Topics

محمد رسول اللہ ﷺ (حصہ اوّل)

 

لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ

نہیں ہے کوئی معبود سوائے اللہ کے اور محمد اللہ تعالیٰ کے رسول ہیں۔

وَمَآ أَرْسَلْنٰكَ إِلَّا رَحْمَةً لِّلْعٰلَمِيْنَ

اور نہیں بھیجا ہم نے آپ کو مگر سراپا رحمت بنا کر سارے جہانوں کے لئے۔

يٰٓأَيُّهَا النَّبِيُّ إِنَّآ أَرْسَلْنٰكَ شٰهِدًا وَّمُبَشِّرًا وَّنَذِيْرًا وَّدَاعِيًا إِلَى اللّٰهِ بِإِذْنِهٖ وَسِرَاجًا مُّنِيْرًا

ترجمہ: اے نبی (مکرم) ہم نے بھیجا ہے آپ کو گواہ بنا کر اور خوشخبری سنانے والا اور بروقت ڈرانے والا اور دعوت دینے والا اللہ کی طرف اس کے اذن سے اور آفتاب روشن کر دینے والا۔ (سورۃ الاحزاب آیت ۴۵۔۴۶)

وَأُمِرْتُ لِأَنْ أَكُوْنَ أَوَّلَ الْمُسْلِمِيْنَ

اور مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں سب سے پہلا مسلمان بنوں۔ (سورۃ الزمر آیت ۱۲)

عَسٰٓى أَنْ يَّبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَّحْمُوْدًا

یقیناً فائز فرمائے گا آپ کو آپ کا رب مقامِ محمود پر۔ (سورۃ بنی اسرائیل آیت ۷۹)

إِنَّ اللّٰهَ وَمَلٰٓئِكَتَهٗ يُصَلُّوْنَ عَلَى النَّبِيِّ ۚ يٰٓأَيُّهَا الَّذِيْنَ اٰمَنُوْا صَلُّوْا عَلَيْهِ وَسَلِّمُوْا تَسْلِيْمًا

ترجمہ: بے شک اللہ تعالیٰ اور اس کے فرشتے بھیجتے ہیں درود اس نبی مکرم پر۔ اے ایمان والو تم بھی آپؐ پر درود بھیجا کرو اور سلام عرض کیا کرو۔ صَلَّى اللّٰهُ عَلٰى حَبِيْبِهٖ مُحَمَّدٍ وَّسَلَّمَ

دنیا میں حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے پیشتر جتنے بھی پیغمبران علیہم السلام تشریف لائے وہ صرف اپنی ہی قوم پر مبعوث کئے گئے تھے اور ان کی ذمہ داری صرف اپنی قوم کی اصلاح تک تھی۔ جیسے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے متعلق آل عمران کی سورت میں ۴۹ویں آیت کے پہلے حصے میں لکھا ہے۔ ”وَرَسُوْلًا إِلٰى بَنِيْٓ إِسْرَآءِيْلَ“ اور رسول بنا کر بنی اسرائیل کی طرف بھیجا۔ اسی طرح جتنے بھی پیغمبروں کا ذکر قرآن پاک میں آیا ہے۔ سب کے لیے اللہ تعالیٰ نے لکھا ہے کہ وہ ان کی قوم کی ہدایت و اصلاح کے لیے بھیجے گئے تھے اور اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر قوم میں نبی مقرر فرمائے اور روشن دلیلیں دے کر انہیں بھیجا گیا ہے۔ یہ ذکر سورۃ فاطر کی ۲۴ویں آیت میں موجود ہے۔

ترجمہ: ہم نے آپ کو بھیجا ہے حق کے ساتھ خوشخبری سنانے والا اور بروقت ڈرانے والا اور کوئی امت ایسی نہیں ہے۔ جس میں کوئی ڈرانے والا نہ گزرا ہو۔

نوعِ انسانی کو علم الاسماء کے سکھائے جانے کے پروگرام میں حضرت آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک اللہ تعالیٰ نے جتنے بھی پیغمبر مبعوث کئے وہ علیحدہ علیحدہ قوم کو اللہ تعالیٰ کے حقائق سے آگاہ کرتے رہے۔ بیشتر مرتبہ دنیا کے اندر ایک سے زیادہ پیغمبر بیک وقت موجود رہ چکے ہیں مثلاً حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت لوط علیہ السلام بیک وقت دو مختلف علاقوں میں تبلیغ کے کاموں میں مصروف رہے۔

جب اللہ تعالیٰ نے فرداً فرداً ہر ہر قوم پر اپنے رسول بھیج دیئے جنہوں نے ساری دنیا کے چپے چپے میں اللہ تعالیٰ کی آواز پہنچا دی۔ تب یہ ضروری ہوا کہ اللہ تعالیٰ ایک ایسا پیغمبر بھیجتے جو ساری دنیا میں بھیجے گئے صحیفوں، آسمانی کتابوں، روشن دلیلوں اور تمام پیغمبران علیہم السلام کے سکھائے گئے اسباق کو علم الاسماء کی ایک ہی لڑی میں پرو دیتا تاکہ ساری دنیا بیک وقت اس بات سے مطلع ہو جائے کہ ہر قوم اور ہر امت پر بھیجے جانے والے پیغمبر اور رسول ایک ہی ذاتِ واحد کی جانب سے نورِ ہدایت لے کر دنیا میں نازل ہوئے۔

ان سب کا مشن ایک ہی ہستی اور ایک ہی ذات سے دنیا والوں کو متعارف کرانا تھا۔ اگر اس حقیقت کی تصدیق ایک ہی ہستی کے ذریعے عالمگیر پیمانے پر نہ کی جاتی تو لوگوں کے ذہنوں پر وحدانیت کا خاکہ ہرگز بھی مکمل نہ ہوتا اور ہر پیغمبر کا خدا علیحدہ علیحدہ تصور کیا جاتا اور تمام آسمانی کتابوں اور صحیفوں اور روشن دلیلوں کی تعلیمات کو ایک دوسرے سے بالکل مختلف سمجھا جاتا اور لوگوں کو ایک کڑی سے دوسری کڑی ملانی مشکل ہو جاتی۔ اس لیے دنیا کو ایک ایسے ہادی اور ایک ایسے پیغمبر کی ضرورت تھی جو اپنی پیغمبری کے جھنڈے تلے تمام پیغمبروں کو جمع کر لیتا اور ایک ایسی آسمانی کتاب کی ضرورت تھی جو اپنے اندر تمام آسمانی کتابوں، تمام آسمانی صحیفوں اور تمام روشن دلیلوں کو سمیٹ لیتی تاکہ یہ پیغمبر تمام پیغمبروں کی آواز بن جاتا اور یہ آسمانی کتاب آسمانی کتابوں و صحیفوں کی نمائندگی کا حق ادا کرتی۔ قدرت کے اس تفکر اور ارادے کا نور دنیا میں آ کر حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سراپا کے جمال میں ڈھل گیا جس کی روشنیوں نے ساری دنیا کو اپنی آغوشِ رحمت میں سمیٹ لیا۔

حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے تقریباً ساڑھے پانچ سو سال بعد حضور پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے نبی بنا کر دنیا میں نازل فرمایا۔ آپ ﷺ عرب کی سرزمین مبارک پر مکہ شریف میں پیدا ہوئے۔ اس وقت دنیا میں بہت سے مذاہب رائج تھے جن میں یہودی، نصاریٰ، مجوسی اور بت پرست سرفہرست تھے۔ عرب میں بت پرستی بہت تیزی سے پھیلتی جا رہی تھی اور اس زمانے کے یہودی اور نصاریٰ بھی اس کی روک تھام سے قاصر تھے بلکہ وہ بھی اپنی اچھائیوں کو بھول کر بُرائیوں کی طرف راغب ہو چکے تھے۔

