Topics

پانچواں رشتہ


 

بچے تیار ہو کر اسکول جا چکے تو وہ اُٹھ کر کھانے کی میز پر آن بیٹھا۔ بیوی ناشتہ بنا رہی تھی۔ اُس نے اخبار اُٹھا کر اپنے آگے رکھ لیا۔ اس کی نگاہ اخبار کی سرخیوں سے گزرتی ایک خبر پر آ کر رُک گئی۔ ایک عورت کو زندہ جلا دیا گیا۔ اذیت کی ایک لہر اُس کے حواس میں داخل ہوئی۔ اُس نے خبر کی تفصیل پڑھی۔ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ تھا۔ شوہر نے اپنی بیوی پر تیل چھڑک کر اُس کو آگ لگا دی تھی۔

اُس نے بیوی کو میز پر ناشتہ لگاتے ہوئے دیکھ کر اُس سے پوچھا ۔” تم نے یہ خبر پڑھی ہے؟“

”کون سی خبر؟“

” یہ جو ایک عورت کو زندہ جلا دینے کے بارے میں ہے۔“ اُس نے اخبار اُس کے آگے کرتے ہوئے ، اُس کو وہ سُرخی دکھاتے ہوئے کہا۔

اُس کی بیوی نے خبر پر ایک نظر ڈالی اور تبصرہ کیا۔” یہ مردوں ہی کے تو کام ہیں۔ کبھی کسی بیوی نے اپنے شوہر کو زندہ نہیں جلایا ہوگا۔ یہ ضرور مردانگی دکھانے کا چکر رہا ہوگا۔“

” کیا مطلب ہے تمہارا؟ ہو سکتا ہے کہ بیوی ہی کی غلطی رہی ہو۔“ اُس نے دفاعی جملہ کہا۔

”ہنہ! مرد ہو نا۔ اس لئے فوراً بیوی کی غلطی ڈھونڈنے لگے۔ چلو مان لیا کہ بیوی ہی کی غلطی تھی۔ تو کیا اُس کو معاف نہیں کیا جا سکتا تھا۔ آخر وہ اُس کی بیوی تھی۔ اُس کو شوہر پر کچھ تو ناز ہو گا۔ اُس نے اُس کو اپنا شوہر تسلیم کیا تھا تبھی تو اُن کی شادی ہوئی تھی۔ پھر کچھ بھی ہوا ہو یہ زندہ جلا دینے کی سزا؟ یہ اجازت شوہر کو کس نے دے دی؟ دنیا کے کسی تعزیری قانون میں کسی انسان کو زندہ جلا دینے کی سزا اگر موجود ہو تو بتاؤ اور پھر غلطی کو درست کرنے کا بھلا یہ کون سا طریقہ ڈھونڈا اُس بد بخت نے۔“ اُس کی بیوی نے جذبات میں آکر اُس کے کمزور سے دفاع کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے کہا۔

اُس کو اُس کی کہی ہوئی بات کے جواب میں کوئی بات نہ سوجھی۔ وہ خاموشی سے ناشتہ کرنے لگا۔ اُس نے سوچا اُس کی بیوی نے بات تو درست ہی کہی ہے۔ کتنی ہی بڑی غلطی کیوں نہ ہو ایسی سزا دینا تو بالکل ہی ناجائز ہے اور زندہ جلانا۔۔۔ یہ تو نرا پاگل پن اور وحشیانہ عمل ہے۔ معاشرے میں ہر طرف اتنی بے سکونی اور ہیجان پھیلا ہواہے کہ لوگوں کے ذہنوں نے کام کرنا ہی چھوڑ دیا ہے۔ پریشانیوں نے عقل کو اس قدر خبط کر دیا کہ وحشتوں کو ناچنے سے روکنے کا یارا اور سلیقہ دونوں ہی مفقود ہو چکے ہیں۔

