Topics

معراج النبی ﷺ


 

واقعۂ معراج کسی تعارف کا محتاج نہیں ہے۔ حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کے اس معجزے کے متعلق بہت کچھ لکھا جا چکا ہے اور امتِ محمدی کے تقریباً ہر خاص و عام اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ معراج کا واقعہ حضور پاک ﷺ کا ایک عظیم معجزہ ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام میں اس واقعہ کی اطلاع ہمیں دی ہے۔ سورۂ بنی اسرائیل کی پہلی آیت ہے۔

ترجمہ: ”پاک ہے وہ ذات جس نے سیر کرائی اپنے بندے کو رات کے قلیل حصہ میں مسجدِ حرام سے مسجدِ اقصیٰ تک بابرکت بنا دیا ہم نے جس کے گرد و نواح کو تاکہ ہم دکھائیں اپنے بندے کو اپنی قدرت کی نشانیاں بے شک وہی ہے سب کچھ سننے والا دیکھنے والا۔“

واقعۂ معراج کی تشریح ہم روحانی واردات کی بنیاد پر پیش کرتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کو مقامِ محمود پر پہنچانے کی بشارت اپنے کلام کے ذریعے دی ہے۔

آیت ۷۹ سورۂ بنی اسرائیل پارہ ۱۵

ترجمہ: بھیجے تجھے تیرا پروردگار مقامِ محمود پر۔

مقامِ محمود عرش کی انتہائی بلندی کا نام ہے۔ انسان کو اللہ تعالیٰ نے اپنی صفات کے علوم اس حد تک عطا فرمائے ہیں۔ اللہ تعالیٰ کے امر کی تجلیاں تین حجابات سے گزر کر کائنات کی حدود میں داخل ہوتی ہیں۔

۱۔ حجابِ محمود ۲۔ حجابِ کبریا ۳۔ حجابِ عظمت

یہ تینوں حجابات روحِ محمدی ﷺ کے تین پرت یا تین دائرے ہیں۔ حجابِ محمود روحِ اعظم کا پرت ہے اور لطیفۂ اخفیٰ اور خفی کا دائرہ ہے۔ حجابِ کبریا روحِ انسانی کا پرت ہے اور لطیفۂ سِرّ اور روح کا دائرہ ہے۔ حجابِ عظمت روحِ حیوانی کا پرت ہے اور لطیفۂ قلب اور نفس کا دائرہ ہے۔ یہ تینوں حجابات اللہ تعالیٰ کے اسرار و رموز، حکمت و مشیت کے پردے ہیں۔ جہاں پہنچ کر روح پر اللہ تعالیٰ کے علم و حکمت کی فضیلتیں کھلتی ہیں اور اپنی ذات سے خود آگاہی نصیب ہوتی ہے۔

انسان کے لطائفِ ستّہ روح کی وہ مرکزیتیں ہیں جہاں اللہ تعالیٰ کی نظر کی روشنی ذخیرہ ہوتی ہے اور اس کے ذریعے انسان کو ایسے حواس مل جاتے ہیں جن کے ذریعے وہ اللہ تعالیٰ کی صفات کے علوم کو ان حجابات کی بلندیوں تک سمجھنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ یعنی اللہ تعالیٰ کی جو صفات ان مقامات پر کام کر رہی ہیں ان کے انوار کے علوم اپنے حواس کے ذریعے سمجھنے کے قابل ہو جاتا ہے۔ تمام علوم کا مخزن نظر یا نگاہ ہے۔ نگاہ ہی علم ہے۔ نگاہ کی روشنی کا تنزل انسان کے اندر شے کا ادراک اور احساس و فہم پیدا کرتا ہے۔

