Topics

پگھلتا برفاب


 

وہ دفتر آ کر بیٹھا ہی تھا کہ انٹر کام پر اُس کی سیکرٹری نے بتایا کہ واپڈا کے ایکسٹین مسٹر احمد اُس سے فون پر بات کرنا چاہ رہے ہیں۔

اُس نے فون اٹھایا تو دوسری جانب ، حسبِ توقع ، نرم لیکن پُر جوش لہجے اور محبت بھرے لفظوں میں اس کا حال چال دریافت کرنے کے بعد خلوص اور اپنائیت سے پوچھا گیا۔

”کیا ہو رہا ہے؟”

اس نے بتایا کہ کچھ خاص نہیں ، وہی روٹین کے معمولات ہیں۔ آپ اپنی کہیں۔

اِس پر اُدھر سے کہا گیا ، میں کارِسرکار سے آپ کے شہر آیا ہوں۔ کاموں سے فارغ ہو چکا ہوں۔ آج واپس جا رہا ہوں۔ خیال آیا کہ کیوں نہ آپ سے بھی ملتا چلوں۔

”زہے نصیب ! ہاں کیوں نہیں۔ بلکہ ایسا ہے کہ آج میں بھی فارغ ہی ہوں۔ آپ یہیں تشریف لے آئیں تو ملاقات بھی ہو جائے گی اور گپ شپ بھی۔ اُس نے احمد صاحب کو مدعو کرتے ہوئے کہا۔ تھوڑی سی ردو کد کے بعد احمد صاحب نے اُس کی دعوت قبول کر لی۔ اُس نے فون رکھ کر چپراسی کو بلا کر آنے والے مہمان کی تواضع کرنے کی بابت کہا اور چند ایک ضروری کاموں کے بارے میں ہدایات دے کر فارغ ہو کر احمد صاحب کا انتظار کرنے لگا۔

احمد صاحب سے اُس کی پہلی ملاقات اپنے ایک دوست کے دفتر میں ہوئی تھی ۔ اُس وقت وہ اسی شہر میں تعینات تھے۔ ان کے چہرے مہرےاورانداز و اطوار میں کچھ ایسی بات تھی جس کے سبب وہ اس کو پہلی ہی نظر میں بھا گئے تھے۔ اُن کے اندر ایک طرح کی معصومیت سی تھی ۔ اُن کا تعلق کسی سرحدی قبیلے سے تھا لیکن اس کے باوجود وہ نہایت صاف اور شستہ اردو بول رہے تھے۔ جوان کے بہت زیادہ تعلیم یافتہ ہونے کی دلیل تھی۔ لہجے میں مٹھاس اور حلاوت تھی۔ کچھ ہی دیر کی ملاقات میں وہ اُس کو اپنائیت کا ایک احساس دے کر رخصت ہوتے ہوئے باقاعدہ گلے ملے تو اُس کو روایتی گرم جوشی سے بڑھ کر محبت کی فراوانی کا احساس ہوا تھا۔

چند ایک ملاقاتوں کے بعد اُن کی واقفیت دوستی میں ڈھل گئی۔ وہ محکمہ برقیات کے ملازم اور یہ ایک کاروباری انسان ، امپورٹ ایکسپورٹ کا دھندا کرنے والا۔ اُس کو اُن کی باتوں میں ایک چاشنی سی محسوس ہوتی اور وہ اُس کی باتوں کا لطف لیا کرتے۔ خُوبُو کے لحاظ سے وہ ایک سرکاری افسر ہونے کے باوجود ایک مشفق اور مہربان انسان تھے۔ نرم اور مرنجان مرنج سے۔ ان کی طبیعت میں ایک عجیب طرح کا گداز تھا۔ ان کی سوچوں میں گہرائی تھی ، جب کبھی وہ موڈ میں آکر اپنے مخصوص شرمیلے پن کو جھٹک لیتے تو ان کی باتوں کا تاثر اور بھی بڑھ جاتا۔ ان کے دلائل میں وزن اور انداز میں قطعیت ابھر آتی۔ اِن سب باتوں نے اس کو ان کا گرویدہ بنا لیا تھا۔ اُن کے نزدیک علم کی اصل ، مادی سائنس سے کہیں زیادہ ارفع اور اعلیٰ صورت رکھتی تھی اور یہ علم اگر کہیں دستیاب تھا تو وہ صرف روحانی بزرگوں کے پاس تھا۔ ان کے خیال سے وہ بہت محظوظ ہوا کرتا تھا۔ اس موضوع پر ان کے خیالات سننے کی خاطر وہ اُن سے طرح طرح کے سوال کیا کرتا۔

جب وہ مل بیٹھتے تو ملکی سیاست یا مہنگائی کے بارے میں باتیں کرنے کی بجائے سائنسی ترقی اور اس کے بے شمار مظاہر کے پس پردہ کام کرنے والے اصول اور قوانین سے لے کرقیافہ شناسی اور جفر و نجوم تک ، طب و حکمت سے لے کر موسیقی کی لے ، تال اور سرگم تک ، قرآن ِ حکیمکی آیات کی تشریح و توجیہ سے لے کر پیروں فقیروں کے قصے کہانیوں تک ان دونوں کے درمیان گھنٹوں باتیں ہوا کرتیں ۔ اُن کے جانے کے بعد بھی وہ ان سے کی گئی باتوں کی بازگشت اپنے ذہن میں محسوس کیا کرتا تھا۔ اُس نے محسوس کیا تھا کہ ان کی گفتگو کے دوران کسی نہ کسی طور ایک غیر محسوس انداز میں اکثر کسی نہ کسی ولی اللہ یا پیر فقیرکا حوالہ ضرور آجاتا تھا اس سے اُس کو اُن کے اولیاء اللہ سے خصوصی لگاؤ اور اُنس کا اندازہ ہوتا۔ کئی بار انہوں نے اُس کو کسی بزرگ سے ملوانے کی بات بھی کی تھی۔

اس بات پہ اس کی طبیعت کبھی مائل نہیں ہوئی اور وہ اس بات کو ہمیشہ ٹال ہی دیا کرتا تھا۔ دل ہی دل میں وہ اس بات کو ایک پڑھے لکھے انسان کی ضعیف الا عتقادی سمجھ کر لطف لیا کرتا تھا اور ایسا کرنے میں وہ خود کو اس لئے حق بجانب سمجھتا تھاکیونکہ پیروں فقیروں کے بارے میں اس کی رائے حسنِ ظن کی بجائے بدظنی کے زیادہ قریب تھی ۔ اس کا ماننا یہتھا کہ ایسے لوگ محض اک قصہ پارینہ ہیں۔ ان کا وجود اب مخصوص کتابوں ہی میں ملتا ہے ۔ اس کے ذہن میں پیر و مرشد کا تصور ایک ایسے شخص کا تھا جو لوگوں سے مٹھی چاپی کروانے ، ان کے مال کو اپنا سمجھنے ، اخلاقی برائیوں سے آلودہ ہونے ، عقیدت مندوں کی سادہ لوحی سے فائدہ اٹھانے ، مریدوں پر ناجائز تصرف کرنے اور مخلوقِ خدا سے اپنی پرستش کروانے کی خواہش کو پورا کرنے کی مہارت اور ہنر سے واقف ہوتا ہے۔

اور فقیر۔۔ وہ تو اس کے نزدیک گدڑی پہننے والے ، غلیظ اور میلے کچیلے وہ لوگ تھے جو عزت ِ نفس نام کی کسی چیز سے ہرگز بھی واقف نہ تھے۔ وہ لوگ اگر کوئی کام کرنا جانتے بھی تھے تو وہ تھا بے شرمی اور ڈھٹائی کا لبادہ اوڑھ کر مانگنا اور مانگ کر کھانا۔ اُس کو تو اس خیال سے ہی وحشت ہوتی کہ وہ اپنے ہی جیسے کسی انسان سے حاجت روائی کی آس لے کر جائے اور اس کے سامنے ہاتھ باندھ کر کھڑا ہو جائے۔

احمد صاحب اس کے ایسے خیالات کے اظہار پر نہ کبھی ناراض ہوتے اور نہ ہی جز بز۔ وہ اس سے تعلق خاطر کے لیے یا پھر اس کی دلجوئی کو اتنا کرتے کہ پیر و مرشد یا فقیر کی بجائے صوفیا کرام اور اولیاء اللہ کا نام لے آتے۔ یہ بات اکثر خود بھی کہتے کہ ان شعبدہ باز جعلی پیروں فقیروں نے لوٹ مار مچائی ہے اُس کا خود ان کو اتنا فائدہ نہیں ہوا ہوگا جتنا انہوں نے قوم کو نقصان پہنچایا ہے ۔ سب سے بڑا نقصان تو یہ ہوا ہے کہ لوگ پیر و فقیرکے نام سے ہی متنفر ہو گئے ہیں ، یہ شیطان کی ایک ایسی چال ہے جس نے لوگوں کو اللہ کے دوستوں اور علوم کے اصلی سر چشموں تک پہنچنے سے ہی محروم کر دیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پیر درحقیقت ایک ایسے خدا رسیدہ بزرگ اور دانا انسان کو کہتے ہیں جو کسی کی تربیت کی ذمہ داری اپنے سر لے لیتا ہے اور اس کو قدم قدم چلا کر عرفان نفس سے گزارتا ہوا عرفانِ ذات کی ارفع اور اعلیٰ منزل تک پہنچا دیتا ہے۔ نہ کہ کوئی ایسا پیر فرتوت جو معصوم لوگوں پر پیر تسمہ پا بن کر سواری گانٹھتا پھرے۔ فقیر تو وہ ہوتا ہے جو فقر و استغنا جیسی اعلیٰ اور ارفع صفات سے آراستہ و پیراستہ ہو کر مخلوق سے ایک تعلق ِ انس و محبت اور خالق سے رابطہ قائم کئے ہوئے ہوتا ہے نہ کہ یہ شرم و حیا سے عاری ، بھکاری اور گدا گر۔ اصلی پیری فقیری چیز دیگراست۔ اور یہ آج کل کی پیری فقیری تو ایک مذموم کاروبار سے بڑھ کر اور کچھ نہیں۔

اس بارے میں احمد صاحب اُس کو اپنے ہم خیال لگتے بلکہ اُس کو اُن کی رائے اپنی جذباتی سوچ کے مقابلے میں زیادہ دقیق اور پُر اثر لگتی۔ اُن کی ایک اور بات جس نے اُس کو بہت زیادہ متاثر کیا تھا وہ یہ تھی کہ وہ جب بھی کسی بات کو مباحثہ بنا کر ان سے اپنی بات تسلیم کروانے کی کوشش کرتا تو اگر وہ اُس کی بات سے متفق ہوتے ، تو وہ اُس کی بات کو فوراً مان لیتے اور کہتے کہ جی ہاں آپ درست کہہ رہے ہیں اور اگر اُن کو اُس کی بات سے اتفاق نہ ہوتا تو پھر اپنی بات سنانے سے پہلے تمہید باندھنے کو یہ کہتے ' میرا خیال ہے اگر آپ اس مسئلے کا خود ہی غیر جانبداری سے جائزہ لیں گے تو آپ بات کی تہہ تک خود ہی پہنچ جائیں گے۔ یا یہ کہ آپ ایسا کریں کہ اپنی بات کا اس بات سے موازنہ کر کے خود ہی فیصلہ کریں ۔ جب آپ ان دونوں باتوں کا موازنہ کریں گے تو حقیقت آپ پر خود ہی واضح ہو جائے گی اور پھر اس کے ساتھ ہی وہ اپنی بات کہہ سناتے۔ بعد میں جب وہ اُن کی کہی ہوئی بات پہ غور کرتا تو اُس کو اُن کی کہی ہوئی بات میں ، اپنی بات کے مقابلے میں زیادہ وزنی اور سچائی لیے ہوئے محسوس ہوتی اور دل ہی دل میں اُن کا اور بھی گرویدہ ہو جاتا۔

احمد صاحب آئے تو حسب سابق اس کو ایک خوشگوار احساس نے اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ انکی صحبت میں اس نے خود کو ہلکا پھلکا محسوس کیا۔ گفتگو حالاتِ حاضرہ سے شروع ہو کر مختلف موضوعات پر باہمی تبادلہ خیال سے ہوتی ہوئی نہ جانے کیسے خدا شناسی کے موضوع پر جا پہنچی۔ تو احمد صاحب نے بتایا کہ جب انہیں اعلیٰ فنی تربیت کے لیے جاپان بھیجا گیا تھا تو وہاں ان کے قیام کے دوران ایک بار ان کے جاپانی ساتھیوں میں سے ایک صاحب نے ان سے دریافت کیا تھا کہ آپ لوگ خدا کا تذکرہ تو بہت کرتے ہیں تو کیا آپ خدا کے وجود کو ثابت بھی کر سکتے ہیں یا نہیں؟

انہوں نے بتایا کہ اس پر میں نے اُن سے کہا کہ آپ کی تمام تر سائنسی اور مادی ترقی ک دارومدار کس چیز پر ہے؟ انہوں نے جواب میں کہا کہ برقی توانائی پر۔ اس پر میں نے ان سے کہا، آپ نے دیکھی ہے کبھی یہ برقی توانائی؟ جس پر انہوں نے بات لا کر الیکٹران کے سر ڈال دی کہ الیکٹران کا بہاؤ ہی تو کرنٹ یا برقی توانائی کہلاتا ہے اور چونکہ الیکٹران جسامت میں فوٹان سے چھوٹا ہوتا ہے لہذا اُس کو نہیں دیکھا جا سکتا ، اور چونکہ الیکٹران کو دیکھا ہی نہیں جا سکتا اس لئے اُس کے بہاؤ کو دیکھنا بالکل ہی ناممکن بات ہے۔ انہوں نے البتہ یہ ضرور تسلیم کیا کہ ہاں اس برقی توانائی کو اس کے مختلف مظاہر کے ذریعے ضرور محسوس کیا جا سکتا ہے۔

 اس پر میں نے اُن سے کہا۔ لیجئے آپ نے تو میرا مسئلہ خود ہی حل کر دیا ہے۔ اور پھر میں نے اٹھ کر کمرے میں موجود ٹی وی آن کر دیا۔ ٹی وی پر مختلف چینل تبدیل کئے اور پھر ٹی وی بند کر کے میں نے ان سے دریافت کیا کہ آپ نے ابھی ابھی کیا دیکھا؟ انہوں نے میرے ٹی وی کو آن کرنے ، اُس کے مختلف چینل لگانے اور پھر اس کا سوئچ آف کرنے کا تذکرہ کیا۔ تو میں نے اُن سے کہا ۔ میں نے یہ کام صرف اس لئے کیا تا کہ آپ کی توجہ اس امر کی جانب مبذول کروا سکوں کہ وہ نشریاتی لہریں جو برقی کرنٹ سے بھی لطیف ہیں، اس ٹی وی کا سوئچ آن کرنے سے پہلے بھی یہاں ، بلکہ ہر جگہ موجود تھیں اور جب میں نے سوئچ آن کیا تھا تو ان لہروں کا مظاہرہ ہم نے ٹی وی سکرین پر دیکھا اور اب جب میں نے ٹی وی آف کر دیا ہے ، تب بھی یہ لہریں اس فضا میں موجود ہیں ۔ اگر ہم اپنے ٹی وی کو آن کر نے کی طرف متوجہ نہیں ہوتے، اس میں کرنٹ نہیں چھوڑتے ، تو ہم یہ مختلف چینل ہر گز نہیں دیکھ سکتے تھے۔ ہم ان لہروں کی موجودگی سے باخبر نہ ہوتے تو ان لہروں سے مستفید بھی نہ ہو سکتے۔

پھر میں نے اُن سے کہا کہ اب اسی طرح آپ ریڈیو کی مثال پر غور کریں۔ اس وقت بھی فضا میں کتنے ہی ممالک کے کتنے ہی ریڈیو اسٹیشنوں کے پروگرام نشر ہو رہے ہیں۔ ہم جس سٹیشن کو سننا چاہئیں، اپنے ریڈیو کو اس سٹیشن کی لہروں کی فریکوئنسی کے مطابق سیٹ کر کے سن سکتے ہیں۔ خدا ، جوان ریڈیو ، ٹی وی اور برقی توانائی کی لہروں سے کہیں زیادہ لطیف اور ارفع و اعلیٰ ہے ، انہی لہروں کی طرح ہمہ وقت ہر جگہ موجود ہے۔ آپ کو اپنے اندر لگے اُس ریڈیو ، ٹی وی سیٹ ، باطن میں لگی اس مشین کو یا اُسے کچھ بھی کہہ لیں، جو اللہ اور اُس کے بنائے ہوئے کائناتی نظام سے متعلق لہروں کو آپ کے ادراک اور حواس میں داخل کر سکتی ہے، سے کام لینا آجائے۔۔۔ اگر آپ اُس کا سوئچ آن کرنا سیکھ جائیں گے تو آپ اُس کو دیکھ بھی لیں گے اور سُن بھی سکیں گے ۔ بات صرف وہ طریقہ سیکھنے کی ہے۔

اُن جاپانیوں پر تو معلوم نہیں احمد صاحب کی اس دلیل کا کیا اثر مرتب ہوا ہوگا ، اُس کو البتہ اس بات نے بہت ہی متاثر کیا۔ اُس کو اُن کی یہ دلیل انتہائی دل نشین لگی۔وہ اس دلیل کا مختلف جہتوں سے اپنے ذہن میں جائزہ لے ہی رہا تھا کہ اُس کے اندر ایک بہت ہی پُرانی دبی ہوئی خواہش سوال بن کر اُس کے لبوں پر آ گئی۔ اُس نے اُن سے کہا، 'ہم اپنے اندر لگی اس مشین سے کام لینا کیوں کر سیکھ سکتے ہیں؟ میرا مطلب ہے ہم اس کے استعمال سے کیونکر واقف اور آگاہ ہو سکتے ہیں؟

احمد صاحب تو جیسے اسی سوال کے منتظر تھے ، انہوں نے مسکرا کر اس کے سوال کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا۔

'بات کچھ یوں ہے کہ ہر انسان کا تعلق اللہ سے دہرا تعلق ہے۔ یہ تعلق ایک طرف اللہ کو بندے سے اور دوسری طرف بندے کو اللہ سے رابطے میں رکھتا ہے۔ یعنی ایک طرف تو اللہ تعالیٰ اپنی مخلوق سے جڑے ہوا ہے اور دوسری طرف مخلوق کےلیے ضروری ہے کہ وہ بھی اللہ سے ، اپنے خالق سے ربط میں رہے۔

میں چونکہ بجلی کے محکمے میں کام کرتا ہوں اس لئے آپ کو بجلی ہی کی مثال دے کر اپنی بات کی وضاحت کروں گا ۔ ہم بات کر رہے تھے برقی توانائی کی تو جیسا کہ آج کل ہم دیکھتے ہیں کہ کسی بھی ایسی مشین میں جو بجلی سے چلتی ہے، اُس میں دو تاریں لگی ہوئی ہوتی ہیں ۔ ایک تار کرنٹ کو جنریٹر یا پاور ہاؤس سے اُس مشین تک لاتی ہے اور دوسری تار کرنٹ کو اُس مشین سے واپس جنریٹر یا پاور ہاؤس تک لے جاتی ہے۔ اگر ان میں سے ایک بھی تار خراب ہو یا ٹوٹا ہو تو اس کرنٹ کے مشین تک آنے یا اُس کے واپس جانے میں تعطل واقع ہونے کے سبب مشین درست ہونے کے باوجود ، وہ کام نہیں کر سکتی جس کے لئے اس کو بنایا گیا ہے۔

اب اس مثال میں تین چیزیں زیادہ قابلِ غور ہیں ۔ ایک تو کرنٹ ، دوسرے تار اور تیسرے مشین۔ یہ کرنٹ یا بجلی سب سے پہلے پانی کے ڈیم یا تھرمل اسٹیشن کے جنریشن پلانٹ میں بنتی ہے وہاں سے اس کو گیارہ ہزار کلو وولٹ کی طاقت سے بہت مضبوط تاروں کے ذریعے شہروں تک لایا جاتا ہے۔ ہر شہر میں گرڈ اسٹیشن بنے ہوئے ہوتے ہیں جو اس طاقت کو خود میں جذب کر کے اس کو ۴۴۰ وولٹ کی طاقت سے پورے شہر میں پھیلا دیتے ہیں۔ گھروں یا فیکٹریوں کے باہر لگے ہوئے ٹرانسفارمر آپ نے ضرور دیکھے ہوں گے۔ یہ ٹرانفارمر اس بجلی کو گھر یا فیکٹری کی ضرورت کے مطابق ۲۲۰ وولٹ میں منتقل کر کے مہیا کرتے ہیں۔ جس طرح بجلی پیدا کرنے کی طاقت پانی میں پوشیدہ تھی اسی طرح صفات خداوندی ہر مظہر فطرت میں مستور ہیں۔ ان سے واقفیت اور آگاہی کے لیے بھی ایک نظام قائم ہے۔ جب تک انسان اس نظام سے آگاہ اور واقف نہیں ہو جاتا۔ وہ اپنے اندر کی اس مشین کو نہیں چلا سکتا ، جو اسی مقصد کے لئے اس کے اندر نصب کی گئی ہے۔

اس مشین کو بھی بالکل ٹی وی ریڈیو کی طرح پہلے بجلی مہیا کرنا لازم ہے ورنہ وہ اپنا کام سر انجام دینے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔ جب بجلی مہیا ہو جائے تو اس مشین کو چلانے اور اس کو اس کا کام مناسب طور پر سر انجام دینے کے لیے ضروری ہوتا ہے کہ اس کرنٹ کی واپسی کا مناسب انتظام ہو۔ اگر کرنٹ مشین تک پہنچ بی رہا ہو اور وہاں سے اس کی واپسی کا راستہ ہی نہ ہو۔۔۔ یا یہ کہ اگر ہو بھیاور درست کام نہ کر رہا ہو۔۔۔تو بھی مشین اپنا وہ کام قطعاً نہیں کر سکتی جس مقصد کے لئے اُس کو بنانے والے نے بنایا ہے۔

اب اس بات کو ذرا مزید واضح کرنے کی اجازت دیں تو میں یہ عرض کروں گا کہ اللہ تعالیٰ کا اپنے بندوں سے ربط اور تعلق تو مشین کو مہیا کئے جانے والے کرنٹ کی مانند ہمہ وقت قائم ہے اور جب تک اللہ انسان کو زندہ رکھتا ، یہ ربط اور تعلق قائم رہتا ہے۔ لیکن انسان اپنے خالق ، اپنے مالک اور اپنے رب کی طرف متوجہ ہی نہیں تو اُس کے اندر نصب کی گئی مشین کام نہیں کرتی بالکل ویسے ہی جیسے کسی مشین سے کرنٹ اور بجلی کے واپس بہاؤ کا تار ٹوٹا ہوا ہو یا پھر سوئچ ہی آف ہو۔

اب رہی بات اس مشین کے درست استعمال کا ڈھنگ سیکھنے کی تو اس کے لئے آپ کو اللہ تعالیٰ کے کسی ایسے بندے سے رابطہ کرنا ضروری ہے جو اس مشین کے نظام کو بخوبی جانتا ہو۔ نہ صرف یہ کہ خود اُس کے اپنے اندر کی مشین ٹھیک کام کر رہی ہو بلکہ وہ دوسروں کو یہ فن تعلیم کرنے کی قابلیت بھی رکھتا ہو۔ اللہ کے وہ بندے جو اس کام میں مہارت رکھتے ہیں ، وہی آپ کے مشین کو مہیا کردہ ' بجلی' کے کنکشن کو آن کرنے کا ہنر سکھا سکتے ہیں۔ یاد رکھیں آپ کے اندر کی مشین کو کوئی باہر سے کبھی نہیں چلائے گا۔ یہ کام تو انسان کے خود ہی کرنے اور سیکھنے کا ہے۔

احمد صاحب کی باتوں کی راست پہنچ اور سیدھی سادی منطق نے اس کے اندر ایک اتھل پتھل مچا دی۔ وہ بظاہر بڑے سکون سے ، آنکھیں نیم وا کئے ، ٹھوڑی کو ہتھیلی پہ رکھے، ان کی باتوں میں محو ہو چکا تھا۔ اس کا شعور ان کی دی ہوئی مثال کی سادگی اور ندرت کی داد دے رہا تھا۔ اُس نے اُن سے مزید کچھ سننے کی خواہش کے زیر ِ اثر سرسراتی ہوئی آواز میں کہا۔” اور اللہ کے ایسے بندے کی پہچان کیا ہوگی؟“

اُن کی آنکھوں میں ایک چمک لہرائی اور انہوں نے اپنے لہجے میں کوئی تبدیلی لائے بغیر دہرایا۔

”پہچان؟”

اور کہا۔” پہچان یہ ہوتی ہے کہ وہ اللہ کی صفات کا عکس ہوتا ہے۔ وہ ایک ایسے لوہے کی مانند ہوتا ہے ، جو آگ میں رکھا گیا ہو۔ آگ میں رہنے والا لوہا ، گرم ہو کر اپنی دھاتی اور مادی صفات کے ساتھ ساتھ آگ کی غیر مرئی صفات یعنی حرارت اور روشنی کو اپنے اندرسمیٹے ہوئے ہوتا ہے۔ لوہا ایک ٹھوس مادی شے ہے اور آگ ایک لطیف چیز۔ آگ کی حرارت ، جس کو مادی آنکھیں نہیں دیکھ سکتیں ، لوہا اپنے اندر جذب کر کے حرارت اور آگ کا قائم مقام بن جاتا ہے۔ گرم لوہے کی کیا پہچان ہوتی ہے اُس کو اُس کی سرخی سے پہچانا جاتا ہے اور اگر دیکھنے والی آنکھ کی بصارت سرایت کی جانے والی حدّت کی رنگت کو نہ دیکھ سکے تو ہم ایسے ہاتھ کو لوہے کے قریب لے جا کر اس کی حدّت کو محسوس کر سکتے ہیں۔ یہ کہتے ہوئے احمد صاحب نے ہاتھ دراز کر کے ایک خیالی لوہے کی حدّت کو محسوس کرنے کا مظاہرہ کیا۔ اُس کو اُس وقت احمد صاحب کے چہرے پر پھیلی ہوئی سرخی میں گرم جوشی سے زیادہ حدّت جذبات کا تاثر مل رہا تھا۔ وہ محسوس کر رہا تھا کہ اُس حدّت کے زیر اثر خود اُس کے اپنے اندر کوئی چیز پگھلنا شروع ہو چکی ہے۔

اس نے دھیرے سے لہجے میں پوچھا۔” آپ جانتے ہیں کسی ایسے گرم لوہے کو؟ میرا مطلب ہے کسی ایسے بندے کو جو میرے اندر لگی مشین آن کرنا سکھا سکتا ہو؟سوال سن کر احمد صاحب کرسی پر ڈھیر سے ہو گئے ۔ جواب میں انہوں نے صرف اثبات میں سر ہلا دیا۔

وہ پوچھنا چاہ رہا تھا ؟ کون ہے وہ؟ کہاں ہے وہ؟ کیسا ہے وہ؟ لیکن نہ جانے کیوں وہ گنگ ہوا بیٹھا رہا۔ ان سوالوں نے اس کے اندر تکرار پکڑ لی اور پھر شاید وہ تمام سوال اس کے پورے بشرے پر ہی پھیل گئے تھے۔ احمد صاحب نے ان سوالوں کے جواب میں آہستہ سے کہا۔

”میرا مرشد”

”آپ کا مرشد؟“ میرا مطلب ہے کہ آپ کے پیر صاحب؟ وہی نا! جن کا آپ اکثر تذکرہ کرتے ہیں؟“ گویا معمے کا سِرا اُس کے ہاتھ لگ گیا تھا۔

”جی ہاں میرے مرشد ، جن کے فیض سے مجھ جیسے ہزاروں کی بگڑی سنور گئی ہے۔ اب میں آپ کو کیا بتاؤں کہ وہ کیا ہیں اور کیسے ہیں۔ بس اتنا سمجھ لیں کہ اگر میں اُن سے نہ ملا ہوتا تو آج میں یہ کچھ نہ ہوتا جو میں اب ہوں۔ میرا وجود ، میری ذات ، سب کچھ انہی کا مرہونِ منت ہے۔ اب تو میری صرف ایک ہی ہے کہ میں ان میں جذب ہو کر فنا ہو جاؤں” کہتے کہتے احمد صاحب کی آنکھوں کی نمی پھیل کر قطرہ بنی اور لڑھک کر ان کے گالوں پر بہہ نکلی۔

وہ کام جو بڑی بڑی کتابیں ، طویل مباحثے نہ کر سکے وہ عشق کی حدت سے پگھلتے ہوئے برفاب نے کر دکھایا۔ اُس کو ایسا لگا کہ اُن کی آنکھ سے نکلا وہ قطرہ ، ایک قطرہ آب نہیں بلکہ ایک سنو بال ہے یا ایک ایسا ایوالا نشے جو خود اُس کو خس و خاشاک کی طرح بہا کر لے جا رہا ہے۔ اُس کو اپنی ہستی بے مایہ اور بے وقعت سی لگی۔ احمد صاحب نے مرشد کے عشق سے مغلوب ہو کر جو اظہار کیا وہ ان کے گداز کی علامت ہی نہیں تھی بلکہ اُس ہجر و فراق کی بات بھی سنا گیا جس کی تپش اُس نے ابھی چند ہی لمحے پہلے احمد صاحب کے چہرے پر محسوس کی تھی۔اُس بندے کو ایک بار دیکھنا تو چاہیے ، جس کے عشق و فراق کی حدت نے احمد صاحب جیسے لوگوں کو اک پگھلا برفاب بنا دیا تھا۔ وہ اُوپر سے کتنے جمے ہوئے دکھتے تھے اور اندر سے کیسے پگھلے ہوئے تھے۔ اُس نے سوچا۔

احمد صاحب کے جانے کے بعد بھی وہ کتنی ہی دیر تکاپنے اندر صدیوں کے جماؤ کو پگھلتا ہوا محسوس کرتا رہا۔ وہ خود تو چلے گئے تھے لیکن اپنی حدت جذبات اور گرمی ، تاثر اس میں منتقل کر گئے تھے۔ یہ کیسی آنچ تھی جس نے اس کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا۔ اُس کو اس کالطف محسوس ہورہا تھا وہ اس کیف سے باہر نکلنے پر تیار نہیں ہو رہا تھا۔