Topics

نور الہدیٰ

 

ایک رات دو بجے آنکھ کھل گئی۔ بستر پر لیٹے ہوئے دماغ میں یہ لفظ گونجنے لگا۔

”نور الہدیٰ۔ نور الہدیٰ۔“

ساتھ ہی حضور قلندر بابا اولیاءؒ کی تصویر ذہن میں آ گئی۔ ذہن متواتر یہ لفظ دہراتا رہا۔ اب میرا بستر پر لیٹنا مشکل ہو گیا۔ میں جلدی سے اُٹھ کر نیچے آ گئی۔ ساتھ ہی لکھائی کا سامان بھی لے آئی۔ کیونکہ مجھے برابر یہ محسوس ہو رہا تھا کہ میرا ذہن الفاظ کی روشنی میں دیکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔ کمرہ ٹھنڈا تھا۔ سب سے پہلے میں نے ہیٹر جلایا۔ پھر چائے بنائی۔ جسمانی حرکات کے پردے میں ایک آنکھ مسلسل صرف ”نور الہدیٰ“ کے نور پر ٹکی ہوئی تھی۔ گرم گرم چائے نے اندر کی نظر کو بھی گرما دیا۔

میں نے قلم اُٹھا لیا۔ اندر کی شفاف روشنی میں حضور قلندر بابا اولیاءؒ کھڑے نظر آئے۔ ان کی نگاہ مجھ پر لگی ہوئی تھی۔ میری نگاہ نے ان کی نظر کے پیغام کو معنی پہنائے۔ ”تم وہ لکھو جو تم دیکھ رہی ہو۔“ میرے اندر کی آنکھ بغیر جھپکے بڑی ہی یکسوئی کے ساتھ نور میں دیکھ رہی تھی۔ میرا دل، دماغ اور جسم تینوں ہی مستعد ہو گئے۔

ذہن کے بیک گراؤنڈ میں نور الہدیٰ کی تکرار نہایت خاموشی سے جاری تھی۔ جیسے روشنی کے سمندر پر نور الہدیٰ کے حروف بہہ رہے ہیں۔ روشنی کے سمندر میں بڑا سکوت تھا۔ کوئی لہر دکھائی نہ دی۔ مگر حدِ نگاہ سے نور الہدیٰ کے حروف چمکیلے اور روشن صورت میں سمندر پر بہتے دکھائی دیئے۔ یکے بعد دیگرے یہ الفاظ لہروں کی طرح اس سمندر میں بہتے دکھائی دیئے۔ سمندر نہایت ہی وسیع تھا۔ ذہن میں سمندر کی وسعت کا خیال آیا۔ نظر دور حدِ نگاہ میں پھیلنے لگی۔ جیسے جیسے نظر پھیلتی جاتی، سمندر کی سطح پر اسی طرح نور الہدیٰ کے حروف بہتے دکھائی دیتے۔

کوئی تبدیلی نہ تھی۔ نظر گہرائی میں چلتے چلتے جیسے تھک گئی۔ وہ سمندر کی وسعت تلاش کرنا چاہتی تھی۔ مگر سمندر کے سوا کچھ دکھائی نہ دیا۔ تو نظر اپنی حدِ نگاہ پر ٹھہر گئی۔ حدِ نگاہ پر ایک حرف دکھائی دیا، لامحدودیت۔ نگاہ نے اس لفظ کو غور سے دیکھا۔ عقل میں آیا لامحدودیت حدِ نگاہ ہے۔ فکر کے سمندر میں نگاہ کی روشنی جس مقام پر جا کر گم ہو جاتی ہے وہ مقام لامحدودیت ہے۔ لامحدودیت کا تعین خود فرد کی اپنی وسعتِ نظر میں ہے۔ فکر کے سمندر میں کوئی جس مقام پر ڈوب گیا وہی اس کے لئے لامحدودیت کی حدِ فاصل ہو گئی۔

میرے اندر کا عزم مسکرایا۔ نظر کی روشنی سے کہنے لگا۔

”تم تو مسافر ہو۔ مسافر کا کام سفر کرنا ہے، ٹھہرنا نہیں۔“

اب پھر نگاہ نور الہدیٰ کے الفاظ پر ٹھہر گئی۔ ذہن کی گہرائی میں فکر نے اُبھر کر کہا ”نور الہدیٰ حضور پاک ﷺ کا نور ہے۔“ اس کے ساتھ ہی نظر نے دیکھا کہ سمندر کی وسیع و عریض سطح پر وہاں سے یہاں تک لاشمار نور الہدیٰ کے حروف بہتے چلے آ رہے ہیں۔ کچھ دیر نظر نہایت یکسوئی کے ساتھ دیکھتی رہی۔ پھر حضور قلندر بابا اولیاءؒ کی آواز سنائی دی۔ روشنی کا یہ سمندر فکرِ محمدیؐ ہے۔ فکرِ محمدیؐ کی حرکت اللہ تعالیٰ کے ارادے پر ہے۔ سمندر کی روشنی کا ہر نقطہ فکرِ محمدیؐ کا ایک عالم ہے۔