ناشتے سے فارغ ہو کر وہ دفترجانے کی تیاری کر رہا تھا کہ پڑوس میں کسی کے اونچا اونچا بولنے کی آوازیں آئیں ۔ پھر اُن آوازوں میں عورتوں اور بچوں کے رونے پیٹنے کی آوازیں بھی شامل ہو گئیں۔ اُس کی بیوی نے کھڑکی سے باہر جھانک کر دیکھا اور پھر یہ کہتے ہوئے باہر چلی گئی۔ ”میں جا کر دیکھتی ہوں۔“

اُس کے جانے کے بعد وہ سوچنے لگا کہ میاں بیوی میں ذہنی ہم آہنگی نہ ہو تو یہی دنگا فساد اور مار پیٹ روز کا معمول بن جاتا ہے ۔ آخر ایسا کیوں ہے؟ اللہ تعالیٰ میاں بیوی کو ایک دوسرے کا لباس قرار دیتے ہیں اور انسان اپنے لباس کو ہی نوچنے کھسوٹنے لگ جائے تو لباس اگر اُترے گا نہیں تو تار تار تو ضرور ہو جائے گا اور لوگوں کو مفت کا تماشہ ہاتھ آتا رہے گا ۔ وہ تیار ہو کر بیوی کی واپسی کا انتظار کرنے لگا۔

ایک بچہ دوڑتا ہوا آیا۔” آپ کو آنٹی بلا رہی ہیں ۔ وہاں وہ انکل اپنی بیوی کو مار رہے ہیں۔ آپ جلدی چلیں۔ آنٹی نے کہا ہے کہ آپ آئیں اور انہیں بچائیں۔“

”میں ۔۔ میں بھلا پرائے پھڈے میں کیوں پڑوں؟ اب یہ میاں بیوی کا معاملہ ہے۔ کہیں اُس کی مداخلت سے بات اور ہی نہ بگڑ جائے۔“ اُس کا جی چاہا کہ وہ کہہ دے کہ نہیں بھئی ، میں اس معاملے میں نہیں پڑ سکتا۔ لیکن پھر انسانی ہمدردی آرے آئی۔ وہ پڑوسن اُن کے گھر کئی بار آچکی تھی۔ وہ بہت خوش مزاج اور ہنس مکھ خاتون تھیں۔ ایسی خومزاج عورت کے ساتھ مار پیٹ۔۔اُس کا ذہن اس بات کو تسلیم نہیں کر رہا تھا۔

اُس نے پڑوسی کے گھر جا کر بچے سے کہا کہ وہاندر جا کر انکل سے کہے کہ باہر کوئی اُن سے ملنے ایا ہے اور خود زور زور سے دروازہ کھٹکھٹانے لگا۔ اُس کی یہ حکمت اور تدبیر کار گر رہی۔ پڑوسی اُسی طرح غصے کی حالت میں باہر اگیا۔

اُس نے اُس کا ہاتھ تھاما اور اُسے لے کر چل پڑا۔ اُس کا پڑوسی پہلے تو جز بز ہوتا رہا لیکن پھر رفتہ رفتہ ٹھنڈا شروع ہو گیا۔ گھر سے تیس چالیس قدم دور جا کر اُس نے اپنے پروسی کے کندھے پر ہاتھ رکھا اور بڑی رسانیت سے کہا ”آپ تو بہت سمجھدار اور قابل انسان ہیں۔ آپ کے گھریلو معاملے میں مجھے مدا خلت بھی نہیں کرنی چاہیے لیکن مجھے میری بیوی نے بلا لیا تھا۔ بہر حال آپ کچھ دیر میرے ساتھ بیٹھیں۔ جب غصہ اتر جائے گا تب گھر جایئے گا اور وہ اپنے پڑوسی کو لے کر اپنے گھر آگیا۔

وہ کچھ دیر بیٹھے۔ پڑوسی بولتا رہا ۔”یہ عورت میری بات نہیں مانتی ۔ جو میں کہتا ہوں وہی نہیں مانتی۔ میں اُس کو کہہ کہہ کر تھک گیا ہوں اُس کو سمجھ ہی نہیں اتی۔ اب اُس کو ہاں میں ہاں ملانا پڑی۔ بات تو واقعی درست ہے۔ بیویوں کو چاہیے کہ وہ شوہروں کی بات مانیں۔ لیکن آخر وہ کہتی کیا ہیں؟ آپ کی کون سی بات نہیں مانتیں؟ اب وہ اُس کو وجہ بتانے کی بجائے اُس کو ادھر اُدھر کی سنانے لگے۔” میں اُس کا مجازی خدا ہوں۔ اللہ نے طلاق کا حق مجھے دیا ہے۔ میں جب چاہوں اُس کو چھوڑ دوں۔ اللہ اور اُس کے رسول ﷺ نے اپنی بیویوں کو مارنے کی اجازت دی ہے ۔ عورت ہوتی کیا ہے ۔ پیر کی جوتی جب چاہے دوسری لے آؤ۔“ وہ چپ کر کے سنتا رہا۔ اب اگر اللہ نے بیویوں کو مارنے پیتنے کی اجازت دہ ہوئی ہے تو بھلا کون ہوتا ہے اُس کو منع کرنے والا۔ اب جس بات پر اللہ نے اپنی بیویوں کو مارنے کی اجازت دی ہے ، وہ واقعی کوئی ناپسندیدہ حرکت ہی رہی ہوگی۔ تو کیا اِن صاحب کی بیوی ایسے جرم کی مرتکب ہوگئی ہیں؟ لگتا تو نہیں کہ وہ کوئی ایسی خاتون ہوں گی۔۔ پھر بھی کیا پتہ؟ اب اُس کو کھوج ہوئی کہ آخر لڑائی اور مار پیٹ کس بات پر ہوئی۔ اُس نے اُن صاحب کو بولنے دیا۔

کچھ دیر بعد وہ صاحب کچھ ٹھنڈے سے پڑ گئے تو انہوں نے بتایا کہ اُن کا اپنی بیوی سے جھگڑا اس بات پر ہوا تھا کہ وہ اپنی بھانجی کی شادی میں شرکت کرنا چاہتی تھیں۔ جب کہ اُن کا خیال تھا کہ چونکہ اُس بچی کے باپ نے ایک بار اُن سے بدتمیزی سے گفتگو کی تھی لہذا اُس کو اپنے شوہر کی عزت کروانے کے لئے شادی میں شرکت سے انکار کر دینا چاہیے۔ اُس کو حیرت ہوئی۔ اتنی سی بات پر مار پیٹ۔۔یہ تو کوئی بات ہی نہ ہوئی۔ اُس سے رہا نہ گیا۔ اُس نے کہہ ہی دیا۔ آپ دل بڑا کریں ۔ یہ اتنی بڑی بات تو نہیں جس کی خاطر بیوی کو مارا پیٹا جائے اور پھر وہ محض آپ کی بیوی ہی تو نہیں آپ کے بچوں کی ماں بھی تو ہے۔ اُس کو ضرور یہی خیال رہا ہوگا کہ آج انہوں نے شادی میں شرکت نہیں کی تو کل کو جب اُن کے بچوں کی شادی ہوگی تو وہ لوگ نہیں آئیں گے۔ اب نہ جانے یہ اُس کے کہنے کا اثر تھا یا وہ صاحب خود بھی تھک چکے تھے۔ انہوں نے اقرار کیا کہ ٹھیک ہے وہ جاتی ہے تو جائے۔ میں تو نہیں جاؤں گا۔

وہ اس قضیے سے فارغ ہو کر دفتر کو چل دیا۔ ایک تو دفتر سے تاخیر ہونے پر اُس کو کوفت ہو رہی تھی اور اوپر سے اُن صاحب کی خودنمائی، خود ستائی اور ڈھٹائی آمیز باتوں کی کدورت اُس کو کچھ عجیب سا لگ رہا تھا۔ دفتر میں اُس نے اپنے ساتھیوں سے تذکرہ کیا تو اُن کا ردِ عمل بھی اُس کو کچھ عجیب سا ہی لگا۔ ایک نے شرارت سے تبصرہ کیا۔”آپ کو اپنی پڑوسن کے معاملات میں اتنی دلچسپی کیوں ہے؟ چند ایک نے کہا۔”اجی یہ عورتیں خداان کو سمجھے انہوں نے تو مردوں کا جینا حرام کیا ہوا ہے۔ کما کر بھیدو اور حساب بھی دو۔ ناز نخرے بھی ہمہی اُٹھائیں اور اس قبیل کے چند ایک تبصرے سُن کر اُس کی سوچ اس طرف مرکوز ہو گئی کہ انسانی رشتوں میں عورت کو جو مقام اللہ تعالیٰ نے دیا ہے ، کیا وہ اُس مقام سے کوئی مناسبت رکھتا ہے ، جو خود انسانوں نے عورت کے لئے مختص کر دیا ہے یا پھر انسان کا اپنی سوچوں ، مفادات اور مصلحتوں کا شکار ہونے کے بعد اُس میں کوئی تبدیلی آچکی ہے۔۔ اور اگر ان رشتوں ناتوں میں بھی وہی تحریف ہو گئی ہے جو آسمانی کتابوں کی تعلیمات میں ہوئی ہے۔ تو وہ بگاڑ کس قدر ہوا ہے؟ اور اُس کی حد اور مقدار کیا ہے؟

انہی سوچوں میں غلطاں وہ انسانی رشتوں کی کھوج میں چل نکلا۔ کہیں پڑھا ہوا ایک جملہ اُس کے حافظے کی اسکرین پر جھلملایا۔ انسانی رشتے کل تین قسم کے ہوتے ہیں۔ خونی ، کاغذی اور زبانی۔ اس فقرے میں تینوں اقسام کے رشتے ذومعنی لفظوں کے آئینے میں اُبھر آئے تھے۔

ماں باپ ، بیٹا بیٹی، بہن بھائی اور پھر بھانجے بھتیجے وغیرہ سب رشتے خون کے رشتے ہی تو ہیں اور جب ان میں بگاڑ پیدا ہو جائے تو خون سفید ہونے سے لے کر خون خرابے تک سبھی خون آشامیاں انہی رشتوں سے منسوب ہو کر رہ جاتی ہیں اور خون کے رشتے جب خونی بن جائیں تو خونخواری پر اتر آتے ہین۔

میاں بیوی ، مالک ملازم اور کاروباری تعلق داریاں سب کاغذی رشتوں کے ذیل میں آتے ہیں۔ ہر رشتہ ایک کاغذ ہی کا مرہونِ منت ہونے کے سبب ایک کاغذیپیراہن میں ملبوس نظر آتا ہے۔ اُستاد شاگرد ، پیر و مرید ، منہ بولے ماں باپ ، بیٹا بیٹی ، بہن بھائی یاری دوستی ، عشق دعاشقی تک سبھی تعلق زبان کے سبب استوار ہوتے ہیں اور اگر خلوص اور مردانہ پن کے جذبے سے بات کہی گئی ہویہ تعلق موت کے بعد بھی قائم رہتا ہے ورنہ محض زباندانی کا ایک انداز اور ایک پیرایہ بیان سے زیادہ کچھ نہیں۔

بعض رشتے زبانی تعلق سے بڑھ کر کاغذی بن جاتے ہیں اور پھر ان کاغذی ناتوں سے خونی رشتے جنم لیتےچلے جاتے ہیں اور یہی خونی رشتے مبہم ہو کر محض زبانی رشتے بن کر رہ جاتے ہیں ۔ یہ سب انسان ہونے ہی کے سبب ہوتا ہے۔ سماجی اور معاشرتی تقاضوں نے ہی انسان کو ان رشتوں ناتوں کی زنجیروں میں جکڑ کر ایک طاقتور اکائی یعنی خاندان بنا دیا ہے ورنہ اور کتنی انواع میں یہ رشتے اور رشتے داریاں وجود رکھتی ہیں۔ شاید صرف جنات میں !

عورت اپنی پیدائش کے بعد بیٹی کہلاتی ہے اور پہلے سے موجود بہن بھائیوں کے ساتھ اُس کا رشتہ بہن کا ہوتا ہے یا اپنے سے بعد آنے والے بچوں کی آپی اور باجی ۔ اس کے بعد وہ بیوی بن کر الگ گھر بساتی ہے اور پھر ماں کہلاتی ہے۔ اس کے برعکس ایک لڑکا جنم لینے کے بعد سب سے پہلارشتہ جس سے متعارف ہوتا ہے ، ماں کا رشتہ پوتا۔ اس کے بعد وہ عورت کے اُس روپ سے آشنا ہوتا ہے جسے وہ بہن کہتا ہے۔ بہن اُس کو وہ پیار فیتی ہے جو ایک مرد کی شخصیت کی تکمیل کے لئے ضروری ہوتا ہے۔ ورنہ دیکھا گیا ہے کہ جن لوگوں کو بہن کا پیار نہیں ملتا ، وہ صنف نازک کے بارے میں اکثر غیر متوازن رویوں کا شکار ہو جاتے ہیں ۔ اس کے بعد وہ عورت کے اُس روپ سے ملتا ہے جس کو اپنی زوجہ ، بیوی یا نصف بہتر کہہ کر متعارف کراتا ہے۔

اُس رشتے کی بابت قرآن حکیم کا یہ ارشاد انتہائی توجہ طلب ہے کہ تمہاری عورتیں تمہارے لئے اور تم اپنی عورتوں کے لئے لباس ہو۔ بطور لباس وہ ایک دوسرے کی زیب و زینت کا سبب بھی ہوتے ہیں ۔ ایک دوسرے کے عیبوں اور خامیوں کی پردہ پوشی اور ایکدوسرے کے تحفظ کے ضامن بھی ہوتے ہیں۔ اگر میاں بیوی کے رشتے میں یہ تینوں اوصاف یعنی زینت و سجاوٹ ، پردہ داری اور تحفظ موجود نہیں تو یہ ایک دوسرے کا لباس بننے میں ناکام رہنے کی دلیل ہوئی۔

 اس کے بعد مرد ، عورت کا جس روپ سے تعارف ہوتا ہے، وہ بیٹی کا روپ ہے۔ بیٹی کے روپ میں وہ باپ کے لئے نعمت اور رحمت بن جاتی ہے۔ باپ کے اندر پیار کے وہ سوتے پھوٹ نکلتے ہیں، جس سے وہ اس سے پیشتر کبھی آشنا نہیں ہوتا۔ ایک ننھی سی بچی اُس کی توجہ اور سوچوں کا مرکز اور محور بن کر اُس کی شفقتوں اور محبتوں کی طلبگار بن کر اُس کی طرف مسکراتی آنکھوں اور کھلکھلاتے چہرے سے کچھ اس طرح سے دیکھتی ہے کہ وہ کچھ بھی لٹائے بغیر مسرتوں کے جھولے میں ہلکورے لیتا چلا جاتا ہے۔

دوسری طرف یہ مرد ایک عورت کے لئے سب سے پہلے باپ کا وہ روپ بن کر سامنے آتا ہے جو اُس کو پالنے پوسنے سے لے کر تحفظ اور سکون فراہم کرنے میں اتنا بڑھ جاتا ہے کہ ایک عورت مرتے دم تک اُس کو فخریہ یاد کرنا اپنی سعادت سمجھتی ہے۔ ایک بیٹی کے لئے دنیا کا سب سےعظیم انسان اُس کا باپ ہوتا ہے۔ وہ اُس کو بابل کہہ کر اُس کا مان بڑھاتی ہے اور سکھیوں پہ اپنے باپ کے چھوٹے چھوٹے سچے واقعات کا رعب ڈالتی ہے۔ اس لئے جو شوہر اپنی بیوی کے والد کو قابلِ احترام نہیں گردانتے وہ بیوی کی نظروں میں اپنا مقام کم کر بیٹھتے ہیں اور اپنا اعتبار کھو دیتے ہیں۔

عورت کے لئے مرد کا دوسرا روپ بھائی ہوتا ہے۔ بھائی ہونے کے ناتے ، وہ بہن کو اعتماد اور تحفظ کے ساتھ ساتھ ایک دوست اور ساتھی کا ساتھ فراہم کرتا ۔ اُس کے ساتھ کھیلتا ہے ، اُس کا خیال رکھتا ہے۔ اُس کو چھیڑتا اور چڑاتا ہے اور کوئی اُس کی بہن کو میلی نظر سے دیکھتا ہے تو وہ مرنے مارنے پر تل جاتا ہے۔

عورت کے لئے مرد کا تیسرا روپ ، اُس کے شوہر اور خاوند کا ہوتا ہے۔ اس روپ میں وہ اُس کو نان و نفقہ فراہم کرنے کی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اُس کو حفاظت اور آسودگی مہیا کرتا ہے ، اُس سے عزت اور دل بستگی کا طلبگار رہتا ہے۔

لیکن یہی مرد ایک عورت کے لئے ایک بیٹا بن کر اُس کی تمام تر توجہ جذب کر لیتا ہے ۔ ماں اُس سے ہزاروں توقعات وابستہ کر لیتی ہے اور سینکڑوں امیدوں اور خواہشوں کے چراغ روشن کر لیتی ہے۔ وہ اسی آس پر شام ِ زندگی کا انتظار کرتی ہے کہ اُس کا بیٹا جوان ہوگا وہ اُس کے سہرے کے پھول دیکھے گی ۔۔اُس کے بچوں کی دادی بنے گی ۔۔اُس کا بیٹا اُس کا سہارا بنے گا ۔ عورت ایسے سہاروں کی آس میں زندگی بھر رہتی ہے۔

اُس کو ایک لطیفہ یاد آگیا ۔ ایک عورت کی شادی ہوئی ۔شوہر سے ذرا بن ہوتی تو دھمکی دیتی۔ اللہ رکھے میرے ماں باپ کو۔۔۔میں چلی میکے ، تم سنبھالو اپنا گھر۔۔ جب ماں باپ گزر گئے اور کبھی شوہر کی مزاج پرسی کرنا ضروری ہو جاتا تو کہتی ۔۔اللہ میرے بھائیوں کو زندگی دے۔۔ میں چلی اُن کے گھر ، تم سنبھالو اپنا گھر۔۔پھر جب بھائی اپنے اپنے گھروں میں مصروف ہو گئے اور اولاد جوان ہو گئی تو خاوند کو دھمکانے کو کہا کرتیں ، خیر سے میرے جوان بیٹے ہیں اب مجھے کسی کی کیا پرواہ اور جب بیٹوں کی شادیاں ہو گئیں اور گھر میں بہو بیٹوں سے لڑاتی ہوتی تو یوں دھمکی دی جاتی۔ اللہ سلامت رکھے میرے سرتاج کو ۔۔۔ میں تم سب کو ٹھیک کر دوں گی۔

انسانی رشتوں کے اس تانے بانے پر غور کرتے کرتے اُس کے ذہن میں اپنے مرشد کریم کا کہا ہوا ایک جملہ عود کر گیا۔انہوں نے ایک بار اپنے مخصوص انداز میں دھیرے سے کہا تھا ” ہر لڑکا اٹھارہ بیس سال کی عمر تک ہر عورت کو ماں یا بہن دیکھتا ہے ۔ لیکن پھر نہ جانے کیوں وہ ہر عورت کو محض عورت ہی دیکھتا ہے؟

اُس نے اس بات کی تہہ تک پہنچنے کو کیوں کی تکرار کی۔ ایسا کیوں ہوتا ہے؟ یہ تبدیلی کیوں آجاتی ہے؟ اُس کے اندر ایک بگولہ سا اُٹھا۔ اُس بگولے کی گردش نے اُس کے اندر سب کچھ تلپٹ کر کے رکھ دیا۔ ہمارے ہاں تمام فلموں ، ڈراموں اور ناولوں کا مرکز اور محور عورت کا پانچواں روپ ہے جو ہر رشتے سے بالا ہو کر محض ایک عورت کا روپ ہے جو جذبات کی عینک سے دیکھنے کی وجہ سے محض ہیر ، لیلیٰ ، سوہنی کا رنگ دھار لیتی ہے۔ جذبات کی آندھی زلفوں کو سیاہ رنگ ، گالوں کو سیب ، آنکھوں کو تیر برساتی جھیل اوربھنوؤں کو کمان کا روپ تو دے دیتی ہے ، لیکن اُس کے اندر تخلیقی صلاحیتوں ، آگہی اور وجدان کی قوت کو بالکل بھی دیکھنے نہیں دیتی۔

عورت اور مرد کے مابین اس پانچویں رشتے کا نام رکھنے کو اُس نے محبوب اور محبوبہ ، عاشق اور معشوقہ کے الفاظ کا جائزہ لیا۔ اُس کے اندر ایک سوال یہ ابھرا کہ کیا کسی اور رشتے میں بھی باہمی ربط ، محبت ، عشق بلا خیز کی کسی بھی طغیانی سے کم ہوتا ہے؟ کیا بیٹی اپنے بابل سے جو ربط اور تعلق رکھتی ہے ، کیا وہ پیار کا خالص ترین روپ نہیں؟ کیا ایک بہن جب اپنے بھائی سے اور ایک بھائی اپنی بہن سے ملتے ہیں تو کیا ان کے دلوں کی دھڑکن کا سبب محبت نہیں بنتی تو پھر ہم سب من حیث القوم ہی نہیں بلکہ من حیث النوع کیوں صرف اسی پانچویں رشتے پر فلمیں بنا رہے ہیں ، ڈرامے لکھ رہے ہیں ، گیت اور غزلیں گا رہے ہیں ۔ افسانے اور ناول تحریر کر رہے ہیں ۔ اس بے نام رشتے کو اتنی اہمیت ہی تو دی جانی چاہیے جتنی دیر کا یہ دور ہوتا ہے یعنی مرد عورت کے لئے یہ دور ایک جیون ساتھی چننے کا دور ہوتا ہے۔ بیوی یا شوہر کی تلاش کا یہ دور ہمارے ذہنوں اور دلوں پر ہی نہیں بلکہ اعصاب تک پر مسلط ہو جاتا ہے اور ۔۔ان کے اعصاب پر ہے عورت سوار تو اُن اعصاب پر ہے مرد سوار ۔۔کی عملی تصویر پورے معاشرے میں بکھرتی چلی جاتی ہے۔

یہ بات تو امرِ واقعہ ہے کہ ایسا ہو رہا ہے۔ اب اس کی وجہ کیا ہے ایسا کیوں ہے؟ اُس نے سوچا کہ یہ تو گھمبیر معاملہ ہے۔ ایسا تو صدیوں سے ہوتا چلا آرہا ہے ۔ اس کیوں کا جواب تو کوئی سماجیات اور معاشرتی علوم کا ماہر ہی دے سکتا ہوگا۔ یہ اُس کے بس کی بات کہا؟ انسانی رشتوں کے اس تانے بانے سے بنتی بگڑتی صورت کا اس تلاشِ زوج کے دوران جنم لینے والے جذبات سے کتنا رشتہ ہے؟ اور ہم نے اُن کو اتنی زیادہ اہمیت دے کر اُس کو ہر دوسرے رشتے سے زیادہ معتبر کیوں کر دیا ہے؟

سڑکوں ، بازاروں اور گلیوں محلوں میں گزرتے ہوئے عورتیں جس اذیت اور کوفت کا شکار ہو رہی ہوتی ہیں ، کیا وہ اس بگاڑ کا عملی چہرہ نہیں ۔۔جو جذبات کی حکمرانی کے سبب پورے معاشرے کو اپنی لپیٹ میں لے چکا ہے۔

اُس نے بہت سر مارا اُس کے ذہن میں بہت سی باتیں دور کرتی رہیں۔ یہ سب بیرونی کلچر کی یلغار کے باعث ہے۔ اگر یہ سب بیرونی کلچر ہے تو آپ کا اپنا کلچر کہاں گیا؟ آپ اپنا کلچر خود نہ چھوڑتے اور دوسروں کا کلچر اپنانے کو تیار نہ ہوتے تو کوئی زبردستی توکر نہیں رہا تھا۔ آپ نے خود اپنی پسند سے ایک چیز چھوڑ دی اور دوسری چیز اپنی پسند سے اپنا لی تو پھر اب شکوہ کیسا ؟ اُس نے اپنے اندر ابھرتے سوال کا جواب سوچتے ہوئے طے کیا۔