کسی بھی شے کا مشاہدہ کرنے سے اس شے کا مکمل علم حاصل ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے امر کی تجلی روح کے ان تینوں دائروں سے گزر کر خلق کی صورت اختیار کر لیتی ہے۔ تجلی اللہ تعالیٰ کی نظر بن کر خلق کے اندر بینائی کا کام کرتی ہے۔ خلقِ خدا نگاہ کے ذریعے بصیرت اور بینائی حاصل کرتی ہے اور اللہ تعالیٰ کی دی ہوئی نظر سے اور عطا کردہ بصیرت و تفکر کے ساتھ عالمِ ہستی میں پھیلی ہوئی فطرت کی نیرنگیوں کا مشاہدہ کرتی ہے۔ عالمِ خلق نگاہ کی روشنی کا انتہائی تنزل ہے۔

اس تنزل کے بعد نگاہ پھر عرش کی جانب سفر کرتی ہے اور روح کی مرکزیتوں سے گزر کر اللہ تعالیٰ کے حجابات کے پردے چاک کرتے ہوئے عرش کی انتہائی بلندیوں میں لوٹ جاتی ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ دیکھنا اور سننا اللہ ہی کا ہے۔ انسان اللہ ہی کی بصارت اور سماعت سے کام لیتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کے امر کی ہر تجلی اپنے ہر تنزل پر اللہ تعالیٰ کے علم کی شعاعوں کو یکجا کرتی ہے اور عالمِ خلق میں آ کر ان شعاعوں کا ڈسپلے کرتی ہے۔ عالمِ خلق میں آ کر امرِ الٰہی کی تجلی ایک انفرادی ذات کی حیثیت اختیار کر لیتی ہے اور مخلوق کے نام سے پہچانی جاتی ہے اور مخلوق عالمِ خلق میں اپنے ظاہری و باطنی حواس کے ساتھ قدرت کی نشانیوں کا مشاہدہ کرتی ہے۔

انسان کو اللہ تعالیٰ نے اپنی صفات کے علوم علم الاسماء کی صورت میں بخشے ہیں۔ عالمِ خلق کی ہر شے اسمائے الٰہیہ کی روشنیوں کا ڈسپلے ہے۔ انسان کی نگاہ دنیا سے لے کر ابد تک اللہ تعالیٰ کی روشنیوں کے مظاہر دیکھتی ہے اور اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ ادراک و حواس کے ذریعے اپنے آپ کو ان کی تعلیم و تفہیم کا خوگر بناتی ہے۔

حجابِ محمود انسان کی تعلیم کی وہ معراج ہے جہاں تک اللہ تعالیٰ نے انسان کو علوم عطا فرمائے ہیں اور انسانی حواس اس مقام تک کام کر سکتے ہیں۔ مقامِ محمود حضور پاک ﷺ کا وہ اعزاز ہے جس کے متعلق اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام کے ذریعے لوگوں کو اطلاع دی ہے۔ یہ مقام اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ علوم کی آخری حد ہے اور اسی آخری حد کو معراج کہا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو اس مقام تک پہنچنے کا شرف عطا فرمایا۔ مقامِ محمود وہ مقام ہے جہاں پر کائنات کی بادشاہت کا تخت و تاج ہے اور یہ حضور پاک ﷺ کا اللہ تعالیٰ کی جانب سے خصوصی اعزاز ہے۔

اللہ پاک نے نیابت، خلافت اور رسالت کے اختیارات سونپ کر اپنے محبوب ﷺ کے سر پر کائنات کی بادشاہت کا تاج رکھا ہے اور مقامِ محمود کے تختِ شاہی پر آپ ﷺ کو جلوہ گر فرمایا ہے۔ جہاں کائنات کی سلطنت کی باگ ڈور آپ ﷺ نے سنبھالی ہوئی ہے۔ سُبْحَانَ اللّٰهِ الْعَلِيِّ الْعَظِيْمِ

اللہ پاک کے ارادے میں ازل سے ہی حضور پاک ﷺ کو کائنات کی بادشاہت کا اعزاز بخشنا منظور تھا۔ کیونکہ کائنات کا تمام پروگرام اللہ تعالیٰ کے ارادے کے عین مطابق ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آپ ﷺ کو باعثِ تخلیقِ کائنات کہا جاتا ہے۔ کیونکہ اللہ تعالیٰ کے ارادے میں کائنات کے پروگرام کے ساتھ اول سے لے کر آخر تک اور ظاہر سے لے کر باطن تک حضور پاک ﷺ کا تصور موجود تھا۔

