Topics

میری ناتواں ہستی


 

وہ ایک متوسط مسلمان گھرانے میں پیدا ہوا تھا۔ اُس کا باپ ایک سرکاری ملازم تھا۔ اس لئے اُس کا تبادلہ کبھی اس شہراورکبھی اس شہر ہوتا رہتا تھا۔

اُس کی ماں کوئی بہت زیادہ مذہبی عورت نہ تھی لیکن عید ، میلاد ، شبِ برات اور محرم کے ختم اور نذر نیاز پابندی سے کیا کرتی۔گھر میں کوئی پریشانی ہو جاتی ، شوہر کا بے وقت تبادلہ ہو جاتا یا وہ اپنے افسروں سے لڑنے کے نتیجے میں معتوب ہو جاتا تو وہ اپنے شوہر سے چوری چھپے صدقہ خیرات بھی کر دیا کرتی۔ رمضان کےروزوں کا پورااہتمام کرتی لیکن نماز کی کچھ زیادہ پابند نہ تھی۔ اُس کے باپ کو اس بارے میں کچھ زیادہ دلچسپینہ تھی۔ وہ اپنی دنیا میں مگن رہنے والا بندہ تھا۔اپنے بیوی بچوں سے اُس کا رویہ بہت حد تک دوستانہ تھا۔ وہ سیر و تفریح کا شائق تھا۔ جب بھی کبھی موقعہ ملتا ، وہ اپنی بیوی بچوں کو لے کر کہیں نہ کہیں سیر یا پکنک کا پروگرام بنا لیا کرتا۔

ماں اس بات کا بہت اہتمام کرتی کہ بچے اپنی پڑھائی میں دلچسپی لیں ، جھوٹ نہ بولیں ، غلط بیانی نہ کریں اور صاف ستھرے رہیں۔ گھر آئے مہمانوں کے سامنے تمیز اور ادب آداب کا خیال رکھیں ورنہ بعد میں بہت کھنچائی کرتی۔

صبح جب اُس کا باپ دفتر چلا جاتا تو ماں پورے گھر کی صفائی کرتی۔ اکثر فرش ضرور دھوتی۔ میلے برتن اور کپڑے دھوتی ، بچے سکول سے واپس آتے تو انہیں نہلاتی۔ اگر باپ نے دوپہر کو گھر آنا ہوتا تو دوپہر کا کھانا پک جاتا ورنہ بازار سے روٹی منگوا کر چٹنی یا رات کے بچے ہوئے سالن سے کام چلا کر کھانا پکانے کا وقت بچا کر گھر کے کاموں میں لگی رہتی۔

اگر کبھی کوئی بچہ گھر سے ننگے پاؤں باہر نکل جاتا تو اُس کی شامت آجاتی۔ بری طرح شور کرتی۔ میں صفائی کرتے کرتے ہلکان ہو جاتی ہوں ، تم کو اتنا بھی خیال نہیں۔ اگر بچے کپڑے گندے کر کے آتے تو اُن کی ٹھکائی ہونا طے ہوتا ۔ اُس کا باپ اور اُن کے رشتے دار وغیرہ اُس کی اس صفائی پسندی کی عادت کے پس پردہ کوئی نفسیاتی وجہ بتاتے لیکناس کی اصل وجہ یہ تھی کہ وہ اس بات سے بہت خائف رہتی تھی کہیں اُس کے بچے بیمار نہ ہو جائیں۔ اس لئے وہ حفظانِ صحت کے اصولوں کو گھر میں لاگو کرنے کی پوری کوشش کرتی۔

وہ کل چار بہن بھائی تھے اُن میں وہ سب سے بڑا تھا۔ اُس کے اندر اپنے لباس سے ایک عجیب سی بے نیازی تھی۔ وہ کپڑے میلے تو نہیں کرتا تھا لیکن اُس کے کپڑے کچھ ہی دیر بعد ڈھیلے ڈھالے لگنے لگتے۔ کبھی آستین کے بٹن کھل جاتے ، کبھی ایک طرف کا کندھا ڈھلکا ہوا ہوتا، شلوار یا پائجامے کا ایک پائچا اونچا ہوتا تو دوسرا نیچا۔ کبھی دونوں پائچے ٹخنوں سے اوپر اٹھے ہوتے اور کبھی ایڑیوں میں گھسٹ رہے ہوتے۔ پتلون پہنتا تو کبھی آدھی شرٹ اندر تو کبھی سائڈ سے باہر۔ پتلون کی کریز اُس سے چند منٹ بھی قائم نہیں رہ پاتی۔ وہ پتلون بھی یوں پہنتا گویا پاجامہ پہن رکھا ہو۔

اُس کا باپ اُس کے اس انداز پر اس کو براہ راست کچھ کہنے کی بجائے اُس کی ماں کو کہتا۔” اس کو تم کپڑوں کی بجائے گدڑی پہنایا کرو۔' اس پر وہ جواب دیتی۔ اُس کو وہ بھی پہنا کر دیکھ لو یہ اُس کا بھی حشر بگاڑ کر نہ رکھ دے تو میرا نام بدل دینا۔'ماں اس کے بالوں میں کنگھی کرتی اور ساتھ میں اُس کو سمجھاتی کہ بال خراب نہیں کرنا۔ لیکن چند ہی لمحوں بعد اُس کے بال بکھرے ہی ملتے۔

اُس کو اپنی پڑھائی کے حوالے سے یہ مشکل رہتی تھی کہ وہ کسی چیز کو رٹا بالکل نہیں لگا سکتا تھا ۔ سوائے چند صورتوں اور پہاڑوں کے اُس کو کوئی چیز حفظ یاد نہیں ہو سکی تھی۔ جو بھی چیز یاد کروائی جاتی وہ اُس کو یاد کرتا لیکن جب پوچھا جاتا تو وہ اس مفہوم کو اپنے الفاظ میں بیان کرتا اس پر اس کے نمبر کٹ جاتے۔ مطالعہ کرنے میں اس کی رفتار عام لوگوں کی نسبت بہت تیز تھی۔ پڑھائی میں وہ زیادہ بُرا نہ تھا۔ کلاس میں استاد اُس کے سوال پوچھنے کی عادت کے باعث اس کو ذہین مانتے تھے۔ اپنے اساتذہ کے نزدیک وہ ایک موڈّب اور تمیز والا لڑکا تھا۔ اپنے دوستوں اور ساتھیوں میں تہذیب اور شائستگی کا مظاہرہ کرتا ۔ اُن سے بھی آپ جناب کہہ کر بات کرتا۔

کلاس میں اُس کو ایک عجیب سی دشواری رہتی۔ اکثر وہ بات سنتے سنتے کہیں کھو سا جاتا۔ استاد کلاس میں کوئی بات سمجھا رہا ہوتا اور وہ اُس کے ہلتے ہوئے ہونٹ دیکھتے دیکھتے خیالوں میں کھو جاتا۔ ایسے میں اگر استاد اُس کو اپنی طرف متوجہ سمجھ کر اس سے کچھ پوچھ لیتا تو گڑ بڑا کر رہ جاتا۔

اُس کی ماں کبھی کبھار گھر میں جب فارغ ہوتی تو یا شام ڈھلے تک اُس کا باپ گھر واپس نہ آتا تو وہ اُن کو کوئی نہ کوئی قصہ یا کہانی سنانے بیٹھ جاتی ۔ کبھی کسی بادشاہ کی کہانی ، کبھی چاند شہزادی کا قصہ ، کبھی اپنے بچپن کا کوئی واقعہ یا کبھی اُن کے نانا کے حوالے سے کوئی بات سناتی۔ ایسے موقعوں پر اُسے یوں لگتا گویا وہ اُن تمام واقعات کو اپنی آنکھوں کے سامنے ہوتے دیکھ رہا ہو۔ حالانکہوہ ادھ کھلی آنکھوں سے اپنی ماں کے چہرے کوتک رہا ہوتا۔

ماں جب کوئی قصہ یا کہانی سناتی تو وہ اُس کہانی کے کرداروں کو زندہ اور متحرک محسوس کرتا۔ بعد میں جب وہ اسکول کالج کے دور میں داخل ہوا تو اُس کو مطالعہ کا چسکا پڑ گیا۔ وہ جب بھی کوئی کتاب پڑھتا تو اتنا محو ہو جاتا کہ اُس کو اپنے اردگرد کا کوئی ہوش ہی نہ رہتا۔ اُس کو غیر نصابی کتب کا جتنا زیادہ شوق تھا نصابی کتب سے اس کی اتنی ہی جان جاتی تھی۔ وہ نئی جماعت کی کتابیں لاتا اُن کو چند ایک روز میں پڑھ لیتا۔ اُس کےبعد جب بھی اُس کتاب کو دیکھتاتو یہی سمجھتا کہ یہ تو اُس نے پڑھی ہوئی ہے اور وہ اُس میں دلچسپی نہ لے پاتا۔ کتابوں کے مطالعہ کا شوق اتنا بڑھا کہ اُس کی ماں اس کی بابت اکثر یہ کہتی ۔” اس کو بے شک کھانے کو نہ دو چند کتابیں دے دو۔“