لیکن وہ اصل مسئلہ تو اپنی جگہ ہی رہ گیا۔ پانچویں رشتے کی حکمرانی کی وجہ کا تعین ہوگا تو یہ پانچواں رشتہ اپنی اصل قامت میں واپس پلٹ سکے گا ورنہ یہ ایک بلائے بے در ماں کی طرح ہر رشتے کو نگلتا ہی چلا جائے گا۔ اُس نے بڑی رونی سی صورت بنا کر سوچا۔ یکلخت اُس کے اندر خاموشی اور سناٹا پھیل گیا۔ اُس کے ذہن میں اب کوئی خیال گردش نہیں کر رہا تھا۔ اُس سناٹے سے وہ لطف لینے لگا۔ اُس کو اس خاموشی کے لمحات میں ایک سکوں سا محسوس ہو رہا تھا۔ اچانک کوئی چیز چھن سے ابھری اور ایک چھناکے کی صدا بنتی گئی۔ یہ سب تربیت میں سقم رہ جانے کا چکر ہے۔

تربیت میں سقم؟ ہاں اور کیا ۔ اگر بچے کو اُس کی تربیت کے دور میں ، اُسے عورت اور مرد کے مابین ان چاروں رشتوں سے بھر پور انداز میں متعارف کروا دیا جائے تو کسی اور رشتے میں الجھنے کی گنجائش کہاں رہی۔ ان بنیادی رشتوں کا تانا بانا درست ہو جانے سے باقی تمام رشتوں کی الجھتی ڈوریں خود بخود ہی سلجھتی چلی جائیں گی۔ ساس بہو، بھابھی ننداوردیورانی جیٹھانی سب ہی رشتوں کی گرہوں کا تناؤ تبھی کم ہو سکتا ہے جب تربیت میں سقم نہ رہا ہو۔ اُس نے سوچا۔

اُس کے ذہن میں خیال کا ایک اور کوندا لپکا ۔ اُس نے اُس کا جائزہ لیااور پھر بہت سنبھل کر اُس خیال کو الفاظ کا جامہ پہناتے ہوئے سوچا۔ اگر ہر لڑکے اور ہر لڑکی کو یہ بات تعلیم کی جائے کہ جب وہ ایک خاندان اور کنبے کی بنیاد بننے والے میاں بیوی بنیں اور وہ اپنے اپنے فرائض کی ادائیگی میں انہماک پیدا کریں تو ہر مسئلہ حل ہوتا چلا جائے گا

اوراضافی رشتے کی ناتے کا بکھیڑا بھی سمٹ جائے گا۔ اپنے اس خیال پہ خود ہی جھوم اُٹھا۔ یہ تو سامنے کی بات ہے کہ ہر شوہر اپنے فرائض ادا کرے اور اپنی بیوی کو اُس کے فرائض کی بجا آوری میں مدد دے اور ہر بیوی اپنے فرائض کی ادائیگی میں جتی رہے اور شوہر کو اُس کے فرائض کے پورا کرنے میں مدد دے تو پھر اُن کے مابین کوئی مسئلہ کیسے اور کیونکر اُٹھ سکتا ہے۔ جب وہ اپنے اپنے فرائض ادا کر رہے ہوں گے تو دراصل وہ دوسرے کے حقوق ہی تو ادا کر رہے ہوں گے اس طرح حقوق و فرائض کی جنگ بھی ختم ہو جائے گی اور ہر رشتہ اپنے اپنے مقام پہ بلندی اور سرفرازی کا شاہکار بنتا چلا جائے گا۔ اُس نے سوچا اور اُس کے اندر اتنا سکون بھر گیا کہ اُس نے اپنی آنکھیں موند لیں۔