حضور پاک ﷺ کے تشریف لانے سے پہلے عرب میں اس قدر اندھیرا چھا چکا تھا کہ بتوں کی پرستش کرتے کرتے اور بتوں کو دیکھتے دیکھتے ان لوگوں کے دل بھی پتھر کی طرح سخت ہو چکے تھے۔ ان کے دلوں سے اپنی اولاد کی محبت نکل چکی تھی اور انتہا یہ کہ لوگ اپنی بیٹیوں کو زندہ دفن کرنے لگے تھے۔ اللہ تعالیٰ کا دریائے کرم جوش میں آیا اور اس درندگی کو ختم کرنے کے لیے اس رب العالمین نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو رحمت للعالمین ﷺ بنا کر دنیائے عرب میں نازل فرمایا اور حالات کے مطابق حضور پاک ﷺ نے معجزے بھی دکھائے۔

چونکہ سیدنا حضور پاک ﷺ کے اوپر اللہ تعالیٰ نے اپنی نعمتیں پوری کر دی ہیں اور اپنے دین کو مکمل کر دیا ہے۔ سورۃ مائدہ کی آیت نمبر ۳ میں اس کا ذکر کچھ یوں ہے۔ جس کا ترجمہ یہ ہے۔ ”آج میں نے مکمل کر دیا ہے تمہارے لئے تمہارا دین اور پوری کر دی ہے تم پر اپنی نعمت اور میں نے پسند کر لیا ہے تمہارے لیے اسلام کو بطور دین۔“ اس لیے رسول اللہ ﷺ ایک ایسی ہستی ہیں جن کے اندر ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبروں کے تمام علوم اور تمام معجزے موجود ہیں۔

حسن یوسف دم عیسیٰ ید بیضا داری

آنچہ خوباں ہمہ دارند تو تنہا داری

یہاں دینِ اسلام کی وضاحت ضروری ہے۔ اس لیے کہ اگر یہ سمجھا جائے کہ اللہ تعالیٰ نے صرف حضور پاک ﷺ کے لائے ہوئے دین کو تمام لوگوں کے لیے پسند کر لیا اور باقی جو ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر آدم علیہ السلام سے لے کر حضرت عیسیٰ علیہ السلام تک دنیا میں آئے ان سب کے لائے ہوئے دین کو رد کر دیا تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ باقی تمام پیغمبر دینِ اسلام کا نہیں بلکہ نعوذ باللہ کسی اور دین کا پرچار کرتے رہے۔ ظاہر ہے یہ بات بالکل بعید از عقل ہے۔

جب کہ ہر پیغمبر ذاتِ باری تعالیٰ کی جانب سے رسول بنا کر بھیجا گیا ہے۔ ہر پیغمبر کا کام لوگوں کو ذاتِ واحد سے متعارف کرانا ہے۔ پھر اس آیت کی روشنی میں ہمارے لیے اس بات کا جاننا ضروری بلکہ فرض ہو جاتا ہے کہ ہم تمام پیغمبروں کے حالات اور ان کے لائے ہوئے دین کا اسلام کی روشنی میں مشاہدہ کریں تو حقیقتِ حال ہم پر صاف صاف واضح ہو جاتی ہے کہ ہر پیغمبر دینِ اسلام ہی کی دعوت لوگوں کو دیتے رہے ہیں۔ اور اسلام ایک مکمل ضابطۂ حیات اور مکمل قانونِ فطرت کا نام ہے۔

اسلام علم الاسماء کا نور ہے۔ اسلام کا سورج حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ذاتِ پاک ہے۔ اسی سورج کی ایک ایک شعاع ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر ہیں۔ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو سورج کی روشنی اور حرارت آہستہ آہستہ بڑھتی چلی جاتی ہے۔ یہاں تک کہ نصف النہار میں سورج اپنی پوری آب و تاب کے ساتھ جگمگانے لگتا ہے۔ اس وقت سورج کی تمازت اور سورج کی روشنی پورے عالم کو روشن کر دیتی ہے۔ اور تب سارا عالم سورج کے وجود سے باخبر ہو جاتا ہے اور اس کی روشنی اور اس کی گرمی کو محسوس کر لیتا ہے۔

تب سارا جہان یہ جان لیتا ہے کہ طلوع ہونے والے سورج کی ہر شعاع سورج ہی کا ایک حصہ ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فرمان کے مطابق اول المسلمین حضور پاک ﷺ کی ذاتِ اقدس ہے۔ یہی ذاتِ پاک ﷺ جب دنیا میں اللہ تعالیٰ کے اذن پر اسلام کی روشنی پہنچانے کا اہتمام کرتی ہے، تو اس پروگرام کے تحت تمام پیغمبروں کا نزول دنیا میں ہوتا ہے اور جب ایک ایک شعاع اپنی اپنی روشنی دنیا میں پہنچا دیتی ہے تو سورج اپنی کل روشنیوں کے ساتھ آسمانی دنیا پر جلوہ گر ہوتا ہے۔

سورج کی ہر شعاع میں سورج ہی کی روشنی ہے اور سورج ہی کے رنگ ہیں۔ مگر جز اور کل میں زمین آسمان کا فرق ہے اور اس فرق کو اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو رحمت للعالمینؐ کہہ کر ساری کائنات پر واضح کر دیا ہے۔ پس اپنے حبیبؐ کے اوپر اللہ تعالیٰ نے اپنی تمام نعمتیں پوری کر دیں اور دینِ اسلام کو ایک مکمل ضابطے کی صورت میں تشکیل کر کے قرآن حکیم کے نام سے اپنے رسول ﷺ پر نازل فرما دیا۔ قرآن کریم اسمائے الٰہیہ کے فارمولوں اور قوانین کی کتاب ہے۔

اسمائے الٰہیہ کی روشنیوں کے فارمولوں سے کائنات کی اشیاء وجود میں آتی ہیں۔ قرآن کریم میں ان تمام اشیاء کے فارمولے موجود ہیں۔ اور ان کے تمام قوانین موجود ہیں جو کائنات کی حدود میں جاری و ساری ہیں۔ نعمتیں پوری ہونے سے مراد یہ ہے کہ حضور پاک ﷺ کی ذات ایسی ہستی ہے جس کو اسمائے الٰہیہ کے تمام علوم اور تمام قوانین پر دسترس حاصل ہے۔ آپ ﷺ کی ذاتِ پاک کے اندر اسمائے الٰہیہ کی تمام روشنیاں بیک وقت کام کر رہی ہیں۔ اسمائے الٰہیہ کی روشنیاں اللہ تعالیٰ کی تخلیقی صفات ہیں۔

یہ تمام روشنیاں یہ تمام صفات حضور پاک ﷺ کی ذات کے ذریعے سے کائناتِ عالم میں پھیلتی ہیں۔ اس لیے اللہ تعالیٰ نے آپ ﷺ کو سراجاً منیراً یعنی روشن آفتاب جو خود بھی روشن ہے اور اپنی روشنیوں سے دوسروں کو بھی منور کرنے والا ہے، کہا ہے۔

حدیثِ قدسی ہے کہ ”میں ایک چھپا ہوا خزانہ تھا جب میں نے چاہا کہ پہچانا جاؤں تو میں نے اپنے آپ کو خلق پر ظاہر کر دیا۔“