اس ماحول میں وہ لڑکپن سے نوجوانی کی حدود میں داخل ہو گیا۔ اُس نے میٹرک کر لیا تو اُن دنوں اس کا باپ ایک قصبے میں تعینات تھا۔ اُس کو اسی قصبے کے کالج میں داخل کر دیا گیا۔ کالج تک پہنچتے پہنچتے اپنی ماں سے اُس کا ربط و تعلق قدرے بے تکلفی کا ہوگیا۔ بلکہ کبھی کبھار وہ دوستانہ انداز میں چھوٹی موٹی باتوں پر اُس سے راز و نیاز بھی کر لیا کرتی۔ اس سے وہ شہہ پا کر کبھی کبھی شوخی پر اتر آتا اور چہکتا رہتا۔

ایک روز قصبے کے اکلوتے بازار میں اُس کو ایک بزرگ نظر آئے ۔ اُن کی شخصیت میں کوئی ایسے بات تھی کہ اُس نے خود کو اُن کی طرف کھنچتا ہوا محسوس کیا۔ اُس نے پاس جا کر اُن کو سلام کیا۔ انہوں نے سلام کا جواب دیا۔ بڑی شفقت سے اُس کا حال چال پوچھا ۔ یہ دریافت کیا کہ وہ کس کا بیٹا ہے؟ کہاں رہتا ہے؟ کہاں پڑھتا ہے؟ پڑھائی میں کیسا ہے ؟ اُس کو ان سے باتیں کر کے اچھا لگ رہا تھا۔ اُن کے انداز میں کچھ ایسی اپنائیت سی تھی کہ وہ خود کو کچھ اہم سا محسوس کر رہا تھا۔

یوں بھی اُس کو اپنے سے بڑی کے لوگوں سے بات کرنا اچھا لگتا تھا۔ وہ یہ سمجھتا تھا کہ اس سے اُس کو اُن کے تجربات اور علم سے کچھ سیکھنے کا موقع ملے گا۔ وہ اُن سے سوال پوچھتا۔ ایسے جن سوالوں کے جواب اُس کے ماں باپ یا استاد دینے سے گریز کرتے تھے یا وہ اُس سوالوں کو اُن سے دریافت کرنا مناسب نہیں سمجھتا تھا۔ وہ بڑے بوڑھوں کی محفل میں بیٹھ کر جو کچھ سنتا ، اُن کو اپنے ہم عمر دوستوں کے سامنے بڑھا چڑھا کر بیان کرتا۔ اُن پہ اپنی قابلیت کا سکہ جمانے کی کوشش کرتا۔

اُس بزرگ نے اُس کو اپنا نام عبد اللہ بتایا۔ وہ مستری کا کام کیا کرتے تھے۔ اُن کے کالج کے سامنے کھیتوں کے بیچ اُن کا ایک ٹیوب ویل تھا۔ اُن کی عمر اسی سال کی ہو چکی تھی۔ اس کے باوجود اُن کی صحت قابلِ رشک تھی۔ وہیں بازار میں کھڑے کھڑے انہوں نے اُسکو کتنی ہی کارآمد باتیں بتائیں وہ کافی دیر تک اُن کے ساتھ کھڑا باتیں کرتا رہا۔

چند روز بعد کالج میں اوپر تلے چند پریڈ خالی تھے۔ اُس نے اُس روز کالج لائبریری سے چند کتابیں اپنے نام جاری کروالیں اور انہیں لے کر کسی گوشہ عافیت کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا۔ کالج کے سامنے کھیتوں میں پرال کا ڈھیر ، سردیوں کی دھوپ ، چند کتابوں کا ساتھ ۔۔۔۔ اُس نے نگاہیں اُٹھا ئیں۔ اس کے سامنے مستری عبد اللہ کھڑے تھے۔ وہ تعظیماً اُٹھ کھڑا ہوا۔' کیا ہورہا ہے؟ ' انہوں نے مشفقانہ انداز میں اُس سے پوچھا۔