نور کے یہ نقطے کائنات کے ذرے ذرے کو سیراب کر رہے ہیں۔ کائنات کے ہر ذرے میں یہ نور جذب ہو کر فرد کا شعور اور ذہن بن جاتا ہے۔ ہر نقطہ الفاظ و معنی کی ایک کتاب ہے۔ ذرے کی نگاہ اسی کتاب کو پڑھتی ہے۔ میں نے قلندر باباؒ سے پوچھا: ”فرد کیا ہے؟“ فرمایا: ”فکر کے نقطے کا لامحدودیت سے محدودیت میں ظاہر ہونا فرد ہے۔ سمندر لاشمار قطروں کا مجموعہ ہے۔ سمندر کے اندر ہر قطرے کی فکر اجتماعی ہے۔ ہر قطرہ اپنی ذات میں سمندر ہے۔ سمندر کے اندر قطرے کی انفرادی سوچ و فکر کا وجود نہیں ہے۔ سمندر کا ہر قطرہ یا روشنی کا ہر ذرہ کائنات کا ایک فرد ہے۔ سمندر کی روشنی ذرے میں جذب ہو کر ذرے کو روشن کر دیتی ہے۔ ذرے کی روشنی کا مظاہرہ افراد ہیں۔ انفرادیت محدودیت ہے۔ اجتماعیت لامحدودیت ہے۔“

میں نے کہا۔ ”فرد میں اجتماعیت کا تصور کیا ہے؟“

فرمایا۔ ”روشنی کا ہر نقطہ فکرِ محمدیؐ ہے۔ انفرادی فکر کی اجتماعی فکر کے ساتھ وابستگی اجتماعیت کا تصور ہے۔“

میں نے پوچھا۔ ”فکر اور معنی کیا ہیں؟“

فرمایا۔ ”فکر خالق کا ارادہ اور امر ہے۔ معنی فکر کی تشکیلی صورت ہے۔ یہ تشکیلی صورت روح ہے۔ جو فرد کے پردے میں کام کرتی ہے۔ ہر حرف اور ہر لفظ روشنی کی متعین مقدار ہے۔ فرد کے ذہن میں الفاظ کا آنا اس بات کی علامت ہے کہ اس کے اندر کائناتی فکر کی روشنی منتقل ہو رہی ہے۔ مگر جب فرد کا ذہن خود اپنی انفرادی سوچ میں بند ہو جاتا ہے تو اس کی روشنی پھیلنے کے بجائے خود اپنے اندر سمٹ جاتی ہے اور معنی بدل جاتے ہیں، روشنی کا رنگ تبدیل ہو جاتا ہے۔ خالق کی ہر فکر کائناتی نظام کی روشنی ہے۔ جو براہِ راست حضور پاکؐ کے ذریعے سے اس کائنات میں پھیل رہی ہے۔ بندے کا ذہن جب حقیقتِ محمدیؐ میں جذب ہو جاتا ہے یعنی اس کے ذہن میں آنے والی روشنیوں کو وہ پوری طرح جذب کر لیتا ہے تو وہ کائناتی ارادے سے یا اللہ کے امر سے واقف ہو جاتا ہے۔ پھر فرد کا ذہن روشنی کا نقطہ بن جاتا ہے اور فکر کی روشنی اس نقطے سے خارج ہونے لگتی ہے۔ اس طرح فرد کا ارادہ اجتماعی ارادے سے منسلک ہو جاتا ہے اور وہ اللہ کے ارادے کے مطابق کام کرتا ہے۔ فرد ایک قندیل کی مانند ہے۔ قندیل کا شیشہ فرد کا جسم ہے۔ قندیل کی بتّی آنکھ ہے۔ تیل ادراک ہے۔ روشنی فکر ہے۔ فکر کی روشنی ادراک کو متحرک کرتی ہے۔ ادراک سے گزر کر روشنی بتّی میں پہنچتی ہے۔ ادراک کا تیل بتّی کو بھگو دیتا ہے۔ بتّی آنکھ یا حواس ہے۔ یہ حواس قندیل کے اندر باہر دونوں جگہ مظاہرہ کرتے ہیں۔ مظاہرہ قندیل کا روشن ہونا ہے۔ قندیل کا شیشہ جتنا زیادہ شفاف ہوگا اتنی ہی روشنی زیادہ پھیلے گی۔ شفاف قندیل کی ہر روشنی خالق کے ارادے کا مظاہرہ ہے۔“

میری توجہ پھر دوبارہ حقیقتِ محمدیؐ کی جانب لگ گئی۔ ہر سمت تجلیات و انوار کا سمندر پھیلا ہوا تھا۔ سوائے سمندر کے کچھ نہ تھا۔ اس سمندر کے اوپر حدِ نگاہ سے الفاظ بہتے چلے آ رہے تھے۔ میری نظر نے پھر وہی منظر دیکھا کہ نور الہدیٰ کے حروف حدِ نگاہ سے بہتے چلے آ رہے ہیں اور سمندر بالکل ساکت ہے۔ اس میں لہریں دکھائی نہیں دیتیں۔ مگر نور الہدیٰ کے لفظ کو دیکھ کر لہروں کا احساس ہوتا ہے کہ یہ نہایت تیزی سے بہہ رہے تھے۔ اس عالم میں قلندر بابا اولیاءؒ کے انوار نظر آئے۔ میں نے سوچا کہ اب قلندر بابا اولیاءؒ میرے قریب آئیں گے تو ان سے سوال پوچھوں گی۔ چنانچہ کچھ دیر بعد میں نے پوچھا۔ ”حقیقتِ محمدیؐ کیا ہے؟“

فرمایا: ”تجلی ذات کا شعور ہے۔“

میں نے پوچھا۔ ”شعور کیا ہے؟“

فرمایا۔ ”شعور آنکھ یا نظر ہے۔“

میں نے پوچھا۔ ”فکر کیا ہے؟“

فرمایا: ”فکر لمحۂ ادراک ہے۔ تجلی ذات کا سمندر اللہ تعالیٰ کی ذات و صفات کا ایک خزانہ ہے۔ حقیقتِ محمدیؐ کی نگاہ اس سمندر کو دیکھ رہی ہے۔ دیکھنے کا عمل تجلی ذات کی تجلی کا حقیقتِ محمدیؐ کی آنکھ سے ٹکرانے سے ہوتا ہے۔ حقیقتِ محمدیؐ کائنات کی روح اعظم ہے۔ روح اعظم کی نگاہ تجلّی ذات کو دیکھ رہی ہے۔ روح اعظم کی نگاہ یا آنکھ ایک پردہ یا لینس ہے۔ اس پردے سے تجلیات فلیش کی صورت میں ٹکراتی ہیں۔ تجلیات کے ٹکرانے سے فلیش ہوتا ہے اور پھر یہ ٹکراؤ روح اعظم کے شعور کو متحرک کرتا ہے۔ روح اعظم کے شعور کی یہ حرکت تجلی کے فلیش کو معنی پہناتی ہے۔ یہ معنی پہنانے والی ایجنسی فکرِ وجدانی ہے جو فلیش کی رفتار پر کام کرتی ہے۔ اس سمندر پر بہنے والے حروف جو تم دیکھ رہی ہو یہ فکرِ وجدانی کی ایجنسی سے گزر کر نظر کے سامنے دکھائی دے رہے ہیں۔ یہ حقیقتِ محمدیؐ کا کمال ہے۔ فکرِ وجدانی تجلی کے ادراک کو معنی میں تبدیل کرنے والی ایجنسی ہے۔ ہر معنی اللہ تعالیٰ کے علوم کا ایک عالم ہے۔“

میں نے پوچھا: ”خلق کیا ہے؟“

فرمایا۔ ”فکر کے سمندر میں ادراک کی لہریں ہیں۔ روح اعظم کی نگاہ تجلی کو ادراک کی صورت میں دیکھتی ہے۔ نگاہ کا قانون ہے کہ وہ دیکھی جانے والی چیز کو کسی نہ کسی صورت میں دیکھتی ہے۔ ادراک کی صورت تجلی کے روح اعظم کی آنکھ سے ٹکرانے سے پیدا ہوتی ہے۔ روح اعظم ایک پردہ ہے۔ اس پردے سے اللہ کی نظر یا بینائی دیکھتی ہے۔“

میں نے پوچھا۔ ”ادراک کی پہلی صورت کیا ہے جو روح اعظم یا حقیقتِ محمدیؐ نے دیکھی؟“

فرمایا۔ ”اللہ کی تجلی۔ پھر اسمائے الٰہیہ!“

میں نے کہا۔ ”مگر روح اعظم کے ادراک میں تو ساری کائنات ہے۔“ پھر قلندر بابا اولیاءؒ کی مسکراہٹ پھیلتی ہوئی نظر آئی۔

فرمایا۔ ”ہاں روح اعظم میں تو ساری کائنات کا ادراک ہے۔“

میں نے سمندر کی جانب دیکھا، سمندر میں ان گنت لہروں پر مرشد کریم کے رنگین جلوے رقصاں تھے۔


 


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی