس کے بچے کیا محسوس کریں گے۔جس عورت کے قدموں تلے زمیں کھسک رہی ہو وہ جنت کو کیا سنبھالے گی اور اُس کے بچے اپنی ماں کے قدموں تلے کھسکتی زمین کی خیر منائیں گے یا اُس جنت کا دھیان رکھیں گے جو انہوں نے کبھی دیکھی ہی نہیں۔ لہراتا ہوا خیال ایک کریہہ سوال بن کر اُس کے اندر اچھلنے لگا۔

اُس نے اس حدیث کے مفہوم کو اپنے حافظے میں ٹٹولا۔ اُس کو یاد آیا کہ اُس نے کہیں پڑھا تھا کہ اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ اپنی ماں کی خدمت کرو تاکہ جنت میں مقام حاصل ہو سکے۔ آج تک وہ اپنے ذہن میں اسی مفہوم کو لئے ہوئے تھا۔ لیکن آج نہ جانے کیسے اُس کے اندر ایسی کیا کیفیت در آئی تھی کہ وہ اُس کا تجزیہ کرنے بیٹھ گیا۔

ایک بچہ اپنی ماں کی بھلا کیا خدمت کر سکتا ہے ؟ ماں کے لئے کبھی اُس نے کھانا پکایا؟ کبھی اُس کے کپڑے دھوئے یا اُس کی ضرورتوں کا اُس طرح سے خیال رکھا جس طرح اُس کی ماں کرتی ہے؟ ایک بچہ تو ساری زندگی اپنی ماں سے اپنی خدمت کرواتا ہے اور ماں بغیر کوئی احسان جتائے اپنے بچوں کی خدمت میں سرگرم رہتی ہے۔ اُن کے وجود کو قائم رکھنے کے لیے اپنا خون دودھ کی صورت اُن میں منتقل کرتی ہے۔ وجود قائم ہو جانے کے بعد وہ اُن کی نشونما اور تربیت میں جتی رہتی ہے۔ وہ سامنے ہوں تو اُن کی بہتری اور آسائش مہیا کرنے میںجتی رہتی ہے۔ سامنے نہ ہوں تو اُن کی خیریت کے لئے بے چین رہتی ہے۔ دعائیں کرتی ہے۔ اُس کا دھیان اپنی اولاد ہی کی طرف لگا رہتا ہے۔

وہ تو اللہ تعالیٰ اُس کے دل میں اپنی اولاد کے لئے پیار بھر دیتا ہے اس لئے وہ اپنی ممتا کے ہاتھوں مجبور ہوتی ہے ۔ اولاد کی خدمت کرتی ہے، اُن کو اتنا چاہتی ہے۔ اُس کے شعور نے ایک جواز تراشا۔ اُس نے اس بات کو اپنے ذہن میں تولا۔ اگر ماں اپنی ممتا کے ہاتھوں مجبور ہو کر اولاد کی خدمت کرتی ہے تو سیدھی سی بات یہ ہوئی کہ چونکہ اولاد میں اپنی ماں کے حوالے سے ایسا کوئی جذبہ اُن کو ودیعت نہیں کیا گیا ہوتا اس لئے وہ اپنی ماں کی خدمت کرنے کی نہ تو مجاز ہوتی ہے اور نہ ہی کر سکتی ہے۔ یعنیاولاد اپنی ماں کی اُس طرح سے تو کوئی خدمت کر ہی نہیں سکتی جس طرح سے ایک ماں اپنی اولاد کی خدمت کرتی ہے۔ تو پھر یہ ۔۔خدمت کر کے جنت حاصل کرنے کی بابت میں کتنا وزن رہا۔۔ اُس

کے شعور میں پڑتی گرہ اور مضبوطہوتی چلی گئی۔

اللہ تعالیٰ نے عورت میں تخلیق کے دو رُخ رکھے ہیں۔ وہ اللہ تعالیٰ کے نظامِ تخلیق کا ایسا رکن ہے جو تخلیق مین براہ راست حصہ لیتی ہے۔ وہ ایک طرف جسمانی طور پر تخلیق کرتی ہے اور دوسری طرف اپنی ذہنی صلاحیتوں سے تخلیق کاری کرتی ہے۔ تخلیقی نظام میں اللہ تعالیٰ نے اُس کو یہ رتبہ اور مقام فرمایا ہے کہ وہ اپنے جیسا دوسرا انسان وجود میں لانے کا فریضہ سر انجام دیتی ہے۔ اُس کی تخلیقی صلاحیتیں مردوں سے بڑھ کر ہوتی ہیں۔ اُس کا یہ اعزاز ہے کہ عورت ماں بنتی ہے۔ ایک مرد خواہ وہ کچھ بھی کیوں نہ کر لے بہرحال ماں نہیں بن سکتا۔ نہ جسمانی طور پر اور نہ معنوی طور پر ۔ اللہ تعالیٰ نے اپنی بے پایاں محبت اور پیار کی مثال دینے کو بھی ماں ہی کی محبت کو چنا اور فرمایا ہے۔ میں اپنی مخلوق سے ستر ماؤں سے زیادہ پیار کرتا ہوں۔

سوچ کی اس منزل پر اُس کا دھیان اس طرف مُڑتا چلا گیا کہ اللہ تعالیٰ کی اپنی مخلوق سے محبت کا عکس عورت میں ممتا کے روپ میں ظاہر ہوتا ہے ۔ یعنی اللہ تعالیٰ بھی اپنی مخلوق کی خدمت میں سرگرم عمل ہے۔ اب جیسا کہ ظاہر ہے اللہ تعالیٰ کی ذات اس امر سے بے نیاز ہے کہ مخلوق اُس کی کوئی خدمت کرے۔۔۔ خدمت کرنا تو کجا ۔۔۔ وہ اُس کی عنایات کو پوری طرح سمیٹ لینے ، اپنے اندر جذب کر لینے اور اُن کا مکمل طور پر ادراک کر لینے پر ہی قادر نہیں ۔ مخلوق کی کیا مجال ہے کہ وہ اپنے رب ، اپنے خالق اور اپنے مالک اللہ کی کسی خدمت کا دعویٰ کرتی پھرے۔ یہ تو وہی ہے جو پہلے ایک انسان کو انسان بناتا ہے اور پھر اُس کو کوئی کام کرنے کی توفیق عطا کرتا ہے۔ اُس کی شانِ رحیمی کی یہ ادنیٰ سی مثال ہے کہ وہ نہ صرف یہ کہ کسی کام کی توفیق عطا فرماتا ہے بلکہ اُس کام کی تکمیل پر اُس کام کا اجر و ثواب بھی اُسی بندے کو مرحمت فرماتا ہے جس نے وہ کام کیا ہو۔

جس طرح مخلوق اپنے خالق کی خدمت کرنے سے عاجز اور قاصر ہے، اُسی طرح اسی نسبت اور تناسب سے اولاد اپنی ماں کی کوئی خدمت کرنے کا اعزاز حاصل نہیں کر سکتی تو پھر جنت کے ماں کے قدموں تلے ہونے کا یہ مفہوم کہاں سے نکل سکتا ہے کہ اولاد اپنی ماں کی خدمت کرے گی تو جنت کی حق دار قرار پائے گی؟ اُس نے شعور میں ابھرتے اس سوال پہ الجھن سی محسوس کی۔ اُس الجھن کی اصل وجہ شاید یہ بھی تھی کہ اُس لمحے جب اُس نے ایمانداری سے اپنا احتساب کیا کہ اُس نے اپنی ماں کی آج تک کیا خدمت کی ہے تو وہ اپنی تہی دامنی پر بلک اُٹھا تھا۔

اُس نے مانا کہ چند ایک باتیں جو اُس نے اپنی ماں کے حکم کی تعمیل میں سر انجام دی تھیں وہ کسی طور بے لوث خدمت کے ضمن میں نہیں آتی تھیں بلکہ وہ محض اُس کی فرمانبرداری کا ایک ادنیٰ سا اظہار تھا۔۔ اور جو باتیں اُس نے ماں کے حکمکی تعمیل میں کبھی مانی بھی تھیں تو اُن کے ماننے میں آخری فائدہ خود اُسی کی ذات کا تھا اُس کی ماں کا نہیں۔۔ بالکل اُسی طرح جس طرح احکاماتِ خداوندی کی تعمیل سے خود انسان ہی کا بھلا نکلتا ہے ، اُس کا کسی بھی طرح کا فائدہ مالکِ کائنات کو نہیں پہنچتا۔

اُس کے ذہن میں ایک کوندا سا لہرایا۔ اُس کو اپنے مرشد عالی مقام کا ایک فرمان یاد آیا۔ یہ بات انہوں نے اپنے مرشد ِ کریم کے حوالےسے ارشاد فرمائی تھی کہ اللہ والا بننے کے لئے لازم ہے کہ انسان وہی کرے جو اللہ کرتا ہے اور اللہ تو اپنی مخلوق کی خدمت کر رہا ہے ۔ اس لئے جو لوگ مخلوق ِ خدا کی خدمت میں سرگرم رہتے ہیں ، انہیں اللہ اپنا محبوب بنا لیتا ہے۔ اُس کو اپنا دوست قرار دیتا ہے ۔ وہ اس بات کو جائزہ لیتے لیتے یہ سوچنے لگا کہ ماں اپنی اولاد کی خدمت کرتی ہے اس لئے اللہ تعالیٰ نے اُس کو اعزاز دیا ہے کہ جنت کو اُس کے قدموں تلے قرار دے دیا ہے ۔ وہ یہ سوچتے سوچتے نیند کی وادی میں اتر گیا۔

صبح ہوئی تواس کا بخار اتر چکا تھا۔ ماں نے اصرار کیا کہ وہ ناشتے میں دلیہ کھائے اور پھر دوا لے۔ اس کا اصرار دیکھ کر اس کو رات کی سوچ کے حوالے سے اپنے خیالات کا دھیان آگیااور وہ الجھن بھی تازہ ہو گئی کہ جنت جیسی برتر اور اعلیٰ جگہ کو قدموں کے تحت کر دینے سے کیا جنت کی تحقیر نہ ہوئی۔ اس نے چاہا کہ وہ اپنی والدہ سے اس کی بابت بات کرے لیکن وہ ایسا کر نہ سکا۔

کئی روز وہ اسی ادھیڑ بن میں رہا ۔ ایک روز مراقبہ کے دوران اس کو ایک عجیب سی بات محسوس کی۔ اُس کو یوں لگا گویا وہ الٹا ہو گیا ہے اور ہر چیز کو اسی حالت میں دیکھ رہا ہے ۔ اس کو اچنبھا سا ہوا کہ یہ کیا ہوا۔اس اچنبھے کی کیفیت سے اس کے شعور کو ایک جھٹکا سا لگا۔ اُس نے مراقبہ ختم کر دیا لیکن وہ اسی گومگو میں رہا کہ یہ کیا ہوا؟ وہ اس کیفیت کو سمجھنے کی کوشش کر رہا تھا کہ اچانک اس کو یہ بات سمجھ آگئی کہ اُس کو یہ اشارہ ملا ہے کہ شعور ہر چیز کو الٹا دیکھتا ہے۔ انسان زمین سے پیروں کے بل الٹا لٹکا ہوا ہے لیکن خود کو سیدھا دیکھتا ہے۔ سیدھا سمجھتا ہے۔ یہی حال انسان کے باقی ہر مشاہدے کا ہے۔

اُس نے اس نتیجے پر پہنچ کر جب اپنی الجھن کا جائزہ لیا تو مسرت سے کھل اُٹھا۔ اس نے دریافت کر لیا تھا کہ حدیث مبارکہ کا اصل مفہوم یہ ہے کہ ماں کا مقام جنت سے اوپر ہے۔ یعنی یہ ہمارے دیکھنے کا زاویہ ہے کہ اگر ہم جنت کو ماں کے قدموں تلے دیکھیں گے تو اس کو نیچے کی طرف دیکھنے کے باعث ہمیں محسوس ہوگا گویا جنت کی تحقیر ہو رہی ہے لیکن اگر ہم خود نیچے ہوں اور جنت کو اوپر دیکھیں تو ماں کا مقام جنت سے بالا تر ہو جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ اُس سے سے ستر گنا اوپر فائز اور قائم ہیں۔

اس نتیجے پر پہنچ کر اس کو طمانیت کا جانفرا احساس ہوا اور اس نے سوچا کہ اسی لئے قرآن ِ حکیممیں ارشاد باری تعالیٰ ہے ”جب تمہارے والدین بوڑھے ہو جائیں تو انہیں اُف بھی مت کہو اور ان کے لئے دعا کیا کرو کہ اے اللہ تو ان کے ساتھ اسی شفقت اور کریمی کا برتاؤ فرمانا جس طرح صغر سنی میں انہوں نے میرے ساتھ کیا تھا۔

ایک روز وہ اپنی والدہ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اپنی تیمارداری پہ اُن کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد اِدھر اُدھر کی باتوں کے بعد اُس نے اِس حوالے سے اپنی حاصل فکر کو بتا کر ماں سے پوچھا کہ ۔” جب اللہ تعالیٰ نے عورت کو اتنا بلند مقام عطا فرمایا ہے تو پھر اس کی وجہ ہے کہ عورت کو ہم اِس گری ہوئی حالت میں پاتے ہیں جس کا آج وہ شکار ہے۔“

اس کی والدہ نے ایک لحظہ توقف کر کے بیٹے کو دیکھا۔ اُس دیکھنے میں اُس کو دو باتیں محسوس ہوئیں۔ اُس کو دیکھنے میں اُس کو ستائش اور ممنونیت دونوں گھلی ملی لگیں۔ اُنہوں نے ایک مختصر سا جملہ کہا۔” عورت نے اپنا مقام حسد کے ہاتھوں کھویا ہے۔“ یہ کہہ کر وہ اٹھیں اور کہا۔”ٹھہرو میں نے تمہارے لئے سویاں پکائی ہیں ۔ کھا کر جانا ۔“ یہ کہہ کر وہ کمرے سے باہر چلی گئیں اور وہ وہیں بیٹھے کا بیٹھا رہ گیا۔

”عورت نے اپنا مقام حسد کے ہاتھوں کھویا ہے۔“

یہ جملہ اُس کے شعور میں تحیر پھیلاتا چلا گیا۔ حسد کی تباہ کاریوں کا دائرہ اتنا پھیلاؤ رکھتا ہے کہ آج عورت ماں ہوتے ہوئے بھی تماشا بن کر رہ گئی ہے۔ اُس کے اعصاب چٹخنے لگے۔ امہات المؤمنین کے بلند مرتبت قرار دیئے جانے کی ایک وجہ یقیناً یہی رہی ہوگی کہ وہ حسد کا شکار نہیں ہو سکی تھیں۔ حسد کا شکار ہونے والے تنگ نظری کے علاوہ

انانیت کے مریض بن جاتے ہیں۔ دوسرے کو خوش دیکھنا اُنہیں ناگوار گزرتا ہے اور قوانین ِ فطرت کی زد میں آکر وہ جس آگ میں جلتے ہیں ، وہ انہیں ہر طرح سے سوخت کر دیتی ہے۔ اس لئے تو جن جن اشیا کے شر سے پناہ طلب کرنے کا حکم قرآن حکیم میں مذکورہ ہوا ہے اُن میں سے حاسدوں کے شر کو جب کہ وہ حسد کریں کو واضحطور پر بیان کیا گیا ہے۔ ایک عورت دوسری عورت کو نیچا دکھانے کے چکر میں حسد کا شکار ہو کر اپنا مقام کھو رہی ہے۔

جب عورت ہی عورت کی دشمن ہو گی تو کسی اور نے اُس کو کیا گرانا۔ وہ تو خود ہی خود کو گرا تی چلی جارہی ہے۔ اس حسد ہی کا ایک روپ ساس بہو کے مابین کشمکش ہے اور اسی حسد کا ایک روپ بھابھی اور نند کے مابین تلخیوں کو جنم دیتا ہے اور اسی حسد سے سوکن پنے کی جلن بھڑکتی اور گھروں کو جہنم کدہ بنا دیتی ہے۔

وہ ششدر ہوا دم بخود بیٹھا سوچتا رہ گیا۔ یہ حسد اصل میں ہے کیا کہ اس کے شر سے پناہ طلب کرنے کو قرآن پاک میں خاص طور پر ترغیب دی گئی ہے کہ اللہ سے حاسدوں کے شر کی پناہ مانگو خصوصاً جب وہ حسد کرنے لگیں۔ اُس نے سوچا کہ یہ حسد کیا ہے اور اُس سے بچنے اور خود دوسروں سے حسد کرنے سے کیسے محفوظ رہا جا سکتا ہے؟

اُس کے ذہن میں اِس کے بہت سے جواب آتے رہے لیکن کوئی بھی اُس کو اطمینان بخش محسوس نہیں ہو رہا تھا۔ پھر بالآخر وہ اس نتیجے پر پہنچا کہ یہ بہرحال ایک شیطانی وصف ہے ۔ اُس کو جونہی یہ خیال آیا کہ یہ ایک شیطانی وصف ہے تو اُس کو محسوس ہوا کہ اُس کو ایک مطمئن کر دینے والے جواب کا سرا ہاتھ لگ گیا ہے۔ اُس نے حساب لگانا شروع کیا کہ اللہ تعالیٰ ایک بچے کی پیدائش کے بعد اُس کو بڑا ہونے اور اُس کی نشونما کے تمام وسائل مہیا کرتے ہیں تاکہ وہ بڑا ہو سکے۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ نے لوگوں کو مختلف صلاحیتیں عطا فرمائی ہیں تاکہ وہ اُس کو استعمال کر کے دنیا میں کوئی مقام حاصل کر سکیں۔ کوئی اُن صلاحیتوں کو استعمال کر کے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھتا ہے ، کچھ اُن کو استعمال کر کے نام ور ہونے کی تگ و دو کرتے ہیں اور کچھ ان صلاحیتوں کے ذریعے دولت مند بننے کی راہ پر چل نکلتے ہیں۔

اب کسی کا کسی بھی میدان میں آگے بڑھنا ایک تعمیری کام ہو تو کسی آگے بڑھنے والے کو روکنا یقینی طور پر ایک تخریبی حرکت ہی کہلا سکتی ہے اور تخریب بہرحال ایک شیطانی عمل کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے۔ کسی بھی ایسی تخریبی سرگرمی میں مصروف ہونا حسد کہا گیا ہے جو کسی کو اپنے آگے یا بہتر حالت میں دیکھ کر اُس کو روکنے اور اُس کا بُرا چاہنے پر منتج ہو حسد کہلائے گا۔ یعنی اللہ تو بدتر سے بہتر کی طرف گامزن کرتا ہے اور شیطان بہتر کو بدتر بنانے پر تلا رہتا ہے۔

اُس نے اپنی ماں کے لئے اپنے دل میں انتہائی شکر گزاری کے احساسات کو موجزن ہوتے دیکھا کہ آج اُن کے طفیل اُس کو ایک اتنی اہم بات سمجھ میں آئی۔