جب ہم اس حدیثِ قدسی پر غور و فکر کرتے ہیں تو اس بات کا انکشاف ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کو پہچاننے کا ذریعہ سوائے اللہ تعالیٰ کے نور کے اور کوئی نہیں ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ کا وہ نور جس کے اندر ”میں پہچانا جاؤں“ کا تفکر موجود ہے۔ یہی وہ نورِ اوّل ہے جس کا ایک رخ ذاتِ باری تعالیٰ خود ہے اور دوسرا رخ ذاتِ باری تعالیٰ کے پردے میں پوشیدہ ہونا ہے۔ صفاتِ الٰہیہ کو اللہ تعالیٰ نے چھپا ہوا خزانہ کہا۔ نورِ اول ذاتِ باری تعالیٰ کا ایک جز ہے۔

اسی نور کو اللہ تعالیٰ کا اسم ھو الاوّل متعارف کراتا ہے اور اسی نور کا وجود زمانۂ ازل کی شروعات سے بھی پہلے ہونا ثابت ہوتا ہے۔ کیونکہ یہ نور خود ذات کا ایک حصہ ہے۔ ذات جب اپنے نور کی صفات کو ظاہر کرنا چاہتی ہے تو نظر سب سے پہلے نورِ اوّل کے اندر موجود تمام صفات کی تجلیوں کا مشاہدہ کرتی ہے۔ نورِ اوّل کے اندر صفات کی ہر تجلی اسمائے الٰہیہ ہے۔ ذاتِ خداوندی کا خلق میں پہچانے جانے کا تفکر تمام اسمائے الٰہیہ کے اندر (Feed) کرتی ہے۔ یہ ذات کی صفات کے اندر Inspiration ہے۔

تمام اسمائے الٰہیہ کی تجلیاں نزول کرتی ہیں اور انہی تمام اسمائے الٰہیہ کی تجلیوں سے روحِ محمدی ﷺ تخلیق ہوئی ہے۔ تمام اسمائے الٰہیہ کے ذریعے صفاتِ الٰہی کے علوم کی تجلیاں روحِ محمدی ﷺ کے اندر داخل ہوتی ہیں اور ذاتِ باری تعالیٰ سے اسمِ ذات اللہ کی تجلیاں روحِ محمدی ﷺ کو حیاتِ ابدی اور بقا عطا کرتی ہیں۔ روحِ محمدی حجابات کے اندر رہ کر اللہ تعالیٰ کے تفکر ”میں پہچانا جاؤں“ کے پروگرام کے مطابق مکمل علوم حاصل کرتی ہے۔

جب اللہ تعالیٰ نے اس تفکر کو عملی صورت میں جاری فرمایا تو حجابات کے پردوں سے روحِ محمدی ﷺ کی روشنی حجابِ محمود، حجابِ کبریا اور حجابِ عظمت سے گزرتی ہوئی عرش کی سطح پر نازل ہوئی اور عرش کی سطح سے کائنات کی حدود میں ان روشنیوں کا ظہور ہوا۔ نورِ محمدی ﷺ کی ہر شعاع کے اندر ذات کا تفکر ”میں پہچانا جاؤں“ کام کر رہا ہے۔ پہچانے جانے کے لئے پہچاننے والے کا بھی ہونا لازمی ہے۔

پس نورِ محمدی ﷺ وہ ذاتِ پاک ہے جس کے سپرد ذاتِ باری تعالیٰ کو پہچاننے کا کام ہے۔ نورِ محمدی ﷺ کی ہر شعاع کائناتِ عالم میں جہاں جہاں پہنچتی ہے، اس حق کو ادا کرتی ہے۔ ہر شعاع مخلوق کی شکل و صورت میں ظاہر ہو کر اپنے خالق اور اپنے رب کو پہچاننے کا حق ادا کرتی ہے اور جب تک پہچاننے کا حق پوری طرح سے ادا نہیں ہو جاتا وہ ذاتِ باری تعالیٰ کے دیدار سے محروم رہتی ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ کے دیدار سے محروم رہتی ہے۔ ذاتِ باری تعالیٰ اور کائنات کے درمیان حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذاتِ مبارک ہے جو کائنات کے ذرّے ذرّے کو وحدانیت کے تفکر سے متعارف کراتی ہے تاکہ کائنات کا ہر ذرّہ اپنے خالق کے وجود کو جان لے، پہچان لے اور ذات کے حکم کو اچھی طرح سمجھ کر اس کی بجا آوری میں لگ جائے اور اس کے خزانوں پر اس کی نعمتوں کا شکر گزار بن جائے۔

اللہ تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کے کندھوں پر اپنے تفکر ”میں پہچانا جاؤں“ کی امانت رکھی ہے۔ اس امانت کو اٹھانے کے لئے کائنات میں انسان یا بشر کو نائب اور خلیفہ کی حیثیت سے چنا گیا ہے اور اسمائے الٰہیہ کے علوم عطا کیے گئے ہیں۔ اگر ہم اس حدیثِ قدسی کی روشنی میں انسان یا آدم کی نیابت اور خلافت اور اس کے علوم اسمائے الٰہیہ پر غور کریں تو یہ بات سامنے آتی ہے کہ انسان یا آدم کی نیابت و خلافت کا تعلق اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ حضور پاک ﷺ کی معرفت سے ہے۔

کلمہ شریف لَا إِلٰهَ إِلَّا اللّٰهُ مُحَمَّدٌ رَّسُوْلُ اللّٰهِ یعنی نہیں ہے کوئی معبود مگر اللہ اللہ اور محمدؐ اللہ کے رسول ہیں۔ یہاں اللہ تعالیٰ کی ذات کے لیے محمد ﷺ کی گواہی ہے۔ اس کلمے میں سوائے حضرت محمد ﷺ کے اور کسی بھی پیغمبر کا نام نہیں ہے یعنی اللہ تعالیٰ کی ذات کو معبودِ برحق تسلیم کرنے کے لئے صرف حضور پاک ﷺ کی گواہی ہی کافی ہے۔ یہاں أَلَسْتُ بِرَبِّكُمْ کے جواب میں حضور پاک ﷺ کا قَالُوْا بَلٰى کہنا سمجھ میں آتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ سے براہِ راست خطاب کیا اور اس کے حبیب ﷺ نے براہِ راست اللہ تعالیٰ کو دیکھ کر جواب دیا کہ ہاں تم ہی ہمارے رب ہو۔

اس وقت کائنات کی تمام روحیں حجابِ محمدی ﷺ کے پردے میں تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ دنیا میں آنے کے بعد عہدِ الست کو انسان بھول جاتا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات حضرت محمد رسول اللہ کو ہی کائنات کہتی ہے اور اسمِ محمدؐ کے اندر اسمائے الٰہیہ کا وہ تمام نور اور وہ تمام رنگ کام کر رہے ہیں جو نور اور رنگ ساری کائنات کے اندر کام کر رہے ہیں اور جس کے رنگ کائنات کے ذرّے ذرّے میں موجود ہیں۔ اسی لیے تو اللہ تعالیٰ نے آپؐ کو رحمت للعالمین ﷺ کہا ہے۔ اس کے علاوہ بھی اللہ تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کو بہت سے ناموں سے پکارا ہے۔ جیسے سورۃ النجم کی آیت نمبر ۱ ہے اور جس کا ترجمہ یہ ہے۔

