Topics
نیند سے جاگنے پر اُس نے آنکھیں کھول
کر گرد و پیش سے آگاہی کے لئے اِدھر اُدھر دیکھا ۔ اُس کی نگاہیں اپنی بیوی پر جا
ٹھہرئیں۔ وہ اُس سے پیشتر جاگ چکی تھی لیکن محض اُس کی نیند خراب نہ کرنے کو اٹھنے
سے رکی ہوئی تھی۔ وہ اُسی کو دیکھ رہی تھی۔ دونوں کی نگاہیں ملیں تو وہ دونوں
مسکرا دیئے۔ یہ مسکراہٹ صبح بخیر کا متبادل بھی تھی اور اُن کے درمیان تعلق کی
مضبوطی اور باہمیاعتماد کی سند بھی۔ اُس کے کچھ کہنے سے پیشتر ہی اس کی بیوی کمرے
سےباہر چلی گئی۔ وہ اُس کو پلنگ سے اُتر کر ننگے پاؤں کمرے سے باہر جاتے دیکھتا
رہا۔ جب وہ باہر چلی گئی تو اُس نے آنکھیں موند لیں۔
اُس کو باورچی خانے میں کیتلی میں پانی
بھر کر چولھے پر رکھنے جلانے اور برتنوں کی آوازوں سے اندازہ ہو رہا تھا کہ ناشتہ
بنانے سے پیشتر چائے بنانے کی تیاری ہو رہی ہے۔ دو پیالیاں چائے بنا کر وہ اُس کے
پاس آکر بیٹھ جائے گی۔ چائے پینے کے دوران وہ اُس کو رات میں اپنے کسی دیکھے گئے
خواب کی بات سنائے گی۔ گزشتہ روز کے کسی واقعہ پر تبصرہ کرے گی یا آج کرنے والے
کاموں پر کوئی مشورہ لیایا دیا جائے گا اور یا پھر بچوں کی کسی ضرورت کا تذکرہ
ہوگا۔ آج کیا کیا کرنا چاہیے؟ یہ طے ہوگا اور پھر وہ چائے پی کر ناشتہ بنا کر بچوں
کو جگائے گی۔ انہیں اسکول کے لئے تیار ہونے میں مدد دے گی۔ بچے ناشتہ کر کے امی
ابو کو سلام کر کے انہیں خداحافظ کہہ کر اسکول چلے جائیں گے۔ پھر وہ اُٹھے گا۔
دونوں اکٹھے ناشتہ کریں گے۔ وہ تیار ہو کر دفتر چلا جائے گا ۔ یہ ان کا روزانہ کا
معمول تھا۔ بچوں نے آج اسکول جانے سے پیشتر اس کو بتایا کہ وہ اسکول کی طرف سے
پکنک پر جانا چاہتے ہیں۔ اُس نے انہیں اپنی ماں سے اجازت لینے کو کہا ۔” امی نے تو
کہا تھا کہ اگر تمہارے ابو اجازت دیں گے تو میں اجازت دوں گی۔“ اُس کی بیٹی نے
کہا۔
اُس کی بیوی نے بچوں کو اس سے اجازت لے
کر جانے کی بات تعلیم کر کے بچوں کے دل میں اُس کی اہمیت اجاگر کرنے کی جو کوشش کی
تھی ، اُس نے دل ہی دل میں اس بات کو سراہا اور بچوں سے کہا۔ اور میں تو آپ کو آپ
کی امی کے کہنے پر اجازت دوں گا۔۔۔ کیوں بھئی آپ کا کیا خیال ہے؟ اس نے بیوی کو
مخاطب کیا۔ بیوی اس بات پر اپنی اہمیت محسوس کرتے ہوئے مسکرائی ۔۔”جی ہاں۔“ آپ
اتنے ہی تو تابعدار ہیں!۔“ اُس نے اپنےشوہر پر جوابی چوٹ کرتے ہوئے کہا۔ بچے ماں
باپ کی نوک جھونک کا لطف لیتے اسکول چلے گئے۔
اُس کو ناشتہ کرواتے ہوئے اُس کی بیوی
نے کہا۔ ” میں چاہتی ہوں کہ آج ذرا اپنی بہن کے یہاں ہو آؤں۔ اس کے بیٹے کی شادی
قریب ہے۔ بچوں کے اسکول سے آنے تک واپس آجاؤں گی۔“
”ذرا کیوں۔۔۔آپ بے شک پورے کی پوری چلی
جائیں۔ کہیں تو میں خود آپ کو وہاں چھوڑتا ہوا دفتر چلا جاؤں ۔“ اس نے خوشگوار
انداز میں بات مکمل کی۔
بیوی کو اُس کی بہن کے یہاں چھوڑ کر وہ
دفتر پہنچا تو منیجر صاحب نے کہا ۔” میں چاہتا ہوں کہ آپ جا کر فلاں کلائنٹ سے مل
لیں تاکہ معلوم ہو سکے کہ وہ کیا چاہتے ہیں؟“
”جی ہاں ضرور ، کیوں نہیں۔ آپ فکر نہ
کریں میں اُن سے جا کر آج ہی مل لوں گا۔“ یہ کہہ کر وہ دفتری معمولات میں مصروف ہو
گیا۔ اتنے میں فون کی گھنٹی بجی۔ دوسری طرف اس کا ایک پرانا دوست تھا۔
”خیر تو ہے آج ہماری یاد کیسے آگئی اور
وہ بھی صبح صبح۔“اس کے پوچھنے پر اس کے دوست نے کہا۔
”میں چاہتا ہوں کہ آج شام تم لوگ ہمارے
یہاں آؤ۔“
”وہ کیوں؟ خیر تو ہے؟“
”ہاں بھئی ، وہ دراصل گڑیا کی سالگرہ
ہے آج بھابھی بچے آئیں گے تو بچے خوش ہو جائیں گے۔“
”اور کیا تم خوش نہیں ہوگے؟“ اس نے
دوست سے چہل کرنے کے انداز میں پوچھا۔
”کیوں نہیں ، تم آؤ گے تو ہم بھی خوش
ہو جائیں گے۔“ اس کے دوست نے کہا اور اس نے آنے کی حامی بھر لی۔ فون بند کر کے اس
نے دفتر کے ایک کلرککو بلایا اور کہا۔
”مجھے ایک کام سے جانا ہے تم مجھے
بازار سے تحفہ دینے کے لئے کوئی چیز لا دو۔۔ ۵۔۔۔۶ سال کی عمر ہوگی اس بچی کی ۔۔۔
سالگرہ کا تحفہ دینا ہے۔۔۔ یہ لو پیسے میرا خیال ہے کہ کوئی گڑیا بہتر رہے گی۔۔۔
پیک بھی کروا لینا۔ اصل میں میری بیوی بھی گھر پر نہیں ہے اور شام کو نہ جانے ہمیں
فرصت ملے یا نہ ملے ، اس لئے تمہیں زحمت دے رہا ہوں۔“
”جی بہتر ہے۔“کہہ کر اُس کلرک نے پیسے
لئے اور بازار چلا گیا۔
کچھ دیر بعد فون کی گھنٹی بجنے پر اُس
نے ٹیلی فون کا چونگااُٹھایا۔ اس بار شاید کوئی شنکی سا کسٹمر تھا۔
”آخر تم لوگ چاہتے کیا ہو؟ ۔۔میرا اتنا
نقصان ہو جائے گا ۔۔۔ اب تک میرا کام کیوں نہیں ہوا؟۔۔۔ میں نے تم لوگوں پر اعتماد
کر کے تمہیں کام دیا تھا۔۔۔لیکن لگتا ہے کہ تم لوگ کام کرنا ہی نہیں چاہتے۔۔میں
آئندہ تم سے کام نہیں کرواؤں گا۔“
وہ اُس کو تسلی دیتا رہا کہ آپ فکر نہ
کریں، آپ کا کام ہوگا اور ضرور ہوگا۔ میں انشاء اللہ آج ہی آپ کا کام مکمل کروا کر
آپ کو اطلاع دیتا ہوں۔۔۔ اُس نے اس کلائنٹ سے جان تو چھڑا لی مگر۔۔۔”تم لوگ چاہتے
کیا ہو؟ ۔۔۔ تم کام کرنا نہیں چاہتے۔۔“ کی آواز اُس کے ذہن میں تکرار کرتی رہی۔
ہم سب کچھ نہ کچھ چاہتے ہیں۔ بچے پکنک
پر جانا چاہتے ہیں۔ بیوی کو بہن کے گھر جانے کی خواہش ہے۔ کلائنٹ کیا چاہتا ہے؟
منیجر کیا چاہتا ہے؟ افسران کیا چاہتے ہیں؟ میرے دوست احباب، رشتے دار کیا چاہتے
ہیں؟ میں کیا چاہتا ہوں ؟ وہ کیا چاہتا ہے؟ ۔۔اُس نے سوچا۔
یہ سب کھیل ہی خواہشوں اور چاہتوں کا
ہے۔ کہیں یہ خواہشیں نا آسودہ چاہتوں میں ڈھل کر روگ بنتی ہیں اور کہیں آسودگی پا
کر تسکین بہم پہنچاتی ہیں۔ زندگی انہی چاہتوں کی آسودگی اور نا آسودگی کا مرکب
ہے۔۔۔ فکر کے تالاب کی سطح پر خیالات کے دائرے بنتے اور پھیلتے چلے گئے۔
”زندگی۔۔۔۔ کچھ بھی نہیں۔۔۔صرف اللہ کا
چاہنا ہی زندگی ہے۔ جس طرح اور جب تک۔۔ اللہ چاہتا ہے، ہم زندگی کی قید میں رہتے
ہیں۔“ اُس کے ذہن میں اُس کے بابا جی کے کہے ہوئے الفاظ ایک بازگشت بن کر ابھرے
اور اُس کی فکر کو مہمیز کرتے چلے گئے۔
اُس نے سوچا کہ اگر زندگی کا ہونا ،
اُس کی نوعیت ، اس کی مدت ، سب کچھ اللہ تعالیٰ کی چاہت اور مرضی سے وابستہ ہے تو
پھر اس زندگی میں ہماری چاہتوں اور خواہشوں کا کیا مقام ۔۔۔ہماری مرضیوں کا کیا
مقام؟ اُس کے شعور نے ایک سوال سامنے لا کر اُس کو تفکر پر ابھارا۔ اُس نے سوچا۔
”ہم تو ساری زندگی اپنی ہی چاہتوں اور
خواہشات کی تکمیل میں صرف کر دیتے ہیں۔ ہماری تمام تر کوشش و کاوشیں اور جدو جہد
کا ایک ہی مقصد ہوتا ہے۔۔۔ اپنی مرضی ، اپنی خواہش اور اپنی چاہت کی تکمیل اور اس
کا حصول اور تو اور ہم تو دعائیں بھی اپنی چاہتوں اور خواہشوں کو پورا کرنے اور
کروانے ہی کے لئے کرتے ہیں۔۔یا اللہ یہ کر دے ۔۔۔ اے اللہ وہ کر دے ۔۔اے پروردگار
کہیں یوں نہ ہو جائے۔۔اے باراللہ یوں نہ ہونے دینا۔۔۔ اگر ایسا ہو گیا تو ہم مارے
جائیں گے۔۔۔۔ہمارا تو بڑا نقصان ہو جائے گا۔ اپنی ان دعاؤں کی مقبولیت کو یقینی بنانے
کو اُس کے ساتھ درود وسلام بھی ٹانک دیتے ہیں۔
اُس کو اپنے اس عجیب و غریب خیال پر
حیرت ہوئی۔ اُس نے خودسےکہا ۔ اگر ایسا نہ کریں تو اور کیا کریں؟ اللہ تعالیٰ خود
ہی فرماتا ہے۔ مجھ سے مانگو، میں تمہیں دوں گا۔ میں تمہاری دعائیں سنتا ہوں۔ وہ
الجھ سا گیا۔ الجھن محسوس کرتے ہی شعور نے اُسے واپس دفتری ماحول میں منتقل کر
دیا۔ دن بھر مختلف مصروفیات کے دوران بھی رہ رہ کر اُس کو اپنی اس تازہ الجھن کا
دھیان آتا رہا۔
شام کو وہ اپنے بیوی بچوں کے ہمراہ
دوست کی رہائش گاہ پر اُس کی بیٹی کی سالگرہ کی تقریب میں شامل ہوا۔ چائے کے بعد
مہمانوں میں سے کسی ایک نے پوچھا۔”میں چاہتا ہوں کہ اب میں نئی گاڑی لے ہی لوں،
لیکن خدا کو نہ جانے کیا منظور ہے کہ جب پیسے ہوتے ہیں تو پسند کی گاڑی نہیں ملتی
اور جب گاڑی ملتی ہے تو اُن دنوں پیسے نہیں ہوتے۔ آج کل پیسے ہوگئے ہیں تو کہیں
کوئی پسند کی گاڑی نہیں مل رہی۔ تمہاری نظر میں کوئی ہو تو ضرور بتانا۔“
اُس کے ذہن میں پھر وہی چاہتا ہوں کی
تکرار ابھری۔ اُس نے کہا ۔”ہاں کیوں نہیں۔۔ اگر اللہ نے چاہا تو ضرور ہو جائے
گا۔۔۔ تم فکر مت کرو۔“ یہ بات کہتے ہوئے اُس کو جھر جھری سی آگئی اُس نے اپنے کہے
ہوئے الفاظ کو اپنے ذہن میں دہرایا اور سوچا۔ بے شک اللہ تعالیٰ ہی سمیع و خبیر ہے
۔ جو بھی ہوگا۔۔اُسی کے چاہنے سے ہوگا۔ وہی تو ہے جو انسانی خواہشات اور توقعات کو
پورا کرتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی اُس کے ذہن میں اپنے بابا جی کا کہا ایک جملہ گونجا۔
”اللہ میاں تو اتنے بڑے ہیں کہ اگر ان
کی مخلوق میں سے ہر فرد روزانہ ایک لاکھ خواہشیں بھی کرے تو وہ اُن کو پورا کرنے
کی قدرت رکھتے ہیں۔“
ابھی اس جملے کی بازگشت اُس کے ذہن سے
محو بھی نہیں ہوئی تھی ایک خاتون کی آواز نے اُس کو اپنی طرف متوجہ کیا۔ وہ کسی
دوسری خاتون سے کہہ رہی تھیں۔” اللہ کو کیسے پکاریں کہ ہماری دعائیں سُن لے ۔ نہ
جانے وہ ہماری دُعائیں کیوں قبول نہیں کرتا؟“
کان میں پڑی اس آواز نے اُس کے اندر
ایک بھنور کو جنم دیا۔ اُس بھنور کی زد میں آ کر اُس کو اپنا پورا وجود ڈوبتا ہوا
محسوس ہوا۔ اس سوال نے ایک بڑے سے گرداب کی شکل اختیار کر لی جس کی لپیٹ میں آکر
ہر چیز تہہ نشین ہوتی محسوس ہوئی اُس کا جی چاہا کہ وہ زور زور سے پکارنے لگے۔۔
بچاؤ ، بچاؤ۔ لیکن پیشتر اس کے کہ اس کے منہ سے کوئی آواز نکلتی، اس کے بیٹے نے
اُس سے پوچھا ۔ امی کہہ رہی ہیں کہ کب چلیں گے؟ چنانچہ اُس نے میزبان سے اجازت لی
اور سب اپنے گھر روانہ ہو گئے۔
رات گئے نیند کی وادی کی طرف بڑھنے کی
کوشش کرتے ہوئے اُس نے تیسری بار کروٹ لی۔ پہلو بدلتے ہوئے اس نے محسوس کیا کہ سب
سو چکے ہیں اُس نے خاموشی اور سناٹے کی فضا میں کمرے میں گونجتی جھینگر کی آواز اور
اپنے بچوں کے سانسوں کی آواز کے تال میل کو سننا شروع کر دیا۔ یہ رات کی آوازیں
حواس میں کیسی تبدیلی لے آتی ہیں؟ ہر چیز کی ہیت ہی بدل جاتی ہے۔ محسوس اشیا غیر
محسوس ہو جاتی ہیں اور غیر محسوس کا احساس بڑھ جاتا ہے۔ موجود معدوم ہو جاتا ہے
اور معدوم اور مبہم ابھر آتے ہیں خیال کی پرواز بڑھ جاتی ہے اور فکر کے دائرے وسیع
تر ہو جاتے ہیں۔ نیند شعور کو اپنی آغوش میں لے کر ایسی لوری سناتی ہے کہ شعور مست
و بے خود ہو جاتا ہے اور لاشعور مستعد اور متحرک ہو جاتا ہے۔
مستعد لاشعور بے خود شعور کی دیکھ بھال
کرتا ہے۔ دن کی پرخار راہوں پر چبھی ہوئی پھانسوں کو نکالنے کا اہتمام کرنے میں جت
جاتا ہے چوٹوں اور زخموں پر شفا بخش خیالوں کےمرہم لگاتا ہے ، اُس کو توانائی بخش
احساسات منتقل کر کے اُس کی تھکن اور پژمردگی دور کرتا ہے۔ اُس کو خوف و حزن کے
شکنجے سے نکال کر راحت و سکون کی وادی میں اتار دیتا ہے۔ اس نے دیکھا کہ وہ اپنے
بابا جی کے ہمراہ ایک پُر فضا اور شاداب وادی میں حدِ نظر تک بکھرے پھولوں کے رنگ
برنگے تختوں کے درمیان موجود ہے۔ اس روشن اور حسین وادی میں نکہت اور لطافت کے ساتھ
ساتھ خمارِ مسرت کی بھی آمیزش ہے۔ اُس نے خود کو اپنے بابا جی سے پوچھتے دیکھا۔جب
اللہ تعالیٰ کہتے ہیں۔” مجھ سے مانگو تو پھر
وہ ہمیں وہ
کیوں نہیں دیتے جو ہم اُن سے مانگتے ہیں۔۔۔ وہ ہماری دُعائیں کیوں قبول نہیں
کرتے؟“
”اس لئے کہ کائنات کا انتظام۔۔۔آپ نہیں
۔۔۔بلکہ اللہ تعالیٰ چلا رہے ہیں!“ ایک ٹھہرے ہوئے مدھر انداز میں دیئے گئے جواب
نے لذت آگہی کو اس قدر بیدار کیا کہ اس کے پورے وجود میں ایک کرنٹ سا ڈور گیا۔
کرنٹ کے اس جھٹکے سے اُس کی آنکھ کھل گئی۔اُس نے اندھیرے میں دیکھنے کی کوشش کرتے
ہوئے ، اس کیفیت کا شعوری ادراک کرنے کے لئے کئی بار پلکیں جھپکیں اور اس پورے
منظر کو ذہن میں دہرایا اور سوچا کہ یہی تو وہ بنیادی نکتہ ہے جو انسان کی نظروں
سے اوجھل ہو جاتا ہے اور وہ اپنی چاہتوں کے جال میں پھڑپھڑانے لگتا ہے اگر یہ بات
ہمہ وقت سامنے رہے کہ کائنات کا پورا انتظام اللہ تعالیٰ چلا رہا ہے اور اس نظام
کے چلانے کے لیے اُس نے کچھ اصول اور قواعدو ضوابط طے فرما دیئے
ہیں۔ انہی اصولوں اور انتظامی قوانین سے واقفیت نہ ہونے کے سبب انسان اپنی دُعائیں
بے وقوفی سے مرتب کر بیٹھتا ہے اور ایک طفلانہ ضد سے ان کو پورا ہونے پر اصرار بھی
کرتا ہے۔ اس واقفیت کا نہ ہونا ہی تو جہالت ہے۔
ایک گھر کا سربراہ ہونے کے ناتے وہ
اپنے بچوں کی ہر ضرورت کو پورا کرنے کی تگ ودو کرتا ہے۔ لیکن اُن کی تمام خواہشات
کو اُن سے تمام تر محبت کے باوجود پورا کرنا روا نہیں سمجھتا۔ بچے اکثر ایسی
خواہشات کا اظہار کر بیٹھتے ہیں جن کو اگر وہ پورا کرنے بیٹھ جائے تو گھر کا سارا
نظام ہی درہم برہم ہو کر رہ جائے۔
جس نے گھر کا انتظام چلانا ہوتا ہے۔
اُس کی کچھ اپنی ترجیحات ہوتی ہیں۔ اگر وہ ان ترجیحات کو بچوں کی خواہشات پر مقدم
نہ رکھے تو نظام بے نظامی کی تصویر بن جائے ، بد نظمی کا شکار نظام نہیں چلا کرتے
۔ ایسے نظام ٹھس ہو کر بیٹھ جاتے ہیں۔
اُس کو اپنا ایک ملازم یاد آگیا۔ اُس
نے گھر کے چھوٹے موٹے کاموں میں سہولت کے لئے ایک لڑکا ملازم رکھا۔ وہ ایک پہاڑی
علاقے سے آیا تھا۔ سیدھا سادھا سا دیہاتی جان کر ، اُس نے کھانا ، پینا ، رہنا ،
سہنا ، کپڑا لتا اور کچھ تنخواہ کے عوض اُس کو اپنے گھر ہی میں رکھ لیا۔ دو چار
روز تو اس کی سادہ لوحی اور سیدھے پن کا لطف لیتے گزرے۔ لیکن پھر اُس کی حرکتیں سب
کو کھلنے لگیں۔
ایک روز جب اُس نے اس کو گاڑی دھونے کا
کہا تو اُس نے اس پہ جی اچھا کہا اور گیراج کی طرف چلا گیا۔ کچھ دیر بعد جب وہ یہ
دیکھنے آیا کہ وہ گاڑی کیسے صاف کر رہا ہے تو وہ لڑکا موجود نہیں۔ اِدھر اُدھر
دیکھا۔ وہ تھوڑی دیر بعد کہیں باہر سے نمودار ہوا۔پوچھنے پر بتانے لگا کہ گاڑی
دھونے کے لئے کپڑا اور بالٹی لینے ہمسایوں کے گھر گیا تھا۔ اُس کو غصہ تو بہت آیا
تھا مگر وہ اس کو پی گیا۔ اُسے سمجھایا کہ جب بھی کسی چیز کی ضرورت ہوا کرے تو مجھ
سے کہا کرو۔ ہمسایوں سے مانگنا غلط ہے۔ خبردار آئندہ ایسا مت کرنا۔ لڑکے نے ۔۔جی
بہت اچھا کہا اور بات ختم کر کے گاڑی صاف کرکے دفتر چلا گیا۔
دوسرے روز اُس نے اُس لڑکے کو گاڑی
دھونے کو کہا تو وہ وہیں کھڑا رہا۔ ”بھئی کیا بات ہے ؟ تم جا کر گاڑی صاف کرو۔
اچھی طرح صاف کرنا۔ ابھی اُس نے کچھ اور کہنے کو منہ کھولا ہی تھا کہ لڑکا بولا۔
”صاحب جی بات دراصل یہ ہے کہ میری
بنیان پھٹی ہوئی ہے۔“
”ہاں ۔۔تو اس وقت اس بات کا کیا تذکرہ؟
تم جا کر گاڑی تو صاف کرو۔“ اس نے بے وقت اطلاع کا برا مانے بغیر کہا۔
”صاحب جی۔۔مجھے نئی بنیان چاہیے۔“ لڑکے
نے فرمائش کی۔
”ہاں بھئی وہ تو ٹھیک ہے۔میں تمہاری
بیگم صاحبہ سے کہہ دوں گا۔ وہ تمہیں نئی بنیان لا دیں گی۔ تم اس وقت تو جا کر گاڑی
صاف کرو۔ مجھے جلدی جانا ہے۔“ اُس نے اس کو کام ختم کرنے کی ترغیب دیتے ہوئے کہا۔
”آپ نے خود ہی تو کہا تھا کہ تمہیں جس
بھی چیز کی ضرورت ہوا کرے مجھ سے ہی مانگا کرو۔۔ہمسایوں سے مانگنا غلط ہے۔“ لڑکے
نے اُس کی کہی ہوئی بات کو بطور سند اور دلیل پیش کرتے ہوئے اُس کو اپنے تئیں
لاجواب کیا۔
وہ تپ کر رہ گیا۔”گویا تم بنیان بھی
ہمسایوں سے مانگ کر پہنتے رہے ہو۔۔ خدا تمہیں سمجھے۔ تم گاڑی صاف کرتے ہو یا میں
خود ہی کر لوں؟“
شام کو اُس کی بیوی نے اُس سے گلہ کرتے
ہوئے کہا۔” یہ لڑکا تو کچھ عجیب سنکی سا ہے۔ ہم اسے کوئی بھی کام کہتے ہیں تو کھڑے
ہو کر اپنی کوئی نہ کوئی فرمائشیں جتانے بیٹھ جاتا ہے۔ کہو کہ بازار سے یہ لا دو
تو کہتا ہے کہ مجھے فلاں شے درکار ہے۔ کہو کہ بچوں کے جوتے پالش کر دو تو کہتا ہے
کہ میری جرابیں نہیں ہیں۔ سمجھ میں نہیں آتا کہ اس کو کیسے سمجھائیں۔ میں نے اس کو
کہا بھی کہ جب تمہارا کھانا ، پینا ، کپڑے ، رہنا سہنا سب ہمارے ذمہ ہے تو پھر
تمہیں اور کیا چاہیے۔ لیکن یہ اپنی ضرورتیں گنوانے سے ہی باز نہیں آتا۔ آپ نے ہی
اس کو رکھا ہے آپ ہی اس کو سمجھائیں ۔ وہ یہ بھی کہتا ہے کہ صاحب جی نے مجھے کہا
تھا کہ تمہیں جو کچھ بھی چاہیے مجھ سے مانگا کرو۔۔۔ ہمسایوں سے مت مانگنا۔
اُس نے اُس کو بہت دفعہ سمجھایا لیکن
جب اپنی کسی کوشش میں کامیاب نہ ہو سکا تو بالآخرایک روز اس کو فارغ کر دیا گیا۔
رات کے اس اندھیرے میں اس وقت اُس کو
اپنے اُس ملازم کی یاد آنا کچھ عجیب سا لگا۔ اُس کا ذہن اُس ملازم لڑکے کے طرزِ
عمل اور طرز ِ فکر کا موازنہ خود اپنے طرزِ فکر و عمل سے کرنے لگا۔ کہیں میں خود
بھی تو اسی ملازم لڑکے جیسے طرزِ عمل کا شکار نہیں ہوں؟ یقیناً ایسا ہی ہوگا۔ میں
بھی تو ہر روز صبح سویرے اُٹھ کر فرمائشوں کی ایک طویل
فہرست لے کر اللہ تعالیٰ کے حضور کھڑا ہو جاتا ہوں۔ یا اللہ یہ کر دے ۔۔یا اللہ وہ
کر دے۔۔۔ یا اللہ یوں کر دے۔۔۔ یا اللہ ووں کر دے۔ یا اللہ ایسا نہ ہونے دینا ۔۔
یا اللہ تجھے واسطہ فلاں فلاں کا۔۔ویسا تو ہر گز بھی نہیں ہونا چاہیے۔۔۔ میری تمام
خواہشات ، آرزوئیں اور فرمائشیں میری اپنی ذات کے حوالے سے ہوتی ہیں۔اگر میرا وجود
ہونا ۔۔۔میری زندگی۔۔۔میری ہستی۔۔اللہ تعالیٰ کی عنایت اور کرم کی وجہ سے ہے تو اس
کےقیام کے لئے درکار وسائل۔۔رزق کی فراہمی ۔۔کھانا پینا۔۔کپڑا لتا۔۔۔رہنا سہنا۔۔کار روزگار بھی تو سب اسی کا عطا کیا ہوا ہے۔
اُس کی ان سوچوں اور خیالات کا دھارا
خود اس کے اپنے ضمیر سے پھوٹ رہا تھا۔ تبھی تو وہ اتنی صاف بے لاگ اور دو ٹوک
تنقید کر رہا تھا۔ اُس نے اسی زد میں سوچا۔ ” مجھے آج تک کبھی یہ توفیق نہ ہوئی کہ
میں اللہ تعالیٰ سے یہ دریافت کروں ، یہ دعا کروں ، یہ عرض گزاروں۔۔اے میرے
مالک۔۔اے میرے پروردگار ۔۔اے میرے خالق ۔۔تو نے مجھے جس مقصد کے لئے تخلیق کیا، جس
کام سے عہدہ بر آ ہونے کے لئے پیدا کیا ۔۔جو خدمت تو نے مجھے تفویض کی۔۔ وہ کیا
ہے؟ میں اُسے کیونکر بحسن و خوبی مکمل کر سکتا ہوں؟“
یہ سوچتے سوچتے اُس کی آنکھوں سے آنسو
بہنے لگے ۔ ندامت اور پشیمانی کے آنسو۔۔احساس زیاں اور
غلط کارانہ روش پہ گامزن رہنے کا احساس ہونے کے بعد بہنے والے آنسو۔۔
اُس سے رہا نہ گیا۔ وہ بستر سے اُٹھ کر
فرش پر بغیر مصلٰی بچھائے سجدہ ریز ہو گیا۔ خاموشی میں اُس کے اندر ایک ہی صدا
گونج رہی تھی۔
”بار الہٰ ! میرے لئے تیرا کیا حکم
ہے؟۔۔۔ تو مجھے حکم فرما۔۔مجھے فہم اور سمجھ عطا فرما۔۔۔کہ میں اپنی خواہشوں کی
بجائے اپنے مالک ۔۔اپنے رب۔۔اپنے خالق۔۔اپنے پروردگار کی مرضی اور خواہش پر کاربند
ہو سکوں۔“