'یہاں بیٹھا یہ کتاب پڑھ رہا تھا'۔ سُن کر انہوں نے اُس سے دریافت کیا ۔' کیوں کالج میں پڑھائی نہیں ہو رہی؟؛ وہ انہیں بتانے لگا کہ اُس کے تین پریڈ خالی ہیں اور وہ وہاں یہ کتابیں دیکھنے چلا آیا تھا۔ وہ وہیں اُس کے پاس بیٹھ گئے۔ انہوں نے اُس کی لائی ہوئی کتابیں دیکھیں ۔ اُن پر تبصرہ کیا۔ ایک کتاب کی بابت انہوں نے کہا کہ ایسی کتابیں اُس کو نہیں پڑھنی چاہیئں۔ اُس نے اُن سے بحث شروع کر دی کہ ہر طرح کی کتاب پڑھنی چاہیے تاکہ علم حاصل ہو سکے۔ اس پر انہوں نے کہا کہ ہر کتاب علم نہیں دے سکتی۔ بلکہ بعض کتابیں ذہن کے لیے اتنی ہی مضر ہوتی ہی جس طرح سڑا ہوا باسی کھانا صحت کے لئے ۔ یہ بات اُس کے لیے ایک نئی بات تھی۔ انہوں نے کہا ۔' بعض کتابیں گندی نالی کی مانند ہوتی ہیں۔ کیا ایسی نالی کا پانی پیا جا سکتا ہے؟ علم ہی حاصل کرنا ہے تو خود اپنے اندر اترو!'

کافی دیر اُن کے درمیان اسی پہ بات ہوتی رہی۔ اس اثنا میں انہوں نے ایک اور بات یہ کہی ۔' اگر تمہیں علم حاصل کرنے کا اتنا ہی شوق ہے تو علمِ لدّنی سیکھنا۔'

علم لدّنی ؟ یہ کیا ہوتا ہے؟ وہ اس علم کو کس کتاب سے سیکھ سکتا ہے؟ اس علم کا اس سے پیشتر اُس نے کبھی کوئی ذکر کیوں نہیں سُنا؟ وہ اُن سے اس علم کی بابت بہت کچھ جاننا چاہتا تھا لیکن وہ اتنا بتا کر بات ٹالتے رہے۔ البتہ اتنا کہہ کر وہ خاموش ہو گئے کہ یہ علم قرآن میں موجود ہے۔ اللہ جس کو چاہتا ہے اُس کو یہ علم خود ہی سکھا دیتا ہے۔ پھر انہوں نے بات کا رخ بدلنے کو ایک سیلاب کی بابت بتانا شروع کر دیا جس میں کتنے ہی گھر بہہ گئے تھے ، کتنے ہی لوگ لاپتہ ہو گئے تھے اور خود انہوں نے کس مشکل سے اپنی جان بچائی تھی۔

جب اُس نے گھنٹی کی آواز سُنی تو اس نے اُن سے اجازت چاہی۔ جب وہ جانے لگا تو انہوں نے اُس کو درود شریف پڑھنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا۔ درود شریف کا اکثر ورد کرنے والے کو بہت فائدہ ہوتا ہے۔

یوں تو یہ بات اُس نے کئی بار سُنی اور پڑھی ۔ فضائل درود اور بگڑے کاموں کا سنورنا اس کے مطالعے سے گزرا ہوا تھا لیکن جس انداز میں اس بزرگ نے اُس کو کہا تو اُس نے خود کو اس بات پر آمادہ پایا کہ وہ درود شریف پڑھا کرے گا۔

اُس نے گھر آ کر اپنی ماں سے اس بات کا تذکرہ کیا۔ مستری عبد اللہ سے ملنا ، اُن سے ہونے والی گفتگو ، اُن کا اُس کو علم ِ لدّنی سیکھنے کی بات کہنا ۔ اُس کو درود شریف پڑھنے کی تاکید کرنا وغیرہ ۔ اُس کی ماں نے اتنا ہی کہا۔” تُو بھی نہ جانے کیسے کیسے لوگوں سے ملتا رہتا ہے ۔“

اس نے ماں سے علم ِ لدّنی کی بابت پوچھا۔ ماں نے صاف دلی سے کہا۔” مجھے کیا پتہ یہ کیا ہوتا ہے؟ “ اس پر اُس نے ماں سے درود شریف پڑھنے کی بابت پو چھا جس پر اُس کی ماں نے کہا یہ بات تو صحیح ہے اس کا واقعی فائدہ ہوتا ہے۔ وہ ماں سے پوچھتا ۔۔۔ کیا فائدہ ہوتا ؟ کیسے فائدہ ہوتا ہے؟ ماں نے یہ کہہ کر جان چھڑائی بس کہہ جو دیا فائدہ ہوتا ہے۔ جب فائدہ ہوگا تو خود ہی معلوم ہو جائے گا۔

وہ اکثر و پیشتر درود شریف پڑھا کرتا۔ کبھی چھوٹ جاتا تو وہ باقاعدگی سے تسبیح لے کر بیٹھ جاتا اور درود کا ورد کیا کرتا۔

اُس کے مطالعے کی حدود قصے ، کہانیوں ، ناولوں اور افسانوں سے بڑھ کر ادب ، فلسفے ، منطق اور نفسیات تک پھیل گئیں۔ کبھی کبھار وہ دینی اور مذہبی کتب بھی لے آیا کرتا۔ لائبریریوں کے علاوہ دوستوں اور ملنے جلنے والوں سے بھی کتابیں مانگ لیا کرتا۔ جو کچھ پڑھتا اس پہ حتیٰ المقدور عمل پیرا ہونے کی کوشش بھی کرتا، یوگا کی کتاب پڑھتا تواُس میں دی گئی مشقیں آزمانے بیٹھ جاتا۔ حکمت کی کوئی کتاب ہتھے چڑھتی تو گھنٹوں نبض پہ ہاتھ رکھے کلائیاں ٹٹولتا رہا۔ جب کچھ سمجھ نہ آتی تو اُس کو چھوڑ کر کسی اور طرف راغب ہو جاتا۔

نفسیات کی کوئی کتاب پڑھتا تو ملنے جلنے والوں کو اُن کے مسائل کے نفسیاتی تجزیئے کر کے بتاتا۔ کوئی دینی کتاب پڑھ لیتا تو نماز روزے کا اتنی شد ومد کے ساتھ اہتمام شروع ہو جاتاکہ رات کو دو بجے اُٹھ کر وضو کرنے بیٹھ جاتا۔ ماں ہڑ بڑا کر اٹھتی۔ معلوم ہوتا کہ صاحبزادے تہجد ادا کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ دین ومذہب کی باتیں کرتا ، میلادوں اور ختمِ قرآن کی تقریبات میں شرکت کرتا۔ جھوم جھوم کر درود و سلام پڑھتا۔ اُس کی طبیعت میں تلون اور سیلانی پن کے ساتھ ساتھ کچھ نہ کچھ کرتے رہنےکا بھی پکا تھا۔

کئی سال یونہی گزر گئے۔ زندگی اپنی رفتار سے بہتی رہی۔ وہ زندگی بسر کر رہا تھا یا زندگی اُس کو بسر کر رہی تھی۔ اس بات کا اُس کو کچھ زیادہ شعور نہ تھا۔ گریجویشن کرنے تک اُس کے والد کی دو بار مزید تبدیلی ہو چکی تھی۔ آج کل وہ روز گار کی تلاش میں تھا۔ فارغ وقت میں چند ایک بچوں کو ٹیوشن پڑھا دیا کرتا تھا۔

ایک روز وہ چاندنی رات میں چھت پر اکیلا لیٹا ہوا مسحور کُن چاندنی کا لطف لے رہا تھا۔ چاند کو دیکھنے میں اُس کو کچھ ایسا مزا آرہا تھا جو الفاظ میں بیان نہیں ہو سکتا۔ اُسے یوں لگ رہا تھا جیسے چاندنی اُس کے اندر تک اتر رہی ہو۔ چاندنی میں وہ خود کو ہلکا پھلکا محسوس کیا کرتا۔ اُس کو ایک سکون اور طمانیت اپنی لپیٹ میں لے لیتی۔ جیسے جھیل کی سطح پر لہریں اٹھنا بند ہو جائیں تو جھیل کا حسن اور خوبصورتی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ جیسے بادِ نسیم کا کوئی جھونکا چلتے چلتے تھم سا گیا ہو۔

 چاند کو تکتے تکتے وہ چاند اور چاندنی سے متعلق کوئی شعر گنگنانے لگا۔ پھر نہ جانے کیسے اُس کی ذہنیرو درود شریف پڑھنے کی طرف مائل ہوگئی۔ وہ گنگنانے کے انداز میں صلی اللہ تعالیٰ علیٰ حبیبہ محمد وسلم پڑھنے لگ گیا۔ پھر وہ اُٹھ کر بیٹھ گیا اور نہایت اہتمام کے ساتھ درود شریف کا ورد کرنے لگا۔ ورد کرتے کرتے اُس کے ذہن میں ایک مدہم سا خیال آواز بن کر ابھرا۔

”تم کیا پڑھ رہے ہو؟ اس کا مطلب کیا ہے؟“

اُس نے جواب میں سوچا۔” اس کا مطلبہے کہ اے اللہ تو حضور نبی کریم ؐ پر درود و سلام بھیج“

”کیا تم اللہ کو حکم دے رہے ہو کہ وہ اپنے نبی ﷺ کے لئے وہ کرے جو تم اُس کو بتا رہے ہو؟“ اس کے ذہن میں ایک لہراتی ہوئی آواز گونجی۔

”نہیں تو۔۔۔ میں کون ہوتا ہوں اللہ کو کچھ ایسا کہنے والا کہ وہ کیا کرے۔۔ میں تو اللہ سے عرض کر رہا تھا۔۔ اُس نے گھگھیا کر سوچ کی اُٹھتی لہر کو دبانا چاہا۔

”تم ہوتے کون ہو؟ تمہاری حیثیت کیا ہے؟ تم آخر کس Capacity یا حیثیت میں حضور نبی کریمﷺ کی بابت اللہ سے درخواست کر رہے ہو؟ کیا تم اللہ کو انﷺ کی بابت سفارش کرنے کی گستاخی کے مرتکب نہیں ہورہے؟“ اندر کی آواز بلند ہونا شروع ہوگئی۔

”اللہ تعالیٰ رب العالمین ہے اُس سے اُس ذاتِ اقدس کی بابت جو رحمۃ للعالمین ہے ، یہ کہنا کہ وہ اُن پر ہدیہ درود و سلام بھیجے کوئی غلط بات نہیں۔ ہم سبیہی کرتے ہیں اور یہی کرتے آرہے ہیں۔“ اُس نے اپنے اندر سے اٹھتی آواز کو دبانے کو دل ہی دل میں کہا۔

اس پر اُس کے اندر سے ایک مزید سوال طلوع ہوا۔ کیا تم اپنی ہستی اور حیثیت سے بڑھ کر بات نہیں کہہ رہے؟

اس خیال نے اُس کے اندر ایک تلاطم کی کیفیت پیدا کر دی۔ وہ تلاطم ایک جوار بھاٹا بن گیا۔ اُس کے ہلتے لب ساکت ہو گئے۔ اضطراب نے اُس کے لبوں پر مہر سکوت لگا دی ۔ اُس نے سوچا۔

”واقعی میں ایک حقیر امتی کون ہوتا ہوں نبی کریمﷺ کی ذاتِ اقدس کو اللہ تعالیٰ جل شانہ کے حضور Recommendکرنے والا؟ سوال کی شدت اور تکرار نے اُس کی سوچوں کو اپنی لپیٹ میں کچھ اس طرح لیا کہ اُس کے اندر گرداب نے ایک بہت بڑے بھنور کی صورت اختیار کر لی۔ اُس کو یوں لگا گویا وہ اُس بھنور کی چکر پھیری کی لپیٹ میں آ کر نیچے ڈوب رہا ہے۔

”میں تو عرض کر رہا تھا۔“ اس نے ڈوبتے ڈوبتے سوچا۔

”تم عرض بھی حکمیہ انداز میں کرتے ہو؟ اندر سے اٹھنے والی آواز میں طنز کی آمیزش نے اُس بھنور کو اور گہرا اورتیز کر دیا۔

”تمہیں معلوم ہے یہ درود کیا ہوتا ہے جسے تم اللہ تعالیٰ سے 'عرض' کر کے حضورﷺ پہ بھجوا رہے ہو؟'۔۔ایک اور سوال۔۔۔ ایک اور طنز۔۔اُس بھنور سے ابھرا اور وہ بالکل ہی ڈوب گیا۔ اب اُس سے درود پڑھنا دو بھر ہو گیا۔ اب وہ درود پڑھتا بھی تو کس منہ سے؟ اس کو اپنی جہالت کا اعتراف کرنے میں ہی عافیت نظر آئی۔

کئی دن تک وہ اسی ادھیڑ بن میں رہا۔ اس کو اس بات کا کوئی حل نہیں سجھائی دے رہا تھا۔ وہ جب بھی درود پڑھنے لگتا اُس کے اندر اٹھتے سوالوں کا گرداب بھنور بننا شروع ہو جاتا اور وہ ڈوب کر رہ جاتا۔ اُس نے بہت غور کیا لیکن اُس کو کوئی ایسی بات نہ سوجھ سکی جو اس کے اندر سے اٹھتے بگولوں جیسے سوال کا مکوٹھپ سکے۔

اُس نے چند بے تکلف دوستوں سے اس بارے میں بات کی۔ ایک دوست نے کہا۔ باتحیثیت کی نہیں، نہ ہی یہ ہے کہ تم ہوتے کون ہو ؟ یہ تو خود اللہ تعالیٰ کا اپنا حکم ہے۔۔۔ اور پھر اُس نے قرآن کی اُس آیت کا حوالہ دیا جس میں کہا گیا۔” بے شک اللہ اور اُس کے فرشتے نبی کریم پر درود و سلام بھیجتے ہیں۔ اے ایمان والو تم بھی اُن ﷺ پر درود و سلام بھیجو۔“ اس کو اپنے دوست کی بات سُن کر امید کی ایک کرن نظر آئی۔اُس نے خود کو سمجھایا کہ لو دیکھ لو۔ اللہ تعالیٰ خود حکم دے رہا ہے اسی لیے ہمارا نبی پر درود بھیجنا فرض بنتا ہے۔ اُس کو توقع تھی کہ یہ دلیل سامنے آنے پر اُس کے اندر اطمینان اور سکون پھیل جائے گا۔ اُس نے رات کو حسبِ معمول نماز سے فارغ ہو کر تسبیح لی اور درود شریف کا ورد کرنے لگا۔ ابھی تسبیح کے نصف دانے بھی نہ گرنے پائے تھے کہ اُس کے اندر سے کسی نے ایک عجیب سے لہجے میں سوال پوچھا۔

”اللہ تمہیں ایک کام کرنے کا حکم دے رہا ہے اور تم اللہ سے کہہ رہے ہو کہ تو ہی یہ کام کرتا رہ۔ چہ خوش؟ اور پھر یہ درود ہے کیا جس کو اللہ خود بھی مسلسل بھیج رہا ہے ، اپنے فرشتوں کو بھی اُس نے اسی کام پہ لگایا ہوا ہے اور وہ مسلمانوں کو بھی حکم دے رہا ہے ؟ اپنی مثال دے کر ، اپنے فرشتوں کی مثال دے کر وہ تمہیں ایک کام کرنے کا کہہ رہا ہے لیکن تم ہو کہ وہ کام بھی واپساللہ ہی کے ذمہ لگا رہے ہو کہ ہم سے نہیں ہوتا بس تو ہی کر سکتا ہے سو تو ہی کرتا رہ۔۔۔ بھئی واہ۔۔۔ واقعی بہت خوب!“

اُس کے اندر سناٹا چھا گیا۔ اُس نے سمجھ لیا کہ شیطان اُس کے پیچھے پڑ گیا ہے اور وہ اُس کو نبی ﷺ پہ درود نہیں بھیجنے دے رہا۔ لیکن جب وہ اندر سے اُٹھتی آواز کے سوال پر غور کرتا تو اُس کو محسوس ہوتا کہ بات میں واقعی دم ہے اُس کو اس بات کا حل تلاش کرنا چاہیے اور پھر اتنی سی ہی تو بات ہے کہ آخر یہ درود ہے کیا؟

اُس کا شعور جب اس جنگ سے نڈھال اور بے حال ہو گیا۔ اس کی کوئی پیش نہ چل سکی تو ایک روز وہ نماز میں درود پڑھتے ہوئے رو پڑا۔

”رحم پروردگار۔۔ تیری ذات کے علاوہ اور کون ہے جو میری راہنمائی کر سکتا ہے۔ میرے اندر ایک پھانس اتر گئی ہے۔ تو میری مدد فرما۔ اس کانٹے کی چبھن اب مجھ سے برداشت نہیں ہو رہی۔۔ تو ہی اس کو نکال سکتا ہے۔ اے اللہ اس کانٹے کو نکال دے جو میری روح کو زخمی کئے دے رہا ہے ۔ اس دعا کے بعد اُس کو قدرے سکون سا ملا۔

اسی دن بچوں کو پڑھانے کے دوران کسی لفظ کا مفہوم دیکھنے کے لیے اس نے لغت اٹھائی۔ مطلوبہ لفظ دیکھ ہی رہا تھا کہ اس کی نظر درود کے لفظ پہ پڑی۔ وہاں اُس نے اس کے دیئے گئے مطالب کو بہت دھیان سے پڑھا۔ رحمت ، برکت ، بخشش کی دعا،دعا ، سلام ، تسبیح اور تعریف۔ وہ ایک ایک مطلب کی گہرائی میں اتر کر اس کو اس آیت کی روشنی میں پرکھتا رہا۔ بادی النظر میں اُس کا مسئلہ حل ہو چکا تھا۔ لیکن وہ اپنی حیثیت کی بابت گتھی کو حل نہیں کر پا رہا تھا۔

وہ لغت میں لکھے لفظوں کو گھورتا رہا ، اُن کو تکتا رہا۔ اس کا ذوق آگہی مطمئن نہیں ہو رہا تھا۔ پھر اُس کی توجہ درود کے فوراً بعد لکھے چھوٹے سے حرف پر پڑی اور وہ حرف پھیلتا چلا گیا۔ درود کے لفظ کے فوراً بعد اس لفظ 'ف؛ کا کیا مطلب؟ یہ تو فارسی کا مخفف ہے۔ یعنی درود فارسی کا لفظ ہے۔ لیکن عربی میں تو ہم صلی اللہ کہتے ہیں۔

اب اُس نے عربی لغت تلاش کی ۔ وہاں ”صل“ کے مادہ سے بنے ہوئے تمام الفاظ اُس کو ایک ہی پٹی میں مل گئے۔ اتصال ۔ ایصال ۔ متصل ، وصل ، وصال ، صلوٰۃ اور مصلی ۔۔۔۔ اور ان تمام الفاظ کے مفاہیم میں جو چیز مشترک تھی وہ تھا ۔۔'ربط اور تعلق'۔

اب اُس کا مسئلہ بالکل حل ہو گیا تھا۔ وہ سمجھ گیا تھا کہ اُس کا لاشعور اُس کو کس بات کی طرف متوجہ کر رہا تھا۔ اُس نے اُس رات نہایت عاجزی سے سر جھکاتے ہوئے جب صلیٰ اللہ تعالیٰ علیٰ حبیبہ محمد وسلم کہنا شروع کیا تو اُس کے ذہن میں اس کا مفہوم ایک دُعا کا تھا۔

”اے اللہ تو اپنے حبیب حضور نبی کریم الصلوٰۃ والسلام سے میرا تعلق جوڑ دے۔“

اُس کو اپنی حیثیت کا علم ہو چکا تھا ۔ وہ جان گیا تھا کہ اللہ تعالیٰ قرآن میں یہ فرما رہا ہے کہ اللہ اور اس کے فرشتے نبی مکرم ﷺ سے رابطے میں رہتے ہیں۔ اور جو بات ماننے والے لوگ ہیں اُن کو چاہیے کہ وہ بھی اپنا تعلق اُنﷺ سے اس طرح استوار کر لیں جس میں مکمل خود سپردگی ہو۔ اُس خود سپردگی میں کوئی کمی یا کوتاہی نہ ہونے پائے۔ اُس کو یہ بات سمجھ آگئی تھی کہ درود شریف پڑھنے کے کیا فائدے ہوتے ہیں ۔ درود شریف پڑھنے والے بندےکاتعلق اور ربط اللہ کے حبیب سے قائم ہو سکتا ہے ۔ وہ اور ذوق و شوق سے درود شریف پڑھنے لگا ۔ اب اُس کا درود شریف پڑھنا کوئی سفارش یا Recommendationنہیں تھا بلکہ اپنی ناتوانی کا اظہار اور خواہش ِ تعلقکی ایک درخواست اور عرضی بن چکا تھا ۔ اُس کو احساس ہو چکا تھا کہ اللہ کے حکم کے تحت اُس کو اپنے نبی ﷺ سے تعلق اور ربط قائم کرنا فرض ہے اور اُس کے حکم سے وہ صرف اللہ کی امانت اور داد رسی سے ہی عہدہ برآہو سکتا ہے۔ یہ بخشنے والے خداوند کی بخشی ہوئی عنایت ہی ہو سکتی ہے۔ اس سعادت کوزورِ بازو ، لفظی ہیرا پھیری اور چتر چالاکی کے ذریعے حاصل کرنا ایک خام خیالی کے سوا اور کچھ نہیں ہو سکتا۔

اس رات گئے اُس کو یوں لگا گویا اُس نے چشم تصور سے فرشتوں کو اپنی دُعا ، ایک عرضی کی صورت، ایک سبز مخملیں تھال میں رکھ کر ایک نہایت عالی مرتبت، ذی وقار ذات ﷺ کے سامنے پیش کرتے ہوئے دیکھا ہو۔

اب اُس کے اندر لا بھنور مٹ گیا تھا۔ اُس کے اندر پھیلتے اطمینان نے اُس کو اتنی توانائی بخشی کہ وہ مسکرادیا۔