وَالنَّجْمِ إِذَا هَوٰى: قسم ہے اس ستارے کی جب وہ نیچے اترا

سورۃ طٰہٰ کی پہلی آیت ہے۔

طٰهٰ مَآ أَنْزَلْنَا عَلَيْكَ الْقُرْاٰنَ لِتَشْقٰٓى

یعنی چودھویں کا چاند۔ نہیں اتارا ہم نے آپؐ پر یہ قرآن کہ آپ مشقت میں پڑیں۔

سورۃ احزاب کی ۴۶ویں آیت میں آپؐ کو سراجاً منیراً کہا گیا ہے۔ ستارہ، چاند، سورج، نظامِ شمسی ہے۔ ایسے لاشمار نظامِ شمسی کائنات کے اندر موجود ہیں۔ یعنی لاتعداد نظامِ شمسی کے دائرے کا نام ہی کائنات ہے اور اللہ تعالیٰ کی نظر چاند، سورج اور ستاروں میں نورِ محمدی ﷺ کا مشاہدہ کرتی ہے۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ چاند، سورج، ستارے کی تخلیق نورِ محمدیؐ کے نور سے وجود میں آتی ہے اور چاند، سورج، ستاروں کے ذریعے اللہ تعالیٰ کا تفکر ”پہچانا جاؤں“ یعنی وحدانیت کا تفکر کائنات کے ذرّے ذرّے میں تقسیم ہو رہا ہے۔

چاند، سورج، ستارے کی ظاہری شکل و صورت وحدانیت کو تسلیم کر کے خالق کو پہچاننے کا حق ادا کرتی ہے۔ وحدانیت کا تفکر جو تجلی ذاتِ باری تعالیٰ ہے، کائنات کی بساط ہے۔ اس بساط کے اوپر نورِ محمدی ﷺ کی شعاعیں جو اسمائے الٰہیہ کی روشنی ہیں، آ کر اپنے کمالات کا اظہار کرتی ہیں۔ ان تمام روشنیوں کے اندر ذاتِ باری تعالیٰ کا تفکر اور صفاتِ باری تعالیٰ کا تفکر محمد رسول اللہ ﷺ کے تفکر کی حیثیت سے کام کر رہا ہے۔ ذاتِ محمدی کائنات کے ہر ذرے میں اپنے رب کی تجلیوں کا مشاہدہ کرتی ہے۔

انسان کو چونکہ اللہ تعالیٰ کی جانب سے کائناتِ عالم کے نظام کو جاری و برقرار رکھنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ اس لیے اللہ تعالیٰ کی جانب سے بنی نوعِ انسان کی تعلیم و تربیت کا پورا پورا انتظام قدرت کر رہی ہے۔ پیغمبروں کا دنیا میں تشریف لانے کا مقصد بھی یہی ہے۔

حضور پاک ﷺ کے معجزات کے بیان سے پہلے یہ ضروری ہے کہ ہم اپنے ذہن میں حضور اکرم ﷺ کی ذاتِ مبارک کا ایک خاکہ اوپر بیان کئے گئے الفاظ کی روشنی میں تیار کر لیں اور یہ جان لیں کہ حضور پاک ﷺ کی ذاتِ اقدس ایک ایسا نقطہ ہے جس میں ذاتِ باری تعالیٰ کی تمام صفات کام کر رہی ہیں۔ ذاتِ باری تعالیٰ کا ہر تفکر ذاتِ محمدی ﷺ میں کام کر رہا ہے اور حضور پاک ﷺ کے ذریعے تمام کائنات میں تقسیم ہو رہا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ بار بار کلام پاک میں اللہ تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کے لیے ادب و تعظیم کا درس دیا ہے اور لوگوں کو کہا گیا ہے کہ جو کچھ حضور ﷺ دیں اسے اللہ کی جانب سے سمجھو۔ اس کا مطلب یہی ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات کائنات میں جو کچھ بھی رد و بدل کرنا چاہتی ہے یہ سارا کام حضور پاک ﷺ کے ذریعے سے عمل میں آتا ہے۔

حضور پاک ﷺ کی ذات ایک ایسا میڈیم یا ایک ایسا واسطہ ہے جس کے ذریعے سے ذاتِ باری تعالیٰ کی ہر روشنی کائنات کی حدود میں پہنچتی ہے۔ اسی لیے آپ ﷺ کو سراجاً منیراً، طٰہٰ اور والنجم کہا گیا ہے۔ حجابِ محمود کے پردے پر آپ ﷺ کا نور سراجاً منیراً بن کر جگمگا رہا ہے۔ حجابِ کبریا کے پردے پر آپ ﷺ کا نور طٰہٰ (چودھویں کا چاند) بن کر چمک رہا ہے۔ اور حجابِ عظمت کے پردے پر آپ ﷺ کا نور نجم بن کر جلوہ افروز ہے اور ان تینوں حجابات کے پردوں میں آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس مقامِ محمود پر کائنات کی بادشاہی کے تخت پر متمکن ہے۔

سارا عالمِ امر آپ ﷺ کا دماغ ہے۔ حضور پاک ﷺ کا ارشادِ گرامی ہے ”میری امت کے علماء یعنی اولیاء اللہ بنی اسرائیل کے انبیاء کی مثل ہیں۔“ حضور پاک ﷺ کے اس فرمان کے مطابق رسول اللہ ﷺ کی امت میں ایسے لوگ پیدا ہوتے رہتے ہیں جو بنی اسرائیل کے انبیاء کی مثل ہیں۔ تمام پیغمبران علیہم السلام حضور پاک ﷺ کے واسطے سے دنیا میں علم الاسماء کی تعلیم دینے کے پروگرام میں دنیا میں بھیجے گئے اور آخر میں خود ذاتِ محمدی ﷺ کی تجلی ذات کا لباس اوڑھ کر دنیا میں لوگوں کو اپنے رب سے متعارف کرانے کے لیے تشریف لائی۔

اللہ تعالیٰ اپنے محبوب ﷺ کی ذات کو رحمت للعالمین ﷺ کہتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ رب العالمین ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ کی تجلیاں بحیثیت خالق اور رب کے اور حضور پاک ﷺ کا نور بحیثیت رحمت کے ہر وقت تمام عالمین اور تمام کائنات کے اوپر محیط ہے۔ کائناتِ عالم میں ہماری دنیا کی طرح بے شمار آبادیاں موجود ہیں جہاں مخلوق بستی ہے اور انسان بستے ہیں۔ ان سب کی تعلیم و تربیت کے لیے حضور پاک ﷺ کی جانب سے پروگرام مرتب ہیں اور ہر جگہ جہاں جہاں ضرورت ہوتی ہے اسی طرح پیغمبر اور حضور پاک ﷺ کی تجلیاں ذات کے لباس میں کام کرتی ہیں۔

ساری کائنات میں ایک ہی روح کام کر رہی ہے اور یہ روح روحِ محمدی ﷺ ہے جو اللہ کی رحمت بن کر سارے جہانوں پر چھائی ہوئی ہے۔ کائناتِ عالم میں کوئی پتہ بھی ایسا نہیں کھڑکتا جس کی حرکت روح اپنے اندر نہ محسوس کرتی ہو۔ روحِ محمدی ﷺ کی ہر صفت محیط ہے اور آپ ﷺ کی ذاتِ اقدس اپنی تمام صفات کے ساتھ سارے عالمین پر محیط ہے۔ جس طرح اللہ تعالیٰ کی ربوبیت سے کوئی ذرّہ باہر نہیں نکل سکتا، اسی طرح آپ ﷺ کی رحمت سے کوئی ذرّہ محروم نہیں رہ سکتا۔

ایسی بے مثال ہستی جسے ہم ذاتِ خداوندی کا عکس کہہ سکتے ہیں، ایسی عظیم الشان و لازوال ہستی سے وہ کون سا کام ہے جو بعید از قیاس سمجھا جا سکتا ہے۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ذاتِ محمدی ﷺ کا ہر کام اور نورِ محمدی ﷺ کی ہر حرکت ایک معجزہ ہے مگر ان سب چیزوں کو دیکھنے اور سمجھنے کے لیے دیدۂ بینا اور عقلِ سلیم کی ضرورت ہے۔

حضور پاک ﷺ کے لیے اللہ تعالیٰ اپنے کلام میں فرماتے ہیں۔ سورۃ النجم کی تیسری چوتھی آیت کا ترجمہ ہے۔ ”اور وہ تو بولتا ہی نہیں اپنی خواہش سے۔ نہیں ہے یہ مگر وحی جو ان کی طرف کی جاتی ہے۔“ ان آیات سے حضور پاک ﷺ کا ہر کلام اور ہر فعل ذاتِ خداوندی کا تفکر ہے۔ اللہ تعالیٰ کے تفکر کی حرکت حضور ﷺ کی ذات کے دائرے میں عمل میں آتی ہے۔ اب ہم معجزۂ شق القمر اور اس کی روحانی و عقلی دلیل پیش کرتے ہیں۔

ایک دفعہ مشرکینِ مکہ اکٹھے ہو کر حضور پاک ﷺ کی خدمت میں آئے اور کہنے لگے کہ اگر آپ ﷺ سچے نبی اور رسولِ برحق ہیں تو چاند کو دو ٹکڑے کر کے دکھائیے تب ہم آپ پر ایمان لائیں گے۔ اس سے پہلے کسی بھی نبی نے آفاق کی حدود میں کوئی معجزہ نہیں دکھایا تھا بلکہ تمام پیغمبروں کے معجزے زمین کی حد تک اور زمین پر بسنے والی مخلوق کے اندر تصرفات کرنے کی حد تک محدود تھے۔ مشرکینِ مکہ آپ ﷺ سے پہلے گزرنے والے پیغمبروں کے حالات و معجزات سے واقف تھے۔

کیونکہ ان کی لائی ہوئی کتابیں اور صحیفے اس وقت تک ان کے یہاں موجود تھے جن پر یہودی اور نصاریٰ ایمان لائے تھے مگر وقت کے ساتھ ساتھ ان کے اندر سے ایمان کی روح نکل چکی تھی جس کی وجہ سے وہ شک و شبہ میں مبتلا تھے۔ مشرکین نے چاند کو دو ٹکڑے کر کے دکھانے کا مطالبہ محض اس غرض سے کیا تھا کہ چونکہ اس سے پہلے کوئی نبی آفاق میں تصرف نہ کر سکا۔ انہوں نے اپنی دانست میں یہ جانا کہ یہ کام حضور پاک ﷺ کے لیے بھی ممکن نہ ہوگا اور یقیناً وہ حضور پاک ﷺ کی حقیقت سے بے خبر تھے۔

ان نادانوں کے مطالبے پر حضور اکرم ﷺ نے چاند کی جانب انگلی اٹھا کر صرف اشارہ فرمایا۔ آپ ﷺ کے اشارے کی دیر تھی کہ چاند دو ٹکڑے ہو کر ایک ٹکڑا پہاڑ کے ایک طرف ہو گیا اور دوسرا ٹکڑا پہاڑ کے دوسری طرف ہو گیا۔ اس وقت موجود تمام مشرکین نے اپنی آنکھوں سے دیکھ لیا کہ کوہِ حرا کے دونوں جانب چاند کا ایک ایک ٹکڑا ہے۔ اس کے ساتھ ہی گرد و پیش سے آنے والے مسافروں نے بھی اس بات کی تصدیق کی کہ انہوں نے چاند کے دو ٹکڑوں کے درمیان کوہِ حرا کو دیکھا ہے۔

مگر وائے بد نصیبی و نامرادی کہ اللہ تعالیٰ کی برہان اور اس کی روشن دلیل کو دیکھنے کے باوجود بھی ان کے دل کی آنکھ کھل نہ سکی اور ان کی عقلوں سے ظلمتوں کی تاریکیاں دور نہ ہو سکیں۔ کیونکہ معجزے کے مطالبے سے پہلے ہی ان کی نیت ایک ناممکن بات کو ممکن کر کے دکھانا اس وجہ سے نہیں تھا کہ وہ ایمان لے آئیں گے۔ بلکہ وہ تو اپنے کفر پر جمے ہوئے تھے۔ اس سے ان کی نیت محض اللہ کے رسول ﷺ کی تذلیل تھی جیسا کہ اس سے پہلے پیغمبروں کے ساتھ ہو چکا تھا اور جب نیت اور ارادہ ہی نہ ہو تو اللہ کی روشنیاں ان کے دلوں میں کیسے داخل ہوتیں اور وہ کس طرح ایمان لا سکتے تھے۔

پس اس روشن دلیل کے ساتھ ہی ان مشرکوں کے لئے اللہ تعالیٰ کا وعدۂ ہدایت پورا ہو گیا۔ اللہ تعالیٰ کی ہدایت کو انہوں نے اپنی ظاہری آنکھوں سے دیکھ کر بھی قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ تب اللہ تعالیٰ نے ان سب کے اوپر اپنے عذاب کی مہر چسپاں کر دی اور ان کی جگہ اسفل السافلین میں ابد تک کے لئے مقرر کر دی۔ سورۃ قمر میں ان تمام واقعات کے متعلق اشارے ملتے ہیں۔ اب ہم سورۃ قمر کی چند آیتوں سے ان تمام واقعات کی تشریح بیان کرتے ہیں۔

سورۃ قمر کی شروع کی آیتوں کا ترجمہ ہے۔ ”پاس آ لگی وہ گھڑی اور چاند شق ہو گیا اور اگر وہ کوئی نشانی دیکھتے ہیں تو منہ پھیر لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ یہ بڑا زبردست جادو ہے اور انہوں نے جھٹلایا اور پیروی کرتے رہے اپنی خواہشات کی۔ ہر امر کا وقت مقرر ہے۔ اور پہنچ چکی ہیں ان کے پاس اتنی خبریں جن میں بڑی عبرت ہے۔ سراسر حکمت ہیں۔ پس ڈرانا ان کو کچھ فائدہ نہ پہنچا سکا۔ پس آپ ﷺ رخِ انور پھیر لیں ان سے۔ ایک روز بُلائے گا بلانے والا ایک ناگوار چیز کی طرف۔ خوف سے ان کی آنکھیں جھکی ہوں گی۔ قبروں سے یوں نکلیں گے جیسے وہ پراگندہ ٹڈیاں ہیں۔ ڈرتے ڈرتے بھاگے جا رہے ہوں گے بلانے والے کی طرف۔ کافر کہتے ہوں گے یہ بڑا سخت دن ہے۔ جھٹلایا ان سے پہلے قومِ نوح نے۔ یعنی انہوں نے جھٹلایا ہمارے بندے کو اور کہا یہ دیوانہ ہے۔ اور اسے جھڑکا بھی گیا۔ آخر کار انھوں نے دعا مانگی اپنے رب سے کہ میں عاجز آ گیا ہوں پس تو بدلہ لے۔ ہم نے کھول دیئے آسمان کے دروازے موسلا دھار بارش کے ساتھ۔“