اللہ تعالیٰ کی نظر میں جب کائنات کی ہستی صرف نورِ اول کی حیثیت سے موجود تھی، اس وقت بھی اللہ تعالیٰ کے حضور میں حضور پاک ﷺ کی شبیہ تھی۔ حقیقت تو یہ ہے کہ اللہ کی نظر میں کل کائنات ہی حضور پاک ﷺ کی ذاتِ مبارک ہے۔ چنانچہ کائنات کے نورِ اول کی گہرائیوں میں نظر ہر تنزل پر اپنے نور کی شعاعوں کو یکجا کرتی ہے۔ ان شعاعوں سے اللہ تعالیٰ کے امر نے روحِ محمدی ﷺ کی تخلیق فرمائی۔ عالمِ خلق تک یہ تخلیقی مراحل لاشعوری حدود کے اندر ہیں۔

جب عالمِ خلق میں اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کو رسول اللہ ﷺ کی حیثیت سے مبعوث فرمایا تو لاشعور کے تمام علومِ غیبیہ کا شعور پر منتقل کیا جانا ضروری تھا تاکہ اللہ تعالیٰ کا رسول ﷺ خود آگاہی کی منزلیں طے کرنے کے بعد اللہ تعالیٰ کے عطا کردہ خلافت و نیابت و رسالت کے فرائض عملی طور پر انجام دے سکے اور شعوری طور پر کائنات کی سلطنت کی باگ ڈور اپنے دستِ مبارک میں لے سکے۔ اس مقصد کے تحت اللہ پاک نے حضور ﷺ کو شعوری طور پر معراج عطا فرمائی اور آپ ﷺ کے شعوری حواس کو حجابِ محمود کی تعلیم و تفہیم کا خوگر بنایا تاکہ آپ اپنے شعوری حواس اور ادراک کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی ان صفات کے انوار و تجلیات کو دیکھ سکیں اور سمجھ سکیں جو حجابِ محمود کے مقام پر عرش کی انتہائی بلندیوں میں کام کر رہی ہیں اور آپ ﷺ کا یہی سب سے عظیم معجزہ ہے کہ آپ ﷺ کے سوا اور کوئی انسان یا کوئی پیغمبر بھی شعوری حواس اور شعوری نظر کے ساتھ حجابِ محمود کی انتہائی بلندیوں کو نہ پا سکا۔ معراج کے لفظی معنی ”انتہائی بلندی“ کے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب ﷺ کے شعوری حواس میں معراج شریف کو پا لینے کا تذکرہ اپنے کلام مبارک میں فرمایا ہے۔

سپارہ ۲۷ سورۂ نجم آیت ۱۔۲

ترجمہ: قسم ہے اس ستارے کی جب وہ نیچے اترا، تمہارا ساتھی نہ راہِ حق سے بھٹکا اور نہ بہکا۔

اس آیت میں اور اس سے آگے کی آیتوں میں اللہ پاک نے معراج کے واقعے کا تذکرہ فرمایا ہے۔

سپارہ ۱۴ سورۂ طٰہٰ آیت ۱۔۲

ترجمہ: طٰہٰ یعنی چودھویں کا چاند۔ نہیں اتارا ہم نے آپ پر یہ قرآن کہ آپ مشقت کریں۔

سپارہ ۲۲ سورۃ الاحزاب آیت ۴۵، ۴۶

ترجمہ: اے نبی ہم نے بھیجا ہے آپ کو گواہ بنا کر اور خوشخبری سنانے والا اور ہر وقت ڈرانے والا اور دعوت دینے والا اللہ کی طرف اس کے اذن سے اور آفتاب روشن کر دینے والا۔

سورج، چاند اور ستارہ اللہ تعالیٰ نے حضور پاک ﷺ کی روح مبارک کے تین دائروں کے نام کی وضاحت کی ہے۔ سراجاً منیراً یعنی روشن کرنے والا سورج، حضور پاک ﷺ کی روحِ اعظم کا پرت ہے۔ جو لطیفۂ اخفیٰ اور خفی کا دائرہ ہے۔ کسی بھی انسان کے اندر یہ دائرہ ذہن کا وہ مقام ہے جو حافظہ کہلاتا ہے۔ چونکہ سورج پورے نظامِ شمسی کو روشنی بخشتا ہے۔

حضور پاک ﷺ کے حافظے میں پوری لوحِ محفوظ یا کائنات کا مکمل علم بمعہ شکل و صورت موجود ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں۔ ”اللہ سمیع ہے اللہ بصیر ہے۔“ سماعت و بصارت اللہ ہی کی ہے۔ جب اللہ تعالیٰ کی نظر کائنات کے ارادے سے حضور پاک ﷺ کی روح مبارک کے اس مقام کو دیکھتی ہے تو وہ اس دائرے کو سراجاً منیراً کی شکل میں دیکھتی ہے کہ روحِ محمدی ﷺ کا یہ دائرہ ایک ایسا روشن سورج ہے جو اپنی روشنی سے پوری کائنات کو منور کر رہا ہے۔ ذہنِ محمدی ﷺ کے سامنے حجابِ محمود کے تمام پردے چاک ہو جاتے ہیں۔

آپ ﷺ کا ذہن اللہ تعالیٰ کے اسرار و رموزِ کائنات اور مشیتِ الٰہیہ سے پوری طرح واقف ہے۔ چودھویں کا چاند، حضور پاک صلی اللہ علیہ وآلہ واصحابہ وسلم کا روحِ انسانی کا پرت ہے۔ جو لطیفۂ سری اور روح کا دائرہ ہے۔ اس مقام پر دل کی نگاہ اپنے خالق و مالک کے سراپائے حسن و جمال کو عشق کی نظر سے دیکھتی ہے۔ دل کی نظر اللہ تعالیٰ کے حجابِ کبریائی کے تمام اسرار و رموز جان لیتی ہے اور محبوبِ الٰہی ﷺ کا دل اللہ تعالیٰ کے عشق کی تجلیات سے جگمگا اٹھتا ہے۔ اللہ تعالیٰ کی نظر حضور پاک ﷺ کے اس دائرے کو چودھویں کے چاند کی شکل میں دیکھتی ہے۔ تیسرا پرت روحِ حیوانی یا لطیفۂ قلب اور نفس کا ہے۔ جس کو اللہ تعالیٰ کی نظر نجم یا ستارے کی شکل میں دیکھتی ہے۔

لطیفۂ قلب و نفس شعور کا دائرہ ہے۔ جس کا محل جسمانی آنکھ ہے۔ اس دائرے میں نظرِ محمدی ﷺ اپنے خالق و مالک کو پہچان لیتی ہے اور زبانِ خلق سے اس کی شہادت و گواہی دیتی ہے۔ شعور کی نظر اس مقام پر حجابِ عظمت کے تمام پردے چاک کر ڈالتی ہے۔ حضور پاک ﷺ کی روح مبارک کے تینوں دائرے کائنات میں موجود تمام نظامِ شمسی کی اصل ہیں اور کل کائنات کو ان سے روشنی پہنچ رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ نے معراج شریف کے تذکرے میں حضور پاک ﷺ کو والنجم کہہ کر پکارا ہے۔

(آیت مذکورہ بالا) اور نجم حضور پاک ﷺ کا شعوری دائرہ ہے۔ جس کا محل جسمانی آنکھ ہے۔ چنانچہ اس آیت کی رو سے یہ ثابت ہے کہ حضور پاک ﷺ کو جسمانی طور پر معراج حاصل ہوئی تھی اور آپ ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے شعوری آنکھ اور شعوری حواس کے ذریعے مقامِ محمود کی بلندیوں میں اپنی قدرت کے عجائبات دکھلا دیئے۔ آپ ﷺ سے پہلے یا آپ ﷺ کے بعد کسی اور انسان یا ذی روح کو یہ اعزاز نصیب نہیں ہوا اور نہ ہو گا۔


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی