Topics

نُور کی بوندیں

 

آدھی رات کو سونے سے اچانک آنکھ کھل گئی۔ ذہن میں مرشد کریم کی آواز گونجی۔ ”مرتبۂ احسان یہ ہے کہ یہ باتیں تیرے یقین میں ہو کہ اللہ تجھے دیکھ رہا ہے۔ یقین کا یہی نور تیرے قلب کی نظر ہے جس سے تو اللہ کو دیکھ رہا ہے۔“ مرشد کی آواز کی لہریں میرے سارے جسم میں سرایت کرتی محسوس ہوئیں۔ ایک لمحے کو سارا بدن جھنجھلا اُٹھا جیسے تیز کرنٹ جسم میں دوڑ گیا ہو، اور پھر یہ سارا کرنٹ قلب کے اندر سمٹ آیا۔ میں نے محسوس کیا جیسے میں مر چکی ہوں۔

میرا جسم بے حس و حرکت ہے۔ اس مردہ جسم سے روشنی کا ایک لطیف جسم باہر نکلا اور اوپر اُٹھتا ہوا آہستہ آہستہ اپنے جسم سے دور ہوتا چلا گیا۔ مادّی جسم نظر سے اوجھل ہو گیا اور میرے سارے حواس اس لطیف جسم کے ساتھ وابستہ ہو گئے۔ مجھے لگا کہ میرے اندر اللہ کی نظر کام کر رہی ہے۔ میں چاند ستاروں کے جھرمٹ میں گزرنے لگی، بکھرے ہوئے ستاروں کے جھرمٹ میں کہکشانوں کے راستے دکھائی دیتے۔ ان راستوں پر جگہ جگہ نور کی شعاعوں کے پُل بنے ہوئے دکھائی دیتے۔ ان راستوں پر جگہ جگہ نور کی شعاعوں کے پُل بنے ہوئے تھے۔

خوبصورت پُل جن کے اطراف میں رنگ برنگے ستارے چراغاں کا سماں پیدا کر رہے تھے۔ جگہ جگہ سازوں کی آوازیں فضا کے سُریلے تاروں سے نکلتی سنائی دیتیں۔ اس سحر سحر انگیز فضا میں میں آزاد پنچھی کی مانند اڑتی چلی گئی۔ یہاں مجھے کون روکنے والا تھا۔ یہ سارا جہان مجھے اپنا شہر لگا جس کے گلی کوچے اس کے مکین سے مانوس ہیں۔ جہاں بے وقت گھومتے پھرتے ذرا بھی خوف نہیں آتا۔ میری نظر ان مناظر کی سحر انگیزیوں سے لطف اندوز ہونے لگی۔ دل سے آواز نکلی اے نظر تو نہ ہوتی تو ان نظاروں کو کون دیکھتا اور دل تشکر کے نور سے لبریز ہو گیا۔

یہ نور بہہ کر آنکھ میں آ گیا۔ نظر کی روشنی دور بہت دور جا پہنچی۔ نظر کے ساتھ ساتھ میرا جسم بھی اس جگہ موجود ہو گیا۔ یہاں بس نور ہی نور تھا۔ نظر اس نور میں ہر طرف دیکھنے لگی۔ اس نور میں جگہ جگہ رنگین ستارے جگمگ کر رہے تھے۔ ہر ستارے کی شکل حرف ”محمد“ کی تھی۔ گویا نور کے ورق پر رنگین قلم سے ”محمد“ لکھا ہے۔ ہر ستارے سے اس رنگ کی روشنی کا ایک دھارا بہتا دکھائی دیا۔ رنگ برنگی تیز رفتار دھاروں سے نور کی بوندیں دور دور فضا میں بکھرنے لگیں۔

ہر بوند نظامِ شمسی کے چاند سورج ستارے بن گئے۔ میرے لبوں پر درود شریف جاری ہو گیا۔ دل کہنے لگا۔ یا رسول اللہ میری جاں آپ پر قربان، آپ باعثِ کائنات ہیں۔ زبان پر درود شریف جاری تھا اور نظر حقیقتِ محمدی کے بہتے دھاروں سے نور سمیٹ رہی تھی۔ دل مرتبۂ احسان کی گہرائیوں میں غوطہ زن تھا۔ بے خودی جب حد سے گزر جاتی ہے تو آدمی اپنی ذات سے گم ہو جاتا ہے۔ میرا جسمِ لطیف شمع کی مانند پگھلنے لگا اور حواس لطیف سے لطیف تر ہو گئے۔

حقیقتِ محمدی کے تیز رفتار دھارے مجھے اپنی طرف کھینچنے لگے۔ دھاروں کی کشش دل کا تقاضہ بن گئی۔ بے خودی خودی بن گئی اور دل کا تقاضہ روح کے روئیں روئیں میں سما گیا۔ کسی طرح ان بہتے دھاروں میں ان آبشاروں میں کُود جاؤں۔ روح کے روئیں روئیں سے کھینچ کر یہ تقاضہ نظر میں سمٹ آیا۔ نظر ایک آبشار پر جم کر رہ گئی۔ دل کا تقاضہ خود آبشار بن کر نظر سے اُبل پڑا۔ روح اس دھارے میں ایک تنکے کی مانند بہنے لگی۔ اس کا نرم و نازک بدن خود اپنے ہی تقاضے کی تند و تیز دھارا میں جا پڑا جس کی بپھری ہوئی موجیں ایک آن میں آبشار سے ملا چاہتی تھیں۔

روح کے حواس دیوانگیٔ دل کی بے قراری پر دم بخود رہ گئے۔ آبشار سے فاصلہ گھٹنے لگا۔ اس سے گھبرا کے اپنی آنکھیں بند کر لیں اور اسی لمحے اس کا کومل بدن آبشار کی مضبوط دھارا سے ٹکرا گیا۔ بے اختیار منہ سے نکلا ”یا رسول اللہ“۔ اور آبشار کا نور رحمتِ خداوندی کی آغوش بن گئی۔ آغوشِ رحمت کی حرارت پا کر اس نے آنکھیں کھول دیں۔ نظر اوپر گئی۔ حدِ نگاہ پر تجلی حرف ”محمد“ کی صورت میں دکھائی دی۔ اسے لگا کہ اس کا رب اسے اپنی پیار بھری نظروں سے دیکھ رہا ہے۔

اس کی نظر کا پیار تجلی کے حرف ”محمد“ سے آبشار کی مانند ابل پڑا۔ اس نے دیکھا وہ رحمت کے اس آبشار کے اندر ہے۔ مگر یہ کیا اب اس دھارے کی تیزی اسے پیار بھری آغوش کی طرح محسوس ہوئی۔ وہ اس دھارے میں عشق کی لہروں پر تیرتی رہی۔ ہر لہر اس کی روح کی لطافتوں سے کھیلتی رہی۔ روح کا ہر تقاضہ عشقِ حقیقی کی لہروں کے زیر و بم پر مچلنے لگا۔ ہر لہر اُٹھ اُٹھ کر کہتی یا عبدی۔ ان لہروں سے نکلتے انوار جمالِ محمدی کے جلوے بن کر یا ربّی کہہ کر بکھر جاتے۔

روح کی نظر حقیقتِ محمدی کی گہرائی میں ڈوب گئی۔ حدِ نگاہ پر تجلی کے حرف ”محمد“ کی گہرائی میں روح نے دیکھا۔ ہر طرف اندھیرا ہے۔ ذہن میں سوائے لا کے کچھ نہ تھا۔ تجلی کی گہرائی میں ڈوب کر روح کے حواس گم ہو چکے تھے۔ روح کے ڈوبتے حواس کے اندھیروں میں لا کی تکرار بڑھتی چلی گئی۔ یہاں تک کہ لا کی تجلی ایک زور دار گرج کے ساتھ اس کی سماعت سے ٹکرائی۔ اس کے ڈوبتے حواس واپس لوٹ آئے۔ اس کی نظروں نے تجلی کو دیکھ لیا اور زبان بے اختیار پکار اُٹھی الا اللہ۔

الا اللہ کی گونج حرف ”محمد“ سے باہر آ گئی۔ اور یہ گونج آبشار کی مدھر راگنی بن کر کائنات کی راگنیاں بن گئیں۔ آبشار کی بوندیں اُبھر اُبھر کر اس راگنی کو دور دور تک پھیلاتی رہیں۔ کائنات کا ذرّہ ذرّہ حقیقتِ محمدی کا مظہر بن گیا۔ ہر ذرّے میں آبشار کا نور نظر بن کر اپنے رب کو دیکھنے لگا۔ آبشار کی ہر بوند نے اپنے رب کو پہچان لیا۔

روح نے دُور حدِ نگاہ پر تجلی کو دیکھا۔ اس کی نظر تجلی سے بہتی دھارا سے گزرنے لگی۔ اسے یوں لگا اس کا رب اسے بہت قریب سے دیکھ رہا ہے۔ اس کا بدن محبوب کی نظروں کی رت سے پگھلنے لگا۔ اس کے روئیں روئیں میں حقیقتِ محمدی کا ادراک جاگ اُٹھا۔ الا اللہ کے نغمے اس کے لبوں پر آ گئے۔ تجلی کی بہتی دھارا نے پیار سے اس کے ریشمی بالوں کو چھوا اور اپنی رحمت کی بانہوں میں جکڑ کر کہنے لگی۔ اے روح تم انظرنا کا جمال ہو۔ روح کی نظروں نے تجلی کے نور میں اپنا جمال دیکھ لیا۔ اس کے حسن کی ہر ادا پکار اُٹھی۔ تیری نظرِ کرم تیرا احسان ہے اور...

روح نے حقیقتِ محمدی کے فرش پر مرتبۂ احسان کو پا لیا...

ختم شد


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی