Topics

کچھ عرض ہے!


 

کتاب کیا ہے؟ مختلف مضامین کا اجتماع۔

اور مضمون کے اندر کئی پیرا گراف ہوتے ہیں اور ہر پیرا گراف کئی الفاظ پر مشتمل ہوتا ہے اور ہر لفظ کے اندر کئی حروف ہوتے ہیں۔

یعنی ایک کتاب کے اندر بے شمار حروف ہوتے ہیں اور ہر حرف اور لفظ روشنی کی ایک متعین مقدار ہے۔ گویا کہ کتاب اپنے اندر لاتعداد روشنیاں رکھتی ہے۔ ہم جب کتاب پڑھتے ہیں تو دراصل روشنی پڑھتے ہیں اور یہی روشنی مفہوم کی شکل میں ہمارے ذہن کے اندر منتقل ہوتی رہتی ہے۔

فرد کے ذہن میں الفاظ کا آنا اس بات کی علامت ہے کہ اس کے اندر کائناتی فکر کی روشنی منتقل ہو رہی ہے مگر جب فرد کا ذہن خود اپنی انفرادی سوچ میں بند ہو جاتا ہے تو اس کی روشنی پھیلنے کے بجائے خود اپنے اندر سمٹ جاتی ہے اور معنی بدل جاتے ہیں، روشنی کا رنگ تبدیل ہو جاتا ہے۔

خالق کی ہر فکر کائناتی نظام کی روشنی ہے جو براہِ راست حضور پاک حضرت محمد ﷺ کے ذریعے سے اس کائنات میں پھیل رہی ہے۔ بندے کا ذہن جب حقیقتِ محمدی میں جذب ہو جاتا ہے تو وہ اللہ کے امر سے واقف ہو جاتا ہے۔

ہر قوم کے لیے اپنے پیغمبر کا عشق اللہ تک پہنچنے کا ایک راستہ ہے۔ پیغمبر اللہ تعالیٰ کے محبوب ہیں۔ وہ اللہ سے محبت رکھتے ہیں اور اللہ ان سے محبت رکھتا ہے۔ جب کوئی بندہ اپنے پیغمبروں سے محبت رکھتا ہے اور انہیں اللہ تعالیٰ تک پہنچنے کا ذریعہ سمجھتا ہے تو وہ پیغمبروں کی محبت کی وجہ سے ان کی فکر سے قریب ہوتا چلا جاتا ہے اور جس طرح پیغمبر اپنے رب سے محبت رکھتے ہیں، اس عشق کا پرتو بندے کے اوپر پڑتا ہے۔ عشقِ حقیقی وحدانیت کے سمندر کی ایک موج ہے۔

یہ موج آہستہ آہستہ اسے پھر دوبارہ وحدانیت کے سمندر کی جانب دھکیلتی ہے۔ جب تک خود موج عشق نہیں بن جاتی سمندر اسے اپنی آغوش میں نہیں لیتا۔ موج میں موج ملنا ضروری ہے تاکہ دوئی کی بو نہ رہے۔ جب تک انسان اپنی ذات کی نفی نہیں کرتا وہ وحدانیت کا سراغ نہیں پا سکتا۔ ہر شے اللہ تعالیٰ کے دریائے وحدانیت میں ڈوبی ہوئی ہے۔ عشق کی کشش دریا کی تہہ سے شے کو باہر نکال دیتی ہے اور ہر شے دریا سے بچھڑ کر دریا سے ملنے کی جستجو میں سرگرداں ہو جاتی ہے۔

تب دریا کے خواص اس پر ظاہر ہونے لگتے ہیں اور شے کو یہ علم ہو جاتا ہے کہ اس کی اپنی ذات کا انحصار دریا پر ہے۔ دریا سے بچھڑ کر اس کی حقیقت ایک ماہیِ بے آب سے زیادہ اور کچھ نہیں ہے۔ پانی سے دور مچھلی آخر کب تک زندہ رہ سکتی ہے۔ پس وہ اپنی نیستی سے ذاتِ حق کی ہستی کو پہچانتی ہے۔ پیغمبر علیہ السلام دریائے عشق کی ایک موج ہیں۔

جب تک بندہ اس موج میں اپنے آپ کو نہیں ڈبو لیتا وہ سمندر میں نہیں داخل ہو سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ کوئی قوم ایسی نہیں ہے جس میں ہم نے رسول نہ بھیجے ہوں۔ ہر قوم کے لیے ایک رہبر ایک ہادی آ چکا ہے جو اسے قدم قدم چلا کر اپنے رب سے قریب کرتا ہے۔ پیغمبروں کا تفکر خود ایک معجزہ ہے جس کی روشنی مبارک دنیا پر چھائی ہوئی ہے۔ ہزاروں اور سینکڑوں سال گزرنے کے بعد بھی اس روشنی میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ جب بھی کوئی فرد سچے دل سے اور راست نیتی کے ساتھ اس نور کی طرف راغب ہوتا ہے، اس کا رابطہ اس نور کے ساتھ قائم ہو جاتا ہے۔

تمام پیغمبروں کا دنیا میں بھیجے جانے کا مقصد اللہ تعالیٰ کے علوم کی روشنیوں سے لوگوں کی مردہ روحوں کو زندگی بخشنا ہے۔ وہ لوگ جنہوں نے اپنے پیغمبروں کی ہدایتوں کو مان کر ان پر عمل کیا وہ درجات میں تمام ولیوں سے بڑھ گئے اور صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم اور حواری کہلائے۔ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ان کی برات قبول کی گئی۔ اور براہِ راست پیغمبروں کے ذریعے انہیں علوم حاصل ہوئے۔ کیا یہ تمام پیغمبروں کا مشترک معجزہ نہیں ہے کہ ان کی قوم کو ان کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کے علوم پہنچائے گئے۔

آج جب کہ دنیا میں مختلف مذاہب کے پیروکار بستے ہیں، ان سب کا ایک جھنڈے تلے آنا ممکن نظر نہیں آتا۔ مگر روحانیت جو حقیقت ہے یہ کسی فرقے سے تعلق نہیں رکھتی۔ روح تو ہر مخلوق کے اندر موجود ہے۔ بغیر روح کے کسی ذرے کے وجود کا گمان بھی نہیں ہو سکتا۔ آج اس بات کی ضرورت ہے کہ نسلِ انسانی اپنے اپنے پیغمبروں سے عشق کے درجے میں محبت کرے اور ان کی روح سے رابطہ قائم کرے اور ان کے بتائے ہوئے احکامات پر عمل کرے تو سب کی منزل ایک ہی ہو جائے گی۔

کیونکہ ہر پیغمبر حق تعالیٰ کا دوست اور حبیب ہے۔ دوست کے ذریعے سے ہی دوست تک رسائی حاصل ہو سکتی ہے۔ اور روح کے ذریعے سے ہی روح تک رسائی ممکن ہے۔ روح اللہ تعالیٰ کا امر ہے اور امر اللہ تعالیٰ کا ایک جز ہے۔ پس روحانیت کی سیڑھی کے سوا اور کوئی زینہ اللہ تعالیٰ تک پہنچنے کا نہیں ہے۔

جب لوگ جسمِ حیوانی کی زندگی اور اس کی توانائی پر اپنی تمام قوتیں خرچ کر دیتے ہیں تو وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ جسمِ حیوانی کی زندگی بھی روح کی حیات کے ساتھ ہے۔ کیونکہ روح کے تمام لطائف ہی انسان کی ہر ایک زندگی کا شعور ہے۔ اپنی روح سے غفلت برتنے والے خود اپنی حیات سے رشتہ توڑتے ہیں اور اپنی جان پر ظلم کرتے ہیں۔

مادی ترقی کے اس دور میں علم کا حصول آسان کر دیا گیا ہے۔ حصولِ علم کے لیے ایک کارآمد نصاب اور ایسے مشاہداتی تجربات سامنے آ چکے ہیں جو روحانیت سے دلچسپی رکھنے والوں کو اس راستے کا سراغ دکھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ قرآن مجید اور دوسری آسمانی کتابوں میں غور و فکر کرنے سے باطن کے دروازے کھلتے ہیں اور شے کے حقائق سامنے آتے ہیں اور تعجب اس بات کا ہے کہ حصولِ علم کی اس قدر آسانی کے باوجود بھی دن بدن لوگوں کی اخلاقی حالت تباہ ہوتی جا رہی ہے۔

یہ اپاہج معاشرہ کوڑھی اور برص زدہ لوگوں کو جنم دے رہا ہے اور راہِ حق سے بھٹکی ہوئی روحوں کے لئے مشعلِ حق کی ضرورت ہے تاکہ دلوں کو یہ یقین آ جائے کہ حق آ چکا ہے اور باطل تو ختم ہونے کے لیے ہی ہے۔ آج کے بڑوں کو خود ذاتِ حق سے رابطہ قائم کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ اپنی اولاد کی نشوونما اور پرورش کے لئے صحت مند فضا مہیا کر سکیں ورنہ جیسے جیسے دنیا کا روحانی اقتدار دم توڑتا چلا جائے گا، مادیت کا عروج فنائیت کی طرف تنزل کرتا چلا جائے گا۔

یہاں تک کہ دنیا کی روح دم توڑ دے گی۔ انسان کی تخلیق کا مقصد اللہ تعالیٰ کی نیابت و خلافت کو حاصل کرنا ہے۔ جب انسان باوجود اس کے کہ اس کے پاس اللہ تعالیٰ کی کھلی ہوئی نشانیاں آ چکی ہیں، اپنے آپ کو کسی طرح اس ذمہ داری کے اٹھانے کا اہل ثابت نہ کر سکے تو ایسے انسانوں سے اللہ تعالیٰ کی ذات بے نیاز ہے۔ وہ اندھے ہوں یا لنگڑے ہوں، ان کے ذہن ٹھیک کام کریں یا نہ کریں انہیں قدرت ان کے حال پر چھوڑ دیتی ہے۔ یہ جان لینا ضروری ہے۔

روح اللہ تعالیٰ کا ایک جز ہے۔ اور اس جز کو کبھی فنا نہیں۔ موت اور قیامت اس شعور کی ہے جو روح کے اندر کام کرتا ہے۔ اشرف المخلوقات کے اعزاز سے معزولی ہی انسانی شعور کے لئے قیامتِ عظمیٰ ہے۔ جس کا صدمہ انسان کی برداشت سے باہر ہوگا اور اس کے انسانی حواس مسلسل اس جانکنی کو برداشت کرتے کرتے معطل ہو جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ کے نزدیک یہ قیامت ظاہری دنیا کی تباہی و بربادی سے کہیں زیادہ ہے۔

کیونکہ اس سے انسان کی تخلیق کا مقصد فوت ہو جاتا ہے۔ اسی لئے اللہ تعالیٰ نے بار بار قسمیں کھا کھا کر انسان کی توجہ اپنے کلام کی گہرائیوں میں جھانکنے کی طرف دلائی ہے کہ اس کے حقائق سے تمام نوعِ انسانی غافل ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں کہ ہم نے کائنات کی کسی شے کو عبث نہیں بنایا ہے یعنی کائناتِ عالم کا ہر جز اور ہر ذرہ اور ہر فرد کسی نہ کسی خاص کام کے لئے پیدا کیا گیا ہے۔ اگر وہ اس کام کا اہل اپنے آپ کو ثابت نہ کر سکے تو قدرت کے لئے وہ ناکارہ ہے۔

پھر قدرت کی حدود میں اس کے لئے کوئی جگہ نہیں۔ قدرت اپنی حدود میں کسی قسم کی نافرمانیوں کو قبول نہیں کرتی۔ آج ہر زمانے سے زیادہ نسلِ انسانی کو اپنی بقا کے لئے اس نظامِ توحید کی ضرورت ہے۔ جس کے اصول قرآنی صفحات میں ملتے ہیں۔ ورنہ کون جانتا ہے کہ کتنی روحیں سکون کی تلاش میں بھٹکتی پھریں گی اور کتنے انسان خود انسان کی تخریب کاریوں سے گھبرا کر غاروں میں چھپتے پھریں گے۔ آج ہمارے نصاب میں روحانیت کی ضرورت ہے تاکہ پریشان ذہن ایک مرکزیت پر اکٹھے ہو جائیں۔

اسی نظامِ توحید سے حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام نے اپنی تعلیمات یعنی قرآن پاک کے ذریعے نوعِ انسانی کو متعارف کرایا ہے۔ اسی نظام میں بقا ہے، امن ہے، سکون اور سرور ہے اور اللہ تعالیٰ کا عرفان ہے۔ یہی نوعِ انسانی کی منزل ہے۔

آئیے۔ حضور علیہ الصلوٰۃ والسلام کی تعلیمات کے ذریعے اور آپ ﷺ کی ذاتِ مبارکہ میں غور و فکر کر کے اپنی ذات کو اور نوعِ انسانی کو توحید کی روشنی سے متعارف کرا سکیں۔ (آمین)

دعاگو دعا جو:

میاں مشتاق احمد عظیمیؔ

روحانی فرزند

حضرت خواجہ شمس الدین عظیمیؔ


Noor-Ul-Huda

سعیدہ خاتون عظیمی