ان آیتوں کے بعد سورۂ قمر میں مسلسل نام بنام ایک ایک پیغمبر کی قوم کی تباہی کا حال ہے اور ان پر نازل کیے گئے عذاب کا تذکرہ ہے جن سے یہ بات صاف طور پر سمجھ میں آ جاتی ہے کہ جب اللہ تعالیٰ کے پیغمبر شعوری طور پر لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی نشانیاں دکھا دیتے ہیں، جن کو وہ اپنے ظاہری حواس کے ساتھ دیکھ لیتے ہیں پھر بھی اگر وہ ہدایت کو تسلیم کرنے کا ارادہ نہیں کرتے تو وہ اللہ تعالیٰ کی رحمت سے دور ہو جاتے ہیں اور اس کے نبیوں کی شفقت سے دور ہو جاتے ہیں اور قدرت کے قہر و جلال کا شکار ہو جاتے ہیں اور قدرت کے قہر و جلال کے شکنجے میں پھنسنے کو قیامت کہا گیا ہے۔

قیامت ایک فرد پر بھی اس کی نافرمانی کی وجہ سے آ سکتی ہے اور ایک قوم پر بھی بوجہ اس کے رسولوں کے جھٹلانے سے آ سکتی ہے اور ساری دنیا پر بھی ان کے کفر کی وجہ سے اور اللہ تعالیٰ کی وحدانیت سے منکر ہونے کی وجہ سے آ سکتی ہے اور ایسے تمام واقعات اور تمام دلیلیں کلامِ الٰہی میں موجود ہیں۔ سورۂ قمر میں اللہ تعالیٰ نے اپنے اسی قانون کو بیان فرمایا ہے کہ پیغمبروں کے معجزے اللہ تعالیٰ کی برہان ہیں۔ اس کے حق کی تلوار ہیں اور جب یہ تلوار ایک بار اپنی میان سے باہر ہو جاتی ہے تو پھر باطل کا سر کاٹے بغیر دوبارہ میان میں اس کا جانا ممکن نہیں ہے۔

معجزۂ شق القمر کو جب ہم روحانیت کی نظر سے دیکھتے ہیں تو آپ ﷺ کی انگلی کے اشارے سے قمر کے دو ٹکڑے ہونے کی حقیقت سامنے آ جاتی ہے۔ حضور اکرم ﷺ باعثِ تخلیقِ کائنات ہیں۔ اللہ تعالیٰ اور کائنات کے درمیان آپ ﷺ کی ذات وسیلہ اور واسطہ ہے۔ اللہ کا ہر امر آپ ﷺ کے وسیلے سے کائنات کے اجزا تک پہنچ رہا ہے یعنی اللہ تعالیٰ اپنے امر کی ہر تجلی رسول پاک ﷺ کے اوپر نازل کرتے ہیں اور رسول پاک ﷺ اللہ کے امر کا حکم کائنات کی روحوں کو دیتے ہیں یعنی کائناتِ عالم کے ذرّے ذرّے میں اللہ تعالیٰ کے امر کی جو حرکت پائی جاتی ہے، اس حرکت میں رسول اللہ ﷺ کا حکم اور ارادہ بھی شامل ہے۔

کائنات کے ہر جز کو ہر ہر لمحے کی حرکت کے لیے اللہ تعالیٰ کے عالمِ امر سے حکم مل رہا ہے۔ یعنی عالمِ امر ایک ایسا اسٹیشن ہے جو ہر لمحے کائنات کی خبریں نشر کر رہا ہے۔ عالمِ امر کی ہر نشریات کسی نہ کسی جز سے تعلق رکھتی ہے جس کی وجہ سے کائنات کا ذرہ ذرہ عالمِ امر سے وابستہ رہنے پر مجبور ہے۔ عالمِ امر کے ایک ایک تار سے ایک ایک روح بندھی ہوئی ہے۔

جب عالمِ امر کے تار میں حرکت ہوتی ہے تو یہ حرکت روح کے اندر منتقل ہو جاتی ہے اور روح اس حرکت کو جسم کے اندر منتقل کر دیتی ہے۔ جس سے ظاہری عمل کا مظاہرہ ہوتا ہے۔ عالمِ امر کی ہر حرکت حضور پاک ﷺ کے حکم سے عمل میں آتی ہے۔ سورج اپنے طلوع و غروب کے لیے رسولِ خدا ﷺ کے حکم کا محتاج ہے۔ چاند اپنے گھٹنے بڑھنے کے لیے عالمِ امر سے رسول اللہ ﷺ کے حکم کا ہر دم منتظر ہے یعنی کائنات اپنی زندگی کی حرکت کے لیے جہاں اللہ تعالیٰ کے امر کی محتاج ہے وہاں رسول اللہ ﷺ کے حکم کی تابعداری اس کے لیے ناگزیر ہے۔

اس کے بغیر کسی ذرّے کی حرکت اور زندگی کا تصور نہیں کیا جا سکتا۔ پس چاند میں تصرف کرنا اس ذاتِ اقدس کے لیے کیا مشکل بات تھی، جس ذاتِ پاک ﷺ کے قدموں میں سارا زمانہ ہے اور جس کا حکم سارے جہانوں میں چل رہا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کا ارادہ ہی عالمِ امر ہے۔ جیسے ہی آپ کے ارادے کی وہ ڈور ہلی جس میں چاند کے لئے دو ٹکڑے ہونے کا حکم تھا، آپ ﷺ کے ارادے کی حرکت عالمِ امر سے چل کر اس تار میں آ گئی اور چاند کی روح آپ ﷺ کے حکم کو پہچان گئی اور فوراً ہی اس حکم کی حرکت پر چاند عملی طور پر دو ٹکڑے ہو گیا۔

چونکہ پیغمبر کا ہر معجزہ عالمِ امر کی تجلی کی حرکت ہے۔ تجلی کے اندر ٹائم اینڈ اسپیس نہیں ہے۔ تجلی کا ہر کام معجزے کی صورت میں رونما ہوتا ہے جو تفکر یا فکر کی رفتار ہے۔ اور لائٹ کی اسپیڈ سے کئی گنا تیز ہے۔ تفکر کو ہم دماغی صلاحیت کہہ سکتے ہیں۔ دماغی صلاحیتیں اللہ تعالیٰ کی تخلیقی صفات ہیں۔ یہ تخلیقی صفات اسمائے الٰہیہ کی صفات ہیں۔

حضور پاک ﷺ کی ہر فکر اسمائے الٰہیہ کی صفات کے ساتھ قائم ہے۔ یعنی آپ ﷺ کے ذہن کو اسمائے الٰہیہ کی تجلیوں سے روشنی ملتی ہے۔ ان تجلیوں کو آپ ﷺ اپنے ارادے سے مخلوق کے کاموں میں لاتے ہیں۔ چونکہ آپ ﷺ کے اندر کائنات کی تمام مخلوق کا ادراک موجود ہے۔ اس لیے آپ ﷺ ان تجلیوں کی مناسب اور متعین مقداروں سے واقف ہیں کہ کتنی مقداریں مخلوق کے ذہن کو برقرار رکھ سکتی ہیں۔ دوسرے معنوں میں ہر مخلوق کے اندر کام کرنے والے فارمولوں سے آپ ﷺ واقف ہیں اور اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ کسی فرد یا نوع کا ذہن کس فریکوئنسی پر قائم ہے۔

فریکوئنسی حرکت کی وہ مقداریں ہیں جن سے فکر یا ذہن بنتا ہے۔ یہ حرکت عالمِ امر کی تجلیوں کا نزول ہے جس کی حرکت تواتر کے ساتھ واقع ہوتی ہے۔ روشنی کی ہر شعاع کے اندر متعین مقداریں کام کر رہی ہیں۔ یہی متعین مقداریں اشیاء یا نوع کے فارمولوں میں کام کر رہی ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ عالمِ امر کی تجلی ایک نوع کا فارمولا ہے۔ فارمولا جب حرکت میں آتا ہے تو عالمِ ارواح سے روح کا سفر عالمِ ناسوت میں شروع ہو جاتا ہے۔ روح کی حرکت جس راستے یا تار پر ہوتی ہے وہ روح کی فریکوئنسی ہے۔

اسی تار کے ذریعے روح کی ہر فکر نیچے اترتی اور چڑھتی ہے۔ فریکوئنسی کی مقداریں وقت کا تعین یا زمان کی بنیاد ہیں۔ اگر آفاق کی یا دنیا کی کسی بھی شے کی فریکوئنسی کا تعین ہو جائے تو اس فریکوئنسی پر شے سے رابطہ قائم کیا جا سکتا ہے۔ جیسے ٹیلیفون کے خاص نمبر ڈائل کرنے سے متعلقہ فرد سے رابطہ قائم ہو جاتا ہے۔ آواز خاص لہروں پر سفر کر کے پہنچتی ہے۔ ہر ہر حرکت کی متعین مقدار ہے۔ اگر روح کا فارمولا معلوم ہو تو روح کے اندر کام کرنے والی روشنیوں کی حرکت سے بھی واقفیت ہو جاتی ہے۔

فارمولوں کے علوم سے واقفیت رکھنے والا فارمولے کے اندر مقداروں میں ردّ و بدل کر کے حرکت کو تیز یا کم کر سکتا ہے۔ مگر ان سب کاموں کے لیے خود اس شخص کے اپنے ارادے کا شے کے ارادے سے زیادہ طاقتور ہونا ضروری ہے۔ انسان کا ارادہ اس کی فکر کی اسپیڈ ہے۔ اسپیڈ ہی انرجی ہے۔ فکر کی پہنچ انسان کے ذاتی ارادے کی گہرائی کو ظاہر کرتی ہے۔

حضور پاک ﷺ کے لیے تو اللہ تعالیٰ نے پہلے ہی فرما دیا ہے کہ آپ ﷺ تو اپنی خواہش سے کچھ بولتے ہی نہیں ہیں بلکہ ہر بات آپ ﷺ کی اللہ کی جانب سے وحی ہے۔ وحی اللہ کا تفکر ہے۔ لہذا حضور پاک ﷺ کی ہر فکر براہِ راست اللہ تک پہنچتی ہے۔ اور آپ ﷺ کے ذہن کا رابطہ ہر وقت اللہ تعالیٰ کی ذات کے ساتھ وابستہ ہے۔ فکر کی یہی اسپیڈ تسخیرِ کائنات کا فارمولا ہے۔

حضور پاک ﷺ کا ایک اور معجزہ جس کا مشاہدہ دوست و دشمن سب نے جنگِ بدر کے میدان میں کیا وہ یہ ہے کہ کفار کا لشکر بدر کے میدان میں پھیلا ہوا تھا۔ لڑائی زوروں پر تھی۔ حضور پاک ﷺ نے ایک مٹھی خاک اس میدان سے اٹھائی اور کفار کے لشکر کی جانب پھینک دی۔ وہ لشکر جو میدان کے ایک وسیع رقبے میں پھیلا ہوا تھا، تمام لڑنے والے مختلف پوزیشن میں تھے۔ کسی کا منہ کدھر تھا تو کسی کا منہ کدھر تھا۔ مگر جب حضور پاک ﷺ نے مٹھی بھر خاک ان کی طرف پھینکی تو خاک کے ذرّے سب کی آنکھوں میں گھس گئے اور سارے کے سارے دیکھنے سے معذور ہو گئے۔ اس بات سے وہ لوگ اس قدر دہشت زدہ ہوئے کہ لاشیں تک چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے اور مسلمانوں کو زبردست فتح ہوئی۔

سورۃ انفال کی ۱۷ویں آیت سے آگے آیتیں ہیں جن میں اس کا ذکر موجود ہے۔

ترجمہ: ”پس تم نے نہیں قتل کیا انہیں اور نہیں پھینکی آپ ﷺ نے وہ مشتِ خاک جب آپ ﷺ نے پھینکی بلکہ اللہ تعالیٰ نے پھینکی تاکہ احسان فرمائے مومنوں پر اپنی جانب سے بہترین احسان۔ بے شک اللہ تعالیٰ سب کچھ جاننے والا ہے۔ یہ تو ہوا اور بلاشبہ اللہ کمزور کرنے والا ہے کفار کے مکر و فریب کو۔ اگر تم فیصلے کے طلبگار تھے تو آ گیا تمہارے پاس فیصلہ اور اگر تم باز آ جاؤ تو وہ بہتر ہے تمہارے لیے اور اگر تم پھر شرارت کرو گے تو ہم سزا دیں گے اور نہ فائدہ پہنچائے گی تمہیں تمہاری جماعت کچھ بھی چاہے اس کی تعداد بہت زیادہ ہو اور یقیناً اللہ تعالیٰ اہلِ ایمان کے ساتھ ہے۔ اے ایمان والو اطاعت کرو اللہ کی اور اس کے رسول ﷺ کی۔ اور نہ روگردانی کرو اس سے حالانکہ تم سن رہے ہو اور نہ بن جانا ان لوگوں کی طرح جنھوں نے کہا ہم نے سن لیا۔ حالانکہ وہ نہیں سنتے۔ بے شک سب جانوروں سے بدتر اللہ کے نزدیک وہ بہرے گونگے ہیں جو کچھ نہیں سمجھتے اور اگر جانتا اللہ تعالیٰ ان میں کوئی خوبی تو انہیں ضرور سنا دیتا اور اگر سنا دیتا انہیں تو وہ پیٹھ پھیر دیتے روگردانی کرتے ہوئے۔ اے ایمان والو! لبیک کہو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی پکار پر جب وہ رسول ﷺ بلائے تمہیں اس امر کی طرف جو زندہ کرتا ہے تمہیں۔ اور خوب جان لو کہ اللہ حائل ہو جاتا ہے انسان اور اس کے دل کے درمیان۔ بے شک اسی کی طرف تم اٹھائے جاؤ گے۔“

ان آیات کو سمجھ کر پڑھنے سے حضور اکرم ﷺ کے اس معجزے کی حقیقت سامنے آ جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ اے ایمان والو! لبیک کہو اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی پکار پر۔ رسول کا پکارنا تمہیں زندگی کی روشنیاں بخشتا ہے۔ دوسرے معنوں میں اللہ اور رسول ﷺ کی پکار پر لبیک وہی لوگ کہتے ہیں جو اللہ اور رسول ﷺ پر ایمان لاتے ہیں اور جو نہیں لبیک کہتے وہ اللہ اور رسول ﷺ کو اپنا دشمن سمجھتے ہیں۔ وہ اپنی دانست میں خواہ کچھ بھی سمجھتے رہیں اللہ تعالیٰ کا حکم جب آ گیا تو ہر صورت میں اس کی فرمانبرداری لازمی ہے ورنہ معتوب قرار دیا جائے گا۔

اللہ تعالیٰ کا انسان اور اس کے دل کے درمیان حائل ہونا اسی قانون کی طرف اشارہ ہے۔ انسان اور اس کے دل کے درمیان جو شے ہے وہ ضمیر ہے۔ ضمیر کے مقام پر حق کی آواز انسان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتی ہے۔ یہ مقام انسان کی سماعت کی گہرائی ہے۔ اسی مقام سے نکل کر اللہ تعالیٰ کا امر یا حکم شعور کی سطح پر انسان کی سماعت میں آتا ہے۔ انسان جب بار بار اپنے ضمیر کی آواز کو ٹھکرا دیتا ہے تو اس کے رد کرنے سے اللہ تعالیٰ کی آواز کی جو روشنیاں اس مقام پر آتی ہیں وہ آگے بڑھنے سے رُک جاتی ہیں اور ایک جگہ جمع ہو جانے سے اس سطح پر بلوریں شیشے کی طرح سخت غلاف آ جاتا ہے۔

جس کی وجہ سے اللہ تعالیٰ کا حکم اور اس کی آواز شعور کی سطح تک نہیں پہنچ سکتی اور انسان اپنے دل یعنی اپنی مرضی اور اپنے ارادے و عقل سے ہر شے کو معنی پہناتا ہے اور اسے اپنی غلطی کا احساس تک نہیں ہوتا۔ اس کے شعور کا پیٹرن ہی الٹ ہو جاتا ہے۔

حضور پاک ﷺ کی نگاہ لوگوں کے باطن میں ہونے والے تغیر و تبدل کو خوب اچھی طرح دیکھتی اور جانتی ہے۔ جب آپ ﷺ نے دیکھ لیا کہ کافر اپنی سرکشی سے کسی طرح باز نہیں آتے اور اپنی تعداد کو زیادہ سمجھ کر طاقت کے گھمنڈ میں مسلمانوں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ جب کہ اللہ تعالیٰ ایمان والوں کی تعداد بڑھانا چاہتا ہے۔ تب آپ ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے حکم کو جان کر اور اس کی آواز کو سن کر ایک مٹھی ریت کافروں کی جانب پھینکی۔ مٹی کا پھینکنا اللہ تعالیٰ کے حکم پر تھا اس لیے اللہ تعالیٰ کے امر کی تجلی نے تمام کافروں کی سماعت کے نظام کو ہی تباہ کر دیا۔

کیونکہ اللہ تعالیٰ کا قانون یہ ہے کہ وہ اپنے کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پسند نہیں کرتا۔ قدرت ایک خاص مدت تک مہلت دیتی ہے اور پھر اس کے بعد فیصلہ کر دیتی ہے۔ پس امرِ الٰہی کے قانون نے جب یہ دیکھا کہ ان لوگوں کی سماعت اب اس قابل ہی نہیں ہے کہ اس کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کی آواز اور اس کے حکم کی روشنی گزر کر ان کے شعور تک پہنچ سکے۔ تب اس نے اپنے نبی ﷺ کو حکم دیا کہ ان سب کافروں کی سماعت کو ہی ختم کر دو۔

حضور پاک ﷺ نے اللہ تعالیٰ کے حکم کے ساتھ ساتھ عمل کیا اور اللہ تعالیٰ کے حکم کی روشنی نے اُن کی سماعت کے اِن سخت شیشوں کے پردوں کو پاش پاش کر دیا اور مٹی کے ذرّات نے ان کی آنکھوں میں داخل ہو کر ان کو دیکھنے سے معذور کر دیا اور انہیں شکست ہو گئی۔ آیتِ مذکورہ میں اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ ”اور نہیں پھینکی آپ ﷺ نے وہ مشتِ خاک جب آپ ﷺ نے پھینکی۔“ اس جگہ اللہ تعالیٰ کے امر اور اس کی حرکت کو ایک جگہ جمع کر دیا گیا ہے کہ جیسے ہی اللہ نے حکم دیا اسی لمحے حضور پاک ﷺ کا دستِ مبارک حرکت میں آ گیا یعنی عالمِ امر سے جو تجلی اتری، اس نے اپنا کام فوراً ہی کر لیا۔ چونکہ اس کے کام میں ٹائم اینڈ اسپیس کی کمی ہو گئی۔ اس لیے اس کے اندر کی توانائی پوری کی پوری برقرار رہی۔ جس کی وجہ سے حکم کی تکمیل من و عن ہو گئی۔

حضور پاک ﷺ کے اس معجزے میں اللہ تعالیٰ کے جو قانون ملتے ہیں، وہ یہ ہیں کہ سب سے پہلے تو یہ کہ پیغمبر کی بات اللہ تعالیٰ کا حکم ہے۔ پیغمبر کی بات سے روگردانی کرنے والا اللہ تعالیٰ کے ساتھ حالتِ جنگ میں ہے اور اس جنگ میں انسان کے جیتنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہو سکتا۔

کیونکہ اللہ تعالیٰ کے حکم کی تعمیل انسان کے ذریعے سے عمل میں آتی ہے اور اللہ تعالیٰ کا ہر حکم اس کے سوچے سمجھے منصوبے کے مطابق ہے۔ یہ ایسا نظام ہے کہ اس کے اندر ایک معمولی سی بھی رکاوٹ اور گڑبڑ برداشت کرنے کی گنجائش ہی نہیں ہے۔ پیغمبر اللہ تعالیٰ کے اذن پر اس کے حکم کی آواز بندوں تک پہنچاتے ہیں۔ ان کی خلاف ورزی اللہ تعالیٰ کی خلاف ورزی ہے۔

دوسرا قانون جو اس معجزے کے اندر بیان کیا گیا ہے وہ یہ ہے کہ جب بندہ اللہ تعالیٰ کے حکم کو پہچان کر فوراً اس کے مطابق کام کرتا ہے تو اس کام کے لیے اس کی توانائی امرِ الٰہی کی روشنی بن جاتی ہے جس سے اس کا کام تیزی کے ساتھ اور تسلی بخش ہو جاتا ہے جس سے اللہ تعالیٰ بھی خوش ہوتا ہے اور دنیا کو بھی اور خود اس کی اپنی ذات کو بھی فائدہ پہنچتا ہے۔ دل یعنی قوتِ ارادی مضبوط ہوتی ہے اور یقین کامل ہوتا ہے۔

اس میں تیسرا قانون یہ ہے کہ وہ بندے جو اللہ تعالیٰ کے حکم کو نہیں دیکھتے، نہیں سنتے، نہیں سمجھتے اور نہیں مانتے، ایسے انسانوں کو اللہ تعالیٰ نے تمام جانوروں سے بھی بدتر کہا ہے۔ غور طلب بات ہے کہ اگر کوئی درندہ آبادی میں گھس آتا ہے اور آبادی کو خطرہ لاحق ہو جاتا ہے تو اسے گولی مار دی جاتی ہے۔ اسی طرح اگر کوئی سانپ گھر میں نکل آتا ہے تو اسے اس خیال سے مار دیا جاتا ہے کہ یہ کسی کو کاٹ نہ لے۔

پس اللہ تعالیٰ نے تو نافرمان انسانوں کو جانوروں سے بھی بدتر کہا ہے یعنی نافرمان بندے انسانیت کے لیے جانوروں سے زیادہ ہلاکت خیز ہیں اور ان کی روک تھام ضروری ہے۔ یہاں جہاد کے حکم کی غرض و غایت کی سمجھ آتی ہے۔ غرض کہ پیغمبروں کا ہر عمل انسان کو قانونِ فطرت کے رموز سے آشنا کرتا ہے۔


 


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی